صحیح مسلم 4403: كتاب فضائل الصحابة رضى الله تعالى عنهم
سعید بن مسیب سے روایت ہے کہ مجھے حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے گھر میں وضوء کیا اور پھر باہر نکلے اور کہا کہ میں ضرور رسول اللہﷺ کی معیت میں رہوں گا اور آج سارا دن آپؐ کے ساتھ رہوں گا۔ وہ (سعیدؓ) کہتے ہیں پھر وہ (حضرت ابو موسیٰؓ) مسجد میں آئے اور نبیﷺ کے بارہ میں پوچھا تو لوگوں نے بتایا کہ آپؐ باہر تشریف لے گئے ہیں اور اس طرف گئے ہیں۔ وہ (حضرت ابو موسیٰؓ) کہتے ہیں تو میں آپؐ کے پیچھے پیچھے چلتا ہوا آپؐ کے بارہ میں پوچھتا ہوا نکلا یہانتک کہ آپؐ بئر اریس پر تشریف لے گئے۔ وہ (حضرت ابو موسیٰؓ) کہتے ہیں میں دروازہ کے پاس بیٹھ گیا اس کا دروازہ کھجور کی شاخوں کا تھا یہانتک کہ رسول اللہﷺ اپنی ضرورت سے فارغ ہوئے اور وضوء کیا تو میں آپؐ کے پاس گیا۔ آپؐ بِئرِاَرِیْس پر بیٹھے ہوئے تھے اور اس کی منڈیر کے وسط میں تھے۔ آپؐ نے اپنی پنڈلیوں سے کپڑا ہٹایا اور انہیں کنویں میں لٹکا دیا۔ حضرت ابو موسیٰؓ کہتے ہیں پھر میں نے آپؐ کی خدمت میں سلام عرض کیا پھر واپس مڑا اور دروازے کے پاس بیٹھ گیا اور میں نے کہا کہ آج میں ضرور رسول اللہﷺ کا دربان بنوں گا۔ اس دوران حضرت ابو بکرؓ آئے اور انہوں نے دروازہ کو دھکا دیا۔ میں نے کہا کون ہے؟ انہوں نے کہا ابو بکرؓ۔ میں نے کہا ٹھہرئیے۔ حضرت ابو موسیٰؓ کہتے ہیں میں گیا اور عرض کیا یا رسولؐ اللہ! ابو بکرؓ اجازت مانگتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا انہیں اجازت دو اور جنت کی خوشخبری دو۔ حضرت ابو موسیٰؓ کہتے ہیں میں گیا اور میں نے حضرت ابو بکرؓ سے کہا کہ اندر آجائیں، رسول اللہﷺ آپؓ کو جنت کی بشارت دیتے ہیں۔ حضرت ابو موسیٰؓ کہتے ہیں پھر حضرت ابو بکرؓ اندر آئے اور رسول اللہﷺ کے ساتھ آپؐ کے دائیں طرف کنویں کی منڈیر پر بیٹھ گئے اور اپنے دونوں پاؤں کنویں میں لٹکا دئیے جیسے نبیﷺ نے کیا تھا اور اپنی پنڈلیوں سے کپڑا ہٹا لیا پھر میں واپس آیا اور بیٹھ گیا میں اپنے بھائی کو وضوء کرتے چھوڑ آیا تھا وہ مجھ سے آ ملنے والا تھا۔ پھر میں نے کہا کہ اگر اللہ نے فلاں کے لئے بھلائی کا ارادہ کیا تو اسے لے آئے گا۔ اس سے ان کی مراد اُن کا بھائی تھا۔ اس دوران کوئی آدمی دروازہ کو حرکت دینے لگا تو میں نے پوچھا کہ کون ہے؟ انہوں نے کہا عمرؓ بن خطابؓ۔ میں نے کہا ٹھہرئیے۔ پھر میں رسول اللہﷺ کی خدمت میں آیا۔ آپؐ کو سلام عرض کیا اور کہا کہ عمرؓ اجازت طلب کرتے ہیں۔ اس پر آپؐ نے فرمایا اسے اجازت دے دو اور جنت کی بشارت دو۔ پھر میں حضرت عمرؓ کے پاس آیا اور کہا کہ رسول اللہﷺ نے اجازت دی ہے اور آپؓ کو جنت کی خوشخبری دیتے ہیں۔ راوی کہتے ہیں کہ وہؓ اندر آئے اور رسول اللہﷺ کے ساتھ آپؐ کے بائیں طرف کنویں کی منڈیر پر بیٹھ گئے اور اپنے دونوں پاؤں کنویں میں لٹکا دئیے۔ پھر میں واپس آیا اور بیٹھ گیا اور میں نے کہا کہ اگر اللہ نے فلاں کی بہتری چاہی تو اسے لے آئے گا یعنی ان کا بھائی۔ اس دوران کوئی آدمی آیا اور دروازہ کو حرکت دی۔ میں نے کہا کون ہے؟ انہوں نے کہا عثمانؓ بن عفان۔ میں نے کہا ٹھہریں۔ راوی کہتے ہیں میں نبیﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو ان کے بارہ میں بتایا تو آپؐ نے فرمایا کہ اسے اجازت دے دو۔ ایک مصیبت کے ساتھ جو اسے پہنچے گی اس کو جنت کی خوشخبری دے دو۔ راوی کہتے ہیں میں آیا اور کہا کہ اندر آجائیں اور رسول اللہﷺ آپؓ کو ایک مصیبت کے ساتھ جو آپؓ کو پہنچے گی جنت کی بشارت دیتے ہیں۔ راوی کہتے ہیں پھر حضرت عثمانؓ اندر آئے اور کنویں کی منڈیر کو بھرا ہوا پایا۔ اس لئے ان کے سامنے دوسرے حصہ پر بیٹھ گئے۔ شریک کہتے ہیں کہ سعید بن مسیب نے کہا کہ میں نے اس سے ان کی قبروں کی تاویل کی۔ ایک اور روایت میں سعید بن مسیب کہتے ہیں حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ نے بتایا کہ اس طرف اور (راوی) سلیمان نے میرے لئے مقصورہ کی سمت میں سعید کے بیٹھنے کی جگہ کی طرف اشارہ کیا۔ حضرت ابو موسیٰؓ کہتے ہیں کہ میں رسول اللہﷺ کی تلاش میں نکلا۔ میں نے آپؐ کو کھیتوں میں سے گذرتے ہوئے پایا چنانچہ میں آپؐ کے پیچھے ہو لیا۔ پھر میں نے آپؐ کو ایک باغ میں داخل ہوتے ہوئے پایا۔ پھر آپؐ کنویں کی منڈیر پر بیٹھ گئے اور اپنی پنڈلیوں سے کپڑا ہٹا لیا اور انہیں کنویں میں لٹکایا۔ حضرت ابو موسیٰ ؓ اشعری سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ ایک دن اپنی ضرورت کے لئے مدینہ کے کسی باغ میں تشریف لائے میں بھی آپؐ کے پیچھے پیچھے چلنے لگا۔ باقی روایت سابقہ روایت کی طرح ہے اور روایت میں یہ ذکر بھی ہے کہ ابن مسیب نے کہا کہ میں نے اس (واقعہ) سے ان کی قبروں کی تاویل کی ان سب کی قبریں اکٹھی بنیں لیکن حضرت عثمانؓ کی قبر الگ بنی۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ مِسْكِينٍ الْيَمَامِيُّ حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ حَسَّانَ حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ - وَهُوَ ابْنُ بِلاَلٍ - عَنْ شَرِيكِ بْنِ أَبِي نَمِرٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ الْمُسَيَّبِ أَخْبَرَنِي أَبُو مُوسَى الأَشْعَرِيُّ أَنَّهُ تَوَضَّأَ فِي بَيْتِهِ ثُمَّ خَرَجَ فَقَالَ لأَلْزَمَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَلأَكُونَنَّ مَعَهُ يَوْمِي هَذَا . قَالَ فَجَاءَ الْمَسْجِدَ فَسَأَلَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَقَالُوا خَرَجَ . وَجَّهَ هَا هُنَا - قَالَ - فَخَرَجْتُ عَلَى أَثَرِهِ أَسْأَلُ عَنْهُ حَتَّى دَخَلَ بِئْرَ أَرِيسٍ - قَالَ - فَجَلَسْتُ عِنْدَ الْبَابِ وَبَابُهَا مِنْ جَرِيدٍ حَتَّى قَضَى رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم حَاجَتَهُ وَتَوَضَّأَ فَقُمْتُ إِلَيْهِ فَإِذَا هُوَ قَدْ جَلَسَ عَلَى بِئْرِ أَرِيسٍ وَتَوَسَّطَ قُفَّهَا وَكَشَفَ عَنْ سَاقَيْهِ وَدَلاَّهُمَا فِي الْبِئْرِ - قَالَ - فَسَلَّمْتُ عَلَيْهِ ثُمَّ انْصَرَفْتُ فَجَلَسْتُ عِنْدَ الْبَابِ فَقُلْتُ لأَكُونَنَّ بَوَّابَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم الْيَوْمَ . فَجَاءَ أَبُو بَكْرٍ فَدَفَعَ الْبَابَ فَقُلْتُ مَنْ هَذَا فَقَالَ أَبُو بَكْرٍ . فَقُلْتُ عَلَى رِسْلِكَ - قَالَ - ثُمَّ ذَهَبْتُ فَقُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ هَذَا أَبُو بَكْرٍ يَسْتَأْذِنُ فَقَالَ " ائْذَنْ لَهُ وَبَشِّرْهُ بِالْجَنَّةِ " . قَالَ فَأَقْبَلْتُ حَتَّى قُلْتُ لأَبِي بَكْرٍ ادْخُلْ وَرَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يُبَشِّرُكَ بِالْجَنَّةِ - قَالَ - فَدَخَلَ أَبُو بَكْرٍ فَجَلَسَ عَنْ يَمِينِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مَعَهُ فِي الْقُفِّ وَدَلَّى رِجْلَيْهِ فِي الْبِئْرِ كَمَا صَنَعَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَكَشَفَ عَنْ سَاقَيْهِ ثُمَّ رَجَعْتُ فَجَلَسْتُ وَقَدْ تَرَكْتُ أَخِي يَتَوَضَّأُ وَيَلْحَقُنِي فَقُلْتُ إِنْ يُرِدِ اللَّهُ بِفُلاَنٍ - يُرِيدُ أَخَاهُ - خَيْرًا يَأْتِ بِهِ . فَإِذَا إِنْسَانٌ يُحَرِّكُ الْبَابَ فَقُلْتُ مَنْ هَذَا فَقَالَ عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ . فَقُلْتُ عَلَى رِسْلِكَ . ثُمَّ جِئْتُ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَسَلَّمْتُ عَلَيْهِ وَقُلْتُ هَذَا عُمَرُ يَسْتَأْذِنُ فَقَالَ " ائْذَنْ لَهُ وَبَشِّرْهُ بِالْجَنَّةِ " . فَجِئْتُ عُمَرَ فَقُلْتُ أَذِنَ وَيُبَشِّرُكَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بِالْجَنَّةِ - قَالَ - فَدَخَلَ فَجَلَسَ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِي الْقُفِّ عَنْ يَسَارِهِ وَدَلَّى رِجْلَيْهِ فِي الْبِئْرِ ثُمَّ رَجَعْتُ فَجَلَسْتُ فَقُلْتُ إِنْ يُرِدِ اللَّهُ بِفُلاَنٍ خَيْرًا - يَعْنِي أَخَاهُ - يَأْتِ بِهِ فَجَاءَ إِنْسَانٌ فَحَرَّكَ الْبَابَ فَقُلْتُ مَنْ هَذَا فَقَالَ عُثْمَانُ بْنُ عَفَّانَ . فَقُلْتُ عَلَى رِسْلِكَ - قَالَ - وَجِئْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَأَخْبَرْتُهُ فَقَالَ " ائْذَنْ لَهُ وَبَشِّرْهُ بِالْجَنَّةِ مَعَ بَلْوَى تُصِيبُهُ " . قَالَ فَجِئْتُ فَقُلْتُ ادْخُلْ وَيُبَشِّرُكَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بِالْجَنَّةِ مَعَ بَلْوَى تُصِيبُكَ - قَالَ - فَدَخَلَ فَوَجَدَ الْقُفَّ قَدْ مُلِئَ فَجَلَسَ وُجَاهَهُمْ مِنَ الشِّقِّ الآخَرِ . قَالَ شَرِيكٌ فَقَالَ سَعِيدُ بْنُ الْمُسَيَّبِ فَأَوَّلْتُهَا قُبُورَهُمْ . حَدَّثَنِيهِ أَبُو بَكْرِ بْنُ إِسْحَاقَ حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ عُفَيْرٍ حَدَّثَنِي سُلَيْمَانُ بْنُ بِلاَلٍ حَدَّثَنِي شَرِيكُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي نَمِرٍ سَمِعْتُ سَعِيدَ بْنَ الْمُسَيَّبِ يَقُولُ حَدَّثَنِي أَبُو مُوسَى الأَشْعَرِيُّ هَا هُنَا - وَأَشَارَ لِي سُلَيْمَانُ إِلَى مَجْلِسِ سَعِيدٍ نَاحِيَةَ الْمَقْصُورَةِ - قَالَ أَبُو مُوسَى خَرَجْتُ أُرِيدُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَوَجَدْتُهُ قَدْ سَلَكَ فِي الأَمْوَالِ فَتَبِعْتُهُ فَوَجَدْتُهُ قَدْ دَخَلَ مَالاً فَجَلَسَ فِي الْقُفِّ وَكَشَفَ عَنْ سَاقَيْهِ وَدَلاَّهُمَا فِي الْبِئْرِ . وَسَاقَ الْحَدِيثَ بِمَعْنَى حَدِيثِ يَحْيَى بْنِ حَسَّانَ وَلَمْ يَذْكُرْ قَوْلَ سَعِيدٍ فَأَوَّلْتُهَا قُبُورَهُمْ . حَدَّثَنَا حَسَنُ بْنُ عَلِيٍّ الْحُلْوَانِيُّ وَأَبُو بَكْرِ بْنُ إِسْحَاقَ قَالاَ حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ أَبِي مَرْيَمَ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرِ بْنِ أَبِي كَثِيرٍ أَخْبَرَنِي شَرِيكُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي نَمِرٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ الْمُسَيَّبِ عَنْ أَبِي مُوسَى الأَشْعَرِيِّ قَالَ خَرَجَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَوْمًا إِلَى حَائِطٍ بِالْمَدِينَةِ لِحَاجَتِهِ فَخَرَجْتُ فِي إِثْرِهِ . وَاقْتَصَّ الْحَدِيثَ بِمَعْنَى حَدِيثِ سُلَيْمَانَ بْنِ بِلاَلٍ وَذَكَرَ فِي الْحَدِيثِ قَالَ ابْنُ الْمُسَيَّبِ . فَتَأَوَّلْتُ ذَلِكَ قُبُورَهُمُ اجْتَمَعَتْ هَا هُنَا وَانْفَرَدَ عُثْمَانُ .
Urdu translation: Noor Foundation
کتاب 44: كتاب فضائل الصحابة رضى الله تعالى عنهم