صحیح مسلم 1642: كتاب الزكاة
احنف بن قیس سے روایت وہ کہتے ہیں کہ میں مدینہ آیا اور اس اثناء میں قریش کے سرداروں کے ایک حلقہ میں تھا کہ اچانک ایک کھردرے کپڑوں والا، کھردرے جسم والا اور کھردرے چہرے والا شخص آیا اور ان کے پاس کھڑا ہوگیا اور کہا مال جمع رکھنے والوں کو ایسے پتھر کی بشارت دیدو جسے جہنم کی آگ میں تپایا جائے گا۔ پھر اسے ان کی چھاتی پر رکھا جائے گا یہانتک کہ وہ اس کے کندھوں کی ہڈی سے نکل آئے گا اور اسے اس کے کندھوں کی ہڈی پر رکھا جائے گا یہانتک کہ وہ اس کی چھاتی سے ہلتا ہوا باہر نکل آئے گا۔ راوی کہتے ہیں لوگوں نے اپنے سر جھکا لئے اور میں نے ان میں سے کسی کو اسے جواب دیتے ہوئے نہیں دیکھا۔ راوی کہتے ہیں وہ پیٹھ پھیر کر چلے گئے میں نے ان کا پیچھا کیا یہانتک کہ وہ ایک ستون کے پاس بیٹھ گئے میں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ انہوں نے اُسے جو آپ نے انہیں کہا ہے ناپسند کیا ہے۔ انہوں نے کہا یہ لوگ تو کچھ عقل نہیں کرتے۔ یقینا میرے دوست ابوالقاسمﷺ نے مجھے بلایا تو میں نے آپؐ کو لبیک کہا پھر آپؐ نے فرمایا کیا تم احد کو دیکھ رہے ہو؟ میں نے اپنے اوپر سورج کو دیکھا اور میرا خیال تھا کہ آپؐ مجھے اپنے کسی کام کے لئے بھیجنا چاہتے ہیں۔ میں نے عرض کیا میں اسے دیکھ رہا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا ’’مجھے یہ بات خوش نہیں کرے گی کہ میرے پاس اس پہاڑ جتنا سونا ہو اور میں اس سارے کو خرچ کروں سوائے تین دینار کے۔‘‘ پھر بھی یہ لوگ دنیا جمع کرتے ہیں اور عقل سے کام نہیں لیتے۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا آپ اور آپ کے قریشی بھائیوں کا کیا معاملہ ہے؟ آپ ان کے پاس نہیں جاتے تاکہ ان سے کچھ لیں۔ انہوں نے کہا نہیں تیرے رب کی قسم! نہ میں ان سے کوئی دنیا مانگوں گا اور نہ ان سے دین کے بارہ کچھ پوچھوں گا یہانتک کہ اللہ اور اس کے رسولؐ سے جاملوں۔
Urdu translation: Noor Foundation