مجلس مشاورت ۱۹۲۲ ء پہلا دن
خطاباتِ شورٰی (جلد اوّل ۔1922ء تا 1935ء), حصہ 2
خطابات شوری جلد اول
۱۵
مجلس مشاورت ۱۹۲۲ء
چلنے کی وجہ سے تباہ ہوتی ہیں لیکن خلیفہ کی کوئی ذاتی جائداد نہیں ہوتی اور اس کے ذاتی فوائد
بھی نہیں ہوتے کہ فساد کریں ۔ نہ آئندہ اولادوں کے لئے خلافت منتقل کر سکتے ہیں کیونکہ
خلفاء کا دستور روکتا ہے اس لئے وہ نقائص گئے جو شخصی حکومت میں ہوتے ہیں۔
جمہوری حکومت پارٹی فیلنگ سے تباہ ہوتی ہے۔
دور ہو
اس وقت انگلستان اور فرانس بھی جو تباہی کی طرف جا رہے ہیں پارٹیوں کی وجہ سے ہی
جارہے ہیں مگر اسلام نے ایسا طریق رکھا ہے کہ تباہی نہیں ہو سکتی ۔ اسلام سے ملتا جلتا ظاہری
نظام رومیوں میں پایا جاتا ہے۔ اس لئے ہزار سال سے زیادہ سے چلا آ رہا ہے لیکن اور کوئی
حکومت ایسی نہیں جو اتنے لمبے عرصہ سے ایک طریق پر قائم ہو۔ مگر ان میں بھی نقص ہے کہ
شریعت کو لعنت قرار دیتے ہیں اس لئے پوپ جو چاہے مذہب بنا دیتا ہے اس لئے انتظام تو
چلا جا رہا ہے مگر نقص یہ ہے کہ چونکہ مذہب کا فیصلہ پوپ کی رائے پر ہوتا ہے اس لئے مذہب
باطل ہو گیا اور اسمیں دست اندازی سے لڑائیاں ہوتی رہتی ہیں ۔ مگر اسلام میں ایسا نہیں ہو
سکتا کیونکہ قرآن مجید ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کلام موجود ہے، ان حد بندیوں
کے اندر خلیفہ کام کر سکتا ہے ان سے باہر نہیں جا سکتا۔ پس اس طرح اس نے تمام نقائص مٹا
دیئے اور ضروری باتوں کو جمع کر دیا ۔ ان سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ اصولی باتیں خدا نے
طے کر دیں جو ایسی جامع ہیں کہ کوئی کمی باقی نہیں رہ گئی اور تفصیل رسول کریم صلی اللہ علیہ
و آلہ وسلم نے فرمادی۔ اسی لئے ایک یہودی نے کہا تھا کہ دین تو اسلام ہی سچا ہے کہ پاخانے
تک کے مسئلے بیان کر دیئے ہیں اور کوئی بات نہیں چھوڑی۔ فی الواقع یہ قابلِ رشک بات
ہے۔ جرمنی سے ایک کتاب شائع ہوئی ہے اس کا مصنف لکھتا ہے اسلام کے متعلق خواہ کچھ
کہیں مگر بڑا مکمل مذہب ہے کہ کوئی بات نہیں چھوڑی۔
پس چونکہ پارٹی ہوتی نہیں اور خلیفہ سب سے تعلق رکھتا ہے اس لئے اُس کا تعلق سب
ر پڑتے ہیں مر باپ سے لڑائی ہیں ہو
سے ایسا ہی ہوتا ہے جیسے باپ بیٹے کا۔ بھائی بھائی تو لڑ پڑتے ہیں مگر باپ سے لڑائی نہیں :
سکتی ۔ چونکہ خلیفہ کا سب سے محبت کا تعلق ہوتا ہے اس لئے اگر ان میں لڑائی بھی ہو جائے تو
وہ دور کر دیتا ہے اور بات بڑھنے نہیں پاتی ۔
خطابات شوری جلد اول
۱۶
مجلس مشاورت ۱۹۲۲ء
شوری کے فوائد اب میں شوری کے فوائد بیان کرتا ہوں :۔
(1) کئی نئی تجاویز سو جھ جاتی ہیں ۔
(۲) مقابلہ کا خیال نہیں ہوتا اس لئے لوگ صحیح رائے قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
(۳) یہ بھی فائدہ ہے کہ باتوں باتوں میں کئی باتیں اور طریق معلوم ہو جاتے ہیں۔
(۴) یہ بھی فائدہ ہے کہ باہر کے لوگوں کو کام کرنے کی مشکلات معلوم ہوتی ہیں ۔
(۵) یہ بھی فائدہ ہے کہ خلیفہ کے کام میں سہولت ہو جاتی ہے۔ وہ بھی انسان ہوتا ہے اُس کو
بھی دھوکا دیا جا سکتا ہے۔ اس طرح معلوم ہو جاتا ہے کہ لوگوں کا رجحان کدھر ہے۔ یوں
تو بہت نگرانی کرنی پڑتی ہے کہ غلط رستہ پر نہ پڑ جائیں مگر جب شوری ہو تو جب تک اعلیٰ
درجہ کے دلائل عام رائے کے خلاف نہ ہوں لوگ ڈرتے ہیں کہ اس پر عمل کریں اور اس
طرح خلیفہ کو نگرانی میں سہولت حاصل ہو جاتی ہے۔
مجلس شوری کا طریق (1) خلیفہ عام ہدایات پیش کرے گا کہ کن باتوں پر مشورہ لینا ہے اور کن باتوں کا خیال رکھنا ہے ۔ (۲) اس کے بعد ہر محکمہ ۔
کے لئے سب کمیٹیاں مقرر ہو جائیں گی کیونکہ فوراً رائے نہیں دینی چاہئے بلکہ تجربہ کار بیٹھ کر
سکیم تجویز کریں اور پھر اس پر بحث ہو۔ پہلے کمیٹی ضرور ہونی چاہئے ۔ جیسے معاملات ہوں اُن
کے مطابق وہ غور کریں، سکیم بنائیں پھر اس پر غور کیا جائے ۔ کمیٹی پوری تفاصیل پر بحث کرے
اور پھر رپورٹ کرے۔ وہ تجاویز مجلس عام میں پیش کی جائیں اور اُن پر گفتگو ہو۔
جب تجاویز پیش ہوں تو موقع دیا جائے کہ لوگ اپنے خیالات پیش کریں کہ اس میں
یہ زیادتی کرنی چاہئے یا یہ کمی کرنی چاہئے یا اس کو یوں ہونا چاہئے۔ تینوں میں سے جو کہنا
چاہے کھڑے ہو کر پیش کر دے۔ ان تینوں باتوں کے متعلق جس قدر تجاویز ہوں ایک شخص
یا بہت سے لکھتے جائیں ۔ پھر ایک طریق یا ایک طرز کی باتوں کو لے کر پیش کیا جائے کہ ۔
فلاں یہ کمی چاہتا ہے اور فلاں یہ زیادتی ۔ اس پر بحث ہو مگر ذاتیات کا ذکر نہ آئے۔ اس
بحث کو بھی لکھتے جائیں ۔
جب بحث ختم ہو چکے تو اُس وقت یا بعد میں خلیفہ بیان کر دے کہ یہ بات یوں ہو۔
بولنے کے وقت بولنے والا کھڑا ہو کر بولے۔ اور جو پہلے کھڑا ہو اُ سے پہلے بولنے کا موقع دیا
خطابات شوری جلد اول
۱۷
مجلس مشاورت ۱۹۲۲ء
جائے ۔ یہ دیکھنے کے لئے ایک آدمی مقرر ہوگا کہ کون پہلے کھڑا ہوا ہے اور کون بعد میں ۔
اگر بہت سے کھڑے ہوں تو باری باری انہیں بولنے کے لئے کہنا چاہئے۔ جب سارے
بول چکیں تو پھر پوچھنا چاہئے ۔ پھر کھڑا ہو تو پہلے نئے بولنے والے کو موقع دینا چاہئے
سوائے اس صورت کے کہ کوئی سوال یا اعتراض اُس کی تقریر پر کیا گیا ہو اُس کے حل کرنے
کے لئے کھڑا ہو۔ اور دو دفعہ سے زیادہ بولنے نہ دیا جائے کیونکہ بات کو حل کرنا ہے بحث
نہیں کرنی ۔ وہ شخص جس کو بولنے کا موقع دینے کے لئے مقرر کیا جائے وہ خلیفہ یا اس کے
قائمقام کا مددگار ہوگا کیونکہ وہ دوسرے کاموں کی طرف توجہ کرے گا ادھر توجہ نہ کر سکے گا
اس لئے وہ بطور نائب کام کرے گا ۔
سب کمیٹیوں کا طرز عمل (1) صیفہ کا افس اس کمیٹی کا امیر ہو۔ اگر وہ اور جگہ لگا ہوتو وہ
اُس دفتر کا نائب یا جسے وہ مناسب سمجھے کہ قائمقامی کر سکتا یا
ہے۔ (۲) کمیٹی سیکرٹری خود مقرر کرے۔ (۳) کوشش یہ ہو کہ رائے متفقہ ہو۔ اگر نہ ہو سکے تو
کثرت رائے لکھی جائے۔ لیکن اگر قلیل التعد اد والے سمجھیں کہ اُن کی یہی رائے ہے جسے
ضرور پیش کرنا چاہئے تو اُن کی رائے بھی لکھی جائے۔
مالی مشکلات وہ حالات جن پر مشورہ لینا ہے اگر چہ نسبتا یہ بات پیچھے ہے مگر اہم ہے،
ہیں لئے پہلے بیان کرے اس لئے پہلے بیان کرتا ہوں وہ بات مالی تنگی ہے۔ پہلے تو یہ ہوتا تھا کہ
ناتی تھی اور نظارت اپنا اور اس پر عمل ہوتا تھا اس سال چونکہ مشکلات تھیں
اس لئے میں نے کہا بجٹ میرے پاس آئے ۔ جتنی وہ کمی کر سکتے تھے اُنہوں نے کی جو نے
۳۰ ، ۳۵ ہزار کی کمی تھی ۔ پھر ایک اور کمیٹی بٹھائی جس نے ۴۳ ہزار کی اور کمی کی ۔ پھر بجٹ
میرے پاس آیا میں نے اُس میں ۳۰ ہزار کی کمی کی ۔ مگر باوجود اس کے کہ اسقدر کمی کی اور
لڑکوں کے وظائف میں اس قدر کمی کی کہ اس سے کم نہیں ہو سکتی تھی اور باوجود اس کے کہ
پہلے ہی جو تنخواہ باہر ملتی ہے اُس سے بہت کم یہاں کام کرنے والوں کو ملتی ہے اب ان کی
اور
تنخواہ میں اور بھی کمی کر دی گئی ہے۔ غرباء کو بچانے کے لئے جن غرباء کو قحط الاؤنس ملتا تھا
وہ بند نہ کیا بلکہ جن کی تنخواہ ۶۰ سے اُو پر تھی اُن کو ۱۵ فیصدی اور جن کی ۱۰۰ سے اوپر تھی اُن
کی ۲۰ فیصدی کم کر دی گئی۔ میں نے کہا اُن کو قربانی کرنی چاہئے اور سب نے خوشی سے
خطابات شوری جلد اول
۱۸
مجلس مشاورت ۱۹۲۲ء
منظور کر لیا اور باوجود یکہ یہاں کے لوگوں کو کم تنخواہیں ملتی ہیں اور گورنمنٹ نے دُگنی تگنی کر دی
ہیں مگر ہم نے اور کم کر دی ہیں ۔ مگر بجائے اس سے بوجھ کم ہو جانے کے ابھی تک کئی ماہ کی
تنخواہیں نہیں دی گئیں۔ پہلے تین ماہ کی تنخواہیں باقی تھیں اور اب پانچ پانچ ماہ کی ہیں اور
اب حالت یہاں تک ہو گئی ہے کہ چونکہ انہوں نے قرض لے کر کھایا ہے اس لئے دُکانوں کا
دیوالیہ نکل گیا۔ ادھر پانچ پانچ ماہ کی تنخواہیں نہیں ملیں اُدھر دُکانوں پر سرمایہ نہیں رہا اور
یہاں تک حالت ہوگئی ہے کہ میرے پاس ایک شخص کی شکایت آئی کہ دو تین وقت کا فاقہ
ہے مگر ایک سیر آٹا نہیں ملتا۔ میں سمجھتا ہوں کسی اور دینی جماعت کو اس سے نصف تکالیف
بھی پیش آئیں تو سب لوگ بھاگ جائیں مگر یہ لوگ صبر سے کام کر رہے ہیں اس لئے
ضروری ہے کہ اُن کی مشکلات کو دور کریں ۔ آپ لوگ اپنے حال پر غور کریں ۔ ملازموں کی
تنخواہیں بڑھ گئی ہیں ، غلہ مہنگا ہے اس لئے زمیندار بھی فائدہ اُٹھا رہے ہیں یہاں کے لوگ
باہر رہ کر اُسی آرام میں رہ سکتے تھے جس میں آپ لوگ ہیں ۔ پھر باوجود ان حالات کے
جن میں سے یہ گزر رہے ہیں اگر آپ لوگوں کو رکھا جائے تو کس طرح برداشت کریں ۔
-
کہتے ہیں قادیان لوگ آرام کے لئے جاتے ہیں مگر اس حالت کو سوچو۔ ایک صاحب
نظام الدین یہاں آئے جو کئی ہزار روپیہ لائے تھے ۔ کچھ آپ کھا لیا اور کچھ قرضہ پر لوگوں
کے پاس چلا گیا۔ اب پھر جانیوالے ہیں ۔ اسی طرح ایک اور دُکاندار کی حالت ہوئی ہے
حتی کہ دُکانیں کھانے پینے کی چیزیں اور سامان نہیں لاسکتیں۔ اگر یہی حالت رہی تو یہ بھی
ممکن ہے کہ کھانے پینے کی چیزیں مل ہی نہ سکیں ۔ بیشک قحط ہے مگر ملک میں ایسی حالت نہیں
کہ ایسی خطرناک حالت پیدا ہو گئی ہو۔ مگر یہاں ایسا ہو رہا ہے کہ کئی لوگوں کو کئی کئی دن کا
فاقہ ہوتا ہے۔ ابھی ایک شخص نے بتایا کہ میرے پاس سے ایک شخص گزر رہا تھا جو فاقہ سے
تھا۔ میں نے اُس کی شکل سے اُسے پہچانا اور فی الواقعہ کئی دن کا اُسے فاقہ تھا۔ اُس نے
اُسے کچھ دیا مگر اُس نے آدھا ایک اور کو راستہ میں دیدیا ۔ اسی طرح ایک اور کے متعلق سُنا
کہ فاقہ سے بے ہوش ہو گیا اور میں نے گھر کا کھانا اُسے بھیجا اور آدمی کو کہا کہ کھلا کر آنا ۔ میں
سمجھتا ہوں کہ یہاں ایسے مخلص ہیں کہ ٹھوک سے مر جائیں گے اور کام نہ چھوڑیں گے مگر کیا
ہماری جماعت کے لئے یہ دھبہ نہ ہوگا کہ ایسے کا رکن ٹھو کے مر گئے ۔ تو مالی لحاظ سے نہایت
خطابات شوری جلد اول
۱۹
مجلس مشاورت ۱۹۲۲ء
نازک وقت آیا ہوا ہے۔ شاید سوال پیدا ہو کہ کیوں پہلے نہیں سوچا گیا ؟ بیشک غلطیاں ہوئی
ہیں نظارت کی اور صدرانجمن کی اور میری بھی کیونکہ ذمہ داری میری ہی ہے۔ اگر کام زیادہ
جاری کئے گئے جن کی جماعت برداشت نہیں کر سکی تو روکنا چاہئے تھا لیکن جو کچھ ہو چکا ہو
چکا۔ بہر حال اس مشکل کو دور کرنا ضروری ہے۔ میں اپنی غلطی کو محسوس کرتا ہوں ۔ کہا جاتا
ہے کہ اسقدر کام جاری کئے گئے کہ جماعت کو جن کے برداشت کرنے کی طاقت نہیں ، مختلف
مشن قائم کئے گئے ، نظارت کے صیغے قائم کئے گئے اور کہا جاتا ہے کہ جماعت اتنے بوجھ
اُٹھانے کے قابل نہ تھی مگر مشکل کے وقت یا نا سمجھی کے باعث ایسے خیال پیدا ہونے کوئی
بڑی بات نہیں اور میں سمجھتا ہوں جو کہتا ہے کہ جماعت یہ بوجھ اُٹھانے کے قابل نہیں وہ
معذور ہے مگر میں بھی معذور ہوں ۔ میری طبیعت خدا تعالیٰ نے ایسی بنائی ہے کہ میں بھی
سوچتا رہتا ہوں کہ کون سا کام کریں جس سے دُنیا میں ہدایت پھیلے۔ اور بعض دفعہ کوئی تجویز
ایسی خوبصورت معلوم ہوتی ہے کہ اُس پر عمل کرنے کے لئے مجبور ہو جاتا ہوں اور وہ دن یا
وہ سال جس میں جماعت کا قدم آگے نہ ہو میرے لئے دیکھنا مشکل ہوتا ہے۔
میں یہی چاہتا ہوں کہ کوئی نہ کوئی کام نیا جاری ہو ۔ اس سال مشکلات تھیں اس لئے
یہی کر دیا کہ کچھ ایسے لوگوں کو تیار کیا جن کو کہا تبلیغ کے لئے جاؤ اور خود کماؤ اور اس طرح تبلیغ
کرو۔ ایک کو روس بھیجنا ہے اور ایک کے لئے ایران کا پاسپورٹ آ گیا ہے تو میں بھی مجبور
ہوں کہ ترقی ہو۔ نظارت کا کام میرے نزدیک ایک منٹ بھی پہلے نہیں ہوا اور اس قدر اس
کی ضرورت تھی اگر جاری نہ کرتے تو مجرم ہوتے بلکہ ہیں کہ پہلے کیوں جاری نہ کیا۔ اس
میں شک نہیں کہ نظارت کے کام ابھی تک جماعت کے سامنے نہیں آئے کہ لوگ معلوم
کریں ۔ کوئی نیا کام ہوا ہے اور نہ ہی ان صیغوں نے یہ ثابت کیا ہے۔ مگر جب نیا کام
شروع ہو تو اس میں مشکلات ہوتی ہیں ۔ چونکہ کام نیا ہے، آدمی نئے ہیں، انتظام نیا ہے اس
لئے ضروری تھا کہ ایسی حالت ہو۔ میرا کام یہ تھا کہ میں ان کا رکنوں کو اُن کے فرائض محسوس
کراؤں اور اُن کا کام یہ تھا کہ جماعت کے لوگوں کو محسوس کرائیں مگر بہت باتیں تو ابھی
کا رکن بھی محسوس نہیں کرتے ۔ ہمارا کام یہ ہے کہ پہلے ان کو سمجھائیں ۔ مگر ایک دفعہ ہی
سمجھانے سے نہیں سمجھ سکتے بلکہ بار بار سمجھانے کی ضرورت ہے اس لئے پہلے دو تین سال کا
خطابات شوری جلد اول
۲۰
مجلس مشاورت ۱۹۲۲ء
اسی میں لگنا ضروری تھا اور جب بھی یہ کام جاری کرتے ایسا ہی ہوتا پس جو یہ کہتے ہیں کہ
وقت ضائع ہوا اول تو ہم انہیں کہتے ہیں کہ ضائع نہیں ہوا۔ مگر ایسا ہی ہونا ضروری ہوتا ہے
اور اس کو پیچھے نہیں ڈال سکتے ۔ میری نظر اس بات پر پڑ رہی ہے کہ ہماری جماعت نے آج
ہی کام نہیں کرنا بلکہ ہمیشہ کرنا ہے۔ دُنیا کی انجمنیں ہوتی ہیں جو یہ کہتی ہیں آج کام کر کے
دکھا دو اور لوگوں کے سامنے رپورٹ پیش کر دو مگر میں نے رپورٹ خدا کے سامنے پیش کرنی
ہے اور خدا کی نظر اگلے زمانوں پر بھی ہے اس لئے مجھے یہ فکر ہوتی ہے کہ آج جو کام کر رہے
ہیں یہ آئندہ زمانہ کے لئے بنیاد ہو۔ آج کہتے ہیں تنخواہیں نہیں ملتیں۔ میں کہتا ہوں اگر ایسا
نہ ہوتا تو اخلاص کا پتہ نہ لگتا۔ پھر اگر آج ہم ان تکالیف کو نہ اٹھا ئیں تو پیچھے آنے والوں
کے لئے بوجھ چھوڑ جائیں گے۔ اگر ہم آج بنیاد قائم نہ کریں تو وہ کس پر عمارت بنائیں گے
اس لئے اگر اس سے زیادہ تکالیف آئیں تو بھی آئندہ کی بنیادوں کو ہم چھوڑ نہیں سکتے اور
خواہ مر ہی جائیں ۔ فاقہ کشی سے تو بھی کام بند نہیں کر سکتے ۔ ہمارا کام یہ نہیں کہ دیکھیں ہمارا
کیا حال ہو گا بلکہ یہ ہے کہ جو کام ہمارے سپر د ہے اُسے اس طریق سے چلا ئیں کہ خدا کو کہہ
سکیں اگر بعد میں آنے والے احتیاط سے کام لیں تو تباہ نہ ہوں گے۔ پس مجھے آئندہ کی فکر
ہے اور میری نظر آئندہ پر ہے کہ ہم آئندہ کے لئے بنیادیں رکھیں ۔ جس کی نظر وسیع نہیں
اُسے تکلیف نظر آ رہی ہے ۔ مگر اگلی نسل اُن لوگوں پر جو بنیادیں رکھیں گے درود پڑھے گی
اور جو لوگ ان میں روک ہوں گے اُنکا ذکر کرنے سے جی چرائے گی کہ انہوں نے ماں
باپ ہو کر ہمارے لئے کچھ نہ کیا۔ ہمارے افعال کا نتیجہ اب معلوم نہیں ہوتا کیونکہ بڑے
کاموں کا نتیجہ بعد میں نکلا کرتا ہے۔ چنانچہ وہ زمانہ آئیگا جب خدا ثابت کر دے گا کہ اس
جماعت کے لئے یہ کام بنیادی پتھر ہیں ۔
بہر حال مالی مشکلات کے لئے تجاویز سوچتی ہیں یہ سلسلے مفید ہیں اور باوجود بعض کے
کہنے کے میں نے انہیں نہیں توڑا اس لئے خواہ جس طرح بھی ہو ان کو قائم رکھوں گا کیونکہ
ہمارا کام کام کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ جماعت زیادہ قربانیوں کی طرف آ رہی
ہے۔ مشکلات آئیں گی نئے کاموں میں جیسا کہ قضاء کا محکمہ نکالا ہے۔ تو کہتے ہیں لڑائی
جھگڑے بڑھ گئے ہیں اور کہتے ہیں اس محکمہ کی وجہ سے ہے مگر میں کہتا ہوں نہیں بلکہ بات یہ
خطابات شوری جلد اول
۲۱
مجلس مشاورت ۱۹۲۲ء
ہے کہ پہلے جھگڑے خفیہ رہتے تھے اب لوگ پیش کر دیتے ہیں۔ پھر اس صیغہ کے قیام سے
حکم ماننے والے اور انکار کرنے والوں کا پتہ لگتا رہتا ہے۔ میرے نزدیک موجودہ حالات
میں ہمارے سلسلہ کے خزانہ پر ایک لاکھ سے زیادہ کا بار ہے۔ پچھلے بجٹ سے یہ اُمید کر سکتے
تھے کہ ۲۵ ہزار قرضہ دُور کر سکیں گے اور اس کے یہ معنی تھے کہ چار سال میں اس بوجھ کو دور کر
سکتے ہیں ۔ مگر مالی حالت کا لوگوں کو جب پتہ لگا تو وہ مجبور کرنے لگے کہ امانتیں جلد واپس
کرو۔ ابھی جو پانچ ماہ کی تنخواہیں ہو گئی ہیں اس کی وجہ یہی ہے کہ یہ قرض کسی بنئے کا نہیں
امانتوں کا ہے اور وہ مجبور کر رہے ہیں کہ ادا کرو۔ اس طرح اور بھی بوجھ بڑھتا جاوے گا کہ
قرض تو ادا کیا مگر ملازموں کے بل ادا نہ ہو سکے ۔ اب کاغذی حساب سے ایک لاکھ کی
بجائے ۷۵۰۰۰ قرض ہے ۔ مگر لوگوں کی تکالیف بڑھ گئی ہیں اور دُکانداروں کے جو دیوالیہ
نکل رہے ہیں وہ اور تکالیف کا باعث ہیں۔ میں نے تجویز کی تھی کہ لوگ قرضہ دیں مگر ابھی
تک اس کا انتظام نہیں ہوا۔ پھر زمینداروں نے پچھلے سال بہت سستی دکھائی ہے۔ میں
نے جلسہ پر بھی کہا تھا اور اب بھی کہتا ہوں کہ ان کے چندے میں اضافہ نہیں ہوا اور
زمینداروں نے قرضہ دیا ہی نہیں اور اگر لوگ قرضہ دیں تو اس کا اثر چندہ پر پڑتا ہے مثلاً
پچاس ہزار قرض لیں تو ایک تو آمد کم ہو گی اور پھر قرض ادا کرنا ہو گا اس لئے یہ تجویز تجربہ
سے معلوم ہوئی ہے کہ درست نہ تھی اس لئے اب یہ تجویز کی جاتی ہے کہ پچاس ہزار خاص چندہ
کیا جائے تب یہ بوجھ ہٹ سکتا ہے۔ پھر مفتی صاحب چھ سال سے باہر ہیں اُن کا ایک لڑکا
سخت بیماری کی حالت میں ہے، ایک آوارگی کی وجہ سے خراب ہو رہا ہے، ایک معذور
ہے۔ بیوی سخت بیماری میں مبتلا ہے اب انکا باہر رکھنا ظلم ہوگا اس لئے پانچ ہزار ان کو بُلانے
اور ان کا قائمقام جانے کے لئے ضروری ہے۔ بے شک مشکلات ہیں لیکن کیا قادیان
والوں کو جتنی مشکلات ہیں دوسروں کو بھی ایسی ہی ہیں؟ ان سے آدھی بھی باہر کے لوگ
اُٹھائیں اور ان کے لئے دُگنی تکلیف رکھ لیں تو بھی یہ مشکلات ایک ماہ میں دُور ہو سکتی
ہیں ۔ اصل میں تو ایک لاکھ کی رقم چاہئے مگر موجودہ وقتوں کو دیکھتے ہوئے پچپن ہزار رکھا ہے
اور یہ ایسی رقم ہے کہ اگر نہ ملے تو دیوالیہ کی جو حالت ہوتی ہے وہ ہوگی ۔ میں سمجھتا ہوں کہ
یہاں مخلصین کی ایسی جماعت ہے کہ اگر انہیں کچھ نہ ملے گا تو بھی کام کرے گی اور کرتے
خطابات شوری جلد اول
۲۲
مجلس مشاورت ۱۹۲۲ء
کرتے مر جائے گی مگر جماعت کے لئے یہ شرم کا مقام ہوگا کہ اسکے کام کرنے والے مر گئے
اور دوسرے امداد کو نہ آئے اور اگر بعد کو آئے تو ایسا ہی ہو گا جیسے کسی نے کہا ہے کہ : -
پتھر پڑیں صنم تیرے ایسے پیار پر
جب مر گئے تو آئے ہمارے مزار پر
اور حضرت صاحب کا بھی ایک شعر ہے۔
امروز قوم من نه شناسد مقام من روزے بگر یہ یاد کند وقت خوشترم
ہمارے باہر کے مبلغین کی حالت یہ ہے کہ مفتی صاحب ایک جگہ نہیں رہ سکتے کیونکہ
نا واقفوں سے انہوں نے قرضے لئے ہوئے ہیں جو تقاضے کرتے ہیں اور مکان چھوڑ کر ملک
میں بھاگے پھرتے ہیں ان کا لحاظ بھی ہے کہ لوگ نالش نہیں کرتے لیکن اگر کوئی کر دے کہ یہ
ہمارا رو پید ادا نہیں کرتا تو کتنی بدنامی ہوگی ۔ یا انہیں کے احساسات سوچ لو کیا ہو نگے ۔ گویا
انہیں جنگل میں چھوڑا ہوا ہے اور کوئی خبر نہیں لیتا۔ یہی حال لندن مشن کا ہوتا اگر مسجد کا
روپیہ نہ ہوتا۔ میں نے خیال کیا کہ مسجد تو بنانی تھی نمازیوں کے لئے اگر نمازی مر گئے تو کس
کے لئے بنائیں گے اس لئے میں نے اس میں سے خرچ کرنے کی اجازت دے دی۔ یہی
حال افریقہ کا ہے ہمارا ایک مبلغ بیمار تھا اور ڈاکٹر کے لئے فیس تک نہ تھی وہاں سے مشکلات
کے خط آتے ہیں اور میں اِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ پڑھ کر چُپ ہو رہتا ہوں ۔ ایسی
حالت میں جماعت کو اپنی ذمہ داری سمجھنی چاہئے۔
ایک تو یہ تجویز در پیش ہے کہ اس وقت ۵۵۰۰۰ روپیہ چاہیئے علاوہ ماہوار چندوں
کے۔ اب قرضہ فنڈ غالباً بند کر دیا جاویگا ۔ اس وقت آپ لوگوں نے تجویز کرنی ہے کہ کس
طرح یہ روپیہ مہیا کیا جاوے اور اسکے ساتھ ہی آپ کی ذمہ داری ہوگی کہ ماہوار :
میں کمی نہ ہو۔ یہ نصف نظارت اور نصف انجمن کو دیا جاویگا اور پانچ ہزار امریکہ کا ہوگا۔
چندوں
صیغه تعلیم و تربیت دوسری ات تعلیم وتربیت کا حکم ہے۔ یہ پہلے نہیں قائم ہوا بلکہ عین وقت پر قائم ہوا۔ اس صیغہ سے مراد صرف مدر سے قائم کرنے نہیں
تھے اور باتیں مد نظر تھیں ۔ مدر سے بھی شامل تھے مگر یہ ایک ضمنی بات تھی مگر دوسروں کو سمجھانا
کتنا مشکل ہوتا ہے۔ یہ اِس سے ظاہر ہے کہ دو سال کے عرصہ میں روکنے کے باوجود یہ
صیغہ پرائمری مدر سے قائم کرتا چلا گیا اور اس طرح اصل کام کو بھول گیا ۔ اب اس صیغہ کی
خطابات شوری جلد اول
۲۳
مجلس مشاورت ۱۹۲۲ء
بنیادیں مضبوط کرنی ہیں۔ اس سے غرض جماعت کی دینی تعلیم و تربیت ہے، علماء بنانا نہیں بلکہ
ایسے مسائل سے واقف کرنا ہے کہ جن کے سوائے کوئی مسلمان مسلمان نہیں ہو سکتا ۔ اب کئی
عورتیں آتی ہیں جو کلمہ بھی نہیں پڑھ سکتیں اور جب کلمہ نہیں پڑھ سکتیں تو نماز کس طرح پڑھ
سکتی ہوں گی اور جب نماز نہیں پڑھ سکتیں تو مسلمان کس طرح ہو سکتی ہیں اور وہ غرض کس
طرح قائم رہ سکتی ہے جو اس سلسلہ کی ہے۔ جب کہ یہ حالت ہے نماز کوئی ٹو نہ نہیں بلکہ
با ترجمہ آنی چاہئیے کیونکہ جو ترجمہ نہیں جانتا وہ سمجھ کہاں سکتا ہے اور معارف پر غور کہاں کر سکتا
ہے اور جسے یہ بات حاصل نہیں وہ خدا سے تعلق کس طرح پیدا کر سکتا ہے۔ اس کے بغیر تو یہ
ناٹک ہے کہ تماشہ کے طور پر ادا کی جاوے۔ ہم جلسے اور انجمنیں کرتے ہیں مگر کیا نبی اسی
لئے آتے ہیں؟ یہ تو اور لوگ بھی کر لیتے ہیں ۔ ہماری غرض اُسی وقت پوری ہو سکتی ہے جب
ہمارا ایک ایک مرد ایک ایک بچہ اور ایک ایک عورت اس قدر واقفیت دین سے رکھے جو
مسلمان بننے کے لئے ضروری ہے۔ جب تک ایسا نہ ہو تب تک ترقی نہیں ہو سکتی سوائے اس
کے کہ بعض خاص آدمی اپنی ریاضت سے آگے نکل جائیں مگر جماعتیں اس لئے بنائی جاتی
ہیں کہ سارے مل کر ترقی کریں۔ اگر ساری جماعت ترقی نہ کرے تو پھر کیا ضرورت ہے
چندہ جمع کرنے کی اور کیا ضرورت ہے کانفرنسوں اور جلسوں کی ۔ تو تعلیم اور تربیت سے یہ
مراد ہے کہ ہر احمدی کو ظاہری علوم کا اتنا حصہ سکھا دیا جاوے کہ اسے آئندہ ترقی کی بنیاد قرار
دے سکیں ۔ میرے نزدیک کم از کم اسی فیصدی مگر یہ زیادہ اندازہ دل کو خوش کرنے کے لئے یہ
لگایا گیا ہے ورنہ پچانویں فیصدی ایسے ہیں کہ وہ نماز کا ترجمہ نہیں سمجھتے ۔ گویا دس ہزار میں
سے میں ایسے ہیں جو صحیح ترجمہ جانتے ہیں اس سے زیادہ افسوس کی بات کیا ہوگی اور اگر
اب توجہ نہ کی گئی تو پھر کب کریں گے ۔ بیشک ایک مکان بنانے کے لئے تو کوئی کہہ سکتا ہے
کہ روپیہ نہیں ہے اس لئے چھت نہیں ڈالی جا سکتی ۔ مگر کیا یہ کہہ سکتے ہیں کہ لوگوں کو مرنے دو
اُن کی حفاظت کے لئے روپیہ نہیں ہے؟ اسی طرح کیا یہ کہہ سکتے ہیں کہ اگر خدا سے لوگوں کا
تعلق نہیں اور وہ خدا کو مل نہیں سکتے تو نہ سہی پھر مل لیں گے؟ ہمارے زمانہ میں خدا تک نہیں پہنچ
سکتے تو خیر اگلے زمانہ میں پہنچ جائیں گے؟ ہرگز نہیں۔ اس لئے نماز، روزہ، حج، زکوۃ،
صدقات ، ورثہ کے متعلق موٹے موٹے مسائل جاننا ہر فرد کے لئے ضروری ہے ۔ مگر ہر فرد تو
~
خطابات شوری جلد اول
۲۴
مجلس مشاورت ۱۹۲۲ء
الگ رہا آپ لوگ جو نمائندے بن کر آئے ہیں آپ کا بھی اگر امتحان لوں تو اسی فیصدی
ایسے ہوں گے جن کو ان کا پتہ ہی نہیں ہوگا۔ تو اس صیغہ کا یہ مطلب ہے کہ کم از کم یہ حصہ دین
کا ہر احمدی کو سکھا دے مگر ابھی اس صیغہ نے یہ کام شروع بھی نہیں کیا۔
دوسری چیز اس سے اوپر اخلاقی تربیت تھی یہ بھی شروع نہیں ہوئی۔ پھر عقائد تھے۔
بیشتر حصہ لوگوں کا اس سے بھی واقف نہیں۔ انہیں یہ تو پتہ ہے کہ حضرت عیسی علیہ السلام
فوت ہو گئے اور حضرت مرزا صاحب سچے ہیں ۔ آگے یہ کہ کس غرض کے لئے خدا نے حضرت
مرزا صاحب کو بھیجا، یہ نہیں جانتے ۔ گو عقا ئد ضروریہ کا جاننا بھی ضروری ہے مگر تبلیغ کے رستہ
میں بھی دینی روکیں نہیں جتنی تربیت کے رستہ میں ہیں کیونکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا
سچا ہونا چونکہ احمدی خود سمجھتے ہیں اس لئے دوسروں کو سمجھا سکتے ہیں لیکن اخلاق سے چونکہ خود
واقف نہیں اس لئے دوسروں کو سکھلا نہیں سکتے ۔ اور موٹی موٹی باتیں مثلاً غیبت، بداخلاقی
کیا ہوتی ہے یہ بھی نہیں جانتے۔ اور مذاق اس قدر بگڑا ہوا ہے کہ اوّل تو اخلاق سکھانا
ضروری ہے پھر اس پر عمل کرانا۔
کہتے ہیں کوئی ہندو مسلمان ہو گیا تھا جب کبھی کوئی بات ہوتی تو رام رام کہتا۔ جب
پوچھا گیا تو کہنے لگا کہ رام نکلتے ہی نکلے گا۔ یہی حالت ہماری جماعت کی ہے۔ ابھی اخلاق
کو سمجھے نہیں مگر جب سمجھائیں گے تو پھر بھی عمل کرتے وقت بھول جائیں گے اس لئے مشق
کرانے کی ضرورت ہوگی ۔ میں نے ابھی تجربہ کیا ہے ۔ لاہور سے واپس آتے وقت میں
ریل میں لیٹ گیا ۔ ابھی لیٹا ہی تھا کہ ایک صیغہ کے اعلیٰ رکن کی ایک ریل والے سے لڑائی
شروع ہو گئی ۔ میں چُپ سُنتا رہا کہ دیکھوں کسی طرح گفتگو ہوتی ہے۔ کوئی ہمیں منٹ تک
جھگڑا ہوتا رہا۔ اس ساری لڑائی میں وہ کارکن بہت بڑی غلطی میں مبتلا اور ناحق پر تھا اور
باوجود اس کے بداخلاقی سے کام لے رہا تھا۔ اگر اُس وقت میرے پاس وہ معاملہ فیصلہ کے
لئے آتا تو میں اُس کے خلاف فیصلہ کرتا۔ تو وہ با وجود اخلاق کو جاننے کے ان کے خلاف کر
رہا تھا اور عمل کے وقت پورا نہ اتر رہا تھا۔ پس اول ہمیں یہ بتانا ہے کہ اخلاق کیا ہیں؟ اور
جب یہ بتا دیں تو یہ بتانا ہوگا کہ ان کے قواعد کیا ہیں؟ اور یہ بھی بتا دیں تو موقع پر استعمال
کرانا ہو گا جب تک یہ نہ ہو ا خلاق کی تربیت نہ اتر بیت نہیں ہو سکتی ۔ یہ ایک آدمی کو سکھانا بھی بڑا مشکل
ہا
خطابات شوری جلد اول
۲۵
مجلس مشاورت ۱۹۲۲ء
کام ہے کجا یہ کہ جماعت کے ہر فرد کو سکھائی جاویں۔ اور ابھی تک تو بڑے بڑے آدمی بھی
نہیں استعمال کر سکتے کجا یہ کہ جنگلی احمدی بھی استعمال کریں ۔ سب کے تربیت یافتہ ہونے کا
خیال اتنا بڑا ہے کہ ذہن میں لاتے ہوئے دل ڈرتا ہے کہ کیا ایسا ہو گا ؟ مگر کرنا ہے کیونکہ
ہمارا فرض ہے۔
پھر روحانیت کی تعلیم ہے۔ اخلاقی تعلیم کے بعد اسکا درجہ شروع ہوتا ہے۔ روحانی تعلیم
سے باطن کی صفائی ہوتی ہے۔ لوگ موٹے موٹے مسائل سے بھی واقفیت نہیں رکھتے ۔ مثلاً
یہ کہ آداب خلیفہ اور شیخ کیا ہیں؟ خدا سے کیا تعلق ہوتا ہے؟ کس طرح محسوس کرے کہ خدا
سے اسے تعلق ہو گیا ؟ یہ باتیں تعلیم و تربیت سے تعلق رکھتی ہیں ۔ مگر ہم دیکھتے ہیں کہ لوگ نہ
صرف ان سے ناواقف ہیں بلکہ ان میں سوال بھی پیدا نہیں ہوتا کہ ان باتوں کے حاصل
کرنے کا کوئی انتظام ہونا چاہئے ۔ قادیان کے سنجیدہ لوگوں سے میں نے سُنا ہے کہ ان
صیغوں کی کیا ضرورت ہے؟ تو کام کرنا تو الگ رہا ان کے متعلق سوال بھی نہیں پیدا ہوتا کہ
ایسا ہونا چاہئے ۔ اس کے لئے بڑی جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ پھر ہمیں موجودہ نسل ہی کی
اصلاح نہیں بلکہ یہ بھی کرنا ہے کہ آئندہ نسلوں کی حفاظت کا بھی انتظام کریں ۔ لیکن اگر
سلسلہ کا انتظام اعلیٰ چٹان پر قائم نہیں تو اگر آج نہیں تو کل اس کی موت ہو جائے گی پھر
ہماری جماعت کا فائدہ کیا ہوا ۔ جس طرح آئیڈیل مین ) IDEAL MAN) کہتے ہیں اسی
طرح چاہئے کہ ہم آئیڈیل مسلم ( IDEAL MUSLIM) بنائیں اور یہ کوشش کریں کہ
ہر ایک احمدی ایسا ہو اور جو آئندہ پیدا ہو وہ بھی ایسا ہی ہو بلکہ یہ کہ آئندہ نسلیں بڑھ کر ہوں
کیونکہ اگر اگلی نسل میں ترقی نہ ہو تو تنزل شروع ہو جاتا ہے۔
اس وقت میں چند موٹی موٹی باتیں بتاتا ہوں ان کو یاد رکھو ۔ بعض لوگ تمسخر میں
قرآن کی آیتیں پڑھ دیتے ہیں یا دوسرے کہہ دیتے ہیں یہ مولوی جو ہوئے ایسی باتیں کر
دیتے ہیں ۔ گویا دین کی وقعت بٹھانے کی بجائے بُرا اثر ڈالا جاتا ہے اور آئندہ نسلوں پر
اس کا بُرا اثر ہونا لازمی ہے۔ اس قسم کی باتوں کا اس قدر اثر ہوتا ہے کہ مجھے اپنے بچے کو مارنا
بھی پڑا۔ ایک بھائی نے ہنسی کی دوسرے بھائی پر کہ تو مولوی ہے کہ قرآن حفظ کرتا ہے۔
میں نے اُس کو مدرسہ انگریزی میں داخل کیا تھا۔ اس سے پہلے اس نے کبھی یہ نہ کہا تھا اس
خطابات شوری جلد اول
۲۶
مجلس مشاورت ۱۹۲۲ء
لئے معلوم ہوا کہ مدرسہ سے ایسا خیال اس کے دل میں پیدا ہوا۔ اس پر مجھے اُسے مارنا پڑا
کہ مولوی ہونا کونسی ہنسی کی بات ہے ۔ ہمارا تو فرض ہے کہ جو دین کے لئے تیاری کرتا ہے
اُس کا زیادہ ادب و لحاظ کریں اُسے اپنا سردار سمجھیں ۔ خدمت دین کرنے والوں کی عزت
کریں ۔ مگر ابھی تو یہ حالت ہے کہ ایک دنیاوی اعلیٰ پوزیشن والے کی بات دین کے معاملہ
میں بھی اس کی نسبت زیادہ توجہ سے لوگ سنتے ہیں جو دین کا کام کرنے والا ہے۔
پھر مومن میں بڑی جرات ہونی چاہئے ۔ مومن کو کسی چیز کی پرواہ نہیں ہونی چاہئے
لیکن یہاں ذرا افسر ناراض ہو تو بڑی مصیبت آجاتی ہے۔ ایک نے لکھا کہ افسر ناراض ہو گیا
ہے اب میں کیا کروں؟ میں نے کہا کیا ہوا ؟ کیا افسر خدا ہے؟ مومن کا کام یہ ہے کہ ساری
دنیا کو حقیر سمجھے۔ اسکا یہ مطلب نہیں کہ کسی کا ادب نہ کرے۔ ادب کرے مگر کسی سے ڈرے
نہیں ، دلیر ہو۔ تو مومن کو جرات و دلیری پیدا کرنی چاہئے ، ایثار پیدا کرنا چاہئے ، جوش پر
قابو پانا چاہئے ، دیانت ، حق کی محبت ، بے رعائیتی ، سچی شہادت دینا، بدی کے مٹانے کا
احساس رکھنا ، محبتِ عامہ رکھنا، زبان کو پاک رکھنا یہ بہت سے اخلاق ہیں بلکہ سینکڑوں ہیں
مگر بہت سے لوگ واقف نہیں۔ اگر واقف ہیں تو ان کو کیفیت معلوم نہیں انکا خیال رکھنا
ضروری ہے ایک ایک مرد کا ایک ایک عورت کا ایک ایک بچہ کا، جب تک ان کی طرف
خیال نہیں ہوگا تعلیم و تربیت کا صیغہ اپنے کام میں ناقص ہوگا ۔
پھر عورتوں کی تعلیم ہے اس کی طرف توجہ نہیں۔ اس کے لئے ضروری انتظام کرنا
ہے۔ پھر امور عامہ، قضاء، اور احتساب کا صیغہ ضروری ہے جو ہر جگہ ہونا چاہئے کیونکہ یہاں
کے صیغہ والے کس طرح معلوم کر سکتے ہیں کہ لاہور میں سارے احمدی نماز با قاعدہ پڑھتے
ہیں یا نہیں یا تو نو کر رکھیں جو انہیں پتہ دیں مگر روپیہ کہاں سے لائیں اس لئے ضروری ہے کہ
ان دفاتر کی شاخیں ہر جگہ ہوں اور ان کے ذریعہ کام کیا جاوے۔ اب چندہ کے لئے تو
سارے جمع ہو جاتے ہیں لیکن یہ ہو کہ حقہ کے روکنے کے لئے یا گالیاں بند کرنے کے لئے
مشورہ کرنا ہے تو جمع نہیں ہوتے حالانکہ یہ بہت اہم باتیں ہیں۔ تو ہر جگہ قضاء، امور عامہ و
احتساب ہو۔ مثلاً امور عامہ کا کام ہے کہ سرکاری افسروں کو جماعت کے معاملات سے
واقف کریں ۔ اگر ہر جگہ ایسے آدمی ہوں جن کو مقرر کیا جاوے تو جماعت کی بہت سی مشکلات