کتاب 78: كتاب الأدب
صحیح بخاری, حصہ 11
صحیح بخاری 6170
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت ابو موسیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے کہا گیا کہ ایک شخص کچھ لوگوں سے محبت رکھتا ہے اور وہ ابھی تک ان سے ملا نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: آدمی انہی کے ساتھ ہوتا ہے جن سے وہ محبت رکھتا ہے۔ (سفیان کی طرح) اس حدیث کو ابو معاویہ اور محمد بن عبید نے بھی روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6171
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ (عثمان مروَزی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے عمرو بن مُرّہ سے، عمرو نے سالم بن ابی جعد سے، سالم نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ سے پوچھا: یا رسول اللہ! وہ گھڑی کب ہو گی؟ آپؐ نے فرمایا: تم نے اس کے لئے کیا سامان تیار کر رکھا ہے؟ وہ بولا: میں نے اس کے لئے کچھ بہت نمازیں تیار نہیں رکھیں اور نہ روزے اور نہ صدقے مگر یہ بات ضرور ہے کہ میں اللہ اور اس کے رسول سے محبت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: تم انہی کے ساتھ ہو گے جن سے محبت رکھتے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6172
ابو الولید نے ہم سے بیان کیا کہ سلم بن زریر نے ہمیں بتایا۔ میں نے ابورجاء سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے ابن صائد سے فرمایا: میں نے تمہارے لئے ایک بات دل میں ٹھانی ہے وہ کیا ہے؟ اس نے کہا: دُخْ۔ آپؐ نے فرمایا: چل دُور ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6173
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ زُہری نے کہا: مجھے سالم بن عبداللہ نے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے انہیں بتایا کہ حضرت عمر بن خطابؓ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ آپؐ کے صحابہ میں سے کچھ لوگوں کے سمیت ابن صیاد کی طرف چلے گئے۔ آخر آپؐ نے اسے بنی مغالہ کے محلوں میں بچوں کے ساتھ کھیلتے پایا۔ اور ابن صیاد ان دنوں جوانی کے قریب پہنچ چکا تھا۔ اُسے علم نہ ہوا یہاں تک کہ رسول اللہ ﷺ نے اس کی پیٹھ پر اپنا ہاتھ مارا پھر فرمایا: کیا تو گواہی دیتا ہے کہ میں اللہ کا رسول ہوں؟ ابن صیاد نے آپؐ کی طرف دیکھا اور کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ آپؐ ان اُمیوں کے رسول ہیں۔ پھر ابن صیاد نے کہا: کیا آپؐ گواہی دیتے ہیں کہ میں اللہ کا رسول ہوں؟ تو نبی ﷺ نے اس کو دھکیلا۔ پھر فرمایا: میں اللہ اور اس کے رسولوں پر ایمان لایا۔ پھر ابن صیاد سے فرمایا: تم کیا دیکھتے ہو؟ کہنے لگا: میرے پاس سچا بھی آتا ہے اور جھوٹا بھی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بات تمہارے پر مشتبہ ہوگئی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں نے تمہارے لئے دل میں کچھ ٹھانا ہے۔ وہ کہنے لگا: وہ دُخّ ہی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: چل دور ہو۔ تم اپنے اندازے سے ہرگز نہ بڑھ سکو گے۔ حضرت عمرؓ بولے: یا رسول اللہ! آپؐ مجھے اجازت دیتے ہیں کہ اس کی گردن اڑادوں؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر تو یہ وہی ہے تو تمہیں اس پر قابو نہیں دیا جائے گا اور اگر وہ نہیں ہوا تو اُس کے مارنے میں تمہارا کوئی بھلا نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6174
سالم نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: اس کے بعد رسول اللہ ﷺ اور حضرت اُبَیّ بن کعب انصاریؓ اس نخلستان کا قصد کرتے ہوئے گئے جس میں ابن صیاد تھا۔ جب رسول اللہ ﷺ باغ میں داخل ہوئے تو رسول اللہ ﷺ کھجوروں کے تنوں کی آڑ میں بچتے ہوئے چلنے لگے اور آپؐ ابن صیاد سے چپکے سے کچھ سننا چاہتے تھے پیشتر کہ وہ آپؐ کو دیکھے۔ اور ابن صیاد اپنے بستر پر اپنی ایک چادر اوڑھے ہوئے لیٹا ہوا تھا جس میں سے کچھ گنگنانے یا بھنبھنانے کی سی آواز آرہی تھی۔ ابن صیاد کی ماں نے نبی ﷺ کو دیکھ لیا جبکہ آپؐ کھجوروں کے تنوں کی آڑ میں چھپتے ہوئے چلے آرہے تھے۔ ابن صیاد سے کہنے لگی: اے صاف! اور یہ اس کا نام تھا۔ یہ تو محمدؐ آن پہنچے۔ یہ سن کر ابن صیاد چپ ہوگیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر اسے رہنے دیتی تو ظاہر ہو جاتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6175
سالم کہتے تھے: حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ لوگوں میں کھڑے ہوئے اور اللہ کی وہ کچھ تعریف کی جس کا وہ اہل ہے۔ پھر آپؐ نے دجال کا ذکر کیا اور فرمایا: میں تمہیں اس کے خطرے سے آگاہ کئے دیتا ہوں اور کوئی بھی ایسا نبی نہیں ہے جس نے اپنی قوم کو اس کے خطرے سے نہ ڈرایا ہو۔ نوحؑ نے بھی اپنی قوم کو اس سے ڈرایا۔ مگر میں تمہیں اس کے متعلق ایسی بات بتاتا ہوں جو کسی نبی نے اپنی قوم کو نہیں بتائی۔ تم یہ جان لو کہ وہ کانا ہے اور اللہ کانا نہیں۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: خَسَأْتُ الْكَلْبَ یعنی میں نے کتے کو دور کر دیا۔ خٰسِـِٕيْنَ کے معنی ہیں: دُور رکھے جانے والے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6176
عمران بن میسرہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ ابو تیاح نے ہم سے بیان کیا۔ ابو تیاح نے ابو جمرہ سے، ابو جمرہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب عبدالقیس کے نمائندے نبی ﷺ کے پاس آئے آپؐ نے فرمایا: ان نمائندوں کو مرحبا ہو جو آئے ہیں، نہ رسوا ہوں اور نہ پشیمان۔ نمائندوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم ربیعہ کا ایک قبیلہ ہیں اور ہمارے اور آپؐ کے درمیان مضر حائل ہیں اور ہم آپؐ تک صرف ماہِ حرام میں ہی پہنچ سکتے ہیں۔ اس لئے آپؐ ہمیں ایک فیصلہ کن بات کا حکم فرمائیں کہ جس سے ہم جنت میں داخل ہو جائیں اور (اس پر عمل کرنے کے لئے) ہم ان کو بھی دعوت دیں جو ہمارے پیچھے ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: چار باتیں ہیں: نماز کو سنوار کر پڑھو اور زکوٰة دو اور رمضان کے روزے رکھو اور جو غنیمت تم حاصل کرو اُس کا پانچواں حصہ دو۔ اور کدو کے تونبے اور لاکھی مرتبان اور لکڑی کے کُریدے ہوئے برتن اور رال لگے ہوئے برتن میں نہ پیا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6177
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبیﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: دغا باز کے لئے قیامت کے دن ایک جھنڈا اُٹھایا جائے گا۔ کہا جائے گا: یہ فلاں بن فلاں کی دغا بازی کا نشان ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6178
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: دغا باز جو ہے اس کے لئے قیامت کے دن ایک جھنڈا نصب کیا جائے گا اور کہا جائے گا: یہ فلاں بن فلاں کی دغا بازی کا نشان ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6179
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا کہ تم میں سے کوئی (طبیعت کی خرابی کے لئے) یوں ہرگز نہ کہے: خَبُثَتْ نَفْسِي۔ بلکہ یوں کہہ لے: لَقِسَتْ نَفْسِي۔ کہ میرے نفس میں غفلت پیدا ہو گئی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6180
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے زُہری سے، زہری نے حضرت ابو امامہ بن سہلؓ سے، حضرت ابو امامہؓ نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی (طبیعت کی خرابی کے لئے) یوں ہرگز نہ کہے کہ خَبُثَتْ نَفْسِي بلکہ یوں کہہ لے: لَقِسَتْ نَفْسِي۔ (یونس کی طرح) اس حدیث کو عقیل نے بھی بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6181
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ ابوسلمہ نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ فرماتا ہے: بنو آدم زمانے کو گالی دیتے ہیں حالانکہ میں ہی زمانہ ہوں۔ میرے ہاتھ میں ہی رات اور دن ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6182
عیاش بن ولید نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالاعلیٰ نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے زُہری سے، زہری نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبیﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: انگور کو کرم نہ کہو اور نہ یوں کہو: زمانے کا ستیاناس۔ کیونکہ اللہ ہی زمانہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6183
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زُہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اور لوگ (انگور کو) کرم کہتے ہیں۔ کرم تو مؤمن کا دل ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6184
