کتاب 10: كتاب الأذان
صحیح بخاری, حصہ 8
صحیح بخاری 743
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ اور حضرت ابوبکر اور حضرت عمر رضی اللہ عنہما نماز اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ سے شروع کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 744
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا ، کہا: عبدالواحد بن زیاد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عمارہ بن قعقاع نے ہم سے بیان کیا ، کہا : ہم سے ابوزرعہ نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوہریرہؓ نے ہمیں بتایا ، کہا: رسول اللہ ﷺ تکبیر اور اقامت کے درمیان کچھ خاموش رہتے۔ (ابوزرعہ) کہتے تھے: میرا خیال ہے کہ انہوں نے کہا: تھوڑی دیر تک۔ تو میں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے ماں باپ (آپؐ پر) قربان۔ تکبیر اور قرأت کے درمیان آپؐ جو خاموش رہتے ہیں آپؐ کیا پڑھتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: میں کہتا ہوں: الٰہی میرے اور میری خطائوں کے درمیان اتنی دوری ڈال دے جتنی دوری تو نے مشرق اور مغرب میں ڈالی ہے۔ الٰہی مجھے خطائوں سے ایسا پاک و صاف کردے۔ جیسے سفید کپڑا میل کچیل سے پاک و صاف کردیا جاتا ہے۔ الٰہی میری خطا ئیں پانی اور برف اور اولوں سے دھو ڈال۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 745
ابن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا ، کہا: نافع بن عمر نے ہمیں بتایا ، کہا: ابومُلَیکہ کے بیٹے نے مجھے خبر دی۔ حضرت اسماء بنت ِابوبکرؓ سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے سورج گرہن کی نماز پڑھی۔ آپؐ کھڑے ہوئے اور دیر تک کھڑے رہے۔ پھر آپؐ نے رکوع کیا اور دیر تک رکوع میں رہے۔ پھر آپؐ کھڑے ہوئے اور دیر تک کھڑے رہے۔ پھر آپؐ نے رکوع کیا اور دیر تک رکوع میں رہے۔ پھر آپؐ نے سر اٹھایا۔ اس کے بعد سجدہ کیا اور دیر تک سجدہ میں رہے۔ پھر آپؐ نے سر اٹھایا۔ اس کے بعد سجدہ کیا اور دیر تک سجدہ میں رہے۔ پھر آپؐ کھڑے ہوئے اور دیر تک کھڑے رہے۔ پھر رکوع کیا اور دیر تک رکوع میں رہے۔ پھر سر اٹھایا اور دیر تک کھڑے رہے۔ پھر رکوع کیا اور دیر تک رکوع میں رہے۔ پھر سر اٹھایا پھر سجدہ کیا اور دیر تک سجدہ میں رہے۔ پھر سر اٹھایا۔ پھر سجدہ کیا اور دیر تک سجدہ میں رہے۔ پھر (نماز سے) فارغ ہوئے اور فرمایا: جنت میرے اتنی قریب ہوگئی تھی کہ اگر میں جرأت کرتا تو اس کے خوشوں میں سے ایک خوشہ تمہیں لا دیتا اور آگ بھی میرے اتنے قریب کی گئی کہ میں پکار اٹھا کہ اے میرے رب! کیا میں بھی ان کے ساتھ ہی ہوں۔ اتنے میں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک عورت ہے۔ (نافع کہتے تھے:) میرا خیال ہے کہ آپؐ نے فرمایا: اس کو بلی نوچ رہی تھی۔ میں نے پوچھا: اس عورت کی یہ حالت کیوں ہے؟ انہوں نے کہا: اس نے اس کو روکے رکھا تھا۔ یہاں تک وہ بھوکی مر گئی۔ نہ اسے کھلاتی نہ اسے چھوڑتی کہ وہ کھائے۔ نافع کہتے تھے: میرا خیال ہے۔ (ابن ابی ملیکہ نے) کہا: زمین کے کیڑے مکوڑے خَشِیْشِ (الْاَرْضِ) فرمایا یا خَشَاشِ الْاَرْضِ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 746
موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالواحد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: اعمش نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے عمارہ بن عمیر سے، عمارہ نے ابومعمر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حضرت خبابؓ سے دریافت کیا: کیا رسول اللہ ﷺ ظہر اور عصر میں قرآن مجید پڑھا کرتے تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ ہم نے کہا: تم کس طرح یہ معلوم کرتے تھے؟ کہا: آپؐ کی ریش (مبارک) کے ہلنے سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 747
حجاج نے ہم سے بیان کیا ،( کہا :) شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابو اسحق نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے: میں نے عبداللہ بن یزید کو خطبہ پڑھتے سنا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت براءؓ نے ہم سے بیان کیا اور وہ غلط نہ کہتے تھے کہ وہ جب نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھتے اور آپؐ رکوع سے سر اٹھاتے تو وہ کھڑے رہتے۔ یہاں تک کہ دیکھ لیتے کہ آپؐ سجدہ میں گئے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 748
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا ، کہا : مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں سورج گرہن ہوا اور آپؐ نے نماز پڑھائی۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ ! ہم نے آپؐ کو دیکھا کہ آپؐ نے اپنی جگہ کھڑے کھڑے کسی چیز کو لینے کے لئے ہاتھ بڑھایا ہے۔ پھر ہم نے آپؐ کو دیکھا کہ آپؐ پیچھے ہٹے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے جنت دکھائی گئی تھی۔ اور میں اس میں سے ایک خوشہ لینے کو بڑھا تھا اور اگر وہ لے لیتا تو تم جب تک دنیا رہتی اس میں سے کھاتے رہتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 749
محمد بن سنان نے ہم سے بیان کیا ، کہا : فلیح نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ہلال بن علی نے ہمیں بتایا کہ حضرت انسؓ بن مالک سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے ہمیں نماز پڑھائی۔ پھر آپؐ منبر پر کھڑے ہوئے اور آپؐ نے مسجد کے قبلہ کی جانب دونوں ہاتھوں سے اشارہ کیا اور فرمایا: میں نے ابھی جبکہ تمہیں نماز پڑھائی جنت و دوزخ دیکھیں جو اس دیوار پر متمثل تھیں۔ میں نے خیر و شر میں آج کے دن کی طرح کوئی دن نہیں دیکھا۔ تین بار آپؐ نے ایسا فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 750
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن ابی عروبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ قتادہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ بن مالک نے انہیں بتایا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ان لوگوں کو کیا ہوا ہے جو نماز میں اپنی نگاہیں آسمان کی طرف اٹھاتے ہیں؟ آپؐ نے اس کے متعلق سخت ارشاد فرمایا: یہاں تک فرمایا کہ انہیں اس سے باز رہنا ہوگا۔ ورنہ ان کی بینائیاں اُچک لی جائیں گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 751
مسدد نے ہم سے بیان کیا ، کہا : ابوالاحوص نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اشعث بن سُلیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے نماز میں ادھر ادھر دیکھنے کے متعلق پوچھا تو آپؐ نے فرمایا: یہ شیطان کی ایک جھپٹ ہے جو بندے کی نماز پر مارتا ہے اور اس میں سے کچھ لے لیتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 752
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ایک دھاری دار سیاہ لوئی میں نماز پڑھی۔ اس پر بیل بوٹے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کے نقش و نگار نے میری توجہ ہٹا دی۔ یہ ابوجہمؓ کے پاس لے جاؤ اور اس کی سادہ لوئی مجھے لا دو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 753
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا ، کہا: لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے قبلہ مسجد (کی دیوار) پر بلغم دیکھا اور آپؐ لوگوں کے آگے (کھڑے) نماز پڑھا رہے تھے۔ آپؐ نے اسے کھرچ ڈالا۔ پھر جب نماز پڑھ چکے تو آپؐ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی نماز میں ہوتا ہے تو اللہ کے سامنے ہوتا ہے۔ اس لئے نماز میں کوئی اپنے سامنے نہ تھوکے۔
یہ حدیث موسیٰ بن عقبہ اور (عبدالعزیز) بن ابی رواد نے نافع سے روایت کی ہے۔
رَوَاهُ مُوسَى بْنُ عُقْبَةَ وَابْنُ أَبِي رَوَّادٍ عَنْ نَافِعٍ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 754
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت انسؓ (بن مالک) نے مجھے بتایا۔ وہ کہتے تھے: اسی اثناء میں کہ مسلمان فجر کی نماز میں تھے، اچانک رسول اللہ ﷺ نے حضرت عائشہؓ کے حجرے کا پردہ اُٹھایا اور ان کی طرف دیکھا۔ وہ صفیں باندھے ہوئے تھے۔ آپؐ مسکرائے اور حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ اُلٹے پائوں پیچھے ہٹے تاآپؐ کے (آنے کی صورت) میں وہ صف میں جا ملیں، وہ سمجھے کہ آنحضرت ﷺ باہر آنا چاہتے ہیں اور مسلمان دورانِ نماز آزمائش میں پڑنے لگے کہ آپؐ نے انہیں اشارہ فرمایا کہ اپنی نماز پوری کرو اور آپؐ نے پردہ نیچے ڈال دیا اور اسی دن کے آخری وقت میں آپؐ نے وفات پائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 755
موسیٰ نے ہم سے بیان کیا ، کہا : ابوعوانہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبدالملک بن عمیر نے ہمیں بتایا کہ حضرت جابرؓ بن سمرہ سے مروی ہے۔ وہ کہتے تھے: کوفہ والوں نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے پاس حضرت سعدؓ کی شکایت کی تو انہوں نے ان کو معزول کردیا اور حضرت عمارؓ کو ان کا عامل (حاکم) مقرر کیا۔ کوفہ والوں نے حضرت سعدؓ کے متعلق شکایات میں یہ بھی کہا کہ وہ نماز بھی اچھی طرح نہیں پڑھاتے تو حضرت عمرؓ نے ان کو بلا بھیجا اور کہا: اے ابواسحاق ! یہ (لوگ) تو کہتے ہیں کہ آپؓ اچھی طرح نماز بھی نہیں پڑھاتے۔ ابواسحاق نے کہا: میں تو بخدا انہیں رسول اللہ ﷺ کی نماز پڑھایا کرتا تھا۔ اس میں ذرہ بھی کم نہیں کرتا تھا۔ عشاء کی نماز پڑھاتا تو پہلی دو رکعتیں لمبی اور پچھلی دو رکعتیں ہلکی پڑھتا تھا۔ تب حضرت عمرؓ نے کہا: ابواسحاق ! آپؓ کے متعلق یہی خیال تھا۔ پھر حضرت عمرؓ نے ان کے ساتھ ایک آدمی یا چند آدمی کوفہ روانہ کئے تا ان کے بارے میں کوفہ والوں سے پوچھیں۔ انہوں نے کوئی مسجد بھی نہ چھوڑی جہاں حضرت سعدؓ کے متعلق نہ پوچھا ہو اور لوگ (ان کی) اچھی تعریف کرتے تھے۔ آخر وہ قبیلہ بنی عبس کی مسجد میں گئے۔ ان میں سے ایک آدمی کھڑا ہوا۔ اسے اسامہ بن قتادہ کہتے تھے اور ابوسعدہ اس کی کنیت تھی۔ اس نے کہا: چونکہ تم نے ہمیں قسم دی ہے۔ اس لئے اصل بات یہ ہے کہ سعدؓ فوج کے ساتھ نہیں جایا کرتے تھے اور نہ برابر تقسیم کرتے تھے اور نہ فیصلہ میں انصاف کرتے تھے۔ حضرت سعدؓ نے کہا: دیکھو اللہ کی قسم! میں تین دعائیں کرتا ہوں۔ اے میرے اللہ ! اگر تیرا یہ بندہ جھوٹا ہے اور ریاء اور شہرت کی غرض سے کھڑا ہوا ہے تو اس کی عمر لمبی کر اور اس کی محتاجی کو بڑھا اور اسے مصیبتوں کا تختہ مشق بنا۔ اس کے بعد جب کوئی اس کا حال پوچھتا تو وہ کہتا پیر فرتوت ہوں۔ مصیبت زدہ ہوں۔ حضرت سعدؓ کی بددعا مجھے لگ گئی۔ عبدالملک کہتے تھے: میں نے اس کے بعد اسے دیکھا ہے کہ حالت یہ تھی کہ بڑھاپے کی وجہ سے اس کی بھویں اس کی دونوں آنکھوں پر آپڑ ی تھیں اور تعجب ہے کہ وہ راستوں میں چھوکریوں کو چھیڑتا اور چشمک کرتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 756
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا ، کہا: سفیان نے ہم سے بیان کیا ، کہا: زُہری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت محمودؓ بن ربیع سے ، حضرت محمودؓ نے حضرت عبادہ بن صامتؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس شخص کی نماز نہیں جس نے سورہ فاتحہ نہ پڑھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 757
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا ، کہا : یحيٰ نے ہمیں بتایا کہ عبیداللہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا : سعید بن ابی سعید نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ مسجد میں تشریف لائے۔ اتنے میں ایک شخص آیا اور اس نے نماز پڑھی۔ پھر اس نے نبی ﷺ کو سلام کیا۔ آپؐ نے سلام کا جواب دیا اور فرمایا: واپس جاؤ اور نماز پڑھو۔ کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ چنانچہ وہ لوٹ گیا۔ پھر اس نے اسی طرح ہی نماز پڑھی جس طرح (پہلے) پڑھی تھی۔ پھر وہ آیا اور اس نے نبی ﷺ کو سلام کیا۔ آپؐ نے فرمایا: واپس جاؤ اور نماز پڑھو۔ کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ آپؐ نے تین بار ایسا ہی فرمایا۔ اس نے کہا: اس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ مبعوث فرمایا ہے۔ میں اس سے اچھی نماز نہیں پڑھ سکتا۔ اس لئے آپؐ مجھے سکھائیں۔ آپؐ نے فرمایا: جب نماز کے لئے کھڑے ہو تو اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہو۔ پھر قرآن میں سے جو میسر ہو، پڑھو۔ پھر رکوع کرو۔ یہاں تک کہ رکوع میں تمہیں اطمینان ہو جائے۔ پھر سر اٹھائو۔ یہاں تک کہ اطمینان سے کھڑے ہو جاؤ۔ پھر سجدہ کرو۔ یہاں تک کہ سجدہ میں تمہیں اطمینان ہو جائے۔ پھر سر اٹھائو۔ یہاں تک کہ اطمینان سے بیٹھ جاؤ۔ الغرض اپنی ساری نماز میں اسی طرح کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 758
ابونعمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا :) ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالملک بن عُمیر سے، عبدالملک نے حضرت جابرؓ بن سمرہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت سعدؓ کہتے تھے: میں انہیں رسول اللہ ﷺ کی نماز کی طرح ہی ظہر اور عصر کی نماز پڑھایا کرتا تھا۔ میں آپؐ کی نماز سے ذرہ بھی فرق نہیں کرتا تھا۔ پہلی دو رکعتوں کو لمبی کرتا اور پچھلی دو رکعتوں کو ہلکی۔ تو حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: میرا آپؐ کے متعلق یہی خیال ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 759
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا، کہا : شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ سے، یحيٰ نے حضرت عبداللہؓ بن ابی قتادہ سے، انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نماز ظہر کی پہلی دو رکعتوں میں سورہ فاتحہ اور دو سورتیں پڑھا کرتے تھے۔ پہلی رکعت میں (قرأت) لمبی کرتے اور دوسری میں چھوٹی اور کبھی کبھی کوئی آیت ہم کو سنا بھی دیتے اور عصر میں بھی سورہ فاتحہ اور دو سورتیں پڑھا کرتے تھے۔ پہلی رکعت میں (قرأت) لمبی کرتے اور آپؐ نماز صبح کی پہلی رکعت میں بھی (قرأت) لمبی کرتے تھے اور دوسری میں چھوٹی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 760
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا ، کہا : میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: اعمش نے ہم سے بیان کیا ، (کہا:) عمارہ نے مجھے بتایا کہ ابومعمر سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: ہم نے حضرت خبابؓ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ ظہر اور عصر کی نمازوں میں (قرآن مجید) پڑھا کرتے تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ ہم نے کہا: آپ لوگوں کو کیسے معلوم ہوتا تھا؟ کہا: حضورؐ کی ریش مبارک کے ہلنے سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 761
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا ، کہا : سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے عمارہ بن عُمیر سے، عمارہ نے ابومعمر سے روایت کی کہا: میں نے حضرت خبابؓ بن ارتّ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ ظہر اور عصر کی نماز میں قرآن مجید پڑھا کرتے تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ میں نے کہا: حضورؐ کے پڑھنے کا علم آپؓ کو کیسے ہوتا؟ کہا: حضورؐ کی ریشِ مبارک کے ہلنے سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 762
مکی بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے عبداللہ بن ابی قتادہ سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ ظہر اور عصر کی دو رکعتوں میں سورۂ فاتحہ اور ایک اور سورۃ پڑھا کرتے تھے اور کبھی ہمیں بھی کوئی آیت سنا دیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah