کتاب 87: كتاب الديات
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 6881
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عمرو (بن دینار) سے، اُنہوں نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی اُنہوں نے کہا: بنی اسرائیل میں قصاص تھا اور اُن میں دیت نہ تھی۔ اللہ نے اِس اُمت کے لئے فرمایا: اے لوگو جو ایمان لائے ہو! تم پر مقتولوں کے بارہ میں برابر کا بدلہ لینا فرض کیا گیا ہے اگر (قاتل) آزاد (مرد) ہو تو اسی آزاد (قاتل) سے اور اگر (قاتل) غلام ہو تو اسی غلام (قاتل) سے اور اگر (قاتل) عورت ہو تو اسی عورت (قاتل) سے مگر جس (قاتل) کو اس کے بھائی کی طرف سے کچھ (تاوان) معاف کر دیا جائے تو (مقتول کا وارث بقیہ تاوان کو صرف) مناسب طور پر وصول کر سکتا ہے اور (قاتل پر) عمدگی کے ساتھ (بقیہ تاوان) اس کو ادا کر دینا (واجب) ہے۔ یہ تمہارے ربّ کی طرف سے تخفیف اور رحمت ہے پھر جو شخص اس (حکم) کے بعد بھی زیادتی کرے اس کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: یہاں عفو سے یہ مراد ہے کہ قتلِ عمد میں دیت قبول کر لے۔ اُنہوں نے کہا: فَاتِّبَاعٌۢ بِالْمَعْرُوْف سے یہ مراد ہے کہ شریفانہ طریقے سے مطالبہ کرے اور وہ عمدگی سے ادا کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6882
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبداللہ بن ابی حسین سے روایت کی کہ نافع بن جبیر نے ہم سے بیان کیا۔ نافع نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: لوگوں میں سے سب سے زیادہ قابل نفرت اللہ کے نزدیک تین شخص ہیں۔ حرم میں بے اعتدالی کرنے والا اور اسلام میں جاہلیت کی رسم و رواج کا خواہاں اور ناحق کسی آدمی کے خون کی جستجو کرنے والا تاکہ اس کا خون بہائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6883
فروہ بن ابی المغراء نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مسہر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ جنگِ اُحد کے دن مشرک شکست کھا گئے۔ اور محمد بن حرب نے مجھ سے بیان کیا کہ ابومروان یحيٰ بن ابی زکریا یعنی واسطی نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ہشام سے، ہشام نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں: جنگِ اُحد کے دن ابلیس نے لوگوں میں دہائی دی اللہ کے بندو اپنے پچھلوں سے بچو۔ سنتے ہی اگلے اپنے پچھلوں پر پلٹ پڑے اور اُنہوں نے حضرت یمانؓ کو ما ر ڈالا۔ حضرت حذیفہؓ چلائے میرا باپ ہے میرا باپ ہے مگر اُنہوں نے اُن کو مار ڈالا۔ حضرت حذیفہؓ نے کہا: اللہ تمہیں بخشے۔ اُنہوں نے کہا: اور اُن کافروں میں سے کچھ لوگ تو شکست کھا کر بھاگ گئے تھے یہاں تک کہ وہ طائف میں جا پہنچے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6884
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ حبان (بن ہلال) نے ہمیں بتایا۔ ہمام نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ حضرت انس بن مالکؓ نے ہم سے بیان کیا کہ ایک یہودی نے ایک لڑکی کا سر دو پتھروں سے چور چور کر دیا۔ تو اس سے پوچھا گیا: تم سے یہ کس نے کیا ؟ کیا فلاں شخص نے کیا؟ فلاں شخص نے؟ آخر اس یہودی کا نام لیا گیا تو اُس نے اپنے سر سے اشارہ کیا (کہ ہاں) اس یہودی کو لے آئے اور اس نے اقرار کیا تو نبی ﷺ نے اس کے متعلق حکم دیا اور اس کا سر بھی ایک پتھر سے چور چور کیا گیا۔ اور کبھی ہمام نے یوں بھی کہا دو پتھروں سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6885
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہم سے بیان کیا۔ سعید نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ایک یہودی کو ایک لڑکی کے بدلہ میں قتل کیا جس کو اس نے اس کے زیوروں کے لالچ پر مار ڈالا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6886
عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا کہ موسیٰ بن ابی عائشہ نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: ہم نے نبی ﷺ کے منہ میں آپؐ کی بیماری کے اثنا میں دوائی ڈالی۔ آپؐ نے فرمایا: میرے حلق میں دوا مت ڈالو۔ ہم نے کہا: بیمار کو دوا سے نفرت ہوتی ہے۔ (اس لیے آپؐ یہ فرما رہے ہیں) جب آپؐ ہوش میں آئے آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی باقی نہ رہے مگر اس کے حلق میں دوائی ڈالی جائے سوائے عباسؓ کے کیونکہ عباسؓ تمہارے ساتھ شامل نہیں تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6887
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ ابو زناد نے ہم سے بیان کیا کہ اعرج نے اُنہیں بتایا کہ اُنہوں نے حضرت ابو ہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ اُنہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: قیامت کے دن ہم سب سے پیچھے آنے والے اور سب سے آگے بڑھنے والے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6888
اور اسی سند سے مروی ہے اگر کوئی تمہارے گھر میں جھانکے اور تم نے اس کو اجازت نہ دی ہو تو تم اس کو کنکری مارو اور اُس کی آنکھ پھوڑ دو تو تم پر کوئی گناہ نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6889
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حمید سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ کے گھر میں جھانکا آپؐ نے اس کی طرف ایک تیر کا نشانہ باندھا۔ (یحيٰ کہتے تھے:) میں نے پوچھا: تم سے یہ کس نے بیان کیا۔ حمید نے کہا: حضرت انس بن مالکؓ نے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6890
اسحاق بن منصور نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: ہشام نے ہمیں خبر دی۔ ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: جب اُحد کی جنگ ہوئی تو مشرکوں کو شکست دے کر بھگا دیا گیا۔ ابلیس نے دہائی دی۔ اللہ کے بندو! اپنے پچھلوں سے بچو۔ (یہ سن کر) پہلے پلٹ پڑے اور وہ اور پچھلے تلواروں سے آپس میں لڑنے لگے۔ حذیفہؓ نے غور سے جو دیکھا تو کیا دیکھتے ہیں کہ لوگ اُن کے باپ یمانؓ پر حملہ آور ہیں۔ اُنہوں نے پکارا، اللہ کے بندو یہ میرا باپ ہے، میرا باپ ہے۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: اللہ کی قسم! وہ نہ ہٹے اس کو مار ہی ڈالا۔ حذیفہؓ نے کہا: اللہ تمہیں بخشے۔ عروہ کہتے تھے: حضرت حذیفہؓ (کے دل) میں اس (کلمہ) کی وجہ سے ہمیشہ بھلائی رہی اور وہ اسی حالت میں اللہ سے جا ملے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6891
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن ابی عبید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سلمہ (بن اکوع) سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ خیبر کی طرف نکلے تو لوگوں میں سے ایک شخص نے کہا: عامرؓ اپنے شعروں میں سے کچھ ہمیں سناؤ چنانچہ وہ اپنے شعر گا کر اُنہیں سنانے لگے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ اونٹوں کو چلانے والا کون ہے؟ لوگوں نے کہا: عامرؓ۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ اس پر رحم کرے۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے ہمیں اس سے محظوظ کیوں نہ ہونے دیا؟ وہ اسی رات کی صبح کو زخمی ہوئے تو لوگوں نے کہا: اُن کے سارے عمل اکارت گئے۔ اُنہوں نے اپنے تئیں مار ڈالا۔ جب میں واپس آیا تو وہ یہی باتیں کر رہے تھے کہ عامرؓ کے عمل اکارت گئے۔ (یہ سن کر) میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور میں نے کہا: اے اللہ کے نبی! میرے ماں باپ آپؐ کے قربان، لوگ کہتے ہیں کہ عامرؓ کے عمل اکارت گئے۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے ایسا کہا اس نے غلط کہا۔ اسے تو دو ثواب ملے ہوں گے۔ وہ تو جہاد کرنے والا مجاہد ہ کرنے والا ہے اور کون سا قتل اس کے قتل سے بڑھ کر ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6892
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے زُرارہ بن اوفیٰ سے سنا وہ حضرت عمران بن حصینؓ سے روایت کرتے تھے کہ ایک آدمی نے ایک شخص کے ہاتھ کو کاٹا اور اس نے جو اپنا ہاتھ جھٹکا دے کر اُس کے منہ سے نکالا تو اُس کے سامنے کے دو دانت گر پڑے اور وہ نبی ﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لائے۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے ایک اپنے بھائی کو اس طرح کاٹتا ہے جیسے سانڈ کاٹتا ہے تمہیں اس کی کوئی دیت نہیں ملے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6893
ابو عاصم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے صفوان بن یعلیٰ سے، صفوان نے اپنے باپ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں ایک غزوہ میں نکلا تو ایک شخص نے کسی کو کاٹا اور اُس نے جھٹکا دے کر اس کے سامنے کے دانت نکال دئیے تو نبی ﷺ نے اس کے دانت کی دیت نہیں دلوائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6894
(محمد بن عبداللہ) انصاری نے ہم سے بیان کیا کہ حمید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نضر کی بیٹی نے ایک لڑکی کو طمانچہ مارا اور اس کا سامنے کا دانت توڑ دیا اس کے رشتہ دار نبیﷺ کے پاس آئے تو آپؐ نے بدلہ لینے کا حکم دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6895
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: یہ اور یہ برابر ہیں یعنی چھنگلی اور انگوٹھا۔
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ (محمد) ابن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے اسی طرح سنا۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي عَدِيٍّ عَنْ شُعْبَةَ عَنْ قَتَادَةَ عَنْ عِكْرِمَةَ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم نَحْوَهُ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6896
اور مجھ سے ابن بشار نے کہا: يحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ ایک لڑکا دھوکے سے مارا گیا حضرت عمرؓ نے فرمایا: اگر صنعاء کے باشندے اس قتل میں شریک ہوتے تو میں اُن سب کو مروا ڈالتا اور مغیرہ بن حکیم نے اپنے باپ سے نقل کیا کہ چار آدمیوں نے ایک بچے کو مار ڈالا تو حضرت عمرؓ نے ایسا فرمایا۔ اور حضرت ابوبکرؓ اور حضرت ابن زبیرؓ اور حضرت علیؓ اور سوید بن مقرن نے ایک طمانچے کا بدلہ بھی دلوایا اور حضرت عمرؓ نے دُرّے کی مار کا بدلہ بھی دلوایا اور حضرت علیؓ نے تین کوڑوں کا بھی بدلہ دلوایا اور شریح نے ایک کوڑے اور ناخنوں سے نوچنے کا بھی بدلہ دلوایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6897
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ موسیٰ بن ابی عائشہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبیداللہ بن عبداللہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: ہم نے رسول اللہ ﷺ کے حلق میں دوا ڈالی جبکہ آپؐ بیمار تھے اور آپؐ ہمیں اشارہ کرنے لگے کہ میرے حلق میں دوا نہ ڈالو۔ کہتے ہیں: ہم نے کہا کہ دوا سے بیمار کے نفرت کرنے کی وجہ سے آپؐ کہہ رہے ہیں۔ جب آپؐ کو افاقہ ہوا، آپؐ نے فرمایا: کیا میں نے تمہیں روکا نہیں تھا کہ میرے منہ میں دوائی نہ ڈالو؟ کہتے تھے: ہم نے کہا کہ آپؐ دوا سے نفرت کرنے کی وجہ سے کہہ رہے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تم میں سے کوئی باقی نہ رہے مگر اس کے حلق میں دوائی ڈالی جائے اور میں دیکھوں گا سوائے عباسؓ کے کیونکہ وہ تمہارے ساتھ موجود نہ تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6898
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سعید بن عبید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے بُشیر بن یسار سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ایک انصاری شخص جسے سہل بن ابی حثمہ کہتے تھے نے اُن کو بتایا کہ ان کی قوم میں سے چند لوگ خیبر کی طرف گئے اور وہاں ادھر ادھر بکھر گئے اور اُنہوں نے اپنے میں سے ایک کو مقتول پایا اور اُنہوں نے اُن لوگوں سے جن کے درمیان وہ پایا گیا تھا کہا: تم نے ہمارے ساتھی کو مار ڈالا ہے۔ اُنہوں نے کہا: ہم نے نہیں مارا اور نہ ہی ہمیں قاتل کا پتہ ہے۔ آخر وہ نبی ﷺ کے پاس چلے آئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ ہم خیبر کی طرف گئے تھے تو ہم نے اپنے میں سے ایک کو مقتول پایا۔ آپؐ نے فرمایا: جو تم میں سے بڑا ہے وہی بات کرے اور آپؐ نے اُن سے کہا: تم اس شخص کے متعلق ثبوت لاؤ جس نے اس کو قتل کیا۔ اُنہوں نے کہا: ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر وہ قسم کھائیں گے۔ اُنہوں نے کہا: ہم اِن یہودیوں کی قسم پر مطمئن نہیں ہوں گے تو رسول اللہ ﷺ نے ناپسند فرمایا کہ اس مقتول کے خون کو بغیر دیت کے جانے دیں تو آپؐ نے صدقہ کے اونٹوں میں سے ایک سو اونٹ اس کی دیت دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6899
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبشر اسماعیل بن ابراہیم اسدی نے ہمیں بتایا۔ حجاج بن ابی عثمان نے ہم سے بیان کیا کہ ابورجاء نے جو ابوقلابہ کے خاندان میں سے تھے مجھے بتایا۔ (اُنہوں نے کہا) مجھ سے ابوقلابہ نے بیان کیا کہ عمر بن عبدالعزیز نے ایک دن لوگوں کے لئے دربار عام لگایا۔ پھر اُنہوں نے لوگوں کو آنے کی اجازت دی وہ اُن کے پاس آئے تو اُنہوں نے پوچھا: تم قسامت کے متعلق کیا کہتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہم کہتے ہیں کہ قسامت میں قصاص کا حکم دینا صحیح ہے اور خلفاء نے قسموں کی بنا پر بدلہ دلوایا ہے۔ عمر بن عبدالعزیز نے مجھ سے کہا: ابوقلابہ! تم کیا کہتے ہو؟ اور لوگوں سے بات کرنے کے لئے اُنہوں نے مجھے آگے کھڑا کردیا۔ میں نے کہا: امیر المؤمنین! آپ کے پاس فوجوں کے سردار اور عرب کے شرفاء موجود ہیں۔ بتائیں اگر اِن میں سے پچاس ایک شادی شدہ شخص کے متعلق جو دمشق میں ہو یہ شہادت دیں کہ اس نے زنا کیا ہے؟ اُنہوں نے اس کو دیکھا نہیں کیا آپ اس کو سنگسار کر دیں گے۔ اُنہوں نے کہا: نہیں۔ میں نے کہا۔ بتائیں اگر اِن میں سے پچاس ایک شخص کے متعلق جو حِمص میں ہو یہ شہادت دیں کہ اس نے چوری کی ہے کیا آپ اُس کے ہاتھ کاٹ ڈالیں گے حالانکہ انہوں نے اس کو دیکھا نہیں؟ اُنہوں نے کہا: نہیں۔ میں نے کہا: اللہ کی قسم! رسول اللہ ﷺ نے کبھی کسی کو قتل نہیں کیا مگر تین باتوں میں سے کسی ایک بات کی وجہ سے۔ ایک وہ شخص جس نے قتل کیا ہو اور اسے اپنے جرم کی سزا کی وجہ سے قتل کیا جائے اور ایک وہ شخص جس نے نکاح کرنے کے بعد زنا کیا یا وہ شخص جس نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ کی اور اسلام سے مرتد ہو گیا ہو۔ لوگوں نے یہ سن کر کہا: کیا حضرت انس بن مالکؓ نے یہ نہیں بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے چوری کی وجہ سے ہاتھ کٹوائے اور آنکھوں میں سلائیاں پھرائیں پھر اُن کو دھوپ میں پھینک دیا گیا؟ میں نے کہا: میں تم سے حضرت انسؓ کی حدیث بیان کرتا ہوں۔ مجھ سے حضرت انسؓ نے بیان کیا کہ عُکل کے آٹھ آدمی رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور اُنہوں نے اسلام پر (قائم رہنے کی) آپؐ سے بیعت کی۔ پھر اُنہوں نے اس زمین کی آب و ہوا کو ناموافق پایا اور اُن کے جسم لاغر ہوگئے تو اُنہوں نے رسول اللہ ﷺ سے اس کا شکوہ کیا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم ہمارے چرواہے کے ساتھ اس کے اونٹوں میں نہیں چلے جاتے، جا کر تم اُن کے دودھ اور پیشاب پیتے رہو؟ اُنہوں نے کہا: کیوں نہیں؟ چنانچہ وہ باہر گئے اور اُنہوں نے اُن کے دودھ اور پیشاب پئے اور وہ تندرست ہوگئے۔ پھر انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے چرواہے کو مار ڈالا اور اونٹ ہانک کر لے گئے۔ یہ خبر رسول اللہ ﷺ کو پہنچی تو آپؐ نے اُن کے پیچھے سوار بھیجے اُنہیں گرفتار کرلیا گیا اور اُن کو لے کر آئے۔ تو آپؐ نے اُن کے متعلق حکم دیا اور اُن کے ہاتھ اور پاؤں کاٹ ڈالے اور آپؐ نے اُن کی آنکھوں میں گرم سلائیاں پھرائیں۔ پھر اُن کو دھوپ میں پھینک دیا گیا اور وہ وہیں مر گئے۔ (ابوقلابہ کہتے تھے:) میں نے کہا: اس سے سنگین کیا جرم ہوسکتا ہے جو اُنہوں نے کیا؟ اسلام سے مرتد ہوگئے اور اُنہوں نے قتل کیا اور چوری کی۔ عنبسہ بن سعید نے سن کر کہا۔ اللہ کی قسم میں نے بھی کبھی ایسی حدیث نہیں سنی جیسی آج۔ میں نے کہا: عنبسہ کیا تم میری اس حدیث کے متعلق مجھ پر اعتراض کرتے ہو؟ انہوں نے کہا: نہیں بلکہ آپ نے حدیث کو صحیح صحیح جیسا کہ وہ ہے بیان کیا ہے۔ اللہ کی قسم! یہ گروہ ہمیشہ بھلائی میں رہے گا جب تک کہ یہ بزرگ اِن کے درمیان زندہ ہے۔ میں نے کہا اور اس مسئلہ میں رسول اللہ ﷺ کا بھی عمل درآمد موجود ہے۔ آپؐ کے پاس کچھ انصاری لوگ آئے اور اُنہوں نے آپؐ سے باتیں کیں پھر اُن میں سے ایک شخص اُن کے آگے ہی روانہ ہو گیا اور وہ مارا گیا وہ اس کے پیچھے روانہ ہوئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ اُن کا وہ ساتھی خون میں لتھڑا ہوا ہے۔ وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس واپس آئے اور کہا یارسول اللہ ہمارا ساتھی جو ہمارے ساتھ گفتگو میں موجود تھا پھر وہ ہم سے آگے روانہ ہو گیا۔ جب ہم اس تک پہنچے تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہ خون میں لتھڑا ہوا ہے۔ رسول اللہ ﷺ باہر آئے اور آپؐ نے پوچھا: تم کس کے متعلق خیال کرتے ہو؟ یا فرمایا: تم کس کے متعلق سمجھتے ہو کہ اس نے اِسے مارا؟ اُنہوں نے کہا: ہمارا یہ خیال ہے کہ یہود نے ہی اس کو مار ڈالا ہے۔ آپؐ نے یہودیوں کی طرف پیغام بھیج کر اُن کو بلایا اور فرمایا: کیا تم نے اس کو قتل کیا؟ اُنہوں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے مقتول کے وارثوں سے پوچھا: کیا تم یہ پسند کرتے ہو کہ یہودیوں میں سے پچاس قسم کھالیں کہ اُنہوں نے اسے قتل نہیں کیا؟ اُنہوں نے کہا: وہ تو پروا نہیں کرتے کہ ہم سبھی کو مار ڈالیں پھر قسم کھالیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا دیت کا حقدار بننے کے لیے تم سے پچاس قسم کھائیں گے؟ انہوں نے کہا: ہم تو قسم نہیں کھائیں گے۔ آپؐ نے اپنے پاس سے اُس کی دیت ادا کی۔ میں نے کہا: ہذیل نے بھی جاہلیت کے زمانہ میں ایک بدچلن شخص کو اپنے میں سے باہر نکال دیا تھا۔ وہ یمن کے ایک خاندان کے گھر میں رات کو نقب زنی کے لئے گیا جو بطحاء میں رہتے تھے اُن میں سے ایک شخص جاگ اُٹھا اور اُس نے تلوار سے اس کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا اور مار ڈالا۔ یہ سن کر ہذیل کے لوگ آئے اور اس یمنی کو پکڑ لیا اور حج کے زمانہ میں اس کو حضرت عمرؓ کے سامنے پیش کیا۔ کہنے لگے: اس نے ہمارے ایک آدمی کو مار ڈالا ہے۔ اس یمنی نے کہا: اِنہوں نے تو اُس کو اپنے سے باہر نکال دیا تھا۔ تو حضرت عمرؓ نے کہا کہ ہذیل میں سے پچاس آدمی قسم کھائیں کہ اُنہوں نے اُس کو خارج نہیں کیا تھا۔ ابوقلابہ کہتے تھے: اُن میں سے اُنچاس آدمیوں نے قسم کھا لی اور اُن میں سے ایک شخص شام سے آیا تھا تو لوگوں نے اسے بھی کہا کہ وہ قسم کھائے مگر اس نے قسم کے بدلے ایک ہزار درہم دے کر اپنے آپ کو اُن سے چھڑا لیا اور اُنہوں نے اس کی جگہ ایک اور شخص اندر بھجوایا۔ تو حضرت عمرؓ نے یہ قاتل مقتول کے بھائی کے حوالے کردیا۔ اس کا ہاتھ اس کے ہاتھ سے باندھ دیا گیا۔ لوگ کہتے تھے کہ وہ دونوں چل پڑے اور وہ پچاس آدمی بھی جنہوں نے قسمیں کھائی تھیں۔ جب وہ نخلہ میں پہنچے تو بارش نے اُنہیں آگھیرا اور وہ پہاڑی کی ایک غار میں گھس گئے اور وہ غار اُن پچاس پر آ گری جنہوں نے قسمیں کھائی تھیں اور وہ سب کے سب مرگئے اور وہ دونوں ساتھی (قاتل و مقتول کا بھائی) وہاں سے بھاگ نکلے اور ان دونوں کے پیچھے ایک پتھر آیا اور اس نے مقتول کے بھائی کی ٹانگ توڑ دی وہ ایک سال زندہ رہا اور مر گیا۔ (ابوقلابہ کہتے تھے:) میں نے کہا: عبدالملک بن مروان نے بھی قسموں کی بنا پر ایک شخص سے قصاص لیا تھا، پھر وہ اپنے کیے کے بعد پشیمان ہوئے اور اُنہوں نے اُن پچاس آدمیوں کے متعلق کہ جنہوں نے قسمیں کھائی تھیں حکم دیا اور اُن کا نام دفتر سے مٹا دیا گیا اور اُنہوں نے اُن کو شام کی طرف جلا وطن کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6900
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبیداللہ بن ابی بکر بن انس سے، عبیداللہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ کے حجروں میں سے کسی میں جھانکا تو آپؐ ایک تیر لے کر اُس کی طرف اُٹھ کر گئے۔ ایک تیر یا کہا کچھ تیر لے کر اور آپؐ دبے پاؤں اپنے آپ کو نظر سے بچاتے ہوئے اس کی طرف جانے لگے تا کہ اُس کو چبھوئیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah