کتاب 10: كتاب الأذان
صحیح بخاری, حصہ 10
صحیح بخاری 782
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے سمی ابوبکر (بن عبدالرحمن) کے آزاد کردہ غلام سے، سمی نے ابوصالح (سمان) سے، ابوصالح نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب امام غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْہِمْ وَلَا الضَّالِّیْنَ کہے تو تم آمین کہو۔ جس کا قول ملائکہ کے قول کے موافق ہو گیا، اس کے جو گناہ پہلے ہو چکے ہوں ان کی مغفرت کی جائے گی۔ (سمی کی طرح) محمد بن عمرو نے بھی ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابو ہریرہؓ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی اور نعیم مجمر نے بھی حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے (نبی ﷺ تک پہنچاتے ہوئے) روایت کی۔
تَابَعَهُ مُحَمَّدُ بْنُ عَمْرٍو عَنْ أَبِي سَلَمَةَ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَنُعَيْمٌ الْمُجْمِرُ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضى الله عنه.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 783
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا ، کہا: ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعلم سے جو زیاد (بن حسان) ہیں۔ اعلم نے حسن سے، حسن نے حضرت ابوبکرہؓ سے روایت کی کہ وہ نبی ﷺ کے پاس اس وقت پہنچے جب آپؐ رکوع میں تھے تو انہوں نے صف میں شامل ہونے سے پہلے رکوع کر دیا اور اس کا ذکر نبی ﷺ سے کیا تو آپؐ نے فرمایا: اللہ آپؐ کو نیکی کی حرص اور زیادہ دے۔ پھر ایسا نہ کرنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 784
اسحاق (بن شاہین) واسطی نے ہم سے بیان کیا، کہا: خالد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جریری سے، جریری نے ابوالعلاء سے، ابوالعلاء نے مطرف سے، مطرف نے حضرت عمرانؓ بن حصین سے روایت کی، کہا کہ انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ بصرہ میں نماز پڑھی تو انہوں نے کہا: اس شخص نے ہمیں وہ نماز یاد دلادی ہے جو ہم رسول اللہؐ کے ساتھ پڑھا کرتے تھے۔ آنحضرت ﷺ جب سر جھکاتے یا اٹھاتے تو اللہ اکبر کہتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 785
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابو سلمہ سے، ابو سلمہ نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی ہے کہ وہ (لوگوں کو) نماز پڑھایا کرتے تھے۔ تو جب سر جھکاتے اور اٹھاتے تو اللہ اکبر کہتے اور جب نماز سے فارغ ہوئے تو کہا: تمہاری (نماز کی) نسبت میری نماز رسول اللہ ﷺ کی نماز سے زیادہ ملتی جلتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 786
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے غیلان بن جریر سے، غیلان نے مطرف بن عبداللہ سے روایت کی کہ میں نے اور حضرت عمرانؓ بن حصین نے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے پیچھے نماز پڑھی۔ جب آپؓ سجدہ کرتے تو اللہ اکبر کہتے اور جب سجدہ سے سر اٹھاتے۔ تب بھی اللہ اکبر کہتے اور جب دو رکعتیں پڑھ کر اٹھتے تو بھی اللہ اکبر کہتے۔ جب آپؓ نماز پڑھ چکے تو حضرت عمرانؓ بن حصین نے میرا ہاتھ پکڑا اور کہا: انہوں نے تو حضرت محمد ﷺ کی نماز مجھے یاد دِلا دی ہے۔ یا کہا: لاریب انہوں نے تو ہمیں حضرت محمد ﷺ کی نماز پڑھائی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 787
عمرو بن عون نے ہم سے بیان کیا ، کہا : ہُشَیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو بشر سے، ابو بشر نے عکرمہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: میں نے ایک شخص کو مقامِ (ابراہیم) کے نزدیک دیکھا۔ وہ ہر دفعہ سر جھکانے اور اٹھانے پر اللہ اکبر کہتا اور اس وقت بھی جب وہ کھڑا ہوتا اور جب سجدہ میں جاتا۔ میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کو بتایا۔ تو انہوں نے کہا: بے مادر! کیا یہ نبی ﷺ کی نماز نہیں؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 788
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہمام نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے عکرمہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: میں نے مکہ میں ایک بزرگ کے پیچھے نماز پڑھی۔ انہوں نے بائیس تکبیریں کہیں۔ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے کہا کہ یہ بے وقوف ہے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: تیری ماں تجھے کھوئے۔ یہ تو ابوالقاسمؐ کی سنت ہے۔ موسیٰ نے کہا: ابان نے یہ حدیث ہم سے یوں روایت کی ہے: ہم سے قتادہ نے بیان کیا۔ ہمیں عکرمہ نے بتایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 789
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا ، کہا : لیث نے ہمیں بتایا۔ عقیل سے روایت ہے۔ عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ ابن شہاب کہتے تھے: ابوبکر بن عبدالرحمن بن حارث نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابو ہریرہؓ سے سنا وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ جب نماز کے لئے کھڑے ہوتے تو اس وقت اللہ اکبر کہتے۔ پھر جب رکوع کرتے تو اللہ اکبر کہتے۔ پھر جب رکوع سے اپنی پیٹھ سیدھی کرتے تو کہتے: سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ۔ پھر رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ کہتے اور اس وقت آپؐ کھڑے ہی ہوتے۔ (اور) عبداللہ بن صالح نے لیث سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا: وَلَکَ الْحَمْدُ۔ پھر اللہ اکبر کہتے جب آپؐ (سجدہ کے لئے) جھکتے۔ پھر اللہ اکبر کہتے جب آپؐ اپنا سر اُٹھاتے پھر اللہ اکبر کہتے جب سجدہ کرتے پھر اللہ اکبر کہتے جب اپنا سر اٹھاتے۔ پھر آپؐ ساری نماز میں اسی طرح تکبیریں کہتے جاتے۔ یہاں تک کہ اسے ختم کرتے اور جب دو رکعتیں پڑھ کر بیٹھنے کے بعد اٹھتے تو اس وقت بھی اللہ اکبر کہتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 790
ابوالولید (ہشام بن عبدالملک) نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ ابویعفور (وقدان اکبر) سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے مصعب بن سعد سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے اپنے باپ کے پہلو میں نماز پڑھی۔ میں نے (رکوع میں) دونوں ہتھیلیاں ملادیں۔ پھر رانوں کے درمیان رکھیں۔ میرے باپ نے مجھے منع کیا اور کہا کہ ہم بھی اسی طرح کیا کرتے تھے۔ پھر ہمیں روک دیا گیا اور ہمیں حکم ہوا کہ ہم اپنے ہاتھ گھٹنوں پر رکھا کریں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 791
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ سلیمان سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے زید بن وہب سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت حذیفہؓ نے ایک آدمی کو دیکھا جو رکوع اور سجدے پورے طور پر نہیں کرتا تھا۔ تو انہوں نے کہا: تم نے نماز نہیں پڑھی۔ اگر تم مر جاؤ تو تم ایسی فطرت پر مرو گے جو اس فطرت کے خلاف ہے، جس پر اللہ نے محمد رسول اللہ ﷺ کو پیدا کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 792
بدل بن محبر نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: حکم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن ابی لیلیٰ سے، انہوں نے حضرت براءؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ کا رکوع اور آپؐ کا سجود اور دونوں سجدوں کے درمیان قعود (بیٹھنا) اور رکوع کے بعد قیام یہ تقریبا ً برابر ہوتے تھے۔ سوائے قیام اور قعود کے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 793
مسدد نے ہم سے بیان کیا ، کہا : یحيٰ بن سعید نے مجھے بتایا۔ عبیداللہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: سعید مقبری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ مسجد میں تشریف لائے۔ اتنے میں ایک شخص آیا اور اس نے نماز پڑھی۔ پھر آیا اور آپؐ کو سلام کیا۔ آپؐ نے اس کے سلام کا جواب دیا اور فرمایا: واپس جاؤ اور نماز پڑھو۔ کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ چنانچہ اس نے نماز پڑھی اور پھر آکر نبی ﷺ کو سلام کیا۔ آپؐ نے فرمایا : واپس جاؤ اور نماز پڑھو۔ کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ چنانچہ اس نے نماز پڑھی اور پھر آکر نبی ﷺ کو سلام کیا۔ آپ نے فرمایا : واپس جاؤ اور نماز پڑھو۔ کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ آپؐ نے اس طرح تین بار اسے لوٹایا۔ تو اس نے کہا: قسم ہے اس ذات کی جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے۔ میں اس سے اچھی نماز نہیں پڑھ سکتا۔ آپؐ مجھے سکھائیں۔ اس پر آپؐ نے فرمایا: جب تم نماز کے لئے کھڑے ہو تو اللہ اکبر کہو۔ پھر قرآن سے جو کچھ تمہیں میسر ہو پڑھو۔ پھر رکوع کرو یہاں تک کہ تمہیں رکوع میں اطمینان ہو جائے۔ پھر سر اٹھاؤ یہاں تک کہ سیدھے کھڑے ہو جاؤ۔ پھر سجدہ کرو یہاں تک کہ سجدہ میں تمہیں اطمینان ہو جائے۔ پھر سر اٹھاؤ یہاں تک کہ تم اطمینان سے بیٹھ جاؤ۔ پھر سجدہ کرو یہاں تک کہ سجدہ میں تمہیں اطمینان ہو جائے۔ پھر اسی طرح ساری نماز میں کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 794
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا ، کہا : شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ اپنے رکوع و سجود میں یہ دعا کیا کرتے تھے: سُبْحَانَکَ اللّٰہُمَّ رَبَّنَا وَبِحَمْدِکَ اللّٰہُمَّ اغْفِرْ لِیْ پاک ذات ہے تیری اے اللہ جو ہمارا رب ہے اور تو اپنی خوبیوں کے ساتھ ہے۔ اے اللہ تو میری مغفرت فرما۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 795
آدم نے ہم سے بیان کیا، کہا : ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہتے تو اس کے بعد یہ پڑھتے اَللّٰہُمَّ رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُ اور نبی ﷺ جب رکوع کرتے اور جب سر اٹھاتے تو اللہ اکبر کہتے اور جب دونوں سجدوں سے کھڑے ہوتے تب بھی اللہ اکبر کہتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 796
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا ، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سمی سے، سمی نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب امام سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہے تو تم کہو اَللّٰہُمَّ رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ۔ کیونکہ جس کا قول ملائکہ کے قول کے مطابق ہو جائے گا اس کے جو گناہ پہلے ہو چکے ہیں ان کی مغفرت کی جائے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 797
معاذ بن فضالہ نے ہمیں بتایا انہوں نے کہا: ہشام نے ہمیں بتایا۔ ہشام نے یحيٰ سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں (تمہاری نماز) نبی ﷺ کی نماز کے قریب کردوں گا۔ چنانچہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ ظہر اور عشاء اور صبح کی نمازوں کی آخری رکعت میں سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہنے کے بعد کھڑے ہوکر عاجزی سے دعا کیا کرتے تھے۔ مومنوں کے لئے دعا کرتے اور کافروں کے لئے بددعا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 798
عبداللہ بن ابی الاسود نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے خالد حذاء سے، خالد نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: دعائے قنوت مغرب اور فجر کی نماز میں ہوا کرتی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 799
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے نعیم بن عبداللہ مجمر سے، نعیم نے علی بن یحيٰ بن خلاد زُرَقی سے۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت رفاعہ بن رافع زرقیؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم ایک دن نبی ﷺ کے پیچھے نماز پڑھ رہے تھے۔ جب آپؐ نے رکوع سے سر اٹھایا تو آپؐ نے فرمایا: سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْْ حَمِدَہٗ ایک شخص (حضرت رفاعہؓ) نے آپ کے پیچھے سے کہا: رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُ حَمْدًا کَثِیْرًا طَیِّبًا مُّبَارَکًا فِیْہِ۔ جب آپؐ نماز سے فارغ ہوئے تو آپؐ نے فرمایا: بولنے والا کون ہے؟ اس نے کہا: میں۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے تیس سے زیادہ فرشتوں کو دیکھا کہ وہ ان الفاظ کی طرف لپک رہے تھے کہ کون پہلے انہیں لکھتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 800
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت انسؓ نبی ﷺ کی نماز کی کیفیت ہمیں بتا رہے تھے۔ چنانچہ وہ نماز پڑھتے اور جب رکوع سے سر اُٹھاتے تو کھڑے رہتے۔ یہاں تک کہ ہم خیال کرتے کہ حضرت انسؓ بھول گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 801
ابوالولید (ہشام بن عبدالملک) نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم سے، حکم نے ابن ابی لیلیٰ سے، انہوں نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کا رکوع اور سجدہ اور رکوع سے سر اٹھا کر کھڑے رہنا اور دونوں سجدوں کے درمیان بیٹھنا یہ تقریباً برابر ہوتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah