کتاب 64: كتاب المغازى
صحیح بخاری, حصہ 15
صحیح بخاری 4229
یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس (بن یزید) سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے روایت کی کہ حضرت جبیر بن مطعمؓ نے انہیں خبر دی، کہا: میں اور حضرت عثمان بن عفانؓ نبی ﷺ کے پاس گئے، ہم نے کہا: آپؐ نے بنو مطلب کو خیبر کے پانچویں حصہ میں سے دیا اور ہمیں چھوڑ دیا ہے بحالیکہ ہم سب کا تعلق آپؐ سے یکساں ہے۔ آپؐ نے فرمایا: بے شک بنو ہاشم اور بنو مطلب تو ایک ہی ہیں۔ حضرت جبیرؓ نے کہا: اور نبی ﷺ نے بنو عبد شمس اور بنو نوفل کو کوئی حصہ نہ دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4230
محمد بن علاء نے مجھے بتایا کہ ابواسامہ نے ہم سے بیان کیا کہ بُرَید بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰ (اشعری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے (مکہ سے) ہجرت کرنے کا ہمیں اس وقت علم ہوا، جب ہم اپنے ملک یمن میں تھے۔ یہ سن کر ہم بھی ہجرت کی نیت سے (اپنے وطن سے) نکلے، میں اور میرے دو بھائی۔ میں ان میں سب سے چھوٹا تھا۔ دوسرے دو بھائیوں میں سے ایک ابوبردہؓ تھے اور دوسرے ابورُہمؓ۔ حضرت ابوموسیٰ ؓ نے کہا کہ پچاس پر کچھ زائد آدمی یا ترپن یا باون آدمی جو میری قوم میں سے اور بھی تھے ہم ایک جہاز پر سوار ہوئے۔ ہمارے جہاز نے ہمیں حبشہ میں نجاشی کے پاس پہنچا دیا۔ اتفاق سے ہم جعفر بن ابی طالبؓ سے ملے اور وہاں ان کے ساتھ ٹھہرے۔ پھر ہم سب اکٹھے مدینہ آئے اور نبی ﷺ سے اس وقت ملے جب آپؐ خیبر فتح کر چکے تھے اور لوگوں میں سے کچھ لوگ ہم سے یعنی جہاز والوں سے کہتے تھے کہ ہم نے تم سے پہلے ہجرت کی ہے اور اسماء بنت عمیسؓ (حضرت جعفر کی بیوی) بھی ان لوگوں میں سے تھیں جو ہمارے ساتھ آئے تھے۔ وہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت حفصہؓ سے ملنے گئیں اور اسماء ؓ بھی ان لوگوں کے ساتھ جو نجاشی کی طرف ہجرت کر گئے تھے، چلی گئی تھیں۔ اتنے میں حضرت عمرؓ بھی حضرت حفصہؓ کے پاس پہنچے جبکہ ابھی اسماءؓ ان کے پاس تھیں۔ جب حضرت عمرؓ نے اسماءؓ کو دیکھا، پوچھا: یہ کون ہیں؟ حضرت حفصہؓ نے کہا: اسماء ؓ عمیس کی بیٹی۔ حضرت عمرؓ نے کہا: واہ! یہ حبشہ سے لوٹنے والی ہے، سمندر کا سفر کر کے آنے والی۔ اسماءؓ بولیں: ہاں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: ہم تم سے پہلے ہجرت کر کے آئے ہیں، اس لئے رسول اللہﷺ پر ہمارا زیادہ حق ہے۔ (یہ سن کر) وہ ناراض ہو گئیں اور کہنے لگیں: اللہ کی قسم! ہرگز نہیں۔ تم لوگ رسول اللہﷺ کے ساتھ تھے۔ آنحضورﷺ تم میں سے بھوکے کو کھلاتے اور جاہل کو وعظ کرتے اور ہم اجنبی دشمنوں کے گھر میں یا (کہا) ملک میں یعنی حبشہ میں تھے اور یہ ہمارا قیام اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی خاطر تھا۔ اللہ کی قسم! مَیں کھانا نہیں کھاؤں گی اور نہ پانی پیوں گی جب تک کہ جو بات آپؓ نے کہی ہے وہ رسول اللہ ﷺ سے کہہ لوں اور ہمیں تو دُکھ دیا جاتا تھا اور خوف کا سامنا رہتا اور نبی ﷺ سے میں یہ ذکر ضرور کروں گی اور آپؐ سے پوچھوں گی۔ اللہ کی قسم! جھوٹ نہ بولوں گی اور نہ اِدھر اُدھر کی بات کہوں گی اور نہ اپنی طرف سے کچھ بڑھاؤں گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4231
جب نبی ﷺ آئے، حضرت اسماءؓ کہنے لگیں: اللہ کے نبی! عمرؓ نے ایسا ایسا کہا ہے۔ آپؐ نے پوچھا: تم نے کیا جواب دیا؟ حضرت اسماءؓ نے کہا: میں نے ان سے ایسا ایسا کہا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: مجھ پر تم سے بڑھ کر کسی کا حق نہیں اور عمرؓ کی اور عمرؓ کے ساتھیوں کی تو ایک ہی ہجرت ہے اور تم یعنی جہاز والوں کی دو ہجرتیں ہیں۔ حضرت اسماءؓ کہتی تھیں: پھر میں نے دیکھا ابوموسیٰؓ اور جہاز کے ہم سفر یکے بعد دیگرے میرے پاس آنے لگے اور مجھ سے اس حدیث کی نسبت پوچھتے۔ دنیا میں کوئی چیز بھی ایسی نہ تھی جس پر وہ اتنا خوش ہوئے ہوں اور نہ کوئی بات ان کے نزدیک اس بات سے بڑھ کر (مسرت انگیز) تھی جو نبی ﷺ نے ان سے فرمائی تھی۔ ابو بردہ نے کہا: حضرت اسماءؓ کہتی تھیں: پھر میں نے ابو موسیٰ (اشعریؓ) کو دیکھا کہ وہ مجھ سے یہ حدیث بار بار سنتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4232
ابو بردہ نے کہا: حضرت ابو موسیٰ (اشعریؓ) سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: میں اشعریوں کے رفقاء کی آوازیں پہچان لیتا ہوں جب وہ رات کو (مدینہ میں آکر اپنی قیام گاہوں میں) قرآن پڑھا کرتے ہیں اور میں ان کے رات کو قرآن پڑھنے کی آوازوں سے ان کی قیام گاہوں کو پہچان لیتا ہوں، گو مَیں نے ان کی قیام گاہیں دِن کو نہیں دیکھی تھیں جبکہ وہ آکر اُن میں ٹھہرے اور ان (اشعریوں) میں سے ایک شخص حکیم ہے جب وہ سواروں سے یا کہا: دشمنوں سے ملتا ہے تو اُن سے یوں کہتا ہے: میرے ساتھی تم سے کہتے ہیں کہ تم ان کا انتظار کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4233
اسحاق بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حفص بن غیاث سے سنا کہ بُرَید بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نبی کریم ﷺ کے پاس (مدینہ میں حبش کے ملک سے) اس وقت پہنچے جب آپؐ خیبر فتح کرچکے تھے تو آپؐ نے ہمیں غنیمت سے حصہ دلایا اور ہمارے سوا کسی کو بھی جو خیبر کی فتح میں شریک نہ تھا، حصہ نہیں دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4234
عبداللہ بن محمد نے مجھے بتایا کہ معاویہ بن عمرو نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحاق (ابراہیم بن محمد فزاری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک بن انس سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ثور (بن زید) نے مجھ سے بیان کیا۔ ثور نے کہا: سالم (ابوالغیث) نے جو کہ (عبداللہ) بن مطیع کے غلام تھے، مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہتے تھے: ہم نے خیبر فتح کیا اور ہمیں غنیمت میں سونا چاندی نہیں ملے بلکہ صرف گائے، اونٹ اور سامان وغیرہ اور باغات ہی غنیمت میں ملے۔ اس کے بعد ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ وادیٔ قریٰ میں آئے اور آپؐ کے ساتھ آپؐ کا ایک غلام تھا جسے مِدعم کہتے تھے، جسے بنو ضباب میں سے کسی نے آپؐ کو بطور ہدیہ پیش کیا تھا۔ یہ غلام رسول ﷺ کا کجاوہ اُتار رہا تھا کہ اتنے میں یکا یک ایک تیر اُس کی طرف آیا، معلوم نہیں کس نے مارا تھا، وہ اس غلام کو کاری لگا اور وہ شہید ہوگیا۔ لوگ کہنے لگے: مبارک ہو اس کے لئے یہ شہادت۔ (یہ سن کر) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: نہیں بلکہ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ وہ چادر جو اس نے غنیمت کے مال سے خیبر کے دن لے لی تھی جبکہ ابھی اس کے حصے نہیں بانٹے گئے تھے وہ آگ ہو کر اس کو جلا رہی ہے۔ ایک شخص جب اس نے نبی ﷺ سے یہ سنا، جوتی کا ایک تسمہ یا دو تسمے لے کر آیا اور کہنے لگا: یہ وہ چیز ہے جس کو میں نے لے لیا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: خواہ ایک تسمہ ہو یا دو تسمے یہ بھی آگ میں لے جانے کا موجب ہو جاتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4235
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: زید نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت عمر بن خطابؓ سے سنا، وہ کہتے تھے: سنو! اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! اگر یہ خیال نہ ہوتا کہ میں پیچھے آنے والے لوگوں کو اتنا مفلس چھوڑ دوں گا کہ ان کے پاس کچھ نہ ہوگا تو جو بستی بھی میرے ذریعہ سے فتح ہوتی تو میں اس کو ضرور تقسیم کر دیتا جیسا کہ نبی کریم ﷺ نے خیبر تقسیم کیا۔ لیکن میں ان مفتوحہ ملکوں کو اُن کے لئے بطور خزانہ چھوڑ رہا ہوں تاکہ وہ آپس میں عند الضرورت تقسیم کریں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4236
محمد بن مثنیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ (عبدالرحمٰن) بن مہدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے امام مالک بن انس سے، امام مالک نے زید بن اسلم سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: اگر پیچھے آنے والے مسلمانوں کا خیال نہ ہوتا تو جو بستی بھی ان کے ذریعہ سے فتح کی گئی ہے میں اس کو ضرور ہی اسی طرح بانٹ دیتا جیسا کہ نبی ﷺ نے خیبر کو بانٹ دیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4237
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے زُہری سے سنا اور ان سے اسماعیل بن امیہ نے پوچھا تھا۔ انہوں نے کہا: عنبسہ بن سعید نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی ﷺ کے پاس (خیبر میں) آئے اور انہوں نے آپؐ سے کچھ مانگا۔ سعید بن عاص (اموی) کے بیٹوں میں سے کسی نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ ابوہریرہؓ کو کچھ نہ دیں (ان کا کوئی حق نہیں۔) حضرت ابوہریرہؓ بولے: یہ ابن قوقلؓ کا قاتل ہے (اس نے ان کو جنگ اُحد میں قتل کیا تھا۔) یہ سن کر اُس نے کہا: واہ واہ! کیا کہا اس بلونگڑے نے جو ضأن پہاڑ کے جنگل سے اُتر کر آیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4238
اور (محمد بن ولید) زبیدی سے مروی ہے۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عنبسہ بن سعید نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا، وہ حضرت سعیدؓ بن العاص کو بتا رہے تھے۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے ابان (بن سعیدؓ ) کو ایک دستہ فوج کا سردار مقرر کرکے مدینہ سے نجد کی طرف بھیجا۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: پھر ابانؓ اور ان کے ساتھی نبی ﷺ کے پاس خیبر میں آئے جبکہ آپؐ نے اس کو فتح کرلیا تھا اور ان کے گھوڑے کے تنگ کھجور کی چھال کے تھے۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: میں نے کہا: یا رسول اللہ! انہیں (یعنی ابان اور ان کے ساتھیوں کو) حصہ نہ دیجئے۔ ابان نے کہا: ارے بلونگڑے! تم یہ بات کہتے ہو، جو ابھی ضأن پہاڑ سے نیچے اُتر کر آئے ہو۔ (ہم پر اَکڑتے ہو!) نبی ﷺ نے کہا: ابان بیٹھ جاؤ اور آپؐ نے ان کو خیبر کی غنیمت سے حصہ نہ دیا۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: ضَأْلٌ بیری کو کہتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4239
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عمرو بن یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میرے دادا (سعید بن عمرو) نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابان بن سعیدؓ نبی ﷺ کے پاس (سیدھے) چلے آئے اور آپؐ کو السلام علیکم کہا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ (نعمان) بن قوقلؓ کا قاتل ہے اور ابانؓ نے ابوہریرہؓ سے کہا: واہ رے بلونگڑے! تیرا کیا کہنا جو ابھی ضأن پہاڑ کے جنگل سے ڈھلکتا چلا آیا ہے مجھ پر ایسے شخص سے متعلق الزام لگاتا ہے جس کو اللہ نے میرے ہاتھ سے عزت بخشی اور جس کے ہاتھ سے مجھے رسوا نہ ہونے دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4240
یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی بیٹی حضرت فاطمہ علیہا السلام نے حضرت ابوبکرؓ کو کہلا بھیجا کہ رسول اللہ ﷺ سے جو اُن کے ورثہ کا حق ہے، اُن سے مانگتی ہیں یعنی ان مالوں میں سے جو اللہ نے ان کو مدینہ میں اور فدک میں عنایت کیا تھا نیز اُس مال سے جو خیبر کے پانچویں حصے سے بچ رہا تھا تو حضرت ابوبکرؓ نے یہ جواب دیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے: ہمارا کوئی وارث نہیں ہوتا جو ہم چھوڑ جائیں وہ سب صدقہ ہے۔ البتہ محمد ﷺ کی اولاد اس مال میں سے اپنا نان و نفقہ لیا کریں گے اور اللہ کی قسم! رسول اللہ ﷺ کے صدقہ کو اس کی اس حالت سے کہ جس پر وہ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں تھا، مَیں کچھ بھی تبدیل نہیں کروں گا اور مَیں بدستور ویسا ہی تصرف کروں گا جیسا رسول اللہ ﷺ نے اس میں کیا تھا۔ حضرت ابوبکرؓ نے انکار کردیا کہ حضرت فاطمہؓ کو اُس میں سے کچھ دیں۔ حضرت فاطمہؓ اس وجہ سے حضرت ابوبکرؓ پر ناراض رہیں اور انہیں ملنا چھوڑ دیا اور وفات پانے تک ان سے بات نہیں کی اور وہ نبی ﷺ کی وفات کے بعد چھ مہینے زندہ رہیں۔ جب وہ فوت ہوگئیں تو اُن کے شوہر حضرت علیؓ نے ان کو رات ہی کو دفن کردیا۔ حضرت ابوبکرؓ کو اس کی اطلاع نہ دی اور (خود) ان کی نمازِ جنازہ پڑھائی۔ جب تک حضرت فاطمہؓ زندہ رہیں، حضرت علیؓ کو لوگوں میں بڑی وجاہت رہی۔ جب وہ فوت ہوگئیں تو حضرت علیؓ نے لوگوں کے چہروں کو کچھ اَوپرا سا پایا۔ اس لئے انہوں نے چاہا کہ حضرت ابوبکرؓ سے صلح کرلیں اور ان کی بیعت کرلیں۔ اس سے پہلے انہوں نے مہینوں بیعت نہیں کی تھی۔ انہوں نے حضرت ابوبکرؓ کو پیغام بھیجا کہ آپؓ ہمارے پاس آئیں اور آپؓ کے ساتھ اور کوئی ہمارے ہاں نہ آئے کیونکہ وہ حضرت عمرؓ کا آنا ناپسند کرتے تھے۔ حضرت عمرؓ کہنے لگے: ہرگز نہیں۔ اللہ کی قسم! آپؓ ان کے پاس اکیلے مت جائیں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: بھلا وہ میرے ساتھ کیا کریں گے؟ اللہ کی قسم! میں تو اُن کے پاس ضرور جاؤں گا۔ چنانچہ حضرت ابوبکرؓ ان کے پاس گئے۔ حضرت علیؓ نے کلمہ شہادت پڑھا اور کہنے لگے: ہم یقیناً آپؓ کی فضیلت کو سمجھتے ہیں اور جو خوبی اللہ تعالیٰ نے آپؓ کو عطا کی ہے اور ہم آپؓ سے کسی بھلائی میں بھی حسد نہیں کرتے جو اللہ نے آپؓ کو دی ہے مگر ہمیں چھوڑ کر آپؓ نے اکیلے ہی اس خلافت کو سنبھال لیا ہے حالانکہ ہم اپنی قرابت کا بھی حصہ سمجھا کرتے تھے جو ہمیں رسول اللہ ﷺ سے حاصل تھی۔ حضرت علیؓ یہ باتیں کررہے تھے کہ حضرت ابوبکرؓ کی آنکھیں بھر آئیں۔ پھر حضرت ابوبکرؓ نے بات شروع کی اور کہا: اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے رسول اللہ ﷺ کی قرابت مجھے زیادہ پیاری ہے اس سے کہ میں اپنی قرابت سے صلہ رحمی کروں اور وہ جو میرے اور آپؓ کے درمیان ان مالوں کے بارے میں اختلاف ہوگیا ہے تو میں نے مالوں میں سے کسی بھلی بات سے کوتاہی نہیں کی اور نہ میں نے کوئی ایسی بات چھوڑی ہے جو رسول اللہ ﷺ کو ان کے متعلق کرتے دیکھا۔ میں نے وہی کیا ہے۔ حضرت علیؓ نے حضرت ابوبکرؓ سے یہ سن کر کہا: آج شام کو آپؓ سے بیعت کرنے کا وعدہ ہے۔ جب حضرت ابوبکرؓ ظہر کی نماز پڑھ چکے تو وہ منبر پر چڑھے اور کلمہ شہادت پڑھا اور حضرت علیؓ کی شان کا ذکر کیا اور ان کے بیعت کرنے سے پیچھے رہنے اور اس عذر کا بھی ذکر کیا جو انہوں نے ان کے سامنے پیش کیا تھا۔ پھر اس کے بعد حضرت ابوبکرؓ نے مغفرت کی دعا مانگی اور ان کے بعد حضرت علیؓ نے کلمہ شہادت پڑھا اور حضرت ابوبکرؓ کے حق کی عظمت بیان کی اور بتایا جو کچھ انہوں نے کیا ہے، حضرت ابوبکرؓ سے کسی قسم کے حسد نے اُن کو اُس پر برانگیختہ نہیں کیا تھا اور نہ اُن کی فضیلت کے انکار کرنے کی وجہ نے جو اللہ نے حضرت ابوبکرؓ کو دی ہے بلکہ ہم اس خلافت میں اپنا حصہ بھی سمجھتے تھے ہمیں چھوڑ کر یہ اکیلے ہی سنبھال بیٹھے۔ ہم نے اپنے دلوں میں تکلیف محسوس کی۔ ان کی اس بات سے مسلمان خوش ہوگئے اور کہنے لگے: بجا اور درست کیا ہے اور مسلمان حضرت علیؓ سے اور بھی محبت کرنے لگے جب انہوں نے اچھی بات کی طرف رجوع کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4241

صحیح بخاری 4242
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ حرمی (بن عمارہ) نے مجھے بتایا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عمارہ (بن ابی حفصہ) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: جب خیبر فتح ہوا تو ہم نے کہا: اب کھجوروں کو پیٹ بھر کے کھائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4243
حسن (بن محمد بن صباح) نے ہمیں بتایا کہ قرہ بن حبیب نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن دینار نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی، انہوں نے کہا کہ ہم نے اس وقت تک کہ خیبر کو فتح کیا پیٹ بھر کر نہیں کھایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4244
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدالمجید بن سہیل سے، انہوں نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوسعید خدری اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے خیبر پر ایک شخص کو تحصیل دار مقرر کیا اور وہ آپؐ کے پاس عمدہ کھجوریں لے کر آیا۔ رسول اللہ ﷺ نے پوچھا: (کیا) خیبر کی ساری کھجوریں ایسی ہوتی ہیں؟ اس نے کہا: نہیں۔ اللہ کی قسم! یا رسول اللہ! ہم اس کھجور کی ایک صاع، ردّی کھجور کے دو تین صاع دے کر لیتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ایسا نہ کرو۔ ردّی کھجور کو نقد قیمت سے بیچ دو۔ پھر اس وصول شدہ قیمت سے اچھی کھجور خرید لو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4245
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدالمجید بن سہیل سے، انہوں نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابو سعید خدری اور حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے خیبر پر ایک شخص کو تحصیل دار مقرر کیا اور وہ آپؐ کے پاس عمدہ کھجوریں لے کر آیا۔ رسول اللہ ﷺ نے پوچھا: (کیا) خیبر کی ساری کھجوریں ایسی ہوتی ہیں؟ اس نے کہا: نہیں۔ اللہ کی قسم! یا رسول اللہ! ہم اس کھجور کی ایک صاع، ردّی کھجور کے دو تین صاع دے کر لیتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ایسا نہ کرو۔ ردّی کھجور کو نقد قیمت سے بیچ دو۔ پھر اس وصول شدہ قیمت سے اچھی کھجور خرید لو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4246
اور عبد العزیز بن محمد نے عبدالمجید سے، عبدالمجید نے سعید سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا کہ حضرت ابوسعید ؓ اور حضرت ابوہریرہ ؓ دونوں نے اس سے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے بنی عدی کے ایک شخص کو جو انصار میں سے تھے، خیبر کی طرف بھیجا۔ آپؐ نے ان کو وہاں کا محصّل مقرر کیا۔ اور (اسی سند سے) عبدالمجید سے مروی ہے کہ انہوں نے ابوصالح سمان سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ ؓ اور حضرت ابوسعید ؓ سے اسی طرح روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4247
اور عبد العزیز بن محمد نے عبدالمجید سے، عبدالمجید نے سعید سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا کہ حضرت ابو سعیدؓ اور حضرت ابو ہریرہؓ دونوں نے اس سے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے بنی عدی کے ایک شخص کو جو انصار میں سے تھے، خیبر کی طرف بھیجا۔ آپؐ نے ان کو وہاں کا محصّل مقرر کیا۔ اور (اسی سند سے) عبدالمجید سے مروی ہے کہ انہوں نے ابو صالح سمان سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہؓ اور حضرت ابو سعیدؓ سے اسی طرح روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4248
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے خیبر کی زمین یہود کو اس شرط پر دی کہ وہ اس میں محنت کریں اور کاشت کریں اور جو اس سے پیداوار ہو، اس کا آدھا انہیں ملے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah