صحیح مسلم 4412: كتاب فضائل الصحابة رضى الله تعالى عنهم
ابو حازم سے روایت ہے کہ حضرت سہلؓ بن سعد نے بیان کیا کہ آل مروان میں سے ایک شخص کو مدینہ پر عامل مقرر کیا گیا۔ راوی کہتے ہیں کہ اس نے حضرت سہل بن سعدؓ کو بلایا اور انہیں حکم دیا کہ وہ حضرت علیؓ پر سبّ و شتم کریں۔ وہ کہتے ہیں کہ حضرت سہلؓ نے اس کا انکار کیا اور اس عامل نے ان (حضرت سہلؓ) سے کہا اگر تو نے اس کا انکار کرنا ہے تو پھر یہ کہو کہ ابو تراب پر اللہ کی لعنت ہو۔ حضرت سہلؓ نے کہا کہ حضرت علیؓ کے لئے ابو تراب سے بڑھ کر کوئی نام محبوب نہیں ہے۔ جب انہیں اس (نام) سے پکارا جاتا تو وہ خوش ہوتے تھے پھر اُس نے ان (حضرت سہلؓ) سے کہا کہ ہمیں اس واقعہ کے بارہ میں بتاؤ کہ انہیں ابوتراب نام کیوں دیا گیا؟ انہوں (حضرت سہلؓ) نے کہا کہ رسول اللہﷺ حضرت فاطمہؓ کے گھر تشریف لے گئے اور حضرت علیؓ کو گھر میں نہ پایا تو فرمایا تمہارا چچا زاد کہاں ہے؟ انہوں (حضرت فاطمہؓ) نے عرض کیا میرے اور ان کے درمیان کچھ بات ہوئی جس پر وہ مجھ سے ناراض ہوئے اور باہر نکل گئے اور میرے پاس قیلولہ نہیں کیا۔ رسول اللہﷺ نے ایک آدمی سے فرمایا کہ دیکھو کہ وہ کہاں ہیں؟ وہ آدمی آیا اور عرض کیا یا رسولؐ اللہ! وہ مسجد میں سوئے ہوئے ہیں تو رسول اللہﷺ ان کے پاس تشریف لے گئے اور وہ (حضرت علیؓ) لیٹے ہوئے تھے اور ان کی چادر ان کے پہلو سے گری ہوئی تھی اور انہیں مٹی لگی ہوئی تھی۔ رسول اللہﷺ اس (مٹی) کو ان سے صاف کرنے لگے اور فرمانے لگے اٹھو ابو تراب اٹھو ابو تراب۔
Urdu translation: Noor Foundation