کتاب 78: كتاب الأدب
صحیح بخاری, حصہ 10
صحیح بخاری 6150
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن عروہ نے ہمیں خبر دی۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: حضرت حسان بن ثابتؓ نے رسول اللہ ﷺ سے مشرکوں کی ہجو کرنے کی اجازت مانگی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میرے خاندان کی کیونکر ہجو کرو گے؟ حضرت حسانؓ نے کہا: میں آپؐ کو ان سے اس طرح نکال دوں گا جیسے بال آٹے سے نکالا جاتا ہے۔ اور (اسی سند سے) ہشام بن عروہ سے مروی ہے۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت عائشہؓ کے سامنے حضرت حسانؓ کو بُرا بھلا کہنے لگا تو انہوں نے کہا: اسے بُرا نہ کہو کیونکہ وہ رسول اللہ ﷺ کی مدافعت کیا کرتا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6151
اصبغ (بن فرج) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ بن وہب نے مجھے خبر دی۔ یونس نے مجھ سے بیان کیا۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ ھَیثم بن ابی سنان نے اُنہیں بتایا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے ان کے واقعات کے بیان کرنے کے اثنا میں سنا، وہ نبیﷺ کا ذکر کرتے تھے، کہتے تھے: تمہارا ایک بھائی ہے جو بیہودہ نہیں کہتا۔ آپ کی مراد اس سے حضرت ابن رواحہؓ تھے۔ انہوں نے (ہی یہ شعر) کہا ہے: ہم میں اللہ کے رسول ہیں جو اُس کی کتاب پڑھ کر سناتے ہیں اُس وقت جب صبح کی پَو پھوٹ رہی ہوتی ہے۔ اس نے ہمیں اندھے پن کے بعد سیدھا راہ دکھایا جس سے ہمارے دل یقین کئے ہوتے ہیں کہ جو اُس نے کہا وہ ہو کر رہے گا۔ وہ رات اس طرح گزارتا ہے کہ اس کا پہلو اس کے بستر سے الگ رہتا ہے جبکہ بستر کافروں سے بوجھل ہو رہے ہوتے ہیں۔ (یونس کی طرح) عقیل نے بھی اس حدیث کو زُہری سے نقل کیا۔ اور زبیدی نے بھی زُہری سے نقل کیا۔ (انہوں نے اس کی سند یوں بیان کی) سعید اور اعرج سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6152
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ نیز اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے میرے بھائی (عبدالحمید) نے بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے، سلیمان نے محمد بن ابی عتیق سے، ابن ابی عتیق نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن بن عوف سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت حسان بن ثابت انصاریؓ سے سنا۔ وہ حضرت ابوہریرہؓ سے شہادت لے رہے تھے، کہتے تھے: ابوہریرہؓ! میں تمہیں اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کیا تم نے رسول اللہ ﷺ سے سنا کہ آپؐ فرماتے تھے: اے حسان! رسول اللہ کی طرف سے جواب دو۔ اے اللہ! روح القدس سے اس کی تائید فرما۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: ہاں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6153
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی بن ثابت سے، عدی نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے حضرت حسانؓ سے فرمایا: ان کی ہجو کرو یا فرمایا: ان کی ہجو کا جواب دو اور جبریل تمہارے ساتھ ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6154
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ حنظلہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سالم سے، سالم نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کسی کا پیٹ پیپ سے بھر جائے تو یہ اس کے لئے بہتر ہے کہ شعر سے بھرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6155
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے ابو صالح سے سنا۔ ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ کہ آدمی کا پیٹ پیپ سے بھر جائے یہاں تک کہ وہ اُسے خراب کرکے رکھ دے، یہ اس کے لئے بہتر ہوگا اس سے کہ وہ شعر سے بھرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6156
یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں کہ افلح نے جو ابوالقعیس کے بھائی تھے حجاب کا حکم نازل ہونے کے بعد میرے پاس آنے کی اجازت مانگی۔ میں نے کہا: بخدا میں اسے اس وقت تک اجازت نہ دوں گی جب تک کہ رسول اللہ ﷺ سے اجازت نہ لوں گی کیونکہ ابوالقعیس کا بھائی تو وہ نہیں ہے جس نے مجھے دودھ پلایا بلکہ ابوالقعیس کی بیوی نے مجھے دودھ پلایا ہے۔ اتنے میں رسول اللہ ﷺ میرے پاس آئے میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ شخص تو وہ نہیں ہے جس نے مجھے دودھ پلایا تھا بلکہ اس کی بیوی نے مجھے دودھ پلایا۔ آپؐ نے فرمایا: تیرا بھلا ہو، انہیں اجازت دو کیونکہ وہ تمہارے چچا ہیں۔ عروہ کہتے تھے: اسی وجہ سے حضرت عائشہؓ کہا کرتی تھیں کہ دودھ پلانے کی وجہ سے وہ رشتے حرام سمجھو جو نسب کی وجہ سے حرام ہوتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6157
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ حکم نے ہم سے بیان کیا۔ حکم نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے اسوَد سے، اسوَد نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: نبی ﷺ نے (حج سے واپسی کے لیے) کوچ کرنے کا ارادہ کیا تو حضرت صفیہؓ کو اپنے خیمے کے دروازے پر اداس غمگین دیکھا کیونکہ انہیں حیض آگیا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: عَقْرَى حَلْقَى یہ قریش کا محاورہ ہے۔ تم تو اَب ہمیں روکے رکھو گی۔ پھر آپؐ نے پوچھا: کیا تم نے قربانی کے دن طواف زیارت کر لیا تھا؟ کہنے لگیں: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر کوچ کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6158
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابونضر سے جو عمر بن عبیداللہ کے غلام تھے روایت کی کہ ابومُرہ نے جو حضرت اُم ہانیؓ بنت ابی طالب کے غلام تھے انہیں بتایا کہ انہوں نے حضرت اُم ہانیؓ بنت ابی طالب سے سنا۔ وہ کہتی تھیں: جس سال مکہ فتح کیا گیا میں رسول اللہ ﷺ کے پاس گئی۔ میں نے آپؐ کو نہاتے ہوئے پایا اور آپؐ کی بیٹی فاطمہؓ نے آپؐ کو پردہ کیا ہوا تھا۔ میں نے آپؐ کو سلام کیا۔ آپؐ نے پوچھا: یہ کون ہے؟ میں نے کہا: میں ابوطالب کی بیٹی اُمّ ہانی ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا آنا ہو اُمّ ہانی، خوشی سے آئیں۔ جب آپؐ اپنے نہانے سے فارغ ہوگئے آپؐ کھڑے ہوگئے اور آپؐ نے ایک ہی کپڑے میں لپٹے ہوئے آٹھ رکعتیں نماز پڑھی۔ جب نماز سے فارغ ہو کر مڑے میں نے کہا: یا رسول اللہ! میری ماں کا بیٹا یہ کہتا ہے کہ وہ اس شخص کو مار ڈالے گا جس کو میں نے پناہ دی ہے یعنی فلاں بن ہُبَیرہ۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اُمّ ہانی! ہم نے اس کو پناہ دی جس کو تم نے پناہ دی۔ حضرت اُم ہانیؓ کہتی تھیں: اور یہ چاشت کا وقت تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6159
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ایک شخص کو دیکھا جو قربانی کا اُونٹ ہانکنے لئے جا رہا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: اس پر سوار ہو جاؤ۔ وہ کہنے لگا: یہ تو قربانی کا اُونٹ ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس پر سوار ہو جاؤ۔ وہ کہنے لگا: یہ تو قربانی کا اُونٹ ہے۔ آپؐ نے فرمایا: تم پر افسوس، اس پر سوار ہو جاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6160
قتیبہ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کو دیکھا جو قربانی کا اُونٹ ہانکنے لئے جارہا تھا۔ آپؐ نے اُسے فرمایا: اس پر سوار ہو جاؤ۔ اُس نے کہا: یا رسول اللہ! یہ تو قربانی کا اونٹ ہے۔ آپؐ نے دوسری یا تیسری دفعہ فرمایا: وَيْلَكَ اس پر سوار ہو جاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6161
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت بنانی سے، ثابت نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ نیز (حماد نے) ایوب سے، انہوں نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ ایک سفر میں تھے۔ آپؐ کے ساتھ آپؐ کا ایک حبشی غلام تھا جسے انجشہ کہتے تھے۔ وہ حُدِی گاتے ہوئے (اُونٹوں کو) چلا رہا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے اُسے فرمایا: وَيْحَكَ، اے انجشہ! ان شیشوں کو آہستہ آہستہ چلاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6162
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ وُہَیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد سے، خالد نے عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس ایک شخص نے کسی شخص کی تعریف کی۔ آپؐ نے تین بار فرمایا: وَيْلَكَ، تم نے اپنے بھائی کی گردن کاٹ ڈالی۔ تم میں سے جس نے ضرور تعریف ہی کرنی ہو، اگر وہ اس کے متعلق علم رکھتا ہے تو وہ یہ کہے: میں فلاں کو یوں سمجھتا ہوں اور اللہ اس کو خوب جانتا ہے اور میں اللہ کے ہاں کسی کو پاک نہیں ٹھہراتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6163
عبدالرحمٰن بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا۔ ولید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اوزاعی سے، اوزاعی نے زُہری سے، زُہری نے ابوسلمہ اور ضحاک سے، دونوں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک دن نبی ﷺ کوئی مال تقسیم کر رہے تھے۔ اتنے میں ذوالخویصرہ نے کہا جو بنی تمیم میں سے ایک شخص تھا: یا رسول اللہ! انصاف کیجئے۔ آپؐ نے فرمایا: وَيْلَكَ، کون انصاف کرے گا اگر میں نے انصاف نہ کیا؟ حضرت عمرؓ بولے: مجھے اجازت دیں کہ اس کی گردن اڑا دوں، فرمایا: نہیں، اس کے کچھ ایسے ساتھی ہوں گے کہ تم میں سے ایک اپنی نماز کو اُن کی نمازوں کے مقابل پہ اور اپنے روزوں کو اُن کے روزوں کے سامنے حقیر سمجھے گا۔ وہ دین سے ایسے نکلیں گے جیسے تیر شکار سے پار نکل جاتا ہے کہ اس کے پیکان کو دیکھا جائے تو اس میں کچھ (خون) نہ پایا جائے۔ پھر اس کے پٹھے کو دیکھا جائے تو اس میں بھی کچھ نہ پایا جائے۔ پھر اس کی لکڑی کو دیکھا جائے تو اس میں بھی کچھ نہ پایا جائے۔ پھر پیکان کی نوک کے سرے کو دیکھا جائے تو اس میں بھی کچھ نہ پایا جائے۔ وہ تو لید اور خون سب کو چھوڑ کر نکل گیا۔ وہ ایسے وقت میں پیدا ہوں گے جب لوگوں میں تفرقہ ہوگا۔ ان کی نشانی یہ ہوگی کہ اُن میں ایک شخص ہوگا جس کا ایک ہاتھ عورت کے پستان کی طرح یا گوشت کے لوتھڑے کی طرح تھل تھل ہل رہا ہوگا۔ حضرت ابوسعید (خدریؓ) کہتے تھے: میں گواہی دیتا ہوں کہ میں نے یہ نبی ﷺ سے سنا۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ میں اس وقت حضرت علیؓ کے ساتھ تھا جب انہوں نے اُن لوگوں سے جنگ کی۔ پھر مقتولوں میں اسے ڈھونڈا گیا۔ آخر اسے لایا گیا۔ بالکل وہی حلیہ تھا جو نبی ﷺ نے بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6164
محمد بن مقاتل ابوالحسن نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ اوزاعی نے ہمیں خبر دی، کہا: ابن شہاب نے مجھ سے بیان کیا۔ ابن شہاب نے حُمَید بن عبدالرحمٰن سے، حُمَید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! میں ہلاک ہوگیا۔ آپؐ نے فرمایا: وَيْحَكَ۔ اس نے کہا: میں رمضان میں اپنی بیوی سے مباشرت کر بیٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: ایک گردن آزاد کردو۔ اس نے کہا: میں تو اس کی قطعاً طاقت نہیں رکھتا۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر دو مہینے لگاتار روزے رکھو۔ بولا: میں یہ بھی نہیں کر سکتا۔ آپؐ نے فرمایا: پھر ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلاؤ۔ کہنے لگا: مجھے اس کی بھی طاقت نہیں۔ اتنے میں ایک ٹوکرا لایا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے لو اور اسے صدقہ میں دو۔ کہنے لگا: یا رسول اللہ! کیا اپنے گھر والوں کے سوا اوروں کو؟ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے مدینہ کے دونوں کناروں کے درمیان مجھ سے زیادہ کوئی محتاج نہیں۔ (یہ سن کر) نبی ﷺ اتنا ہنسے کہ آپؐ کے دانت نظر آئے۔ آپؐ نے فرمایا: تم ہی یہ لے لو۔ (اوزاعی کی طرح) یونس نے بھی زُہری سے روایت کی اور عبدالرحمٰن بن خالد نے زہری سے (وَيْحَكَ کی بجائے) وَيْلَكَ نقل کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6165
سلیمان بن عبدالرحمٰن نے ہم سے بیان کیا کہ ولید نے ہمیں بتایا۔ ابوعمرو اوزاعی نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن شہاب زُہری نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عطاء بن یزید لیثی سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک گنوار نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے ہجرت کے متعلق بتائیں۔ آپؐ نے فرمایا: وَيْحَكَ۔ ہجرت کا معاملہ تو بہت ہی مشکل ہے۔ کیا تمہارے کچھ اُونٹ ہیں؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم اُن کا صدقہ دیتے ہو؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر ان سمندروں کے پار رَہ کر بھی عمل کرتے رہو تو اللہ تعالیٰ تمہارے کسی عمل کا ثواب دینے میں تمہارے ساتھ کوئی کمی نہیں کرے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6166
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن حارث نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے واقد بن محمد بن زید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: وَيْلَكُمْ یا (فرمایا:) وَيْحَكُمْ۔ شعبہ نے کہا: (واقد) نے شک کیا (کہ کونسا لفظ فرمایا) تم میرے بعد پھر کافر نہ ہوجائیو کہ ایک دوسرے کی گردن اُڑاتے پھرو۔ اور نضر نے شعبہ سے وَيْحَكُمْ نقل کیا۔ اور عمر بن محمد نے اپنے باپ سے وَيْلَكُمْ یا وَيْحَكُمْ نقل کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6167
عمرو بن عاصم نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ اہل بادیہ میں سے ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا۔ کہنے لگا: یا رسول اللہ! وہ گھڑی کب برپا ہونے والی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: وَيْلَكَ، تم نے اس کے لئے کیا سامان تیار کر رکھا ہے؟ وہ کہنے لگا: میں نے اس کے لئے کوئی سامان تیار نہیں کیا۔ صرف اتنی بات ہے کہ میں اللہ اور اس کے رسول سے محبت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: تم انہی کے ساتھ ہو گے جن سے تم محبت رکھتے ہو۔ (یہ سُن کر) ہم نے کہا: اور کیا ہم (کل) اسی طرح ہوں گے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں، تو ہم اس دن بہت ہی خوش ہوئے۔ اتنے میں مغیرہ کا ایک لڑکا گزرا اور وہ میرے ہم عمروں میں سے تھا۔ آپؐ نے فرمایا: اگر یہ زندہ رہا تو اِس کو بڑھاپا نہیں آئے گا کہ وہ گھڑی برپا ہوگی۔ اور شعبہ نے قتادہ سے روایت کرتے ہوئے اس حدیث کو مختصر بیان کیا۔ (انہوں نے اپنی سند میں یوں کہا:) میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6168
بشر بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان سے، سلیمان نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: آدمی انہی کے ساتھ ہوتا ہے جن سے محبت رکھتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6169
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر )بن عبدالحمید( نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے تھے: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! آپؐ اس شخص کے متعلق کیا فرماتے ہیں جو کسی قوم سے محبت رکھے اور ان سے ملا نہ ہو؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: آدمی انہی کے ساتھ ہوتا ہے جن سے محبت رکھتا ہے۔ (جریر بن عبدالحمید کی طرح) اس حدیث کو جریر بن حازم اور سلیمان بن قرم اور ابوعوانہ نے بھی اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah