کتاب 78: كتاب الأدب
صحیح بخاری, حصہ 9
صحیح بخاری 6130
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ ابو معاویہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام (بن عروہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نبی ﷺ کے پاس گڑیوں سے کھیلا کرتی تھی۔ میری کچھ سہیلیاں تھیں جو میرے ساتھ کھیلا کرتی تھیں۔ رسول اللہ ﷺ جب اندر آتے تو وہ آپؐ کو دیکھ کر (کوٹھڑی میں) جا چھپتی تھیں۔ پھر آپؐ ان کو میرے پاس بھیج دیتے اور وہ میرے ساتھ کھیلتی رہتیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6131
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ (محمد) ابن منکدر نے اُن سے بیان کیا۔ انہوں نے عروہ بن زبیر سے روایت کی کہ حضرت عائشہؓ نے انہیں بتایا کہ ایک شخص نے نبی ﷺ کے پاس اندر آنے کی اجازت مانگی۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو اندر آنے دو۔ بہت بُرا بیٹا ہے یا فرمایا: بہت بُرا بھائی ہے خاندان کا۔ جب وہ اندر آیا تو آپؐ نے اس سے نرمی سے باتیں کیں۔ میں نے آپؐ سے عرض کیا: یا رسول اللہ! آپؐ نے جو فرمایا تھا، فرمایا تھا۔ پھر آپؐ نے گفتگو کرتے وقت اس سے نرمی کی۔ آپؐ نے فرمایا: عائشہ! اللہ کے نزدیک رتبہ کے لحاظ سے لوگوں میں سے بدترین شخص وہ ہے جسے لوگ اس کی بداخلاقی سے بچنے کی وجہ سے چھوڑ دیں۔ آپؐ نے تَرَكَهُ فرمایا یا وَدَعَهُ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6132
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ (اسماعیل) ابن عُلَیہ نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی ملیکہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کو دیباج کی کچھ قبائیں آئیں جن میں سونے کے بٹن لگے ہوئے تھے، آپؐ نے وہ اپنے صحابہ میں سے کچھ لوگوں میں تقسیم فرمائیں اور اُن میں سے ایک حضرت مخرمہؓ کے لیے الگ کر لی۔ جب وہ آئے تو آپؐ نے فرمایا: تمہارے لئے میں نے یہ چھپا رکھی تھی۔ ایوب نے کہا: یعنی اپنے کپڑے میں جسے آپؐ انہیں دکھا رہے تھے اور مخرمہؓ کے مزاج میں کچھ تیزی تھی۔ اور حماد بن زید نے بھی ایوب سے اس حدیث کو روایت کیا ہے۔ اور حاتم بن وردان نے (اپنی سند میں یوں) کہا: ہم سے ایوب نے بیان کیا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے حضرت مسورؓ سے روایت کی (کہ اس میں یوں ہے:) نبی ﷺ کے پاس کچھ قبائیں آئیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6133
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے زُہری سے، زہری نے (سعید) ابن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: مؤمن ایک ہی سوراخ سے دوبارہ نہیں ڈسا جاتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6134
اسحاق بن منصور نے ہم سے بیان کیا کہ روح بن عبادہ نے ہمیں بتایا۔ حسین نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے، ابوسلمہ نے حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ میرے پاس آئے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا مجھے نہیں بتایا گیا کہ تم رات کو کھڑے عبادت کرتے ہو اور دن کو روزے رکھتے ہو؟ میں نے عرض کیا: جی ہاں ضرور۔ آپؐ نے فرمایا: ایسا نہ کرو۔ اُٹھ کر عبادت بھی کرو اور سو بھی اور روزہ بھی رکھو اور افطار بھی کرو کیونکہ تمہارے جسم کا بھی تم پر حق ہے اور تمہاری آنکھوں کا بھی تم پر حق ہے اور تم سے ملاقات کرنے والے کا بھی تم پر حق ہے اور تمہاری بیوی کا بھی تم پر حق ہے اور امید ہے کہ تمہاری عمر لمبی ہو اور تمہارے لئے یہ کافی ہے کہ مہینہ میں تین روزے رکھو کیونکہ ہر نیکی کا بدلہ اس سے دس گنا ہے۔ یہ گویا ساری عمر کے روزے ہوئے (حضرت عبداللہ بن عمروؓ) کہتے تھے: میں نے سختی کی اور مجھ پر سختی کی گئی۔ میں نے کہا: میں اور بھی طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر ہفتہ میں تین روزے رکھو۔ کہتے تھے: میں نے سختی کی اور مجھ پر سختی کی گئی۔ میں نے کہا: میں اور بھی طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر اللہ کے نبی داؤدؑ کا روزہ رکھو۔ میں نے کہا: اللہ کے نبی حضرت داؤدؑ کا روزہ کیا تھا؟ آپؐ نے فرمایا: آدھی عمر کے روزے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6135
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوشریح کعبیؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو تو چاہیئے کہ وہ اپنے مہمان کی میزبانی عزت سے کرے، جو ایک دن اور رات ہے اور مہمان نوازی تین دن ہے۔ اس کے بعد جو ہے وہ صدقہ ہے۔ اور اس کے لئے درست نہیں کہ وہ اس کے پاس اتنی دیر ٹھہرا رہے کہ اس کو تنگ کر ڈالے۔ اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھ سے ایسی ہی حدیث بیان کی اور یہ بڑھایا کہ جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو تو وہ بھلی بات کہے یا خاموش رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6136
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ (عبدالرحمٰن) ابن مہدی نے ہمیں بتایا۔ سفیان نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان نے ابوحصین سے، ابوحصین نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو وہ اپنے ہمسایہ کو نہ ستائے اور جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو وہ مہمان سے عزت سے پیش آئے اور جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو وہ بھلی بات کہے یا خاموش رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6137
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی حبیب سے، یزید نے ابوالخیر سے، ابوالخیر نے حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ہم نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ ہمیں بھیجا کرتے ہیں تو ہم ایسے لوگوں کے پاس اُترتے ہیں کہ وہ ہماری مہمانی نہیں کرتے۔ آپؐ کا کیا خیال ہے؟ تو رسول اللہ ﷺ نے ہم سے فرمایا: اگر تم کسی قوم کے پاس اُترو اور وہ تمہیں وہ دلوائیں جو مہمان کے لئے چاہیئے تو اُن سے قبول کرلو اور اگر وہ نہ دیں تو اُن سے مہمان کا وہ حق لے لو جو اُنہیں دینا چاہیئے تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6138
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زُہری سے، زہری نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جو اللہ پر اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو تو چاہیئے کہ اپنے مہمان سے عزت سے پیش آئے اور جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو تو چاہیئے کہ وہ صلہ رحمی کرے اور جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو تو چاہیئے کہ بھلی بات کرے یا خاموش رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6139
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ جعفر بن عون نے ہمیں بتایا۔ ابوالعُمیس نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عون بن ابی جحیفہ سے، عون نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت سلمانؓ اور حضرت ابودرداءؓ کو آپس میں بھائی بھائی بنایا۔ حضرت سلمانؓ حضرت ابودرداءؓ کو ملنے گئے تو انہوں نے حضرت اُم درداءؓ کو کام کاج کرنے کے معمولی کپڑے پہنے دیکھا۔ حضرت سلمانؓ نے ان سے پوچھا: تمہاری یہ کیا حالت ہے ؟ وہ کہنے لگیں: (تمہارا بھائی ابودرداءؓ) اس کو دنیا کی کوئی خواہش نہیں۔ اتنے میں حضرت ابودرداءؓ آگئے تو انہوں نے ان کے لئے کھانا تیار کیا اور کہا: تم کھاؤ کیونکہ میں تو روزے دار ہوں۔ حضرت سلمانؓ نے کہا: میں تو نہیں کھاؤں گا جب تک کہ تم بھی نہ کھاؤ اور حضرت ابودرداءؓ نے کھایا، جب رات ہوئی تو حضرت ابودرداءؓ کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ حضرت سلمانؓ نے کہا: سوجاؤ اور وہ سوگئے، پھر وہ اٹھنے لگے، انہوں نے کہا: سوئے رہو۔ جب پچھلی رات ہوئی حضرت سلمانؓ نے کہا: اب اُٹھو۔ (حضرت ابو جحیفہؓ) کہتے تھے: ان دونوں نے نماز پڑھی پھر حضرت سلمانؓ نے ان سے کہا: تمہارے ربّ کا بھی تم پر حق ہے اور تمہارے نفس کا بھی تم پر حق ہے اور تمہاری بیوی کا بھی تم پر حق ہے سو ہر حقدار کو اس کا حق دو، پھر حضرت ابودرداءؓ نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ سے اس کا ذکر کیا، نبی ﷺ نے (سن کر) فرمایا: سلمانؓ نے سچ کہا۔ حضرت ابو جحیفہؓ وہب سوائی ہیں جنہیں وہب الخیر بھی کہتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6140
عیاش بن ولید نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالاعلیٰ نے ہمیں بتایا۔ سعید جُرَیری نے ہم سے بیان کیا۔ سعید نے ابوعثمان سے، ابوعثمان نے حضرت عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حضرت ابوبکرؓ نے چند لوگوں کی ضیافت کی اور عبدالرحمٰنؓ سے کہا: اپنے مہمانوں کا خیال رکھنا کیونکہ میں نبی ﷺ کے پاس جارہا ہوں۔ میرے آنے سے پہلے پہلے ان کی مہمانی سے فارغ ہوجانا۔ عبدالرحمٰنؓ گئے اور ان کے پاس ماحضر لائے اور کہنے لگے: کھانا کھا لیں۔ انہوں نے کہا: صاحب خانہ کہاں ہیں؟ عبدالرحمٰنؓ نے کہا: آپ کھائیے۔ وہ بولے: ہم تو نہیں کھائیں گے جب تک کہ ہمارے صاحب خانہ نہ آجائیں۔ عبدالرحمٰنؓ نے کہا: آپ ہم سے جو آپ کی مہمانی ہے قبول کیجئے کیونکہ اگر وہ آئے اور آپ نے کھانا نہ کھایا تو ہمیں ان سے ڈانٹ پڑے گی۔ انہوں نے نہ مانا اور میں سمجھا کہ حضرت ابوبکرؓ مجھ پر ناراض ہوں گے۔ جب وہ آئے تو میں اُن سے ایک طرف ہوگیا۔ انہوں نے کہا: تم نے کیا کیا؟ تو گھر والوں نے انہیں بتایا۔ حضرت ابوبکرؓ نے پکارا: عبدالرحمٰنؓ! میں خاموش ہو رہا۔ پھر انہوں نے کہا: عبدالرحمٰنؓ! پھر میں خاموش رہا۔ پھر کہنے لگے: ارے بیوقوف! میں تمہیں قسم دیتا ہوں اگر تم میری آواز سن رہے ہو تو ضرور ہی آجاؤ۔ میں سن کر باہر آیا۔ میں نے کہا: اپنے مہمانوں سے پوچھئے۔ وہ کہنے لگے: حضرت عبدالرحمٰنؓ نے سچ کہا ہے۔ وہ ہمارے پاس کھانا لائے تھے۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: اچھا تم نے میرا انتظار کیا، اللہ کی قسم میں آج رات کھانا نہیں کھاؤں گا اور دوسروں نے کہا: اللہ کی قسم ہم بھی کھانا نہیں کھائیں گے جب تک کہ آپؓ نہ کھائیں۔ حضرت ابوبکرؓ کہنے لگے: میں نے کبھی ایسی بُری رات نہیں دیکھی۔ تم پر افسوس! تم کیسے ہو؟ تم ہم سے جو تمہاری مہمانی ہے قبول کیوں نہیں کرتے؟ اپنا کھانا لاؤ۔ چنانچہ ان کے پاس آیا تو انہوں نے اپنا ہاتھ رکھا اور کہا: بسم اللہ، پہلی حالت شیطان کی تھی، اور حضرت ابوبکرؓ نے کھایا اور مہمانوں نے بھی کھایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6141
محمد بن مثنیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ابن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان (بن طرخان) سے، سلیمان نے ابوعثمان سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ عنہما کہتے تھے کہ حضرت ابوبکرؓ اپنے ایک مہمان کو یا (کہا) اپنے مہمانوں کو لائے اور شام کے وقت نبی ﷺ کے پاس چلے گئے۔ پھر جب وہ آئے تو میری ماں کہنے لگیں: آج رات آپؓ اپنے مہمان یا (کہا) مہمانوں سے رُکے رہے۔ کہنے لگے: کیا آپؓ نے انہیں کھانا نہیں کھلایا؟ وہ بولیں: ہم نے اس کے سامنے یا (کہا) اُن کے سامنے پیش کیا تھا انہوں نے انکار کیا یا (کہا) اس نے انکار کیا۔ یہ سن کر حضرت ابوبکرؓ ناراض ہوئے اور بُرا بھلا کہا اور قسم کھائی کہ وہ کھانا نہیں کھائیں گے۔ میں یہ سن کر چھپ گیا اور انہوں نے پکارا: ارے بیوقوف۔ پھر اُس عورت نے بھی قسم کھائی کہ وہ کھانا نہیں کھائے گی جب تک کہ ابوبکرؓ نہ کھائیں گے اور اس مہمان نے یا (کہا) مہمانوں نے بھی قسم کھائی کہ وہ کھانا نہیں کھائے گا یا نہیں کھائیں گے جب تک کہ ابوبکرؓ نہ کھائیں گے۔ یہ دیکھ کر حضرت ابوبکرؓ کہنے لگے: یہ حالت تو ایسی معلوم ہوتی ہے گویا شیطان سے ہے۔ یہ کہہ کر انہوں نے کھانا منگوایا۔ خود بھی کھایا اور انہوں نے بھی کھایا۔ وہ جس لقمہ کو بھی اٹھاتے تھے ضرور ہی اس کے نیچے سے اس سے بھی زیادہ بڑھتا جاتا تھا۔ حضرت ابوبکرؓ نے (اپنی زوجہ سے) کہا: بنی فراس کی بہن! یہ کیا ہے؟ وہ بولیں: میری آنکھ کی ٹھنڈک کی قسم کہ یہ کھانا تو اب اس سے بھی زیادہ ہے کہ جو ہمارے کھانے سے پہلے تھا۔ ان مہمانوں نے کھایا اور حضرت ابوبکرؓ نے کچھ کھانا نبی ﷺ کو بھی بھیجا۔ اور (حضرت عبدالرحمٰنؓ نے) ذکر کیا کہ آپؐ نے بھی اس سے کھایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6142
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا جو زید کے بیٹے ہیں۔ حماد نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے بُشَیر بن یسار سے جو انصار کے غلام تھے، بُشَیر نے حضرت رافع بن خدیجؓ اور حضرت سہل بن ابی حثمہؓ سے روایت کی کہ ان دونوں نے ان سے بیان کیا کہ حضرت عبداللہ بن سہلؓ اور حضرت محیّصہ بن مسعودؓ خیبر میں گئے اور نخلستان میں الگ ہوگئے تو حضرت عبداللہ بن سہلؓ وہاں مار ڈالے گئے۔ حضرت عبدالرحمٰن بن سہلؓ اور حویّصہ اور محیّصہ جو حضرت مسعودؓ کے بیٹے تھے نبی ﷺ کے پاس آئے اور وہ تینوں اپنے ساتھی کے متعلق بات کرنے لگے تو حضرت عبدالرحمٰنؓ نے شروع کیا اور وہ ان تینوں میں چھوٹے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: جو بڑا ہے اس کو بڑا رہنے دو۔ یحيٰ (بن سعید) نے یوں کہا: جو بڑا ہے اس کو پہلے بات کرنے دو۔ انہوں نے اپنے ساتھی کے متعلق بات کی تو نبی ﷺ نے (سن کر) فرمایا: کیا تم میں سے پچاس آدمیوں کے قسم کھانے پر تم اپنے مقتول یا فرمایا: اپنے ساتھی کی دیت لینے کے مستحق ہو جاؤ گے؟ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ ایسا امر ہے کہ ہم نے اس کو دیکھا نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر یہود اپنے میں سے پچاس کے قسم کھانے پر تمہارے سامنے بری ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! وہ کافر لوگ ہیں۔ آخر رسول اللہ ﷺ نے اپنی طرف سے (حضرت عبداللہ بن سہلؓ کے) وارثوں کو دیت دی۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: ان اونٹوں میں سے مجھے بھی ایک اونٹنی ملی اور وہ ان کے تھان میں جا گھسی اور اس نے مجھے ایک لات ماری۔ لیث نے کہا: مجھے یحيٰ نے بُشَیر سے، بُشَیر نے حضرت سہلؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ یحيٰ کہتے تھے: میں سمجھتا ہوں کہ بُشَیر نے یوں کہا: حضرت رافع بن خدیجؓ کے ساتھ۔ اور ابن عیینہ نے (یوں) کہا کہ ہم سے یحيٰ نے بُشَیر سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ بُشَیر نے اکیلے حضرت سہلؓ سے ہی روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6143
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا جو زید کے بیٹے ہیں۔ حماد نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے بُشَیر بن یسار سے جو انصار کے غلام تھے، بُشَیر نے حضرت رافع بن خدیجؓ اور حضرت سہل بن ابی حثمہؓ سے روایت کی کہ ان دونوں نے ان سے بیان کیا کہ حضرت عبداللہ بن سہلؓ اور حضرت محیّصہ بن مسعودؓ خیبر میں گئے اور نخلستان میں الگ ہوگئے تو حضرت عبداللہ بن سہلؓ وہاں مار ڈالے گئے۔ حضرت عبدالرحمٰن بن سہلؓ اور حویّصہ اور محیّصہ جو حضرت مسعودؓ کے بیٹے تھے نبی ﷺ کے پاس آئے اور وہ تینوں اپنے ساتھی کے متعلق بات کرنے لگے تو حضرت عبدالرحمٰنؓ نے شروع کیا اور وہ ان تینوں میں چھوٹے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: جو بڑا ہے اس کو بڑا رہنے دو۔ یحيٰ (بن سعید) نے یوں کہا: جو بڑا ہے اس کو پہلے بات کرنے دو۔ انہوں نے اپنے ساتھی کے متعلق بات کی تو نبی ﷺ نے (سن کر) فرمایا: کیا تم میں سے پچاس آدمیوں کے قسم کھانے پر تم اپنے مقتول یا فرمایا: اپنے ساتھی کی دیت لینے کے مستحق ہو جاؤ گے؟ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ ایسا امر ہے کہ ہم نے اس کو دیکھا نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر یہود اپنے میں سے پچاس کے قسم کھانے پر تمہارے سامنے بری ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! وہ کافر لوگ ہیں۔ آخر رسول اللہ ﷺ نے اپنی طرف سے (حضرت عبداللہ بن سہلؓ کے) وارثوں کو دیت دی۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: ان اونٹوں میں سے مجھے بھی ایک اونٹنی ملی اور وہ ان کے تھان میں جا گھسی اور اس نے مجھے ایک لات ماری۔ لیث نے کہا: مجھے يحيٰ نے بُشَیر سے، بُشَیر نے حضرت سہلؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ يحيٰ کہتے تھے: میں سمجھتا ہوں کہ بُشَیر نے یوں کہا: حضرت رافع بن خدیجؓ کے ساتھ۔ اور ابن عیینہ نے (یوں) کہا کہ ہم سے يحيٰ نے بُشَیر سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ بُشَیر نے اکیلے حضرت سہلؓ سے ہی روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6144
مسدّد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے روایت کی کہ نافع نے مجھے بتایا۔ نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایسا درخت بتاؤ جس کی مثال مسلمان کی مثال ہے۔ وہ اپنا پھل اپنے ربّ کے حکم سے ہر وقت دیتا ہے اور اس کے پتے نہیں گرتے۔ میرے دل میں آیا کہ وہ کھجور ہے مگر میں نے بُرا جانا کہ میں بات کروں اور وہاں حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ بھی ہیں۔ جب وہ نہ بولے نبی ﷺ نے فرمایا: وہ کھجور ہے۔ جب میں اپنے باپ کے ساتھ باہر نكلا تو میں نے کہا: ابا! میرے دل میں آیا تھا کہ وہ کھجور ہے۔ انہوں نے کہا: تمہیں یہ کہنے سے کس نے روکا؟ اگر تم نے کہہ دیا ہوتا تو یہ مجھے ایسی ایسی بات سے زیادہ پسند تھا۔ (حضرت ابن عمرؓ نے) کہا: مجھے صرف اسی بات نے روکا کہ میں نے آپؓ کو اور حضرت ابوبکرؓ کو بات کرتے نہیں دیکھا اس لئے میں نے بُرا جانا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6145
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ زُہری نے کہا: مجھے ابوبکر بن عبدالرحمٰن نے خبر دی کہ مروان بن حکم نے انہیں بتایا کہ عبدالرحمٰن بن اسود بن عبد یغوث نے اُن سے بیان کیا۔ حضرت اُبَيّ بن کعبؓ نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بعض شعروں میں بھی حکمت ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6146
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود بن قیس سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جندب (بن عبداللہ بجلیؓ) سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ایک بار نبی ﷺ چلے جا رہے تھے کہ آپؐ کو ایک پتھر لگا جس سے آپؐ نے ٹھوکر کھائی اور آپؐ کی انگلی زخمی ہو گئی۔ آپؐ نے فرمایا: تو ایک انگلی ہی ہے نا جو زخمی ہوئی، اور اللہ ہی کی راہ میں ہے وہ تکلیف جو تجھے پہنچی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6147
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ (عبدالرحمٰن) ابن مہدی نے ہمیں بتایا۔ سفیان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبدالملک سے روایت کی۔ ابوسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: نہایت ہی سچی بات جو کسی شاعر نے کہی ہے وہ لبید کی یہ بات ہے: سنو ہر شے اللہ کے سوا بے حقیقت ہے۔ اور امیّہ بن ابی الصلت قریب تھا کہ وہ مسلمان ہو جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6148
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی عبید سے، یزید نے حضرت سلمہ بن اَکوَعؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ خیبر کی طرف نکلے۔ ہم رات کو چلے تو لوگوں میں سے ایک شخص نے عامر بن اکوَعؓ سے کہا: کیا آپؓ ہمیں اپنے شعروں سے کچھ نہیں سنائیں گے؟ (حضرت سلمہؓ) کہتے تھے: عامرؓ شاعر آدمی تھے۔ وہ نیچے اُترے اور لگے لوگوں کو حدی پڑھ کر سنانے۔ یہ شعر پڑھتے تھے: اے اللہ! اگر تو نہ ہوتا تو ہم بھی کبھی ہدایت نہ پاتے اور نہ صدقہ دیتے اور نہ نماز پڑھتے۔ ہمارے گناہوں پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے ہم سے درگزر فرما، ہم تیرے قربان ہوں جب تک ہم باقی رہیں اور اگر ہماری مڈبھیڑ ہو تو قدموں کو مضبوط رکھیو اور ہمارے دلوں میں سکینت ڈال۔ ہمیں جب جنگ کے لئے للکارا گیا ہے تو ہم بھی اب آگئے ہیں اور وہ تو ان للکاروں سے ہم پر چڑھ آئے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے سن کر فرمایا: یہ اونٹوں کو چلانے والا کون ہے؟ لوگوں نے کہا: عامر بن اکوَعؓ۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ اس پر رحم کرے۔ لوگوں میں سے ایک شخص نے کہا: اے اللہ کے نبی! وہ تو اَب شہید ہو چکے۔ کاش آپؐ ہمیں ان سے فائدہ اُٹھانے دیتے۔ انہوں نے کہا: ہم خیبر میں پہنچے اور ہم نے ان کا اتنی دیر تک محاصرہ کئے رکھا کہ ہمیں سخت بھوک لگی۔ پھر اللہ تعالیٰ نے خیبر کو ان (مسلمانوں) کے لئے فتح کروا دیا۔ جب لوگ اس دن کی شام کو آئے کہ جس دن ان کے لئے وہ فتح کیا گیا تھا تو انہوں نے بہت سی آگیں جلائیں۔ رسول اللہ ﷺ نے دیکھ کر فرمایا: یہ آگیں کیا ہیں؟ کیا چیز پکانے کے لئے جلا رہے ہو؟ لوگوں نے کہا: گوشت پکانے کے لئے۔ آپؐ نے فرمایا: کس کا گوشت؟ انہوں نے کہا: پالتو گدھوں کا گوشت۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ان ہانڈیوں کو اُنڈیل دو اور انہیں توڑ دو۔ ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! ہم انہیں انڈیل دیتے ہیں اور انہیں دھو لیتے ہیں۔ فرمایا: یا یہی سہی۔ جب لوگ صف آراء ہوئے تو عامرؓ کی تلوار کچھ چھوٹی تھی۔ انہوں نے اس سے یہودی پر وار کیا کہ اس کو مار دیں تو کیا ہوا کہ ان کی تلوار کی نوک جو لَوٹی تو عامرؓ کے گھٹنے میں لگی جس سے وہ فوت ہو گئے۔ جب لوگ لَوٹے تو حضرت سلمہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے ڈھیلا، رنگ بدلا ہوا دیکھا آپؐ نے مجھے فرمایا: تمہیں کیا ہوا؟ میں نے عرض کیا: میرے ماں باپ آپؐ پر قربان! لوگ کہتے ہیں کہ عامرؓ کے سب اعمال اکارت گئے۔ آپؐ نے فرمایا: کس نے یہ کہا؟ میں نے کہا: فلاں اور فلاں اور فلاں شخص اور اُسَید بن حُضَیر انصاریؓ نے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جھوٹ بولا جس نے یہ کہا۔ اس کو تو دُہرا اجر ملے گا۔ اور آپؐ نے اپنی دونوں انگلیوں کو اکٹھا کیا۔ کیونکہ وہ تو عابد بھی تھا اور مجاہد بھی۔ کم ہی کوئی عرب ہے جو اس زمین میں اس جیسا پیدا ہوا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6149
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ حضرت انسؓ نے کہا: نبی ﷺ اپنی ازواج میں سے کسی کے پاس آئے اور ان کے ساتھ حضرت اُم سُلَیمؓ بھی تھیں۔ آپؐ نے فرمایا: افسوس اے انجشہ! ان شیشوں کو آہستہ آہستہ لے چلو۔ ابوقلابہ نے کہا: نبی ﷺ نے ایک ایسا فقرہ کہا اگر تم میں سے کوئی کہے تو تم اس کے لئے اسے معیوب گردانو۔ (یعنی آپؐ کا یہ قول: شیشوں کو آہستہ آہستہ لے چلو۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah