کتاب 67: كتاب النکاح
صحیح بخاری, حصہ 4
صحیح بخاری 5123
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی حبیب سے، یزید نے عراک بن مالک سے روایت کی کہ حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ نے ان کو خبر دی کہ حضرت اُم حبیبہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے کہا: ہم تو یہ باتیں کر رہے تھے کہ آپؐ دُرّہ بنت ابی سلمہؓ سے نکاح کرنے والے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا اُم سلمہؓ کے ہوتے ہوئے؟ اگر میں نے اُم سلمہؓ سے نکاح نہ بھی کیا ہوتا تب بھی وہ میرے لئے جائز نہ تھی۔ اس کا باپ تو میرا دودھ بھائی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5124
اور مجھے طلق (بن غنام) نے کہا کہ ہمیں زائدہ (بن قدامہ) نے بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت ابن عباسؓ سے فِيْمَا عَرَّضْتُمْ… کے متعلق روایت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کہتے تھے: (اس سے یہ مراد ہے کہ عورت سے کہے:) میں شادی کرنا چاہتا ہوں۔ (یا یہ کہے کہ) میں یہ خواہش رکھتا ہوں کہ مجھے کوئی نیک عورت مل جائے۔ اور قاسم (بن محمد) نے کہا: (اس سے یہ مراد ہے کہ) کوئی یہ کہے کہ تم مجھے اچھی معلوم ہوتی ہو (یا کہے) میں تمہیں بہت پسند کرتا ہوں (یا یوں کہے) اللہ تم سے اچھا ہی سلوک کرنے والا ہے یا اسی طرح کے اور کلمے۔ اور عطاء (بن ابی رباح) نے کہا: (اس سے یہ مراد ہے کہ) اشارۃً بات کرے اور کھول کر بیان نہ کرے۔ مثلاً کہے: مجھے بھی (نکاح کرنے کی) ضرورت ہے یا تمہیں خوشی ہو اور بِحَمْدِ اللهِ تمہاری تو بہت ضرورت ہے۔ اور وہ عورت یہ کہے: جو تم کہتے ہو میں بھی سنتی ہوں اور کچھ وعدہ نہ کرے اور اس کا سرپرست بھی بغیر اس کے علم کے کسی سے وعدہ نہ کرے۔ اور اگر اس نے کسی شخص سے اپنی عدت کے اندر وعدہ کرلیا پھر اس شخص نے اس عورت سے بعد میں نکاح کرلیا تو انہیں جدا نہ کیا جائے۔ اور حسن (بصری) نے کہا: لَّا تُوَاعِدُوْهُنَّ۠ سِرًّا سے زنا مراد ہے۔ اور حضرت ابن عباسؓ سے مذکور ہے کہ حَتّٰى يَبْلُغَ الْكِتٰبُ اَجَلَهٗ سے مراد یہ ہے کہ (اس کی) عدت گزر جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5125
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے مجھے فرمایا: میں نے تمہیں خواب میں دیکھا کہ ایک فرشتہ تمہیں ریشم کے ٹکڑے میں لپیٹ کر لایا ہے۔ اس نے مجھے کہا: یہ تمہاری بیوی ہے۔ میں نے تمہارے منہ سے کپڑا جو کھولا تو کیا دیکھتا ہوں کہ تم ہو۔ میں نے کہا: اگر یہ خواب اللہ کی طرف سے ہے تو وہ اس کو ضرور پورا کر دے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5126
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم (سلمہ بن دینار) سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت کی کہ ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ! میں اس لئے آئی ہوں تا اپنے تئیں آپؐ کو ہبہ کر دوں۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کو نظر اٹھا کر دیکھا اور اس کو اوپر تلے غور سے دیکھا، پھر آپؐ نے سر نیچے کرلیا۔ جب اس عورت نے دیکھا کہ آپؐ نے اس کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا تو بیٹھ گئی۔ اتنے میں آپؐ کے صحابہ میں سے ایک شخص اُٹھا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! اگر آپؐ کو اس کی ضرورت نہ ہو تو آپؐ مجھ سے اس کا نکاح کر دیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تمہارے پاس کچھ ہے بھی؟ اس نے کہا: کچھ نہیں بخدا یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے رشتہ داروں کے پاس جاؤ اور دیکھو کیا تم کچھ پیش کر سکتے ہو۔ وہ گیا اور تھوڑی دیر بعد لوٹ آیا اور کہنے لگا: بخدا یا رسول اللہ! مجھے کچھ نہیں ملا۔ آپؐ نے فرمایا: دیکھو گو لوہے کی انگوٹھی ہی سہی۔ پھر وہ گیا۔ اور کہنے لگا: نہیں بخدا یا رسول اللہ! لوہے کی انگوٹھی بھی نہیں۔ البتہ یہ میرا تہ بند ہے۔ یہ اس کو آدھا دیئے دیتا ہوں۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: اس کے پاس (اوپر کی) چادر بھی نہیں تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہارے تہ بند سے یہ کیا کرے گی؟ اگر تم نے اس کو پہنا تو اس کے پہننے کے لئے اس میں سے کچھ نہیں رہے گا اور اگر اس نے اس کو پہنا تو تمہارے پہننے کے لئے کچھ نہ رہے گا۔ یہ سن کر وہ شخص بیٹھ گیا۔ یہاں تک کہ جب اس کو بیٹھے ہوئے بہت دیر ہوگئی تو وہ پھر اُٹھ کر چلا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کو پیٹھ موڑ کر جاتے ہوئے دیکھا۔ آپؐ نے اس کے بلوانے کا حکم دیا اور اسے بلایا گیا۔ جب وہ آیا تو آپؐ نے فرمایا: تم کو قرآن سے کیا کیا سورتیں یاد ہیں؟ اس نے کہا: مجھے فلاں سورة یاد ہے اور فلاں سورة یاد ہے اور فلاں سورة یاد ہے۔ اس نے ان کو شمار کیا۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تم ان کو زبانی پڑھتے ہو؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ میں نے یہ عورت تمہارے قبضہ میں دے دی ان سورتوں کے عوض میں جو تمہیں قرآن سے یاد ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5127
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) ابن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے روایت کی۔ (امام بخاریؒ نے کہا:) احمد بن صالح نے بھی ہم سے بیان کیا کہ عنبسہ (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا، کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے خبر دی کہ حضرت عائشہؓ نبی ﷺ کی زوجہ نے ان سے بیان کیا کہ زمانہ جاہلیت میں نکاح چار طرح سے ہوا کرتا تھا۔ ان میں سے ایک نکاح وہی ہے جو آج کل لوگ کرتے ہیں۔ ایک مرد دوسرے مرد سے اس عورت کے متعلق جو اس کی سرپرستی میں ہو یا اس کی بیٹی کے متعلق پیغام نکاح بھیجتا ہے اور پھر وہ اس کا مہر ٹھہرا کر اس کا نکاح کر دیتا ہے۔ اور ایک اور نکاح تھا۔ آدمی اپنی بیوی سے جب وہ حیض سے پاک ہوتی یوں کہتا کہ فلاں کو بلا بھیجو اور اس سے فائدہ اُٹھاؤ اور اس کا خاوند اس سے الگ رہتا اور اس کو قطعاً نہ چھوتا جب تک کہ اس شخص سے اس کا حمل ظاہر نہ ہو جاتا جس سے اس نے فائدہ اٹھایا تھا۔ جب اس کا حمل نمایاں ہو جاتا تو اس کا خاوند بھی اگر وہ چاہتا تو اس سے مباشرت کرتا اور وہ اپنی عورت سے محض اس خواہش کی وجہ سے الگ رہتا کہ تا بچہ شریف عمدہ پیدا ہو۔ تو یہ نکاح نکاح استبضاع تھا۔ اور ایک اور نکاح تھا کہ کچھ آدمی جو دس سے کم ہوتے، اکٹھے ہوتے، وہ عورت کے پاس آتے اور ان میں سے ہر ایک اس سے مباشرت کرتا۔ جب وہ حاملہ ہو جاتی اور بچہ جنتی اور بچہ جننے کے بعد اس پر کئی راتیں گزر جاتیں تو ان کو بلا بھیجتی اور ان میں سے کوئی شخص بھی آنے سے انکار نہ کر سکتا تھا۔ جب اس کے پاس اکٹھے ہوتے تو وہ ان سے کہتی: تم اچھی طرح جانتے ہو اس فعل کو جو تم سے ہوا اور اب میں نے بچہ جنا ہے۔ اے فلاں! یہ تمہارا بیٹا ہے۔ جس شخص کا نام لینا چاہتی اس کا نام لے لیتی تو پھر اس کا لڑکا اسی مرد کی طرف منسوب ہوتا اور وہ مرد اس سے انکار نہ کر سکتا۔ ایک چوتھا نکاح یہ تھا کہ بہت سے لوگ اکٹھے ہوتے اور وہ ایک عورت کے پاس آتے اور وہ جو بھی اس کے پاس آتے ان سے انکار نہ کرتی۔ اور یہی وہ کنچنیاں ہیں جو اپنے دروازوں پر جھنڈے گاڑ دیا کرتی تھیں جو پہنچاننے کا نشان ہوتے۔ جو مرد بھی ان کے پاس جانا چاہتا ان کے پاس جاتا اور جب ان میں سے کوئی عورت حاملہ ہوتی اور وہ بچہ جنتی۔ وہ سب اس کے لئے اکٹھے کئے جاتے اور ان کے لئے قیافہ شناس بلاتے پھر وہ اس کا بچہ اسی کے حوالے کرتے جس کے مشابہ دیکھتے۔ وہ اسی سے مل جاتا اور اسی کا بیٹا کہلاتا، وہ اس سے انکار نہ کر سکتا۔ جب محمد ﷺ حق کے ساتھ مبعوث ہوئے تو انہوں نے جاہلیت کے سب نکاح ملیا میٹ کر دئیے سوائے اس نکاح کے جو آج کل لوگ کرتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5128
یحيٰ (بن موسیٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ (یہ جو آیت ہے:) وَ مَا يُتْلٰى عَلَيْكُمْ فِي الْكِتٰبِ کہتی تھیں: یہ اس یتیم لڑکی کے متعلق ہے جو کسی شخص کے پاس ہو تو اس خیال سے کہ شاید وہ اس کی جائیداد میں اس کی شریک ہو اور وہ اس کا قریبی رشتہ دار بھی ہے وہ اس سے نکاح کرنے کا خواہش مند ہوتا اور اس کی جائیداد کی وجہ سے اسے روکے رکھتا اور اپنے سوا کسی سے اس کا نکاح نہ کرتا کیونکہ وہ ناپسند کرتا کہ کوئی اس عورت کی جائیداد میں اس کا شریک ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5129
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی کہ زُہری نے ہمیں بتایا۔ کہا: سالم نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابن عمرؓ نے انہیں بتایا۔ جب حضرت حفصہ بنت عمر (خنیسؓ) بن حذافہ سہمی کے فوت ہونے پر بیوہ ہوگئی۔ اور وہ نبی ﷺ کے اُن صحابہ میں سے تھے جو بدر میں شامل ہوئے، وہ مدینہ میں فوت ہوگئے تھے۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: میں عثمان بن عفانؓ سے ملا اور میں نے ان کے سامنے (حفصہؓ کے ساتھ نکاح کرنے کی) تجویز پیش کی۔ میں نے کہا: اگر تم چاہو تو میں تم سے حفصہؓ کا نکاح کئے دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا: میں اپنے متعلق غور کروں گا۔ کچھ رات میں ٹھہرا رہا۔ پھر وہ مجھے ملے اور کہنے لگے: مجھے یہ مناسب معلوم ہوا ہے کہ میں ان دنوں شادی نہ کروں۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: پھر میں ابوبکرؓ سے ملا۔ میں نے کہا: اگر تم چاہو تو میں حفصہؓ کا نکاح تم سے کئے دیتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5130
احمد بن ابی عمرو نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ (حفص بن عبداللہ) نے مجھے بتایا، کہا: ابراہیم (بن طہمان) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے حسن (بصری) سے روایت کی۔ کہا: فَلَا تَعْضُلُوْهُنَّ (جو آیت ہے۔) کہتے تھے: مجھ سے حضرت معقل بن یسارؓ نے بیان کیا کہ یہ ان کے متعلق نازل ہوئی۔ کہتے تھے: میں نے اپنی بہن کی شادی ایک شخص سے کر دی تو اُس نے اس کو طلاق دے دی۔ جب اس کی عدت ختم ہوئی، وہ آیا اور اس کے نکاح کے پیغام دینے لگا۔ میں نے اس سے کہا: میں نے تمہاری شادی کی اور تمہیں آرام کا سامان دیا اور تمہاری خاطر تواضع کی مگر تم نے اس کو طلاق دے دی۔ پھر اب آئے ہو اس کے نکاح کا پیغام دینے۔ ہرگز نہیں! اللہ کی قسم اب وہ تمہارے پاس کبھی نہیں لوٹے گی۔ اور وہ کچھ بُرا آدمی نہ تھا اور وہ عورت اس کے پاس لوٹنا چاہتی تھی۔ اللہ نے یہ آیت نازل کی: فَلَا تَعْضُلُوْهُنَّ یعنی تم انہیں مت روکو۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! ابھی کئے دیتا ہوں۔ (حسن) کہتے تھے: پھر اس نے اپنی بہن کا نکاح اس شخص سے کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5131
(محمد) بن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ ابومعاویہ نے ہمیں خبر دی۔ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اللہ تعالیٰ کے اس قول وَيَسْتَفْتُوْنَكَ۠ … کے متعلق روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: یہ وہ یتیم لڑکی ہے جو کسی کی پرورش میں ہو، اس کی جائیداد میں اس کی شریک بھی ہو، وہ اس سے شادی کرنے کی بھی خواہش رکھتا ہو اور یہ بھی ناپسند کرتا ہو کہ اس کی شادی کسی اور سے کر دے تاکہ وہ اس کی جائیداد میں اس کا شریک نہ ہو جائے اور وہ اس کو روک رکھتا ہے۔ اس لئے اللہ نے ان کو اس سے روک دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5132
احمد بن مقدام نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ ابوحازم (سلمہ بن دینار) نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت سہل بن سعدؓ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے پاس بیٹھے تھے کہ اتنے میں ایک عورت آئی اور اس نے اپنے تئیں آپؐ کے سامنے پیش کیا۔ آپؐ نے نگاہ نیچی کرکے اس کو دیکھا اور نظر اٹھا کر دیکھا اور آپؐ نے اس کو نہ چاہا۔ آپؐ کے صحابہ میں سے ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! مجھ سے اس کا نکاح کردیجئے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تمہارے پاس کچھ ہے؟ وہ بولا: میرے پاس تو کچھ بھی نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: لوہے کی انگوٹھی بھی نہیں؟ اس نے کہا: (لوہے کی) انگوٹھی بھی نہیں۔ البتہ میں اپنی چادر پھاڑ دیتا ہوں اور آدھی اس کو دے دیتا ہوں اور آدھی میں لے لیتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ کیا تمہیں قرآن سے کچھ یاد ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ جو تمہیں قرآن یاد ہے اس کے عوض میں مَیں نے تم سے اس کا نکاح کردیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5133
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا) کہ نبی ﷺ نے ان سے شادی کی جبکہ وہ چھ سال کی تھیں۔ اور آپؐ کے پاس رخصتانہ ہوا جبکہ وہ نو برس کی تھیں۔ اور وہ آپؐ کے پاس نو برس رہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5134
معلی بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے اُن سے اس وقت نکاح کیا جبکہ وہ چھ سال کی تھیں۔ اور اُن کو گھر لائے جبکہ وہ نو برس کی تھیں۔ ہشام نے کہا: اور مجھے بتایا گیا کہ وہ آپؐ کے پاس نو برس رہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5135
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابوحازم (سلمہ بن دینار) سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعد (ساعدیؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: میں نے اپنے آپ کو ہبہ کر دیا ہے، اور وہ دیر تک ٹھہری رہی۔ اتنے میں ایک شخص نے کہا: اگر آپؐ کو اس کی حاجت نہ ہو تو مجھ سے ہی اس کی شادی کر دیں۔ آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے پوچھا: کیا تمہارے پاس کچھ ہے بھی کہ جو تُو اُسے مہر دے؟ وہ بولا: میرے پاس سوائے میرے تہ بند کے کچھ نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تم نے یہ تہ بند اس کو دے دیا تو تم بغیر تہ بند کے بیٹھ رہو گے۔ اس لئے کچھ اَور چیز ڈھونڈو۔ اس نے کہا: میں کسی چیز کی استطاعت نہیں رکھتا۔ آپؐ نے فرمایا: ڈھونڈو۔ گو لوہے کی انگوٹھی ہی سہی۔ مگر اس کو نہ ملی۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تمہیں کچھ قرآن بھی یاد ہے؟ اس نے کچھ سورتوں کا نام لے کر کہا: ہاں فلاں فلاں سورت۔ آپؐ نے فرمایا: اس قرآن کے بدلہ میں جو تمہیں یاد ہے ہم نے اس کا نکاح تم سے کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5136
معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے روایت کی کہ حضرت ابو ہریرہؓ نے انہیں بتایا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: بیوہ کا نکاح نہ کیا جائے جب تک کہ اس سے مشورہ نہ لیا جائے اور باکرہ کا بھی نکاح نہ کیا جائے جب تک کہ اُس سے اجازت نہ لی جائے۔ لوگوں نے پوچھا: یا رسول اللہ! اور اس کی اجازت کیسے ہوگی؟ آپؐ نے فرمایا: یہ کہ خاموش رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5137
عمرو بن ربیع بن طارق نے ہم سے بیان کیا۔ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے ابوعمرو (ذکوان) سے جو حضرت عائشہؓ کے غلام تھے، ابوعمرو نے حضرت عائشہؓ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! کنواری تو شرماتی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کی رضامندی اس کی خاموشی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5138
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن قاسم سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، انہوں نے عبدالرحمٰن اور مجمع سے جو دونوں یزید بن جاریہ کے بیٹے تھے۔ انہوں نے حضرت خنساء بنت خذام انصاریہؓ سے روایت کی کہ ان کے باپ نے ان کی شادی کردی اور وہ ثیبہ تھیں اور انہوں نے اس بات کو ناپسند کیا۔ وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئیں اور آپؐ نے باپ کا کیا ہوا نکاح ردّ کردیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5139
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ یزید (بن ہارون) نے ہمیں خبر دی کہ یحيٰ (بن سعید انصاری) نے ہمیں بتایا۔ قاسم بن محمد نے ان سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن یزید اور مجمع بن یزید نے ان کو بتایا کہ ایک شخص جس کو خذامؓ کرکے پکارتے تھے۔ اُس نے اپنی بیٹی کا نکاح کر دیا۔ پھر انہوں نے ایسی حدیث بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5140
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ نیز لیث (بن سعد) نے کہا کہ مجھے عقیل نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ عروہ بن زبیر نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا۔ اُن سے کہا: اماں جان! وَ اِنْ خِفْتُمْ اَلَّا تُقْسِطُوْا فِي الْيَتٰمٰى … مَا مَلَكَتْ اَيْمَانُكُمْ سے کیا مراد ہے؟ حضرت عائشہؓ نے کہا: میرے بھانجے یہ وہ یتیم لڑکی ہے جو اپنے سرپرست کی پرورش میں ہو اور وہ اس کی خوبصورتی اور اس کی جائیداد پر للچاتا ہے اور چاہتا ہے کہ اُس کو اس کا مہر کم مقرر کرے۔ اس لئے ان کو ایسی یتیم لڑکیوں کے ساتھ نکاح کرنے سے روک دیا گیا سوائے اس کے کہ وہ پورا مہر دے کر ان کے حق میں انصاف کرے۔ اور انہیں ان کے سوا دوسری عورتوں سے نکاح کرنے کا حکم دیا گیا۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: اس کے بعد لوگوں نے رسول اللہ ﷺ سے اس کے متعلق فتویٰ پوچھا تو اللہ نے یہ آیت نازل کی: وَيَسْتَفْتُوْنَكَ۠ فِي النِّسَآءِ … وَ تَرْغَبُوْنَ اَنْ تَنْكِحُوْهُنَّ۔ اس لئے اللہ عزوجل نے اس آیت میں ان کے لئے یہ حکم نازل کیا کہ یتیم لڑکی جب مالدار اور خوبصورت ہو تو وہ اس سے نکاح کرنے اور اس کے رشتہ داروں کے ساتھ تعلق پیدا کرنے اور مہر دینے کے خواہش مند ہوتے ہیں اور جب مال اور خوبصورتی کی کمی کی وجہ سے وہ ناپسندیدہ ہو تو اُس کو چھوڑ دیتے ہیں اور اس کے سوا اَور عورتیں لے لیتے ہیں۔ (حضرت عائشہؓ) فرماتی تھیں: جس طرح وہ اُس کو اُس وقت چھوڑ دیتے ہیں کہ جب وہ اس کی خواہش نہیں رکھتے تو انہیں جائز نہیں کہ وہ اس سے اس وقت نکاح کریں جبکہ وہ اس کے خواہش مند ہوں سوائے اس کے کہ اس کے لئے انصاف کریں اور اس کو اس کا وہ حق دیں جو کہ مہر میں زیادہ سے زیادہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5141
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم سے، ابو حازم نے حضرت سہل بن سعد (ساعدی) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک عورت نبی ﷺ کے پاس آئی اور اس نے اپنے تئیں آپؐ کے سامنے پیش کیا۔ آپؐ نے فرمایا: ان دنوں تو مجھے عورتوں کی کوئی ضرورت نہیں۔ یہ سن کر ایک شخص بولا: یا رسول اللہ! مجھ سے اس کا نکاح کر دیجئے۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تمہارے پاس کچھ ہے؟ وہ بولا میرے پاس کچھ بھی نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو کچھ دو گو لوہے کی انگوٹھی ہی۔ اُس نے کہا: میرے پاس تو کچھ بھی نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر قرآن سے تمہیں کیا کچھ یاد ہے؟ اُس نے کہا: فلاں فلاں سورة۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر میں نے اُسے تمہارے قبضے میں کر دیا ان سورتوں کے عوض میں جو تمہیں قرآن سے یاد ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5142
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے نافع سے سنا۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کہا کرتے تھے کہ نبی ﷺ نے روکا ہے کہ تم میں سے کوئی کسی کی بیع پر بیع کرے اور نہ ہی کوئی شخص اپنے بھائی کے پیغام نکاح پر پیغام بھیجے جب تک کہ وہ جو اُس سے پہلے پیام نکاح بھیجنے والا ہے چھوڑ نہ دے یا وہ اُس کو اجازت نہ دے دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah