کتاب 65: كتاب التفسیر
صحیح بخاری, حصہ 23
صحیح بخاری 4914
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ یحيٰ بن سعید (انصاری) نے ہمیں خبر دی۔ کہا: میں نے عبید بن حنین سے سنا۔ عبید کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے چاہا کہ حضرت عمر (بن خطاب) رضی اللہ عنہ سے پوچھوں اور میں نے اتنا ہی کہا تھا کہ امیر المؤمنین وہ دو عورتیں کون ہیں جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کے برخلاف ایکا کیا تھا؟ تو میں نے ابھی اپنی بات پوری نہیں کی تھی کہ انہوں نے کہا: عائشہؓ اور حفصہؓ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4915
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے عبید بن حنین سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے چاہا کہ حضرت عمرؓ سے اُن دو عورتوں کے متعلق پوچھوں جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کے برخلاف ایکا کیا تھا۔ میں ایک سال ٹھہرا رہا مگر میں نے اس کا کوئی موقع نہ پایا۔ یہاں تک کہ میں آپؓ کے ساتھ حج کے لیے نکلا۔ جب ہم مرالظہران پہنچے، حضرت عمرؓ حاجت کے لئے گئے اور فرمایا: میرے لیے وضو کا پانی لاؤ۔ میں نے پانی کی ایک چھاگل پائی اور اُن پر پانی ڈالا۔ اور میں نے موقع دیکھا تو کہا: اے امیر المؤمنین! وہ دو عورتیں کون ہیں جنہوں نے (رسول اللہ ﷺ کے برخلاف) ایکا کیا تھا؟ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: میں نے ابھی اپنی بات پوری نہیں کی تھی کہ انہوں نے فرمایا: عائشہؓ اور حفصہؓ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4916
عمر و بن عون نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید سے، حمید نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمر رضی اللہ عنہ کہتے تھے: نبی ﷺ کی ازواج نے بوجہ غیرت آپؐ کے متعلق ایکا کیا۔ میں نے ان سے کہا: ہو سکتا ہے کہ اگر وہ تمہیں طلاق دے دے تو اُس کا ربّ تم سے بہتر بیویاں بدلہ میں اس کو دے۔ تو پھر یہی آیت نازل ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4917
محمود (بن غیلان) نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل (بن یونس) سے، اسرائیل نے ابوحصین (عثمان بن عاصم) سے، ابوحصین نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ عُتُلٍّۭ بَعْدَ ذٰلِكَ زَنِيْمٍ (جو آیت ہے اس کے بارے میں) انہوں نے کہا: اس سے مراد قریش میں سے ایک آدمی تھا۔ جس کا بکری کے کان کی لَو کی طرح گوشت کا ایک ٹکڑا لٹک رہا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4918
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معبد بن خالد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت حارثہ بن وہب خزاعیؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبیؐ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: کیا میں تمہیں جنتی نہ بتاؤں؟ ہر غریب، انکساری کرنے والا، جو اگر اللہ کو بھی قسم دے تو وہ اس کی قسم کو پورا کر دے۔ کیا میں تمہیں دوزخی نہ بتاؤں؟ ہر ایک اَکھڑ، اُجڈ، اینٹھ کر چلنے والا مغرور۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4919
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد بن یزید سے، خالد نے سعید بن ابی ہلال سے، سعید نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابو سعید (خدری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: ہمارا ربّ اپنی پنڈلی ننگی کرے گا جس پر ہر مؤمن مرد اور مؤمن عورت اس کو سجدہ کرے گا اور وہی باقی رہ جائے گا جو دنیا میں ریا اور شہرت کی خاطر عبادت کرتا تھا۔ وہ سجدہ کرنے لگے گا تو اس کی پیٹھ اکڑ کر ایک تختہ ہو جائے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4920
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی۔ اور عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) وہ بُت جو کہ قوم نوحؑ میں تھے، وہ بعد میں عربوں میں آگئے۔ وُدّ جو تھا تو وہ اس کلب قبیلے کا تھا جو دومۃ الجندل میں آباد تھا۔ اور جو سُواع تھا تو وہ ہُذیل قبیلہ کا تھا اور یَغُوث مراد قبیلے کا تھا، پھر وہ بنو غُطیف کا ہو گیا جو سبا شہر کے پاس جرف میں رہتا تھا۔ اور جو يَعُوق تھا وہ ہمدان قبیلے کا۔ اور جو نَسْر تھا تو وہ حِمْیَر کا، جو ذِي الْكَلَاع کی اولاد تھے۔ یہ سب ان چند نیک آدمیوں کے نام ہیں جو حضرت نوحؑ کی قوم میں سے تھے۔ جب وہ مر گئے تو شیطان نے ان کی قوم کے دل میں یہ ڈالا کہ اُن جگہوں میں جہاں وہ بیٹھا کرتے تھے بُت کھڑے کر دو اور اُن کے ناموں پر اِن کے نام رکھو۔ چنانچہ انہوں نے (ایسا ہی) کیا۔ اور ان کو نہیں پوجا جاتا تھا۔ مگر جب وہ لوگ ہلاک ہوگئے اور اصل معلومات نہ رہیں تو ان کو پوجنا شروع کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4921
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ اپنے ساتھیوں میں سے چند لوگوں کے ساتھ عکاظ کی منڈی کا قصد کرتے ہوئے چل پڑے۔ اور اُن دنوں شیطانوں کو آسمان کی خبر معلوم کرنے سے روک دیا گیا تھا اور ان پر شہاب ثاقب برسائے جاتے تھے۔ یہ دیکھ کر شیطان لوٹ آئے۔ لوگوں نے پوچھا: تمہیں کیا ہوا ؟ تو انہوں نے کہا: آسمان کی ٹوہ لگانے سے ہمیں روک دیا گیا ہے اور ہم پر شہاب ثاقب برسائے گئے۔ کسی نے کہا: یہ جو آسمان کی خبر معلوم کرنے سے تمہارے لئے روک ہوگئی ہے تو ضرور کوئی نہ کوئی نئی بات ہوئی ہے۔ اس لئے زمین کے مشرق و مغرب میں پھر کر دیکھو، یہ کیا نئی بات ہے جو ہوئی ہے۔ وہ روانہ ہو گئے اور زمین کے مشرق و مغرب میں پھرے، دیکھنے لگے، یہ کیا بات ہے کہ جو اُن کے اور آسمان کی خبر کے درمیان حائل ہوگئی ہے؟ (حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے کہ وہ لوگ جو کہ تہامہ کی طرف گئے تھے رسول اللہ ﷺ کے پاس نخلہ مقام میں آئے جبکہ آپؐ سوق عکاظ میں جا رہے تھے۔ آپؐ اپنے ساتھیوں کو فجر کی نماز پڑھا رہے تھے۔ جب انہوں نے قرآن سنا تو کان لگا کر اس کو سننے لگے۔ انہوں نے کہا: یہ ہے وہ جو تمہارے اور آسمان کی خبر کے درمیان روک ہوا۔ پھر وہ وہیں سے اپنی قوم کے پاس لوٹ گئے اور کہنے لگے: اے ہماری قوم! ہم نے ایک عجیب قرآن سنا جو سرا سر بھلائی کی طرف راہنمائی کرتا ہے۔ ہم اس پر ایمان لائے اور ہم تو اپنے ربّ کے ساتھ کسی کو بھی ہرگز شریک نہیں ٹھہرائیں گے۔ اور اللہ عزوجل نے اپنے نبی ﷺ پر یہ وحی نازل کی: تو کہہ! میری طرف یہ وحی کی گئی ہے کہ جنوں میں سے ایک جماعت نے (قرآن) سنا ہے۔ اور آپؐ کو جنوں کی یہ بات وحی سے ہی بتائی گئی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4922
یحيٰ (بن موسیٰ بلخی) نے مجھ سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے علی بن مبارک سے، علی نے یحيٰ بن ابی کثیر سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے قرآن کی اس آیت کے متعلق پوچھا جو پہلے اُتری۔ انہوں نے کہا: يٰۤاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ۔ میں نے کہا: (لوگ) کہتے ہیں: اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ۔ ابوسلمہ نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے اس کے متعلق پوچھا۔ اور میں نے بھی ان سے ویسے ہی کہا جو تم نے کہا، تو حضرت جابرؓ نے جواب دیا: میں تم سے وہی بیان کروں گا جو ہم سے رسول اللہ ﷺ نے بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: میں حرا میں گوشۂ نشین تھا۔ جب میں اپنا اعتکاف پورا کر چکا تو نیچے اُترا۔ مجھے کسی نے آواز دی۔ میں نے اپنی دائیں طرف نگاہ ڈالی، میں نے کوئی چیز نہ دیکھی اور میں نے بائیں طرف نگاہ ڈالی تو بھی کسی چیز کو نہ دیکھا۔ میں نے اپنے آگے نگاہ ڈالی پھر بھی کچھ نہ دیکھا، اور میں نے اپنے پیچھے نگاہ ڈالی تب بھی کچھ نہ دیکھا۔ میں نے اپنے سر کو اٹھایا اور کچھ دیکھا۔ میں خدیجہؓ کے پاس آیا اور میں نے کہا: مجھے کپڑا اُوڑھا دو اور ٹھنڈا پانی مجھ پر ڈالو۔ اور فرماتے تھے: چنانچہ انہوں نے مجھے کپڑا اُوڑھا دیا اور مجھ پر ٹھنڈا پانی ڈالا۔ فرمایا: (مجھ پر یہ آیتیں) نازل ہوئی ہیں: اے کپڑا اوڑھنے والے، اُٹھ اور خطرے سے آگاہ کر۔ اور اپنے ربّ کی بڑائی بیان کر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4923
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن مہدی نیز ان کے سوا کسی اور نے ہمیں بتایا۔ ان دونوں نے کہا: حرب بن شداد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے، حضرت جابرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں حرا میں گوشۂ نشین تھا۔ (پھر انہوں نے) ویسی حدیث (بیان کی) جو عثمان بن عمر نے علی بن مبارک سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4924
اسحاق بن منصور نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالصمد (بن عبدالوارث) نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) حرب (بن شداد) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن ابی کثیر) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے ابوسلمہ سے پوچھا: قرآن میں سے کونسی سورة پہلے نازل کی گئی۔ انہوں نے کہا: يٰۤاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ۔ میں نے کہا: مجھے یہ بتایا گیا ہے کہ وہ سورة اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ ہے۔ تو ابوسلمہ نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے پوچھا تھا کہ قرآن میں کونسی سورۃ پہلے نازل کی گئی تو انہوں نے کہا: يٰۤاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ۔ (ان سے بھی) میں نے کہا کہ مجھے یہ کہا گیا ہے کہ وہ سورة اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ ہے۔ انہوں نے کہا: میں تمہیں وہی بات بتاتا ہوں جو رسول اللہﷺ نے بتائی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں حراء میں گوشۂ نشین تھا۔ جب میں اعتکاف پورا کرچکا، میں نیچے اُترا اَور وادی کے نشیب میں پہنچا تو مجھے بلایا گیا۔ میں نے اپنے آگے اور اپنے پیچھے اور اپنے دائیں اور بائیں نگاہ کی۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہ (فرشتہ) آسمان اور زمین کے درمیان ایک تخت پر بیٹھا ہوا ہے۔ میں خدیجہؓ کے پاس آیا اور میں نے کہا: مجھے کپڑا اُوڑھا دو اور ٹھنڈا پانی مجھ پر ڈالو۔ اور مجھ پر یہ وحی نازل کی گئی: اے کپڑا اوڑھنے والے، اُٹھ اور خطرے سے آگاہ کر۔ اور اپنے ربّ کی بڑائی بیان کر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4925
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ نیز عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ اور آپؐ وحی کے موقوف ہونے کے متعلق بیان فرما رہے تھے۔ آپؐ نے اپنے بیان میں یہ فرمایا: ایک بار میں چلا جا رہا تھا کہ اتنے میں مَیں نے آسمان سے ایک آواز سنی تو میں نے سر اٹھایا۔ کیا دیکھتا ہوں وہی فرشتہ ہے جو میرے پاس حراء میں آیا تھا۔ آسمان اور زمین کے درمیان کرسی پر بیٹھا ہے۔ میں اس کے رُعب سے سہم گیا اور واپس لوٹ گیا۔ میں نے کہا: مجھے کمبل اُوڑھادو، مجھے کمبل اُوڑھادو۔ انہوں نے مجھے کپڑا اُوڑھادیا۔ اور اللہ تعالیٰ نے یہ وحی نازل کی: يٰۤاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ…۔ (اور یہ) نماز فرض کئے جانے سے پہلے (کا واقعہ ہے۔) اور اس (رُجْز) سے مراد بُت ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4926
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے روایت کی۔ ابن شہاب نے کہا: میں نے ابو سلمہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: مجھے حضرت جابر بن عبداللہؓ نے خبر دی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ وحی کے موقوف ہونے کے متعلق بیان فرما رہے تھے کہ ایک بار میں چلا جا رہا تھا تو میں نے آسمان سے ایک آواز سنی۔ میں نے اپنی نگاہ جو آسمان کی طرف کی۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہی فرشتہ ہے جو میرے پاس حرا میں آیا۔ آسمان اور زمین کے درمیان کرسی پر بیٹھا ہے۔ میں اس سے اتنا سہم گیا کہ زمین پر گر پڑا۔ میں اپنے گھر والوں کے پاس آیا اور کہا: مجھے کمبل اُوڑھا دو، مجھے کمبل اُوڑھا دو۔ انہوں نے مجھے کمبل اُوڑھا دیا۔ پھر اللہ تعالیٰ نے یہ وحی نازل کی: يٰۤاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ…۔ ابو سلمہ نے کہا: رجْز سے مراد بُت ہیں۔ پھر اس کے بعد وحی خوب گرم ہو گئی اور پے در پے آنے لگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4927
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ موسیٰ بن ابی عائشہ نے ہم سے بیان کیا۔ اور یہ معتبر شخص تھے۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب آپؐ پر وحی نازل ہوتی تو اپنی زبان کو ہلاتے۔ آپؐ چاہتے تھے کہ اس طرح یاد کریں۔ اور سفیان نے (زبان ہلا کر) بتایا (کہ اس طرح ہلاتے تھے) تو اللہ نے یہ آیت نازل کی: لَا تُحَرِّكْ بِهٖ… یعنی تُو اِس کے ساتھ اپنی زبان کو مت ہلا تا کہ اسے جلدی سے یاد کرلے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4928
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے موسیٰ بن ابی عائشہ سے روایت کی۔ (وہ کہتے ہیں) کہ انہوں نے سعید بن جبیر سے اللہ تعالیٰ کے اس قول لَا تُحَرِّكْ بِهٖ لِسَانَكَ کے متعلق پوچھا۔ انہوں نے کہا: اور حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ آنحضرت ﷺ جب آپؐ پر وحی نازل کی جاتی اپنے ہونٹوں کو ہلایا کرتے تھے۔ اس لئے آپؐ سے کہا گیا: تُو اس کے ساتھ اپنی زبان کو مت ہلا۔ آپؐ ڈرتے تھے کہ کہیں کوئی لفظ آپؐ سے چھوٹ نہ جائے۔ اِنَّ عَلَيْنَا جَمْعَهٗ یعنی ہم تمہارے دل میں اس کو محفوظ کر دیں گے۔ وَقُرْاٰنَهٗ اور تو اس کو پڑھ لے گا۔ فَاِذَا قَرَاْنٰهُ سے مراد ہے کہ وہ کہتا ہے جب یہ نازل کیا جائے فَاتَّبِعْ قُرْاٰنَهٗ تو جیسا پڑھا گیا ویسے ہی تو بھی پڑھ۔ ثُمَّ اِنَّ عَلَيْنَا بَيَانَهٗ پھر ہم تیری زبان سے اس کو بیان کروائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4929
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن ابی عائشہ سے، موسیٰ نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے اللہ تعالیٰ کے اس قول لَا تُحَرِّكْ بِهٖ لِسَانَكَ لِتَعْجَلَ بِهٖ کے متعلق روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ پر جب جبریلؑ وحی لے کر نازل ہوتے آپؐ کو سخت تکلیف ہوتی اور آپؐ اپنی زبان اور اپنے ہونٹوں کو بھی ہلایا کرتے تھے اور آپؐ کی یہ حالت لوگوں کو معلوم ہو جاتی۔ اس لئے اللہ نے یہ آیت نازل کی جو سورۂ لَاۤ اُقْسِمُ بِيَوْمِ الْقِيٰمَةِ میں ہے: لَا تُحَرِّكْ … یعنی تو اِس کے ساتھ اپنی زبان کو مت ہلا تا کہ اسے جلدی سے یاد کرلے۔ ہمارے ذمہ ہی اس کا اکٹھا کرنا اور اِس کی ترتیب دینا ہے۔ (حضرت ابن عباسؓ نے) کہا: اس سے یہ مراد ہے کہ یہ ہمارے ذمہ ہے کہ ہم اس کو تمہارے سینہ میں محفوظ کر دیں اور اس کو پڑھا دیں۔ فَاِذَا قَرَاْنٰهُ فَاتَّبِعْ قُرْاٰنَهٗ یعنی جب ہم اس کو نازل کریں تم خاموشی سے سنتے رہو۔ ثُمَّ اِنَّ عَلَيْنَا بَيَانَهٗ پھر ہمارے ذمہ ہے کہ ہم اس کو تیری زبان سے کھول کر بیان کریں۔ (حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے: پھر جب جبرائیلؑ آپؐ کے پاس آتے تو آپؐ سر نیچے جھکا دیتے اور غور سے سنتے۔ جب وہ چلے جاتے تو آپؐ اس کو پڑھتے۔ جیسا کہ اللہ نے آپؐ سے وعدہ کیا۔ (اور آیت) اَوْلٰى لَكَ فَاَوْلٰى کے معنی ہیں تم پر ہلاکت ہو اور پھر ہلاکت ہو۔ یہ دھمکی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4930
محمود (بن غیلان) نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ (بن موسیٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے منصور سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ (بن قیس) سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے اور آپؐ پر سورۂ مرسلات نازل کی گئی۔ اور ہم اس کو آپؐ کے منہ سے سن کر سیکھ رہے تھے۔ اتنے میں ایک سانپ نکلا، ہم اس پر جلدی سے لپکے لیکن وہ ہمارے پہنچنے سے پہلے ہی اپنے سوراخ میں گھس گیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہارے شر سے وہ بچ گیا جیسا کہ تم اس کے شر سے بچائے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4931
عبدہ بن عبداللہ (خزاعی) نے ہم سے بیان کیا کہ ہمیں یحيٰ بن آدم نے خبر دی۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے منصور سے روایت کرتے ہوئے یہی حدیث بتائی۔ اور (ایسا ہی) اسرائیل نے (اس حدیث کو) اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہؓ سے اسی طرح اس کو روایت کیا۔ اور (یحيٰ بن آدم کی طرح) اسود بن عامر نے بھی اسرائیل سے اس حدیث کو روایت کیا۔ اور حفص (بن غیاث) اور ابومعاویہ اور سلیمان بن قَرم نے بھی اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے اسود سے اس کو روایت کیا۔ اور یحيٰ بن حماد نے کہا کہ ہمیں ابوعوانہ نے خبر دی۔ انہوں نے مغیرہ سے، مغیرہ نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے (یہی) روایت کی۔ اور ابن اسحاق نے عبدالرحمٰن بن اسود سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے بھی یہی نقل کیا۔ قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے اسود سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کہتے تھے: ایک بار ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ایک غار میں تھے۔ اسی اثنا میں آپؐ پر سورۂ مرسلات نازل ہوئی اور ہم نے آپؐ کے منہ سے سن کر اس کو سیکھا۔ اور ابھی آپؐ کا منہ اس سورة سے شیریں تھا کہ اتنے میں ایک سانپ نکلا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بچنا، اس کو مارو۔ کہتے تھے: ہم اس پر جلدی سے لپکے مگر وہ ہم سے نکل گیا۔ کہتے تھے: آپؐ نے فرمایا: وہ تمہارے شر سے بچایا گیا جیسا کہ تم اس کے شر سے بچائے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4932
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں خبر دی کہ عبدالرحمٰن بن عابس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ کو اِنَّهَا تَرْمِيْ بِشَرَرٍ كَالْقَصْرِ کے متعلق کہتے ہوئے سنا۔ کہا: ہم جلانے کے لئے تین تین ہاتھ یا اس سے کچھ کم لکڑیاں اٹھا کر جاڑے کے لئے رکھ چھوڑا کرتے تھے۔ اور ان کو قَصَر کہتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4933
عمر و بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں خبر دی۔ (انہوں نے کہا:) عبدالرحمٰن بن عابس نے مجھ سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے تَرْمِيْ بِشَرَرٍ كَالْقَصْرِ کے متعلق یہ سنا کہ ہم تین تین ہاتھ کی یا اس سے بڑی لکڑیاں لیتے اور اسے اٹھا کر جاڑے کے لئے رکھ چھوڑتے اور انہی کو قَصَر کہتے۔ كَاَنَّهُ جِمَالَاتٌ صُفْرٌ کے معنی ہیں جہازوں کی رسیاں جو اکٹھی کرکے بٹی جاتیں، یہاں تک کہ وہ آدمیوں کی کمر کے برابر موٹی ہوتیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah