کتاب 56: كتاب الجهاد والسير
صحیح بخاری, حصہ 7
صحیح بخاری 2902
احمد بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ اوزاعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحق نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت ابوطلحہؓ ایک ہی ڈھال سے نبی ﷺ کی حفاظت کے ساتھ اپنا بھی بچائو کرتے تھے اور حضرت ابوطلحہؓ اچھے تیر انداز تھے۔ جب وہ تیر چلاتے تو نبی ﷺ جھانکتے اور ان کے تیر پڑنے کی جگہ دیکھتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2903
سعید بن عُفَیر نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت سہل (بن سعد ساعدیؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ کا خَود جو آپؐ پہنے تھے ٹوٹ گیا۔ آپؐ کا چہرہ زخم سے خون آلودہ تھا اور آپؐ کا سامنے کا درمیانی دانت بھی ٹوٹ گیا اور حضرت علیؓ ڈھال میں بار بار پانی لاتے تھے اور حضرت فاطمہؓ آپؐ کے زخم کو دھوتی تھیں۔ جب حضرت فاطمہؓ نے دیکھا کہ پانی ڈالنے سے خون زیادہ بہہ رہا ہے تو وہ ایک بورئیے کی طرف لپکیں اور اسے جلا یا اور آپؐ کے زخم پر اسے چمٹا دیا تو خون تھم گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2904
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے زُہری سے، زُہری نے مالک بن اَوس بن حدثان سے، مالک نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: بنی نضیر کی جائیدادیں ان غنیمتوں میں سے تھیں جو اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو بن لڑے لادیں۔ یعنی ان کے حاصل کرنے کے لئے مسلمانوں نے نہ گھوڑے دوڑائے نہ اونٹ اور یہ خاص رسول اللہ ﷺ کے لئے تھیں اور آپؐ ان میں سے اپنی بیویوں کو سالانہ خرچ دیا کرتے تھے۔ پھر جو بچتا وہ ہتھیار اور جانوروں کے خریدنے پر خرچ کرتے جو اللہ کی راہ میں ساز و سامان کے طور پر استعمال کیا جاتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2905
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: سعد بن ابراہیم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن شداد سے، عبداللہ نے حضرت علیؓ سے روایت کی۔ (دوسری سند) قبیصہ (بن عقبہ) نے بھی ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبداللہ بن شداد نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ نے حضرت سعدؓ کے بعد کسی شخص کی نسبت یہ کہا ہو کہ میرے ماں باپ یا میری جان اس پر قربان ہو۔ آپؐ انہی سے کہتے تھے: تیر چلائو۔ میرے ماں باپ تم پر قربان۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2906
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھ سے بیان کیا کہ عمرو (بن حارث) نے کہا: ابوالاسود نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ میرے ہاں آئے جبکہ میرے پاس دو لڑکیاں بعاث کا گیت گا رہی تھیں۔ آپؐ بچھونے پر لیٹ گئے اور اپنے منہ کو ایک طرف کرلیا۔ اتنے میں حضرت ابوبکرؓ آئے۔ انہوں نے مجھے جھڑکا اور کہنے لگے: شیطان کی بنسریاں رسول اللہ ﷺ کے ہاں۔ رسول اللہ ﷺ ان کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: انہیں رہنے دو۔ جب حضرت ابوبکرؓ کام میں مشغول ہوئے۔ میں نے ان دونوں لڑکیوں کو اشارہ کیا، وہ باہر چلی گئیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2907
حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: وہ عید کا دن تھا۔ حبشی ڈھال اور برچھوں سے کھیل رہے تھے۔ یا تو میں نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا یا آپؐ نے فرمایا: تم چاہتی ہو کہ تم دیکھو؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے مجھے اپنے پیچھے کھڑا کیا۔ میرا رخسار آپؐ کے رخسار کے قریب تھا۔ آپؐ فرما رہے تھے: بنی ارفدہ چلو شروع کرو۔ جب میں اُکتا گئی تو آپؐ نے فرمایا: بس؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا جائو۔ ابوعبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: احمد (بن ابی صالح) نے ابن وہب سے فَلَمَّا عَمِلَ کی بجائے یوں نقل کیا ہے: فَلَمَّا غَفَلَ یعنی جب حضرت ابوبکرؓ اپنے دھیان میں لگ گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2908
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ لوگوں میں سب سے زیادہ خوبصورت تھے اور لوگوں میں سب سے زیادہ بہادر تھے۔ مدینہ والے ایک رات یکا یک گھبرا گئے اور آواز کی طرف چل پڑے تو نبی ﷺ ان کو سامنے سے آتے ہوئے ملے۔ آپؐ بات کی تحقیق کر چکے تھے۔ آپؐ حضرت ابوطلحہؓ کے ایک گھوڑے پر سوار تھے۔ جس کی پیٹھ ننگی تھی (یعنی اس پر کچھ نہ تھا۔) تلوار آپؐ کے گلے میں حمائل تھی اور آپؐ کہہ رہے تھے: ڈرو نہیں، ڈرو نہیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: ہم نے اس گھوڑے کو دریا پایا یا فرمایا: وہ تو ایک دریا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2909
احمد بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ اوزاعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے سلیمان بن حبیب سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے ابوامامہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: یہ فتوحات ان لوگوں نے حاصل کیں جن کی تلواریں مزین نہ تھیں۔ نہ سونے سے، نہ چاندی سے بلکہ ان کی زینت چمڑا، سیسہ اور لوہا تھا۔ جو سفر میں قیلولہ کے وقت اپنی تلوار درخت سے لٹکائے
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2910
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: سنان بن ابی سنان دئولی اور ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے انہیں بتایا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نجد کی طرف جنگ کے لئے نکلے۔ جب رسول اللہ ﷺ لوٹے تو وہ بھی آپؐ کے ساتھ لوٹے۔ آپؐ کو ایک وادی میں جس میں کثرت سے ببول کے درخت تھے دوپہر آگئی۔ رسول اللہ ﷺ اُتر پڑے اور لوگ اِدھر اُدھر بکھر کر درختوں کے سائے میں چلے گئے۔ رسول اللہ ﷺ نے ایک ببول کے نیچے ڈیرہ لگایا اور اپنی تلوار اس سے لٹکا دی اور ہم تھوڑی دیر کے لئے سو گئے۔ تو کیا دیکھتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ ہمیں بلا رہے ہیں اور آپؐ کے پاس ایک بدوی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس شخص نے میری تلوار مجھ پر سونت لی، جبکہ میں سو رہا تھا۔ میں جاگ اُٹھا اور وہ تلوار اس کے ہاتھ میں ننگی تھی۔ اس نے کہا: مجھ سے تمہیں کون بچائے گا؟ میں نے تین بار کہا: اللہ۔ اور آپؐ نے اس بدوی کو سزا نہ دی۔ اور وہ بیٹھ گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2911
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے سہل (بن سعد ساعدی) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ان سے نبی ﷺ کے غزوہ اُحد میں زخمی ہونے کی نسبت پوچھا گیا تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ کا چہرہ زخمی ہو گیا تھا اور آپؐ کا درمیانی دانت ٹوٹ گیا تھا اور آپؐ کے سر کا خود بھی ٹوٹ گیا تھا اور حضرت فاطمہ علیہا السلام آپؐ کے زخم کا خون دھوتی تھیں اور حضرت علیؓ آپؐ کو تھامے ہوئے تھے۔ جب حضرت فاطمہؓ نے دیکھا کہ خون بڑھ رہا ہے تو انہوں نے ایک بوریا لیا اور اسے جلایا یہاں تک کہ بوریا راکھ ہو گیا۔ پھر انہوں نے وہ زخم پر چپکا دیا تو خون وہیں تھم گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2912
عمرو بن عباس نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمن (بن مہدی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے ابواسحق سے، ابواسحق نے عمرو بن حارث سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے اپنے ہتھیار اور ایک سفید خچر اور خیبر میں ایک قطعہ زمین کے سوا کوئی ترکہ نہیں چھوڑا۔ وہ بھی آپؐ صدقہ کر گئے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2913
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی کہ سنان بن ابی سنان اور ابوسلمہ نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت جابرؓ نے انہیں بتایا۔ (دوسری سند) اور موسیٰ بن اسماعیل نے بھی ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے سنان بن ابی سنان دئولی سے روایت کرتے ہوئے ہمیں خبر دی کہ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے انہیں بتایا کہ وہ نبی ﷺ کے ساتھ ایک جنگ میں نکلے تو انہیں ایک وادی میں جہاں ببول کے درخت کثرت سے تھے، دوپہر آگئی اور لوگوں نے اِدھر اُدھر منتشر ہو کر درختوں کے سائے تلے ڈیرے لگا لیے اور نبی ﷺ بھی ایک درخت کے نیچے اُترے اور آپؐ نے اپنی تلوار اس درخت سے لٹکا دی اور پھر سو گئے۔ آپؐ جاگے تو کیا دیکھا کہ آپؐ کے پاس ایک آدمی کھڑا ہے۔ آپؐ نے اس کی آہٹ تک محسوس نہ کی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس شخص نے میری تلوار سونت لی اور کہا: تمہیں کون بچائے گا؟ میں نے کہا: اللہ۔ یہ سن کر اس نے تلوار میان میں کر لی۔ دیکھو یہ وہ بیٹھا ہے۔ مگر آپؐ نے اس کو کوئی سزا نہ دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2914
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمر بن عبیداللہ کے آزاد کردہ غلام ابو نضر سے، ابو نضر نے حضرت ابو قتادہ انصاریؓ کے آزاد کردہ غلام نافع سے، نافع نے حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ (حدیبیہ کے موقع پر) رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے۔ مکہ کے ایک راستہ میں جب وہ پہنچے تو وہ اپنے چند ساتھیوں سمیت جو احرام باندھے ہوئے تھے پیچھے رہ گئے اور حضرت ابو قتادہؓ نے احرام نہیں باندھا تھا۔ حضرت ابو قتادہؓ نے ایک گورخر دیکھا اور وہ اپنے گھوڑے پر بیٹھ گئے اور اپنے ساتھیوں سے کہا کہ انہیں ان کا کوڑا دے دیں۔ انہوں نے نہ مانا۔ پھر انہوں نے ان سے اپنا بھالا مانگا۔ اس (کے دینے) سے بھی انہوں نے انکار کیا۔ پھر انہوں نے خود اسے اٹھا لیا اور اس کے بعد اس گورخر پر زور سے حملہ کیا اور اسے شکار کرلیا۔ نبی ﷺ کے بعض صحابہ نے اس کے گوشت میں سے کچھ کھایا اور بعض نے نہ کھایا۔ جب وہ رسول اللہ ﷺ سے آملے تو انہوں نے آپؐ سے اس کے متعلق پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ ایک کھانا ہی ہے جو اللہ نے تمہیں کھلایا ہے۔ اور زید بن اسلم سے بھی گورخر کے متعلق یہی بات مروی ہے۔ زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابو قتادہؓ سے۔ اس میں ابو نضر کی روایت کی طرح یہ الفاظ ہیں: آپؐ نے پوچھا: کیا تمہارے پاس اس کے گوشت سے کچھ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2915
محمد بن مثنیٰ نے ہمیں بتایا کہ عبدالوہاب (ثقفی) نے ہم سے بیان کیا کہ خالد (حذائ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا اور آپؐ (بدر کے دن) ایک بڑے خیمہ میں تھے۔ اے میرے اللہ! میں تجھے تیرے ہی عہد اور تیرے ہی وعدہ کی قسم دیتا ہوں۔ اے میرے اللہ! اگر تو چاہتا ہے کہ آج کے بعد تیری عبادت نہ کی جائے۔ اتنے میں حضرت ابوبکرؓ نے آپؐ کا ہاتھ پکڑ لیا۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! بس کیجئے۔ آپؐ نے اپنے ربّ سے دعا مانگنے میں بہت اصرار کر لیا ہے اور آپؐ زِرہ میں تھے۔ آپؐ خیمے سے نکلے اور آپؐ یہ پڑھ رہے تھے: عنقریب یہ سب کے سب شکست کھا جائیں گے اور پیٹھ پھیر دیں گے اور یہی وہ گھڑی ہے جس سے ڈرائے گئے تھے اور یہ گھڑی نہایت سخت اور نہایت تلخ ہے۔ اور وہیب نے کہا کہ خالد نے ہمیں بتایا: یہ بدر کی جنگ کا دن تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2916
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے اسود سے، اسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ فوت ہوگئے اور آپؐ کی زِرہ ایک یہودی کے پاس تیس صاع جو کے عوض رہن تھی۔ اور یعلی نے کہا: اعمش نے ہم سے (یوں) بیان کیا کہ لوہے کی زرہ (رہن تھی۔) اور معلی نے یوں کہا: عبدالواحد نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش سے روایت ہے اور انہوں نے کہا کہ آپؐ نے اس کے پاس لوہے کی زرہ رہن رکھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2917
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ وُہَیْب نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن طائوس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: بخیل اور صدقہ دینے والے کی مثال ان دو آدمیوں کی مثال ہے کہ جنہوں نے دو لوہے کے کرتے پہنے ہوں اور ان کے ہاتھ ان کی گردنوں سے بندھے ہوں۔ جب کبھی صدقہ کرنے والا اپنا صدقہ دینے کا ارادہ کرتا ہے تو کرتہ اس کے لئے اتنا کشادہ ہو جاتا ہے کہ وہ اس کے قدموں کے نشانوں تک جاتا ہے اور جب کبھی بخیل صدقہ دینے کا ارادہ کرتا ہے تو وہ کرتہ سمٹ جاتا ہے ایک حلقہ دوسرے حلقہ سے مل جاتا ہے اور اس کے بدن پر سکڑ جاتا ہے اور اس کے دونوں ہاتھ گلے کی ہڈی سے آملتے ہیں۔ حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: پھر وہ کوشش کرتا ہے کہ اس کرتے کو کشادہ کرے تو وہ کشادہ نہیں ہوتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2918
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ عبدالواحد نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالضحیٰ مسلم بن صبیح سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت مغیرہ بن شعبہؓ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: رسول اللہ ﷺ قضائے حاجت کے لئے گئے۔ پھر آئے اور میں پانی لے کر آپؐ سے ملا۔ آپؐ نے شامی چغہ پہنا ہوا تھا۔ آپؐ نے کلی کی اور ناک میں پانی ڈالا اور اپنا منہ دھویا اور اپنے ہاتھوں کو آستینوں سے باہر نکالنے لگے وہ تنگ تھیں۔ آپؐ نے نیچے سے ان کو نکالا اور انہیں دھویا اور اپنے سر اور اپنے موزوں پر مسح کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2919
احمد بن مقدام نے ہمیں بتایا کہ خالد بن حارث نے ہم سے بیان کیا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی کہ حضرت انسؓ نے ان سے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ اور حضرت زبیر (بن عوامؓ) کو خارش کی وجہ سے جو انہیں تھی ریشم کی قمیص پہننے کی اجازت دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2920
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ (دوسری سند) اور ہم سے محمد بن سنان نے بیان کیا کہ ہم سے ہمام نے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے، انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ اور حضرت زبیرؓ نے نبی ﷺ سے جوئوں کی شکایت کی تو آپؐ نے ان دونوں کو ریشمی کپڑا پہننے کی اجازت دی۔ میں نے ان کو جنگ میں اسے پہنا ہوا دیکھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2921
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے روایت کی کہ قتادہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت انسؓ نے ان سے بیان کیا، کہا: نبی ﷺ نے حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ اور حضرت زبیر بن عوامؓ کو ریشم پہننے کی اجازت دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah