صحیح مسلم 3993: كتاب الآداب
حضرت ابو سعیدؓ خدری بیان کرتے ہیں کہ ہم حضرت ابیَؓ بن کعب کے پاس ایک مجلس میں تھے کہ حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ ناراضگی کی حالت میں آئے اور آکر کھڑے ہوئے اور کہا کہ میں تمہیں اللہ کی قسم دیتا ہوں کیا تم میں سے کسی نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ اجازت تین دفعہ طلب کرنی چاہئے۔ پس اگر تمہیں اجازت دے دی جائے تو ٹھیک ورنہ تم لوٹ جاؤ۔ حضرت اُبیَّؓ نے کہا کیا بات ہے؟ انہوں نے کہا کہ میں نے کل حضرت عمر بن خطابؓ سے تین مرتبہ اجازت مانگی لیکن مجھے اجازت نہ دی گئی۔ میں واپس لوٹ گیا پھر میں آج ان کے پاس گیا اور ان کی خدمت میں حاضر ہوا اور انہیں بتایا کہ میں کل آیا تھا اور تین دفعہ سلام کہا تھا، پھر میں واپس چلا گیا تھا۔ انہوں (حضرت عمرؓ) نے فرمایا کہ ہم نے تمہاری آواز سنی تھی لیکن ہم اس وقت کسی کام میں مشغول تھے لیکن آپؓ اس وقت تک اجازت کیوں نہ مانگتے رہے جب تک کہ آپؓ کو اجازت نہ دی جاتی؟ انہوں نے عرض کیا کہ میں نے تو اس طرح اجازت مانگی تھی جیسے میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا کہ خدا کی قسم! میں ضرور تیری پشت اور تیرے پیٹ پر ماروں گا یا تم ضرور اس شخص کو لاؤ گے جو تمہارے لئے اس بات پر گواہی دے گا۔ اس پر حضرت اُبیّ بن کعبؓ نے کہا کہ اللہ کی قسم! تمہارے ساتھ وہی شخص کھڑا ہوگا جو ہم میں سے سب سے چھوٹی عمر کا ہے۔ اے ابو سعیدؓ! کھڑے ہو جاؤ۔ (حضرت ابو سعیدؓ کہتے ہیں) پس میں کھڑا ہو گیا یہاں تک کہ میں (حضرت) عمرؓ کے پاس آیا اور میں نے کہا کہ میں نے رسول اللہﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے۔
Urdu translation: Noor Foundation