کتاب 67: كتاب النکاح

صحیح بخاری, حصہ 2

صحیح بخاری 5083

موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ صالح بن صالح ہمدانی نے ہم سے بیان کیا۔ (عمر) شعبی نے ہمیں بتایا کہ ابوبُردہ (بن ابی موسیٰ اشعری) نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس شخص کے پاس لونڈی ہو اور وہ اُس کو تعلیم دے اور اچھی تعلیم دے اور اُس کو ادب سکھائے اور اچھا ادب سکھائے اور پھر اُس کو آزاد کر دے اور اس سے شادی کر لے تو اُس کو دو ثواب ملیں گے۔ اور اہل کتاب میں سے جو شخص بھی اپنے نبی پر ایمان لایا اور مجھ پر بھی ایمان لایا اُس کو بھی دو ثواب ملیں گے۔ اور جس غلام نے اپنے مالکوں کا اور اپنے ربّ کا حق ادا کیا اُس کو بھی دو اجر ملیں گے۔ (عمر) شعبی نے کہا: اس حدیث کو یونہی مفت لے لو۔ آدمی اس سے ادنیٰ بات کے لئے مدینہ سوار ہو کر جایا کرتا تھا۔ اور ابوبکر (بن عیاش) نے بھی اس حدیث کو ابوحَصین سے نقل کیا۔ ابوحصین نے ابوبُردہ سے، ابوبردہ نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ (اس میں یہ الفاظ ہیں:) اُس کو آزاد کیا اور اُس کو حق مہر دیا۔

حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَاحِدِ حَدَّثَنَا صَالِحُ بْنُ صَالِحٍ الْهَمْدَانِيُّ حَدَّثَنَا الشَّعْبِيُّ قَالَ حَدَّثَنِي أَبُو بُرْدَةَ عَنْ أَبِيهِ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " أَيُّمَا رَجُلٍ كَانَتْ عِنْدَهُ وَلِيدَةٌ فَعَلَّمَهَا فَأَحْسَنَ تَعْلِيمَهَا وَأَدَّبَهَا فَأَحْسَنَ تَأْدِيبَهَا ثُمَّ أَعْتَقَهَا وَتَزَوَّجَهَا فَلَهُ أَجْرَانِ وَأَيُّمَا رَجُلٍ مِنْ أَهْلِ الْكِتَابِ آمَنَ بِنَبِيِّهِ وَآمَنَ بِي فَلَهُ أَجْرَانِ وَأَيُّمَا مَمْلُوكٍ أَدَّى حَقَّ مَوَالِيهِ وَحَقَّ رَبِّهِ فَلَهُ أَجْرَانِ ". قَالَ الشَّعْبِيُّ خُذْهَا بِغَيْرِ شَىْءٍ قَدْ كَانَ الرَّجُلُ يَرْحَلُ فِيمَا دُونَهُ إِلَى الْمَدِينَةِ. وَقَالَ أَبُو بَكْرٍ عَنْ أَبِي حَصِينٍ عَنْ أَبِي بُرْدَةَ عَنْ أَبِيهِ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " أَعْتَقَهَا ثُمَّ أَصْدَقَهَا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5084

سعید بن تلید نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن وہب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: جریر بن حازم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا۔ نیز سلیمان (بن حرب) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حماد بن زید سے، حماد نے ایوب سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ حضرت ابراہیمؑ نے تین باتوں کے سوا خلافِ واقعہ نہیں کہا۔ ایک بار حضرت ابراہیمؑ ایک ظالم بادشاہ کے ملک سے گزرے اور حضرت ابراہیمؑ کے ساتھ حضرت سارہؑ تھیں۔ انہوں نے سارا واقعہ بیان کیا (اور کہا:) بادشاہ نے حضرت سارہؑ کو حضرت ہاجرہؑ دی۔ حضرت سارہؑ نے (حضرت ابراہیمؑ سے) کہا: اللہ نے کافر کا ہاتھ روکا اور آجر خدمت کے لئے دلوائی۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: اے آسمان کے پانی کے بیٹو! یہی تمہاری ماں ہے۔

حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ تَلِيدٍ قَالَ أَخْبَرَنِي ابْنُ وَهْبٍ قَالَ أَخْبَرَنِي جَرِيرُ بْنُ حَازِمٍ عَنْ أَيُّوبَ عَنْ مُحَمَّدٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم. حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ عَنْ حَمَّادِ بْنِ زَيْدٍ عَنْ أَيُّوبَ عَنْ مُحَمَّدٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " لَمْ يَكْذِبْ إِبْرَاهِيمُ إِلاَّ ثَلاَثَ كَذَبَاتٍ بَيْنَمَا إِبْرَاهِيمُ مَرَّ بِجَبَّارٍ وَمَعَهُ سَارَةُ ـ فَذَكَرَ الْحَدِيثَ ـ فَأَعْطَاهَا هَاجَرَ قَالَتْ كَفَّ اللَّهُ يَدَ الْكَافِرِ وَأَخْدَمَنِي آجَرَ ". قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ فَتِلْكَ أُمُّكُمْ يَا بَنِي مَاءِ السَّمَاءِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5085

قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید سے، حُمَید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے خیبر اور مدینہ کے درمیان تین دن قیام کیا کہ حضرت صفیہ بنت حییؓ کو آپؐ کے ہاں رخصت کیا جائے۔ پھر میں نے مسلمانوں کو آپؐ کے ولیمہ کی دعوت دی۔ اس میں نہ روٹی تھی نہ گوشت۔ چمڑے کے دستر خوان بچھانے کا حکم دیا گیا اور اس پر آپؐ نے کھجور، پنیر اور گھی رکھ دیا اور یہی آپؐ کا ولیمہ تھا۔ مسلمان کہنے لگے: کیا یہ اُمہات المؤمنین میں سے ایک ہیں یا اُن لونڈیوں میں سے ہیں جن پر جائز طور پر قبضہ کیا گیا۔ لوگوں نے کہا: اگر آپؐ نے اُن کو پردہ میں رکھا تو وہ اُمہات المؤمنین میں سے ہیں اور اگر اُن کو پردے میں نہ رکھا تو وہ اُن لونڈیوں میں سے ہیں جن پر جائز طور پر قبضہ کیا گیا۔ جب آپؐ نے کوچ کیا تو آپؐ نے حضرت صفیہؓ کے لئے اپنے پیچھے بیٹھنے کی جگہ درست کی اور اُن کے اور لوگوں کے درمیان پردہ تان دیا۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ جَعْفَرٍ عَنْ حُمَيْدٍ عَنْ أَنَسٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ أَقَامَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم بَيْنَ خَيْبَرَ وَالْمَدِينَةِ ثَلاَثًا يُبْنَى عَلَيْهِ بِصَفِيَّةَ بِنْتِ حُيَىٍّ فَدَعَوْتُ الْمُسْلِمِينَ إِلَى وَلِيمَتِهِ فَمَا كَانَ فِيهَا مِنْ خُبْزٍ وَلاَ لَحْمٍ أُمِرَ بِالأَنْطَاعِ فَأَلْقَى فِيهَا مِنَ التَّمْرِ وَالأَقِطِ وَالسَّمْنِ فَكَانَتْ وَلِيمَتَهُ فَقَالَ الْمُسْلِمُونَ إِحْدَى أُمَّهَاتِ الْمُؤْمِنِينَ أَوْ مِمَّا مَلَكَتْ يَمِينُهُ فَقَالُوا إِنْ حَجَبَهَا فَهْىَ مِنْ أُمَّهَاتِ الْمُؤْمِنِينَ وَإِنْ لَمْ يَحْجُبْهَا فَهْىَ مِمَّا مَلَكَتْ يَمِينُهُ فَلَمَّا ارْتَحَلَ وَطَّى لَهَا خَلْفَهُ وَمَدَّ الْحِجَابَ بَيْنَهَا وَبَيْنَ النَّاسِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5086

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت (بنانی) اور شعیب بن حبحاب سے، ان دونوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت صفیہؓ کو آزاد کیا اور اُن کی آزادی ہی اُن کا مہر مقرر کیا۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا حَمَّادٌ عَنْ ثَابِتٍ وَشُعَيْبِ بْنِ الْحَبْحَابِ عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم أَعْتَقَ صَفِيَّةَ وَجَعَلَ عِتْقَهَا صَدَاقَهَا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5087

قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (سلمہ بن دینار) سے، انہوں نے حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ! میں اس لئے آئی ہوں کہ اپنے تئیں آپؐ کو ہبہ کر لوں۔ (حضرت سہلؓ) کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے اس کو نظر اُٹھا کر دیکھا اور اس کو اُوپر تلے غور سے دیکھا اور نظر نیچے کر لی۔ پھر آپؐ نے اپنا سر جھکا لیا۔ جب اُس عورت نے دیکھا کہ آپؐ نے اس کے متعلق کچھ فیصلہ نہیں کیا وہ بیٹھ گئی۔ آپؐ کے ساتھیوں میں سے ایک شخص اُٹھا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! اگر آپؐ کو اس عورت کی ضرورت نہیں تو آپؐ مجھ سے ہی اس کی شادی کر دیں۔ آپؐ نے پوچھا: اور کیا تمہارے پاس کچھ ہے۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! بخدا نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے رشتہ داروں کے پاس جاؤ اور دیکھو کیا تمہیں کوئی چیز مل سکتی ہے۔ وہ گیا اور پھر لوٹ آیا اور کہنے لگا: بخدا! مجھے کچھ نہیں ملا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دیکھو ایک لوہے کی انگوٹھی ہی سہی۔ وہ گیا اور پھر لوٹ آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! بخدا کچھ نہیں ملا۔ لوہے کی انگوٹھی بھی نہیں۔ البتہ یہ میرا تہ بند ہے۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: اس کے پاس (اُوپر اوڑھنے کی) چادر بھی نہ تھی۔ (وہ کہنے لگا: یہ تہ بند) آدھا اس کو دے دیتا ہوں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ تمہارے تہ بند سے کیا کرے گی۔ اگر تم نے اِس کو پہنا تو اِس میں سے اُس پر کچھ نہ رہے گا اور اگر اُس نے لیا تو تم پر اس میں سے کچھ نہ رہے گا۔ (یہ سن کر) وہ شخص بیٹھ گیا یہاں تک کہ بہت دیر تک بیٹھے بیٹھے آخر کھڑا ہو کر چل دیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اُس کو پیٹھ موڑ کر جاتے ہوئے دیکھا۔ آپؐ نے اُس کو بلوانے کے لئے فرمایا اور اُسے بلایا گیا۔ جب وہ آیا آپؐ نے پوچھا: تمہیں قرآن سے کیا یاد ہے؟ اس نے کہا: مجھے فلاں فلاں سورة یاد ہے۔ اُس نے ان کو شمار کیا۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تم انہیں زبانی پڑھا کرتے ہو۔ اس نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ، میں نے اُن سورتوں کے بدلہ میں جو تمہیں یاد ہیں یہ عورت تمہارے قبضہ میں کر دی۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْعَزِيزِ بْنُ أَبِي حَازِمٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ سَهْلِ بْنِ سَعْدٍ السَّاعِدِيِّ قَالَ جَاءَتِ امْرَأَةٌ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَتْ يَا رَسُولَ اللَّهِ جِئْتُ أَهَبُ لَكَ نَفْسِي قَالَ فَنَظَرَ إِلَيْهَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَصَعَّدَ النَّظَرَ فِيهَا وَصَوَّبَهُ ثُمَّ طَأْطَأَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم رَأْسَهُ فَلَمَّا رَأَتِ الْمَرْأَةُ أَنَّهُ لَمْ يَقْضِ فِيهَا شَيْئًا جَلَسَتْ فَقَامَ رَجُلٌ مِنْ أَصْحَابِهِ فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنْ لَمْ يَكُنْ لَكَ بِهَا حَاجَةٌ فَزَوِّجْنِيهَا. فَقَالَ " وَهَلْ عِنْدَكَ مِنْ شَىْءٍ ". قَالَ لاَ وَاللَّهِ يَا رَسُولَ اللَّهِ. فَقَالَ " اذْهَبْ إِلَى أَهْلِكَ فَانْظُرْ هَلْ تَجِدُ شَيْئًا ". فَذَهَبَ ثُمَّ رَجَعَ فَقَالَ لاَ وَاللَّهِ مَا وَجَدْتُ شَيْئًا. فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " انْظُرْ وَلَوْ خَاتَمًا مِنْ حَدِيدٍ ". فَذَهَبَ ثُمَّ رَجَعَ فَقَالَ لاَ وَاللَّهِ يَا رَسُولَ اللَّهِ وَلاَ خَاتَمًا مِنْ حَدِيدٍ وَلَكِنْ هَذَا إِزَارِي ـ قَالَ سَهْلٌ مَا لَهُ رِدَاءٌ فَلَهَا نِصْفُهُ ـ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " مَا تَصْنَعُ بِإِزَارِكَ إِنْ لَبِسْتَهُ لَمْ يَكُنْ عَلَيْهَا مِنْهُ شَىْءٌ وَإِنْ لَبِسَتْهُ لَمْ يَكُنْ عَلَيْكَ شَىْءٌ ". فَجَلَسَ الرَّجُلُ حَتَّى إِذَا طَالَ مَجْلِسُهُ قَامَ فَرَآهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مُوَلِّيًا فَأَمَرَ بِهِ فَدُعِيَ فَلَمَّا جَاءَ قَالَ " مَاذَا مَعَكَ مِنَ الْقُرْآنِ ". قَالَ مَعِي سُورَةُ كَذَا وَسُورَةُ كَذَا عَدَّدَهَا. فَقَالَ " تَقْرَؤُهُنَّ عَنْ ظَهْرِ قَلْبِكَ ". قَالَ نَعَمْ. قَالَ " اذْهَبْ فَقَدْ مَلَّكْتُكَهَا بِمَا مَعَكَ مِنَ الْقُرْآنِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5088

ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ حضرت ابوحذیفہؓ بن عتبہ بن ربیعہ بن عبد شمس نے، اور وہ اُن لوگوں میں سے تھے جو نبی ﷺ کے ساتھ بدر میں شریک ہوئے، سالمؓ (بن معقل) کو اپنا بیٹا بنایا اور اُن سے اپنی بھتیجی ہندؓ کی شادی کر دی جو ولید بن عتبہ بن ربیعہ کی بیٹی تھیں۔ اور یہ (سالمؓ) ایک انصاری عورت کے (آزاد کردہ) غلام تھے۔ انہوں نے اس کو اُسی طرح بیٹا بنایا جیسے نبی ﷺ نے حضرت زیدؓ کو بیٹا بنایا تھا۔ اور جاہلیت میں جو کسی شخص کو اپنا بیٹا بناتا تو لوگ اس کو اسی کی طرف منسوب کرکے پکارتے اور وہ اُس کی وراثت کا وارث ہوتا۔ (یہی حال رہا) یہاں تک کہ اللہ نے یہ حکم نازل کیا: یعنی (چاہیئے کہ) اُن (لے پالکوں) کو اُن کے باپوں کا بیٹا کہہ کر پکارو۔ یہ اللہ کے نزدیک زیادہ منصفانہ فعل ہے۔ اور اگر تم کو معلوم نہ ہو کہ اُن کے باپ کون ہیں تو (بہر حال) وہ تمہارے دینی بھائی ہیں اور دینی دوست ہیں، اس لئے وہ پھر اُن کے باپوں کی طرف ہی منسوب کئے جانے لگے۔ جس کا باپ معلوم نہ ہوتا وہ مولیٰ اور دینی بھائی کے نام سے پکارا جاتا۔ حضرت سہلہؓ بنت سہیل بن عمرو قریشی عامری جو کہ حضرت ابوحذیفہؓ بن عتبہ کی بیوی تھیں نبی ﷺ کے پاس آئیں اور کہنے لگیں: یا رسول اللہ! ہم سالم کو بیٹا سمجھا کرتے تھے اور اب اللہ نے اس کے متعلق وہ کچھ حکم نازل کیا ہے جو آپؐ جانتے ہی ہیں۔ پھر انہوں نے ساری حدیث کا ذکر کیا۔

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي عُرْوَةُ بْنُ الزُّبَيْرِ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ أَنَّ أَبَا حُذَيْفَةَ بْنَ عُتْبَةَ بْنِ رَبِيعَةَ بْنِ عَبْدِ شَمْسٍ وَكَانَ مِمَّنْ شَهِدَ بَدْرًا مَعَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم تَبَنَّى سَالِمًا وَأَنْكَحَهُ بِنْتَ أَخِيهِ هِنْدَ بِنْتَ الْوَلِيدِ بْنِ عُتْبَةَ بْنِ رَبِيعَةَ وَهْوَ مَوْلًى لاِمْرَأَةٍ مِنَ الأَنْصَارِ كَمَا تَبَنَّى النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم زَيْدًا وَكَانَ مَنْ تَبَنَّى رَجُلاً فِي الْجَاهِلِيَّةِ دَعَاهُ النَّاسُ إِلَيْهِ وَوَرِثَ مِنْ مِيرَاثِهِ حَتَّى أَنْزَلَ اللَّهُ {ادْعُوهُمْ لآبَائِهِمْ} إِلَى قَوْلِهِ وَمَوَالِيكُمْ فَرُدُّوا إِلَى آبَائِهِمْ فَمَنْ لَمْ يُعْلَمْ لَهُ أَبٌ كَانَ مَوْلًى وَأَخًا فِي الدِّينِ فَجَاءَتْ سَهْلَةُ بِنْتُ سُهَيْلِ بْنِ عَمْرٍو الْقُرَشِيِّ ثُمَّ الْعَامِرِيِّ ـ وَهْىَ امْرَأَةُ أَبِي حُذَيْفَةَ ـ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَتْ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنَّا كُنَّا نَرَى سَالِمًا وَلَدًا وَقَدْ أَنْزَلَ اللَّهُ فِيهِ مَا قَدْ عَلِمْتَ فَذَكَرَ الْحَدِيثَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5089

عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ فرماتی تھیں: رسول اللہ ﷺ حضرت ضباعہ بنت زبیرؓ کے پاس آئے۔ آپؐ نے اس سے پوچھا: شاید تو حج کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس نے کہا: بخدا میں تو اپنے تئیں بیمار ہی پاتی ہوں۔ آپؐ نے اس سے فرمایا: حج کا احرام باندھ لو اور مشروط کر دو اور کہو: اے اللہ! میں وہیں احرام کھول دوں گی جہاں بھی تو نے مجھے روک دیا۔ اور یہ حضرت مقداد بن اسودؓ کی بیوی تھی۔

حَدَّثَنَا عُبَيْدُ بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ عَنْ هِشَامٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ دَخَلَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عَلَى ضُبَاعَةَ بِنْتِ الزُّبَيْرِ فَقَالَ لَهَا " لَعَلَّكِ أَرَدْتِ الْحَجَّ ". قَالَتْ وَاللَّهِ لاَ أَجِدُنِي إِلاَّ وَجِعَةً. فَقَالَ لَهَا " حُجِّي وَاشْتَرِطِي قُولِي اللَّهُمَّ مَحِلِّي حَيْثُ حَبَسْتَنِي ". وَكَانَتْ تَحْتَ الْمِقْدَادِ بْنِ الأَسْوَدِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5090

مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے روایت کی۔ (عبیداللہ نے) کہا: سعید بن ابی سعید نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: چار غرضوں سے عورت سے نکاح کیا جاتا ہے۔ اس کے مال کی وجہ سے، اس کے حسب نسب کی وجہ سے، اور اس کی خوبصورتی کی وجہ سے اور اس کی دین داری کی وجہ سے۔ دین دار عورت کو غنیمت سمجھو۔ ورنہ تمہارے ہاتھ خاک آلودہ ہوں گے۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا يَحْيَى عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ قَالَ حَدَّثَنِي سَعِيدُ بْنُ أَبِي سَعِيدٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " تُنْكَحُ الْمَرْأَةُ لأَرْبَعٍ لِمَالِهَا وَلِحَسَبِهَا وَجَمَالِهَا وَلِدِينِهَا فَاظْفَرْ بِذَاتِ الدِّينِ تَرِبَتْ يَدَاكَ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5091

ابراہیم بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا کہ (عبدالعزیز) ابن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہلؓ (بن سعد ساعدی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے سامنے سے گزرا۔ آپؐ نے پوچھا: تم اس شخص کے متعلق کیا کہتے ہو؟ انہوں نے کہا: اس شان کا ہے کہ اگر نکاح کا پیغام بھیجے تو اِس کا نکاح کردیا جائے اور اگر وہ سفارش کرے تو اس کی سفارش قبول ہو اور اگر وہ بات کرے تو اس کی بات توجہ سے سنی جائے۔ (سہلؓ) کہتے تھے: یہ سن کر آپؐ خاموش ہوگئے۔ پھر غریب مسلمانوں میں سے ایک شخص گزرا۔ آپؐ نے پوچھا: اس کے متعلق تم کیا کہتے ہو؟ انہوں نے کہا: یہ اس قابل ہے کہ اگر شادی کا پیغام بھیجے تو اس کا کہیں بھی نکاح نہ کیا جائے اور اگر سفارش کرے تو اس کی سفارش قبول نہ ہو اور اگر بات کرے تو توجہ سے نہ سنی جائے۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ شخص ایسا ہے کہ اگر پہلے شخص جیسے انسانوں سے زمین بھر بھی جائے تو بھی یہ ان سے بہتر ہے۔

حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ حَمْزَةَ حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي حَازِمٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ سَهْلٍ قَالَ مَرَّ رَجُلٌ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ " مَا تَقُولُونَ فِي هَذَا ". قَالُوا حَرِيٌّ إِنْ خَطَبَ أَنْ يُنْكَحَ وَإِنْ شَفَعَ أَنْ يُشَفَّعَ وَإِنْ قَالَ أَنْ يُسْتَمَعَ. قَالَ ثُمَّ سَكَتَ فَمَرَّ رَجُلٌ مِنَ فُقَرَاءِ الْمُسْلِمِينَ فَقَالَ " مَا تَقُولُونَ فِي هَذَا ". قَالُوا حَرِيٌّ إِنْ خَطَبَ أَنْ لاَ يُنْكَحَ وَإِنْ شَفَعَ أَنْ لاَ يُشَفَّعَ وَإِنْ قَالَ أَنْ لاَ يُسْتَمَعَ. فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " هَذَا خَيْرٌ مِنْ مِلْءِ الأَرْضِ مِثْلَ هَذَا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5092

یحيٰ بن بُکَیر نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ نے مجھے خبر دی کہ اُنہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا: وَ اِنْ خِفْتُمْ…؂ سے کیا مراد ہے؟ انہوں نے فرمایا: میرے بھانجے یہ وہ یتیم لڑکی ہے جو اپنے سر پرست کی پرورش میں ہو اور وہ اس کی خوبصورتی اور اس کی جائیداد پر للچاتے ہوئے یہ چاہے کہ اس سے نکاح کرلے اور اس کو مہر بھی کم دے۔ اس لئے انہیں ایسی یتیم لڑکیوں سے نکاح کرنے سے روک دیا سوائے اس کے کہ وہ پورا پورا حق مہر ادا کرنے میں انصاف کریں۔ اور انہیں ان کے سوا عورتوں سے نکاح کرنے کے لئے حکم دیا گیا۔ فرماتی تھیں کہ لوگوں نے رسول اللہ ﷺ سے اس کے بعد فتویٰ پوچھا تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: وَيَسْتَفْتُوْنَكَ۠ فِي النِّسَآءِ…؂ اس لئے اللہ نے ان کے لئے یہ حکم نازل کیا کہ یتیم اگر خوبصورت اور مالدار ہو، وہ پورا مہر ادا کرکے اس سے نکاح کرنے اور اس کے خاندان سے تعلق پیدا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اور اگر وہ بوجہ اپنے مال اور خوبصورتی کی کمی کے ناپسندیدہ ہے تو وہ اس کو چھوڑ دیتے ہیں اور اس کے سوا اَور عورتوں کو لیتے ہیں۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: تو جیسا کہ یہ لوگ اس یتیم لڑکی کو اُس وقت چھوڑ دیتے ہیں جب وہ اُن کے لئے بے رغبت ہو تو اُن کا کوئی حق نہیں کہ وہ اس یتیم لڑکی سے نکاح کرلیں جبکہ اس کی خواہش رکھتے ہوں۔ مگر اسی حالت میں کہ وہ اس کے حق میں انصاف کریں اور اُس کو جو اُس کا مہر میں حق ہے پورا کا پورا دیں۔

حَدَّثَنِي يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنْ عُقَيْلٍ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ قَالَ أَخْبَرَنِي عُرْوَةُ أَنَّهُ سَأَلَ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ {وَإِنْ خِفْتُمْ أَنْ لاَ تُقْسِطُوا فِي الْيَتَامَى} قَالَتْ يَا ابْنَ أُخْتِي هَذِهِ الْيَتِيمَةُ تَكُونُ فِي حَجْرِ وَلِيِّهَا فَيَرْغَبُ فِي جَمَالِهَا وَمَالِهَا وَيُرِيدُ أَنْ يَنْتَقِصَ صَدَاقَهَا فَنُهُوا عَنْ نِكَاحِهِنَّ إِلاَّ أَنْ يُقْسِطُوا فِي إِكْمَالِ الصَّدَاقِ وَأُمِرُوا بِنِكَاحِ مَنْ سِوَاهُنَّ قَالَتْ وَاسْتَفْتَى النَّاسُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بَعْدَ ذَلِكَ فَأَنْزَلَ اللَّهُ {وَيَسْتَفْتُونَكَ فِي النِّسَاءِ} إِلَى {وَتَرْغَبُونَ أَنْ تَنْكِحُوهُنَّ} فَأَنْزَلَ اللَّهُ لَهُمْ أَنَّ الْيَتِيمَةَ إِذَا كَانَتْ ذَاتَ جَمَالٍ وَمَالٍ رَغِبُوا فِي نِكَاحِهَا وَنَسَبِهَا فِي إِكْمَالِ الصَّدَاقِ وَإِذَا كَانَتْ مَرْغُوبَةً عَنْهَا فِي قِلَّةِ الْمَالِ وَالْجَمَالِ تَرَكُوهَا وَأَخَذُوا غَيْرَهَا مِنَ النِّسَاءِ قَالَتْ فَكَمَا يَتْرُكُونَهَا حِينَ يَرْغَبُونَ عَنْهَا فَلَيْسَ لَهُمْ أَنْ يَنْكِحُوهَا إِذَا رَغِبُوا فِيهَا إِلاَّ أَنْ يُقْسِطُوا لَهَا وَيُعْطُوهَا حَقَّهَا الأَوْفَى فِي الصَّدَاقِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5093

اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حمزہ اور سالم سے جو حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے بیٹے تھے، ان دونوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: نحوست عورت اور گھر اور گھوڑے میں (بھی) ہوتی ہے۔

حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ قَالَ حَدَّثَنِي مَالِكٌ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ حَمْزَةَ وَسَالِمٍ ابْنَىْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " الشُّؤْمُ فِي الْمَرْأَةِ وَالدَّارِ وَالْفَرَسِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5094

محمد بن منہال نے ہمیں بتایا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا۔ عمر بن محمد عسقلانی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: لوگوں نے نبی ﷺ کے پاس نحوست کا ذکر کیا تو نبی ﷺ نے فرمایا: اگر نحوست کسی چیز میں ہو تو پھر گھر، عورت اور گھوڑے میں ہوگی۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ مِنْهَالٍ حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ حَدَّثَنَا عُمَرُ بْنُ مُحَمَّدٍ الْعَسْقَلاَنِيُّ عَنْ أَبِيهِ عَنِ ابْنِ عُمَرَ قَالَ ذَكَرُوا الشُّؤْمَ عِنْدَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " إِنْ كَانَ الشُّؤْمُ فِي شَىْءٍ فَفِي الدَّارِ وَالْمَرْأَةِ وَالْفَرَسِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5095

عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابوحازم (سلمہ بن دینار) سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعد (ساعدیؓ) سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر کسی چیز میں ہے تو پھر گھوڑے، عورت اور گھر میں۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ أَخْبَرَنَا مَالِكٌ عَنْ أَبِي حَازِمٍ عَنْ سَهْلِ بْنِ سَعْدٍ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " إِنْ كَانَ فِي شَىْءٍ فَفِي الْفَرَسِ وَالْمَرْأَةِ وَالْمَسْكَنِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5096

آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سلیمان (بن طرخان) تیمی سے روایت کی۔ سلیمان نے کہا: میں نے ابوعثمان نہدی سے سنا۔ انہوں نے حضرت اُسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے، حضرت اسامہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: مردوں کو نقصان دینے والا کوئی فتنہ عورتوں سے بڑھ کر میں نے اپنے بعد نہ چھوڑا۔

حَدَّثَنَا آدَمُ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ سُلَيْمَانَ التَّيْمِيِّ قَالَ سَمِعْتُ أَبَا عُثْمَانَ النَّهْدِيَّ عَنْ أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ ـ رضى الله عنهما ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " مَا تَرَكْتُ بَعْدِي فِتْنَةً أَضَرَّ عَلَى الرِّجَالِ مِنَ النِّسَاءِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5097

عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ربیعہ بن ابی عبدالرحمٰن سے، ربیعہ نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، وہ فرماتی تھیں: بریرہؓ میں تین قابل عمل نمونے ہیں۔ وہ آزاد ہوئی اور اسے (اپنے خاوند کے پاس رہنے کا) اختیار دیا گیا۔ اور رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وراثت کا حق اُسی کا ہے جو آزاد کرے۔ اور رسول اللہ ﷺ اندر آئے۔ اور ہانڈی آگ پر تھی۔ آپؐ کے سامنے روٹی اور گھر کے سالن میں سے کچھ سالن پیش کیا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا میں نے ہانڈی نہیں دیکھی تھی؟ آپؐ سے کہا گیا: گوشت ہے جو بریرہؓ کو بطور صدقہ دیا گیا ہے اور آپؐ صدقہ نہیں کھاتے۔ آپؐ نے فرمایا: وہ اُس کے لئے صدقہ ہے اور ہمارے لئے ہدیہ۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ أَخْبَرَنَا مَالِكٌ عَنْ رَبِيعَةَ بْنِ أَبِي عَبْدِ الرَّحْمَنِ عَنِ الْقَاسِمِ بْنِ مُحَمَّدٍ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ كَانَ فِي بَرِيرَةَ ثَلاَثُ سُنَنٍ عَتَقَتْ فَخُيِّرَتْ وَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " الْوَلاَءُ لِمَنْ أَعْتَقَ ". وَدَخَلَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَبُرْمَةٌ عَلَى النَّارِ فَقُرِّبَ إِلَيْهِ خُبْزٌ وَأُدْمٌ مِنْ أُدْمِ الْبَيْتِ فَقَالَ " لَمْ أَرَ الْبُرْمَةَ ". فَقِيلَ لَحْمٌ تُصُدِّقَ عَلَى بَرِيرَةَ وَأَنْتَ لاَ تَأْكُلُ الصَّدَقَةَ قَالَ " هُوَ عَلَيْهَا صَدَقَةٌ وَلَنَا هَدِيَّةٌ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5098

محمد (بن سلام بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی: وَاِنْ خِفْتُمْ…؂ جو آیت ہے، (حضرت عائشہؓ نے) فرمایا: اس سے وہ یتیم لڑکی مراد ہے جو کسی شخص کے پاس ہو اور وہ اس کا سرپرست ہو پھر وہ اس کے مال کی وجہ سے اُس سے شادی کر لے اور اس سے بُرا سلوک کرے اور اُس کے مال میں انصاف سے تصرف نہ کرے تو ایسے شخص کو چاہیے کہ وہ اس کے سوا دوسری عورتوں سے جو اُسے پسند ہوں نکاح کر لے دو سے یا تین سے یا چار سے۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدٌ أَخْبَرَنَا عَبْدَةُ عَنْ هِشَامٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ عَائِشَةَ {وَإِنْ خِفْتُمْ أَنْ لاَ تُقْسِطُوا فِي الْيَتَامَى}. قَالَتِ الْيَتِيمَةُ تَكُونُ عِنْدَ الرَّجُلِ وَهْوَ وَلِيُّهَا فَيَتَزَوَّجُهَا عَلَى مَالِهَا وَيُسِيءُ صُحْبَتَهَا وَلاَ يَعْدِلُ فِي مَالِهَا فَلْيَتَزَوَّجْ مَا طَابَ لَهُ مِنَ النِّسَاءِ سِوَاهَا مَثْنَى وَثُلاَثَ وَرُبَاعَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5099

اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی بکر سے، عبداللہ نے عَمرہ بنت عبدالرحمٰن سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ اُن کے پاس تھے اور انہوں نے ایک شخص کی آواز سنی جو حضرت حفصہؓ کے گھر میں جانے کی اجازت مانگ رہا تھا۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ ایک شخص ہے جو آپؐ کے گھر میں جانے کی اجازت مانگتا ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں سمجھتا ہوں کہ فلاں ہے جو حضرت حفصہؓ کا رضاعی چچا تھا۔ حضرت عائشہؓ نے اپنے رضاعی چچا کے متعلق پوچھا: اگر فلاں زندہ ہوتا تو وہ میرے پاس اندر آتا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ رضاعت بھی اُن رشتوں کو معزز کر دیتی ہے جنہیں ولادت معزز کرتی ہے۔

حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ قَالَ حَدَّثَنِي مَالِكٌ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي بَكْرٍ عَنْ عَمْرَةَ بِنْتِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ أَنَّ عَائِشَةَ زَوْجَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَخْبَرَتْهَا أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم كَانَ عِنْدَهَا وَأَنَّهَا سَمِعَتْ صَوْتَ رَجُلٍ يَسْتَأْذِنُ فِي بَيْتِ حَفْصَةَ قَالَتْ فَقُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ هَذَا رَجُلٌ يَسْتَأْذِنُ فِي بَيْتِكَ. فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " أُرَاهُ فُلاَنًا ". لِعَمِّ حَفْصَةَ مِنَ الرَّضَاعَةِ. قَالَتْ عَائِشَةُ لَوْ كَانَ فُلاَنٌ حَيًّا لِعَمِّهَا مِنَ الرَّضَاعَةِ دَخَلَ عَلَىَّ فَقَالَ " نَعَمِ الرَّضَاعَةُ تُحَرِّمُ مَا تُحَرِّمُ الْوِلاَدَةُ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5100

مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے جابر بن زید سے، جابر نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے کہا گیا: کیا آپؐ حمزہؓ کی بیٹی سے شادی نہیں کر لیتے؟ آپؐ نے فرمایا: وہ میرے رضاعی بھائی کی بیٹی ہے۔ اور بشر بن عمر نے بھی اسی طرح نقل کیا۔ انہوں نے کہا: ہم سے شعبہ نے بیان کیا کہ میں نے قتادہ سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے جابر بن زید سے سنا۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا يَحْيَى عَنْ شُعْبَةَ عَنْ قَتَادَةَ عَنْ جَابِرِ بْنِ زَيْدٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ قِيلَ لِلنَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَلاَ تَزَوَّجُ ابْنَةَ حَمْزَةَ قَالَ " إِنَّهَا ابْنَةُ أَخِي مِنَ الرَّضَاعَةِ ". وَقَالَ بِشْرُ بْنُ عُمَرَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ سَمِعْتُ قَتَادَةَ سَمِعْتُ جَابِرَ بْنَ زَيْدٍ مِثْلَهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5101

حکم بن نافع نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے زُہری سے روایت کی، کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ نے اُنہیں خبر دی کہ حضرت ابوسفیانؓ کی بیٹی حضرت اُمّ حبیبہؓ نے انہیں بتایا۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ میری بہن سے جو ابوسفیانؓ کی بیٹی ہے نکاح کرلیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم اس کو پسند کرتی ہو؟ میں نے کہا: ہاں میں آپؐ کے لئے تنہا تو ہوں نہیں، اور پسند کرتی ہوں کہ جو بھلائی میں میری شریک ہو وہ میری بہن ہو۔ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ میرے لئے جائز نہیں۔ (حضرت ام حبیبہؓ کہتی تھیں) میں نے کہا: ہمیں بتایا جاتا ہے کہ آپؐ ابوسلمہؓ کی بیٹی سے نکاح کرنا چاہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اُم سلمہؓ کی بیٹی سے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر وہ میری پرورش میں میری ربیبہ نہ ہوتی تب بھی میرے لئے جائز نہ ہوتی، کیونکہ وہ میرے رضاعی بھائی کی بیٹی ہے۔ مجھے اور ابوسلمہؓ کو ثویبہ نے دودھ پلایا تھا۔ اس لئے تم اپنی بیٹیاں مجھ پر پیش نہ کیا کرو اور نہ ہی اپنی بہنیں۔ عروہ نے کہا: اور ثویبہ ابولہب کی لونڈی تھی۔ ابولہب نے اُسے آزاد کر دیا تھا۔ اور اُس نے نبی ﷺ کو دودھ پلایا تھا۔ جب ابولہب مر گیا تو اُس کے کسی رشتہ دار کو نہایت ہی بُرے حال میں خواب میں دکھایا گیا۔ اس نے اس سے پوچھا: کیسے گزری؟ ابولہب نے کہا: تم سے جدا ہونے کے بعد آرام نہیں پاتا سوائے اس کے کہ ثویبہ کو آزاد کرنے کے عوض میں مجھے کچھ پانی پلادیا جاتا ہے۔

حَدَّثَنَا الْحَكَمُ بْنُ نَافِعٍ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي عُرْوَةُ بْنُ الزُّبَيْرِ أَنَّ زَيْنَبَ ابْنَةَ أَبِي سَلَمَةَ أَخْبَرَتْهُ أَنَّ أُمَّ حَبِيبَةَ بِنْتَ أَبِي سُفْيَانَ أَخْبَرَتْهَا أَنَّهَا قَالَتْ يَا رَسُولَ اللَّهِ انْكِحْ أُخْتِي بِنْتَ أَبِي سُفْيَانَ فَقَالَ " أَوَتُحِبِّينَ ذَلِكَ ". فَقُلْتُ نَعَمْ لَسْتُ لَكَ بِمُخْلِيَةٍ وَأَحَبُّ مَنْ شَارَكَنِي فِي خَيْرٍ أُخْتِي. فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " إِنَّ ذَلِكَ لاَ يَحِلُّ لِي ". قُلْتُ فَإِنَّا نُحَدَّثُ أَنَّكَ تُرِيدُ أَنْ تَنْكِحَ بِنْتَ أَبِي سَلَمَةَ. قَالَ " بِنْتَ أُمِّ سَلَمَةَ ". قُلْتُ نَعَمْ. فَقَالَ " لَوْ أَنَّهَا لَمْ تَكُنْ رَبِيبَتِي فِي حَجْرِي مَا حَلَّتْ لِي إِنَّهَا لاَبْنَةُ أَخِي مِنَ الرَّضَاعَةِ أَرْضَعَتْنِي وَأَبَا سَلَمَةَ ثُوَيْبَةُ فَلاَ تَعْرِضْنَ عَلَىَّ بَنَاتِكُنَّ وَلاَ أَخَوَاتِكُنَّ ". قَالَ عُرْوَةُ وَثُوَيْبَةُ مَوْلاَةٌ لأَبِي لَهَبٍ كَانَ أَبُو لَهَبٍ أَعْتَقَهَا فَأَرْضَعَتِ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَلَمَّا مَاتَ أَبُو لَهَبٍ أُرِيَهُ بَعْضُ أَهْلِهِ بِشَرِّ حِيبَةٍ قَالَ لَهُ مَاذَا لَقِيتَ قَالَ أَبُو لَهَبٍ لَمْ أَلْقَ بَعْدَكُمْ غَيْرَ أَنِّي سُقِيتُ فِي هَذِهِ بِعَتَاقَتِي ثُوَيْبَةَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5102

ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اشعث سے، اشعث نے اپنے باپ (سلیم بن اسود) سے، انہوں نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ اُن کے پاس آئے اور اُن کے پاس ایک شخص تھا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ جیسے آپؐ کا چہرہ متغیر ہوگیا جیسے آپؐ نے اسے بُرا منایا۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: یہ میرا (رضاعی) بھائی ہے۔ تو آپؐ نے فرمایا: دیکھ بھال لیا کرو کون تمہارے بھائی ہیں۔ کیونکہ رضاعت وہی ہے جو بھوک دُور کرنے کی غرض سے ہو۔

حَدَّثَنَا أَبُو الْوَلِيدِ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنِ الأَشْعَثِ عَنْ أَبِيهِ عَنْ مَسْرُوقٍ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم دَخَلَ عَلَيْهَا وَعِنْدَهَا رَجُلٌ فَكَأَنَّهُ تَغَيَّرَ وَجْهُهُ كَأَنَّهُ كَرِهَ ذَلِكَ فَقَالَتْ إِنَّهُ أَخِي. فَقَالَ " انْظُرْنَ مَا إِخْوَانُكُنَّ فَإِنَّمَا الرَّضَاعَةُ مِنَ الْمَجَاعَةِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

·

آج 10 میں سے 10 باقی