کتاب 67: كتاب النکاح
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 5103
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ افلح جو ابوالقعیس کے بھائی تھے آئے اور اُن سے اندر آنے کی اجازت مانگنے لگے، اور وہ اُن کے رضاعی چچا تھے۔ یہ حجاب نازل ہونے کے بعد کا واقعہ ہے۔ میں نے اُن کو اجازت دینے سے انکار کیا۔ جب رسول اللہ ﷺ آئے تو میں نے آپؐ کو جو میں نے کیا تھا بتایا، آپؐ نے مجھے فرمایا کہ انہیں اجازت دے دو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5104
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ ایوب (سختیانی) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی ملیکہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھ سے عبید بن ابی مریم نے بیان کیا۔ وہ حضرت عقبہ بن حارثؓ سے روایت کرتے تھے۔ (عبداللہ بن ابی ملیکہ نے) کہا: اور میں نے بھی یہ حدیث خود حضرت عقبہؓ سے سنی مگر عبید کی حدیث مجھے زیادہ یاد ہے۔ (حضرت عقبہؓ نے) کہا: میں نے ایک عورت سے شادی کی۔ اتنے میں ایک سیاہ فام عورت آئی، وہ کہنے لگی: میں نے تم دونوں کو دودھ پلایا تھا۔ یہ سن کر میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور میں نے کہا: میں نے فلاں عورت سے جو فلاں کی بیٹی ہے شادی کی۔ پھر ایک سیاہ فام عورت ہمارے پاس آئی اور اس نے مجھے کہا: میں نے تو تم دونوں کو دودھ پلایا تھا حالانکہ وہ جھوٹی ہے۔ آپؐ نے مجھ سے منہ پھیر لیا۔ میں آپؐ کے سامنے اس طرف سے آیا جس طرف آپؐ کا منہ تھا۔ میں نے کہا وہ جھوٹی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اب تم اس کے ساتھ کیسے رہ سکتے ہو جبکہ وہ عورت یہ کہتی ہے کہ اس نے تم دونوں کو دودھ پلایا تھا۔ اس عورت کو علیٰحدہ کر دو۔ اور اسماعیل نے اپنی دونوں انگلیوں یعنی سبابہ اور درمیانی انگلی سے اشارہ کیا کہ ایوب نے اس طرح اشارہ کیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5105
اور احمد بن حنبل نے ہم سے کہا کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ حبیب (بن ابی ثابت) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ خاندانی رشتوں میں سے سات حرام ہیں اور دامادی رشتوں میں سے بھی سات حرام ہیں۔ یہ کہہ کر اُنہوں نے یہ آیت پڑھی: حُرِّمَتْ عَلَيْكُمْ اُمَّهٰتُكُمْ۔ اور حضرت عبداللہ بن جعفر (بن ابی طالبؓ) نے حضرت علیؓ کی بیٹی اور حضرت علیؓ کی بیوی دونوں کو ایک وقت میں اپنے نکاح میں رکھا۔ اور ابن سیرین نے کہا: اس میں کوئی حرج نہیں۔ اور حسن (بصری) نے ایک دفعہ اسے بُرا منایا اور پھر کہا: اس میں کوئی حرج نہیں۔ اور حسن بن حسن بن علی نے ایک ہی رات میں اپنے چچا کی دو بیٹیوں سے شادی کی۔ اور جابر بن زید نے اسے بُرا منایا، اس لئے کہ (بہنوں میں) ناچاقی ہوتی ہے، اور اس میں حرمت نہیں۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: وَ اُحِلَّ لَكُمْ… یعنی ان کے سوا تمہارے لئے حلال کی گئیں۔ اور عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے نقل کیا: اگر اپنی بیوی کی بہن سے زنا کرے تو اس کی بیوی اس پر حرام نہ ہوگی۔ اور یحيٰ (بن قیس) کندی سے مروی ہے کہ انہوں نے شعبی اور ابوجعفر سے اس شخص کے متعلق روایت کی جو اغلام باز ہو۔ اگر وہ اس کے ساتھ پورے طور پر بدکاری کرے تو اس کی ماں سے نکاح نہ کرے۔ اور یہ یحيٰ راوی غیر معروف ہے، روایت میں کسی نے اس کی پیروی نہیں کی۔ اور عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے نقل کیا: اگر کسی نے اپنی خوشدامن سے زنا کیا تو اس کی بیوی اس پر حرام نہ ہوگی۔ اور ابونصر سے بیان کیا جاتا ہے کہ حضرت ابن عباسؓ نے اس کو حرام قرار دیا۔ اور یہ ابونصر ایسا شخص ہے اس کے متعلق معلوم نہیں ہوا کہ اس نے یہ روایت حضرت ابن عباسؓ سے سنی۔ اور حضرت عمران بن حصینؓ اور جابر بن زید اور حسن (بصری) اور بعض اہل عراق سے مروی ہے کہ وہ اس پر حرام ہوجائے گی۔ اور حضرت ابوہریرہؓ نے کہا کہ جب تک اس کو زمین پر چت نہ لگادے وہ حرام نہ ہوگی۔ اور (سعید) بن مسیب، عروہ اور زُہری نے اس کو جائز قرار دیا۔ اور زُہری نے کہا: حضرت علیؓ کہتے تھے کہ حرام نہ ہوگی۔ اور یہ روایت مرسل ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5106
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہمیں بتایا۔ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت زینب (بنت ابی سلمہؓ) سے، حضرت زینبؓ نے حضرت اُم حبیبہؓ سے روایت کی، وہ کہتی تھیں کہ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا آپؐ کو ابوسفیان کی بیٹی (سے شادی) کی خواہش ہے؟ آپؐ نے فرمایا: میں اسے کیا کروں گا۔ میں نے کہا: آپؐ نکاح کریں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم یہ پسند کرتی ہو؟ میں نے کہا: میں آپؐ کے لئے اکیلی نہیں رہنے کی اور آپؐ میں جو میرا شریک ہو مجھے زیادہ پسند ہے کہ میری بہن ہو۔ آپؐ نے فرمایا: وہ میرے لئے جائز نہیں۔ میں نے کہا: مجھے یہ خبر پہنچی ہے کہ آپؐ شادی کرنا چاہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اُم سلمہؓ کی بیٹی سے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر وہ میری ربیبہ نہ ہوتی تب بھی وہ میرے لئے جائز نہ تھی، ثویبہ نے مجھے اور اس کے باپ کو دودھ پلایا تھا۔ تم اپنی بیٹیاں مجھے نہ پیش کیا کرو اور نہ اپنی بہنیں۔ لیث (بن سعد) نے کہا کہ ہم سے ہشام نے بیان کیا کہ وہ حضرت دُرّہ بنت اُم سلمہؓ تھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5107
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عروہ بن زبیر نے انہیں خبر دی کہ حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ نے ان کو بتایا کہ حضرت اُم حبیبہؓ کہتی تھیں، میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ میری بہن ابوسفیان کی بیٹی سے نکاح کر لیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم پسند کروگی؟ میں نے کہا: ہاں میں اکیلی تو رہنے کی نہیں اور بھلائی میں جو میری شریک ہو مجھے زیادہ پسند ہے کہ وہ میری بہن ہو۔ نبی ﷺ نے فرمایا: وہ تو میرے لئے جائز نہیں۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ کی قسم ہم آپس میں باتیں کرتے ہیں کہ آپؐ دُرّہ بنت ابی سلمہؓ سے نکاح کرنا چاہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ام سلمہؓ کی بیٹی سے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم اگر وہ میری پرورش میں نہ ہوتی تب بھی میرے لئے جائز نہ تھی کیونکہ وہ میرے رضاعی بھائی کی بیٹی ہے۔ ثویبہ نے مجھے اور ابوسلمہ کو دودھ پلایا تھا۔ اس لئے اپنی بیٹیاں مجھے نہ پیش کیا کرو اور نہ اپنی بہنیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5108
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ عاصم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبی سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے اس سے روکا ہے کہ کسی عورت سے اس کی پھوپھی یا خالہ کے ہوتے ہوئے نکاح کیا جائے۔ داؤد اور ابن عون نے شعبی سے، شعبی نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کرتے ہوئے یہی کہا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5109
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کسی عورت کو اس کی پھوپھی کے ساتھ اکٹھا نہ کیا جائے اور نہ ہی کسی عورت کو اس کی خالہ کے ساتھ (اکٹھا کیا جائے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5110
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: یونس نے زُہری سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ کہا: قبیصہ بن زؤیب نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے اس سے روکا کہ کسی عورت سے اس کی پھوپھی کے ہوتے ہوئے اور کسی عورت سے اس کی خالہ کے ہوتے ہوئے نکاح کیا جائے۔ (زُہری کہتے تھے کہ) ہم اس عورت کے باپ کی خالہ کو بھی اسی درجہ پہ سمجھتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5111
کیونکہ عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ وہ کہتی تھیں: رضاعت کی وجہ سے وہی رشتے حرام سمجھو جو نسب کی وجہ سے حرام ہوتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5112
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے شغار سے روکا۔ اور شغار یہ ہوتا ہے کہ کوئی شخص اپنی بیٹی کو اس شرط پر بیاہ دے کہ دوسرا اپنی بیٹی کو اُس سے بیاہ دے۔ ان کے درمیان کوئی مہر نہ ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5113
محمد بن سلام نے ہمیں بتایا کہ (محمد) بن فضیل نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت خولہ بنت حکیمؓ ان عورتوں میں سے تھیں جنہوں نے اپنے تئیں نبی ﷺ کے لئے ہبہ کیا تھا۔ حضرت عائشہؓ کہنے لگیں: کیا عورت شرماتی نہیں کہ اپنے تئیں کسی آدمی کو ہبہ کردے؟ جب یہ آیت نازل ہوئی: تُرْجِيْ مَنْ تَشَآءُ مِنْهُنَّ۔ یعنی ان میں سے جسے تو چاہے الگ کردے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں آپؐ کے ربّ کے متعلق یہی سمجھتی ہوں کہ وہ جلدی سے آپؐ کی خواہش کو پورا کردیتا ہے۔ اس حدیث کو ابوسعید (محمد بن مسلم) مؤدب اور محمد بن بشر اور عبدہ (بن سلیمان) نے بھی ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کیا۔ ان میں سے ایک دوسرے سے زیادہ بیان کرتا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5114
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ (سفیان) بن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن دینار) نے ہمیں خبر دی کہ جابر بن زید نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے ہمیں بتایا کہ نبی ﷺ نے شادی کی جبکہ آپؐ احرام باندھے ہوئے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5115
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ (سفیان) بن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حسن بن محمد بن علی اور ان کے بھائی عبداللہ (بن محمد بن علی) نے مجھے خبر دی۔ ان دونوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے حضرت ابن عباسؓ سے کہا کہ نبی ﷺ نے خیبر (کی جنگ) کے زمانہ میں متعہ سے اور پالتو گدھوں کے گوشت سے روک دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5116
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ غندر (محمد بن جعفر) نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو جمرۃ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے (حضرت عبداللہ) بن عباسؓ سے سنا کہ ان سے عورتوں سے متعہ کرنے کے متعلق مسئلہ پوچھا گیا تو انہوں نے اس کو جائز قرار دیا۔ اس پر ان کے ایک غلام نے ان سے کہا: یہ اضطراری حالت میں جائز ہوگا اور اس وقت جبکہ عورتوں کی کمی ہو یا کچھ ایسے ہی الفاظ کہے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: ہاں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5117
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عمرو (بن دینار) نے حسن بن محمد (بن علی بن ابی طالب) سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ اور حضرت سلمہ بن اکوعؓ سے روایت کی۔ ان دونوں نے کہا: ہم ایک فوج میں تھے۔ اتنے میں رسول اللہ ﷺ کا ایلچی ہمارے پاس آیا اور اس نے کہا: تمہیں اجازت دے دی گئی ہے۔ اس لئے تم متعہ کرلو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5118
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عمرو (بن دینار) نے حسن بن محمد (بن علی بن ابی طالب) سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ اور حضرت سلمہ بن اکوعؓ سے روایت کی۔ ان دونوں نے کہا: ہم ایک فوج میں تھے۔ اتنے میں رسول اللہ ﷺ کا ایلچی ہمارے پاس آیا اور اس نے کہا: تمہیں اجازت دے دی گئی ہے۔ اس لئے تم متعہ کرلو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5119
اور ابن ابی ذئب نے کہا: مجھے ایاس بن سلمہ بن اکوع نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ ان کے باپ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ جو مرد اور عورت آپس میں متفق ہو جائیں تو وہ تین دن رات آپس میں مل کر رہیں۔ اگر وہ اس سے زیادہ رہنا چاہیں تو رہیں اور اگر ایک دوسرے سے الگ ہونا چاہیں تو الگ ہو جائیں۔ میں نہیں جانتا کہ یہ ایسی اجازت تھی کہ ہمارے لئے خاص تھی یا تمام لوگوں کے لئے عام ہے۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اور حضرت علیؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے اس کو واضح کیا کہ اجازت منسوخ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5120
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ مرحوم (بن عبدالعزیز بصری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ثابت بنانی سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں حضرت انسؓ کے پاس تھا۔ اس وقت اُن کے پاس ان کی ایک بیٹی بھی بیٹھی تھی۔ حضرت انسؓ نے کہا: ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی کہ اپنے تئیں آپؐ کو پیش کرے۔ کہنے لگی: یا رسول اللہ! کیا آپؐ کو میری ضرورت ہے؟ حضرت انسؓ کی بیٹی یہ سن کر بولی: کیا ہی بے حیا وہ تھی، کیا ہی عار کی بات کی ہے۔ (حضرت انسؓ نے) کہا: وہ تم سے بہتر تھی جس نے نبی ﷺ کو پسند کیا اور پھر اپنے تئیں آپؐ کو پیش کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5121
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ ابو غسان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابو حازم (سلمہ بن دینار) نے حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ ایک عورت نے اپنے تئیں نبی ﷺ کے لئے پیش کیا تو ایک شخص نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اس سے میرا نکاح کردیں۔ آپؐ نے فرمایا: تمہارے پاس کیا ہے؟ اس نے کہا: میرے پاس کچھ نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ اور کچھ ڈھونڈو، اگرچہ لوہے کی انگوٹھی ہی ہو۔ چنانچہ وہ گیا اور کچھ دیر بعد لوٹ آیا اور کہنے لگا: کچھ نہیں، اللہ کی قسم کچھ نہیں ملا۔ لوہے کی انگوٹھی بھی نہیں ملی۔ البتہ یہ میرا تہ بند ہے۔ اس کا آدھا اسے دئیے دیتا ہوں۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: اس کے پاس اوپر کی چادر بھی نہ تھی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ تمہارے تہ بند سے کیا کرے گی۔ اگر تو نے پہنا تو اس کے پہننے کے لئے اس میں سے کچھ نہ رہے گا اور اگر اس نے پہنا تو تمہارے پہننے کے لئے کچھ نہ رہے گا۔ وہ شخص بیٹھ گیا اور آخر جب اسے بیٹھے ہوئے بہت دیر ہوگئی تو وہ اُٹھ کر چل پڑا۔ نبی ﷺ نے اس کو جاتے ہوئے دیکھا تو آپؐ نے اس کو بلایا یا (کہا:) اس کو بلا کر (آپؐ کے پاس) لائے۔ آپؐ نے اس سے پوچھا: تمہیں قرآن سے کیا کچھ یاد ہے۔ اس نے چند سورتوں کو گن کر کہا: مجھے فلاں فلاں سورۃ یاد ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ہم نے تمہیں یہ قبضے میں دے دی ان سورتوں کے بدلے میں جو تمہیں قرآن سے یاد ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5122
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے سالم بن عبداللہ نے خبر دی کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کو یہ بیان کرتے سنا کہ جب حضرت حفصہ بنت عمرؓ، خنیس بن حذافہ سہمیؓ کے فوت ہونے سے بیوہ ہوگئیں اور وہ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ میں سے تھے اور مدینہ میں فوت ہوگئے تو حضرت عمر بن خطابؓ کہتے تھے کہ میں عثمان بن عفانؓ کے پاس آیا اور میں نے حفصہؓ (کا رشتہ) ان کے سامنے پیش کی۔ انہوں نے کہا: میں اپنے متعلق غور کروں گا۔ میں کئی رات انتظار کرتا رہا پھر اس کے بعد وہ مجھے ملے اور کہنے لگے: مجھے یہی مناسب معلوم ہوا ہے کہ میں فی الحال شادی نہ کروں۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: پھر میں ابوبکر صدیقؓ سے ملا اور میں نے کہا: اگر آپؓ چاہیں تو میں آپؓ سے حفصہ بنت عمرؓ کا نکاح کر دیتا ہوں۔ ابوبکرؓ یہ سن کر خاموش رہے اور مجھے کچھ جواب نہ دیا، تو عثمانؓ کی نسبت میں ان سے زیادہ رنجیدہ خاطر ہوا۔ میں چند راتیں ٹھہرا رہا۔ پھر اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے (حفصہؓ کے متعلق) نکاح کا پیغام بھیجا اور میں نے حفصہؓ کا نکاح آپؐ سے کر دیا۔ پھر مجھے ابوبکرؓ ملے اور کہنے لگے: شاید تم مجھ پر ناراض ہوئے ہو، تم نے جب میرے سامنے حفصہؓ کا رشتہ پیش کیا تھا اور میں نے جواب نہ دیا تھا۔ حضرت عمر ؓ نے کہا: ہاں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: دیکھو جو بات تم نے میرے سامنے پیش کی تھی اس کے متعلق تمہیں جواب دینے سے مجھے صرف اسی بات نے روکا تھا کہ میں جانتا تھا کہ رسول اللہ ﷺ نے حفصہؓ کا ذکر کیا تھا اور میں ایسا نہیں تھا کہ رسول اللہ ﷺ کا راز افشا کرتا اور اگر رسول اللہ ﷺ حفصہؓ سے نکاح کرنے کا ارادہ چھوڑ دیتے تو میں اس کو قبول کر لیتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah