کتاب 77: كتاب اللباس
صحیح بخاری, حصہ 4
صحیح بخاری 5843
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے عبید بن حنین سے، عبید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے کہا: میں ایک برس تک انتظار کرتا رہا اور میں یہ چاہتا تھا کہ حضرت عمرؓ سے ان دو عورتوں کے متعلق پوچھوں، جنہوں نے نبی ﷺ کے برخلاف آپس میں ایکا کیا تھا مگر میں اُن سے ڈرتا رہا۔ ایک دن وہ ایک پڑاؤ میں اترے اور پیلو کے جھنڈ میں گئے۔ جب وہاں سے باہر آئے تو میں نے ان سے پوچھا۔ انہوں نے کہا: عائشہؓ اور حفصہؓ تھیں۔ پھر کہنے لگے: ہم زمانہ جاہلیت میں عورتوں کو کسی شمار میں بھی نہ سمجھتے تھے۔ جب اسلام آیا اور اللہ نے ان کا ذکر کیا، تو ہم اس وجہ سے ان کا اپنے ذمے حق سمجھنے لگے بغیر اس کے کہ انہیں اپنے معاملات میں سے کسی میں دخل دینے دیں اور میرے اور میری بیوی کے درمیان جو گفتگو ہوئی تو اس نے مجھ سے سخت کلامی کی۔ میں نے اس سے کہا: اچھا تم اس حد تک پہنچ گئی ہو۔ وہ کہنے لگی: تم مجھے یہ کہتے ہو اور تمہاری بیٹی تو نبی ﷺ کو تنگ کرتی رہتی ہے۔ یہ سن کر میں حفصہؓ کے پاس آیا اور میں نے اس سے کہا: میں تمہیں تنبیہ کرتا ہوں کہ اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی نہ کرنا پھر آپؐ کی تکلیف کے متعلق سن کر میں نے پہلے اس (حفصہؓ) کے پاس جاکر کہا۔ پھر میں اُم سلمہؓ کے پاس آیا اور ان سے کہا۔ وہ کہنے لگیں: عمرؓ ! میں تم پر حیران ہوں کہ تم اب ہمارے معاملات میں بھی دخل دینے لگ گئے ہو۔ اب یہی باقی رہ گیا تھا کہ تم رسول اللہ ﷺ اور ان کی ازواج کے درمیان بھی مداخلت کرو۔ انہوں نے بار بار یہی فقرہ دہرایا اور انصار میں سے ایک شخص تھا کہ جب وہ رسول اللہ ﷺ سے غیر حاضر ہوتا اور میں آپؐ کے پاس موجود ہوتا تو میں اس کے پاس وہ خبریں لاتا جو ہوتیں اور جب میں رسول اللہ ﷺ سے غیر حاضر ہوتا اور وہ موجود ہوتا تو میرے پاس وہ خبریں لاتا جو رسول اللہ ﷺ کے متعلق ہوتیں اور رسول اللہ ﷺ سے ارد گرد جتنے قبائل تھے وہ سب آپؐ کے لئے سیدھے ہوگئے اور کوئی باقی نہ رہا مگر غسان کا بادشاہ جو شام میں تھا۔ ہم ڈرتے تھے کہیں وہ ہم پر حملہ نہ کردے۔ یکایک مجھے معلوم ہوا کہ وہ انصاری ہے اور وہ کہہ رہا ہے کہ ایک بہت بڑا واقعہ ہوا ہے۔ میں نے اس سے پوچھا: وہ کیا ہے غسانی آن پہنچے؟ کہنے لگا: اس سے بھی بڑھ کر۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنی ازواج کو طلاق دے دی۔ میں آیا تو کیا ہے کہ ان کے حجروں سے رونے کی آواز آرہی ہے اور کیا دیکھتا ہوں کہ نبی ﷺ اپنے ایک بالا خانے میں اوپر تشریف لے گئے ہیں اور اس بالا خانے کے دروازے پر ایک غلام ہے۔ میں اس کے پاس آیا۔ میں نے کہا: میرے لئے اجازت مانگو۔ اس نے میرے لیے اجازت مانگی تو میں اندر گیا۔ میں نے دیکھا نبی ﷺ ایک بوریئے پر (لیٹے) ہیں اس نے آپؐ کے نشان ڈال دئیے ہیں اور آپؐ کے سر کے نیچے ایک چمڑے کا تکیہ ہے جس میں کھجور کی چھال بھری ہوئی ہے اور کیا دیکھتا ہوں کہ چند کچی کھالیں لٹک رہی ہیں اور کیکر کے کچھ پتے ہیں۔ میں نے جو حفصہؓ اور امّ سلمہؓ سے کہا تھا اور جو امّ سلمہؓ نے مجھے جواب دیا اس کا ذکر کیا۔ رسول اللہ ﷺ سن کر ہنس پڑے۔ آپؐ انتیس راتیں وہاں رہے پھر اس کے بعد اترے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5844
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف صنعانی) نے ہمیں بتایا کہ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زہری سے، زہری نے کہا: مجھے ہند بنت حارث نے خبر دی۔ ہند نے حضرت اُمّ سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی وہ فرماتی تھیں: نبی ﷺ رات کو جاگے اور آپؐ یہ فرما رہے تھے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں آج رات کیا کچھ فتنے اتارے گئے ہیں اور کیا کیا خزانے اتارے گئے ہیں۔ ان حجروں والیوں کو کون جگائے؟ کتنی ہی پہننے والی ہیں دنیا میں، جو قیامت کے دن ننگی ہوں گی زہری نے کہا اور ہند کی آستینوں میں اس کی انگلیوں کے درمیان بٹن ہوا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5845
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ اسحاق بن سعید بن عمرو بن سعید بن العاص نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ ان کے باپ نے کہا: حضرت اُمّ خالد بنت خالدؓ (بن سعید بن عاص) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس کچھ کپڑے لائے گئے جن میں ایک سیاہ اُونی دھاری دار چادر بھی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: تمہارا کیا خیال ہے کہ ہم یہ چادر کس کو پہنائیں؟ لوگ خاموش ہو رہے۔ آپؐ نے فرمایا: اُم خالدؓ کو میرے پاس لے آؤ۔ (حضرت اُمّ خالدؓ کہتی ہیں:) مجھے نبی ﷺ کے پاس لے گئے تو آپؐ نے اپنے ہاتھ سے مجھے یہ (چادر) پہنائی اور دوبار فرمایا: ہمیشہ ہی پہنتی رہو۔ آپؐ اس چادر کے بیل بوٹوں کو دیکھنے لگے اور اپنے ہاتھ سے میری طرف اشارہ کرتے اور فرماتے: اُمّ خالدؓ! هَذَا سَنَا اور سَنَا حبشی زبان میں اچھے کو کہتے ہیں۔ اسحاق (بن سعید) نے کہا کہ میرے رشتہ داروں میں سے ایک عورت نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے اس چادر کو حضرت اُمّ خالدؓ کو پہنے ہوئے دیکھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5846
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز سے، عبدالعزیز نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے منع فرمایا ہے کہ مرد زعفرانی رنگ استعمال کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5847
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے منع فرمایا کہ محرم ایسا کپڑا پہنے جو ورس یا زعفران سے رنگا ہوا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5848
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے روایت کی۔ ابواسحاق نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے سنا وہ کہتے تھے: نبی ﷺ میانہ قامت تھے اور میں نے آپؐ کو سرخ جوڑا پہنے ہوئے دیکھا میں نے آپؐ سے زیادہ حسین کسی کو نہیں دیکھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5849
قبیصہ (بن عقبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اشعس (بن ابی شعثاء) سے، اشعس نے معاویہ بن سوید بن مقرن سے، معاویہ نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ہمیں سات باتوں کا حکم دیا۔ بیمار کی عیادت کرنا اور جنازوں کے ساتھ جانا اور چھینکنے والے کو دعا سے جواب دینا، اور ہمیں ریشمی کپڑا اور دیباج اور قسی اور استبرق اور سرخ زین پوشوں کے استعمال سے منع فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5850
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید ابو مسلمہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انسؓ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ اپنی جوتیوں سمیت نماز پڑھ لیا کرتے تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5851
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے سعید مقبری سے، سعید نے عبید بن جریج سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے کہا: میں نے آپؓ کو ایسی چار باتیں کرتے دیکھا ہے کہ آپؓ کے ساتھیوں میں سے میں نے کسی کو بھی ان باتوں کو کرتے نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا: ابن جریج وہ کیا ہیں؟ ابن جریج نے کہا: میں نے آپؓ کو دیکھا ہے کہ آپؓ رکنوں میں سے صرف یمانی رکنوں کو ہی چھوتے ہیں اور میں نے آپؓ کو دیکھا ہے کہ آپؓ صاف سبتی جوتی پہنتے ہیں اور میں نے آپؓ کو دیکھا ہے کہ آپؓ زرد خضاب لگاتے ہیں اور میں نے آپؓ کو دیکھا ہے کہ جب آپؓ مکہ میں ہوں لوگ جب چاند کو دیکھتے ہیں تو لبیک پکارتے ہیں اور آپ لبیک نہیں پکارتے جب تک کہ آٹھویں تاریخ نہ ہوجائے۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے کہا: یہ جو رکن ہیں تو میں نے رسول اللہ ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ نے سوائے یمنی رکنوں کے کسی اور کو چھوا ہو اور جو صاف سبتی جوتے ہیں تو میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ وہی جوتی پہنا کرتے تھے جس میں بال نہ ہوتے اور ان کو پہنے ہوئے وضو کرتے اور میں بھی پسند کرتا ہوں کہ انہی کو پہنوں اور یہ جو زرد رنگ کا خضاب ہے تو میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ اس کا خضاب لگاتے تھے اس لئے میں بھی پسند کرتا ہوں کہ اس کا خضاب لگاؤں اور یہ جو لبیک پکارنا ہے تو میں نے رسول اللہ ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ اس وقت تک لبیک پکارتے ہوں جب تک کہ آپؐ کی اونٹنی آپؐ کو لے کر اٹھ کھڑی نہ ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5852
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ نے حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے منع فرمایا ہے کہ مُحرم ایسا کپڑا پہنے جو زعفران یا ورس سے رنگا ہوا ہو اور آپؐ نے فرمایا: جس کو جوتیاں میسر نہ ہوں وہ موزے ہی پہن لے اور وہ انہیں ٹخنوں کے نیچے تک کاٹ لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5853
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے جابر بن زید سے، جابر نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جس کے پاس تہ بند نہ ہو وہ پاجامہ ہی پہن لے اور جس کے پاس جوتیاں نہ ہوں تو وہ موزے ہی پہن لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5854
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھے اشعث بن سلیم نے بتایا کہ میں نے اپنے باپ سے سنا کہ وہ مسروق سے، مسروق حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے بتاتے تھے کہ آپ فرماتی تھیں: نبی ﷺ اپنے وضو غسل وغیرہ کرنے میں اور اپنی کنگھی کرنے میں اور اپنے جوتے پہننے میں داہنی طرف سے شروع کرنا پسند کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5855
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابو زناد سے، ابو زناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کوئی ایک ہی جوتا پہن کر نہ چلے یا تو دونوں پاؤں کو ننگا رکھے یا ان دونوں میں جوتا پہنے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5856
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی جوتا پہنے تو پہلے دائیں سے شروع کرے اور جب اتارے تو پہلے بائیں سے شروع کرے۔ دایاں پاؤں جوتا پہنتے وقت پہلے ہو اور اتارتے وقت آخری ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5857
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا کہ نبی ﷺ کی جوتی میں دو دو تسمے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5858
محمد (بن مقاتل) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ نے ہمیں خبر دی کہ عیسیٰ بن طہمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالکؓ دو جوتے لے کر ہمارے پاس باہر آئے ان دونوں میں دو، دو تسمے تھے۔ ثابت بنانی نے کہا: یہ نبی ﷺ کا جوتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5859
محمد بن عرعرہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمر بن ابی زائدہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عون بن ابی جحیفہ سے، عون نے اپنے باپ سے روایت کی۔ ان کے باپ نے کہا: میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ اس وقت چمڑے کے ایک سرخ خیمے میں تھے اور میں نے بلالؓ کو دیکھا کہ انہوں نے نبی ﷺ کے وضو سے بچا ہوا پانی لیا اور لوگ اس پانی کے لئے لپک رہے تھے۔ جس نے اس میں سے کچھ پایا اسے اپنے بدن پر مل لیا اور جس نے اس میں سے کچھ نہ پایا اس نے اپنے ساتھی کے ہاتھ کی تری کو ہی لے لیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5860
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ حضرت انس بن مالک ؓ نے مجھے بتایا۔ اور لیث (بن سعد) نے کہا کہ مجھے یونس نے بتایا۔ یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا: مجھے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے بتایا۔ وہ کہتے تھے: نبی صلی اللہ علیہ وسلّم نے انصار کو بلا بھیجا اور ان کو چمڑے کے ایک خیمے میں جمع کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5861
محمد بن ابی بکر (مقدمی) نے مجھ سے بیان کیا کہ معتمر (بن طرخان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبید اللہ (عمری) سے، عبید اللہ نے سعید سے، سعید نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن (بن عوف) سے، ابوسلمہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ رات کو ایک بوریا سے حجرہ سا بنا لیتے تھے اور (اس میں) نماز پڑھتے تھے اور دن کو اسے بچھا لیتے اور اس پر بیٹھتے تو لوگ نبی ﷺ کے پاس اِدھر اُدھر سے اکٹھے ہونے لگتے اور آپؐ کی نماز کے ساتھ نماز پڑھتے یہاں تک کہ وہ بہت ہوگئے۔ آپؐ ان سے مخاطب ہوئے اور فرمایا: لوگو! اتنے ہی عمل کرو جتنی کہ تم طاقت رکھتے ہو کیونکہ اللہ تو نہیں اکتاتا مگر تم ہی اکتا جاتے ہو اور اللہ کو وہی عمل زیادہ پیارا ہے جو ہمیشہ ہوتا رہے گو تھوڑا ہی ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5862
اور لیث نے کہا: ابن ابی ملیکہ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت مسور بن مخرمہؓ سے روایت کی کہ ان کے باپ مخرمہؓ نے ان سے کہا: اے میرے بیٹے! مجھے یہ خبر پہنچی ہے کہ نبی ﷺ کے پاس کچھ قبائیں آئی ہیں اور آپؐ ان کو تقسیم کر رہے ہیں چلو ہم بھی آپؐ کے پاس جائیں۔ چنانچہ ہم گئے اور نبی ﷺ کو اپنے گھر میں پایا تو مخرمہؓ نے مجھ سے کہا: اے میرے بیٹے نبی ﷺ کو میرے پاس بلاؤ۔ میں نے اس کو بہت ہی برا سمجھا۔ میں نے کہا: کیا میں رسول اللہ ﷺ کو آپ کے پاس بلاؤں؟ انہوں نے کہا: بیٹا! وہ مغرور نہیں ہیں۔ تب میں نے آپؐ کو بلایا، آپؐ باہر آئے اور آپؐ پر ایک ریشمی قبا تھی جسے سونے کے بٹن لگے ہوئے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: مخرمہؓ یہ ہم نے تمہارے لئے چھپا رکھی ہے اور آپؐ نے وہ ان کو دے دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah