کتب حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام
فلسطین سے کشمیر تک (ایک عظیم الشان تحقیق), حصہ 6
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
یہی سبب ہے کہ بچپن سے ایسی کہانیاں اور قصے اور بے جا طور پر جہاد کے مسئلے ان کے
کانوں میں ڈالے جاتے اور اُن کے دل میں بٹھائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے رفتہ رفتہ
ان کی اخلاقی حالت مردہ ہو جاتی ہے اور ان کے دل ان نفرتی کاموں کی بدی کو محسوس نہیں
کر سکتے۔بلکہ جو شخص ایک غافل انسان
کو قتل کر کے اس کے اہل وعیال کو تباہی میں ڈالتا
ہے وہ خیال کرتا ہے کہ گویا اُس نے بڑا ہی ثواب کا کام بلکہ قوم میں ایک فخر پیدا کرنے کا
موقعہ حاصل کیا ہے۔اور چونکہ ہمارے اس ملک میں اس قسم کی بدیوں کے روکنے کے لئے
وعظ نہیں ہوتے اور اگر ہوتے بھی ہیں تو نفاق سے۔اس لئے عوام الناس کے خیالات
کثرت سے ان فتنہ انگیز باتوں کی طرف جھکے ہوئے ہیں چنانچہ میں نے پہلے بھی کئی دفعہ
اپنی قوم کے حال پر رحم کر کے اردو اور فارسی اور عربی میں ایسی کتابیں لکھی ہیں جن میں یہ
ظاہر کیا ہے کہ مسلمانوں میں جہاد کا مسئلہ اور کسی خونی امام کے آنے کے انتظار کا مسئلہ اور
دوسری قوموں سے بغض رکھنے کا مسئلہ یہ سب بعض کو نہ اندیش علماء کی غلطیاں ہیں ورنہ
اسلام میں بجز دفاعی طور کی جنگ یا ان جنگوں کے سوا جو بغرض سزائے ظالم یا آزادی قائم
کرنے کی نیت سے ہوں اور کسی صورت میں دین کے لئے تلوار اٹھانے کی اجازت نہیں
اور دفاعی طور کی جنگ سے مراد وہ لڑائیاں ہیں جن کی ضرورت اس وقت پیش آتی ہے
جب کہ مخالفوں کے بلوہ سے اندیشہ جان ہو یہ تین قسم کے شرعی جہاد ہیں بجز ان تین
صورتوں کی جنگ کے اور کوئی صورت جو دین کے پھیلانے کیلئے ہو اسلام میں جائز
نہیں۔غرض اس مضمون کی کتابیں میں نے بہت سا روپیہ خرچ کر کے اس ملک اور نیز
عرب اور شام اور خراسان وغیرہ ممالک میں تقسیم کی ہیں لیکن اب مجھے خدائے تعالیٰ کے
فضل سے ایسے باطل اور بے اصل عقائد کو دلوں میں سے نکالنے کے لئے وہ دلائل قومیہ اور
کھلے کھلے ثبوت اور قرائن یقینیہ اور تاریخی شہادتیں ملی ہیں جن کی سچائی کی کرنیں مجھے
بشارت دے رہی ہیں کہ عنقریب اُن کی اشاعت کے بعد مسلمانوں کے دلوں میں ان
عقائد کے مخالف ایک تعجب انگیز تبدیلی پیدا ہونے والی ہے اور نہایت یقین سے امید کی
جاتی ہے کہ ان سچائیوں کے سمجھنے کے بعد اسلام کے سعادت مند فرزندوں کے دلوں میں
سے علم اور انکسار اور رحم دلی کے خوشنما اور شیریں چشمے جاری ہوں گے اور اُن کی رُوحانی
تبدیلی ہوکر ملک پر ایک نہایت نیک اور بابرکت اثر پڑے گا۔ایسا ہی مجھے یقین ہے کہ
عیسائی مذہب کے محقق اور دوسرے تمام سچائی کے بھوکے اور پیاسے بھی اس میری کتاب
سے فائدہ اٹھائیں گے۔اور یہ جو میں نے ابھی بیان کیا ہے کہ اس کتاب کا اصل مدعا
مسلمانوں اور عیسائیوں کی اُس غلطی کی اصلاح ہے جو ان کے بعض اعتقادات میں دخل
پاگئی ہے یہ بیان کسی قدر تفصیل کا محتاج ہے جو ذیل میں لکھتا ہوں۔واضح ہو کہ اکثر مسلمانوں اور عیسائیوں کا یہ خیال ہے کہ حضرت عیسی علیہ السلام آسمان پر
زندہ چلے گئے ہیں۔اور یہ دونوں فرقے ایک مدت سے یہی گمان کرتے چلے آئے ہیں کہ
حضرت عیسی علیہ السلام اب تک آسمان پر زندہ موجود ہیں اور کسی وقت آخری زمانہ میں پھر
زمین پر نازل ہوں گے۔اور ان دونوں فریق یعنی اہلِ اسلام اور مسیحیوں کے بیان میں
فرق صرف اتنا ہے کہ عیسائی تو اس بات کے قائل ہیں کہ حضرت عیسی علیہ السلام نے
صلیب پر جان دی اور پھر زندہ ہو کر آسمان پر مع جسم عنصری چڑھ گئے اور اپنے باپ کے
دائیں ہاتھ جا بیٹھے اور پھر آخری زمانہ میں دنیا کی عدالت کے لئے زمین پر آئیں گے اور
کہتے ہیں کہ دنیا کا خدا اور خالق اور مالک وہی یسوع مسیح ہے اس کے سوا اور کوئی نہیں۔وہی
ہے جو دنیا کے اخیر میں سزا جزا دینے کے لئے جلالی طور پر نازل ہو گا تب ہر ایک آدمی جس
نے اس کو یا اس کی ماں کو بھی خدا کر کے نہیں مانا پکڑا جائے گا اور جہنم میں ڈالا جائے گا جہاں
رونا اور دانت پیسنا ہو گا۔مگر مسلمانوں کے مذکورہ بالا فرقے کہتے ہیں کہ حضرت عیسی علیہ السلام
مصلوب نہیں ہوئے اور نہ صلیب پر مرے بلکہ اس وقت جبکہ یہودیوں نے ان کو
مصلوب کرنے کے لئے گرفتار کیا خدا کا فرشتہ ان کو مع جسم عنصری آسمان پر لے گیا اور اب
تک آسمان پر زندہ موجود ہیں اور مقام ان کا دوسرا آسمان ہے جہاں حضرت یحی نبی یعنی
یوھتا ہیں۔اور نیز مسلمان یہ بھی کہتے ہیں کہ عیسی علیہ السلام خدا کا بزرگ نبی ہے مگر نہ خدا
ہے اور نہ خدا کا بیٹا اور اعتقاد رکھتے ہیں کہ وہ آخری زمانہ میں دوفرشتوں کے کندھوں پر
ہاتھ رکھے ہوئے دمشق کے منارہ کے قریب یا کسی اور جگہ اتریں گے اور امام محمد مہدی کے
ساتھ مل کر جو پہلے سے بنی فاطمہ میں سے دنیا میں آیا ہوا ہو گا دنیا کی تمام غیر قوموں کو قتل کر
ڈالیں گے اور بجز ایسے شخص کے جو بلا توقف مسلمان ہو جائے اور کسی کو زندہ نہیں چھوڑیں
گے۔غرض مسلمانوں کا وہ فرقہ جو اپنے تئیں اہلِ سنت یا اہلِ حدیث کہتے ہیں جن کو عوام
وہابی کے نام سے پکارتے ہیں حضرت عیسی علیہ السلام کے دوبارہ زمین پر نازل ہونے
سے اصل مقصد یہ قرار دیتے ہیں کہ تا وہ ہندوؤں کے مہادیو کی طرح تمام دنیا کو فنا کر
ڈالیں۔اول یہ ھمکی دیں کہ مسلمان ہو جائیں اور اگر پھر بھی لوگ کفر پر قائم رہیں تو سب کو
تہ تیغ کر دیں۔اور کہتے ہیں کہ اسی غرض سے وہ جسم عنصری کے ساتھ آسمان پر زندہ رکھے
گئے ہیں کہ تا ایسے زمانہ میں جبکہ اسلامی سلاطین کی طاقتیں کمزور ہو جائیں آسمان سے اتر
کر غیر قوموں کو ماریں اور جبر سے مسلمان کریں یا بصورت انکار قتل کر دیں۔بالخصوص
عیسائیوں کی نسبت بڑے زور سے فرقہ مذکورہ کے عالم یہ بیان کرتے ہیں کہ جب حضرت
عیسی علیہ السلام آسمان سے اتریں گے تو وہ دنیا کی تمام صلیبیوں کو توڑ دیں گے اور تلوار کے
ساتھ سخت بے رحمی کی کارروائیاں کریں گے اور دنیا کو خون میں غرق کر دیں گے۔اور جیسا
کہ ابھی میں نے بیان کیا ہے یہ لوگ یعنی مسلمانوں میں سے اہلِ حدیث وغیرہ بڑے
جوش سے یہ اعتقاد ظاہر کرتے ہیں کہ مسیح کے اترنے سے کچھ عرصہ پہلے بنی فاطمہ میں سے
ایک امام پیدا ہوگا جس کا نام محمد مہدی ہوگا اور دراصل خلیفہ وقت اور بادشاہ وہی ہوگا
کیونکہ وہ قریش میں سے ہوگا۔اور چونکہ اصل غرض اس کی یہ ہوگی کہ تمام غیر قوموں کو جو
اسلام سے منکر ہیں قتل کر دیا جائے بجز ایسے شخص کے کہ جو جلدی سے کلمہ پڑھ لے اس لئے
اُس کی مدد اور ہاتھ بٹانے کے لئے حضرت عیسی علیہ السلام آسمان سے اتریں گے اور گو
حضرت عیسیٰ علیہ السلام بھی بجائے خود ایک مہدی ہیں بلکہ بڑے مہدی وہی ہیں لیکن اس
سبب سے کہ خلیفہ وقت قریش میں سے ہونا چاہئیے اس لئے حضرت عیسی علیہ السلام خلیفہ
وقت نہیں ہوں گے بلکہ خلیفہ وقت وہی محمد مہدی ہوگا۔اور کہتے ہیں کہ یہ دونوں مل کر زمین
کوانسانوں کے خون سے بھر دیں گے اور اس قدر خونریزی کریں گے جس کی نظیر ابتداء دنیا
سے اخیر تک کسی جگہ نہیں پائی جائے گی اور آتے ہی خونریزی ہی شروع کر دیں گے اور کوئی وعظ
وغیرہ نہیں کریں گے اور نہ کوئی نشان دکھائیں گے اور کہتے ہیں کہ اگر چہ حضرت عیسی علیہ السلام
امام محمد مہدی کے لئے بطور مشیر یا وزیر کے ہوں گے اور عنان حکومت صرف مہدی کے
ہاتھ میں ہوگی لیکن حضرت مسیح تمام دنیا کے قتل کرنے کے لئے حضرت امام محمد مہدی کو ہر
وقت اکسائیں گے۔اور تیز مشورے دیتے رہیں گے۔گویا اُس اخلاقی زمانہ کی کسر نکالیں
گے جبکہ آپ نے یہ تعلیم دی تھی کہ کسی شر کا مقابلہ مت کرو اور ایک گال پر طمانچہ کھا کر
دوسری گال بھی پھیر دو۔یہ مسلمانوں اور مسیحیوں کے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی نسبت عقیدے ہیں اور اگر چہ
عیسائیوں کی یہ ایک بڑی غلطی ہے کہ وہ ایک عاجز انسان کو خدا کہتے ہیں لیکن بعض اہلِ
اسلام جن میں سے اہلِ حدیث کا وہ فرقہ بھی ہے جن کو وہابی بھی کہتے ہیں ان کے یہ عقائد
کہ جو خونی مہدی اور خونی مسیح موعود کی نسبت ان کے دلوں میں ہیں ان کی اخلاقی حالتوں
پر نہایت بداثر ڈال رہے ہیں۔یہاں تک کہ وہ اس بداثر کی وجہ سے نہ کسی دوسری قوم سے
نیک نیتی اور صلح کاری اور دیانت کے ساتھ رہ سکتے ہیں اور نہ کسی دوسری گورنمنٹ کے نیچے
سچی اور کامل اطاعت اور وفاداری سے بسر کر سکتے ہیں اور ہر ایک عقلمند سمجھ سکتا ہے کہ ایسا
عقیدہ سخت اعتراض کی جگہ ہے کہ غیر قوموں پر اس قدر جبر کیا جائے کہ یا تو بلا توقف
مسلمان ہو جائیں اور یاقتل کئے جائیں۔اور ہر ایک کانشنس بآسانی سمجھ سکتا ہے کہ قبل اس
کے کہ کوئی شخص کسی دین کی سچائی کو سمجھ لے اور اس کی نیک تعلیم اور خوبیوں سے مطلع ہو
جائے یونہی جبر اور کراہ اور قتل کی دھمکی سے اس کو اپنے دین میں داخل کرنا سخت نا پسندیدہ
طریقہ ہے اور ایسے طریقہ سے دین کی ترقی تو کیا ہوگی بلکہ برعکس اس کے ہر ایک مخالف کو
اعتراض کرنے کا موقع ملتا ہے۔اور ایسے اصولوں کا آخری نتیجہ یہ ہے کہ نوع انسان کی
ہمدردی بکلی دل سے اٹھ جائے اور رحم اور انصاف جو انسانیت کا ایک بھاری خلق ہے
ناپدید ہو جائے اور بجائے اُس کے کینہ اور بداندیشی بڑھتی جائے اور صرف درندگی باقی رہ
جائے اور اخلاق فاضلہ کا نام ونشان نہ رہے۔مگر ظاہر ہے کہ ایسے اصول اس خدا کی طرف
سے نہیں ہو سکتے جس کا ہر ایک مواخذہ اتمام حجت کے بعد ہے۔سوچنا چاہئیے کہ اگر مثلاً ایک شخص ایک بچے مذہب کو اس وجہ سے قبول نہیں کرتا کہ وہ
اس کی سچائی اور اس کی پاک تعلیم اور اس کی خوبیوں سے ہنوز ناواقف اور بے خبر ہے تو کیا
ایسے شخص کے ساتھ یہ برتاؤ مناسب ہے کہ بلا توقف اس کو قتل کر دیا جائے بلکہ ایسا شخص
قابلِ رحم ہے اور اس لائق ہے کہ نرمی اور خلق سے اُس مذہب کی سچائی اور خوبی اور روحانی
منفعت اُس پر ظاہر کی جائے نہ یہ کہ اس کے انکار کا تلوار یا بندوق سے جواب دیا جائے۔لہذا اس زمانہ کے ان اسلامی فرقوں کا مسئلہ جہاد اور پھر اس کے ساتھ یہ تعلیم کہ عنقریب وہ
زمانہ آنے والا ہے کہ جب ایک خونی مہدی پیدا ہوگا جس کا نام امام محمد ہوگا اور مسیح اس کی
مدد کے لئے آسمان سے اترے گا اور وہ دونوں مل کر دنیا کی تمام غیر قوموں کو اسلام کے
انکار پر قتل کر دیں گے۔نہایت درجہ اخلاقی مسئلہ کے مخالف ہے۔کیا یہ وہ عقیدہ نہیں ہے کہ
جوانسانیت کے تمام پاک قومی کو معطل کرتا اور درندوں کی طرح جذبات پیدا کر دیتا ہے اور
ایسے عقائد والوں کو ہر ایک قوم سے منافقانہ زندگی بسر کرنی پڑتی ہے یہاں تک کہ غیر قوم
کے حکام کے ساتھ بھی کچی اطاعت کے ساتھ پیش آنا محال ہو جاتا ہے بلکہ دروغ گوئی
کے ذریعہ سے ایک جھوٹی اطاعت کا اظہار کیا جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس ملک برٹش انڈیا
میں اہلِ حدیث کے بعض فرقے جن کی طرف ہم ابھی اشارہ کر آئے ہیں گورنمنٹ
انگریزی کے ماتحت دو رویہ طرز کی زندگی بسر کر رہے ہیں یعنی پوشیدہ طور پر عوام کو وہی
☆
خونریزی کے زمانہ کی امیدیں دیتے ہیں اور خونی مہدی اور خونی مسیح کے انتظار میں ہیں
اور اسی کے مطابق مسئلے سکھاتے ہیں اور پھر جب حکام کے سامنے جاتے ہیں تو ان کی
خوشامد میں کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم ایسے عقیدوں کے مخالف ہیں۔لیکن اگر سچ سچ
مخالف ہیں تو کیا وجہ ہے کہ وہ اپنی تحریرات کے ذریعہ سے اس کی عام اشاعت نہیں کرتے
اور کیا وجہ کہ وہ آنے والے خونی مہدی اور مسیح کی ایسے طور سے انتظار کر رہے ہیں کہ گویا
اہلِ حدیث میں سے بعض بڑی گستاخی اور نہ حق شناسی سے اپنی کتابوں میں لکھتے ہیں کہ عنقریب مہدی پیدا
ہونے والا ہے اور وہ ہندوستان کے بادشاہ انگریزوں کو اپنا اسیر بنائے گا اور اس وقت عیسائی بادشاہ گرفتار ہوکر
اس کے سامنے پیش کیا جائے گا۔یہ کتابیں اب تک ان اہلِ حدیث کے گھروں میں موجود ہیں۔منجملہ ان کے
کتاب اقتراب الساعۃ ایک بڑے مشہور اہلِ حدیث کی تصنیف ہے جس کے صفحہ ۶۴ میں یہی قصہ لکھا ہے۔منہ
اس کے ساتھ شامل ہونے کے لئے دروازے پر کھڑے ہیں۔غرض ایسے اعتقادات سے
اس قسم کے مولویوں کی اخلاقی حالت میں بہت کچھ تنزل پیدا ہو گیا ہے اور وہ اس لائق نہیں
رہے کہ نرمی اور صلح کاری کی تعلیم دے
سکیں بلکہ دوسرے مذہب کے لوگوں کو خواہ نخواہ قتل
کرنا دینداری کا ایک بڑا فرض سمجھا گیا ہے۔ہم اس سے بہت خوش ہیں کہ کوئی فرقہ اہلِ
حدیث میں سے ان غلط عقیدوں کا مخالف ہو۔لیکن ہم اس بات کو افسوس کے ساتھ بیان
کرنے سے رک نہیں سکتے کہ اہل حدیث کے فرقوں میں سے وہ چھپے وہابی بھی ہیں جو خونی
مہدی اور جہاد کے مسائل کو مانتے ہیں اور طریق صحیح کے برخلاف عقیدہ رکھتے ہیں اور کسی
موقع کے وقت میں دوسرے مذاہب کے تمام لوگوں
کو قتل کر دینا بڑے ثواب کا طریق
خیال کرتے ہیں۔حالانکہ یہ عقائد یعنی اسلام کے لئے قتل یا ایسی پیشگوئیوں پر عقیدہ رکھنا
کہ گویا کوئی خونی مہدی یا خونی مسیح دنیا میں آئے گا اور خونریزی اور خونریزی کی دھمکیوں
سے اسلام کو ترقی دینا چاہے گا قرآن مجید اور احادیث صحیحہ سے بالکل مخالف ہیں۔ہمارے
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ معظمہ میں اور پھر بعد اس کے بھی کفار کے ہاتھ سے دکھ اٹھایا اور
بالخصوص مکہ کے تیرہ برس اس مصیبت اور طرح طرح کے ظلم اٹھانے میں گذرے کہ جس
کے تصور سے بھی رونا آتا ہے لیکن آپ نے اس وقت تک دشمنوں کے مقابل پر تلوار نہ
اٹھائی اور نہ ان کے سخت کلمات کا سخت جواب دیا جب تک کہ بہت سے صحابہ اور آپ کے
عزیز دوست بڑی بے رحمی سے قتل کئے گئے اور طرح طرح سے آپ کو بھی جسمانی دکھ دیا
گیا اور کئی دفعہ زہر بھی دی گئی۔اور کئی قسم کی تجویز میں قتل کرنے کی کی گئیں جن میں مخالفوں کو
ناکامی رہی جب خدا کے انتقام کا وقت آیا تو ایسا ہوا کہ مکہ کے تمام رئیسوں اور قوم کے
سر بر آوردہ لوگوں نے اتفاق کر کے یہ فیصلہ کیا کہ بہر حال اس شخص کو قتل کر دینا چاہیئے۔اس
وقت خدا نے جو اپنے پیاروں اور صدیقوں اور راستبازوں کا حامی ہوتا ہے آپ کو خبر دے
دی کہ اس شہر میں اب بجز بدی کے کچھ نہیں اور قتل پر کمر بستہ ہیں یہاں سے جلد بھاگ جاؤ
تب آپ بحکم الہی مدینہ کی طرف ہجرت کر گئے۔مگر پھر بھی مخالفوں نے پیچھا نہ چھوڑا بلکہ
تعاقب کیا۔اور بہر حال اسلام کو پامال کرنا چاہا۔جب اس حد تک ان لوگوں کی شورہ پشتی
بڑھ گئی اور کئی بے گناہوں کے قتل کرنے کے جرم نے بھی ان کو سزا کے لائق بنایا تب ان
کے ساتھ لڑنے کے لئے بطور مدافعت اور حفاظت خود اختیاری اجازت دی گئی اور نیز وہ
لوگ بہت سے بے گناہ مقتولوں کے عوض میں جن کو انہوں نے بغیر کسی معرکہ جنگ کے
محض شرارت سے
قتل کیا تھا اور ان کے مالوں پر قبضہ کیا تھا اس لائق ہو گئے تھے کہ اسی
طرح ان کے ساتھ اور ان کے معاونوں کے ساتھ معاملہ کیا جاتا۔مگر مکہ کی فتح کے وقت
ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے سب کو بخش
دیا لہذا یہ خیال کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم یا
آپ کے صحابہ نے کبھی دین پھیلانے کے لئے لڑائی کی تھی یا کسی کو برا اسلام میں داخل کیا
تھا سخت غلطی اور ظلم ہے۔یہ بات بھی یادرکھنے کے قابل ہے کہ چونکہ اس زمانہ میں ہر ایک قوم کا اسلام کے ساتھ
تعصب بڑھا ہوا تھا اور مخالف لوگ اس کو ایک فرقہ جدیدہ اور جماعت قلیلہ سمجھ کر اس کے
نیست و نابود کرنے کی تدبیروں میں لگے ہوئے تھے اور ہر ایک اس فکر میں تھا کہ کسی طرح
یہ لوگ جلد نابود ہو جا ئیں اور یا ایسے منتشر ہوں کہ ان کی ترقی کا کوئی اندیشہ باقی نہ رہے
اس وجہ سے بات بات میں ان کی طرف سے مزاحمت تھی اور ہر ایک قوم میں سے جو شخص
مسلمان ہو جا تا تھا وہ قوم کے ہاتھ سے یا تو فی الفور مارا جاتا اور یا اس کی زندگی سخت خطرہ
میں رہتی تھی تو ایسے وقت میں خدا تعالیٰ نے نومسلم لوگوں پر رحم کر کے ایسی متعصب طاقتوں
پر یہ تعزیر لگا دی تھی کہ وہ اسلام کے خراج دہ ہو جائیں اور اس طرح اسلام کے لئے آزادی
کے دروازے کھول دیں اور اس سے مطلب یہ تھا کہ تا ایمان لانے والوں کی راہ سے
روکیں دور ہو جائیں اور یہ دنیا پر خدا کا رحم تھا اور اس میں کسی کا حرج نہ تھا۔مگر ظاہر ہے کہ
اس وقت کے غیر قوم کے بادشاہ اسلام کی مذہبی آزادی کو نہیں روکتے ، اسلامی فرائض کو بند
نہیں کرتے اور اپنی قوم کے مسلمان ہونے والوں
کو قتل نہیں کرتے ، ان کو قید خانوں میں
نہیں ڈالتے ان کو طرح طرح کے دکھ نہیں دیتے تو پھر کیوں اسلام ان کے مقابل پر تلوار
اٹھاوے۔اور یہ ظاہر ہے کہ اسلام نے کبھی جبر کا مسئلہ نہیں سکھایا۔اگر قرآن شریف اور
تمام حدیث کی کتابوں اور تاریخ کی کتابوں کو غور سے دیکھا جائے اور جہاں تک انسان
کے لئے ممکن ہے تدبر سے پڑھا یا سنا جائے تو اس قدر وسعت معلومات کے بعد قطعی یقین
کے ساتھ معلوم ہوگا کہ یہ اعتراض کہ گویا اسلام نے دین کو جبڑا پھیلانے کے لئے تلوار
اٹھائی ہے نہایت بے بنیاد اور قابل شرم الزام ہے اور یہ ان لوگوں کا خیال ہے جنہوں نے
تعصب سے الگ ہو کر قرآن اور حدیث اور اسلام کی معتبر تاریخوں
کو نہیں دیکھا بلکہ جھوٹ
اور بہتان لگانے سے پورا پورا کام لیا ہے۔مگر میں جانتا ہوں کہ اب وہ زمانہ قریب آتا
جاتا ہے کہ راستی کے بھوکے اور پیاسے ان بہتانوں کی حقیقت پر مطلع ہو جائیں گے۔کیا
اس مذہب کو ہم جبر کا مذہب کہہ سکتے ہیں جس کی کتاب قرآن میں صاف طور پر یہ ہدایت
ہے کہ لا إِكْرَاهَ فِي الدِّينِ * یعنی دین میں داخل کرنے کے لئے جبر جائز نہیں۔کیا ہم
اس بزرگ نبی کو جبر کا الزام دے سکتے ہیں جس نے مکہ معظمہ کے تیرہ برس میں اپنے تمام
دوستوں کو دن رات یہی نصیحت دی کہ شر کا مقابلہ مت کرو اور صبر کرتے رہو۔ہاں جب
دشمنوں کی بدی حد سے گزرگئی اور دین اسلام کے مٹا دینے کے لئے تمام قوموں نے کوشش
کی تو اس وقت غیرت الہی نے تقاضا کیا کہ جو لوگ تلوار اٹھاتے ہیں وہ تلوار ہی سے قتل کئے
جائیں۔ورنہ قرآن شریف نے ہرگز جبر کی تعلیم نہیں دی۔اگر جبر کی تعلیم ہوتی تو ہمارے
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب جبر کی تعلیم کی وجہ سے اس لائق نہ ہوتے کہ امتحانوں کے
موقع پر بچے ایمانداروں کی طرح صدق دکھلا سکتے۔لیکن ہمارے سید و مولی نبی صلی اللہ
کے صحابہ کی وفاداری ایک ایسا امر ہے کہ اس کے اظہار کی ہمیں ضرورت نہیں۔یہ بات کسی
پر پوشیدہ نہیں کہ ان سے صدق اور وفاداری کے نمونے اس درجہ پر ظہور میں آئے کہ
دوسری قوموں میں ان
کی نظیر ملنا مشکل ہے۔اس وفا دار قوم نے تلواروں کے نیچے بھی اپنی
و فاداری اور صدق کو نہیں چھوڑا بلکہ اپنے بزرگ اور پاک نبی کی رفاقت میں وہ صدق
دکھلایا کہ کبھی انسان میں وہ صدق نہیں آسکتا جب تک ایمان سے اس کا دل اور سینہ منور نہ
ہو۔غرض اسلام میں جبر کو دخل نہیں۔اسلام کی لڑائیاں تین قسم سے باہر نہیں (۱) دفاعی طور
پر یعنی بطریق حفاظت خود اختیاری۔(۲) بطور سزا یعنی خون کے عوض میں خون۔(۳)
بطور آزادی قائم کرنے کے یعنی بغرض مزاحموں کی قوت توڑنے کے جو مسلمان
البقرہ: 257
ہونے پر قتل کرتے تھے۔پس جس حالت میں اسلام میں یہ ہدایت ہی نہیں کہ کسی شخص کو
جبر اور قتل کی دھمکی سے دین میں داخل کیا جائے تو پھر کسی خونی مہدی یا خونی مسیح کی انتظار
کرنا سراسر لغو اور بیہودہ ہے۔کیونکہ ممکن نہیں کہ قرآنی تعلیم کے برخلاف کوئی ایسا انسان
بھی دنیا میں آوے جو تلوار کے ساتھ لوگوں کو مسلمان کرے۔یہ بات ایسی نہ تھی کہ سمجھ نہ
آسکتی یا اس کے سمجھنے میں کچھ مشکلات ہوتیں۔لیکن نادان لوگوں کو نفسانی طمع نے اس
عقیدہ کی طرف جھکایا ہے کیونکہ ہمارے اکثر مولویوں کو یہ دھوکا لگا ہوا ہے کہ وہ خیال
کرتے ہیں کہ مہدی کی لڑائیوں کے ذریعہ سے بہت سا مال ان کو ملے گا یہاں تک کہ وہ
سنبھال نہیں سکیں گے اور چونکہ آج کل اس ملک کے اکثر مولوی بہت تنگ دست ہیں اس
وجہ سے بھی وہ ایسے مہدی کے دن رات منتظر ہیں کہ تا شاید اسی ذریعہ سے ان کی نفسانی
حاجتیں پوری ہوں لہذا جو شخص ایسے مہدی کے آنے سے انکار کرے یہ لوگ اس کے دشمن
ہو جاتے ہیں اور اس کو فی الفور کا فرٹھہرایا جاتا اور دائرہ اسلام سے خارج سمجھا جاتا ہے۔چنانچہ میں بھی انہی وجوہ سے ان لوگوں کی نظر میں کافر ہوں کیونکہ ایسے خونی مہدی اور خونی
مسیح کے آنے کا قائل نہیں ہوں بلکہ ان بیہودہ عقیدوں کو سخت کراہت اور نفرت سے دیکھتا
ہوں اور میرے کافر کہنے کی صرف یہی وجہ نہیں کہ میں نے ایسے فرضی مہدی اور فرضی مسیح
کے آنے سے انکار کر دیا ہے جس پر ان کا اعتقاد ہے بلکہ ایک یہ بھی وجہ ہے کہ میں نے
خدائے تعالیٰ سے الہام پا کر اس بات کا عام طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ حقیقی اور واقعی مسیح موعود
جو وہی درحقیقت مہدی بھی ہے جس کے آنے کی بشارت انجیل اور قرآن میں پائی
جاتی ہے اور احادیث میں بھی اس کے آنے کے لئے وعدہ دیا گیا ہے وہ میں ہی ہوں مگر
بغیر تلواروں اور بندوقوں کے۔اور خدا نے مجھے حکم دیا ہے کہ نرمی اور آہستگی اور حلم اور
غربت کے ساتھ اس خدا کی طرف لوگوں کو توجہ دلاؤں جو سچا خدا اور قدیم اور غیر متغیر ہے
اور کامل تقدس اور کامل علم اور کامل رحم اور کامل انصاف رکھتا ہے۔اس تاریکی کے زمانہ کا نور میں ہی ہوں۔جوشخص میری پیروی کرتا ہے وہ ان گڑھوں
اور خندقوں سے بچایا جائے گا جو شیطان نے تاریکی میں چلنے والوں کے لئے تیار کئے
ہیں۔مجھے اس نے بھیجا ہے کہ تا میں امن اور حلم کے ساتھ دنیا کو سچے خدا کی طرف رہبری
کروں۔اور اسلام میں اخلاقی حالتوں کو دوبارہ قائم کر دوں۔اور مجھے اس نے حق کے
طالبوں کی تسلی پانے کے لئے آسمانی نشان بھی عطا فرمائے ہیں اور میری تائید میں اپنے
عجیب کام دکھلائے ہیں اور غیب کی باتیں اور آئندہ کے بھید جو خدائے تعالیٰ کی پاک
کتابوں کی رو سے صادق کی شناخت کے لئے اصل معیار ہے میرے پر کھولے ہیں اور
پاک معارف اور علوم مجھے عطا فرمائے ہیں اس لئے ان روحوں نے مجھ سے دشمنی کی جو
سچائی کو نہیں چاہتیں اور تاریکی سے خوش ہیں۔مگر میں نے چاہا کہ جہاں تک مجھ سے
ہو سکے نوع انسان کی ہمدردی کروں۔سو اس زمانہ میں عیسائیوں کے ساتھ بڑی ہمدردی یہ
ہے کہ ان کو اس سچے خدا کی طرف توجہ دی جائے جو پیدا ہونے اور مرنے اور درد دکھ وغیرہ
نقصانوں سے پاک ہے۔وہ خدا جس نے تمام ابتدائی اجسام و اجرام کو کروی شکل پر پیدا
کر کے اپنے قانون قدرت میں یہ ہدایت منقوش کی کہ اس کی ذات میں کرویت کی طرح
وحدت اور یک جہتی ہے اس لئے بسیط چیزوں میں سے کوئی چیز سہ گوشہ پیدا نہیں کی گئی
یعنی جو کچھ خدا کے ہاتھ سے پہلے پہلے نکلا جیسے زمین ، آسمان، سورج، چاند اور تمام
ستارے اور عناصر وہ سب کر دی ہیں جن کی کرویت توحید کی طرف اشارہ کر رہی ہے۔سو
عیسائیوں سے سچی ہمدردی اور سچی محبت اس سے بڑھ کر اور کوئی نہیں کہ اس خدا کی طرف
ان کو رہبری کی جائے جس کے ہاتھ کی چیزیں اس کو تثلیث سے پاک ٹھہراتی ہیں۔اور مسلمانوں کے ساتھ بڑی ہمدردی یہ ہے کہ ان کی اخلاقی حالتوں کو درست کیا جائے
اور ان کی ان جھوٹی امیدوں کو کہ ایک خونی مہدی اور مسیح کا ظاہر ہونا اپنے دلوں میں
جمائے بیٹھے ہیں جو اسلامی ہدایتوں کی سراسر مخالف ہیں زائل کیا جائے۔اور میں ابھی لکھ
چکا ہوں کہ حال کے بعض علماء کے یہ خیالات کہ مہدی خونی آئے گا اور تلوار سے اسلام کو
پھیلائے گا یہ تمام خیالات قرآنی تعلیم کے مخالف اور صرف نفسانی آرزوئیں ہیں اور ایک
نیک اور حق پسند مسلمان کے لئے ان خیالات سے باز آجانے کے لئے صرف اسی قدر
کافی ہے کہ قرآنی ہدایتوں کو غور سے پڑھے اور ذرہ ٹھہر کر اور فکر اور سوچ سے کام لے کر نظر
کرے کہ کیونکر خدائے تعالیٰ کا پاک کلام اس بات کا مخالف ہے کہ کسی کو دین میں داخل
کرنے کے لئے قتل کی دھمکی دی جائے۔غرض یہی ایک دلیل ایسے عقیدوں کے باطل
ثابت کرنے کے لئے کافی ہے لیکن تاہم میری ہمدردی نے تقاضا کیا کہ تاریخی واقعات
وغیرہ روشن ثبوتوں سے بھی مذکورہ بالا عقائد کا باطل ہونا ثابت کروں۔سو میں اس کتاب
میں یہ ثابت کروں گا کہ حضرت مسیح علیہ السلام مصلوب نہیں ہوئے اور نہ آسمان پر گئے اور
نہ کبھی امید رکھنی چاہئیے کہ وہ پھر زمین پر آسمان سے نازل ہوں گے بلکہ وہ ایک سو بیس برس
کی عمر پا کر سرینگر کشمیر میں فوت ہو گئے اور سرینگر محلہ خان یار میں ان کی قبر ہے۔اور میں
نے صفائی بیان کے لئے اس تحقیق کو دس ۱۰ باب اور ایک خاتمہ پر منقسم کیا ہے۔(۱) اول
وہ شہادتیں جو اس بارے میں انجیل سے ہم کوملی ہیں۔(۲) دوم وہ شہادتیں جو اس بارے
میں قرآن شریف اور حدیث سے ہم کو ملی ہیں۔(۳) سوم وہ شہادتیں جو طبابت کی کتابوں
سے ہم کو ملی ہیں۔(۴) چہارم وہ شہادتیں جو تاریخی کتابوں سے ہم کو ملی ہیں۔(۵) پنجم وہ
شہادتیں جو زبانی تو اترات سے ہم کو ملی ہیں۔(1) ششم وہ شہادتیں جو قرائن متفرقہ سے
ہم کو ملی ہیں۔(۷) ہفتم وہ شہادتیں جو معقولی دلائل سے ہم کو ملی ہیں۔(۸) ہشتم وہ
شہادتیں جو خدا کے تازہ الہام سے ہم کو ملی ہیں۔یہ آٹھ ۸ باب ہیں۔(۹) نویں باب
میں برعایت اختصار عیسائی مذہب اور اسلام کا تعلیم کی رو سے مقابلہ کر کے دکھلایا جائے گا
اور اسلامی مذہب کے سچائی کے دلائل بیان کئے جائیں گے۔(۱۰) دسویں باب میں کچھ
زیادہ تفصیل ان امور کی کی جائے گی جن کے لئے خدا نے مجھے مامور کیا ہے۔اور یہ بیان
ہوگا کہ میرے مسیح موعود اور منجانب اللہ ہونے کا ثبوت کیا ہے۔اور اخیر پر ایک خاتمہ کتاب
کا ہو گا جس میں بعض ضروری ہدا یتیں درج ہوں گی۔ناظرین سے امید رکھتا ہوں کہ وہ اس کتاب کو غور سے پڑھیں اور یونہی بدظنی سے ان
سچائیوں کو ہاتھ سے پھینک نہ دیں اور یاد رکھیں کہ ہماری یہ تحقیق سرسری نہیں ہے بلکہ یہ
ثبوت نہایت تحقیق اور تفتیش سے بہم پہنچایا گیا ہے۔اور ہم خدائے تعالیٰ سے دعا کرتے
ہیں کہ اس کام میں ہماری مدد کرے اور اپنے خاص الہام اور القا سے سچائی کی پوری روشنی
ہمیں عطا فرمادے کہ ہر ایک صحیح علم اور صاف معرفت اسی سے اترتی اور اسی کی توفیق سے
دلوں کی رہنمائی کرتی ہے۔آمین ثم آمین۔( مسیح ہندوستان میں۔روحانی خزائن جلد 15 صفحہ 3 تا 15 دیباچہ)
پہلا باب
جاننا چاہئیے کہ اگر چہ عیسائیوں کا یہ اعتقاد ہے کہ حضرت عیسی علیہ السلام یہودا اسکر یوطی
کی شرارت سے گرفتار ہوکر مصلوب ہو گئے اور پھر زندہ ہوکر آسمان پر چلے گئے۔لیکن انجیل
شریف پر غور کرنے سے یہ اعتقاد سراسر باطل ثابت ہوتا ہے۔متی باب ۱۲ آیت ۴۰ میں لکھا
ہے کہ جیسا کہ یونس تین رات دن مچھلی کے پیٹ میں رہا ویسا ہی ابن آدم تین رات دن
زمین کے اندر رہے گا۔اب ظاہر ہے کہ یونس مچھلی کے پیٹ میں مرا نہیں تھا۔اور اگر زیادہ
سے زیادہ کچھ ہوا تھا تو صرف بیہوشی اور غشی تھی۔اور خدا کی پاک کتا بیں یہ گواہی دیتی ہیں
که یونس خدا کے فضل سے مچھلی کے پیٹ میں زندہ رہا اور زندہ نکلا۔اور آخر قوم نے اس کو
قبول کیا۔پھر اگر حضرت مسیح علیہ السلام مچھلی * کے پیٹ میں مر گئے تھے تو مردہ کو زندہ سے
کیا مشابہت اور زندہ کو مردہ سے کیا مناسبت؟ بلکہ حقیقت یہ ہے کہ چونکہ مسیح ایک نبی صادق
تھا اور جانتا تھا کہ وہ خدا جس کا وہ پیارا تھا لعنتی موت سے اس کو بچائے گا۔اس لئے
اس نے خدا سے الہام پا کر پیشگوئی کے طور پر یہ مثال بیان کی تھی اور اس مثال میں جتلا دیا
تھا کہ وہ صلیب پر نہ مرے گا اور نہ لعنت کی لکڑی پر اس کی جان نکلے گی بلکہ یونس نبی کی
طرح صرف غشی کی حالت ہوگی۔اور مسیح نے اس مثال میں یہ بھی اشارہ کیا تھا کہ وہ زمین
کے پیٹ سے نکل کر پھر قوم سے ملے گا اور یونس کی طرح قوم میں عزت پائے گا۔سو یہ
پیشگوئی بھی پوری ہوئی۔کیونکہ مسیح زمین کے پیٹ میں سے نکل کر اپنی ان قوموں کی طرف
گیا جو کشمیر اور تبت وغیرہ مشرقی ممالک میں سکونت رکھتی تھیں یعنی بنی اسرائیل کے وہ دس ۱۰
فرقے جن کو شالمنذرشاہ اسور سامریہ سے مسیح سے سات سوا کیس ۷۲۱ برس پیشتر اسیر کر
کے لے گیا آخر وہ ہندوستان کی طرف آکر اس ملک کے متفرق مقامات میں سکونت پذیر
ہوگئے تھے۔اور ضرور تھا کہ مسیح اس سفر کو اختیار کرتا۔کیونکہ خدائے تعالیٰ کی طرف سے
لے۔اور ان کے سوا اور یہودی بھی بابلی حوادث سے مشرقی بلا د کی طرف جلاوطن ہوئے۔منہ
ہ کا تب کی غلطی سے پہلے ایڈیشن میں مچھلی لکھا گیا۔اصل میں زمین ہے۔