صحیح مسلم 1650: كتاب الزكاة
اسحاق بن عبد اللہ بن ابو طلحہ سے روایت ہے انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ حضرت ابو طلحہؓ مدینہ کے انصارؓ میں سب سے مالدار تھے اور انہیں اپنے اموال میں سے سب سے زیادہ محبوب بیرحاء (نامی باغ) تھا اور وہ مسجد کے سامنے تھا اور رسول اللہﷺ اس میں جایا کرتے تھے اور اس کا خوشگوار پانی پیا کرتے تھے۔ حضرت انسؓ کہتے ہیں کہ جب یہ آیت نازل ہوئی لَنْ تَنَالُوْا الْبِرَّ حَتّٰی تُنْفِقُوْا مِمَّا تُحِبُّوْنَ (آل عمران: 93) کہ تم ہرگز نیکی کو پا نہیں سکو گے یہانتک کہ تم ان چیزوں میں سے خرچ کرو جن سے تم محبت کرتے ہو تو حضرت ابو طلحہؓ رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ اللہ اپنی کتاب میں فرماتا ہے لَنْ تَنَالُوْا الْبِرَّ حَتّٰی تُنْفِقُوْا مِمَّا تُحِبُّوْنَ (آل عمران: 93) کہ تم ہرگز نیکی کو پا نہیں سکو گے یہانتک کہ تم ان چیزوں میں سے خرچ کرو جن سے تم محبت کرتے ہو اور مجھے اپنے اموال میں سے سب سے زیادہ پسند بیرحاء ہے اور یہ اللہ کی راہ میں صدقہ ہے اور میں اس کی خیر اور اللہ کے ہاں اس کے ذخیرہ ہونے کا امیدوار ہوں یا رسولؐ اللہ! آپؐ اسے جہاں چاہیں خرچ فرمائیں۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا بہت خوب! یہ تو بڑا نفع مند مال ہے یہ تو بڑا نفع مند مال ہے جو تم نے اس کے بارہ میں کہا ہے میں نے سن لیا ہے میرا خیال ہے کہ تم اسے اپنے قریبی رشتہ داروں میں تقسیم کر دو۔ چنانچہ حضرت ابو طلحہؓ نے اسے اپنے قریبی رشتہ داروں اور اپنے چچا زاد بھائیوں میں تقسیم کر دیا۔
Urdu translation: Noor Foundation