صحیح مسلم 4357: كتاب الفضائل
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ابراہیمؑ نے سوائے تین جھوٹوں کے کوئی جھوٹ نہیں بولا۔ جن میں سے دو تو اللہ تعالیٰ کی ذات کے بارہ میں تھے۔ ان کا کہنا إِنِّی سَقِیمٌ میں بیمار ہوں اور ان کا بَلْ فَعَلَہُ کَبِیرُہُمْ ہَذَا یعنی ان کے بڑے نے یہ کام کیا ہے اور ایک دفعہ سارہ کے بارہ میں جب آپ ایک بہت جابر (بادشاہ) کی سلطنت میں گئے اور آپ کے ساتھ سارہ بھی تھیں وہ لوگوں میں سے سب سے زیادہ خوش شکل تھیں تو انہوں نے ان سے کہا کہ اس جبار کو اگر پتہ لگ گیا کہ تم میری بیوی ہو تو وہ تیرے لئے مجھ پر غالب آجائیگا۔ پس اگر وہ تجھ سے پوچھے، تو اسے کہہ دینا کہ تو میری بہن ہے کیونکہ تو اسلام میں میری بہن ہے اور میں اپنے اور تیرے علاوہ اس ملک میں کسی مسلمان کو نہیں جانتا۔ پس جب آپؑ اس کی مملکت میں داخل ہوئے تو اس جابر کے کسی رشتہ دار نے حضرت سارہ کو دیکھ لیا اور وہ اس (بادشاہ) کے پاس گیا اور کہا کہ تیرے ملک میں ایک ایسی عورت آئی ہے جو صرف تیرے لئے ہی مناسب ہے۔ پس اس (بادشاہ) نے ان(حضرت سارہ) کو بلا بھیجا۔ چنانچہ انہیں لایا گیا اور حضرت ابراہیمؑ نماز کے لئے کھڑے ہو گئے۔ جب آپ اس کے پاس اندر گئیں تو وہ اپنا ہاتھ اُن (حضرت سارہ) کی طرف بڑھانے سے نہ رہ سکا۔ مگر اس کا ہاتھ نہایت شدت سے جکڑا گیا۔ اس پر اس نے کہا کہ اللہ سے دعا کرو کہ وہ میرا ہاتھ کھول دے پھر میں تمہیں کوئی ضرر نہیں پہنچاؤں گا۔ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا لیکن اس نے پھر وہی حرکت کی اور اس کا ہاتھ پہلے سے زیادہ شدت سے پکڑا گیا۔ اس نے ان سے پھر وہی کہا۔ آپ (سارہ) نے ویسا ہی کیا لیکن اس نے پھر وہی حرکت کی۔ مگر اس کا ہاتھ پہلی دو مرتبہ سے زیادہ شدت سے پکڑا گیا۔ اس پر اس نے کہا تو دعا کر اللہ سے کہ وہ میرا ہاتھ کھول دے، میں اللہ کو گواہ ٹھہراتا ہوں کہ تجھے کوئی تکلیف نہ دوں گا۔ چنانچہ انہوں (حضرت سارہ) نے ایسا ہی کیا اور اس کا ہاتھ کھول دیا گیا پھر اس نے اس شخص کو بلایا جو انہیں لے کر آیا تھا اور اس شخص سے کہا کہ تو تو میرے پاس کسی شیطان کو لے آیا ہے کسی انسان کو نہیں لایا۔ پس اسے میری مملکت سے نکال دو اور اسے ہاجرہ دے دو۔ (راوی کہتے ہیں) وہ چلتی ہوئی آئیں جب حضرت ابراہیمؑ نے ان کو (نماز سے فارغ ہو کر) دیکھا تو ان کی طرف متوجہ ہوئے اور ان سے پوچھا کہ تمہارا کیا حال ہے؟ سارہ نے کہا ٹھیک ہے اللہ نے اس بدکار کے ہاتھ کو مجھ سے روکے رکھا بلکہ ایک خادمہ بھی دلوائی۔ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا کہ اے ماء السماء کے بیٹو! یہ تمہاری ماں ہے۔
Urdu translation: Noor Foundation