صحیح مسلم 2558: كتاب النكاح
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے شادی کی اور اپنے اہل کے پاس تشریف لے گئے۔ وہ کہتے ہیں میری امی حضرت ام سلیمؓ نے میٹھا ڈش بنایا اور اسے ایک برتن میں رکھا اور کہنے لگیں۔ اے انسؓ! یہ رسول اللہﷺ کے پاس لے جاؤ اور آپؐ سے کہو کہ یہ میری والدہ نے بھیجا ہے۔ اور وہ آپؐ کو سلام کہہ رہی تھیں اور کہتی تھیں یا رسولؐ اللہ! آپؐ کے لئے یہ ہماری طرف سے تھوڑا سا (ہدیہ) ہے۔ وہ کہتے ہیں میں وہ لے کر رسول اللہﷺ کے پاس گیا اور میں نے کہا میری امی آپؐ کو سلام کہتی ہیں اور کہتی ہیں یا رسولؐ اللہ! یہ ہماری طرف سے آپؐ کے لئے تھوڑا سا (ہدیہ) ہے۔ آپؐ نے فرمایا اسے رکھ دو۔ پھر فرمایا جاؤ اور فلاں فلاں اور فلاں کو اور جو بھی تمہیں ملے میرے پاس بلالاؤ۔ آپؐ نے کچھ آدمیوں کے نام لئے۔ وہ کہتے ہیں جن کے آپؐ نے نام لئے تھے انہیں بھی اور جن سے بھی میں ملا انہیں بھی بلا لایا۔ راوی کہتے ہیں میں نے انسؓ سے کہا وہ کتنے لوگ تھے؟ انہوں نے کہا تین سو کے قریب اور مجھے رسول اللہﷺ نے فرمایا اے انس! وہ برتن لے آؤ وہ کہتے ہیں لوگ اندر آئے یہاں تک کہ صفہ (چبوترہ) اور حجرہ بھر گئے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا دس دس کا حلقہ بنا لیں اور ہر آدمی اپنے سامنے سے کھائے۔ راوی کہتے ہیں پھر انہوں نے کھایا یہاں تک کہ وہ سیر ہو گئے۔ وہ کہتے ہیں ایک گروہ نکلتا تھا اور دوسرا داخل ہوتا تھا یہاں تک کہ ان سب نے کھا لیا۔ پھر آپؐ نے مجھے فرمایا اے انس! (اسے) اٹھا لو۔ وہ کہتے ہیں میں نے اسے اپنے لئے اٹھا لیا۔ میں نہیں جانتا کہ جب میں نے رکھا تو وہ اس وقت زیادہ تھا یا جب میں نے اٹھایا۔ وہ کہتے ہیں ان میں سے کچھ لوگ رسول اللہﷺ کے گھر میں بیٹھ کر باتیں کرنے لگے اور رسول اللہﷺ بیٹھے ہوئے تھے۔ اور آپؐ کی زوجہ مطہرہ دیوار کی طرف منہ کر کے بیٹھی ہوئی تھیں۔ رسول اللہﷺ پر یہ (لوگوں کا طرز عمل) گراں گزرا۔ اور رسول اللہﷺ باہر تشریف لے گئے اور اپنی بیویوں کو سلام کیا۔ پھر واپس آئے جب لوگوں نے رسول اللہﷺ کو دیکھا کہ آپؐ واپس آئے ہیں تو انہوں نے خیال کیا کہ وہ رسول اللہﷺ پر بوجھ ہیں۔ راوی کہتے ہیں تو وہ دروازے کی طرف لپکے اور سارے باہر چلے گئے اور رسول اللہﷺ تشریف لائے یہاں تک کہ آپؐ نے پردہ ڈال دیا اور اندر تشریف لے گئے اور میں حجرہ میں بیٹھا ہوا تھا۔ آپؐ تھوڑی دیر بعد میرے پاس تشریف لائے اور یہ آیت اتری۔ آپؐ باہر آئے اور یہ آیات لوگوں کو پڑھ کر سنائیں۔۔ اے وہ لوگو! جو ایمان لائے ہو! نبیؐ کے گھروں میں داخل نہ ہوا کرو سوائے اس کے کہ تمہیں کھانے کی دعوت دی جائے مگر اس طرح نہیں کہ اس کے پکنے کا انتظار کر رہے ہو۔ لیکن (کھانا تیار ہونے پر) جب تمہیں بلایا جائے تو داخل ہو اور جب تم کھا چکو تو منتشر ہو جاؤ۔ اور وہاں (بیٹھے) باتوں میں نہ لگے رہو۔ یہ (چیز) یقینا نبیﷺ کے لئے تکلیف دہ ہے مگر وہ تم سے (اس کے اظہار پر) شرماتا ہے اور اللہ حق سے نہیں شرماتا اور اگر تم ان (ازواج نبیؐ) سے کوئی چیز مانگو تو پردے کے پیچھے سے مانگا کرو۔ یہ تمہارے اور ان کے دلوں کے لئے زیادہ پاکیزہ (طرزِ عمل) ہے اور تمہارے لیے جائز نہیں کہ تم اللہ کے رسول کو اذیت پہنچاؤ اور نہ ہی یہ جائز ہے کہ اس کے بعد کبھی اس کی بیویوں میں سے کسی سے شادی کرو یقینا اللہ کے نزدیک یہ بہت بڑی بات ہے۔ حضرت انس بن مالکؓ نے کہا مجھے سب سے پہلے یہ آیات پہنچی ہیں اور نبیﷺ کی ازواج کو پردہ کرایا گیا۔
Urdu translation: Noor Foundation