کتاب 78: كتاب الأدب
صحیح بخاری, حصہ 6
صحیح بخاری 6070
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے صفوان بن محرز سے روایت کی کہ ایک شخص نے حضرت ابن عمرؓ سے پوچھا: آپؓ نے رسول اللہ ﷺ سے سرگوشی کے متعلق کیا فرماتے سنا؟ انہوں نے کہا: تم میں سے ایک اپنے ربّ کے اتنا قریب ہو جائے گا کہ وہ اپنا پہلو اس پر جھکا دے گا اور فرمائے گا تم نے ایسا اور ایسا کیا ؟ وہ کہے گا: ہاں۔ وہ فرمائے گا: تم نے ایسا ایسا کیا؟ وہ کہے گا: ہاں۔ پھر اسی طرح اس سے اقرار کرائے گا اور اس کے بعد فرمائے گا: میں نے دنیا میں تم پر پردہ پوشی کی اور میں آج بھی تمہارے گناہوں پر پردہ پوشی کرتے ہوئے انہیں معاف کر دیتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6071
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ معبد بن خالد قیسی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت حارثہ بن وہب خزاعی ؓ سے، حضرت حارثہ ؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کیا میں تمہیں جنتی نہ بتاؤں؟ ہر کمزور جو عاجزی سے زندگی بسر کرتا ہے، وہ جو اگر اللہ کو بھی قسم دے تو اس کی قسم کو ضرور ہی پورا کرے۔ کیا میں تمہیں دوزخی نہ بتاؤں؟ ہر ایک اَکھڑ، بدخلق، مغرور۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6072
اور محمد بن عیسیٰ نے کہا کہ ہشیم نے ہم سے بیان کیا کہ حمید طویل نے ہمیں بتایا۔ حضرت انس بن مالکؓ نے ہم سے بیان کیا، کہا: اہل مدینہ کی لونڈیوں میں سے ایک لونڈی بھی (اپنی حاجات کے لیے) رسول اللہ ﷺ کا ہاتھ پکڑ کر آپؐ کو جہاں چاہتی لے جاتی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6073
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عوف بن مالک بن طفیل جو کہ حارث کے بیٹے اور نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ کے ان کی ماں کی طرف سے بھتیجے ہیں، نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہؓ کو بتایا گیا کہ حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے کسی خرید و فروخت یا عطیہ کے متعلق جو حضرت عائشہؓ نے عطا کیا تھا، کہا: اللہ کی قسم! حضرت عائشہؓ کو رُکنا ہوگا ورنہ میں جائیداد وغیرہ میں ان کے ہر ایک تصرف کو روک دوں گا۔ (یہ سن کر) حضرت عائشہؓ نے فرمایا: کیا اُس نے ایسا کہا ہے؟ لوگوں نے کہا: ہاں۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: اللہ کے لئے میرے واسطے اب یہ نذر ہے کہ میں ابن زبیرؓ سے کبھی بات نہیں کروں گی۔ جب یہ قطع تعلقی لمبی ہوگئی تو ابن زبیرؓ نے حضرت عائشہؓ کے پاس سفارش کروائی تو انہوں نے کہا: اللہ کی قسم! میں اس کے متعلق کوئی سفارش ہرگز قبول نہیں کروں گی اور نہ ہی میں اپنی نذر توڑوں گی، جب اس بات نے اتنا طول کھینچا کہ ابن زبیرؓ کو دوبھر معلوم ہوا تو انہوں نے حضرت مسور بن مخرمہؓ اور حضرت عبدالرحمٰن بن اسوَد بن عبد یغوثؓ سے بات کی، اور وہ دونوں بنو زُہرہ میں سے تھے اور ان سے کہا: میں آپ دونوں کو اللہ کی قسم دیتا ہوں کہ ضرور مجھے حضرت عائشہؓ کے پاس لے جاؤ کیونکہ اُن کے لئے جائز نہیں کہ میرے ساتھ قطع تعلقی کی نذر مانیں۔ چنانچہ حضرت مسورؓ اور حضرت عبدالرحمٰنؓ اپنی چادریں لپیٹے ہوئے ابن زبیرؓ کو ساتھ لئے آئے اور حضرت عائشہؓ کے پاس اندر آنے کی اجازت مانگی۔ ان دونوں نے کہا: السَّلَامُ عَلَيْكِ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكَاتُهُ۔ کیا ہم اندر آئیں؟ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: آجاؤ۔ انہوں نے کہا: ہم سب ہی؟ انہوں نے کہا: ہاں تم سب ہی آجاؤ۔ اور وہ نہیں جانتی تھیں کہ ان دونوں کے ساتھ ابن زبیرؓ ہیں۔ جب وہ اندر آئے تو ابن زبیرؓ بھی پردہ کے اندر آگئے اور جا کر حضرت عائشہؓ سے لپٹ گئے اور لگے ان کو قسمیں دینے اور رونے۔ اور حضرت مسورؓ اور حضرت عبدالرحمٰنؓ بھی ان کو قسمیں دیتے تھے کہ آپؓ ضرور اس سے بات کریں اور اس کی معذرت قبول کریں اور وہ دونوں کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے جو قطع تعلقی سے منع فرمایا وہ آپؓ جانتی ہی ہیں۔ کیونکہ کسی مسلمان کو جائز نہیں کہ وہ اپنے بھائی کو تین دن سے زیادہ چھوڑے۔ جب انہوں نے حضرت عائشہؓ کو بہت کچھ حدیثیں یاد دلائیں اور مجبور کیا تو انہوں نے بھی ان کو نصیحت کرنی شروع کی اور رونے لگیں اور کہنے لگیں: میں نے نذر مانی ہے اور نذر کا معاملہ مشکل ہوتا ہے۔ وہ دونوں ان سے کہتے سنتے رہے یہاں تک کہ انہوں نے ابن زبیرؓ سے بات کی اور اپنی اس نذر میں چالیس غلام آزاد کئے۔ اس کے بعد اپنی اس نذر کو یاد کرتیں اور اتنا روتیں کہ اُن کے آنسو اُن کی اوڑھنی کو تر کر دیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6074
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عوف بن مالک بن طفیل جو کہ حارث کے بیٹے اور نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ کے ان کی ماں کی طرف سے بھتیجے ہیں، نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہؓ کو بتایا گیا کہ حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے کسی خرید و فروخت یا عطیہ کے متعلق جو حضرت عائشہؓ نے عطا کیا تھا، کہا: اللہ کی قسم! حضرت عائشہؓ کو رُکنا ہوگا ورنہ میں جائیداد وغیرہ میں ان کے ہر ایک تصرف کو روک دوں گا۔ (یہ سن کر) حضرت عائشہؓ نے فرمایا: کیا اُس نے ایسا کہا ہے؟ لوگوں نے کہا: ہاں۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: اللہ کے لئے میرے واسطے اب یہ نذر ہے کہ میں ابن زبیرؓ سے کبھی بات نہیں کروں گی۔ جب یہ قطع تعلقی لمبی ہوگئی تو ابن زبیرؓ نے حضرت عائشہؓ کے پاس سفارش کروائی تو انہوں نے کہا: اللہ کی قسم! میں اس کے متعلق کوئی سفارش ہرگز قبول نہیں کروں گی اور نہ ہی میں اپنی نذر توڑوں گی، جب اس بات نے اتنا طول کھینچا کہ ابن زبیرؓ کو دوبھر معلوم ہوا تو انہوں نے حضرت مسور بن مخرمہؓ اور حضرت عبدالرحمٰن بن اسوَد بن عبد یغوثؓ سے بات کی، اور وہ دونوں بنو زُہرہ میں سے تھے اور ان سے کہا: میں آپ دونوں کو اللہ کی قسم دیتا ہوں کہ ضرور مجھے حضرت عائشہؓ کے پاس لے جاؤ کیونکہ اُن کے لئے جائز نہیں کہ میرے ساتھ قطع تعلقی کی نذر مانیں۔ چنانچہ حضرت مسورؓ اور حضرت عبدالرحمٰنؓ اپنی چادریں لپیٹے ہوئے ابن زبیرؓ کو ساتھ لئے آئے اور حضرت عائشہؓ کے پاس اندر آنے کی اجازت مانگی۔ ان دونوں نے کہا: السَّلَامُ عَلَيْكِ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكَاتُهُ۔ کیا ہم اندر آئیں؟ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: آجاؤ۔ انہوں نے کہا: ہم سب ہی؟ انہوں نے کہا: ہاں تم سب ہی آجاؤ۔ اور وہ نہیں جانتی تھیں کہ ان دونوں کے ساتھ ابن زبیرؓ ہیں۔ جب وہ اندر آئے تو ابن زبیرؓ بھی پردہ کے اندر آگئے اور جا کر حضرت عائشہؓ سے لپٹ گئے اور لگے ان کو قسمیں دینے اور رونے۔ اور حضرت مسورؓ اور حضرت عبدالرحمٰنؓ بھی ان کو قسمیں دیتے تھے کہ آپؓ ضرور اس سے بات کریں اور اس کی معذرت قبول کریں اور وہ دونوں کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے جو قطع تعلقی سے منع فرمایا وہ آپؓ جانتی ہی ہیں۔ کیونکہ کسی مسلمان کو جائز نہیں کہ وہ اپنے بھائی کو تین دن سے زیادہ چھوڑے۔ جب انہوں نے حضرت عائشہؓ کو بہت کچھ حدیثیں یاد دلائیں اور مجبور کیا تو انہوں نے بھی ان کو نصیحت کرنی شروع کی اور رونے لگیں اور کہنے لگیں: میں نے نذر مانی ہے اور نذر کا معاملہ مشکل ہوتا ہے۔ وہ دونوں ان سے کہتے سنتے رہے یہاں تک کہ انہوں نے ابن زبیرؓ سے بات کی اور اپنی اس نذر میں چالیس غلام آزاد کئے۔ اس کے بعد اپنی اس نذر کو یاد کرتیں اور اتنا روتیں کہ اُن کے آنسو اُن کی اوڑھنی کو تر کردیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6075
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عوف بن مالک بن طفیل جو کہ حارث کے بیٹے اور نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ کے ان کی ماں کی طرف سے بھتیجے ہیں، نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہؓ کو بتایا گیا کہ حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے کسی خرید و فروخت یا عطیہ کے متعلق جو حضرت عائشہؓ نے عطا کیا تھا، کہا: اللہ کی قسم! حضرت عائشہؓ کو رُکنا ہوگا ورنہ میں جائیداد وغیرہ میں ان کے ہر ایک تصرف کو روک دوں گا۔ (یہ سن کر) حضرت عائشہؓ نے فرمایا: کیا اُس نے ایسا کہا ہے؟ لوگوں نے کہا: ہاں۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: اللہ کے لئے میرے واسطے اب یہ نذر ہے کہ میں ابن زبیرؓ سے کبھی بات نہیں کروں گی۔ جب یہ قطع تعلقی لمبی ہوگئی تو ابن زبیرؓ نے حضرت عائشہؓ کے پاس سفارش کروائی تو انہوں نے کہا: اللہ کی قسم! میں اس کے متعلق کوئی سفارش ہرگز قبول نہیں کروں گی اور نہ ہی میں اپنی نذر توڑوں گی، جب اس بات نے اتنا طول کھینچا کہ ابن زبیرؓ کو دوبھر معلوم ہوا تو انہوں نے حضرت مسور بن مخرمہؓ اور حضرت عبدالرحمٰن بن اسوَد بن عبد یغوثؓ سے بات کی، اور وہ دونوں بنو زُہرہ میں سے تھے اور ان سے کہا: میں آپ دونوں کو اللہ کی قسم دیتا ہوں کہ ضرور مجھے حضرت عائشہؓ کے پاس لے جاؤ کیونکہ اُن کے لئے جائز نہیں کہ میرے ساتھ قطع تعلقی کی نذر مانیں۔ چنانچہ حضرت مسورؓ اور حضرت عبدالرحمٰنؓ اپنی چادریں لپیٹے ہوئے ابن زبیرؓ کو ساتھ لئے آئے اور حضرت عائشہؓ کے پاس اندر آنے کی اجازت مانگی۔ ان دونوں نے کہا: السَّلَامُ عَلَيْكِ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكَاتُهُ۔ کیا ہم اندر آئیں؟ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: آجاؤ۔ انہوں نے کہا: ہم سب ہی؟ انہوں نے کہا: ہاں تم سب ہی آجاؤ۔ اور وہ نہیں جانتی تھیں کہ ان دونوں کے ساتھ ابن زبیرؓ ہیں۔ جب وہ اندر آئے تو ابن زبیرؓ بھی پردہ کے اندر آگئے اور جا کر حضرت عائشہؓ سے لپٹ گئے اور لگے ان کو قسمیں دینے اور رونے۔ اور حضرت مسورؓ اور حضرت عبدالرحمٰنؓ بھی ان کو قسمیں دیتے تھے کہ آپؓ ضرور اس سے بات کریں اور اس کی معذرت قبول کریں اور وہ دونوں کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے جو قطع تعلقی سے منع فرمایا وہ آپؓ جانتی ہی ہیں۔ کیونکہ کسی مسلمان کو جائز نہیں کہ وہ اپنے بھائی کو تین دن سے زیادہ چھوڑے۔ جب انہوں نے حضرت عائشہؓ کو بہت کچھ حدیثیں یاد دلائیں اور مجبور کیا تو انہوں نے بھی ان کو نصیحت کرنی شروع کی اور رونے لگیں اور کہنے لگیں: میں نے نذر مانی ہے اور نذر کا معاملہ مشکل ہوتا ہے۔ وہ دونوں ان سے کہتے سنتے رہے یہاں تک کہ انہوں نے ابن زبیرؓ سے بات کی اور اپنی اس نذر میں چالیس غلام آزاد کئے۔ اس کے بعد اپنی اس نذر کو یاد کرتیں اور اتنا روتیں کہ اُن کے آنسو اُن کی اوڑھنی کو تر کر دیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6076
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم آپس میں بغض نہ رکھو اور نہ حسد کرو اور نہ ایک دوسرے کی ملاقات ترک کرو اور بھائی بھائی ہو کر اللہ کے بندے بن جاؤ اور کسی مسلمان کے لئے جائز نہیں کہ اپنے بھائی کو تین راتوں سے زیادہ چھوڑے رکھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6077
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عطاء بن یزید لیثی سے، عطاء نے حضرت ابو ایوب انصاریؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کسی شخص کو جائز نہیں کہ وہ اپنے بھائی کو تین رات سے زیادہ چھوڑے رکھے۔ وہ دونوں ایک دوسرے سے ملیں تو یہ بھی منہ پھیر لے اور وہ بھی منہ پھیر لے اور دونوں میں سے بہتر وہ ہے جو پہلے سلام کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6078
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ عبده نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ بیان کرتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے (مجھ سے) فرمایا کہ میں تمہاری ناراضگی اور خوشی کو پہچان لیتا ہوں۔ کہتی تھیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ یہ کیونکر پہچانتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: جب تم خوش ہوتی ہو تو کہتی ہو: کیوں نہیں، محمدؐ کے ربّ کی قسم۔ اور جب ناراض ہوتی ہو تو کہتی ہو: نہیں، ابراہیمؑ کے ربّ کی قسم۔ کہتی تھیں: میں نے کہا: ہاں، میں صرف آپؐ کا نام ہی چھوڑتی ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6079
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے روایت کی۔ اور لیث نے کہا: عقیل نے مجھ سے بیان کیا۔ ابن شہاب نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے خبر دی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ نے کہا: جب سے میں نے اپنے ماں باپ کے متعلق ہوش سنبھالی ہے یہی جانتی ہوں کہ وہ اسی دین کے پابند تھے اور کوئی دن بھی اُن پر نہ گزرتا جس میں رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس دن کے دونوں وقت صبح اور شام نہ آتے ہوں۔ ایک دن ٹھیک دوپہر کے وقت ہم حضرت ابوبکرؓ کے گھر میں بیٹھے ہوئے تھے کہ کسی کہنے والے نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ آرہے ہیں۔ آپؐ ایسے وقت میں آئے کہ آپؐ اس میں ہمارے پاس نہیں آیا کرتے تھے۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: اِس کی وجہ کوئی خاص بات ہے جو پیش آئی ہے جو اِس گھڑی میں ہمارے پاس تشریف لائے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے (یہاں سے) نکلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6080
محمد بن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب (ثقفی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد حذاء سے، خالد نے انس بن سیرین سے، انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ انصار کے ایک خاندان کو ملنے گئے اور آپؐ نے ان کے ہاں کھانا کھایا۔ جب آپؐ نے جانے کا ارادہ کیا تو آپؐ نے اس گھر میں ایک جگہ کے متعلق حکم دیا تو آپؐ کے لیے ایک چٹائی کو پانی ڈال کر صاف کیا گیا۔ پھر آپؐ نے اس پر نماز پڑھی اور ان کے لئے دعا کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6081
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالصمد (بن عبدالوارث) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا۔ کہا: یحيٰ بن ابی اسحاق نے مجھے بتایا۔ وہ کہتے تھے: مجھے سالم بن عبداللہ نے پوچھا: استبرق کیا ہوتا ہے؟ میں نے کہا: وہ دیباج جو موٹا اور کُھردرا ہو۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت عمرؓ نے ایک شخص کے پاس استبرق کا ایک جوڑا دیکھا تو وہ اس جوڑے کو نبی ﷺ کے پاس لے آئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! آپؐ اس کو خرید لیں اور لوگوں کے نمائندوں سے ملاقات کرنے کے لئے جب وہ آپؐ کے پاس آئیں اسے پہنا کریں۔ آپؐ نے فرمایا: ریشمی کپڑا تو وہی پہنتا ہے جس کے لئے (بھلائی کا) کوئی حصہ نہ ہو۔ پھر اس واقعہ پر ایک مدت گزری جو گزری۔ اس کے بعد نبی ﷺ نے ان کو ایک جوڑا بھیجا تو وہ نبی ﷺ کے پاس اسے لے آئے اور کہنے لگے: آپؐ نے مجھے یہ بھیجا ہے حالانکہ آپؐ اس قسم کے جوڑے کے متعلق وہ کچھ کہہ چکے ہیں جو کہہ چکے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے تو تم کو اس لئے بھیجا تھا کہ تم اس کو بیچ کر کچھ مال حاصل کرو۔ چنانچہ اس حدیث کی وجہ سے حضرت ابن عمرؓ کپڑے میں ریشمی بیل بوٹے بھی ناپسند کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6082
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید (طویل) سے، حمید نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب حضرت عبدالرحمٰنؓ ہمارے پاس آئے تو نبی ﷺ نے اُن کو اور حضرت سعد بن ربیعؓ کو بھائی بھائی بنایا اور نبی ﷺ نے (ان کو) فرمایا: ولیمہ کرو گو ایک بکری ہی سہی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6083
محمد بن صباح نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن زکریا نے ہمیں بتایا۔ عاصم (بن سلیمان اَحوَل) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے پوچھا: کیا آپؓ کو یہ خبر پہنچی ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ اسلام میں حلف نہیں؟ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے میرے گھر میں قریش اور انصار کے درمیان عہد و پیمان کرائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6084
حبان بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زُہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رفاعہ قرظیؓ نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی اور اس کو قطعی طلاق دی۔ تو اس کے بعد عبدالرحمٰن بن زبیرؓ نے اس سے نکاح کر لیا پھر وہ نبی ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ! وہ رفاعہؓ کے پاس تھی اور اس نے اس کو تین طلاقوں میں سے آخری طلاق بھی دے دی اور اس کے بعد عبدالرحمٰن بن زبیرؓ نے اس سے نکاح کر لیا اور بات یہ ہے کہ اللہ کی قسم یا رسول اللہ! اس کے ساتھ تو ایسا ہی ہے۔ اپنی اوڑھنی کے کنارے کو لے کر کہا: اس کنارے کی طرح ہی ہے۔ عروہ کہتے تھے: اور اس وقت حضرت ابوبکرؓ نبی ﷺ کے پاس بیٹھے تھے اور سعید بن عاص کے بیٹے (خالدؓ ) حجرے کے دروازے پر بیٹھے تھے تا انہیں اندر آنے کی اجازت دی جائے۔ یہ سن کر خالدؓ پکارنے لگے: ابوبکرؓ ابوبکرؓ ! کیا آپؓ اس کو اس بات سے ڈانتے نہیں جو وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس کھول کر بیان کر رہی ہے؟ اور رسول اللہ ﷺ صرف مسکرائے اس سے زیادہ کچھ نہیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: شاید تم چاہتی ہو کہ رفاعہؓ کے پاس پھر چلی جاؤ۔ اس وقت تک نہیں جب تک کہ تم اس سے مزہ نہ اٹھاؤ اور وہ تم سے مزہ نہ اٹھائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6085
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبدالحمید بن عبدالرحمٰن بن زید بن خطاب سے، عبدالحمید نے محمد بن سعد سے، انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ ﷺ کے پاس اندر آنے کی اجازت مانگی۔ اس وقت آپؐ کے پاس قریش کی کچھ عورتیں تھیں جو آپؐ سے خرچ مانگ رہی تھیں اور آپؐ سے بہت مطالبے کر رہی تھیں۔ ان کی آوازیں آپؐ کی آواز سے زیادہ بلند تھیں۔ جب حضرت عمرؓ نے اندر آنے کی اجازت مانگی تو جلدی سے پردے میں چلی گئیں اور نبی ﷺ نے ان کو اجازت دی۔ وہ آئے اور نبی ﷺ ہنس رہے تھے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ آپؐ کو ہمیشہ ہنستا رکھے، میرے ماں باپ آپؐ پر قربان۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے ان عورتوں سے تعجب ہوا، جو (ابھی) میرے پاس تھیں۔ جب انہوں نے تمہاری آواز سنی تو جلدی سے پردہ میں چلی گئیں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ ! آپؐ زیادہ مستحق ہیں کہ وہ آپؐ سے جھینپیں۔ پھر وہ ان عورتوں سے مخاطب ہوئے اور کہنے لگے: اری اپنی جانوں کی دشمن ! کیا تم مجھ سے جھینپتی ہو اور رسول اللہ ﷺ سے نہیں جھینپتی۔ وہ بولیں: تم بہت اَکھڑ اور سخت مزاج ہو، رسول اللہ ﷺ ایسے نہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے ابن خطاب ! اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، جب بھی شیطان تم سے کسی راستے پر چلتے ہوئے ملا تو ضرور ہی اس نے تمہارا راستہ چھوڑ کر کوئی اور راستہ لیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6086
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے ابوالعباس (سائب) سے، ابوالعباس نے حضرت (عبداللہ) ابن عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ طائف میں تھے تو آپؐ نے فرمایا: ہم انشاء اللہ کل لَوٹیں گے۔ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ میں سے کچھ لوگوں نے کہا: ہم تو نہیں جائیں گے جب تک کہ اس کو فتح نہ کر لیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: کل صبح لڑائی شروع کردو۔ چنانچہ وہ صبح کو لڑنے کے لئے گئے اور ان سے نہایت سختی سے لڑائی کی اور انہیں بہت زخم لگے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہم انشاء اللہ کل لَوٹ جائیں گے۔ حضرت عبداللہؓ کہتے تھے: یہ سن کر وہ سب خاموش رہے جس سے رسول اللہ ﷺ ہنس پڑے۔ حمیدی نے کہا کہ ہم سے سفیان (بن عیینہ) نے یہ سارا واقعہ بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6087
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے حمید بن عبدالرحمٰن سے روایت کی کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میں ہلاک ہوگیا، رمضان میں مَیں اپنی بیوی سے مباشرت کر بیٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: ایک گردن آزاد کر دو۔ کہنے لگا: میرے پاس نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: دو مہینے لگاتار روزے رکھو۔ کہنے لگا: میں نہیں رکھ سکتا۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلاؤ۔ وہ کہنے لگا: میں اس کی بھی طاقت نہیں پاتا۔ اتنے میں آپؐ کے پاس ایک ٹوکرا لایا گیا جس میں کھجوریں تھیں۔ ابراہیم نے کہا: عَرَق ٹوکرے کو کہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: مسئلہ پوچھنے والا کہاں ہے؟ تم یہ صدقہ میں دے دو۔ کہنے لگا: کیا اُس کو جو مجھ سے زیادہ محتاج ہو؟ اللہ کی قسم! مدینہ کے دو پتھریلے میدانوں کے درمیان کوئی بھی گھر والے ایسے نہیں جو ہم سے زیادہ محتاج ہوں۔ نبی ﷺ اتنا ہنسے کہ آپؐ کے دانت ظاہر ہوگئے۔ آپؐ نے فرمایا: تب تم ہی لے لو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6088
عبدالعزیز بن عبداللہ اویسی نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ساتھ جا رہا تھا اور آپؐ پر نجرانی چادر تھی جس کا حاشیہ موٹا تھا۔ اتنے میں ایک گنوار آپؐ سے آملا اور آپؐ کی چادر کو پکڑ کر زور سے کھینچا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کے گردن کے اس حصے کو دیکھا جو کندھے سے ملا ہوتا ہے۔ (دیکھا کہ) اس کے زور سے کھینچنے سے چادر کے حاشیہ نے اس پر نشان ڈال دئے تھے۔ (کھینچ کر) وہ کہنے لگا: محمدؐ! اللہ کے اس مال سے جو تمہارے پاس ہے مجھے بھی کچھ دینے کے لئے حکم دو۔ تو آپؐ نے مڑ کر اس کو دیکھا اور ہنس دئے اور پھر اس کو دینے کے لئے فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6089
(محمد بن عبداللہ) ابن نمیر نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) ابن ادریس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے، قیس نے حضرت جریرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب سے میں مسلمان ہوا ہوں، نبی ﷺ نے مجھے پردہ نہیں کروایا اور جب بھی آپؐ نے دیکھا تو ضرور آپؐ مجھ سے خندہ پیشانی سے پیش آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah