صحیح مسلم 2556: كتاب النكاح
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں جب نبیﷺ نے حضرت زینبؓ بنت جحش سے شادی کی۔ آپؐ نے لوگوں کو بلایا اور انہوں نے کھانا کھایا پھر لوگ بیٹھ کر باتیں کرنے لگے۔ راوی کہتے ہیں آپؐ اٹھنے کے لئے تیار ہونے لگے مگر وہ لوگ نہ اٹھے۔ جب آپؐ نے یہ دیکھا تو کھڑے ہوئے۔ پھر جب آپؐ کھڑے ہوگئے تو لوگوں میں سے جس نے کھڑا ہونا تھا کھڑا ہوگیا۔ { عاصم اور ابن عبدالاعلیٰ دونوں اپنی روایت میں یہ مزید بیان کرتے ہیں } انہوں نے کہا تین شخص بیٹھے رہے اور نبیﷺ اندر جانے کے لئے تشریف لائے تو کیا دیکھا کہ لوگ بیٹھے ہوئے ہیں پھر وہ لوگ کھڑے ہوئے اور چلے گئے۔ راوی کہتے ہیں میں آیا اور نبیﷺ کو بتایا کہ وہ چلے گئے ہیں۔ راوی کہتے ہیں پھر آپؐ آئے اور اندر داخل ہوئے میں بھی داخل ہونے لگا تو آپؐ نے میرے اور اپنے درمیان پردہ ڈال دیا۔ راوی کہتے ہیں اللہ عزوجل نے یہ آیت نازل فرمائی۔ اے وہ لوگو! جو ایمان لائے ہو! نبیؐ کے گھروں میں داخل نہ ہوا کرو سوائے اس کے کہ تمہیں کھانے کی دعوت دی جائے مگر اس طرح نہیں کہ اس کے پکنے کا انتظار کر رہے ہو۔ لیکن (کھانا تیار ہونے پر) جب تمہیں بلایا جائے تو داخل ہو اور جب تم کھا چکو تو منتشر ہو جاؤ۔ اور وہاں (بیٹھے) باتوں میں نہ لگے رہو۔ یہ (چیز) یقینا نبیﷺ کے لئے تکلیف دہ ہے مگر وہ تم سے (اس کے اظہار پر) شرماتا ہے اور اللہ حق سے نہیں شرماتا اور اگر تم ان (ازواج نبیؐ) سے کوئی چیز مانگو تو پردے کے پیچھے سے مانگا کرو۔ یہ تمہارے اور ان کے دلوں کے لئے زیادہ پاکیزہ (طرزِ عمل) ہے اور تمہارے لئے جائز نہیں کہ تم اللہ کے رسول کو اذیت پہنچاؤ اور نہ ہی یہ جائز ہے کہ اس کے بعد کبھی اس کی بیویوں میں سے کسی سے شادی کرو یقینا اللہ کے نزدیک یہ بہت بڑی بات ہے۔
Urdu translation: Noor Foundation