کتاب 80: كتاب الدعوات

صحیح بخاری, حصہ 3

صحیح بخاری 6344

عبداللہ بن ابی الاسود نے ہم سے بیان کیا کہ حرمی (بن عمارہ) نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: میری ماں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ کا خادم انسؓ ہے۔ آپؐ اللہ سے اس کے لئے دعا کریں۔ آپؐ نے دعا کی: اے اللہ! اس کے مال اور اولاد کو بڑھا اور جو تو نے اُسے عطا کیا ہے اُس میں اُس کے لئے برکت دے۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَبِي الأَسْوَدِ حَدَّثَنَا حَرَمِيٌّ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ قَتَادَةَ عَنْ أَنَسٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ قَالَتْ أُمِّي يَا رَسُولَ اللَّهِ خَادِمُكَ أَنَسٌ ادْعُ اللَّهَ لَهُ. قَالَ " اللَّهُمَّ أَكْثِرْ مَالَهُ وَوَلَدَهُ وَبَارِكْ لَهُ فِيمَا أَعْطَيْتَهُ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6345

مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ نے ابوالعالیہ سے، ابوالعالیہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ گھبراہٹ کے وقت یوں دعا کیا کرتے تھے: اس اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو بہت بڑا اور بہت ہی بُردبار ہے، کوئی معبود نہیں مگر وہ اللہ جو ان آسمانوں اور زمین کا ربّ ہے اور بہت ہی بڑی بادشاہی کا ربّ ہے۔

حَدَّثَنَا مُسْلِمُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ حَدَّثَنَا هِشَامٌ حَدَّثَنَا قَتَادَةُ عَنْ أَبِي الْعَالِيَةِ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ كَانَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم يَدْعُو عِنْدَ الْكَرْبِ " لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ الْعَظِيمُ الْحَلِيمُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ رَبُّ السَّمَوَاتِ وَالأَرْضِ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6346

مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن ابو عبداللہ سے، ہشام نے قتادہ سے، قتادہ نے ابوالعالیہ سے، ابوالعالیہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ گھبراہٹ کے وقت دعا کیا کرتے تھے: کوئی معبود نہیں مگر وہ اللہ جو بہت ہی بڑا اور بہت ہی بُردبار ہے۔ اس اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو بہت ہی بڑی بادشاہی کا ربّ ہے، اس اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو ان آسمانوں کا ربّ ہے اور اس زمین کا ربّ ہے اور عزت والی بادشاہی کا ربّ ہے۔ اور وہب نے کہا: شعبہ نے قتادہ سے روایت کرتے ہوئے اسی طرح ہمیں بتایا۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا يَحْيَى عَنْ هِشَامِ بْنِ أَبِي عَبْدِ اللَّهِ عَنْ قَتَادَةَ عَنْ أَبِي الْعَالِيَةِ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم كَانَ يَقُولُ عِنْدَ الْكَرْبِ " لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ الْعَظِيمُ الْحَلِيمُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ رَبُّ السَّمَوَاتِ وَرَبُّ الأَرْضِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْكَرِيمِ ". وَقَالَ وَهْبٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ قَتَادَةَ مِثْلَهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6347

علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ سُمیّ نے مجھ سے بیان کیا۔ سُمیّ نے ابو صالح سے، ابو صالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ مصیبت کی تکلیف سے اور بدبختی میں گرفتار ہونے سے اور بُری تقدیر سے اور دشمنوں کی ہنسی سے پناہ مانگتے تھے۔ سفیان نے (اسی سند سے) کہا کہ اس حدیث میں تین باتیں تھیں، ایک میں نے بڑھائی۔ میں نہیں جانتا کہ اِن میں سے وہ کونسی ہے۔

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ حَدَّثَنِي سُمَىٌّ عَنْ أَبِي صَالِحٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَتَعَوَّذُ مِنْ جَهْدِ الْبَلاَءِ وَدَرَكِ الشَّقَاءِ وَسُوءِ الْقَضَاءِ وَشَمَاتَةِ الأَعْدَاءِ. قَالَ سُفْيَانُ الْحَدِيثُ ثَلاَثٌ زِدْتُ أَنَا وَاحِدَةً لاَ أَدْرِي أَيَّتُهُنَّ هِيَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6348

سعید بن عُفَیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عُقَیل نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ سعید بن مسیب اور عروہ بن زبیر نے مع کچھ اور علماء کے مجھے خبر دی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی تھیں: رسول اللہ ﷺ جبکہ آپؐ تندرست تھے فرمایا کرتے تھے: کبھی کسی نبی کی وفات نہیں ہوئی جب تک کہ وہ جنت میں اپنے ٹھکانے کو نہیں دیکھ لیتا۔ پھر اُس کو اختیار دیا جاتا ہے۔ جب آپؐ کو بیماری کی شدت ہوئی۔ اور آپؐ کا سر میری ران پر تھا تو تھوڑی دیر تک آپؐ بے ہوش رہے۔ پھر آپؐ نے ہوش سنبھالا اور آپؐ نے چھت کی طرف ٹکٹکی لگائی۔ پھر فرمایا: اے اللہ! رفیق اعلیٰ کے پاس۔ میں نے کہا: تب آپؐ ہم میں رہنا پسند نہیں کرتے اور میں نے جان لیا کہ یہ وہی بات ہے جو آپؐ ہمیں بتایا کرتے تھے جبکہ آپؐ تندرست تھے۔ فرماتی تھیں: یہی آپؐ کی آخری بات تھی جو آپؐ نے کی۔ یعنی اے اللہ! رفیق اعلیٰ کے پاس۔

حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ عُفَيْرٍ قَالَ حَدَّثَنِي اللَّيْثُ قَالَ حَدَّثَنِي عُقَيْلٌ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ أَخْبَرَنِي سَعِيدُ بْنُ الْمُسَيَّبِ وَعُرْوَةُ بْنُ الزُّبَيْرِ فِي رِجَالٍ مِنْ أَهْلِ الْعِلْمِ أَنَّ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ وَهْوَ صَحِيحٌ " لَنْ يُقْبَضَ نَبِيٌّ قَطُّ حَتَّى يَرَى مَقْعَدَهُ مِنَ الْجَنَّةِ ثُمَّ يُخَيَّرُ ". فَلَمَّا نَزَلَ بِهِ وَرَأْسُهُ عَلَى فَخِذِي غُشِيَ عَلَيْهِ سَاعَةً ثُمَّ أَفَاقَ فَأَشْخَصَ بَصَرَهُ إِلَى السَّقْفِ ثُمَّ قَالَ " اللَّهُمَّ الرَّفِيقَ الأَعْلَى ". قُلْتُ إِذًا لاَ يَخْتَارُنَا وَعَلِمْتُ أَنَّهُ الْحَدِيثُ الَّذِي كَانَ يُحَدِّثُنَا وَهْوَ صَحِيحٌ. قَالَتْ فَكَانَتْ تِلْكَ آخِرَ كَلِمَةٍ تَكَلَّمَ بِهَا " اللَّهُمَّ الرَّفِيقَ الأَعْلَى ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6349

مسدد نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت خبابؓ کے پاس آیا اور انہوں نے سات داغ لگوائے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا: اگر رسول اللہ ﷺ نے ہمیں مرنے کی دعا کرنے سے منع نہ کیا ہوتا تو میں ضرور یہ دعا کرتا۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا يَحْيَى عَنْ إِسْمَاعِيلَ عَنْ قَيْسٍ قَالَ أَتَيْتُ خَبَّابًا وَقَدِ اكْتَوَى سَبْعًا قَالَ لَوْلاَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم نَهَانَا أَنْ نَدْعُوَ بِالْمَوْتِ لَدَعَوْتُ بِهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6350

محمد بن مثنیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: قیس (بن ابی حازم) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں حضرت خبابؓ کے پاس آیا اور انہوں نے اپنے پیٹ میں سات داغ لگوائے تھے۔ میں نے اُن سے سنا۔ وہ کہتے تھے: اگر نبی ﷺ نے ہمیں مرنے کی دعا کرنے سے منع نہ کیا ہوتا تو میں ضرور یہ دعا کرتا۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى حَدَّثَنَا يَحْيَى عَنْ إِسْمَاعِيلَ قَالَ حَدَّثَنِي قَيْسٌ قَالَ أَتَيْتُ خَبَّابًا وَقَدِ اكْتَوَى سَبْعًا فِي بَطْنِهِ فَسَمِعْتُهُ يَقُولُ لَوْلاَ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم نَهَانَا أَنْ نَدْعُوَ بِالْمَوْتِ لَدَعَوْتُ بِهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6351

(محمد) ابن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن علیہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز بن صہیب سے، عبدالعزیز نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کوئی کسی تکلیف کی وجہ سے جو اُسے ہوتی ہو موت کی دعا نہ کرے۔ اور اگر اس نے لاچار موت کی آرزو ہی کرنی ہے تو یوں کہے: اے اللہ! مجھے زندہ رکھ جب تک کہ زندگی میرے لئے بہتر ہو اور مجھے وفات دے جب وفات میرے لئے بہتر ہو۔

حَدَّثَنَا ابْنُ سَلاَمٍ أَخْبَرَنَا إِسْمَاعِيلُ ابْنُ عُلَيَّةَ عَنْ عَبْدِ الْعَزِيزِ بْنِ صُهَيْبٍ عَنْ أَنَسٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " لاَ يَتَمَنَّيَنَّ أَحَدٌ مِنْكُمُ الْمَوْتَ لِضُرٍّ نَزَلَ بِهِ فَإِنْ كَانَ لاَ بُدَّ مُتَمَنِّيًا لِلْمَوْتِ فَلْيَقُلِ اللَّهُمَّ أَحْيِنِي مَا كَانَتِ الْحَيَاةُ خَيْرًا لِي وَتَوَفَّنِي إِذَا كَانَتِ الْوَفَاةُ خَيْرًا لِي ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6352

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جعد بن عبدالرحمٰن سے روایت کی۔ جعد نے کہا: میں نے حضرت سائب بن یزیدؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میری خالہ مجھے رسول اللہ ﷺ کے پاس لے گئیں۔ کہنے لگیں: یا رسول اللہ! میرا بھانجا بیمار ہے۔ تو آپؐ نے میرے سر پر ہاتھ پھیرا اور مجھ کو برکت کی دعا دی۔ پھر آپؐ نے وضو کیا اور میں نے آپؐ کے وضو سے بچا ہوا پانی پیا۔ پھر میں آپؐ کی پیٹھ کے پیچھے کھڑا ہوا اور آپؐ کی مہر کو دیکھا جو آپؐ کے دونوں کندھوں کے درمیان ڈولی کی گھنڈی کی طرح تھی۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا حَاتِمٌ عَنِ الْجَعْدِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ قَالَ سَمِعْتُ السَّائِبَ بْنَ يَزِيدَ يَقُولُ ذَهَبَتْ بِي خَالَتِي إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَتْ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنَّ ابْنَ أُخْتِي وَجِعٌ. فَمَسَحَ رَأْسِي وَدَعَا لِي بِالْبَرَكَةِ ثُمَّ تَوَضَّأَ فَشَرِبْتُ مِنْ وَضُوئِهِ ثُمَّ قُمْتُ خَلْفَ ظَهْرِهِ فَنَظَرْتُ إِلَى خَاتَمِهِ بَيْنَ كَتِفَيْهِ مِثْلَ زِرِّ الْحَجَلَةِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6353

عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) ابن وہب نے ہمیں بتایا۔ سعید بن ابی ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ سعید نے ابوعقیل سے روایت کی کہ اُن کے دادا حضرت عبداللہ بن ہشامؓ اُن کو بازار سے یا (کہا:) بازار لے جایا کرتے تھے اور اناج خریدتے اور حضرت ابن زبیرؓ اور حضرت ابن عمرؓ اُن سے ملتے اور کہتے: ہمیں بھی شریک کرنا کیونکہ نبیؐ نے تمہارے لئے برکت کی دعا کی ہے۔ چنانچہ وہ اُن کو بھی شریک کر لیتے۔ تو کبھی (حضرت عبداللہ بن ہشامؓ) ایک اونٹنی ویسی کی ویسے لدی ہوئی نفع میں پاتے اور اس کو گھر بھیج دیتے۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ أَبِي أَيُّوبَ عَنْ أَبِي عَقِيلٍ أَنَّهُ كَانَ يَخْرُجُ بِهِ جَدُّهُ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ هِشَامٍ مِنَ السُّوقِ أَوْ إِلَى السُّوقِ فَيَشْتَرِي الطَّعَامَ فَيَلْقَاهُ ابْنُ الزُّبَيْرِ وَابْنُ عُمَرَ فَيَقُولاَنِ أَشْرِكْنَا فَإِنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم قَدْ دَعَا لَكَ بِالْبَرَكَةِ. فَرُبَّمَا أَصَابَ الرَّاحِلَةَ كَمَا هِيَ فَيَبْعَثُ بِهَا إِلَى الْمَنْزِلِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6354

عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے حضرت محمود بن ربیعؓ نے بتایا۔ اور وہ وہی تھے جن کے منہ پر رسول اللہ ﷺ نے جبکہ وہ لڑکے تھے اُن کے کوئیں سے پانی لے کر کلی کی تھی۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ الْعَزِيزِ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ سَعْدٍ عَنْ صَالِحِ بْنِ كَيْسَانَ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ قَالَ أَخْبَرَنِي مَحْمُودُ بْنُ الرَّبِيعِ وَهُوَ الَّذِي مَجَّ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِي وَجْهِهِ وَهْوَ غُلاَمٌ مِنْ بِئْرِهِمْ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6355

عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں کہ نبی ﷺ کے پاس بچے لائے جاتے تو آپؐ ان کے لئے دعا کرتے۔ آپؐ کے پاس ایک بچہ لایا گیا تو اس نے آپؐ کے کپڑے پر پیشاب کردیا۔ آپؐ نے پانی منگایا اور اُس کو اُس کپڑے پر بہا دیا اور اس کو دھویا نہیں۔

حَدَّثَنَا عَبْدَانُ أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ أَخْبَرَنَا هِشَامُ بْنُ عُرْوَةَ عَنْ أَبِيهِ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ كَانَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم يُؤْتَى بِالصِّبْيَانِ فَيَدْعُو لَهُمْ فَأُتِيَ بِصَبِيٍّ فَبَالَ عَلَى ثَوْبِهِ فَدَعَا بِمَاءٍ فَأَتْبَعَهُ إِيَّاهُ وَلَمْ يَغْسِلْهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6356

ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی، زُہری نے کہا: مجھے حضرت عبداللہ بن ثعلبہ بن صُعیر نے خبر دی۔ اور رسول اللہ ﷺ نے ان کی آنکھ پر ہاتھ پھیرا تھا۔ (انہیں دعا دی تھی۔) انہوں نے حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کو دیکھا کہ وہ ایک ہی رکعت وتر پڑھتے۔

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي عَبْدُ اللَّهُ بْنُ ثَعْلَبَةَ بْنِ صُعَيْرٍ ـ وَكَانَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَدْ مَسَحَ عَنْهُ ـ أَنَّهُ رَأَى سَعْدَ بْنَ أَبِي وَقَّاصٍ يُوتِرُ بِرَكْعَةٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6357

آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ حکم (بن عتیبہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت کعب بن عجرہؓ مجھ سے ملے اور کہنے لگے: کیا میں تمہیں ایک تحفہ نہ دوں؟ نبی ﷺ ہمارے پاس باہر آئے اور ہم نے کہا: یا رسول اللہ! ہمیں اس کا علم تو ہو چکا ہے کہ ہم آپؐ کے لئے سلامتی کی دعا کیسے کریں۔ مگر ہم آپؐ کے لئے رحمت کی دعا کس طرح کریں؟ آپؐ نے فرمایا: تم یوں کہو: اے اللہ! محمدؐ اور آل محمدؐ کو خاص الخاص رحمت سے نواز جیسا کہ تو نے آل ابراہیمؑ کو نوازا۔ یقیناً تو بہت ہی خوبیوں والا (اور) بڑی شان والا ہے۔ اے اللہ! محمدؐ اور آل محمدؐ کو برکتیں عطا کر جیسا کہ تو نے آل ابراہیمؑ کو برکتیں عطا کیں۔ یقیناً تو بہت ہی خوبیوں والا (اور) بڑی شان والا ہے۔

حَدَّثَنَا آدَمُ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ حَدَّثَنَا الْحَكَمُ قَالَ سَمِعْتُ عَبْدَ الرَّحْمَنِ بْنَ أَبِي لَيْلَى قَالَ لَقِيَنِي كَعْبُ بْنُ عُجْرَةَ فَقَالَ أَلاَ أُهْدِي لَكَ هَدِيَّةً إِنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم خَرَجَ عَلَيْنَا فَقُلْنَا يَا رَسُولَ اللَّهِ قَدْ عَلِمْنَا كَيْفَ نُسَلِّمُ عَلَيْكَ فَكَيْفَ نُصَلِّي عَلَيْكَ قَالَ " فَقُولُوا اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ اللَّهُمَّ بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6358

ابراہیم بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی حازم اور دراوردی نے ہمیں بتایا۔ ان دونوں نے یزید (بن عبداللہ بن اسامہ بن ہاد) سے، یزید نے عبداللہ بن خباب سے، عبداللہ نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ہم نے کہا: یا رسول اللہ! یہ تو ہوئی آپؐ کے لئے سلامتی کی دعا کرنا، اب رحمت کی دعا کیسے کریں؟ فرمایا: تم یوں کہا کرو: اے اللہ! محمدؐ کو خاص الخاص رحمت سے نواز جو تیرا بندہ اور تیرا رسول ہے جیسا کہ تو نے ابراہیمؑ کو نوازا۔ اور محمدؐ اور آل محمدؐ کو برکتیں عطا کر جیسا کہ تو نے ابراہیمؑ اور آل ابراہیمؑ کو برکتیں عطا کیں۔

حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ حَمْزَةَ حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي حَازِمٍ وَالدَّرَاوَرْدِيُّ عَنْ يَزِيدَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ خَبَّابٍ عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ قَالَ قُلْنَا يَا رَسُولَ اللَّهِ هَذَا السَّلاَمُ عَلَيْكَ فَكَيْفَ نُصَلِّي قَالَ " قُولُوا اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ عَبْدِكَ وَرَسُولِكَ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَبَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَآلِ إِبْرَاهِيمَ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6359

سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن مرہ سے، عمرو نے حضرت (عبداللہ) ابن ابی اوفیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کا طریق تھا کہ جب آپؐ کے پاس کوئی شخص صدقہ لے کر آتا تو آپؐ دعا کرتے: اے اللہ! اس پر اپنا خاص رحم فرما۔ میرے والد بھی آپؐ کے پاس صدقہ لے کر آئے تو آپؐ نے دعا کی: اے اللہ! ابو اوفیٰؓ کے خاندان پر خاص رحمت فرما۔

حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ عَمْرِو بْنِ مُرَّةَ عَنِ ابْنِ أَبِي أَوْفَى قَالَ كَانَ إِذَا أَتَى رَجُلٌ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم بِصَدَقَتِهِ قَالَ " اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَيْهِ" فَأَتَاهُ أَبِي بِصَدَقَتِهِ فَقَالَ " اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى آلِ أَبِي أَوْفَى"

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6360

عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے عبداللہ بن ابی بکر سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے عمرو بن سُلَیم زُرَقی سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے حضرت ابو حمید ساعدیؓ نے خبر دی۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم آپؐ کے لئے رحمت کی دعا کیسے کیا کریں؟ آپؐ نے فرمایا: یوں کہا کرو: اے اللہ! محمد اور ان کی ازواج اور ان کی ذریت پر ویسے ہی رحمت فرما جیسا کہ تو نے ابراہیمؑ کے خاندان پر رحمت کی اور محمد اور ان کی ازواج اور ان کی ذریت کو ویسے ہی برکت دے جیسے تو نے ابراہیمؑ کے خاندان کو برکت دی۔ یقیناً تو بہت ہی خوبیوں والا بہت ہی بڑائی والا ہے۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مَسْلَمَةَ عَنْ مَالِكٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي بَكْرٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ عَمْرِو بْنِ سُلَيْمٍ الزُّرَقِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي أَبُو حُمَيْدٍ السَّاعِدِيُّ أَنَّهُمْ قَالُوا يَا رَسُولَ اللَّهِ كَيْفَ نُصَلِّي عَلَيْكَ قَالَ " قُولُوا اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَأَزْوَاجِهِ وَذُرِّيَّتِهِ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ وَبَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَأَزْوَاجِهِ وَذُرِّيَّتِهِ كَمَا بَارَكْتَ عَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6361

احمد بن صالح نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) ابن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: یونس نے مجھے خبر دی۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: سعید بن مسیب نے مجھے بتایا۔ سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ دعا کیا کرتے تھے: اے اللہ! جس مؤمن کو بھی میں نے کبھی بُرا کہا ہو تو میرا یہ بُرا کہنا اس کے لئے قیامت کے دن اپنے قرب کا موجب بنا دے۔

حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ صَالِحٍ حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ قَالَ أَخْبَرَنِي يُونُسُ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ قَالَ أَخْبَرَنِي سَعِيدُ بْنُ الْمُسَيَّبِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ أَنَّهُ سَمِعَ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " اللَّهُمَّ فَأَيُّمَا مُؤْمِنٍ سَبَبْتُهُ فَاجْعَلْ ذَلِكَ لَهُ قُرْبَةً إِلَيْكَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6362

حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ لوگ رسول اللہ ﷺ سے سوالات کرنے لگے، اس قدر سوال کئے کہ انہوں نے آپؐ کو اُن سے تنگ کردیا۔ آپؐ رنجیدہ ہوئے اور منبر پر چڑھ کر فرمانے لگے: آج تم مجھ سے جس بات کے متعلق بھی پوچھو گے میں اُس کو تمہارے لئے ضرور کھول کر بیان کروں گا۔ میں یہ سن کر دائیں اور بائیں دیکھنے لگا تو کیا دیکھتا ہوں کہ ہر شخص اپنا سر اپنے کپڑے میں لپیٹے ہوئے رو رہا ہے۔ پھر ایک شخص تھا کہ جب لوگوں سے اُلجھتا تو اُس کو اُس کے باپ کے سوا کسی اور کی طرف منسوب کرکے بلایا جاتا۔ وہ بولا: یا رسول اللہ! میرا باپ کون ہے؟ آپؐ نے فرمایا: حذافہ۔ پھر حضرت عمرؓ اُٹھے اور کہنے لگے: ہم خوش ہیں اللہ سے جو ہمارا ربّ ہے اور اسلام سے جو ہمارا دین ہے اور محمد ﷺ سے جو ہمارے رسول ہیں۔ ہم ابتلاؤں سے اللہ کی پناہ لیتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: خیر و شر میں مَیں نے آج جیسا دن کبھی نہیں دیکھا۔ جنت اور آگ کا نقشہ مجھے دکھایا گیا یہاں تک کہ میں نے ان کو اس دیوار کے سامنے دیکھا۔ اور قتادہ اس حدیث کے بیان کرتے وقت اس آیت کا ذکر کیا کرتے تھے: يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَسْـَٔلُوْا … یعنی اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو! ایسی باتوں کے متعلق نہ پوچھو جو اگر تمہارے لئے ظاہر کی جائیں تو تمہیں بُری لگیں۔

حَدَّثَنَا حَفْصُ بْنُ عُمَرَ حَدَّثَنَا هِشَامٌ عَنْ قَتَادَةَ عَنْ أَنَسٍ ـ رضى الله عنه سَأَلُوا رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم حَتَّى أَحْفَوْهُ الْمَسْأَلَةَ فَغَضِبَ فَصَعِدَ الْمِنْبَرَ فَقَالَ " لاَ تَسْأَلُونِي الْيَوْمَ عَنْ شَىْءٍ إِلاَّ بَيَّنْتُهُ لَكُمْ ". فَجَعَلْتُ أَنْظُرُ يَمِينًا وَشِمَالاً فَإِذَا كُلُّ رَجُلٍ لاَفٌّ رَأْسَهُ فِي ثَوْبِهِ يَبْكِي فَإِذَا رَجُلٌ كَانَ إِذَا لاَحَى الرِّجَالَ يُدْعَى لِغَيْرِ أَبِيهِ فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ مَنْ أَبِي قَالَ " حُذَافَةُ " ثُمَّ أَنْشَأَ عُمَرُ فَقَالَ رَضِينَا بِاللَّهِ رَبًّا وَبِالإِسْلاَمِ دِينًا وَبِمُحَمَّدٍ صلى الله عليه وسلم رَسُولاً نَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الْفِتَنِ. فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " مَا رَأَيْتُ فِي الْخَيْرِ وَالشَّرِّ كَالْيَوْمِ قَطُّ إِنَّهُ صُوِّرَتْ لِي الْجَنَّةُ وَالنَّارُ حَتَّى رَأَيْتُهُمَا وَرَاءَ الْحَائِطِ ".
وَكَانَ قَتَادَةُ يَذْكُرُ عِنْدَ الْحَدِيثِ هَذِهِ الآيَةَ {يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لاَ تَسْأَلُوا عَنْ أَشْيَاءَ إِنْ تُبْدَ لَكُمْ تَسُؤْكُمْ}.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 6363

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن ابی عمرو سے جو مطلب بن عبداللہ بن حنطب کے غلام تھے روایت کی کہ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوطلحہؓ سے فرمایا: اپنے لڑکوں میں سے کوئی لڑکا ہمارے لئے ڈھونڈو جو میرا کام کاج کرے تو حضرت ابوطلحہؓ مجھے اپنے پیچھے سوار کر کے لے گئے اور میں رسول اللہ ﷺ کی خدمت کیا کرتا تھا۔ جب بھی آپؐ کہیں قیام کرتے تو میں آپؐ سے سنتا کہ آپؐ اکثر یہ دعا کرتے: اے اللہ! میں تیری ہی پناہ لیتا ہوں فکر اور غم سے اور عاجزی اور سستی اور کنجوسی اور بزدلی سے اور قرضہ کے بہت ہوجانے سے اور لوگوں کے غلبہ سے۔ میں آپؐ کی اس وقت تک خدمت کرتا رہا کہ ہم خیبر سے لوٹے اور آپؐ حضرت صفیہ بنت حییؓ کو لائے۔ آپؐ نے ان سے نکاح کیا تھا۔ اور میں آپؐ کو دیکھتا تھا کہ آپؐ اپنے پیچھے عباء یا کمبل سے ایک گول گدا بناتے اور پھر اُن کو اپنے پیچھے سوار کرتے۔ جب ہم صہباء میں پہنچے تو آپؐ نے چمڑے کے ایک دسترخوان پر کھجور کا مالیدہ تیار کیا۔ پھر آپؐ نے مجھے بھیجا اور میں نے لوگوں کو بلایا اور انہوں نے کھایا اور یہ ولیمہ تھا آپؐ کا جو آپؐ نے حضرت صفیہؓ کو اپنے گھر لانے کے موقع پر کیا۔ پھر آپؐ روانہ ہو گئے۔ جب اُحد دکھائی دینے لگا تو آپؐ نے فرمایا: یہ وہ (چھوٹا سا) پہاڑ ہے جو ہم سے محبت رکھتا ہے اور ہم اس سے محبت رکھتے ہیں۔ جب آپؐ مدینہ کے اوپر پہنچے تو آپؐ نے کہا: اے اللہ! میں اس جگہ کو جو مدینہ کے دونوں پہاڑوں کے درمیان ہے اُسی طرح حرم قرار دیتا ہوں جس طرح ابراہیمؑ نے مکہ کو حرم قرار دیا تھا۔ اے اللہ! انہیں ان کے مُد میں اور ان کے صاع میں برکت دیجیو۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ جَعْفَرٍ عَنْ عَمْرِو بْنِ أَبِي عَمْرٍو مَوْلَى الْمُطَّلِبِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ حَنْطَبٍ أَنَّهُ سَمِعَ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ يَقُولُ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لأَبِي طَلْحَةَ " الْتَمِسْ لَنَا غُلاَمًا مِنْ غِلْمَانِكُمْ يَخْدُمُنِي ". فَخَرَجَ بِي أَبُو طَلْحَةَ يُرْدِفُنِي وَرَاءَهُ فَكُنْتُ أَخْدُمُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم كُلَّمَا نَزَلَ فَكُنْتُ أَسْمَعُهُ يُكْثِرُ أَنْ يَقُولَ " اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْهَمِّ وَالْحَزَنِ وَالْعَجْزِ وَالْكَسَلِ وَالْبُخْلِ وَالْجُبْنِ وَضَلَعِ الدَّيْنِ وَغَلَبَةِ الرِّجَالِ ". فَلَمْ أَزَلْ أَخْدُمُهُ حَتَّى أَقْبَلْنَا مِنْ خَيْبَرَ وَأَقْبَلَ بِصَفِيَّةَ بِنْتِ حُيَىٍّ قَدْ حَازَهَا فَكُنْتُ أَرَاهُ يُحَوِّي وَرَاءَهُ بِعَبَاءَةٍ أَوْ كِسَاءٍ ثُمَّ يُرْدِفُهَا وَرَاءَهُ حَتَّى إِذَا كُنَّا بِالصَّهْبَاءِ صَنَعَ حَيْسًا فِي نِطَعٍ ثُمَّ أَرْسَلَنِي فَدَعَوْتُ رِجَالاً فَأَكَلُوا وَكَانَ ذَلِكَ بِنَاءَهُ بِهَا ثُمَّ أَقْبَلَ حَتَّى بَدَا لَهُ أُحُدٌ قَالَ " هَذَا جُبَيْلٌ يُحِبُّنَا وَنُحِبُّهُ ". فَلَمَّا أَشْرَفَ عَلَى الْمَدِينَةِ قَالَ " اللَّهُمَّ إِنِّي أُحَرِّمُ مَا بَيْنَ جَبَلَيْهَا مِثْلَ مَا حَرَّمَ بِهِ إِبْرَاهِيمُ مَكَّةَ اللَّهُمَّ بَارِكْ لَهُمْ فِي مُدِّهِمْ وَصَاعِهِمْ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

·

آج 10 میں سے 10 باقی