اسلامی دہشت گردی کی اصطلاح
مذہب کے نام پر خون, حصہ 2
۲۸۶
مذہب کے نام پرخون
اور تم ان سے مسجد حرام کے قرب و جوار میں اس وقت تک جنگ نہ کرو جب تک وہ
خود تم سے اس میں جنگ کی ابتداء نہ کریں اور اگر وہ وہاں بھی تم سے جنگ کریں تو تم بھی
انہیں
قتل کرو۔ان کا فروں کی یہی سزا ہے۔اُدھر ان تمام بڑی طاقتوں نے جو اسرائیل کی کھلم کھلا یا پوشیدہ طور پر مدد کر رہی ہیں
(اور ان میں امریکہ خاص طور پر بہت پیش پیش ہے ) خمینی اور خمینی ازم سے کچھ کم فائدہ نہیں اٹھایا
ہے۔وہ اس طرح کہ انہوں نے خمینی کے لئے کوئی چارہ کار نہ رہنے دیا سوائے اس کے کہ وہ ایران
عراق جنگ کو طول دے اور دیتا چلا جائے۔اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اس جنگ نے مسلم دنیا کی توجہ اس
کانٹے (یعنی اسرائیل) کی طرف سے ہٹا کر جو ان کے پہلو میں چھا ہوا ہے اور جس کی چبھن سے
مسلسل ٹیسیں اٹھ رہی ہیں یکسر ایک نئے مسئلہ کی طرف پھیر دی۔ایک بیرونی دشمن کی دشمنی کا احساس
تو مٹ کر رہ گیا اُلٹا ہوا یہ کہ خود مسلمانوں میں باہم بدظنی اور بے اعتمادی کی فضا پنپنے لگی۔اور ہوتے
ہوتے مشرق وسطیٰ کے ممالک میں ایسا نفاق پڑا کہ وہ ایک دوسرے سے پھٹ کر رہ گئے۔اسرائیل کا
خطرہ ایک معمولی اور بے حیثیت خطرہ کی شکل اختیار کر گیا۔اس کے بالمقابل مسلمانوں کے ایک طبقہ
کے لئے دوسرے طبقہ کے خوف نے اس قدر اہمیت اختیار کر لی اور اس میں اس قدر شدت پیدا ہوگئی
کہ ہر بیرونی دشمن کا اصلی یا خالی خوف نگاہوں سے اوجھل ہوئے بغیر نہ رہا۔دومسلمان ملکوں کے
درمیان جنگ کی صورت میں سادہ مزاج سپاہی کو مغالطہ دینے کے لئے اکثر و بیشتر دونوں طرف یہ نعرہ
لگتا رہا کہ اسلام خطرے میں ہے۔دراصل عراق اور ایران کے مابین جنگ کے دوران جو کچھ
وقوع پذیر ہور ہا تھا اس کی حیثیت اس کے سوا اور کچھ نہ تھی کہ عرب
و عجم کا قدیمی بغض و عناد پھر عود
کر آیا تھا۔کفر و اسلام کی باہمی آویزش یا شیعہ سنی مناقشہ سے اس کا کوئی تعلق نہ تھا۔بلکہ یہ عرب و عجم
کے مابین ہزاروں سال پرانے تنازعات کے اعادہ کا ہی کرشمہ تھا جو زمانہ دراز سے دبے ہوئے
تھے۔یہی وجہ ہے کہ وہ عرب بھی جو پہلے عراق اور سعودی عرب سے نالاں رہتے تھے ایران کے
بالمقابل عراق کی حمایت میں پیش پیش نظر آنے لگے۔اُس وقت ایران کے بڑھتے ہوئے خطرے اور
چیلنج کے بالمقابل عربوں کے لئے اپنی ہستی کو برقرار رکھنے کا سوال اُٹھ کھڑا ہوا تھا اور ایک طرح سے
۲۸۷
مذہب کے نام پرخون
ان کے لئے زندگی اور موت کو مسئلہ پیدا ہو گیا تھا۔ظہور اسلام سے پہلے خود عربوں کے مابین معمولی معمولی باتوں پر جنگیں چھڑ جایا کرتی تھیں
اور پھر وہ اس قدر طول پکڑ جایا کرتی تھیں کہ ختم ہونے میں ہی نہیں آتی تھیں۔اسلام نے آکر ان جنگوں
کا خاتمہ کر دیا۔اس نے انہیں باہمی اخوت کے ایک ایسے رشتہ میں باندھ دیا جو باہمی دشمنیوں، اونچ نیچ
اور تفریق کے ہر امکان سے مبرا تھا۔لیکن جب مسلمانوں نے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا ترک کر دیا
تو وہ جو پہلے بھائی بھائی تھے پھر ایک دوسرے کے دشمن بن گئے اور قبائلی لڑائیاں پھر پوری شدت
کے ساتھ عود کر آئیں۔پس آج دنیائے اسلام میں جن مناقشات نے سراٹھایا ہوا ہے اور یہ مناقشات
جو گل کھلا رہے ہیں ان کا اسلام سے دور کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔انہیں اسلام کی طرف منسوب کرنا یا
اصل کے اعتبار سے انہیں اسلامی قرار دینا ہر گز بھی درست نہیں ہے۔یہ تو قرونِ وسطیٰ کی جاگیر دارانہ
ذہنیت اور رجحانات کے از سر نو احیاء کا معاملہ ہے اور اسے اسی نظر سے دیکھنا چاہیے۔اس بارہ میں
اسلام کو درمیان میں لانا حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہے۔بڑی طاقتوں نے کہنے کو تو عراق ایران جنگ کی مذمت کی اور بار بار مطالبہ کیا کہ فریقین
جنگ بند کر دیں اور خون خرابے سے باز آجائیں لیکن ستم ظریفی ملاحظہ ہو کہ بڑی طاقتیں خود عراق اور
ایران دونوں کو مسلسل ہتھیار مہیا کر رہی تھیں اور جو خون خرابہ ہورہا تھا اس کی خود ذمہ دار تھیں۔جنگی
ہوائی جہاز ، راکٹس، میزائلز، تو ہیں، ٹینک، بکتر بند گاڑیاں نیز دیگر تباہ کن ہتھیار دونوں متحارب قومیں
بے دریغ استعمال کر رہی تھیں۔اب ظاہر ہے کہ یہ تباہ کن ہتھیار خود ان متحارب قوموں کے اپنے اپنے
ملک میں تو نہیں بن رہے تھے۔مشرق وسطی کے تیل اور مغربی ہتھیاروں کے مابین علی الاعلان یا
در پردہ ساز باز ہوئی جس کے نتیجہ میں جنگ کی آگ بھڑکی اور بھڑکتی ہی چلی گئی۔آخری تجزیہ کی رو
سے جنگ کی آگ کو اُس تیل نے ہی بھڑ کا یا جسے عراق اور ایران پیدا کر رہے تھے اور وہ اس طرح کہ
مغرب و مشرق کی غیر مسلم طاقتوں نے ان متحارب قوموں کے تیل کو ہتھیاروں میں تبدیل کر کے جنگ کی
آگ کیلئے ایندھن فراہم کیا۔جہاں تک مغربی طاقتوں کا تعلق ہے ان کے لئے یہ ہر گز بھی خسارہ کا سودا
نہ تھا۔انہوں نے پرانے اور متروک ہتھیاروں کے عوض دھڑا دھڑ تیل خریدا۔اس سے زیادہ فائدہ مند
۲۸۸
مذہب کے نام پرخون
تجارتی سودا اور لین دین بھلا اور کیا ہوسکتا تھا۔ان طاقتوں نے دومسلمان ملکوں
کو باہم لڑا کر ان کا تو
کچومر نکال کر رکھ دیا اور خود دونوں ہاتھوں سے ان کی دولت سمیٹ سمیٹ کر اپنی تجوریاں بھر لیں۔جیسا کہ ہم دیکھ چکے ہیں اس جنگ کے دوران مسلمان اپنے سب سے بڑے دشمن اسرائیل کو
فراموش کر بیٹھے۔الٹا ہوا یہ کہ مسلمان مسلمان کا گلا کا تھا اور اس کا خون بہاتا رہا۔اسلامی دنیا کا تیل خود
اسلامی دنیا کی اقتصادیات کو نذر آتش کرنے اور اسے تباہ و برباد کرنے میں بے محابا استعمال ہوا۔گزشتہ
ایک صدی کے دوران محنت شاقہ کے شمر کے طور پر جو اقتصادی ترقیاں حاصل ہوئی تھیں کالعدم ہو کر رہ
گئیں۔جہاں تک ترقی اور خوشحالی کا تعلق ہے آگے بڑھنے اور پیشقدمی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے
ایران اور عراق وقت کی رفتار کے برعکس پیچھے کی طرف دوڑنے لگے اور نتائج وعواقت کی پرواہ کئے بغیر
اندھا دھند پیچھے کی طرف دوڑتے ہی چلے گئے۔یہ تو صحیح ہے کہ تمام جنگوں کے اقتصادی ترقی ، مادی اور انسانی وسائل ، ثقافتی پیش رفت اور
صنعت و حرفت پر تباہ کن اثرات مترتب ہوتے ہیں اور ایک طرح سے سب کئے کرائے پر پانی پھر
جاتا ہے، ترقی یافتہ ممالک ہوں یا ترقی پذیر دونوں ہی جنگ کی تباہ کاریوں سے بری طرح متاثر
ہوتے ہیں، لیکن ترقی یافتہ ممالک پر جنگ کے تباہ کن اثرات کی نوعیت ترقی پذیر ممالک کے مقابلہ
میں قدرے مختلف ہوتی ہے۔ترقی یافتہ ملکوں میں جنگی صنعت کو خود ملکی وسائل اور اتحادیوں کے وسائل
کی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے اس لئے تباہی کے باوجود جنگی صنعت کی رفتار ترقی میں مسلسل اضافہ
ہورہا ہوتا ہے۔اس میں شک نہیں کہ جنگ کے بڑھتے ہوئے تقاضوں ، بے پناہ دباؤ اور تنازع للبقا
میں پیدا ہو نیوالی شدت ان بڑے ممالک کے وسائل کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہوتی ہے۔اس
کے باوجود اُن کے سائنسی اور ٹیکنیکل علم میں اضافہ کی رفتار پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ جاتی ہے اور وہ اس
میدان میں دیکھتے ہی دیکھتے کہیں سے کہیں جا پہنچتے ہیں۔جنگ کے زمانے میں ٹیکنیکل علوم اور مہارت
میں جو بے پناہ اضافہ ہوتا ہے اس کو جنگ کے فوراً بعد اقتصادیات کو بحال کرنے اور ہر شعبہ زندگی
میں قوم کے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں استعمال کیا جاسکتا ہے اور اس طرح جنگ کے
تباہ کن اثرات کو مٹانے کی راہ بآسانی ہموار کی جاسکتی ہے۔اسی لئے ترقی یافتہ ملکوں کے لئے تباہ کن
۲۸۹
مذہب کے نام پرخون
جنگیں سائنسی اور صنعتی ترقی کے میدانوں میں نئے تعمیری نظریات کو جنم دینے اور تعمیر و ترقی کی نئی
راہیں کھولنے کا موجب بنتی ہیں۔لہذا طویل جنگوں کے نتیجہ میں ترقی یافتہ قومیں بھی مالی کمزوری کا شکار
تو ہوتی ہیں لیکن وہ ساتھ کے ساتھ نئے نئے علوم سے مالا مال ہونے کے باعث ایک بہتر مستقبل تعمیر
کرنے کی پوزیشن میں ہوتی ہیں۔افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس کے بالمقابل جو قو میں سائنسی اور اقتصادی پسماندگی کا شکار
ہونے کے باوجود جنگوں میں کودنے کی عیاشی مول لیتی ہیں انہیں بالکل اور ہی قسم کے حالات سے
دو چار ہونا پڑتا ہے۔ان کے سامنے ایک ہی راستہ ہوتا ہے کہ اپنا سب کچھ بیچ کر داؤ پر لگا دیں۔پھر
اسی پر بس نہیں وہ سائنسی اور صنعتی لحاظ سے ترقی یافتہ ملکوں سے جنگی ساز وسامان کی مسلسل بہم رسانی
کے سمجھوتے کر کے اپنے مستقبل تک کو ان کے پاس رہن رکھ دیتے ہیں۔اگر پسماندہ قومیں ایک دفعہ
جوش میں آنے کے بعد ذرا ہوش سے کام لیں اور اس طرح مکمل تباہی کو خود دعوت نہ دیں تو تیسری دنیا
میں لڑی جانے والی کوئی جنگ نہ تو اتنا طول پکڑے جتنا کہ عراق ایران جنگ نے پکڑا اور نہ وہ اتنے
تباہ کن اثرات کی حامل ہو جتنی تباہ کن اثرات کی حامل یہ جنگ ثابت ہوئی۔یہ قومیں جنگ کے دوران
ایک دوسرے کے خلاف جس وحشت و بربریت کا مظاہرہ کرتی ہیں اور جس کی لپیٹ میں کبھی کبھی
دوسرے ملک بھی آجاتے ہیں اس کی ذمہ داری ان قوموں کو بھی قبول کرنی چاہیے جو انہیں ہتھیار اور
اسلحہ مہیا کرتے ہیں اور اس طرح جنگ کی آگ کو بھڑکاتے اور اسے طول دینے کا موجب بنتے ہیں۔اب جبکہ عراق ایران جنگ کے بارہ میں سب کچھ کہا اور کیا جا چکا ہے یعنی تمام واجب الا دا
قرضوں کا تصفیہ ہو چکا ہے اور تبادلہ کی جانے والی اشیاء کا شمار بھی کر لیا گیا ہے، اس امر پر بھی غور کرنا
مناسب ہوگا کہ آخر کار اس جنگی مخاصمت میں فائدہ کس نے اٹھایا اور نقصان میں کون رہا۔یہ تو ہم
دیکھ ہی چکے ہیں کہ اس جنگ کا ایک نتیجہ یہ نکلا ہے کہ مغرب میں اسلام کو ایک وحشیانہ مذہب قرار
دے کر اس کی مذمت کی جارہی ہے اور کہا یہ جارہا ہے کہ اسلام نعوذ باللہ دہشت گردی کا علمبردار
ہے، عدم رواداری اور نفرت کی تعلیم دیتا ہے اور خود اپنے متبعین کو مخالف و متحارب
کیمپوں میں تقسیم
کر کے انہیں ایک دوسرے کا دشمن ہی نہیں بلکہ ایک دوسرے کے خون کا پیاسا بنا دیتا ہے۔خود دو
۲۹۰
مذہب کے نام پرخون
متحارب مسلمان قوموں ( ایران و عراق) کے طرز عمل کی روشنی میں اس سر تا پا غلط پراپیگینڈے پر
حیرت کا اظہار بے محل ہے۔اس کے علاوہ بعض اضافی فائدے بھی ہیں جو ان قوموں ہی کو پہنچتے ہیں جو
خود جنگ کی منصوبہ بندی کرتی ہیں، اسے عملی جامہ پہناتی ہیں اور مسلم امہ کے متحارب حصوں کو تباہی
پھیلانے والے آلات مہیا کرتی ہیں۔66
طرفہ تماشہ یہ ہے کہ گزشتہ دہائی میں مغربی ذرائع ابلاغ نے ”اسلامی دہشت گردی کی
اصطلاح کے علاوہ اسی طرح کی ایک اور عجیب و غریب اصطلاح بھی وضع کی ہے اور وہ ہے
اسلامی ایٹم بم کی اصطلاح۔پاکستان پر الزام یہ لگایا جارہا ہے کہ اس کے پاس یہ بم موجود ہے۔بات یہی ہے کہ جو مغربی ذرائع ابلاغ ”اسلامی دہشت گردی کی سراسر غلط اور دور از کار اصطلاح
وضع کر سکتے ہیں ان کے زرخیز دماغوں کے لئے ضروری تھا کہ وہ اسلامی ایٹم بم کی اصطلاح بھی
وضع کر کے اسے زیادہ سے زیادہ ہوا دیتے اور پھیلاتے۔اس لحاظ سے تو ہوسکتا ہے کہ جنگ کے
دوران ہلاکت پھیلانے والے مختلف ہتھیاروں اور نت نئے طریقوں کے ساتھ ”اسلامی“ کا سابقہ
لگا کر اور قتل و غارت گری کے خود اپنے ایجاد کردہ تمام پہلوؤں کو اسلام کی طرف منسوب کر کے
مغربی ذرائع ابلاغ کی طرف سے اسے مزید بد نام کرنے کا سلسلہ چل نکلے لیکن سوال یہ ہے کہ
اسی انداز پر مسیحی ایٹم بم ، ہندو ایٹم بم نسلی مغائرت کا ایٹم بم یا شنٹو بم وغیرہ کا تذکرہ کیوں سننے میں
نہیں آتا؟ عجیب بات یہ ہے کہ ہزاروں مذہبی بموں کا تذکرہ چھیڑنے کے امکان کے باوجود
مغربی ذرائع ابلاغ نے صرف ایک مذہبی بم کو چنا ہے اور اس کے خلاف آواز بلند کر کے زمین و آسمان
کے قلابے ملانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ، اور وہ ہے ان کا مزعومہ اسلامی ایٹم بم ، حالانکہ مسیحی
اور یہودی ایٹم بموں کے مقابلہ میں جن کا وجود حتمی اور یقینی ہے اس مزعومہ اسلامی ایٹم بم کا وجود
سرے سے ہی مشکوک اور غیر یقینی ہے۔جیسا کہ اوپر بیان کیا جا چکا ہے کہ اسلامی ملکوں میں تشد د پر یقین رکھنے والے جو عناصر
برسر کار ہیں وہ اپنے طرز عمل کے لحاظ سے حقیقی معنوں میں اسلامی ہیں ہی نہیں۔تاہم سوچنے کی بات
یہ ہے کہ جب بھی اسلامی ملکوں میں بعض عناصر دہشت پھیلانے والی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث
۲۹۱
مذہب کے نام پرخون
پائے جاتے ہیں تو صرف انہیں ہی مذہبی قرار دے کر اسلامی دہشت گرد کیوں ظاہر کیا جاتا ہے
جبکہ دوسرے مذا ہب سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد بھی دنیا میں موجود ہیں اور ان کے دہشت گردی
کے واقعات اکثر و بیشتر سنے میں آتے رہتے ہیں۔وہ طاقتیں جو ایران اور عراق کو مسلسل ہتھیار مہیا
کر کے ان کے مابین جنگ کو طول دینے کے ذمہ دار ہیں وہ جان و مال کے بے انداز ضیاع اور اس کے
نتیجہ میں رونما ہونے والے نا قابل بیان مصائب کی ذمہ داری سے کیسے بچ سکتی ہیں۔ان کے اپنے
در پردہ مقاصد کچھ ہی ہوں وہ اپنی اس روش سے خمینی ازم کو تقویت پہنچانے میں اور اس کے زیادہ
لمبا عرصہ تک زندہ رہنے میں اس کی ممد و معاون ہی ثابت ہوں گی۔اگر متحارب ملکوں کو ان کے
حال پر چھوڑ دیا جاتا اور انہیں اپنے محدود وسائل پر انحصار کرنے دیا جا تا تو خمینی ازم کا زوال و انحطاط
بہت پہلے ہی شروع ہو جاتا۔دوسری چیزوں کے علاوہ عراق ایران جنگ نے قومیت کے جذبہ کوبھی بہت تقویت پہنچائی
ہے جس نے ایرانیوں کی توجہ کو داخلی مسائل سے ہٹا کر اسے ایک خارجی اور بیرونی دشمن کی طرف پھیر
دیا ہے۔اب اگر ایران میں زیادہ شکوک و شبہات نہ پھیلیں اور وہ خمینی ازم کے لئے ایک کھلے چیلنج اور
بغاوت کی شکل اختیار نہ کریں تو یہ امر باعث تعجب ہوگا۔ایران کے اندر انقلاب کی قدر و قیمت کا
اندازہ لگانے اور اس کے مثبت و منفی پہلوؤں کو جانچنے کا زبردست رجحان پیدا ہو چکا ہے۔ہر چند کہ
ملک میں ممتاز مقام رکھنے والے اہل افراد کے ایک بڑے حصہ کا صفایا ہو چکا ہے پھر بھی جو دانشور زندہ
بیچ رہے ہیں وہ لازماً موجودہ انقلاب سے حاصل ہونے والے فوائد اور پہنچنے والے نقصانات کا از سر نو
جائزہ لینے پر مجبور ہوں گے۔اس لحاظ سے ایران میں ایک نئے نظام کے قیام کی طرف حرکت کے
فوری آثار کا نمودار ہونا بعید از امکان نہیں ہے۔جنگ کے دوران ایرانیوں کے لئے ضرورت اس امر کی تھی کہ عوام کا حوصلہ بلند رہے اور
قوت مقاومت میں کمی نہ آنے پائے۔اس ضرورت کو جنگ کی آگ کو زیادہ سے زیادہ بھڑ کانے کے
ذریعہ پورا کیا گیا۔جب ایرانیوں کا حوصلہ جواب دے جاے گا تو نتیجہ غیر یقینی صورت حال کا پیدا ہونا
ناگزیر ہوگا۔موجودہ برسر اقتدار طبقہ کی بجائے خواہ بائیں بازو والے آگے آئیں یا دائیں بازو والے،
۲۹۲
مذہب کے نام پرخون
یا بین بین چلنے والے باقی ماندہ افراد آگے آنے کی کوشش کریں، غلبہ پانے اور آگے آنے کے لئے
جنگ زرگری کا چھڑنا یقینی بن جائے گا۔کوئی نہیں بتا سکتا کہ جنگ زرگری کا انجام کیا ہوگا اور یہ کہ
ایران کے لئے ابھی اور کیا کچھ دیکھنا مقدر ہے۔اللہ ہی بہتر جانتا ہے کہ ایران میں حالات کیا رُخ
اختیار کریں گے وہی علام الغیوب ہے۔میں اہلِ ایران کے لئے صرف دعا ہی کر سکتا ہوں کہ ان کے
مصائب و مشکلات کا دور جلد ختم ہو۔ان کے لئے ایک نئے اور پر امن دور کا آغاز ہو اور وہ ان کے
لئے حقیقی خوش حالی کا دور ثابت ہو۔اہلِ ایران بہت بہادر ہیں۔قدرت نے انہیں اعلیٰ صلاحیتوں سے
نوازا ہے۔ماضی میں بھی انہوں نے اپنوں اور غیروں کے ہاتھوں بہت دکھ اٹھائے ہیں اور اب بھی اٹھا
رہے ہیں۔ستم ظریفی کی انتہا ہے کہ حالیہ دور میں دکھ اٹھانے کے سوا ان کے ہاتھ اور کچھ نہیں آیا۔میری
دعا ہے کہ خدا تعالیٰ ان پر رحم فرمائے اور جملہ مصائب و مشکلات سے انہیں نجات بخشے۔آمین
اب ہم ایران میں آیت اللہ خمینی کے لائے ہوئے انقلاب کے ایک اور پہلو کی طرف آتے
ہیں۔انہوں نے نہ صرف ایرانی مسلمانوں کے اندازِ زیست کو بدلنے کا بیڑا اٹھایا بلکہ اس عزم کا بھی
اظہار کیا کہ وہ ہمسایہ ملکوں میں بھی ایسا ہی انقلاب لانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔انہوں نے
دنیائے اسلام پر یہ بات بھی واضح کی کہ وہ فلسطینیوں کی مدد کر نے اور اسرائیلی فوجوں کو شکست دینے
کی جد و جہد میں زیادہ مضبوط اور موثر کردار ادا کریں گے۔ظاہر ہے کہ مسلمان ممالک اور اسرائیل
میں سے کوئی بھی اپنے ہاں ایرانی انقلاب کو خوش آمدید کہنے پر آمادہ نہ تھا اس لئے پرامن اور قانونی
ذرائع سے مسلم ممالک میں ایرانی انقلاب
کو منتقل کرنا ممکن نہ ہوسکا اور ایران کو اس بارہ میں ناکامی کا
منہ دیکھنا پڑا۔اس میں شک نہیں کہ فلسطین کے معاملہ میں وہ ایک حد تک کامیابی سے ضرور ہمکنار
ہوئے۔جیسا کہ میں پہلے بھی واضح کر چکا ہوں علاقہ میں کی جانے والی دہشت پسند سرگرمیاں (خواہ وہ
اسلام کے خلاف کی گئی ہوں یا مغربی طاقتوں کے نمائندوں کو ان کا نشانہ بنایا گیا ہو ) اسلام کی رو سے
درست قرار نہیں دی جاسکتیں کیونکہ اسلام دہشت پسند سرگرمیوں کی اجازت ہی نہیں دیتا۔ان
سرگرمیوں کو اگر سند جواز عطا کی تھی تو صرف اور صرف ایرانی انقلاب کے فلسفہ نے عطا کی تھی۔مسلم ممالک میں عسکری قوت اور طاقت کے استعمال کے تذکرے اکثر سننے میں آتے
۲۹۳
مذہب کے نام پرخون
ہیں۔قبل اس کے کہ ہم یہ سمجھیں کہ تشدد کے استعمال کا یہ انوکھا تصور ہے کیا حالات کا احتیاط سے تجزیہ
کرنا ضروری ہے تقریباً تمام مسلمان ملکوں کے ملاؤں میں تنگ نظری اور عدم رواداری کی طرف رجحان
بہت بڑھ رہا ہے اور اس کے زیر اثر تشدد آمیز طرز عمل بہت زیادہ مقبول ہوتا جارہا ہے۔اس کی ذمہ داری
سعودی عرب کے کندھوں پر عائد ہوتی ہے۔وہ اپنے آپ کو پوری مسلم دنیا کا مرکز بنانے میں کوشاں
ہے اور اس نے مذہب کی آڑ میں اپنے اثر و رسوخ کو وسعت دینے کا تہیہ کر رکھا ہے۔چونکہ اسے
اسلام کے مقدس ترین شہروں ( مکہ اور مدینہ ) کا متولی ہونے کا منفرد اعزاز حاصل ہے اس لئے یقیناً
وہ اس پوزیشن میں ہے کہ وہ اس صورتِ حال سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا کر اپنی اہمیت اور اپنے
اثر ورسوخ کو زیادہ سے زیادہ وسعت دینے کی کوشش کرے۔سعودیوں کے مذہبی فلسفہ کا ماخذ وہابیت ہے اور وہابیت وہ تحریک ہے جو آنحضرت
صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ مبارک کے محبت و مودت کے آئینہ دارا اسلام سے بڑھ کر زمانہ وسطی کے
غیر روادارانہ اسلامی تصورات پر مبنی ہے۔سعودی اثر ورسوخ کا پھیلاؤ مرہون منت ہے تیل کی آمدنی سے
حاصل ہونے والی بے انداز دولت کا اور دنیا بھر کے بنکوں میں جمع شدہ بے حد و بے حساب سرمائے کا۔سعودی عرب کا ایک کارنامہ یہ ہے کہ اپنے بے حد و بے حساب سرمائے سے اسے جو سود حاصل ہوتا
ہے اس کا ایک حصہ وہ مسلمان ملکوں کو مالی امدا دفراہم کرنے پر خرچ کرتا ہے لیکن اکثر و بیشتر یہ
امداد ان ملکوں کی بیمار معیشت کو سنبھالا دینے پر خرچ نہیں کی جاتی بلکہ یہ خرچ کی جاتی ہے مسجدوں کی
تعمیر اور ایسے دینی مدارس کے قیام پر جن پر سعودی چھاپ کے عالم تیار ہو کر نکلیں اور سعودی اثر ورسوخ
کو پھیلانے اور وسعت دینے کی خدمت سر انجام دیں۔یہی وجہ ہے کہ جہاں کہیں بھی آپ کو سعودی امداد پانی کی طرح بہتی نظر آئے گی وہاں
آپ مسلمان ملاؤں کے تنگ نظری اور عدم رواداری پر مبنی رویے اور طرزعمل کو خوب پنپتا اور
پھلتا پھولتا دیکھیں گے۔جب عیسائی دنیا ان تنگ ملاؤں کو غیر اسلامی اقدار کی مذمت کرتے اور
غیر مسلم حکومتوں کے خلاف جہاد جہاد کا شور ڈالتے دیکھتی ہے تو وہ یہ سمجھ بیٹھتی ہے کہ ان ملاؤں کی
جہاد ! جہاد! کی پکار جلد ہی حالت جنگ میں تبدیل ہو کر ایک بھیانک روپ دھار لے گی لیکن ان
۲۹۴
مذہب کے نام پرخون
کے اس تصور کا حقیقت سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہوتا کیونکہ عملاً جو کچھ دیکھنے میں آتا ہے وہ اس
تصور سے یکسر مختلف ہے۔یہ صیح ہے کہ مسلمان ملاں غیر مسلم طاقتوں کی مکمل تباہی کا راگ بہت الاپتے ہیں اور ان کی
طرف سے جہاد! جہاد! کا شور بھی بہت سننے میں آتا ہے لیکن اس تعلق میں جب وہ غیر اسلامی طاقتوں کا
ذکر کرتے ہیں تو اس سے ان کی مراد مسیحی ، یہودی، بدھسٹ یا ناستک طاقتوں سے نہیں ہوتی بلکہ وہ
اپنی دانست میں بعض مسلمان فرقوں کا ذکر کر رہے ہوتے ہیں جو ان کے نزدیک مسلمان کہلانے کے
باوجود غیر مسلم شمار کئے جانے کے قابل ہوتے ہیں۔ملاؤں کے نظریہ کے مطابق ان کے اپنے فرقے
کے سوا تمام دوسرے مسلمان فرقے اپنی ماہیت کے اعتبار سے غیر مسلم ہوتے ہیں یا وہ ایسے عقائد کے
حامل ہوتے ہیں جو بقول ان کے انہیں اللہ اور اس کے مقبول بندوں کے غیظ و غضب کا نشانہ بننے کا اہل
بنانے والے ہوتے ہیں۔اللہ کے مقبول بندوں سے ان کی مراد وہ خود اور ان کے ہمنوا ہوتے ہیں۔ان کی نگاہ میں غیر مسلم اسلام کے اصل دشمن نہیں ہیں بلکہ بقول ان کے اصل دشمن تو خود دنیائے اسلام
کے اندر موجود بعض مخصوص مسلمان فرقے ہیں۔ایک مسلمان فرقہ کے افراد کی طرف سے جب
جنگجویانہ رجحانات کا اظہار ہوتا ہے تو ان کا رخ غیر مسلموں سے
کہیں زیادہ دوسرے مسلمان فرقوں کے
افراد کی طرف ہوتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ان کی طرف سے مرتد کی سزا قتل کے مزعومہ عقیدے پر بہت
زور دیا جاتا ہے۔یہ ان کا ایک بہت ہی مہلک ہتھیار ہے اُن مسلمانوں کے خلاف جو کسی ملک کی
مسلمان اکثریت کے عقائد سے قدرے مختلف عقائد رکھنے والے ہوں۔ایسے فرقوں کے افراد کوموت
کی سزا دو مرحلوں میں دی جاتی ہے۔پہلے مرحلہ میں ان کے عقائد کو غیر اسلامی عقائد قراردیا جاتا ہے۔اس کے نتیجہ میں وہ مرتدوں کے زمرے میں شمار کئے جانے کے سزاوار ہو جاتے ہیں۔دوسرے مرحلہ میں
اس امر پر زور دے کر کہ مرتد کی سزا قتل ہے انہیں قتل کئے جانے کا سزاوار ٹھہرایا جاتا ہے۔ہرغیر جانبدار
مبصر اس امر سے اتفاق کرے گا کہ یہ بڑھتا ہوا جنگجویانہ رجحان خود مسلمانوں میں فساد کے بیج بونے
اور گڑ بڑ پھیلانے کا موجب بنا ہوا ہے نیز یہ کہ یہ رجحان ہی ایک فرقہ کے ماننے والوں کے دلوں میں
دوسرے فرقہ کے ماننے والوں کے خلاف انتہائی شدید نفرت پھیلانے کا اصل ذمہ دار ہے۔
۲۹۵
مذہب کے نام پرخون
جہاں تک غیر مسلم طاقتوں
کا تعلق ہے وہ بہر طور مطمئن رہیں کہ فی زمانہ اسلامی دنیا کے نام نہاد
جنگجویانہ رجحانات سے انہیں کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے اور اس طرف سے وہ بالکل محفوظ ہیں۔اس
کے ثبوت کے لئے مغربی ملکوں اور بالخصوص امریکہ کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات و روابط پر
نگاہ ڈالنا ہی کافی ہے۔اس بات کا تصور ہی ممکن نہیں کہ سعودی عرب اور اس کے زیر اثر ممالک امریکہ
اور اس کے اتحادیوں کے خلاف تلوار اٹھانے کی کبھی خواب میں بھی جرات کر سکتے ہیں۔سعودی
نظام حکومت کی بقا کا سو فیصد انحصار امریکہ پر ہے۔حکمران خاندان کی قریباً تمام کی تمام دولت امریکن
بنکوں اور مغربی دنیا کے دوسرے بنکوں میں جمع ہے۔سچی بات تو یہ ہے کہ داخلی اور خارجی تحفظ کے
لئے سعودی عرب کا امریکہ پر انحصار اس قدر ظاہر و باہر اور اظہر من الشمس ہے کہ اس بارہ میں مزید کچھ
کہنے کی حاجت ہی نہیں۔مذکورہ بالا یہ دو عوامل ہی اس بات کی ضمانت کے لئے کافی ہیں کہ نہ تو خود
سعودی عرب اور نہ اس کے زیر اثر اس کا کوئی اتحادی مسلم ملک مغرب کے غیر مسلم ممالک کے لئے
خطرہ کا باعث ہو سکتا ہے۔مزید برآں فی زمانہ مسلم ممالک میں سے کوئی ایک ملک بھی جنگی ساز وسامان
کی تیاری میں خود کفیل نہیں ہے۔ہر مسلمان ملک اپنی دفاعی اور دیگر جنگی ضروریات کے لئے مغرب یا
مشرق کی کسی نہ کسی بڑی طاقت کا سہارا ڈھونڈ نے اور اس پر انحصار کرنے پر مجبور ہے۔یہ حقیقت بھی
اس امر کی کافی سے زیادہ ضمانت ہے کہ غیر مسلم طاقتوں کے ساتھ ان مسلمان ملکوں کے تعلقات
پرامن بقائے باہمی کے ہی آئینہ دار نہیں ہیں بلکہ باہمی تحفظ کے احساس کو بھی اجاگر کرنے والے ہیں۔یہی اصول لیبیا اور شام ایسے ممالک پر بھی صادق آتا ہے جن کے تعلقات مغربی ملکوں کی نسبت
مشرقی طاقتوں کے ساتھ زیادہ دوستانہ اور فراخ دلا نہ ہیں۔کوئی ایک شخص بھی جسے جدید انداز جنگ کی تھوڑی بہت بھی سمجھ ہو ایسا نہیں ملے گا کہ جو اس
نام نہاد اسلامی عسکری قوت کو مغربی طاقتوں کے لئے کسی لحاظ سے بھی خطرے کا باعث قرار دے
سکے۔البتہ ان بڑھتے ہوئے رجحانات سے ایک نوع کا خطرہ ضرور لاحق ہے اور اس کے بارے میں
بعض لوگوں کا فکرمند ہونا ایک قدرتی امر ہے۔اسلامی عسکری قوت سے وہ خطرہ خود عالم اسلام کو لاحق
ہے بلکہ صرف لاحق ہی عالم اسلام کو ہے۔یہ نجی نوعیت کا ایک ایسا خطرہ ہے جو خود عالم اسلام کے اندر
۲۹۶
مذہب کے نام پرخون
کی طرف جھانک رہا ہے اور ہر جگہ مسلمانوں کے اپنے امن کو برباد کر رہا ہے۔آج عالم اسلام میں جس
عدم رواداری ، تنگ نظری ، تنگ دلی اور تعصب کا دور دورہ ہے اس نے عالم اسلام کے امن کو تہ و بالا کر
رکھا ہے۔افسوس! صد افسوس!!
مجھے اس حقیقت کا احساس ہے کہ اپنے محدود و مخصوص معنوں کی رو سے دہشت گردی“
کا لفظ ایسے افعال کے لئے بولا جاتا ہے جو خوف دلانے اور دہشت پھیلانے والے ہوں جیسے بموں
کے دھماکے اور ان سے متعلق واقعات وغیرہ۔لیکن میں اس بات کا قائل نہیں ہوں کہ دہشت گردی
کے لفظ کو صرف ایسے افعال و واقعات تک محدود سمجھا جائے۔میرے نزدیک جب بھی بعض
حکومتوں کی طرف سے خود اپنے اہل ملک کی مخالفانہ آواز کو دبانے کے لئے ظالمانہ اقدامات کئے
جائیں تو ایسے ناروا اقدامات کو بھی دہشت گردی کے مفہوم میں شامل سمجھنا چاہیے اور ان کی بھی دیگر
نوعیتوں کی دہشت گردی کی طرح وسیع پیمانے پر پرزور اور بھر پور مذمت ہونی چاہیے۔میں حکومتوں
کے تمام ایسے ظالمانہ اقدامات کو جو وہ خود اپنے ہی اہل ملک کے دائیں یا بائیں بازو سے تعلق رکھنے
والے افراد یا طبقوں کے خلاف کرتی ہیں بدترین قسم کی دہشت گردی سمجھتا ہوں۔جب دہشت گردی
کی کارروائیاں دوسرے ملکوں کی حکومتوں کے خلاف روا رکھی جاتی ہیں اور جگہ جگہ کئے جانے والے
دھماکوں اور ہوائی جہازوں کے اغوا کی شکل اختیار کرتی ہیں تو ایسے واقعات کی طرف ہر کوئی توجہ
دیتا ہے اور ان کی مذمت کرتا ہے۔انتہائی سنگدلی کی آئینہ دار ایسی دہشت گردی کے جولوگ شکار
ہوتے ہیں عالمی رائے عامہ ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور اسے کرنا بھی چاہیے۔پھر ہم
دیکھتے ہیں کہ زبانی ہمدردی پر ہی اکتفا نہیں کیا جاتا بلکہ آئندہ ایسے واقعات کے اعادہ کو روکنے والے
تعمیری اقدامات کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے مؤثر ذرائع اختیار کئے جاتے ہیں۔یہ سب کچھ
صحیح اور درست ہے اور ایسا کرنا از بس ضروری ہے لیکن سوال یہ ہے کہ وہ سینکڑوں اور ہزاروں لوگ
جو خودا اپنی ہی سخت گیر اور بے رحم حکومتوں کے ہاتھوں اذیتیں برداشت کر رہے ہیں کسی شمار قطار
میں ہیں؟ کیا کسی نے ان کے دکھوں اور اذیتوں کے ازالہ کے لئے کچھ سوچا ہے؟ ان کی دکھ بھری
چیخ و پکار شاذ کے طور پر ہی ملک کے باہر سنی جاتی ہے۔ان کی احتجاج بھری آوازوں کو سنسر شپ
۲۹۷
مذہب کے نام پرخون
کے انتہائی سخت اقدامات کے ذریعہ دبا دیا جاتا ہے۔اگر ایمنسٹی انٹر نیشنل اور فلاح عامہ کے دیگر
بین الاقوامی ادارے ظلم و تشد د تعذیب و تعذیر اور حقوق انسانی کے برملا اتلاف کے ایسے اندوہناک
واقعات کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کرتے ہیں تو عالمی حکومتوں کی طرف سے ایسے
واقعات کی بہت نرم لہجے میں مذمت کی جاتی ہے اور پھر اس کے بعد اس امر کے باوجود کہ ظلم بدستور
جاری رہتا ہے ، بات آئی گئی ہو جاتی ہے۔کوئی اس طرف دھیان نہیں دیتا کہ مداوا کی کوئی صورت
نکالی جائے۔ایسے واقعات کو بالعموم متعلقہ ممالک کے اندرونی معاملات سمجھ کر نظر انداز کرنے کے
بعد یکسر فراموش کر دیا جاتا ہے۔ایسے مظالم کو دہشت گردی قرار دینے کی بجائے الٹا انہیں ایسا رنگ
دیا جاتا ہے جس سے وہ دہشت گردی کو دبانے والی مساعی شمار ہوسکیں اور اس طرح دنیا کو یہ باور کرایا جا
سکے کہ امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے ایسا کرنا ضروری ہے۔یہ روش بجائے خود ظلم کی پشت پناہی
کے مترادف ہوتی ہے۔میں پورے یقین اور وثوق کے ساتھ کہتا ہوں کہ حکومتوں کے ایسے جملہ تعزیری اقدامات جو
وہ عوامی سطح پر مقبول تحریکوں یا متوقع طور پر زور پکڑنے والی مخالفت کو دبانے اور اس کا گلا گھونٹنے کے
لئے کرتی ہیں ہرگز بھی قانونی اقدامات نہیں ہوتے۔اکثر صورتوں میں حکومتیں ایسے اقدامات جائز
قانونی حدود میں رہ کر نہیں بلکہ انہیں عمداً تو ڑ کر اور ان سے تجاوز کر کے ہی بروئے کارلاتی ہیں۔یہ اقدامات جلد ہی ایسے متشدد اور ظالمانہ افعال کی شکل اختیار کر لیتے ہیں جن کا مقصد خود اپنے ہی
لوگوں کے غیر مطمئن اور شا کی لوگوں کے دلوں میں دہشت بٹھانے کے سوا اور کچھ نہیں ہوتا اسی لئے
حکومتوں کے ایسے اقدامات کو دہشت گردی کے زمرہ میں شامل کرنا از بس ضروری ہے۔حقیقت یہ ہے
کہ نوع انسانی نے حکومتی سطح پر کی جانے والی اس دہشت گردی کے ہاتھوں عمومی تخریب کاری اور
اغوا وغیرہ کے تمام تر واقعات سے کہیں بڑھ کر دکھ اٹھائے اور ظلم سہے ہیں۔جہاں تک اسلام کا تعلق
ہے وہ ہر قسم اور ہر نوع کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔وہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی ( وہ کسی
فرد یا گروہ کی طرف سے کی جائے یا خود حکومتوں کی طرف سے ہو ) کے جواز کا قائل نہیں ہے۔دہشت گردی جس نوع کی بھی ہو اس کے نزدیک بہر حال قابل مذمت ہے۔