کتاب 61: کتاب المناقب
صحیح بخاری, حصہ 8
صحیح بخاری 3628
ابونُعَیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن سلیمان بن حنظلہ ابن غسیل نے ہمیں بتایا کہ عکرمہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ اپنی اس بیماری میں جس میں آپؐ فوت ہوئے، چادر اوڑھے ہوئے باہر آئے۔ آپؐ نے ایک چکنے کپڑے سے اپنا سر باندھا ہوا تھا، آ کر منبر پر بیٹھ گئے۔ اللہ کی حمد و ثنا کی۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اما بعد لوگ تو بڑھ جائیں گے اور انصار کم ہو جائیں گے یہاں تک کہ لوگوں کے مقابل میں وہ ایسے ہی ہوں گے جیسے کھانے میں نمک۔ اس لئے تم میں سے جو کسی ایسی بات پر مقرر ہو کہ جس میں وہ لوگوں کو نقصان دے سکتا ہو اور بعض کو وہ اس میں فائدہ پہنچا سکتا ہو تو جو اُن انصار میں سے اچھے کام کرنے والا ہو، اس سے وہ قبول کرے اور جو اُن میں سے برائی کرنے والا ہو، اس سے درگذر کرے۔ یہی آخری مجلس تھی جس میں نبی ﷺ بیٹھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3629
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ بن آدم نے ہمیں بتایا کہ حسین جعفی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوموسیٰ سے، ابوموسیٰ نے حسن (بصری) سے، حسن نے حضرت ابوبکرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک دن حسنؓ کو باہر لائے اور ان کو لے کر منبر پر چڑھے۔ آپؐ نے فرمایا: میرا یہ بیٹا سردار ہے اور امید ہے کہ اللہ اس کے ذریعہ سے مسلمانوں کے دو گروہوں کے درمیان صلح کرائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3630
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے حُمَید بن ہلال سے، حُمَید نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے حضرت جعفرؓ (بن ابی طالب) اور حضرت زیدؓ (بن حارثہ) کے شہید ہونے کی خبر دی۔ پیشتر اس کے کہ لوگوں کو ان کے شہید ہونے کی خبر آتی؛ اور آپؐ کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3631
عمرو بن عباس نے ہم سے بیان کیا کہ (عبدالرحمٰن) بن مہدی نے ہمیں بتایا کہ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن منکدر سے، انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: کیا تمہارے پاس قالین ہیں؟ میں نے کہا: ہمارے پاس قالین کہاں! آپؐ نے فرمایا: سنو! عنقریب تمہارے پاس بھی قالین ضرور ہوں گے۔ میں اس سے کہا کرتا یعنی اپنی بیوی سے کہ ان اپنے قالینوں کو ہم سے ہٹا دو۔ تو وہ کہتی: کیا نبی ﷺ نے (تمہیں) نہیں فرمایا تھا کہ عنقریب تمہارے پاس بھی قالین ہوں گے تو یہ سن کر میں نے انہیں رہنے دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3632
احمد بن اسحاق نے مجھ سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ اسرائیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے عمرو بن میمون سے، عمرو نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت سعد بن معاذ عمرہ کی نیت سے چلے گئے۔ حضرت عبداللہ کہتے تھے: اور وہ امیہ بن خلف ابوصفوان کے پاس اُترے اور امیہ کی عادت تھی کہ جب شام کی طرف جاتا تو مدینہ سے گذرتا، حضرت سعدؓ کے پاس ٹھہرتا۔ امیہ نے حضرت سعدؓ سے کہا: ابھی انتظار کرو۔ جب دوپہر ہو، اور لوگ غافل ہو جائیں تو جا کر طواف کر لینا۔ اس اثناء میں کہ حضرت سعدؓ طواف کر رہے تھے، کیا دیکھتے ہیں کہ ابوجہل ہے۔ وہ کہنے لگا: یہ کون ہے جو کعبہ کا طواف کر رہا ہے؟ حضرت سعدؓ نے کہا: میں سعد ہوں۔ ابوجہل بولا: کیا تم کعبہ کا طواف امن سے کرو گے حالانکہ تم نے محمد (ﷺ) اور اس کے ساتھیوں کو پناہ دی ہے۔ حضرت سعدؓ نے کہا: ہاں۔ تب ان دونوں نے ایک دوسرے کو گالیاں دیں۔ امیہ نے حضرت سعدؓ سے کہا: ابوالحکم پر اپنی آواز اونچی نہ کرو کیونکہ وہ باشندگانِ وادی کا سردار ہے۔ حضرت سعدؓ نے کہا: بخدا اگر تم نے بیت اللہ کا طواف کرنے سے مجھے روکا تو میں بھی شام میں تمہاری تجارت بند کر دوں گا۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کہتے تھے: یہ سن کر امیہ حضرت سعدؓ سے یہی کہتا رہا کہ اپنی آواز بلند نہ کرو اور ان کو روکتا رہا۔ حضرت سعدؓ غصہ میں آئے اور کہنے لگے: ہمیں ان باتوں سے رہنے دو۔ میں نے محمد ﷺ سے سنا ہے کہ آپؐ فرماتے تھے: یہی تمہیں قتل کروانے والا ہے۔ امیہ نے کہا: مجھ کو! حضرت سعدؓ نے کہا: ہاں۔ یہ سن کر امیہ بولا: اللہ کی قسم! محمدؐ جب بات کہتے ہیں تو جھوٹی بات نہیں کہتے۔ آخر وہ اپنی بیوی کے پاس واپس آیا اور کہنے لگا: کیا تمہیں علم نہیں کہ میرے یثربی بھائی نے مجھ سے کیا کہا ہے؟ اس نے پوچھا: کیا کہا؟ امیہ نے کہا: کہتا ہے کہ اس نے محمدؐ سے سنا کہ وہ کہتے ہیں کہ ابوجہل ہی میرا قاتل ہوگا۔ اس کی بیوی نے بھی کہا: اللہ کی قسم! محمدؐ تو جھوٹی بات نہیں کیا کرتے۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کہتے تھے: جب وہ بدر کی طرف نکلے اور مدد طلب کرنے کیلئے فریادی آیا تو امیہ کی بیوی نے اس سے کہا: کیا وہ بات تمہیں یاد نہیں جو تمہارے یثربی بھائی نے تم سے کہی تھی؟ کہتے تھے: تو اس نے چاہا کہ نہ نکلے مگر ابوجہل نے اسے کہا کہ تم اس وادی کے رؤساء میں سے ہو تو ایک دو دِن کے لئے ہی ساتھ چلو۔ چنانچہ وہ ان کے ساتھ دو دِن کے لیے چلا گیا اور اللہ نے اس کو قتل کرا دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3633
عباس بن ولید نرسی نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ انہوں نے کہا: ابوعثمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: مجھے بتایا گیا ہے کہ جبرئیل علیہ السلام نبی ﷺ کے پاس آئے اور اس وقت آپؐ کے پاس حضرت امّ سلمہؓ تھیں اور وہ باتیں کرنے لگے۔ پھر اُٹھ کر چلے گئے۔ نبی ﷺ نے حضرت امّ سلمہؓ سے پوچھا: یہ کون ہے یا کچھ ایسے ہی الفاظ فرمائے۔ ابوعثمان کہتے تھے: حضرت امّ سلمہؓ نے کہا: یہ دحیہ (کلبی) ہیں۔ حضرت امّ سلمہؓ کہتی تھیں: بخدا میں ان کو دحیہ (کلبی) ہی سمجھتی رہی یہاں تک کہ میں نے نبی ﷺ کا خطبہ سنا۔ آپؐ فرماتے تھے کہ جبرئیل تھے یا کہا کہ آپؐ نے وہی باتیں بتائیں جو جبرئیل نے بتائی تھیں۔ (سلیمان) کہتے تھے: میں نے ابوعثمان سے پوچھا: آپ نے یہ بات کس سے سنی؟ انہوں نے کہا: حضرت اسامہ بن زیدؓ سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3634
عبدالرحمٰن بن شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن مغیرہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے سالم بن عبداللہ سے، سالم نے حضرت عبداللہ (بن عمر)ؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ میں نے رؤیا میں لوگوں کو دیکھا کہ وہ ایک میدان میں جمع ہیں اور ابوبکرؓ اُٹھے اور انہوں نے (کنوئیں سے) ایک یا دو ڈول کھینچ کر نکالے اور ان کے کھینچنے میں کچھ کمزوری ہے۔ اللہ ان کی کمزوری پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے ان سے درگذر کرے گا۔ پھر عمرؓ نے اس ڈول کو لیا تو وہ ان کے ہاتھ میں ایک چرسا ہوگیا۔ میں نے لوگوں میں ایسا شہ زور کبھی نہیں دیکھا جو ان کی طرح حیرت انگیز کام کرتا ہو۔ اتنا پانی نکالا کہ لوگ سیر ہو کر اپنے اپنے ٹھکانوں میں جا بیٹھے۔ ہمام نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا: پھر حضرت ابوبکرؓ نے ایک یا دو ڈول نکالے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3635
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک بن انس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس یہودی آئے اور انہوں نے آپؐ سے ذکر کیا کہ ان میں سے ایک مرد اور ایک عورت نے زنا کیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے ان سے پوچھا: رجم کے متعلق تم تورات میں کیا حکم پاتے ہو؟ وہ کہنے لگے: ہم تو ان کو رسوا کرتے ہیں اور ان کو کوڑے لگائے جاتے ہیں۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے کہا: تم نے جھوٹ کہا ہے، (تورات میں تو) سنگسار کرنے کا حکم ہے۔ وہ تورات لائے، اس کو کھولا تو ان میں سے ایک نے اپنا ہاتھ اس آیت پر رکھ دیا جس میں سنگسار کرنے کا حکم تھا اور اس کے آگے اور پیچھے سے پڑھنے لگے۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے اس سے کہا: اپنا ہاتھ اُٹھاؤ۔ اس نے اپنا ہاتھ اُٹھایا تو کیا دیکھا کہ اس میں سنگسار کرنے کا حکم ہے۔ یہ دیکھ کر یہودی کہنے لگے: محمدؐ! (عبداللہ بن سلامؓ ) نے سچ کہا ہے کہ تورات میں سنگسار کرنے کا حکم ہے۔ چنانچہ آپؐ نے ان کے متعلق یہی حکم دیا اور ان دونوں کو سنگسار کیا گیا۔ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ ) کہتے تھے: میں نے اس مرد کو دیکھا کہ وہ اس عورت پر جھک جاتا تھا اور اس کو پتھروں سے بچاتا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3636
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی نجیح سے، انہوں نے مجاہد سے، مجاہد نے ابومعمر سے، ابومعمر نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے زمانہ میں چاند پھٹ کر دو ٹکڑے ہوگیا تو نبی ﷺ نے فرمایا: دیکھو! گواہ رہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3637
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ یونس نے ہمیں بتایا کہ شیبان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت کی۔ نیز خلیفہ نے مجھ سے کہا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے ان سے بیان کیا کہ اہل مکہ نے رسول اللہ ﷺ سے مطالبہ کیا کہ ان کو کوئی نشان دکھائیں تو آپؐ نے شق القمر کا نشان ان کو دکھلایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3638
خلف بن خالد قرشی نے ہم سے بیان کیا کہ بکر بن مضر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جعفر بن ربیعہ سے، جعفر نے عراک بن مالک سے، عراک نے عبیداللہ بن عبداللہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ چاند نبی ﷺ کے زمانہ میں پھٹ کر دو ٹکڑوں میں ہو گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3639
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ معاذ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا کہ قتادہ سے روایت ہے کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے ہمیں بتایا کہ نبی ﷺ کے صحابہ میں سے دو شخص ایک اندھیری رات میں نبی ﷺ کے پاس سے نکلے تو دو چراغوں جیسی چیزیں ان کے آگے آگے روشنی کر رہی تھیں۔ جب وہ دونوں الگ الگ ہوئے تو ان میں سے ہر ایک کے ساتھ ایک ایک ہوگئی یہاں تک کہ وہ اپنے گھر والوں کے پاس پہنچ گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3640
عبداللہ بن ابی الاسود نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ نے ہمیں بتایا کہ اسماعیل سے روایت ہے۔ (انہوں نے کہا:) قیس نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے حضرت مغیرہ بن شعبہؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: میری امت میں سے کچھ لوگ ہمیشہ غالب رہیں گے یہاں تک کہ اللہ کا حکم ایسی حالت میں ان کے پاس آئے گا کہ وہ غالب ہی ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3641
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ ولید نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے کہا: ابن جابر نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عُمَیر بن ہانی نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت معاویہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے کہ میری امت میں سے ایک گروہ اللہ کے حکم پر ہمیشہ قائم رہے گا۔ ان کو وہ شخص نقصان نہیں دے سکے گا جو ان کی مدد کرنا چھوڑ دے گا اور نہ ہی وہ شخص جو اُن کی مخالفت کرے گا یہاں تک کہ اللہ کا حکم آجائے گا جبکہ وہ اسی حالت میں ہوں گے۔ عُمَیر کہتے تھے کہ یہ سن کر مالک بن یخامر نے کہا کہ حضرت معاذ (بن جبلؓ) نے ہمیں بتایا کہ یہ لوگ شام میں ہی ہیں۔ حضرت معاویہؓ نے کہا: یہ دیکھو۔ مالک کہتے ہیں کہ انہوں نے حضرت معاذؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: وہ شام میں ہی ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3642
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ شبیب بن غرقدہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے اپنے قبیلے والوں سے سنا۔ وہ حضرت عروہؓ سے روایت کرتے ہوئے بیان کرتے تھے کہ نبی ﷺ نے ان کو ایک دینار دیا کہ وہ اس سے آپؐ کے لئے ایک بکری خریدیں تو انہوں نے اس سے آپؐ کے لیے دو بکریاں خریدیں۔ ان میں سے ایک بکری ایک دینار پر بیچ دی۔ پھر وہ {آپؐ کے پاس} ایک دینار اور ایک بکری لے آئے۔ آنحضرت ﷺ نے ان کے لئے دعا کی کہ ان کی تجارت میں برکت ہو اور وہ ایسے تھے کہ اگر مٹی خریدتے تو اُس میں بھی فائدہ اٹھاتے۔ سفیان نے کہا: حسن بن عمارہ نے یہ حدیث شبیب سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتلائی۔ انہوں نے کہا کہ شبیب نے یہ حدیث حضرت عروہؓ سے سنی۔ پھر میں شبیب کے پاس آیا تو انہوں نے کہا: میں نے یہ حدیث حضرت عروہؓ سے نہیں سنی۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے قبیلہ والوں سے سنی۔ وہ اس حدیث کو حضرت عروہؓ سے نقل کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3643
البتہ میں نے حضرت عروہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: گھوڑوں کی پیشانی سے قیامت کے روز تک بھلائی بندھی ہوئی ہے۔ شبیب نے کہا: حضرت عروہؓ کی حویلی میں مَیں نے ستر گھوڑے بندھے دیکھے۔ سفیان نے کہا: حضرت عروہؓ نے جو آپؐ کے لئے بکری خریدی تھی تو ایسا معلوم ہوتا تھا کہ وہ قربانی کے لئے ہوگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3644
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے روایت کی، کہا: مجھے نافع نے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: گھوڑوں کی پیشانیوں میں بھلائی قیامت کے روز تک رہے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3645
قیس بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن حارث نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو تیاح سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: گھوڑوں کی پیشانیوں میں بھلائی بندھی ہوئی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3646
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے زید بن اسلم سے، زید نے ابوصالح سمان سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبیﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: گھوڑے تین شخصوں کے لئے ہیں: ایک شخص کے لئے ثواب کا موجب ہیں اور ایک شخص کے لئے پردہ پوشی کا موجب ہیں اور ایک شخص کے لئے وبال ہوتے ہیں۔ وہ شخص جس کے لئے ثواب کا موجب ہوتے ہیں، وہ شخص ہے جس نے ان کو اللہ کی راہ میں باندھے رکھا اور اس نے ان کی رسی مرغزار یا باغیچہ میں لمبی رکھی اور جو بھی وہ جہاں تک رسی کی لمبائی ہے مرغزار یا باغیچہ میں سے چریں تو اسی قدر اس کے لیے نیکیاں ہوں گی؛ اور اگر انہوں نے رسی توڑ ڈالی اور زغند لگاتے ہوئے ایک یا دو میل چلے گئے تو ان کی لید بھی ان کے لئے نیکیاں ہوں گی اور اگر وہ کسی ندی پر سے گذریں اور پانی پی لیں اور وہ ان کو پانی پلانا نہ چاہتا ہو تو یہ ان کا پانی پینا بھی اس کیلئے نیکی کا موجب ہوگا۔ اور ایک وہ شخص ہے جس نے گھوڑوں کو اس لئے باندھا کہ وہ سواری کی ضرورت کے وقت دوسروں کا محتاج نہ ہو {اور وہ اس کیلئے بچاؤ کا سبب ہوں} اور مانگنے کی ضرورت نہ رہے۔ وہ اللہ کا حق بھی نہ بھولا جو اُن کی گردنوں اور اُن کی پیٹھوں میں ہے تو وہ اس کے لئے بھی اسی طرح پردہ پوشی کا موجب ہوں گی۔ اور ایک وہ شخص ہے جس نے ان کو فخر اور ریاء کے لئے اور اہل اسلام کی دشمنی کی غرض سے باندھے رکھا تو وہ وبال ہی ہوں گے؛ اور نبیﷺ سے گدھوں کے متعلق پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا: ان کے متعلق مجھ پر سوائے اس اکیلی جامع آیت کے اور کچھ نازل نہیں کیا گیا۔ جس نے ذرہ بھر نیکی کی وہ اس کو دیکھ لے گا اور جس نے ذرہ بھر بھی بدی کی وہ بھی اس کو دیکھ لے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3647
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ ایوب نے ہم سے بیان کیا کہ محمد (بن سیرین) سے روایت ہے کہ میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے صبح سویرے ہی خیبر پر حملہ کیا اور وہ کدالیں لے کر (زراعت کیلئے) باہر نکل چکے تھے۔ جب انہوں نے آپؐ کو دیکھا تو وہ کہنے لگے: یہ تو محمدؐ مع لشکر آپہنچے اور وہ دوڑتے ہوئے قلعہ کی طرف چلے گئے۔ نبی ﷺ نے اپنے دونوں ہاتھ اُٹھائے اور فرمایا: اللہ اکبر! خیبر برباد ہوگا۔ ہم جب کسی قوم کے آنگن میں ڈیرہ ڈالتے ہیں تو پھر اُن لوگوں کی صبح بُری ہوتی ہے جن کو قبل از وقت خطرہ سے آگاہ کر دیا ہوتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah