صحیح مسلم 2652: كتاب الرضاع
حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں رسول اللہﷺ کے ساتھ ایک غزوہ میں نکلا میرے اونٹ نے مجھے تاخیر کروا دی۔ میرے پاس رسول اللہﷺ تشریف لائے اور مجھے فرمایا اے جابر۔ میں نے عرض کیا جی۔ آپؐ نے فرمایا کیا بات ہے؟ میں نے عرض کیا میرے اونٹ نے مجھے تاخیر کروا دی ہے اور رہ گیا ہے اور میں پیچھے رہ گیا ہوں۔ پس آپؐ (سواری سے) نیچے تشریف لائے اور اسے اپنی چھڑی سے ضرب لگائی اور فرمایا سوار ہو جاؤ میں سوار ہوا میں نے دیکھا کہ میں اسے رسول اللہﷺ سے آگے بڑھنے سے روک رہا ہوں آپؐ نے فرمایا کیا تم نے شادی کی ہے؟ میں نے عرض کیا جی آپؐ نے فرمایا کنواری سے یا بیوہ سے؟ میں نے عرض کیا بیوہ سے۔ آپؐ نے فرمایا کسی کنواری سے کیوں نہیں؟ تم اس سے کھیلتے اور وہ تم سے کھیلتی۔ میں نے عرض کیا کہ میری کئی بہنیں ہیں اس لئے میں نے چاہا کہ میں ایسی عورت سے شادی کروں جو انہیں اکٹھا رکھے اور ان کی کنگھی چوٹی کرے اور ان کی دیکھ بھال کرے۔ آپؐ نے فرمایا تم گھر جانے والے ہو پس جب تم گھر جاؤ تو دانائی اختیار کرنا، دانائی اختیار کرنا۔ پھر آپؐ نے فرمایا کیا تم اپنا اونٹ بیچو گے؟ میں نے عرض کیا جی۔ تو آپؐ نے ایک اوقیہ (چاندی) کے عوض وہ (اونٹ) مجھ سے خرید لیا۔ پھر رسول اللہﷺ مدینہ تشریف لائے اور میں صبح پہنچا اور مسجد گیا تو آپ کو مسجد کے دروازہ پر پایا آپؐ نے فرمایا کیا تم اب آئے ہو؟ میں نے عرض کیا جی۔ آپؐ نے فرمایا اپنے اونٹ کو چھوڑ دو اور مسجد میں داخل ہو کر دو رکعت نماز پڑھو وہ کہتے ہیں میں مسجد میں داخل ہوا اور نماز پڑھی پھر میں واپس آیا تو آپؐ نے بلالؓ سے فرمایا اسے ایک اوقیہ (چاندی) تول دو بلالؓ نے میرے لئے میزان کو جھکا کر تولا۔ وہ کہتے ہیں پھر میں چلا جب میں مڑا تو آپؐ نے فرمایا جابر کو میرے پاس بلاؤ مجھے بلایا گیا میں نے سوچا کہ اب آپؐ اونٹ مجھے واپس کر دیں گے اور اس سے زیادہ مجھے کوئی اور بات نا پسند نہ تھی۔ آپؐ نے فرمایا اپنا اونٹ لے لو اور اس کی قیمت بھی تمہاری ہوئی۔
Urdu translation: Noor Foundation