کتاب 78: كتاب الأدب
صحیح بخاری, حصہ 8
صحیح بخاری 6110
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن ابی خالد سے روایت کی۔ قیس بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت ابومسعود (انصاری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس ایک شخص آیا اور کہنے لگا: میں صبح کی نماز فلاں شخص کی وجہ سے دیر کرکے پڑھتا ہوں کیونکہ وہ ہمیں لمبی نماز پڑھاتا ہے۔ (حضرت ابومسعودؓ) کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ کو کبھی کسی وعظ پر اتنا غصے میں نہیں دیکھا جتنا اس دن۔ کہتے تھے آپؐ نے فرمایا: اے لوگو! تم میں سے کچھ نفرت دلانے والے ہیں اس لئے جو بھی تم میں سے لوگوں کو نماز پڑھائے تو چاہیئے کہ وہ مختصر پڑھائے کیونکہ ان میں بیمار بھی اور بوڑھے بھی اور حاجت مند بھی ہوتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6111
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک بار نبی ﷺ نماز پڑھ رہے تھے کہ اتنے میں آپؐ نے مسجد کے قبلے میں ایک رینٹھ دیکھا۔ آپؐ نے اس کو اپنے ہاتھ سے کھرچ ڈالا۔ آپؐ ناراض ہوئے اور فرمایا: تم میں سے کوئی جب نماز میں ہوتا ہے تو اللہ اس کے سامنے ہوتا ہے اس لئے وہ نماز میں اپنے منہ کے سامنے ہرگز نہ تھوکے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6112
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ ربیعہ بن ابی عبدالرحمٰن نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے منبعث کے غلام یزید سے، یزید نے حضرت زید بن خالد جہنیؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سے گری پڑی چیز کے متعلق پوچھا آپؐ نے فرمایا: اس کو ایک برس تک شناخت کراؤ۔ اور پھر اس کا بندھن اور اس کا تھیلا پہچان رکھو اور اسے خرچ کر لو۔ اگر تو اُس کا مالک آگیا تو اُسے وہ ادا کر دو۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! بھولی بھٹکی بکری جو ہو؟ آپؐ نے فرمایا: اس کو لے لو کیونکہ وہ یا تمہارے لئے ہے یا تمہارے بھائی کے لئے یا بھیڑیے کے لئے۔ کہنے لگا: یا رسول اللہ! بھولا بھٹکا اونٹ جو ہو؟ حضرت زیدؓ کہتے تھے: یہ سن کر رسول اللہ ﷺ کو اتنا غصہ آیا کہ آپؐ کے دونوں رخسار سرخ ہو گئے یا (کہا) آپؐ کا چہرہ سرخ ہو گیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں اس سے کیا واسطہ؟ اس کے ساتھ اس کا جوتا اور اس کا مشکیزہ ہے جب تک کہ اس کا مالک اسے مل جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6113
اور مکی (بن ابراہیم) نے کہا کہ ہم سے عبداللہ بن سعید نے بیان کیا۔ نیز محمد بن زیاد نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، کہا: عمر بن عبیداللہ کے غلام سالم ابونضر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے بُسر بن سعید سے، بُسر نے حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے کھجور کی چھال یا بوریا سے ایک چھوٹا سا حجرہ بنا لیا اور رسول اللہ ﷺ باہر جاکر اس میں نماز پڑھنے لگے۔ (حضرت زیدؓ کہتے تھے:) یہ دیکھ کر لوگ بھی آپؐ کے پاس یکے بعد دیگرے آکر آپؐ کے پیچھے آپؐ کی نماز کے ساتھ نماز پڑھنے لگے۔ پھر وہ ایک رات آئے اور وقت پر پہنچے اور رسول اللہ ﷺ نے ان کے پاس آنے میں دیر کردی۔ آپؐ ان کے پاس باہر نہیں آئے تو انہوں نے اونچی آواز سے بولنا شروع کیا اور دروازے پر کنکریاں مارنے لگے۔ آپؐ ان کے پاس ناراضی میں باہر آئے اور آکر رسول اللہ ﷺ نے اُن سے فرمایا: تمہارا یہ وطیرہ ایسا ہوگیا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ تم پر فرض ہوجائے گا۔ اس لئے تم اس نماز کو اپنے گھروں میں ہی پڑھا کرو کیونکہ آدمی کی بہتر نماز وہی ہے جو گھر میں پڑھی جائے سوائے اس نماز کے جو فرض کی گئی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6114
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: طاقتور وہ نہیں ہے جو (اپنے مقابل کو) پچھاڑ دیا کرے۔ مضبوط وہ شخص ہے جو اپنے نفس پر غصے کے وقت قابو رکھتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6115
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے عدی بن ثابت سے روایت کی۔ حضرت سلیمان بن صُرَدؓ نے ہم سے بیان کیا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ کے پاس دو آدمیوں نے آپس میں گالی گلوچ کی اور ہم اس وقت آپؐ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے۔ اور ان میں سے ایک اپنے ساتھی کو غصے میں گالی دے رہا تھا۔ اس کا چہرہ سرخ ہوگیا ہوا تھا۔ نبی ﷺ نے (دیکھ کر) فرمایا: میں ایک ایسی بات جانتا ہوں کہ اگر وہ اسے کہے تو ضرور ہی وہ غصہ اس سے جاتا رہے جو وہ محسوس کر رہا ہے۔ اگر وہ کہے کہ میں اللہ کی شیطان رجیم سے پناہ لیتا ہوں۔ لوگوں نے اس شخص سے کہا: کیا تم سنتے نہیں جو نبی ﷺ فرما رہے ہیں؟ وہ کہنے لگا: میں دیوانہ نہیں ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6116
یحيٰ بن یوسف نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوبکر نے جو عیاش کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حصین (عثمان بن عاصم) سے، ابو حصین نے ابو صالح سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ سے کہا: آپؐ مجھے نصیحت فرمائیں۔ آپؐ نے فرمایا: غصہ مت کیا کرو۔ آپؐ نے بار بار اس کو دہرایا۔ فرمایا: غصہ مت کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6117
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابوالسوار عدوی (حسان بن حریث) سے روایت کی۔ ابوالسوار نے کہا: میں نے حضرت عمران بن حصینؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: حیا بھلائی ہی لاتی ہے۔ بُشیر بن کعب نے یہ سن کر کہا: حکمت کی کتابوں میں لکھا ہوا ہے کہ حیا سے ہی وقار ہوتا ہے اور حیا سے ہی سکینت حاصل ہوتی ہے۔ حضرت عمرانؓ نے ان سے کہا: میں تمہیں رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بات بتا رہا ہوں اور تم اپنی کتاب سے مجھے بتا رہے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6118
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی سلمہ نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سالم سے، سالم نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ ایک شخص کے پاس سے گزرے اور وہ حیا کی وجہ سے اپنے بھائی سے ناراضی کا اظہار کر رہا تھا۔ کہہ رہا تھا: تم اتنی شرم کرتے ہو یہاں تک کہ - گویا وہ کہہ رہا تھا - اس نے تمہیں نقصان پہنچایا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے سن کر فرمایا: اسے رہنے دو کیونکہ حیاء بھی ایمان سے ہی ہوتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6119
علی بن جعد نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ کے غلام سے روایت کی۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: ان کا نام عبداللہ بن ابی عتبہ تھا۔ میں نے حضرت ابوسعیدؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ اس کنواری لڑکی سے بھی زیادہ شرم کیا کرتے تھے جو اپنے پردے میں رہتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6120
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ زُہَیر نے ہمیں بتایا۔ منصور نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ربعی بن حراش سے روایت کی کہ حضرت ابومسعود (انصاریؓ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: پہلی نبوت کے کلام سے جو لوگوں نے محفوظ رکھا ہے یہ بھی ہے کہ جب تم بے حیا ہو پھر جو چاہو کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6121
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ سے، حضرت زینبؓ نے حضرت اُم سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: اُمّ سُلیمؓ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئیں اور کہنے لگیں: یا رسول اللہ! اللہ حق بات سے نہیں شرماتا۔ کیا عورت کے لئے بھی نہانا ضروری ہے اگر اسے احتلام ہو؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں، جب پانی دیکھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6122
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ محارب بن دثار نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے حضرت ابن عمرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: مؤمن کی مثال ایک سرسبز درخت کی سی ہے جس کے پتے نہیں گرتے اور نہ جھڑتے ہیں۔ لوگ کہنے لگے: وہ فلاں درخت ہے، وہ فلاں درخت ہے۔ میں نے چاہا کہ کہوں وہ کھجور ہے اور چونکہ میں اس وقت نوجوان لڑکا ہی تھا اس لئے میں شرما گیا۔ آپؐ نے فرمایا: وہ کھجور کا درخت ہے۔ اور شعبہ سے (اسی سند سے) مروی ہے کہ ہمیں خبیب بن عبدالرحمٰن نے بتایا۔ انہوں نے حفص بن عاصم سے، حفص نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کرتے ہوئے ایسا ہی بتایا اور اس میں اتنا اور بڑھایا کہ پھر میں نے حضرت عمرؓ سے یہ بیان کیا تو انہوں نے کہا: اگر تم نے یہ کہا ہوتا تو مجھے فلاں فلاں بات سے زیادہ پیارا ہوتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6123
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ مرحوم (بن عبدالعزیز) نے ہمیں بتایا۔ میں نے ثابت سے سنا کہ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ ایک عورت نبی ﷺ کے پاس آئی کہ اپنے تئیں آپؐ کے سامنے پیش کرے اور وہ کہنے لگی: کیا آپؐ کو میری ضرورت ہے؟ حضرت انسؓ کی بیٹی سن کر بولی: کتنی کم حیا ہے۔ (حضرت انسؓ نے) کہا: یہ تم سے اچھی ہے جس نے رسول اللہ ﷺ کے سامنے اپنے آپ کو پیش کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6124
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ نضر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے سعید بن ابی بُردہ سے، سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: جب رسول اللہ ﷺ نے اُن کو اور حضرت معاذ بن جبلؓ کو (یمن کی طرف) بھیجا تو آپؐ نے ان سے فرمایا: تم دونوں (لوگوں کے لیے) آسانی کرنا اور مشکلات میں نہ ڈالنا اور خوش رکھنا اور نفرت نہ دلانا اور تم دونوں ایک دوسرے سے مل جل کر کام کرنا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: یا رسول اللہ! ہم ایسی سرزمین میں ہوں گے جہاں شہد کی شراب (بنائی جاتی) ہے، جسے بِتْع کہتے ہیں اور ایک جَو کی شراب (بنائی جاتی) ہے جسے مِزر کہتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہر نشہ آور حرام ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6125
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو تیاح (یزید بن حمید ضبعی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: آسانی کرو، مشکلات میں نہ ڈالو اور تسلی اور تشفی دو اور نفرت نہ دلاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6126
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: جب کبھی بھی رسول اللہ ﷺ کو دو کاموں کے متعلق اختیار دیا گیا تو آپؐ نے ضرور ہی ان میں سے زیادہ آسان کو اختیار کیا بشرطیکہ وہ گناہ نہ ہوتا۔ اگر گناہ ہوتا تو آپؐ اس سے تمام لوگوں سے زیادہ دور رہتے۔ اور رسول اللہ ﷺ نے کبھی کسی امر میں اپنے نفس کے لئے انتقام نہیں لیا، سوائے اس کے کہ اللہ کی حرمت کی ہتک کی جاتی ہو تو پھر آپؐ اس میں اللہ کے لئے انتقام لیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6127
ابو النعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ازرق بن قیس سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ہم اھواز میں ایک ندی کے کنارے پر تھے کہ جس میں سے پانی سوکھ گیا تھا۔ اتنے میں حضرت ابو برزہ اسلمیؓ ایک گھوڑے پر سوار وہاں آئے اور نماز پڑھنے لگے اور اپنے گھوڑے کو یونہی چھوڑ دیا۔ وہ گھوڑا بھاگنے لگا تو انہوں نے اپنی نماز چھوڑ دی اور اس گھوڑے کا پیچھا کیا۔ یہاں تک کہ اس کو پکڑ لیا اور اس کو لے کر آئے۔ پھر انہوں نے اپنی نماز کو پورا کیا۔ اور ہم میں ایک شخص تھا جس کی اپنی رائے ہوا کرتی تھی۔ وہ کہنے لگا: اس بوڑھے کو دیکھو کہ گھوڑے کی خاطر نماز چھوڑ دی۔ پھر حضرت ابو برزہؓ آئے اور کہنے لگے: میں جب سے رسول اللہ ﷺ سے جدا ہوا ہوں مجھے کسی نے ملامت نہیں کی اور انہوں نے کہا: میرا گھر یہاں سے بہت دور ہے۔ اگر میں نماز پڑھتا اور گھوڑے کو جانے دیتا تو رات تک بھی اپنے گھر والوں کے پاس نہ پہنچتا اور انہوں نے ذکر کیا کہ وہ نبیؐ کے ساتھ رہے مگر آپؐ نے ان معاملات میں آسانی کو ہی مناسب سمجھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6128
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ نیز لیث نے کہا: یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے انہیں بتایا کہ ایک گنوار نے مسجد میں پیشاب کر دیا۔ لوگ اس کی طرف لپکے تا اس کو ماریں مگر رسول اللہ ﷺ نے انہیں فرمايا: اسے جانے دو اور اس کے پیشاب پر پانی کا ڈول انڈیل دو۔ ذَنُوْب یا سَجْل (فرمایا:) تمہیں اسی لئے کھڑا کیا گیا ہے تا کہ آسانی کرنے والے ہو اور تمہیں اس لئے نہیں کھڑا کیا گیا کہ تم سختی کرنے والے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6129
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ ابو تیاح نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ ہم سے مل جل کر رہتے تھے یہاں تک کہ میرے چھوٹے بھائی کو فرمایا کرتے تھے: ارے ابو عمیر! وہ چڑیا نغیر کیسی ہے؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah