صحیح مسلم 2550: كتاب النكاح

حضرت انسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں خیبر والے دن میں حضرت ابوطلحہؓ (کی سواری پر اُن) کے پیچھے بیٹھا ہوا تھا اور میرا پاؤں رسول اللہﷺ کے پاؤں سے چھو جاتا تھا۔ پھر جب سورج طلوع ہوا تو ہم ان (اہلِ خیبر) کے پاس پہنچے اور وہ اپنے جانور نکال چکے تھے اور اپنے کلہاڑوں اور ٹوکریوں اور کسیوں کے ساتھ نکلے تھے وہ کہنے لگے محمدؐ اور لشکر! راوی کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا خیبر ویران ہو گیا۔ ہم جب کسی قوم کے میدان میں اترتے ہیں تو ڈرائے جانے والوں کی صبح بُری ہوتی ہے۔ راوی کہتے ہیں اللہ عزّ وجل نے اہلِ خیبر کو پسپا کر دیا اور حضرت دحیہؓ کے حصہ میں ایک خوبصورت لڑکی آئی۔ رسول اللہﷺ نے انہیں سات کس کے عوض خرید لیا۔ پھر اسے ام سلیمؓ کے سپرد کیا کہ وہ آپؐ کے لئے ان کو تیار کریں۔ ایک راوی کہتے ہیں میرا خیال ہے اور آپؐ نے (یہ بھی) فرمایا تھا کہ وہ ان کے گھر عدت پوری کرے اور یہ صفیہؓ بنت حُیَّی تھیں۔ راوی کہتے ہیں اور رسول اللہﷺ نے اپنا ولیمہ کھجور، پنیر اور گھی سے کیا اور زمین میں (پیالہ نما) گڑھے سے بنائے گئے اور دستر خوان لا کر ان میں رکھے گئے اور پنیر اور گھی لایا گیا اور لوگ سیر ہو گئے۔ راوی کہتے ہیں اور لوگوں نے کہا ہمیں معلوم نہیں کہ آپؐ نے ان سے شادی کی ہے یا انہیں بطور ام ولد لیا ہے۔ پھر وہ کہنے لگے کہ اگر آپؐ نے انہیں پردہ کروایا تو وہ آپؐ کی بیوی ہیں اور اور اگر پردہ نہ کروایا تو وہ امِّ ولد ہیں۔ پھر جب حضورؐ نے سوار ہونے کا ارادہ کیا تو انہیں پردہ کروایا اور وہ اونٹ پر آپؐ کے پیچھے بیٹھیں۔ تو لوگوں نے سمجھ لیا کہ آپؐ نے ان سے شادی کی ہے۔ پھر جب مدینہ کے قریب ہوئے تو رسول اللہﷺ نے سواری کو تیز کیا اور ہم نے بھی سواریوں کو تیز کیا۔ راوی کہتے ہیں عضباء اونٹنی کو ٹھوکر لگی۔ رسول اللہﷺ گر پڑے اور وہ بھی گر گئیں۔ رسول اللہﷺ کھڑے ہوئے اور ان پر پردہ ڈالا اور عورتیں جھانکنے لگیں اور کہنے لگیں اَبْعَدَ اللّٰہُ الْیَہُوْدِیَۃَ۔ راوی کہتے ہیں میں نے کہا اے ابو حمزہ! کیا رسول اللہﷺ بھی گر پڑے تھے۔ انہوں نے کہا ہاں۔ اللہ کی قسم! آپؐ گر گئے تھے۔

حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ حَدَّثَنَا عَفَّانُ حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ سَلَمَةَ حَدَّثَنَا ثَابِتٌ عَنْ أَنَسٍ قَالَ كُنْتُ رِدْفَ أَبِي طَلْحَةَ يَوْمَ خَيْبَرَ وَقَدَمِي تَمَسُّ قَدَمَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم - قَالَ - فَأَتَيْنَاهُمْ حِينَ بَزَغَتِ الشَّمْسُ وَقَدْ أَخْرَجُوا مَوَاشِيَهُمَ وَخَرَجُوا بِفُئُوسِهِمْ وَمَكَاتِلِهِمْ وَمُرُورِهِمْ فَقَالُوا مُحَمَّدٌ وَالْخَمِيسُ - قَالَ - وَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " خَرِبَتْ خَيْبَرُ إِنَّا إِذَا نَزَلْنَا بِسَاحَةِ قَوْمٍ فَسَاءَ صَبَاحُ الْمُنْذَرِينَ " . قَالَ وَهَزَمَهُمُ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ وَوَقَعَتْ فِي سَهْمِ دَحْيَةَ جَارِيَةٌ جَمِيلَةٌ فَاشْتَرَاهَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بِسَبْعَةِ أَرْؤُسٍ ثُمَّ دَفَعَهَا إِلَى أُمِّ سُلَيْمٍ تُصَنِّعُهَا لَهُ وَتُهَيِّئُهَا - قَالَ وَأَحْسِبُهُ قَالَ - وَتَعْتَدُّ فِي بَيْتِهَا وَهِيَ صَفِيَّةُ بِنْتُ حُيَىٍّ - قَالَ - وَجَعَلَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَلِيمَتَهَا التَّمْرَ وَالأَقِطَ وَالسَّمْنَ فُحِصَتِ الأَرْضُ أَفَاحِيصَ وَجِيءَ بِالأَنْطَاعِ فَوُضِعَتْ فِيهَا وَجِيءَ بِالأَقِطِ وَالسَّمْنِ فَشَبِعَ النَّاسُ - قَالَ - وَقَالَ النَّاسُ لاَ نَدْرِي أَتَزَوَّجَهَا أَمِ اتَّخَذَهَا أُمَّ وَلَدٍ . قَالُوا إِنْ حَجَبَهَا فَهْىَ امْرَأَتُهُ وَإِنْ لَمْ يَحْجُبْهَا فَهْىَ أُمُّ وَلَدٍ فَلَمَّا أَرَادَ أَنْ يَرْكَبَ حَجَبَهَا فَقَعَدَتْ عَلَى عَجُزِ الْبَعِيرِ فَعَرَفُوا أَنَّهُ قَدْ تَزَوَّجَهَا . فَلَمَّا دَنَوْا مِنَ الْمَدِينَةِ دَفَعَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَدَفَعْنَا - قَالَ - فَعَثَرَتِ النَّاقَةُ الْعَضْبَاءُ وَنَدَرَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَنَدَرَتْ فَقَامَ فَسَتَرَهَا وَقَدْ أَشْرَفَتِ النِّسَاءُ فَقُلْنَ أَبْعَدَ اللَّهُ الْيَهُودِيَّةَ . قَالَ قُلْتُ يَا أَبَا حَمْزَةَ أَوَقَعَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ إِي وَاللَّهِ لَقَدْ وَقَعَ .

Urdu translation: Noor Foundation

کتاب 16: كتاب النكاح

آج 10 میں سے 10 باقی