صحیح مسلم 2014: كتاب الحج
سالم اپنے والد رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اہلِ مدینہ ذوالحلیفہ سے احرام باندھیں اور اہلِ شام جحفۃ سے احرام باندھیں اور اہلِ نجد قرن سے احرام باندھیں حضرت ابن عمرؓ کہتے ہیں مجھ سے ذکر کیا گیا ہے اور میں نے خود نہیں سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اور اہلِ یمن یلملم سے احرام باندھیں۔ ابو زبیر بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا اور ان سے احرام باندھنے کی جگہ کے بارہ میں پوچھا جا رہا تھا۔ راوی نے کہا میں نے سنا اور مجھے خیال ہے کہ انہوں نے اس کو نبی ﷺ کی طرف منسوب فرمایا اور کہا کہ اہلِ مدینہ کے احرام باندھنے کی جگہ ذوالحلیفہ ہے اور ایک دوسرا راستہ جحفۃ ہے اور اہلِ عراق کے احرام باندھنے کی جگہ ذاتِ عرق ہے اور نجد والوں کے احرام باندھنے کی جگہ قرن ہے اور اہلِ یمن کے احرام باندھنے کی جگہ یلملم ہے۔
Urdu translation: Noor Foundation