کتاب 56: كتاب الجهاد والسير
صحیح بخاری, حصہ 6
صحیح بخاری 2882
علی بن عبداللہ نے ہمیں بتایا کہ بشر بن مفضل نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن ذکوان نے ہمیں بتایا کہ ربیع بنت مُعَوِّذ سے مروی ہے کہ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ کی معیت میں ہم زخمیوں کو پانی پلاتیں اور ان کا علاج معالجہ کرتیں اور لاشوں کو مدینہ واپس لے جاتیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2883
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ بشر بن مفضل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد بن ذکوان سے، خالد نے ربیع بنت مُعَوِّذ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: ہم نبی ﷺ کے ساتھ جنگ کرنے نکلتیں اور لوگوں کو پانی پلاتیں اور ان کی خدمت کرتیں اور زخمیوں اور مقتولوں کو مدینہ واپس لے جاتیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2884
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرَید بن عبداللہ سے، بُرَید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ابوعامرؓ کے گھٹنے میں تیر لگا۔ میں ان کے پاس پہنچا۔ انہوں نے کہا: اس تیر کو کھینچ کر نکال لو۔ چنانچہ میں نے اس کو کھینچ کر نکالا تو زخم سے پانی پھوٹ کر بہنے لگا۔ یہ دیکھ کر میں نبی ﷺ کے پاس گیا۔ میں نے آپؐ کو خبر دی۔ آپؐ نے یہ دعا کی: اے اللہ! عُبَید ابوعامر کی پردہ پوشی کرتے ہوئے اس کے گناہوں سے درگذر کر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2885
اسماعیل بن خلیل نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مسہر نے ہمیں بتایا کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں خبر دی۔ (انہوں نے کہا:) عبداللہ بن عامر بن ربیعہ نے ہمیں بتایا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو کہتے سنا۔ نبی ﷺ رات کو جاگا کرتے تھے۔ جب آپؐ مدینہ میں آئے تو آپؐ نے فرمایا: کاش کہ میرے ساتھیوں میں سے کوئی نیک شخص آج رات میرا پہرہ دے۔ اتنے میں ہم نے ہتھیار کی آواز سنی۔ آپؐ نے پوچھا: کون ہے؟ انہوں نے کہا: سعد بن ابی وقاص ہوں۔ میں آپؐ کا پہرہ دینے کے لئے آیا ہوں۔ پھر نبی ﷺ سو گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2886
یحيٰ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبکر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحصین سے، ابوحصین نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہ ؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کیا ہی بد بخت ہے درہم و دینار کا بندہ اور چادر اور کمبل والا بندہ، اگر اسے دیا جائے تو خوش ہو اور اگر نہ دیا جائے تو ناخوش۔ اور اسرائیل (بن یونس) اور محمد بن جحادہ نے یہ حدیث (عثمان بن عاصم) ابوحصین سے مرفوعاً نہیں موقوف روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2887
اور عمرو (ابن مرزوق) نے سند میں زیادہ ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالرحمن بن عبداللہ بن دینار نے ہمیں خبر دی کہ ان کے باپ سے مروی ہے۔ انہوں نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے، انہوں نے نبی کریم ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: بدبخت ہے درہم و دینار کا بندہ اور کمبل والا بندہ۔ اگر اسے دیا جائے تو خوش ہے اور نہ دیا جائے تو ناراض۔ بدنصیب ہوا اور خائب و خاسر ہوا اور اگر کسی کے کانٹا لگے تو نہ نکالے۔ خوش نصیب ہے وہ بندہ جو اللہ کی راہ میں اپنے گھوڑے کی باگ تھامے تیار رہے، سر پراگندہ ہو اور پائوں غبار آلودہ، اگر وہ پہرے پر مقرر ہو تو پہرہ دے رہا ہو اور اگر فوج کے پچھلے حصہ میں ہو تو پچھلے حصہ میں رہے۔ اگر وہ اندر آنے کی اجازت مانگے تو اسے اجازت نہ دی جائے۔ اگر سفارش کرے تو اس کی سفارش قبول نہ کی جائے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اسرائیل اور محمد بن جحادہ نے یہ حدیث ابوحصین سے مرفوعاً روایت نہیں کی۔ اور اللہ تعالیٰ کے قول فَتَعْسًا سے یہ مراد ہے کہ اللہ ان کو سرنگوں کر دے۔ طُوْبٰی فُعْلٰی کا وزن ہے۔ یعنی نہایت پاکیزہ ترین شئے جو خوش گوار ہو لفظ طِیْب کی یاء واؤ میں تبدیل کی گئی اور یہ طَابَ یَطِیْبُ سے مشتق ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2888
محمد بن عرعرہ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس بن عُبَید سے، یونس نے ثابت بُنانی سے، ثابت نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں جریر بن عبداللہ (بجلیؓ) کے ساتھ رہا ہوں۔ وہ میری خدمت کیا کرتے تھے۔ بحالیکہ وہ حضرت انسؓ سے بڑے تھے۔ جریرؓ کہتے تھے: میں نے انصار کو ایک بات کرتے دیکھا (یعنی تعظیم رسول اللہ ﷺ) میں جب بھی ان میں سے کسی کو پاتا ہوں تو ضرور تعظیم سے پیش آتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2889
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عمر بن ابی عمرو سے جو کہ مُطَّلِب بن حَنْطَب کے آزاد کردہ غلام تھے روایت کی کہ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ خیبر کو گیا۔ میں آپؐ کی خدمت کرتا تھا۔ جب نبی ﷺ لوٹ کر مدینہ کے قریب پہنچے اور آپؐ کو سامنے سے اُحد پہاڑ دکھائی دیا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ وہ پہاڑ ہے جو ہمیں پیارا ہے اور ہم اس کو پیارے ہیں پھر آپؐ نے مدینہ کی طرف اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا اور کہا: اے میرے اللہ! اس (مدینہ) کے دو پتھریلے کناروں میں جو جگہ ہے میں اس کو حرم قرار دیتا ہوں جیسا کہ ابراہیمؑ نے مکہ کو حرم قرار دیا ہے۔ اے اللہ! ہمارے صاع اور ہمارے مُدّ میں برکت ڈال۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2890
سلیمان بن دائود ابوالربیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن زکریا سے روایت کی کہ عاصم نے انہیں بتایا۔ انہوں نے مُوَرِّق عِجْلی سے، مُوَرِّق نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم (ایک سفر میں) نبی ﷺ کے ساتھ تھے۔ ہم میں سے کوئی اپنے اوپر سایہ کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ یوں کرلیتا کہ ایک کمبل اپنے سر پر تان لیتا اور جو لوگ روزے سے تھے انہوں نے کوئی کام نہ کیا اور جو روزے سے نہیں تھے انہوں نے سواریوں کو اُٹھایا اور پانی پلایا اور کام کاج کیا اور خدمت کی تو نبی ﷺ نے فرمایا: جو روزے سے نہیں تھے وہ آج سارا ثواب لے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2891
اسحق بن نصر نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ہر دن ہر جوڑ کی ہڈی کے ذمہ صدقہ ہے۔ کوئی کسی آدمی کی اس کے جانور سے متعلق مدد کرے یعنی اس کو اس پر سوار کرا دے یا اس کا سامان اُٹھا کر اس پر رکھ دے یہ بھی ایک صدقہ ہے اور اچھی بات کہنا صدقہ ہے اور ہر قدم جو وہ نماز کے لئے اُٹھاتا ہے یہ بھی ایک صدقہ ہے اور راستہ بتانا بھی ایک صدقہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2892
عبداللہ بن منیر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوالنضر (ہاشم بن قاسم) سے سنا۔ (کہتے تھے:) عبدالرحمن بن عبداللہ بن دینار نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم (بن دینار) سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعد ساعدی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ کی راہ میں ایک دن مورچے پر رہنا دنیا و مافیہا سے بہتر ہے اور جنت میں ایک کوڑا رکھنے کی تمہاری جگہ دنیا و مافیہا سے بہتر ہے اور وہ سفر جسے بندہ اللہ کی راہ میں شام یا صبح اختیار کرے دنیا و مافیہا سے بہتر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2893
قُتَیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب (بن عبدالرحمن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن ابی عمرو) سے، عمرو نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے حضرت ابو طلحہؓ سے فرمایا کہ اپنے لڑکوں میں سے میرے لیے کوئی لڑکا تلاش کرو جو میری خدمت کرے تا میں خیبر کا سفر کروں۔ حضرت ابو طلحہؓ سواری پر مجھے اپنے پیچھے بٹھا کر لے گئے۔ میں اس وقت لڑکا تھا۔ بلوغت کے قریب پہنچ چکا تھا۔ میں رسول اللہ ﷺ کی خدمت کیا کرتا تھا جب آپؐ اُترتے۔ میں اکثر آپؐ کو یہ دعا مانگتے سنا کرتا تھا: اے میرے اللہ! میں تیری پناہ لیتا ہوں غم و اندوہ سے درماندگی اور سستی سے اور بخل اور بزدلی اور قرضداری کے بوجھ سے اور لوگوں کی سختی سے۔ پھر ہم خیبر پہنچے۔ جب اللہ نے خیبر کا قلعہ آپؐ کو فتح کرا دیا آپؐ سے حضرت صفیہ بنت حيّ بن اَخطبؓ کی خوبصورتی کا ذکر کیا گیا اور ان کا خاوند مارا گیا تھا اور وہ ابھی دلہن ہی تھیں۔ پھر نبی ﷺ نے ان کو اپنے لئے منتخب کیا۔ آپؐ ان کو لے کر نکلے۔ جب ہم سدّ صہباء میں پہنچے وہ حیض سے پاک ہوئیں اور زفاف کی تقریب ہوئی۔ آپؐ نے ایک چھوٹے سے دستر خوان پر مالیدہ بنوا کر رکھا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے (مجھ سے) فرمایا: جو تمہارے آس پاس ہوں ان کو بلائو۔ تو یہ تھا ولیمہ رسول اللہ ﷺ کا جو حضرت صفیہؓ کی شادی کے موقع پر کیا گیا۔ پھر ہم مدینہ کو روانہ ہوگئے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ اپنے پیچھے حضرت صفیہؓ کے لئے اپنی عباء سے گول گدا بنا دیتے اور پھر اپنے اونٹ کے پاس بیٹھ جاتے اور اپنے زانو جھکا دیتے اور حضرت صفیہؓ اپنے پائوں آپؐ کے زانو پر رکھ کر سوار ہو جاتیں۔ ہم سفر کرتے رہے یہاں تک کہ جب مدینہ کے پاس بلند مقام پر پہنچ گئے۔ آپؐ نے اُحد کو دیکھا تو فرمایا: یہ پہاڑ ہے کہ ہم اس کو پیارے ہیں اور وہ ہمیں پیارا ہے۔ پھر آپؐ نے مدینہ کو دیکھا (اور دعا کی) اے میرے اللہ! اس کے دونوں پتھریلے کناروں کے درمیان جو جگہ ہے، میں اس کو حرام قرار دیتا ہوں جیسے ابراہیم ؑ نے مکہ کو حرام قرار دیا تھا۔ اے میرے اللہ! ان کے مُدّ میں اور ان کے صاع میں ان کے لئے برکت ڈال۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2894
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن سعید انصاری) سے، یحيٰ نے محمد بن یحيٰ بن حبان سے، انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت امّ حرام نے مجھے بتایا (انہوں نے کہا) کہ نبی ﷺ ایک دن ان کے گھر دوپہر کو سوئے۔ پھر آپؐ جاگے اور آپؐ ہنس رہے تھے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ کس بات سے ہنس رہے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: اپنی اُمت میں سے بعض لوگوں پر مجھے تعجب آیا جو سمندر میں اس طرح سوار ہو رہے ہیں جیسے بادشاہ تختوں پر۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ وہ مجھے بھی ان میں سے کر دے۔ آپؐ نے فرمایا: تم بھی ان کے ساتھ ہی ہو۔ پھر آپؐ سو گئے۔ پھر جاگ پڑے اور آپؐ ہنس رہے تھے تو آپؐ نے پھر وہی بات فرمائی دو دفعہ یا تین دفعہ۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اللہ سے دعا کریں وہ مجھے بھی ان میں سے کرے۔ آپؐ نے فرمایا: تم تو اوّلین میں سے ہو۔ چنانچہ حضرت عبادہ بن صامتؓ نے ان سے شادی کی اور وہ ان کو جنگ میں لے گئے۔ جب وہ لوٹیں تو ایک سواری ان کے قریب لائی گئی تاکہ وہ اس پر سوار ہوں۔ وہ گر گئیں اور ان کی گردن کچلی گئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2895
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن سعید انصاری) سے، یحيٰ نے محمد بن یحيٰ بن حبان سے، انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت امّ حرام نے مجھے بتایا (انہوں نے کہا) کہ نبی ﷺ ایک دن ان کے گھر دوپہر کو سوئے۔ پھر آپؐ جاگے اور آپؐ ہنس رہے تھے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ کس بات سے ہنس رہے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: اپنی اُمت میں سے بعض لوگوں پر مجھے تعجب آیا جو سمندر میں اس طرح سوار ہو رہے ہیں جیسے بادشاہ تختوں پر۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ وہ مجھے بھی ان میں سے کر دے۔ آپؐ نے فرمایا: تم بھی ان کے ساتھ ہی ہو۔ پھر آپؐ سو گئے۔ پھر جاگ پڑے اور آپؐ ہنس رہے تھے تو آپؐ نے پھر وہی بات فرمائی دو دفعہ یا تین دفعہ۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اللہ سے دعا کریں وہ مجھے بھی ان میں سے کرے۔ آپؐ نے فرمایا: تم تو اوّلین میں سے ہو۔ چنانچہ حضرت عبادہ بن صامتؓ نے ان سے شادی کی اور وہ ان کو جنگ میں لے گئے۔ جب وہ لوٹیں تو ایک سواری ان کے قریب لائی گئی تاکہ وہ اس پر سوار ہوں۔ وہ گر گئیں اور ان کی گردن کچلی گئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2896
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن طلحہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے طلحہ سے، طلحہ نے مصعب بن سعد سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت سعد (بن ابی وقاص) رضی اللہ عنہ کو خیال ہوا کہ ان کو دوسرے صحابہ پر فضیلت ہے تو نبی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے جو کمزور ہیں انہی کے ذریعہ تو تمہیں نصرت ملتی ہے {اور رزق حاصل ہوتا ہے۔}
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2897
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت جابرؓ سے سنا کہ حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہم سے مروی ہے۔ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا کہ ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ لوگوں کی جماعت جنگ کے لئے نکلے گی۔ ان سے پوچھا جائے گا: کیا تم میں ایسا بھی شخص ہے جو نبی ﷺ کے ساتھ رہا ہو؟ تو کہا جائے گا: ہاں۔ تو پھر اس کی وجہ سے فتح نصیب ہوگی۔ پھر ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ پوچھا جائے گا: کیا تم میں ایسا شخص بھی ہے کہ جو نبی ﷺ کے صحابہؓ کے ساتھ رہا ہو؟ تو کہا جائے گا: ہاں۔ پھر فتح نصیب ہوگی۔ پھر ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ کہا جائے گا: کیا تم میں کوئی ایسا ہے جو صحابہؓ کے ساتھ رہنے والوں کے ساتھ رہا ہو؟ تو کہا جائے گا: ہاں۔ پھر فتح نصیب ہوگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2898
قُتَیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعد ساعدی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ اور مشرکوں کا آپس میں مقابلہ ہوا اور وہ لڑے۔ جب رسول اللہ ﷺ (میدان سے ہٹ کر) اپنے لشکر کو لوٹے اور دوسرے بھی اپنے لشکر کو گئے۔ رسول اللہ ﷺ کے صحابہؓ میں ایک شخص تھا جو مشرکوں کا اکیلا دُکیلا کوئی آدمی نہیں چھوڑتا تھا جس کا پیچھا نہ کرتا ہو، اس پر اپنی تلوار کا وار نہ کرتا ہو۔ تو انہوں نے کہا: آج جیسے فلاں نے لڑائی کا حق ادا کیا ہے ہم میں سے کسی نے نہیں کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: خیال رہے وہ دوزخیوں میں سے ہے۔ لوگوں میں سے ایک شخص نے کہا: میں اس کے ساتھ رہوں گا۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے کہ وہ اس کے ساتھ گیا۔ جب کبھی وہ ٹھہرتا یہ بھی ٹھہر جاتا۔ جب وہ جلدی سے چلتا تو یہ بھی اس کے ساتھ تیز چلتا۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: آخر وہ شخص سخت زخمی ہوگیا۔ پھر اس نے جلدی مرنا چاہا۔ اپنی تلوار کا قبضہ زمین پر رکھا اور اس کی نوک اپنے دونوں پستانوں کے درمیان رکھی۔ پھر اپنی تلوار پر بوجھ ڈالا اور اس طرح اپنے آپ کو مار ڈالا۔ پھر وہ شخص (جو اس کے ساتھ ہو لیا تھا) رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ آپؐ اللہ کے رسول ہیں۔ آپؐ نے پوچھا: کیا ہوا؟ اس نے کہا: ایک شخص جس کا آپؐ نے ابھی ذکر کیا تھا کہ وہ دوزخیوں میں سے ہے لوگوں نے اسے عجیب خیال کیا تھا۔ میں نے ان سے کہا تھا: میں تمہارے لئے اس کا حال معلوم کرتا ہوں۔ میں اس کی جستجو کے لئے نکلا۔ پھر وہ سخت زخمی ہوگیا اور اس نے جلدی مرنا چاہا اور اپنی تلوار کے قبضے کو زمین پر رکھا اور اس کی نوک اپنے پستانوں کے درمیان رکھی اور اس پر اپنا بوجھ ڈالا اور اپنے آپ کو مار ڈالا۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ سن کر فرمایا: ایک شخص ظاہر میں لوگوں کو جنتیوں کے کام کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے بحالیکہ وہ دوزخیوں میں سے ہوتا ہے اور کوئی شخص ظاہر میں لوگوں کو دوزخیوں کے سے کام کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے بحالیکہ وہ جنتیوں میں سے ہوتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2899
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی عُبَید سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت سلمہ بن اَکوع رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ اسلم قبیلہ کے چند لوگوں کے پاس سے گذرے جو تیر اَندازی میں مقابلہ کر رہے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اسمٰعیل کے بیٹو! تیر اَندازی کرتے رہا کرو۔ کیونکہ تمہارا باپ بھی تیر اَنداز تھا۔ تیر اَندازی کرو اور میں بھی فلاں قبیلہ کے ساتھ شریک ہو جاتا ہوں۔ حضرت سلمہؓ کہتے تھے کہ (ہم میں سے) ایک گروہ نے اپنے ہاتھ روک لئے۔ رسول اللہ ﷺ نے پوچھا: تمہیں کیا ہوا ہے؟ تیر کیوں نہیں چلاتے؟ انہوں نے کہا: تیر کیسے چلائیں جبکہ آپؐ ان کے ساتھ ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تیر اَندازی کرو۔ میں تم سب کے ساتھ ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2900
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہمیں عبدالرحمن بن غسیل نے بتایا۔ انہوں نے حمزہ بن ابی اُسید سے، حمزہ نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے بدر کے دن جب ہم قریش کے مقابلہ کیلئے صف بستہ کھڑے ہوئے اور وہ ہمارے مقابلہ کے لئے صفیں باندھ کر کھڑے ہوئے فرمایا: جب وہ تمہاری طرف حملے کے لئے بڑھیں تو پھر تم تیروں سے حملہ کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2901
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زُہری سے، زُہری نے (سعید) بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک بار حبشی نبی ﷺ کے سامنے اپنے برچھوں سے کھیل رہے تھے کہ اتنے میں حضرت عمرؓ آئے۔ انہیں دیکھ کر وہ کنکریوں کی طرف جھکے اور ان کو کنکریاں پھینکیں۔ آپؐ نے فرمایا: عمرؓ! انہیں رہنے دو۔ اور علی (ابن مدینی) نے اتنا اور بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا کہ مسجد میں (کھیل رہے تھے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah