صحیح مسلم 4418: كتاب فضائل الصحابة رضى الله تعالى عنهم
مصعب بن سعد اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ ان کے بارہ میں کئی ایک قرآنی آیات نازل ہوئیں۔ مصعب نے کہا کہ سعدؓ کی ماں نے قسم کھائی تھی کہ وہ ان سے کبھی بات نہیں کرے گی یہانتک کہ وہ اپنے دین کا انکار کر دے۔ چنانچہ نہ وہ کھاتی اور نہ پیتی۔ انہوں نے (سعدؓ سے کہا) تو بیان کیا کرتا ہے کہ اللہ تمہیں اپنے والدین سے احسان کی تاکید کرتا ہے اور میں تمہاری ماں ہوں اور میں تمہیں اس کا حکم دے رہی ہوں۔ راوی کہتے ہیں کہ تین روز تک وہ اس حال میں رہیں یہانتک کہ کمزوری کی وجہ ان پر غشی طاری ہوگئی پھر ان کا بیٹا جسے عمارۃ کہا جاتا تھا کھڑا ہوا اور انہیں پانی پلایا پھر وہ سعد کو بد دعا دینے لگیں تب اللہ عزوجل نے قرآن میں یہ آیت اتاری وَوَصَّیْنَا الْاِنْسَانَ۔۔۔ اور ہم نے انسان کو اس کے والدین کے حقوق میں احسان کی تاکید نصیحت کی1 وَاِنْ جَاھَدَاکَ۔۔۔ اور اگر وہ دونوں (بھی) تجھ سے جھگڑا کریں کہ تو میرا شریک ٹھہرا (تو ان دونوں کی اطاعت نہ کر اور اس میں یہ بھی ہے: وَصَاحِبْھُمَا فِیْ الدُّنْیَا۔۔۔ اور دونوں کے ساتھ دنیا میں دستور کے مطابق رفاقت جاری رکھو2۔ وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ کے پاس بڑا غنیمت کا مال آیا اس میں ایک تلوار (بھی) تھی چنانچہ میں رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا کہ یہ تلوار مجھے عنایت فرما دیجئے میرے حال سے آپؐ واقف ہیں لیکن حضورؐ نے فرمایا کہ اسے وہیں لوٹا دو جہاں سے تم نے اسے لیا ہے۔ پھر میں گیا یہانتک کہ جب میں نے اسے غنیمت کے مال میں رکھنے کا ارادہ کیا تو میرے نفس نے مجھے ملامت کیا پھر میں رسول اللہﷺ کی طرف لوٹا اور عرض کیا یہ مجھے دے دیجئے۔ آپؐ نے مجھ سے سختی سے فرمایا اسے وہیں رکھ دو جہاں سے یہ تم نے لی ہے۔ وہ کہتے ہیں پھر اللہ عزوجل نے آیت نازل فرمائی یَسْئَلُوْنَکَ عَنِ الْاَنْفَالِ۔۔۔ وہ تجھ سے مال غنیمت کے بارہ میں پوچھتے ہیں۔۔۔۔ وہ کہتے ہیں پھر میں بیمار پڑ گیا۔ میں نے نبیﷺ کی خدمت میں پیغام بھیجا چنانچہ آپ میرے پاس تشریف لائے تو میں نے عرض کیا مجھے اجازت دیں کہ اپنے مال کو جسے چاہوں تقسیم کروں۔ وہ کہتے ہیں کہ حضورؐ نے انکار کیا۔ میں نے عرض کیا کہ پھر نصف (کے بارہ میں اجازت دے دیں۔) وہ کہتے ہیں پھر آپؐ نے انکار فرمایا میں نے عرض کیا کہ ایک تہائی۔ وہ کہتے ہیں اس پر آپؐ خاموش رہے۔ پھر اس کے بعد ایک تہائی جائز ہوگیا۔ وہ کہتے ہیں پھر میں انصارؓ اور مہاجرینؓ کے ایک گروہ میں آیا تو انہوں نے کہا آؤ ہم تمہیں کھلائیں اور شراب پلائیں اور یہ شراب حرام کئے جانے سے پہلے کی بات ہے۔ وہ کہتے ہیں پھر میں ان کے ساتھ ایک حَشّ میں آیا اور حَشّ بستان کو کہتے ہیں تو وہاں ان کے پاس ایک اُونٹ بھنا ہوا تھا اور ایک مشکیزہ شراب۔ وہ کہتے ہیں میں نے ان کے ساتھ کھایا اور پیا اور پھر میں نے ان کے پاس انصارؓ اور مہاجرینؓ کا ذکر کیا۔ میں نے کہا کہ مہاجرینؓ انصارؓ سے بہتر ہیں وہ کہتے ہیں کہ ایک شخص نے اس (اونٹ) کا جبڑا لیا اور مجھے دے مارا اور میرا ناک زخمی کر دیا۔ میں رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور آپؐ کو اس بارہ میں بتایا تو اللہ عز وجل نے میرے بارہ میں _خود ان کے بارہ میں _ شراب کے بارہ میں آیت نازل فرمائی۔ اِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَیْسِرُ۔۔۔ یقینا مدہوش کرنے والی چیز اور جؤا اور بت (پرستی) اور تیروں سے قسمت آزمائی یہ سب ناپاک شیطانی عمل ہیں۔ ایک اور روایت میں (أَنَّہُ نَزَلَتْ فِیْہِ آیاتٌ مِنَ الْقُرْآنِ کی بجائے) أَنَّہُ قَالَ اُنْزِلَتْ فِیَّ اَرْبَعُ آیاتٍ کے الفاظ ہیں۔ مصعب بن سعد اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ میرے بارہ میں چار آیات نازل ہوئیں۔ ایک روایت میں یہ اضافہ ہے کہ جب وہ اس (حضرت سعدؓ کی ماں ) کو کھانا کھلانا چاہتے تو لکڑی سے اس کا منہ کھولتے پھر اس (کے منہ) میں (کھانا) ڈالتے اور اس روایت میں یہ بھی ہے کہ اس نے اس جبڑے کو حضرت سعدؓ کی ناک پر مارا اور اس کو پھاڑ دیا اور حضرت سعدؓ کی ناک پھٹی ہوئی تھی۔
Urdu translation: Noor Foundation