کتاب 67: كتاب النکاح
صحیح بخاری, حصہ 6
صحیح بخاری 5163
اور ابراہیم (بن طہمان) نے ابوعثمان سے کہا۔ اور ان کا نام جعد (بن دینار) تھا۔ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت انسؓ بنی رفاعہ کی مسجد میں ہمارے سامنے سے گزرے۔ میں نے ان کو یہ کہتے سنا کہ نبی ﷺ کا یہ قاعدہ تھا کہ جب وہ حضرت اُم سلیمؓ کے پڑوس سے گزرتے تو ان کے پاس آتے اور ان کو سلام کہتے۔ پھر حضرت انسؓ نے کہا: نبی ﷺ کی حضرت زینبؓ سے شادی ہوئی تو مجھ سے حضرت ام سلیمؓ نے کہا: اگر ہم رسول اللہ ﷺ کو کوئی ہدیہ بھیجیں (تو اچھا ہے) میں نے ان سے کہا: بھیجیں۔ انہوں نے کچھ کھجوریں اور گھی اور پنیر لیا اور ان سے ہانڈی میں حلوہ بنایا اور میرے ذریعہ وہ حلوہ آپؐ کو بھیجا۔ میں وہ لے کر آپؐ کے پاس گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو رکھ دو۔ پھر آپؐ نے مجھے حکم دیا اور فرمایا: میرے پاس کچھ آدمی بلاؤ۔ آپؐ نے ان کا نام لیا اور (فرمایا کہ) جس کو بھی تم ملو اُس کو میرے پاس بلا لاؤ۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: جو آپؐ نے مجھے حکم دیا تھا میں نے وہ کیا۔ میں جو لوٹ کر آیا تو کیا دیکھتا ہوں کہ گھر لوگوں سے بھرا ہے اور میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ نے دونوں ہاتھ اس حلوہ پر رکھے اور جو اللہ نے چاہا اس حلوہ پر پڑھا۔ پھر دس دس کو اس میں سے کھانے کے لئے بلانے لگے اور ان سے فرماتے جاتے: اللہ کا نام لو اور ہر ایک شخص اپنے سامنے سے کھائے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: یہاں تک کھاتے رہے کہ سب خوب سیر ہو کر اس سے ہٹتے۔ اور اُن میں سے جنہوں نے جانا تھا چلے گئے اور کچھ تھوڑے سے رہ گئے جو باتیں کرتے تھے۔ کہتے تھے اور میں رنج محسوس کرنے لگا۔ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ دوسرے حجروں کی طرف چلے گئے اور میں بھی آپؐ کے پیچھے پیچھے گیا۔ میں نے کہا کہ وہ اب چلے گئے ہیں تو آپؐ لوٹ آئے، آپؐ گھر میں داخل ہوئے اور پردہ ڈال دیا اور ابھی میں حجرے میں ہی تھا اور آپؐ یہ آیت پڑھ رہے تھے: يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا … یعنی اے وہ جو مومن ہو نبی کے گھروں میں نہ جایا کرو سوائے اس کے کہ تم کو کھانے کے لئے اندر آنے کی اجازت دے مگر اس کے پکنے کا انتظار نہ کرتے رہا کرو۔ لیکن اگر تمہیں بلایا جائے تم اندر جاؤ اور جب تم کھا چکو تو منتشر ہو جایا کرو اور باتوں میں مزے لینے نہ لگ جایا کرو۔ یہ بات نبی کو تکلیف دیتی تھی اور وہ تم سے شرماتا تھا۔ اور اللہ حق بات کہنے سے نہیں جھینپتا۔ ابوعثمان (جعد بن دینار) نے کہا کہ حضرت انسؓ کہتے تھے: انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی دس سال خدمت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5164
عبید بن اسماعیل نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت اسماءؓ سے ہار لیا تھا اور وہ ضائع ہوگیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنے صحابہ میں سے کچھ لوگوں کو اس کی تلاش میں بھیجا اور انہیں نماز کا وقت آگیا اور انہوں نے بغیر وضو ہی نماز پڑھ لی۔ جب وہ نبی ﷺ کے پاس آئے تو انہوں نے آپؐ سے اس کا شکوہ کیا۔ تب تیمم کی آیت نازل ہوئی۔ اور حضرت اسید بن حضیرؓ (حضرت عائشہؓ سے) کہنے لگے: اللہ آپؓ کو بہتر بدلہ دے۔ کیونکہ اللہ کی قسم! آپؓ سے کبھی کوئی حادثہ پیش نہیں آیا مگر اللہ نے آپؓ کے لئے اس سے نکلنے کی کوئی نہ کوئی صورت ضرور پیدا کردی اور مسلمانوں کے لئے اس میں برکت ڈال دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5165
سعد بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے سالم بن ابی جعد سے، سالم نے کریب سے، کریب نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کرتے ہوئے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اگر ان میں سے کوئی جب وہ اپنی بیوی سے مباشرت کرنے لگے کہے: اللہ کے نام سے۔ اے اللہ! مجھ سے شیطان کو دُور رکھیو اور شیطان کو جو تم نے ہمیں دیا ہے اس سے دور رکھیو، تو پھر اس دعا کی وجہ سے ان دونوں سے ایسا بچہ مقدر ہوگا یا (فرمایا:) ایسا بچہ پیدا ہونے کے لئے فیصلہ کیا جائے گا کہ اس کو شیطان کبھی نقصان نہ پہنچا سکے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5166
یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ کہتے تھے: مجھے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے بتایا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے مدینہ آنے کے وقت دس برس کے تھے اور میری مائیں مجھے نبی ﷺ کی خدمت میں رہنے کے لئے ہمیشہ کہتی رہتی تھیں اور میں نے آپؐ کی دس سال خدمت کی اور نبی ﷺ اس وقت فوت ہوئے جب میں بیس سال کا تھا اور میں حجاب کے متعلق جب اس کا حکم نازل کیا گیا تمام لوگوں سے زیادہ واقف تھا اور پہلے پہل جو اس کا حکم نازل کیا گیا تو اس وقت جب رسول اللہ ﷺ حضرت زینب بنت جحشؓ کو اپنے گھر میں لائے۔ صبح جو نبی ﷺ اُٹھے تو آپؐ حضرت زینبؓ کے دولہا تھے۔ آپؐ نے لوگوں کو دعوت دی اور اُنہوں نے کھانا کھایا پھر چلے گئے اور اُن میں سے کچھ لوگ نبی ﷺ کے پاس بیٹھے رہے اور دیر تک بیٹھے رہے۔ آخر نبی ﷺ اُٹھ کر باہر چلے گئے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ گیا تا کہ وہ بھی چلے جائیں۔ نبی ﷺ چل پڑے اور میں بھی چلا یہاں تک کہ آپؐ حضرت عائشہؓ کے حجرے کی دہلیز پر آئے۔ پھر آپؐ نے خیال کیا کہ وہ چلے گئے ہیں اور آپؐ (یہ خیال کرکے) لوٹے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ لوٹا۔ جب حضرت زینبؓ کے پاس اندر آئے تو معلوم ہوا کہ ابھی وہ بیٹھے ہوئے ہیں، اُٹھے نہیں۔ یہ معلوم کرکے نبی ﷺ لوٹ گئے اور میں بھی لوٹا۔ جب آپؐ حضرت عائشہؓ کے حجرے کی دہلیز پر پہنچے اور خیال کیا کہ وہ نکل گئے ہوں گے تو آپؐ لوٹ آئے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ لوٹا تو کیا دیکھا کہ وہ نکل گئے تھے۔ تب نبی ﷺ نے میرے اور اپنے درمیان پردہ ڈال دیا اور حجاب کا حکم نازل کیا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5167
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: حمید (طویل) نے مجھے بتایا کہ اُنہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ سے پوچھا اور اُنہوں نے ایک انصاری عورت سے شادی کی تھی، تم نے اُس کو مہر کتنا دیا؟ اُنہوں نے عرض کیا، کھجور کی گٹھلی برابر سونا۔ اور (اِسی سند سے) حُمَید سے مروی ہے، اُنہوں نے کہا کہ میں نے حضرت انسؓ سے سنا وہ کہتے تھے کہ جب صحابہؓ مدینہ میں آئے تو مہاجرین انصار کے پاس اُترے اور حضرت عبدالرحمٰنؓ بن عوف حضرت سعدؓ بن ربیعؓ کے پاس اترے تھے۔ حضرت سعدؓ نے کہا: میں تمہیں اپنی جائیداد آدھی دئیے دیتا ہوں اور اپنی دونوں بیویوں میں سے ایک سے تمہارے لیے دست بردار ہو جاتا ہوں۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ نے کہا: اللہ تمہیں تمہاری بیویوں اور تمہارے مال میں برکت دے۔ پھر وہ منڈی کو گئے اور وہاں بیچا اور خریدا اور کچھ پنیر اور گھی نفع میں لیا اور آخر اُنہوں نے شادی کی اور نبی ﷺ نے اُن سے فرمایا: ولیمہ کرو گو ایک بکری سہی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5168
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کی اُنہوں نے فرمایا: نبی ﷺ نے اپنی عورتوں میں سے کسی کا ولیمہ اتنا نہیں کیا جتنا کہ حضرت زینبؓ کا۔ آپؐ نے ایک بکری سے ولیمہ کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5169
مسدد نے ہمیں بتایا کہ عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے شعیب سے، شعیب نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت صفیہؓ کو آزاد کیا اور ان سے شادی کی اور ان کی آزادی ہی اُن کا مہر ٹھہرائی اور ان کا ولیمہ ملیدہ سے کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5170
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ زُہیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بیان (بن بشر) سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے ایک عورت سے شادی کی۔ (دعوتِ ولیمہ پر بلانے کے لیے) آپؐ نے مجھے بھیجا تو میں کچھ لوگوں کو کھانے کے لئے بلا لایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5171
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ثابت سے روایت کی۔ ثابت نے کہا: حضرت انسؓ کے پاس حضرت زینب بنت جحشؓ کی شادی کا ذکر کیا گیا تو اُنہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ نے اپنی ازواج میں سے کسی کا ولیمہ اتنا کیا ہو جتنا کہ اُن کا کیا۔ آپؐ نے ایک بکری سے ولیمہ کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5172
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور بن صفیہ سے، منصور نے اپنی ماں حضرت صفیہ بنت شیبہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے اپنی بعض ازواج کا ولیمہ دو مُد جَو سے بھی کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5173
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی ولیمہ کے لیے بلایا جائے تو وہ اس میں آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5174
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: مجھے منصور (بن معتمر) نے بتایا۔ اُنہوں نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) سے، حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: قیدی کو چھڑاؤ اور دعوت پر بلانے والے کی دعوت قبول کرو اور بیمار کی عیادت کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5175
حسن بن ربیع نے ہم سے بیان کیا کہ ابوالاحوص (سلام بن سلیم) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اشعث (بن ابی شعثاء) سے، اشعث نے معاویہ بن سُوَید سے روایت کی کہ حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما نے کہا: ہمیں نبی ﷺ نے سات باتوں کے کرنے کا حکم دیا اور سات باتوں سے روکا۔ آپؐ نے ہمیں بیمار پرسی کرنے اور جنازوں کے ساتھ جانے اور چھینک مارنے والے کو دعا دینے اور قسم پوری کرنے اور مظلوم کی مدد کرنے اور عام طور پر سب کو سلام کرنے اور دعوت کرنے والے کی دعوت قبول کرنے کا حکم دیا اور آپؐ نے ہمیں سونے کی انگوٹھیاں پہننے اور چاندی کے برتن اور ریشمی زین پوشوں اور قسیّ استبرق اور دیباج (ریشم) کے استعمال کرنے سے روکا۔ (ابوالاحوص کی طرح) ابوعوانہ اور شیبانی نے بھی اشعث سے عام طور پر سب لوگوں کو سلام کرنے کے متعلق روایت کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5176
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم سے، ابو حازم نے حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ابو اُسید ساعدیؓ نے رسول اللہ ﷺ کو اپنی شادی میں دعوت دی اور ان کی بیوی ہی ان دنوں ان کے گھر کا کام کاج کرتی تھیں اور وہ اُس وقت دلہن بھی تھیں۔ حضرت سہلؓ نے کہا: تم جانتے ہو کہ اس نے رسول اللہ ﷺ کی کس مشروب سے تواضع کی؟ اس نے آپؐ کے لئے رات کو کھجوریں بھگو چھوڑیں جب آپؐ کھانا کھا چکے تو اس نے آپؐ کو وہی (مشروب) پلایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5177
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہا کرتے تھے کہ بدترین کھانا ولیمہ کا وہ کھانا ہے کہ جس کے لئے مال داروں کو بلایا جائے اور فقراء کو چھوڑ دیا جائے اور جس نے دعوت کو قبول نہ کیا، اس نے اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5178
عبدان نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے ابو حمزہ سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے ابو حازم سے، ابو حازم نے حضرت ابو ہریرہؓ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے بکری کے پائے کی بھی دعوت دی جائے تو میں ضرور قبول کروں اور اگر مجھے بکری کا پایہ تحفہ دیا جائے تو میں ضرور قبول کر لوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5179
علی بن عبداللہ بن ابراہیم (بغدادی) نے ہم سے بیان کیا کہ حجاج بن محمد (اعور) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: ابن جریج نے کہا: موسیٰ بن عقبہ نے مجھے خبر دی، موسیٰ نے نافع سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا، وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس دعوت کو قبول کیا کرو جب تمہیں اس کے لیے بلایا جائے۔ نافع نے کہا: حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) شادی وغیرہ کی دعوت میں جایا کرتے تھے جبکہ وہ روزہ دار بھی ہوتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5180
عبدالرحمٰن بن مبارک نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا کہ عبدالعزیز بن صہیب نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے کچھ عورتوں اور بچوں کو شادی سے آتے ہوئے دیکھا آپؐ خوشی سے اُٹھ کھڑے ہوئے اور فرمایا: بارے خدایا، تم مجھے تمام لوگوں سے پیارے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5181
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے نافع سے، نافع نے قاسم بن محمد (بن ابی بکر) سے، قاسم نے حضرت عائشہؓ نبی ﷺ کی زوجہ سے روایت کی۔ حضرت عائشہؓ نے اُنہیں بتایا کہ اُنہوں نے ایک گدا خریدا جس میں تصویریں تھیں۔ جب رسول اللہ ﷺ نے اس کو دیکھا تو دروازے پر ہی کھڑے ہو گئے اور اندر نہیں آئے۔ میں نے آپؐ کے چہرے پر ناپسندیدگی کو پہچانا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں اللہ اور اس کے رسولؐ کی طرف رجوع کرتی ہوں، میں نے کیا قصور کیا؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ گدا کیسا ہے؟ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں میں نے کہا: میں نے یہ آپؐ کے لیے خریدا ہے تا کہ آپؐ اس پر بیٹھا کریں اور اس پر تکیہ لگائیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ان تصویروں والوں کو قیامت کے دن سزا دی جائے گی اور اُن سے کہا جائے گا اب زندہ بھی کرو جنہیں تم نے بنایا۔ نیز آپؐ نے فرمایا: اور وہ گھر جس میں مورتیاں ہوں اس میں ملائکہ نہیں داخل ہوتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5182
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ ابوغسان (محمد بن مطرف) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: مجھے ابوحازم (سلمہ بن دینار) نے حضرت سہلؓ (بن سعد ساعدی) سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ اُنہوں نے کہا: جب ابو اُسید ساعدیؓ نے شادی کی تو اُنہوں نے نبی ﷺ اور آپؐ کے صحابہ کو دعوت دی تو اُن کی بیوی اُم اُسیدؓ نے ہی ان کے لئے کھانا بنایا اور اُن کے سامنے کھانا پیش کیا۔ اُنہوں نے رات کو ایک پتھر کے پیالے میں کچھ کھجوریں بگھو دیں جب نبی ﷺ کھانے سے فارغ ہوئے تو اُنہوں نے اسے آپؐ کے لیے حل کیا اور آپؐ کو خصوصیت سے بطور تحفہ یہ مشروب پلایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah