کتاب 10: كتاب الأذان

صحیح بخاری, حصہ 9

صحیح بخاری 763

عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا ، کہا : مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے۔ ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے کہ ( ان کی والدہ) ام الفضل نے ان کو وَالْمُرْسَلَاتِ عُرْفًا پڑھتے سنا تو کہا: میرے بیٹے بخدا! تم نے تو یہ سورۃ پڑھ کر مجھے یاد دِلا دیا ہے کہ یہ آخری سورۃ تھی جو میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنی۔ آپؐ مغرب کی نماز میں یہ پڑھ رہے تھے۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ قَالَ أَخْبَرَنَا مَالِكٌ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُتْبَةَ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ أَنَّهُ قَالَ إِنَّ أُمَّ الْفَضْلِ سَمِعَتْهُ وَهُوَ يَقْرَأُ {وَالْمُرْسَلاَتِ عُرْفًا} فَقَالَتْ يَا بُنَىَّ وَاللَّهِ لَقَدْ ذَكَّرْتَنِي بِقِرَاءَتِكَ هَذِهِ السُّورَةَ إِنَّهَا لآخِرُ مَا سَمِعْتُ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقْرَأُ بِهَا فِي الْمَغْرِبِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 764

ابو عاصم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے۔ ابن جریج نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے مروان بن حکم سے روایت کی وہ کہتے تھے: حضرت زیدؓ بن ثابت نے مجھ سے کہا: تمہیں کیا ہے کہ مغرب کی نماز میں چھوٹی چھوٹی سورتیں پڑھتے ہو۔ حالانکہ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو لمبی سے لمبی دو سورتیں پڑھتے سنا۔

حَدَّثَنَا أَبُو عَاصِمٍ عَنِ ابْنِ جُرَيْجٍ عَنِ ابْنِ أَبِي مُلَيْكَةَ عَنْ عُرْوَةَ بْنِ الزُّبَيْرِ عَنْ مَرْوَانَ بْنِ الْحَكَمِ قَالَ قَالَ لِي زَيْدُ بْنُ ثَابِتٍ مَا لَكَ تَقْرَأُ فِي الْمَغْرِبِ بِقِصَارٍ وَقَدْ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم يَقْرَأُ بِطُولِ الطُّولَيَيْنِ

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 765

عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا ، کہا : مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے محمد بن جبیر بن مطعم سے، ابن جبیر نے اپنے باپ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ نے مغرب کی نماز میں سورۃ وَالطُّوْرِ پڑھی۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ قَالَ أَخْبَرَنَا مَالِكٌ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ جُبَيْرِ بْنِ مُطْعِمٍ عَنْ أَبِيهِ قَالَ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَرَأَ فِي الْمَغْرِبِ بِالطُّورِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 766

ابونعمان نے ہم سے بیان کیا ، کہا : معتمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے بکر سے، بکر نے ابورافع سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ابو ہریرہؓ کے ساتھ عشاء کی نماز پڑھی تو انہوں نے سورۂ اِذَا السَّمَائُ انْشَقَّتْ پڑھی اور سجدہ ( تلاوت ) کیا۔ میں نے ان سے پوچھا۔ تو انہوں نے کہا کہ میں نے ابوالقاسمؐ کے پیچھے سجدہ کیا تھا۔ اس لئے میں ہمیشہ اس میں سجدہ کروں گا۔ یہاں تک کہ آنحضرتؐ سے جا ملوں۔

حَدَّثَنَا أَبُو النُّعْمَانِ قَالَ حَدَّثَنَا مُعْتَمِرٌ عَنْ أَبِيهِ عَنْ بَكْرٍ عَنْ أَبِي رَافِعٍ قَالَ صَلَّيْتُ مَعَ أَبِي هُرَيْرَةَ الْعَتَمَةَ فَقَرَأَ {إِذَا السَّمَاءُ انْشَقَّتْ} فَسَجَدَ فَقُلْتُ لَهُ قَالَ سَجَدْتُ خَلْفَ أَبِي الْقَاسِمِ صلى الله عليه وسلم فَلاَ أَزَالُ أَسْجُدُ بِهَا حَتَّى أَلْقَاهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 767

ابو الولید نے ہم سے بیان کیا، کہا : شعبہ نے ہمیں بتایا کہ عدی سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت براءؓ سے سنا کہ نبی ﷺ کسی سفر میں تھے۔ آپؐ نے عشاء کے وقت ایک رکعت میں سورۃ وَالتِّیْنِ وَالزَّیْتُوْنِ پڑھی۔

حَدَّثَنَا أَبُو الْوَلِيدِ قَالَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ عَدِيٍّ قَالَ سَمِعْتُ الْبَرَاءَ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم كَانَ فِي سَفَرٍ فَقَرَأَ فِي الْعِشَاءِ فِي إِحْدَى الرَّكْعَتَيْنِ بِالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 768

مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یزید بن زریع نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تیمی نے مجھے بتایا۔ {انہوں نے بکر سے، بکر نے ابورافع سے روایت کی۔ } انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ کے ساتھ عشاء کی نماز پڑھی تو انہوں نے سورۃ اِذَا السَّمَاءُ انْشَقَّتْ پڑھی اور سجدہ کیا۔ میں نے کہا: یہ سجدہ کیسا؟ انہوں نے کہا: میں نے ابوالقاسم ﷺ کے پیچھے اس سورۃ میں سجدہ کیا تھا۔ اس لئے میں ہمیشہ ہی اس میں سجدہ کروں گا۔ یہاں تک کہ آپؐ سے جا ملوں۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ قَالَ حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ قَالَ حَدَّثَنِي التَّيْمِيُّ عَنْ بَكْرٍ عَنْ أَبِي رَافِعٍ قَالَ صَلَّيْتُ مَعَ أَبِي هُرَيْرَةَ الْعَتَمَةَ فَقَرَأَ {إِذَا السَّمَاءُ انْشَقَّتْ} فَسَجَدَ فَقُلْتُ مَا هَذِهِ قَالَ سَجَدْتُ بِهَا خَلْفَ أَبِي الْقَاسِمِ صلى الله عليه وسلم فَلاَ أَزَالُ أَسْجُدُ بِهَا حَتَّى أَلْقَاهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 769

خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ مسعر نے ہمیں بتایا، کہا: عدی بن ثابت نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کو عشاء کی نماز میں سورہ ٔ وَالتِّیْنِ وَالزَّیْتُوْنِ پڑھتے ہوئے سنا اور میں نے کسی کو بھی نہیں سنا جو بلحاظ آواز یا قرأت کے آپؐ سے اچھا پڑھنے والا ہو۔

حَدَّثَنَا خَلاَّدُ بْنُ يَحْيَى قَالَ حَدَّثَنَا مِسْعَرٌ قَالَ حَدَّثَنَا عَدِيُّ بْنُ ثَابِتٍ سَمِعَ الْبَرَاءَ رضى الله عنه قَالَ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم يَقْرَأُ {وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ} فِي الْعِشَاءِ وَمَا سَمِعْتُ أَحَدًا أَحْسَنَ صَوْتًا مِنْهُ أَوْ قِرَاءَةً.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 770

سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا ، کہا : شعبہ نے ہمیں بتایا۔ ابوعون سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابرؓ بن سمرہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت عمرؓ نے حضرت سعدؓ (بن ابی وقاص) سے کہا: لوگوں نے تو ہر بات میں آپ کی شکایت کی ہے۔ یہاں تک کہ نماز میں بھی۔ حضرت سعدؓ نے کہا: میں تو پہلی دو رکعتیں لمبی پڑھاتا ہوں اور پچھلی دو چھوٹی اور میں رسول اللہ ﷺ کی نماز کی پیروی کرنے میں کوتاہی نہیں کرتا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: آپؐ نے سچ کہا ہے۔ آپؐ کے متعلق میرا یہی خیال تھا یا کہا: آپؐ پر میرا یہی گمان تھا۔

حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ قَالَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ أَبِي عَوْنٍ قَالَ سَمِعْتُ جَابِرَ بْنَ سَمُرَةَ قَالَ قَالَ عُمَرُ لِسَعْدٍ لَقَدْ شَكَوْكَ فِي كُلِّ شَىْءٍ حَتَّى الصَّلاَةِ. قَالَ أَمَّا أَنَا فَأَمُدُّ فِي الأُولَيَيْنِ وَأَحْذِفُ فِي الأُخْرَيَيْنِ وَلاَ آلُو مَا اقْتَدَيْتُ بِهِ مِنْ صَلاَةِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم. قَالَ صَدَقْتَ ذَاكَ الظَّنُّ بِكَ أَوْ ظَنِّي بِكَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 771

آدم نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہم سے شعبہ نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیار بن سلامہ نے ہمیں بتایا، کہا: میں اور میرے والد حضرت ابوبرزہ اسلمیؓ کے پاس گئے اور ہم نے ان سے نمازوں کے اوقات پوچھے تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ ظہر سورج ڈھلنے پر پڑھا کرتے تھے اور نماز عصر ایسے وقت پڑھتے کہ آدمی (نماز پڑھ کر) شہر کے آخری حصہ میں واپس چلا جاتا اور سورج ابھی روشن ہوتا اور مغرب کا وقت جو انہوں نے بتایا تھا میں بھول گیا اور آپؐ عشاء کے لئے ایک تہائی رات تک دیر کرنے میں پرواہ نہ کرتے۔ اس سے پہلے سونا اور اس کے بعد باتیں کرنا پسند نہ فرماتے اور صبح کی نماز (ایسے وقت) پڑھتے کہ آدمی (نماز سے) فارغ ہوکر اپنے پاس بیٹھنے والوں کو پہچان لیتا اور صبح کی دونوں رکعتوں میں یا ایک رکعت میں ساٹھ آیتوں سے لے کر سو آیات تک پڑھا کرتے تھے۔

حَدَّثَنَا آدَمُ قَالَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ قَالَ حَدَّثَنَا سَيَّارُ بْنُ سَلاَمَةَ قَالَ دَخَلْتُ أَنَا وَأَبِي عَلَى أَبِي بَرْزَةَ الأَسْلَمِيِّ فَسَأَلْنَاهُ عَنْ وَقْتِ الصَّلَوَاتِ فَقَالَ كَانَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم يُصَلِّي الظُّهْرَ حِينَ تَزُولُ الشَّمْسُ وَالْعَصْرَ وَيَرْجِعُ الرَّجُلُ إِلَى أَقْصَى الْمَدِينَةِ وَالشَّمْسُ حَيَّةٌ وَنَسِيتُ مَا قَالَ فِي الْمَغْرِبِ وَلاَ يُبَالِي بِتَأْخِيرِ الْعِشَاءِ إِلَى ثُلُثِ اللَّيْلِ وَلاَ يُحِبُّ النَّوْمَ قَبْلَهَا وَلاَ الْحَدِيثَ بَعْدَهَا وَيُصَلِّي الصُّبْحَ فَيَنْصَرِفُ الرَّجُلُ فَيَعْرِفُ جَلِيسَهُ وَكَانَ يَقْرَأُ فِي الرَّكْعَتَيْنِ أَوْ إِحْدَاهُمَا مَا بَيْنَ السِّتِّينَ إِلَى الْمِائَةِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 772

مسدد نے ہم سے بیان کیا ، کہا : اسماعیل بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابن جریج نے ہمیں بتایا ، کہا: عطاء نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہر نماز میں قرآن پڑھا جائے۔ رسول اللہ ﷺ نے جو کچھ ہمیں سنایا، ہم نے وہ تم کو سنایا اور جو آپؐ نے ہم سے نہیں فرمایا، ہم نے تم سے نہیں کہا۔ اگر تم امّ القرآن (سورہ فاتحہ) سے زائد نہ پڑھو تو وہی کافی ہے اور اگر زائد پڑھو تو بہتر ہے۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ قَالَ حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ قَالَ أَخْبَرَنَا ابْنُ جُرَيْجٍ قَالَ أَخْبَرَنِي عَطَاءٌ أَنَّهُ سَمِعَ أَبَا هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ يَقُولُ فِي كُلِّ صَلاَةٍ يُقْرَأُ فَمَا أَسْمَعَنَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم أَسْمَعْنَاكُمْ وَمَا أَخْفَى عَنَّا أَخْفَيْنَا عَنْكُمْ وَإِنْ لَمْ تَزِدْ عَلَى أُمِّ الْقُرْآنِ أَجْزَأَتْ وَإِنْ زِدْتَ فَهُوَ خَيْرٌ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 773

مسدد نے ہم سے بیان کیا ، کہا : ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ اپنے صحابہ کے ایک گروہ سمیت عکاظ منڈی کا قصد کرتے ہوئے چل پڑے جبکہ آسمان کی خبر اور شیطانوں کے درمیان روک ڈال دی گئی تھی اور ان پر شعلے چھوڑ دئیے گئے تھے۔ یہ شیطان اپنی قوم کی طرف لوٹ کر آئے تو لوگوں نے پوچھا: تمہیں کیا ہوا؟ انہوں نے جواب دیا۔ ہمارے اور آسمان کی خبر کے درمیان روک ڈال دی گئی ہے اور ہم پر شعلے پھینکے گئے ہیں۔ لوگوں نے کہا: ضرور کوئی نئی بات ہوئی ہے۔ جو تمہارے اور آسمان کی خبر کے درمیان روک ہوگئی ہے۔ اس لئے زمین کے مشرق اور مغرب میں پھر کر دیکھو کہ یہ کیا بات ہے جو تمہارے اور آسمان کی خبر کے درمیان روک ہے؟ چنانچہ وہ لوگ جو تہامہ کی طرف نکلے تھے؛ پھرتے پھراتے؛ نبی ﷺ کے پاس جبکہ آپؐ نخلہ (مقام) میں تھے؛ عکاظ منڈی کا قصد کرتے ہوئے آپہنچے۔ آپؐ اپنے صحابہ کو صبح کی نماز پڑھا رہے تھے۔ جب ان لوگوں نے قرآن سنا تو اس کو غور سے سننے لگے اور کہنے لگے: اللہ کی قسم! یہ ہے وہ جو تمہارے اور آسمان کی خبر کے درمیان روک ہے۔ پس اس موقع پر جبکہ وہ اپنی قوم کے پاس لوٹ کر گئے تھے۔ انہوں نے کہا: اے ہماری قوم! ہم نے تو عجیب قرآن سنا ہے۔ جو بھلائی کی طرف ہماری راہنمائی کرتا ہے۔ ہم تو اسے مان چکے ہیں۔ اب ہم اپنے ربّ کے ساتھ ہرگز کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں گے۔ تب اللہ نے اپنے نبیؐ پر یہ سورۃ اُتاری: قُلْ اُوْحِیَ اِلَیَّ۔ اور جنّوں نے جو بات (اپنی قوم سے) کہی تھی؛ وہی آپؐ پر وحی کی گئی۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ قَالَ حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ عَنْ أَبِي بِشْرٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ انْطَلَقَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فِي طَائِفَةٍ مِنْ أَصْحَابِهِ عَامِدِينَ إِلَى سُوقِ عُكَاظٍ وَقَدْ حِيلَ بَيْنَ الشَّيَاطِينِ وَبَيْنَ خَبَرِ السَّمَاءِ وَأُرْسِلَتْ عَلَيْهِمُ الشُّهُبُ فَرَجَعَتِ الشَّيَاطِينُ إِلَى قَوْمِهِمْ. فَقَالُوا مَا لَكُمْ فَقَالُوا حِيلَ بَيْنَنَا وَبَيْنَ خَبَرِ السَّمَاءِ وَأُرْسِلَتْ عَلَيْنَا الشُّهُبُ. قَالُوا مَا حَالَ بَيْنَكُمْ وَبَيْنَ خَبَرِ السَّمَاءِ إِلاَّ شَىْءٌ حَدَثَ فَاضْرِبُوا مَشَارِقَ الأَرْضِ وَمَغَارِبَهَا فَانْظُرُوا مَا هَذَا الَّذِي حَالَ بَيْنَكُمْ وَبَيْنَ خَبَرِ السَّمَاءِ فَانْصَرَفَ أُولَئِكَ الَّذِينَ تَوَجَّهُوا نَحْوَ تِهَامَةَ إِلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَهْوَ بِنَخْلَةَ عَامِدِينَ إِلَى سُوقِ عُكَاظٍ وَهْوَ يُصَلِّي بِأَصْحَابِهِ صَلاَةَ الْفَجْرِ فَلَمَّا سَمِعُوا الْقُرْآنَ اسْتَمَعُوا لَهُ فَقَالُوا هَذَا وَاللَّهِ الَّذِي حَالَ بَيْنَكُمْ وَبَيْنَ خَبَرِ السَّمَاءِ. فَهُنَالِكَ حِينَ رَجَعُوا إِلَى قَوْمِهِمْ وَقَالُوا يَا قَوْمَنَا {إِنَّا سَمِعْنَا قُرْآنًا عَجَبًا }-{ يَهْدِي إِلَى الرُّشْدِ فَآمَنَّا بِهِ وَلَنْ نُشْرِكَ بِرَبِّنَا أَحَدًا} فَأَنْزَلَ اللَّهُ عَلَى نَبِيِّهِ صلى الله عليه وسلم {قُلْ أُوحِيَ إِلَىَّ} وَإِنَّمَا أُوحِيَ إِلَيْهِ قَوْلُ الْجِنِّ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 774

مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ کو جس (نماز) میں (پڑھنے کا) حکم ہوا اس میں آپؐ نے پڑھا اور جس میں (خاموش رہنے کا) حکم ہوا، اس میں آپؐ خاموش رہے اور تیرا ربّ بھولنے والا نہیں اور یقینا تمہارے لئے رسول اللہ ﷺ میں اچھا نمونہ ہے۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ قَالَ حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ قَالَ حَدَّثَنَا أَيُّوبُ عَنْ عِكْرِمَةَ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ قَرَأَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فِيمَا أُمِرَ وَسَكَتَ فِيمَا أُمِرَ {وَمَا كَانَ رَبُّكَ نَسِيًّا} {لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ}.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 774a

اور عبیداللہ بن عمر نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ ایک انصاری آدمی مسجد قباء میں ان کی امامت کیا کرتا تھا۔ وہ جب کبھی ان سورتوں میں سے جو نماز میں پڑھی جاتی ہیں، کوئی سورۃ شروع کرتا تو پہلے قُلْ ہُوَ اللّٰہُ پڑھتا۔ جب اسے پڑھ لیتا تو پھر اس کے ساتھ کوئی اور سورۃ پڑھتا اور ہر رکعت میں ایسا ہی کرتا۔ اس کے ساتھیوں نے اس بارہ میں اس سے بات کی اور کہا: تم اس سورۃ سے شروع کرتے ہو اور پھر نہیں سمجھتے کہ یہ سورۃ تمہیں کافی ہوگی۔ بلکہ ایک اور سورۃ بھی پڑھتے ہو تو تم اسی کو پڑھا کرو۔ یا اس کو چھوڑ دو اور کوئی دوسری سورۃ پڑھو۔ اس نے کہا: میں تو اسے ہر گز نہ چھوڑوں گا۔ اگر تم پسند کرتے ہو کہ میں اسی طرح تمہاری امامت کروں تو میں تمہارا امام رہوں گا اور اگر تمہیں یہ پسند نہیں تو میں تمہیں چھوڑ دوں گا اور وہ لوگ اس کو اپنے میں سب سے بہتر سمجھتے تھے اور انہوں نے پسند نہ کیا کہ اس کے سوا کوئی اور ان کا امام ہو۔ جب نبی ﷺ ان کے پاس آئے تو انہوں نے آپؐ کو اس واقعہ کی خبر دی۔ آپؐ نے فرمایا: اے فلاں! جو بات تمہارے ساتھی تم سے کہتے ہیں ؛ تمہیں اس فعل سے کون سی بات روکتی ہے؟ اور کیا وجہ ہے کہ تم نے یہ سورۃ ہر رکعت میں لازم کرلی ہے؟ اُس نے کہا: یہ سورۃ مجھے بہت پیاری ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کی محبت نے تمہیں جنت میں داخل کردیا۔

وَقَالَ عُبَيْدُ اللَّهِ عَنْ ثَابِتٍ عَنْ أَنَسٍ ـ رضى الله عنه ـ كَانَ رَجُلٌ مِنَ الأَنْصَارِ يَؤُمُّهُمْ فِي مَسْجِدِ قُبَاءٍ وَكَانَ كُلَّمَا افْتَتَحَ سُورَةً يَقْرَأُ بِهَا لَهُمْ فِي الصَّلاَةِ مِمَّا يَقْرَأُ بِهِ افْتَتَحَ بِ ـ {قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ} حَتَّى يَفْرُغَ مِنْهَا ثُمَّ يَقْرَأُ سُورَةً أُخْرَى مَعَهَا وَكَانَ يَصْنَعُ ذَلِكَ فِي كُلِّ رَكْعَةٍ فَكَلَّمَهُ أَصْحَابُهُ فَقَالُوا إِنَّكَ تَفْتَتِحُ بِهَذِهِ السُّورَةِ ثُمَّ لاَ تَرَى أَنَّهَا تُجْزِئُكَ حَتَّى تَقْرَأَ بِأُخْرَى فَإِمَّا أَنْ تَقْرَأَ بِهَا وَإِمَّا أَنْ تَدَعَهَا وَتَقْرَأَ بِأُخْرَى. فَقَالَ مَا أَنَا بِتَارِكِهَا إِنْ أَحْبَبْتُمْ أَنْ أَؤُمَّكُمْ بِذَلِكَ فَعَلْتُ وَإِنْ كَرِهْتُمْ تَرَكْتُكُمْ. وَكَانُوا يَرَوْنَ أَنَّهُ مِنْ أَفْضَلِهِمْ وَكَرِهُوا أَنْ يَؤُمَّهُمْ غَيْرُهُ فَلَمَّا أَتَاهُمُ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم أَخْبَرُوهُ الْخَبَرَ فَقَالَ " يَا فُلاَنُ مَا يَمْنَعُكَ أَنْ تَفْعَلَ مَا يَأْمُرُكَ بِهِ أَصْحَابُكَ وَمَا يَحْمِلُكَ عَلَى لُزُومِ هَذِهِ السُّورَةِ فِي كُلِّ رَكْعَةٍ ". فَقَالَ إِنِّي أُحِبُّهَا. فَقَالَ " حُبُّكَ إِيَّاهَا أَدْخَلَكَ الْجَنَّةَ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 775

آدم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا : شعبہ نے ہمیں بتایا کہ عمرو بن مرّہ سے روایت ہے، کہا : میں نے ابو وائل سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ایک آدمی حضرت (عبداللہ) بن مسعودؓ کے پاس آیا۔ اس نے کہا: میں نے آج رات ایک رکعت میں ساری مفصل پڑھی ہے۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: جلدی جلدی جیسے شعر پڑھے جاتے ہیں۔ میں وہ ہم مشابہ سورتیں جانتا ہوں جن کو نبی ﷺ ملا کر پڑھا کرتے تھے۔ پھر حضرت عبداللہؓ نے مفصل کی بیس سورتوں کا ذکر کیا۔ ہر رکعت میں دو دو سورتیں پڑھا کرتے تھے۔

حَدَّثَنَا آدَمُ قَالَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ عَمْرِو بْنِ مُرَّةَ قَالَ سَمِعْتُ أَبَا وَائِلٍ قَالَ جَاءَ رَجُلٌ إِلَى ابْنِ مَسْعُودٍ فَقَالَ قَرَأْتُ الْمُفَصَّلَ اللَّيْلَةَ فِي رَكْعَةٍ. فَقَالَ هَذًّا كَهَذِّ الشِّعْرِ لَقَدْ عَرَفْتُ النَّظَائِرَ الَّتِي كَانَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم يَقْرِنُ بَيْنَهُنَّ فَذَكَرَ عِشْرِينَ سُورَةً مِنَ الْمُفَصَّلِ سُورَتَيْنِ فِي كُلِّ رَكْعَةٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 776

موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا ، کہا: ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ سے، یحيٰ نے عبداللہ بن ابی قتادہ سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ظہر کی پہلی دو رکعتوں میں سورۂ فاتحہ اور دو سورتیں پڑھا کرتے اور آخری دو رکعتوں میں صرف سورۂ فاتحہ ہی پڑھتے اور کوئی آیت ہمیں سنا بھی دیا کرتے اور جتنی لمبی قرأت پہلی رکعت میں کرتے اتنی دوسری رکعت میں نہ کرتے اور اسی طرح عصر کی نماز میں بھی کرتے اور صبح کی نماز میں بھی۔

حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ قَالَ حَدَّثَنَا هَمَّامٌ عَنْ يَحْيَى عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي قَتَادَةَ عَنْ أَبِيهِ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم كَانَ يَقْرَأُ فِي الظُّهْرِ فِي الأُولَيَيْنِ بِأُمِّ الْكِتَابِ وَسُورَتَيْنِ وَفِي الرَّكْعَتَيْنِ الأُخْرَيَيْنِ بِأُمِّ الْكِتَابِ وَيُسْمِعُنَا الآيَةَ وَيُطَوِّلُ فِي الرَّكْعَةِ الأُولَى مَا لاَ يُطَوِّلُ فِي الرَّكْعَةِ الثَّانِيَةِ وَهَكَذَا فِي الْعَصْرِ وَهَكَذَا فِي الصُّبْحِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 777

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا ، کہا : جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے عمارہ بن عمیر سے، عمارہ نے ابومعمر سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ہم نے حضرت خبابؓ سے پوچھا: کیا رسول اللہ ﷺ ظہر اور عصر کی نماز میں (قرآن مجید) پڑھا کرتے تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ ہم نے کہا: آپؓ کو کیسے علم ہوتا ؟ تو انہوں نے کہا: حضورؐ کی ریش مبارک کے ہلنے سے۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ قَالَ حَدَّثَنَا جَرِيرٌ عَنِ الأَعْمَشِ عَنْ عُمَارَةَ بْنِ عُمَيْرٍ عَنْ أَبِي مَعْمَرٍ قُلْتُ لِخَبَّابٍ أَكَانَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقْرَأُ فِي الظُّهْرِ وَالْعَصْرِ قَالَ نَعَمْ. قُلْنَا مِنْ أَيْنَ عَلِمْتَ قَالَ بِاضْطِرَابِ لِحْيَتِهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 778

محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا ، (کہا:) اوزاعی نے ہمیں بتایا (کہا:) یحيٰ بن ابی کثیر نے مجھ سے بیان کیا ، (کہا :) عبداللہ بن ابی قتادہ نے مجھے بتایا۔ ان کے باپ سے مروی ہے کہ نبی ﷺ ظہر اور عصر کی پہلی دو رکعتوں میں سورۂ فاتحہ اور اس کے ساتھ ایک اور سورۃ پڑھا کرتے تھے اور کبھی کبھی کوئی آیت بھی ہمیں سنا دیتے اور پہلی رکعت میں قرأت لمبی کرتے تھے۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يُوسُفَ حَدَّثَنَا الأَوْزَاعِيُّ حَدَّثَنِي يَحْيَى بْنُ أَبِي كَثِيرٍ حَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَبِي قَتَادَةَ عَنْ أَبِيهِ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم كَانَ يَقْرَأُ بِأُمِّ الْكِتَابِ وَسُورَةٍ مَعَهَا فِي الرَّكْعَتَيْنِ الأُولَيَيْنِ مِنْ صَلاَةِ الظُّهْرِ وَصَلاَةِ الْعَصْرِ وَيُسْمِعُنَا الآيَةَ أَحْيَانًا وَكَانَ يُطِيلُ فِي الرَّكْعَةِ الأُولَى.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 779

ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا، (کہا :) ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے يحيٰ بن ابی کثیر سے، يحيٰ نے عبد اللہ بن ابی قتادہ سے، انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ظہر کی پہلی رکعت میں قرأت لمبی کیا کرتے تھے اور دوسری رکعت میں چھوٹی اور صبح کی نماز میں بھی ایسا ہی کرتے۔

حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ حَدَّثَنَا هِشَامٌ عَنْ يَحْيَى بْنِ أَبِي كَثِيرٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي قَتَادَةَ عَنْ أَبِيهِ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم كَانَ يُطَوِّلُ فِي الرَّكْعَةِ الأُولَى مِنْ صَلاَةِ الظُّهْرِ وَيُقَصِّرُ فِي الثَّانِيَةِ وَيَفْعَلُ ذَلِكَ فِي صَلاَةِ الصُّبْحِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 780

عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا ، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب اور ابو سلمہ بن عبدالرحمن سے روایت کی کہ ان دونوں نے ابن شہاب کو بتایا: حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جب امام آمین کہے تو تم بھی آمین کہو۔ کیونکہ جس کی آمین ملائکہ کی آمین کے موافق ہوگی۔ اس کے جو گناہ پہلے ہو چکے ہوں ان کی مغفرت کی جائے گی۔ ابن شہاب نے کہا: اور رسول اللہ ﷺ بھی آمین کہتے تھے۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ قَالَ أَخْبَرَنَا مَالِكٌ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ الْمُسَيَّبِ وَأَبِي سَلَمَةَ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ أَنَّهُمَا أَخْبَرَاهُ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " إِذَا أَمَّنَ الإِمَامُ فَأَمِّنُوا فَإِنَّهُ مَنْ وَافَقَ تَأْمِينُهُ تَأْمِينَ الْمَلاَئِكَةِ غُفِرَ لَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ ". وَقَالَ ابْنُ شِهَابٍ وَكَانَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " آمِينَ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 781

عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی آمین کہے اور آسمان پر ملائکہ بھی آمین کہیں اور پھر وہ ایک دوسرے کے مطابق ہو جائیں تو جو گناہ اس سے پہلے ہو چکے ہوں ان کی مغفرت کی جائے گی۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ أَخْبَرَنَا مَالِكٌ عَنْ أَبِي الزِّنَادِ عَنِ الأَعْرَجِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " إِذَا قَالَ أَحَدُكُمْ آمِينَ. وَقَالَتِ الْمَلاَئِكَةُ فِي السَّمَاءِ آمِينَ. فَوَافَقَتْ إِحْدَاهُمَا الأُخْرَى غُفِرَ لَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

·

آج 10 میں سے 10 باقی