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی۔ سعد بن ابراہیم نے مجھے بتایا۔ سعد نے عبداللہ بن شداد سے، عبداللہ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے کبھی نہیں سنا کہ آپؐ سوائے حضرت سعدؓ کے کسی اور کو یوں کہتے ہوں کہ میرے ماں باپ تم پر قربان۔ میں نے آپؐ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: تیر پھینکو۔ میرے ماں باپ تم پر قربان۔ اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ اُحد کا دن تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6185
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ بشر بن مفضل نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن ابی اسحاق نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ وہ اور حضرت ابوطلحہؓ نبی ﷺ کے ساتھ آرہے تھے۔ اور نبی ﷺ کے ساتھ حضرت صفیہؓ تھیں جنہیں آپؐ نے اپنے پیچھے اپنی اُونٹنی پر سوار کیا ہوا تھا۔ جب راستے میں کسی جگہ پہنچے تو اُونٹنی نے ٹھوکر کھائی۔ تو نبی ﷺ اور وہ عورت بھی گر پڑی اور (حضرت انسؓ) کہتے تھے: میرا خیال ہے کہ حضرت ابوطلحہؓ اپنے اُونٹ سے جلدی سے کود پڑے اور رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور کہنے لگے: اللہ کے نبی! اللہ مجھے آپؐ کے قربان کرے۔ کیا آپؐ کو کوئی چوٹ تو نہیں لگی؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ لیکن اس عورت کی خبر لو۔ تو حضرت ابوطلحہؓ نے اپنے منہ پر اپنا کپڑا ڈال لیا اور حضرت صفیہؓ کی طرف گئے اور اپنا کپڑا اُن پر ڈال دیا۔ وہ عورت اُٹھی اور حضرت ابوطلحہؓ نے ان دونوں کے لئے اُن کی اُونٹنی پر پالان مضبوطی سے باندھ دیا اور وہ دونوں سوار ہو کر چل پڑے۔ جب مدینہ کی اونچی سطح پر پہنچے یا کہا: مدینہ کے اُوپر پہنچے، نبی ﷺ نے فرمایا: ہم لوٹ کر آرہے ہیں، اپنے ربّ کے حضور توبہ کرتے ہیں، اپنے ربّ کی ہی عبادت کرنے والے، اسی کی ستائش کرنے والے ہیں۔ آپؐ یہی کلمات بار بار دہراتے رہے یہاں تک کہ مدینہ پہنچے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6186
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ (سفیان) ابن عیینہ نے ہمیں خبر دی۔ (محمد) ابن منکدر نے ہم سے بیان کیا۔ محمد نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم میں سے کسی شخص کے ہاں لڑکا پیدا ہوا اور اُس نے اُس کا نام قاسم رکھا۔ ہم نے کہا: ہم تو تمہیں ابوالقاسم کی کنیت سے نہیں پکاریں گے اور نہ تمہیں یہ عزت دیں گے۔ اس نے نبی ﷺ کو یہ بتایا۔ آپؐ نے فرمایا: تم اپنے بیٹے کا نام عبدالرحمٰن رکھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6187
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ خالد نے ہمیں بتایا۔ حصین نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سالم سے، سالم نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم میں سے ایک شخص کے ہاں لڑکا پیدا ہوا تو اُس نے اس کا نام قاسم رکھا۔ لوگ کہنے لگے: ہم اس کو اس کنیت سے نہیں پکاریں گے جب تک کہ ہم نبیؐ سے پوچھ نہ لیں۔ آپؐ نے فرمایا: میرے نام پر نام رکھو اور میری کنیت پر تم اپنی کنیت نہ رکھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6188
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابن سیرین سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت ابوہریرہ ؓ سے سنا۔ (وہ کہتے تھے کہ) ابوالقاسم ﷺ نے فرمایا: تم میرے نام پر نام رکھو اور میری کنیت پر اپنی کنیت نہ رکھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6189
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے (محمد) ابن منکدر سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا کہ ہم میں سے ایک شخص کے ہاں لڑکا پیدا ہوا۔ اُس نے اس کا نام قاسم رکھا۔ لوگوں نے کہا: ہم تو تمہیں ابوالقاسم کی کنیت سے نہیں پکاریں گے اور تمہاری آنکھ ٹھنڈی نہیں کریں گے۔ تو (یہ سن کر) وہ نبی ﷺ کے پاس آیا۔ اُس نے آپؐ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: تم اپنے بیٹے کا نام عبدالرحمٰن رکھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah