کتاب 64: كتاب المغازى
صحیح بخاری, حصہ 16
صحیح بخاری 4249
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہمیں بتایا۔ لیث (بن سعد) نے ہم سے بیان کیا کہ سعید (بن ابی سعید مقبری) نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: جب خیبر فتح کیا گیا تو رسول اللہ ﷺ کو ایک بکری تحفۃً بھیجی گئی جو زہر آلود تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4250
مسدد (بن مسرہد) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ سفیان بن سعید (ثوری) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ بن دینار نے ہمیں بتایا کہ (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے حضرت اسامہ (بن زیدؓ) کو ایک فوج کا امیر مقرر کیا۔ لوگوں نے ان کی امارت پر طعنہ زنی کی، آپؐ نے فرمایا: اگر تم اس کی امارت پر طعنہ زنی کرتے ہو تو تم اس سے پہلے اس کے باپ کی امارت پر بھی طعن کر چکے ہو۔ اللہ کی قسم! یقیناً وہ امارت کے لائق تھا اور وہ ان لوگوں میں سے تھا جو مجھے بہت ہی پیارے ہیں اور یہ بھی اس کے بعد اُن لوگوں میں سے ہے جو مجھے بہت ہی پیارے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4251
عبیداللہ بن موسیٰ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابو اسحاق سے، انہوں نے حضرت براء (بن عازب) ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ نے ذی القعدہ میں عمرہ کرنے کا ارادہ کیا تو اہل مکہ نے اس بات سے انکار کیا کہ آپؐ کو مکہ میں داخل ہونے دیں۔ آخر آپؐ نے ان سے اس شرط پر صلح کی کہ آپؐ (آئندہ سال عمرہ کو آئیں گے اور) یہاں (مکہ میں) تین دن تک ٹھہریں گے۔ جب صلح نامہ لکھنے لگے تو یوں لکھا کہ یہ وہ شرطیں ہیں جن پر محمد رسول اللہ (ﷺ) نے صلح کی۔ (مکہ والے) کہنے لگے: ہم اس (مقام) کو نہیں مانتے۔ اگر ہم جانتے کہ آپؐ اللہ کے رسول ہیں، آپؐ کو کبھی نہ روکتے۔ بلکہ آپؐ محمد بن عبداللہ ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں اللہ کا رسول بھی ہوں اور محمد بن عبداللہ بھی۔ آپؐ نے حضرت علیؓ سے فرمایا: ’’رسول اللہ‘‘ کا لفظ مٹا دو۔ حضرت علیؓ نے کہا: ہرگز نہیں، اللہ کی قسم! میں آپؐ (کے خطاب) کو کبھی نہیں مٹاؤں گا۔ رسول اللہ ﷺ نے لکھا ہوا کاغذ لے لیا اور آپؐ اچھی طرح لکھنا نہیں جانتے تھے۔ آپؐ نے یوں لکھا: یہ وہ شرطیں ہیں جو محمد بن عبداللہ نے ٹھہرائیں۔ مکہ میں کوئی ہتھیار نہیں لائیں گے، سوائے تلواروں کے جو نیاموں میں ہوں گی اور مکہ والوں میں سے کسی کو بھی ساتھ نہیں لے جائیں گے۔ اگر چہ وہ ان کے ساتھ جانا چاہے اور اپنے ساتھیوں میں سے کسی کو بھی نہیں روکیں گے اگر وہ مکہ ٹھہرنا چاہے۔ (خیر جب اس معاہدہ کے مطابق) آپؐ (آئندہ سال) مکہ میں داخل ہوئے اور (تین دن کی) مدت ختم ہوگئی تو قریش حضرت علیؓ کے پاس آئے اور کہنے لگے: اپنے ساتھی (محمد ﷺ) سے کہو کہ اب یہاں سے چلے جائیں۔ کیونکہ مقررہ مدت گزر چکی ہے۔ چنانچہ نبی ﷺ وہاں سے روانہ ہوگئے۔ حضرت حمزہؓ کی بیٹی آپؐ کے پیچھے آئی جو پکار رہی تھی کہ اے چچا! اے چچا! حضرت علیؓ نے جاکر اسے لے لیا۔ اس کا ہاتھ پکڑا اور حضرت فاطمہ علیہا السلام سے کہا: اپنے چچا کی بیٹی کو لے لیں۔ انہوں نے اس کو سوار کر لیا۔ اب حضرت علیؓ، حضرت زیدؓ اور حضرت جعفرؓ (حضرت حمزہؓ کی) لڑکی کی بابت جھگڑنے لگے۔ حضرت علیؓ کہنے لگے: میں نے اس کو لیا ہے اور میرے چچا کی بیٹی ہے اور حضرت جعفرؓ نے کہا: میرے چچا کی بیٹی ہے اور اس کی خالہ میری بیوی ہے اور حضرت زیدؓ نے کہا: میرے بھائی کی بیٹی ہے۔ پھر نبی ﷺ نے اس کے متعلق فیصلہ کیا کہ وہ اپنی خالہ کے پاس رہے اور فرمایا: خالہ بمنزلہ ماں ہے اور حضرت علیؓ سے کہا: تم میرے ہو اور میں تمہارا ہوں اور حضرت جعفرؓ سے کہا: تم صورت اور سیرت میں مجھ سے ملتے جلتے ہو اور حضرت زیدؓ سے کہا: تم ہمارے بھائی ہو اور دوست ہو۔ حضرت علیؓ نے کہا: کیا آپؐ حمزہؓ کی بیٹی سے شادی نہیں کرلیتے؟ آپؐ نے فرمایا: وہ میرے دودھ بھائی کی بیٹی ہے۔ (میں اس کا چچا ہوں۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4252
محمد بن رافع نے مجھ سے بیان کیا کہ سُریج (بن نعمان) نے ہمیں بتایا کہ فلیح (بن سلیمان) نے ہم سے بیان کیا۔ (دوسری سند) اور محمد بن حسین بن ابراہیم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا کہ فُلَیح بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ عمرہ کی نیت کرکے (مدینہ سے) نکلے۔ مگر کفار قریش آپؐ کے اور بیت اللہ کے درمیان روک بنے۔ آپؐ نے حدیبیہ میں اپنی قربانی ذبح کر دی اور اپنا سر مُنڈایا اور اُن سے یہ ٹھہرایا کہ آپؐ آئندہ سال عمرہ کریں گے اور سوائے تلواروں کے اور کوئی ہتھیار لے کر نہیں آئیں گے اور آپؐ مکہ میں صرف اتنا عرصہ ٹھہریں گے جتنا وہ چاہیں گے۔ چنانچہ آپ آئندہ سال عمرہ کی نیت سے آئے اور مکہ میں اسی طرح داخل ہوئے جس طرح کہ آپؐ نے ان سے صلح کی تھی۔ جب آپ نے اس میں تین دن قیام فرمایا تو قریش نے آپؐ کو (مکہ سے) جانے کے لئے کہا اور آپؐ (مکہ سے) واپس چلے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4253
عثمان بن ابی شیبہ نے مجھ سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے مجاہد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اور عروہ بن زبیر مسجد (نبوی) میں گئے۔ کیا دیکھا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما حضرت عائشہؓ کے گھر کے پاس بیٹھے ہیں اور عروہ نے (اُن سے) پوچھا: نبی ﷺ نے کتنے عمرے کئے؟ حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے جواب دیا: چار، ان میں سے ایک رجب میں تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4254
پھر ہم نے حضرت عائشہؓ کے مسواک کرنے کی آواز سنی۔ عروہ نے کہا: امّ المؤمنین! کیا آپؓ نہیں سنتیں کہ ابو عبدالرحمٰن کیا کہتے ہیں کہ نبی ﷺ نے چار عمرے کئے، ان میں سے ایک رجب میں تھا۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: نبی ﷺ نے کوئی عمرہ نہیں کیا مگر ابن عمرؓ اس میں موجود تھے اور آنحضرت ﷺ نے رجب میں کبھی عمرہ نہیں کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4255
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن ابی خالد سے روایت کی۔ انہوں نے (عبداللہ) بن ابی اوفیٰ سے سنا۔ کہتے تھے: جب رسول اللہ ﷺ نے عمرہ کیا تو ہم آنحضرت ﷺ کو اپنی آڑ میں لئے ہوئے مشرکوں اور اُن کے جوشیلے نوجوانوں سے بچا رہے تھے کہ کہیں رسول اللہ ﷺ کو تکلیف نہ دیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4256
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے جو زید کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے سعید بن جبیر سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کے صحابہ (مکہ میں عمرہ کے لئے) آئے تو مشرک کہنے لگے: کچھ نمائندے تمہارے پاس آرہے ہیں جن کو یثرب کے بخار نے ناتواں کردیا ہے اور نبی ﷺ نے صحابہؓ سے فرمایا کہ وہ تین دوڑیں تو دوگام رفتار سے طے کریں اور دونوں رکنوں (رکن یمانی اور حجر اسود) کے درمیان معمولی چال سے چلیں اور تمام دوڑیں آپ نے دوگام رفتار سے چلنے کا حکم نہیں دیا تو محض ان پر شفقت کی وجہ سے، (مبادا انہیں تکلیف ہو۔) اور (حماد) بن سلمہ نے ایوب سے، ایوب نے سعید بن جبیر سے، انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کرتے ہوئے یہ (بات) مزید بیان کی۔ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ اس سال کہ جس میں آپؐ نے امن کا عہد کیا تھا۔ (مکہ میں) آئے۔ آپؐ نے فرمایا: دوگام رفتار سے چلو کہ مشرک تمہاری قوت دیکھیں اور مشرک اس وقت قعیقعان پہاڑ کی سمت تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4257
محمد (بن سلام) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سفیان بن عیینہ سے، سفیان نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے عطاء سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ بیت اللہ اور صفا و مروہ کے درمیان محض اس لئے دوڑے تھے کہ آپؐ مشرکوں کو اپنی قوت دکھائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4258
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ وُہَیب نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت میمونہ ؓ سے نکاح کیا اور آپؐ اس وقت احرام کی حالت میں تھے اور رخصتانہ جو اُن سے ہوا تو اُس وقت آپؐ احرام کھول چکے تھے اور حضرت میمونہ (٥١ ھ میں) سرف مقام میں ہی فوت ہوئیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4259
اور ابن اسحاق نے اتنا اور بیان کیا کہ (عبداللہ) بن ابی نجیح اور ابان بن صالح نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عطاء اور مجاہد سے، ان دونوں نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے عمرۂ قضاء میں حضرت میمونہؓ سے شادی کی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4260
احمد (بن صالح) نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) ابن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن حارث انصاری) سے۔ عمرو نے (سعید) بن ابی ہلال سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اور نافع نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابن عمرؓ نے ان کو بتایا کہ وہ غزوۂ موتہ کے دن حضرت جعفرؓ کے پاس کھڑے تھے جبکہ وہ شہید ہو کر زمین پر پڑے تھے۔ (انہوں نے کہا:) میں نے ان پر پچاس نیزے کے زخم اور تلوار کے گھاؤ گنے اور ان زخموں میں سے کوئی زخم بھی ان کی پیٹھ پر یعنی ان کی پشت پر نہ تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4261
احمد بن ابی بکر نے ہمیں خبر دی کہ مغیرہ بن عبدالرحمٰن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن سعید سے، عبداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: غزوۂ موتہ میں رسول اللہ ﷺ نے حضرت زید بن حارثہؓ کو امیر مقرر کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر زیدؓ مارے جائیں تو جعفرؓ امیر ہوں اور اگر وہ مارے جائیں تو عبداللہ بن رواحہؓ۔ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) کہتے تھے کہ میں اس جہاد میں ان کے ساتھ تھا۔ ہم نے حضرت جعفر بن ابی طالبؓ کی تلاش کی تو ہم نے ان کو مقتولوں میں پایا اور جو زخم ان کے جسم میں تھے ہم نے ان کو نوے سے کچھ اوپر پایا، جو بھالے اور تیر کے زخم تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4262
احمد بن واقد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے حمید بن ہلال سے، انہوں نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے حضرت زیدؓ، حضرت جعفرؓ اور حضرت ابن رواحہؓ کے شہید ہوجانے کی خبر لوگوں کو سنائی، اس سے پہلے کہ ابھی تک کوئی خبر نہیں آئی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: زیدؓ نے عَلَم لیا اور وہ شہید ہوئے۔ پھر جعفرؓ نے لیا، وہ بھی شہید ہوئے۔ پھر (عبداللہ) بن رواحہؓ نے لیا وہ بھی شہید ہوئے اور آپؐ کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے۔ (فرمایا:) پھر عَلَم اللہ کی تلواروں میں سے ایک تلوار نے لیا۔ آخر اللہ نے اس کے ذریعہ فتح دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4263
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب (بن عبدالمجید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے یحيٰ بن سعید (انصاری) سے سنا۔ انہوں نے کہا: عمرہ (بنت عبدالرحمٰن) نے مجھے بتایا۔ کہتی تھیں: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا۔ کہتی تھیں کہ جب (زید) بن حارثہ، جعفر بن ابی طالب اور عبداللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہم کی شہادت کی خبر پہنچی تو رسول اللہ ﷺ بیٹھ گئے۔ آپؐ کے چہرے سے غم نمایاں تھا۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: اور میں دروازے کی دراڑ میں سے جھانک رہی تھی۔ ان کے پاس ایک شخص آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! جعفر کی عورتیں (تو یہ کچھ کر رہی ہیں) اور اس نے ان کے رونے کا ذکر کیا تو آپؐ نے اس سے فرمایا کہ ان کو روک دے۔ (یحيٰ بن سعید) کہتے تھے۔ وہ شخص چلا گیا۔ پھر کچھ دیر کے بعد آیا اور کہنے لگا: میں نے ان کو روک دیا تھا اور اس نے بیان کیا کہ انہوں نے اس کی بات نہیں مانی۔ کہتے تھے کہ آپؐ نے اس کو پھر ویسے ہی فرمایا: وہ گیا اور پھر آیا۔ کہنے لگا: اللہ کی قسم! ہم کو تو ان عورتوں نے عاجز کر دیا ہے۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ان کے منہ میں مٹی ڈال۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں نے کہا: اللہ تیرا بھلا کرے۔ نہ تم بخدا (عورتوں کو) روک سکے اور نہ تم رسول اللہ ﷺ کو تکلیف دینے سے باز رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4264
محمد بن ابی بکر نے مجھ سے بیان کیا کہ عمر بن علی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن ابی خالد سے، اسماعیل نے عامر (شعبی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: (حضرت عبداللہ) بن عمرؓ جب (عبداللہ) بن جعفرؓ کو سلام کرتے تو یہ کہتے: اے دو پنکھ والے کے بیٹے، تم پر سلامتی ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4265
ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے قیس بن ابی حازم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت خالد بن ولیدؓ سے سنا۔ کہتے تھے کہ موتہ کی جنگ میں میرے ہاتھ میں نو تلواریں ٹوٹیں اور صرف ایک یمنی تیغ ہی میرے ہاتھ میں رہ گئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4266
محمد بن مثنیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: قیس (بن ابی حازم) نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت خالد بن ولیدؓ سے سنا۔ کہتے تھے: موتہ کی جنگ میں میرے ہاتھ میں نو تلواریں ٹکڑے ٹکڑے ہوئیں اور ایک میری یمنی تیغ ہی آخر تک میرے ہاتھ میں رہی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4267
عمران بن میسرہ نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین (بن عبدالرحمٰن) سے، حصین نے عامر (شعبی) سے، عامر نے حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن روحہؓ (ایک بار بیماری سے) بیہوش ہوگئے تھے اور ان کی بہن عمرہؓ یوں بَین کرکے رونے لگی۔ ہائے پہاڑ، ہائے وہ ایسا، ہائے وہ ایسا، ان کی تعریفیں بیان کرنے لگی۔ جب وہ ہوش میں آئے تو انہوں نے کہا: جو کچھ بھی تو کہتی تھی تو اس کے مقابل میں مجھ سے یہ کہا جاتا: کیا واقعہ میں تو ایسا ہی ہے (جیسے یہ بیان کرتی ہے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4268
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبثر (بن قاسم کوفی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حصین سے، حصین نے شعبی سے، شعبی نے حضرت نعمان بن بشیرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن رواحہؓ بیہوش ہوگئے۔ پھر یہی واقعہ جو اوپر گزر چکا ہے، بیان کیا۔ مگر جب وہ فوت ہوئے تو (اُن کی بہن) اُن پر نہیں روئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah