سیر روحانی (۴)تقریر فرموده مورخہ ۲۸ مارچ ۱۹۴۸ء بمقام لاہور
حصہ 3
صحابہ میں سے ہو گا اور وہ بھی آپ کے شاگردوں اور غلاموں میں شامل ہوگا۔اصل بات یہ ہے کہ قرآن کریم کے
تمام اہم امور کا فیصلہ آسمان پر ہوتا ہے مطابق تمام بڑے اور اہم کام آسمان سے
ہی ظاہر ہوتے ہیں۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی فرماتے ہیں کہ جب بھی کوئی بڑا تغیر رونما
ہونے والا ہوتا ہے تو اس کے متعلق پہلا فیصلہ آسمان پر ہوتا ہے اور اس کے بعد اس کا زمین پر
ظہور ہوتا ہے۔حدیثوں میں صاف طور پر آتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جب کوئی بڑا کام کرنا ہوتا ہے
تو پہلے وہ اپنے مقرب فرشتوں کو بتاتا ہے کہ میرا یہ ارادہ ہے۔وہ فرشتے اپنے سے نچلے طبقہ کے
فرشتوں کو اطلاع دیتے ہیں وہ اپنے سے نچلے طبقہ کے فرشتوں کو اطلاع دیتے ہیں یہاں تک
کہ ہوتے ہوتے اُس کا دنیا میں ظہور شروع ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ اپنے جس بندہ کے متعلق
چاہتا ہے اُس کی مقبولیت کو دنیا میں پھیلا دیتا ہے۔غرض جتنے بڑے کام ہوتے ہیں سب
آسمان پر ہوتے ہیں زمین پر نہیں ہوتے۔صرف زمین پر تغیرات ہونے کا عقیدہ ان لوگوں کا
ہے جو د ہر یہ ہیں ورنہ خدا تعالیٰ کے ماننے والے تو جانتے ہیں کہ ہر بات کا فیصلہ پہلے آسمان پر
ہوتا ہے اور پھر اس کا زمین پر ظہور ہوتا ہے گویا اگر ہم تمثیلی زبان اختیار کریں اور دنیا کو ایک
تھیٹر کا ہال سمجھ لیں تو ڈرامہ آسمان پر لکھا جاتا ہے اور کھیل دنیا کے پردہ پر کھیلا جاتا ہے جب
تک آسمان پر کوئی ڈرامہ نہیں لکھا جا تا زمین پر وہ کھیل نہیں کھیلی جاتی۔میں سمجھتا ہوں اس
محمد رسول اللہ اور مسیح موعود بھی آسمان سے ہی نازل ہوئے ہیں
بات کو نہ سمجھنے کی وجہ
سے مسلمانوں کو غلطی لگی۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ آنے والا مسیح آسمان سے
اُترے گا اور قرآن کریم نے فرمایا تھا کہ وَالنَّجْمِ اِذَاهَوای ایک ستارہ آسمان سے
اُترے گا اور ظلمت کا قلع قمع کر دے گا۔اور یہ بالکل سچی بات ہے ہم بھی اپنی زبان میں کہتے
ہیں کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر اس زمانہ میں جو اعتراضات ہوئے اُن کو دُور کرنے
کے لئے خدا تعالیٰ نے آسمان سے مسیح موعود کو بھیجا، کیونکہ وہ شخص جو دنیا میں اپنے ماں باپ
کے گھر پیدا ہو اوہ مرزا غلام احمد قادیانی تھا مسیح موعود نہیں تھا جب وہ چالیس سال کی عمر کو پہنچا تو
خدا تعالیٰ نے اسے مسیح موعود بنا دیا اور تب وہ گویا آسمان سے نازل ہوا۔اسی طرح عرب کی
سرزمین میں آمنہ کے گھر میں پیدا ہونے والا محمد تھا لیکن محمد رسول اللہ آسمان سے ہی آیا چنانچہ
قرآن کریم اسی حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرماتا ہے کہ قَدْ اَنْزَلَ اللَّهُ إِلَيْكُمُ
ذِكْرًا رَّسُولًا يَتْلُوا عَلَيْكُمُ ايتِ اللهِ مُبَيِّنَتٍ لِيُخْرِجَ الَّذِينَ آمَنُوا
وَعَمِلُوا الصَّلِحَتِ مِنَ الظُّلُمتِ إِلَى النُّور
یہ آیت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف اشارہ کرتی اور آپ کے آسمان سے نازل
ہونے کو ظاہر کرتی ہے اگر مسیح پیدا ہوتا تو ضروری تھا کہ اس کے ماں باپ بھی اپنے اندر سیحی صفات
رکھتے۔اور اگر آمنہ کے گھر میں خاتم النبین محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پیدا ہوتا تو ضروری تھا کہ
منصب رسالت سے تعلق رکھنے والے علوم آمنہ میں بھی پائے جاتے ، انہوں نے اپنے بیٹے کا نام محمد
رکھا اور خدا تعالیٰ نے چالیس سال کے بعد اسی محمدؐ کو ایک دوسرا روحانی جُبہ پہنا کر رسول اللہ اور
خاتم النبین بنا دیا اور اس طرح گویا اُن کو آسمان سے نازل فرمایا۔حقیقت یہ ہے کہ مرزا غلام احمد جو قادیان کے رہنے والے تھے اُن کی یہ حیثیت ہی نہیں
تھی کہ وہ دنیا میں کوئی روحانی انقلاب پیدا کر سکتے۔نہ مکہ یا از ہر کا کوئی عالم اتنے بڑے بگاڑ
کے وقت یہ کام کر سکتا تھا یہ کام محض آسمان سے اُترنے والے کیا کرتے ہیں اور مسیح موعود زمین
پر نہیں بنا بلکہ آسمان سے اُترا۔ماں باپ نے آپ کا نام غلام احمد رکھا لیکن خدا تعالیٰ نے آپ
کا نام مسیح اور مہدی رکھا اس لئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ آسمان سے مسیح موعود نازل ہوا ہم کہہ سکتے
ہیں کہ آسمان سے مہدی معہود اترا۔الطَّارِق اور النَّجْمُ النَّاقِب میں مسیح موعود کی پیشگوئی اسی مضمون
کو اللہ تعالیٰ
نے ایک اور جگہ بھی بیان
فرمایا ہے وہ فرماتا ہے وَالسَّمَاءِ وَالطَّارِقِ وَمَا أَدْراكَ مَا الطَّارِقُ - النَّجْمُ الطَّاقِبُ ٢٣
یعنی ہم شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں رات کے آنے والے کو اور تمہیں کیا پتہ کہ وہ
رات کو آنیوالا کون ہے؟ وہ ایک چمکنے والا ستارہ ہے نجم کے معنے عام ستارہ کے بھی ہیں اور ثریا کے
بھی ہیں پس اس آیت میں اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ ایک ظلمت اور تاریکی کا زمانہ اسلام پر
آنے والا ہے۔اُس وقت ایک رات کو آنے والا آئے گا اور لوگوں کے دروازہ پر دستک دے گا
کہ میں تمہیں بچانے کے لئے آ گیا ہوں۔اب دیکھو یہ دستک دینے والا کوئی آدمی ہی ہو گا ورنہ
آسمانی ستارہ کو ہم طارق نہیں کہہ سکتے۔پس النَّجْمُ الثَّاقِبُ میں مہدی معہود کی خبر دی گئی ہے جس کا نور مومنوں کے لئے
٣٠٣
برکت اور زندگی کا موجب ہوگا اور اس کی چوٹ دشمنوں کے لئے مہلک ہو گی۔اس سے پتہ لگتا
ہے کہ نجم ثاقب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت کا ایک زندہ نشان ہوگا گویا یہ الزام جو
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر لگایا جاتا ہے کہ آپ نَعُوذُ بِاللَّهِ ضَالَّ ہیں ، غَاوِی ہیں نَاطِقُ
عَنِ الْهَوَى ہیں اس کو دُور کرنے کے لئے ایک ستارہ اُترے گا اور اس کا اُتر نا ثبوت ہوگا
اس بات کا کہ آپ ضالّ نہیں غَاوِی نہیں ، نَاطِقُ عَنِ الْهَوای نہیں۔صداقت معلوم کرنے کا ایک اہم اصول یہ ثبوت کیونکر ہوگا ، اس کے لئے ایک
موٹی بات جو ہر شخص سمجھ سکتا ہے یہ ہے
کہ کوئی جھوٹا آدمی یہ نہیں کہہ سکتا کہ جو تعلیم میں پیش کر رہا ہوں اس میں جب کبھی رخنہ واقع ہو
گا اُس وقت کوئی اور آدمی پیدا ہو جائے گا جو میرے کام کو سنبھال لے گا۔یہ اتنی نمایاں بات
ہے کہ عیسائی جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر بڑی سختی سے اعتراضات کرنے کے عادی ہیں وہ
بھی اس بات پر قائم ہیں کہ کسی نبی کی صداقت کی علامت ہی یہ ہوتی ہے کہ اس کی کسی اور نبی
نے خبر دی ہو اور اس نے اپنے بعد کسی اور نبی کے ظہور کی پیشگوئی کی ہو۔عیسائیوں کی دو غلطیاں اب جہاں تک اس اصول کا تعلق ہے ان کی یہ بات تو سچی ہے
مگر وہ اس بات کو پیش کرتے وقت دو غلطیاں کرتے ہیں۔اول تو یہ کہ وہ سمجھتے ہیں کہ محمد رسول
اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے بعد کسی آسمانی وجود کی خبر
نہیں دی اور اس طرح یہ بات ان کی صداقت کو رڈ کر دیتی ہے حالانکہ قرآن کریم نے متواتر
اس مضمون کو بیان کیا ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت کا ثبوت ہی یہ ہے کہ جب
بھی ان کے دین پر حملہ ہو گا آسمان سے ایک ستارہ گرے گا جو حملہ آور کو مٹا کر یہ ثابت کر دیگا کہ
محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ضَالَ، غَاوِی اور نَاطِقُ عَنِ الْهَوَى نہیں۔دوسرے وہ یہ سمجھتے ہیں کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق پہلی کتب میں کوئی پیشگوئی
نہیں پائی جاتی وہ نادان یہ نہیں سمجھتے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق تو مسیح علیہ السلام سے
دس گنا پیشگوئیاں پائی جاتی ہیں لیکن میں کہتا ہوں اگر انہی کی بات مان لی جائے کہ وہی شخص سچا ہوتا
ہے جس کے ظہور کی پہلے کسی نے خبر دی ہو تو ہم ان سے پوچھتے ہیں کہ بتاؤ حضرت عیسی علیہ السلام
کو تم کیوں سچا سمجھتے ہو؟ وہ کہیں گے اس لئے کہ ملا کی نبی نے اس کے متعلق پیشگوئی کی۔ہم کہیں
گے ملا کی کو تم کیوں سچا سمجھتے ہو؟ وہ کہیں گے اس لئے کہ مثلاً حضرت داؤد علیہ السلام نے اس کے
۳۰۴
متعلق پیشگوئی کی ہے۔ہم کہیں گے داؤد علیہ السلام کو تم کیوں سچا سمجھتے ہوں؟ وہ کہیں گے اس
لئے کہ حضرت موسی نے اس کے متعلق پیشگوئی کی تھی۔ہم کہیں گے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو تم
کیوں بچے سمجھتے ہو؟ وہ کہیں گے اس لئے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اس کے متعلق پیشگوئی
-
کی تھی۔ہم کہیں گے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو تم کیوں سچا سمجھتے ہو؟ وہ کہیں گے اس لئے کہ
حضرت نوح علیہ السلام نے اس کے متعلق پیشگوئی کی تھی۔ہم کہیں گے کہ نوح علیہ السلام کو تم
کیوں سچا سمجھتے ہو؟ وہ کہیں گے اس لئے کہ آدم علیہ السلام نے اس کے متعلق پیشگوئی کی تھی۔ہم
کہیں گے کہ آدم کو تم کیوں سچا سمجھتے ہو؟ آدم کی تو کسی نے پیشگوئی نہیں کی اور جب اس اصول
کے مطابق آدم جھوٹا ہو گیا تو نَعُوذُ بِالله نوح بھی جھوٹا ہو گیا ، ابراہیم بھی جھوٹا ہو گیا ، موسیٰ بھی
جھوٹا ہو گیا ، داؤ دبھی جھوٹا ہو گیا ، ملا کی بھی جھوٹا ہو گیا اور عیسی بھی جھوٹا ہو گیا۔غرض او پر چلوتب
بھی عیسائیوں کے بتائے ہوئے اصول کے مطابق وہ جھوٹے ثابت ہوتے ہیں اور نیچے اُترو
تب بھی عیسائیوں کے بتائے ہوئے اصول کے مطابق وہ جھوٹے ثابت ہوتے ہیں کیونکہ ان
کے نزدیک مسیح آخری منجی تھا جس نے اپنے بعد کسی اور کے ظہور کی خبر نہیں دی۔غرض غلطی سے انہوں نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے بعد کسی
مجدد دین اور مامور کی خبر نہیں دی۔لیکن اس میں
کوئی شبہ نہیں کہ ان کی بات درست ہے سوائے اس کے
کہ جس سے سلسلہ نبوت کا آغاز ہو اس کی کوئی خبر دے ہی نہیں سکتا اور جو قیامت کے قریب آئے گا وہ
کسی بعد میں آنے والے کی خبر نہیں دے سکتا۔لیکن بہر حال جب بھی کوئی مامور آئے گا یہ یقینی بات ہے
کہ وہ اپنے زمانہ کی خرابی کو دور کرے گا اس کے بعد اگر کسی اور زمانہ میں نئی خرابیاں پیدا ہو جاتی ہیں تو
پھر دنیا کو ایک نئے مامور کی ضرورت محسوس ہوگی اور یہ سلسلہ آدم سے لے کر اس وقت تک جاری رہا۔تاریکی کے ہر دور میں اسلام کے احیاء کی خبر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی
سچائی کا ثبوت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ
نے آپ کو یہ خبر دی کہ جب بھی اسلام پر تاریکی کا کوئی دور آئے گا اُس وقت اللہ تعالیٰ کی طرف
سے ایک ایسا آدمی کھڑا کیا جائے گا جو دوبارہ اسلام کو اپنی بنیادوں پر قائم کرے گا اور یہ ثبوت
ہو گا اس بات کا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صال نہیں کیونکہ کوئی ضالّ ہزار بارہ سو سال
کے بعد اپنے لئے ہمدرد پیدا نہیں کر سکتا اور کوئی شخص یہ طاقت نہیں رکھتا کہ وہ کہہ سکے کہ جب
بھی میرے مشن کو نقصان پہنچے گا خواہ کسی زمانہ میں پہنچے اور خواہ دنیا کے کسی علاقہ میں پہنچے اس
ا
۳۰۵
وقت آسمان سے ایک ایسا آدمی بھیجا جائے گا جو اس فتنہ کو دُور کر دیگا۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے الہام ہوا ہے کہ :-
موت کے بعد میں پھر تجھے حیات بخشوں گا ، ۲۴
یعنی جب کبھی آپ کے مشن کو کوئی نقصان پہنچنے والا ہو گا خدا تعالیٰ اُس کی زندگی کے پھر
سامان پیدا کر دے گا۔آئندہ زمانوں میں پیشگوئیوں کے پورا ہونے کا فائدہ بعض لوگ یہ کہا کرتے
ہیں کہ اگر یہ پیشگوئی اتنے
عرصے کے بعد پوری بھی ہوئی تو اس سے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کیا ملا؟ میں ایسے
نادانوں سے کہتا ہوں کہ کیا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صرف مکہ کے لئے تھے؟ کیا اس زمانہ کے
لوگ آپ کی امت میں شامل نہیں تھے؟ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک زندہ نبی ہیں اور قیامت
تک آنے والے لوگوں کے لئے ہیں اس لئے ضروری تھا کہ آپ کی پیشگوئیاں ہر زمانہ میں پوری
ہوتیں تا کہ ہر زمانہ کے لوگ اپنے ایمانوں کو تازہ کر سکتے اور انہیں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
کی صداقت پر ایک زندہ اور تازہ ایمان میسر آتا۔پس یہ کہنا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو
اس پیشگوئی کے پورا ہونے سے کیا ملا۔محض نادانی ہے اس پیشگوئی نے پورا ہو کر محمد رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت کو روشن کر دیا اب اگر کوئی یہودی اور عیسائی آپ پر اعتراض کرتا ہے
تو ہم ان پیشگوئیوں کو اس کے سامنے رکھ کر کہہ سکتے ہیں کہ دیکھو! یہ وہ پیشگوئیاں تھیں جن کے
مطابق اس زمانہ میں ایک شخص مبعوث ہوا اور اُس نے کہا کہ میں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
کے دین کی خدمت اور اس کی اشاعت کے لئے مبعوث ہوا ہوں اب اگر کوئی اسلام کا مقابلہ کرنا
چاہتا ہے تو وہ میرے سامنے آئے۔کیا اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک شخص کا عین وقت پر اسلام کی
ڈوبتی ہوئی کشتی کو منجدھار سے نکالنے کے لئے آجانا اس بات کا ثبوت نہیں کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ
علیہ وسلم خدا تعالیٰ کے برگزیدہ رسول تھے، یقینا کوئی جھوٹا آدمی اس قسم کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔سابق الہامی کتب کی پیشگوئیاں محمد رسول اللہ قرآن کریم نے بھی اس دلیل کو لوگوں
کے سامنے پیش کیا ہے اور فرمایا ہے کہ
اے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! کیا
صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت کا ثبوت ہیں تو موسیٰ کے وقت میں تھا کہ تو نے
۳۰۶
جھوٹے طور پر اپنے متعلق تو رات میں بشارت لکھوا دی۔یا تو عیسی کے وقت میں تھا کہ تو نے ان
سے کہہ کر اپنے متعلق انجیل میں پیشگوئیاں درج کروالیں۔ان پیشگوئیوں کا پہلی الہامی کتب میں
پایا جانا اور پھر ان پیشگوئیوں کے عین مطابق ایک شخص کا دنیا میں ظاہر ہونا بتا تا ہے کہ محمد رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ رسول ہیں اور ابراہیم ، موسی عیسی اور دوسرے تمام انبیاء
آپ کے مُصَدِّق تھے کیونکہ انہوں نے اپنی کتب میں آپ کے متعلق پیشگوئیاں کی تھیں۔شدید القوی ہستی کی طرف سے قرآن کریم کا نزول دوسری بات جو اس آیت
میں بیان کی گئی ہے اور
محمد رسول
اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت کی ایک واضح اور روشن دلیل ہے وہ یہ ہے کہ عَلَّمَهُ
شَدِيدُ الْقُوای یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جو قرآن ملا ہے وہ ایک زبردست طاقتوں
والے خدا کی طرف سے ملا ہے یہ سیدھی بات ہے کہ پیغام کی اہمیت کا تعلق پیغام بھجوانے والے
کے ساتھ ہوتا ہے اگر پیغام بھجوانے والا کمزور ہو تو وہ اپنے پیغامبر کی حفاظت نہیں کر سکے گا اور
اگر پیغام بھجوانے والا طاقتور ہو تو اس کے پیغامبر کو کوئی شخص چھیڑنے کی طاقت نہیں رکھے گا۔عَلَّمَهُ شَدِيدُ الْقُوای میں اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جس
ہستی نے قرآن کریم دے کر بھیجا ہے وہ ایک طاقتور ہستی ہے جس کا مقابلہ دنیا کی کوئی طاقت
نہیں کر سکتی۔ایک روسی بادشاہ کا واقعہ ٹالسٹائے روس کا ایک مشہور مصنف گزرا ہے جو لینن اور
مارکس وغیرہ کے بعد ان چوٹی کے لوگوں میں سے تھا جنہوں
نے بالشویزم کی اشاعت میں سب سے بڑا حصہ لیا ہے۔اب بھی دنیا کی اکثر زبانوں میں اس
کی تصانیف کے تراجم پائے جاتے ہیں اس شخص کا ایک دادا سات آٹھ پشت پہلے پیٹر بادشاہ
کے زمانہ میں اس کا دربان ہو ا کرتا تھا ایک دن بادشاہ کو کوئی ضروری کام تھا اور وہ اپنی قوم کی
بہتری کے لئے کوئی سکیم سوچ رہا تھا۔اس نے ٹالسٹائے کو حکم دیا کہ آج کسی شخص کو اندر آنے
کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ اگر کوئی شخص اندر آئے گا تو میرا دماغ مشوش ۲۵ ہو جائے گا اور
میں سکیم کو پوری طرح تیار نہیں کر سکوں گا۔وہ ٹالسٹائے کو تاکید کر کے اپنے کمرہ میں آگیا مگر
بد قسمتی سے اُسی وقت ایک شہزادہ آیا اور اس نے اندر داخل ہونا چاہا۔ٹالسٹائے نے اپنے ہاتھ
اس کے دروازہ کے آگے پھیلا دیئے اور کہا آپ اندر نہیں جا سکتے بادشاہ کا حکم ہے کہ کسی شخص
کو اندر نہ آنے دیا جائے۔اُس وقت تک روس کا قانون ابھی منظم نہیں ہوا تھا اور لارڈوں ،
نوابوں اور شاہی خاندان والوں کے بڑے حقوق سمجھے جاتے تھے اس دستور کے مطابق شہزادہ
کو قلعہ کے اندر داخل ہونے سے کوئی روک نہیں سکتا تھا بلکہ اُن سے اُتر کر بعض اور لوگوں کے
لئے بھی یہی دستور تھا۔جب دربان نے شہزادہ کو روکا تو وہ کھڑا ہو گیا اور اس نے کہا کیا تم
نہیں جانتے کہ میں کون ہوں؟ اس نے کہا میں خوب جانتا ہوں آپ فلاں گرینڈ ڈیوک ہیں۔اس نے کہا کیا تم کو معلوم نہیں کہ مجھ کو ہر وقت اندر جانے کی اجازت ہے؟ دربان نے جواب
دیا میں خوب جانتا ہوں۔یہ سن کر وہ پھر آگے بڑھا اور اندر داخل ہونے لگا۔دربان نے پھر
اُسے روکا اور کہا حضور بادشاہ سلامت کا حکم ہے کہ آج کسی شخص کو اندر نہ آنے دیا جائے۔اُسے سخت غصہ آیا اس نے کوڑا اُٹھایا اور دربان کو مارنا شروع کیا کچھ دیر مارنے کے بعد اس
نے سمجھا کہ اب اسے ہوش آ گیا ہوگا وہ پھر اندر داخل ہونے لگا مگر ٹالسٹائے پھر راستہ روک کر
کھڑا ہو گیا اور اس نے ہاتھ جوڑ کر کہا حضور بادشاہ کا حکم ہے کہ کوئی شخص اندر داخل نہ ہو۔شہزادہ نے پھر اسے مارنا شروع کر دیا وہ سر جھکا کر مار کھاتا رہا مگر جب تیسری دفعہ شہزادہ اندر
داخل ہونے لگا تو پھر اس نے ہاتھ پھیلا دیئے اور کہا اندر جانے کی اجازت نہیں بادشاہ نے منع کیا
ہوا ہے۔شہزادہ نے پھر اسے مارنا شروع کر دیا اتفاق کی بات ہے کہ جب پہلی دفعہ شہزادہ نے
دربان کو مارا تو شور کی آواز بادشاہ کے کان تک پہنچ گئی اور اُس نے بالاخانہ کی کھڑکی سے یہ نظارہ
دیکھنا شروع کر دیا۔جب تیسری دفعہ شہزادہ اُسے مار رہا تھا تو بادشاہ نے اُسے آواز دی کہ
ٹالسٹائے ادھر آؤ۔ٹالسٹائے اندر گیا اور اُس کے ساتھ شہزادہ بھی بڑے غصے کی حالت میں
بادشاہ کے پاس پہنچا اور اُس نے کہا آج دربان نے میری سخت ہتک کی ہے۔بادشاہ نے پوچھا
کیا ہوا؟ شہزادہ نے کہا میں اندر آنا چاہتا تھا مگر ٹالسٹائے مجھے اندر نہیں آنے دیتا تھا۔بادشاہ
نے ایسی شکل بنا کر کہ گویا اس واقعہ کا اسے کوئی علم نہیں کہا ٹالسٹائے تم نے شہزادے کو اندر داخل
ہونے سے کیوں روکا؟ اس نے کہا حضور آپ کا حکم تھا کہ آج کسی شخص کو اندر داخل نہ ہونے دیا
جائے۔بادشاہ نے شہزادے کی طرف دیکھا اور کہا کیا اس نے تم کو بتایا تھا کہ میں نے یہ حکم دیا
ہے کہ کسی شخص کو اندر نہ آنے دیا جائے؟ اس نے کہا بتایا تو تھا مگر شہزادہ کو کوئی دربان روک نہیں
سکتا۔بادشاہ نے کہا میں جانتا ہوں کہ شہزادہ کو کوئی روک نہیں سکتا مگر بادشاہ روک سکتا ہے۔تم
نے شہزادہ ہو کر قانون کی بے حرمتی کی ہے اور اس نے دربان ہو کر قانون کی عظمت کو سمجھا ہے۔
اور پھر باوجود اس کے کہ اس نے تمہیں بتا دیا تھا کہ یہ میرا حکم ہے پھر بھی تم نے اسے مارا اب
اس کی سزا یہ ہے کہ تم اس دربان کے ہاتھوں اسی طرح مار کھاؤ جس طرح تم نے اسے مارا ہے۔اس کے بعد اُس نے ٹالسٹائے کو کہا ٹالسٹائے اُٹھو اور اس شہزادے کو مارو۔روسی قانون کے
مطابق کسی فوجی کو کوئی غیر فوجی نہیں مار سکتا۔شہزادہ نے کہا میں فوجی ہوں اور یہ ٹالسٹائے سویلین
ہے یہ مجھے مار نہیں سکتا۔بادشاہ نے کہا کیپٹن ٹالسٹائے میں تمہیں کہتا ہوں کہ تم شہزادہ کو مارو۔اُس نے مارنے کے لئے کوڑا اُٹھایا تو شہزادہ نے کہا میں زار روس کا جرنیل ہوں اور جرنیل کو
کوئی غیر جرنیل نہیں مار سکتا۔بادشاہ نے کہا جنرل ٹالسٹائے ! میں تمہیں حکم دیتا ہوں کہ تم شہزادہ
کو مارو۔اس پر شہزادہ نے پھر روسی کانسٹی ٹیوشن کا حوالہ دے کر کہا کہ کسی نواب کو کوئی غیر نواب
نہیں مارسکتا۔بادشاہ نے کہا اچھا کا ؤنٹ ٹالسٹائے! اٹھو اور شہزادہ کو مارو۔گویا دربان سے اُسی
وقت اُس نے اُس کو کاؤنٹ بنا دیا اور شہزادہ کو اس کے ہاتھوں سے سزا دلوائی۔نقار کو انتباہ اس طرح فرماتا ہے عَلَّمَهُ شَدِيدُ الْقُوَى محمدرسول
اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو
زبر دست طاقتیں رکھنے والے خدا نے مبعوث فرمایا ہے۔تم سمجھتے ہو کہ یہ ایک
غریب انسان ہے ، تم سمجھتے ہو کہ یہ ایک بیوہ کا بیٹا ہے ، اگر تم نے اس کے پیغام پر کان نہ دھرا
تو کیا ہوگا۔جس کا خط لے کر یہ تمہاری طرف آیا ہے، جس کے پیغام کا حامل بنا کر یہ تمہاری کی
طرف مبعوث کیا گیا ہے وہ شَدِيدُ الْقُوای ہے تم نے اسے ہاتھ لگایا تو تم شدید سزا پاؤ گے
چنا نچہ دیکھ لو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو چھیڑ نے والوں کو کیسا عذاب ملا اور وہ کتنی عبرت ناک
حالت کو پہنچے۔یہودی مسلمانوں کے ہمیشہ ہی ممنونِ احسان
کسری شاہ ایران کا عبرت ناک انجام رہے ہیں مگر وہ مسلمانوں کے ممنونِ احسان
بھی رہے اور پھر دشمنی بھی کرتے رہے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان پر بڑے بڑے
احسانات کئے تھے مگر انہوں نے ہمیشہ آپ کی مخالفت کی اور بیرونی حکومتوں کو آپ کے خلاف
اُکسانے میں کوئی کسر نہ اُٹھا رکھی۔جب ان کے تاجر ایران جاتے تو وہ محمد رسول اللہ صلی اللہ
علیہ وسلم کے خلاف ہمیشہ کسری کے کان بھرتے۔اسی طرح خطوں میں بھی اسے لکھتے رہتے کہ
عرب میں ایک ایسا ایسا آدمی طاقت پکڑتا جاتا ہے اگر اس کی حکومت قائم ہوگئی تو وہ ایران پر
حملہ کر دے گا۔بادشاہ کم عقل تھا وہ یہودیوں کے اس فریب میں آ گیا اور اس نے یمن کے
گورنر کو خط لکھا کہ عرب میں جو نیا مدعی نبوت پیدا ہوا ہے تم اُسے گرفتار کر کے میرے پاس بھیج
دو۔یمن کے گورنر نے دو آدمی بھیجوائے۔اُس وقت ایران کی طاقت ویسی ہی تھی جیسے اس
وقت امریکہ اور روس کی ہے اور عرب والوں کی حالت ایسی تھی جیسے سرحدی قبائل کی ہے۔گورنر یمن نے اپنے سپاہیوں کو بھیجتے ہوئے ان کے ذریعہ آپ کو یہ پیغام بھجوایا کہ مجھے یہ تو
معلوم نہیں کہ آپ کا قصور کیا ہے لیکن بہتر یہی ہے کہ آپ چلے آئیں میں آپ کی سفارش کر کے
شاہ ایران کے پاس بھجوا دونگا کہ اگر اس شخص کا کوئی قصور بھی ہے تو اسے معاف کر دیا جائے۔وہ دونوں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور انہوں نے کہا کہ ہمیں
گورنر یمن نے آپ کو اپنے ساتھ لانے کے لئے بھیجا ہے اور یہ یہ پیغام بھی دیا ہے۔اگر آپ
نے انکار کیا تو بادشاہ کی فوجیں عرب پر دھاوا بول دیں گی اور تمام ملک ایک مصیبت میں مبتلاء
ہو جائے گا اس لئے مناسب یہی ہے کہ آپ ہمارے ساتھ تشریف لے چلیں ، گورنر یمن نے
وعدہ کیا ہے کہ وہ آپ کی سفارش کر دیں گے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میں اس کا
جواب تمہیں پھر دونگا۔آپ نے اللہ تعالیٰ سے دُعا کرنی شروع کی کہ وہ اس معاملہ میں آپ کی
مدد فرمائے دوسرے دن جب وہ ملے تو آپ نے فرمایا کہ ایک دن اور ٹھہر جاؤ۔جب تیسرا دن
ہوا تو وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور انہوں نے کہا آج ہمیں آئے ہوئے
تین دن ہو گئے ہیں آپ ساتھ چلئے ایسا نہ ہو کہ یہ معاملہ بگڑ جائے اور تمام عرب پر مصیبت آ
جائے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا دیکھو! اپنے گورنر سے جا کر کہد و کہ میرے خدا
نے آج رات تمہارے خدا وند کو مار دیا ہے۔ایرانی لوگ اپنے بادشاہ کو خداوند کہا کرتے تھے
انہوں نے کہا آپ یہ کیا فرماتے ہیں؟ اپنے آپ پر اور اپنی قوم پر رحم کیجئے اور ہمارے ساتھ
چلئے۔آپ نے فرمایا میں نے تمہیں جواب تو دے دیا ہے جاؤ اور گورنر یمن کو یہی بات کہہ
دو۔وہ واپس آگئے اور انہوں نے یمن کے گورنر سے یہ بات کہہ دی۔اُس نے سن کر کہا کہ یا
تو یہ شخص پاگل ہے اور یا واقع میں خدا تعالیٰ کا نبی ہے ہم چند دن انتظار کرتے ہیں اور دیکھتے
ہیں کہ آیا اس کی بات سچی ثابت ہوتی ہے یا نہیں۔اللہ تعالی کا عظیم الشان نشان تھوڑے دنوں کے بعد یمن کی بندرگاہ پر ایران کا ایک
جہاز لنگر انداز ہوا اور اس میں سے ایک سفیر اترا جو یمن
کے گورنر کے نام ایک شاہی خط لایا۔یمن کے گورنر نے اسے دیکھا تو اس پر ایک نئے بادشاہ کی
۳۱۰
مُہر تھی اُس نے خط اپنے ہاتھ میں لیتے ہی درباریوں سے کہا وہ بات ٹھیک معلوم ہوتی ہے جو اس
عرب نے کہی تھی۔اس نے خط کھولا تو وہ کسری کے بیٹے کا تھا اور اس میں یہ لکھا تھا کہ ہمارا باپ
نہایت ظالم اور سفاک انسان تھا اور اس نے تمام ملک میں ایک تباہی مچا رکھی تھی ہم نے
فلاں رات اسے مار دیا ہے اور اب ہم خود اس کی جگہ تخت پر بیٹھ گئے ہیں اب تمہارا فرض ہے کہ تم
اپنی مملکت کے لوگوں سے ہماری اطاعت کا اقرار لو، اور ہمیں یہ بھی معلوم ہوا کہ انہی سفاکیوں
میں سے جو ہمارے باپ نے کیں ایک یہ بھی سفا کی تھی کہ اس نے عرب کے ایک شخص کے متعلق
لکھا تھا کہ اسے گرفتار کر کے ہمارے پاس بھجوا دیا جائے ہم اس حکم کو منسوخ کرتے ہیں۔یہی حقیقت عَلَّمَهُ شَدِيدُ الْقُوی میں بیان کی گئی ہے کہ ایک طاقتور ہستی اس کی نگران
ہوگی اور اس کو چھیڑ نا کوئی آسان کام نہیں ہو گا۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں بہت سے
مواقع ایسے آئے ہیں جنہوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ آپ کو چھیڑ نا خدا تعالیٰ کو چھیڑ نا تھا۔اصلاح خلق کے لئے ایک کامل انسان کی پیدائش پھر فرماتا ہے ذُو مِرَّةٍ وہ طاقتور
ہی نہیں بلکہ مِرَّة والا ہے ذُو مِرَّةٍ
کے اصل معنے پیدائش کی طاقت بلکہ بہت بڑی طاقت رکھنے والے کے ہیں جس کا مفہوم یہ ہے
کہ بار بار پیدائش کی طاقت کا ظہور اس سے ہوتا رہتا ہے گویا بتا یا کہ وہ شَدِيدُ الْقُوی ہی
نہیں بلکہ اس میں اعلیٰ درجہ کی کامل پیدائش کی طاقت بھی موجود ہے فَاسْتَوی پھر اس طاقتور
خدا اور اعلیٰ سے اعلیٰ مخلوق پیدا کرنے والے خدا نے ارادہ کیا کہ میں دنیا میں اپنی مخلوق پر ظاہر
ہوں وَهُوَ بِالا فُقِ الأغلى اور وہ خدا بہت اونچا تھا اور بنی نوع انسان زمین پر رینگ رہے
تھے اور ہرقسم کی کمزوریاں اور گناہ ان میں پائے جاتے تھے بائبل میں بھی لکھا ہے۔اور خداوند نے دیکھا کہ زمین پر انسان کی بدی بہت بڑھ گئی اور اس کے
دل کے تصور اور خیال سدا بُرے ہی ہوتے ہیں تب خداوند زمین پر انسان کو پیدا
کرنے سے ملول ہوا اور دل میں غم کیا اور خداوند نے کہا کہ میں انسان کو جسے میں
نے پیدا کیا روئے زمین پر سے مٹا ڈالوں گا انسان سے لے کر حیوان اور رینگنے
والے جاندار اور ہوا کے پرندوں تک کیونکہ میں ان کے بنانے سے ملول ہوں“۔۲۶
غرض خدا آسمان پر بیٹھا ہوا تھا اس نے جب بنی نوع انسان کی خرابی دیکھی تو چاہا کہ
میں ایک نئی مخلوق پیدا کروں کیونکہ وہ ذُو مِرہ تھا وہ چاہتا تھا کہ ایک کامل اور اکمل انسان کو
۳۱۱
پیدا کرے جو لوگوں کو گمراہی سے بچا کر نور و ہدایت کی طرف لائے یہاں آ کر خدا تعالیٰ نے
درمیان میں سے اس مضمون کو حذف کر دیا ہے کہ اس ارادہ کے مطابق اس نے محمد رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وسلم کو پیدا کیا۔پھر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو چنا اور چن کر کہا کہ یہ وہ شخص
ہے جو اس قابل ہے کہ میں اسے برکت دوں اور اسے دنیا کے لئے ایک نمونہ بناؤں۔محمد رسول اللہ کا خدا تعالیٰ کی طرف صعود اس کے بعد فرماتا ہے دَنَا جب خدا تعالیٰ
نے
محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو چنا اور
انہیں آواز دی کہ اے محمد رسول اللہ ! تو میرے پاس آ کہ میں نے تجھے دنیا کی ہدایت اور
راہنمائی کے لئے چن لیا ہے تو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اونچا ہونا شروع کیا۔یہاں
مینار کا لفظ استعمال نہیں ہوا اگر تمثیلی زبان میں ایک مینار کا ہی ذکر کیا گیا ہے کیونکہ پہلے یہ بتایا
گیا ہے کہ وَهُوَ بِالَا فُقِ الأغلى خدا تعالیٰ او پر بیٹھا ہوا ہے اور وہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ
وسلم کی طرف اشارہ کرتا ہے اور انہیں اپنی طرف بلاتا ہے۔اس پر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
نے خدا تعالیٰ کی طرف صعود شروع کیا دنی کے معنی یہی ہیں کہ وہ قریب ہوتے گئے یعنی خدا
سے ملنے کے لئے اوپر ہوتے گئے گویا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مقام محمدی سے اوپر چڑھنے
شروع ہوئے اور آخر آپ عرش تک جا پہنچے ( چنانچہ معراج میں ایسا ہی ہوا )۔خدا تعالیٰ کا بنی نوع انسان کی نجات کے لئے آسمان سے نزول مگر سوال یہ ہے کہ
ان میں تو طاقت
تھی کہ وہ خدا تعالیٰ تک پہنچ جائیں ہر شخص تو اتنا اونچا نہیں جا سکتا۔بے شک محمد رسول اللہ صلی اللہ
علیہ وسلم اپنے اخلاص اور محبت اور فدائیت کے لحاظ سے اپنے اندر یہ استعداد رکھتے تھے کہ
خدا تعالیٰ کے قرب کو حاصل کر سکیں لیکن وہ لوگ جن کی اصلاح کے لئے آپ مقرر ہوئے تھے
ان میں سے ہر شخص میں تو یہ طاقت نہیں تھی کہ وہ اتنا اونچا جا سکتا ان لوگوں کے لئے ضروری تھا
کہ خدا تعالیٰ نیچے کی طرف نزول کرتا۔چنانچہ فرماتا ہے فَتَدَلَّى۔تَدَلَّی کے معنے ہیں اوپر کی
چیز نیچے آ گئی یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلے اوپر چڑھنا شروع کیا یہاں تک کہ
چڑھتے چڑھتے آپ نے اپنے مقصود کو پالیا مگر جب آپ نے اوپر چڑھنا شروع کیا تو خدا تعالیٰ
نے کہا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تو آگئے باقی لوگ نہیں آ سکتے تب خدا تعالیٰ کچھ نیچے آیا
تا کہ کمزور مخلوق کی نجات کی بھی صورت بنے اور اُس نے ایک زاویہ بنا دیا جہاں ہر انسان
۳۱۲
بشرطیکہ وہ اپنی استعدادوں سے کام لے پہنچ سکتا اور خدا تعالیٰ کے قرب کو حاصل کر سکتا ہے۔مغفرت اور قُرب الہی کے ذرائع یہ مضمون ایک لمبی تشریح کا حامل ہے مگر اس
وقت میں صرف ایک دو باتیں اور بیان کر دیتا تو
ہوں جن سے پتہ لگ سکتا ہے کہ کس طرح بنی نوع انسان کی کمزوریوں کو دیکھتے ہوئے خدا تعالیٰ
جو أَرْحَمُ الرَّاحِمِینَ ہے ان سے ملنے کے لئے نیچے آیا اور اُس نے اپنے قُرب کے
دروازے ان کے لئے کھول دیئے۔واقعہ معراج کے متعلق جو احادیث پائی جاتی ہیں ان کے
مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پہلے پچاس نمازیں بنی نوع انسان کے لئے مقرر
فرمائی تھیں لیکن پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی درخواست پر اللہ تعالیٰ نے ان کو کم کرتے کرتے
امت محمدیہ کے لئے صرف پانچ نمازیں مقرر فرما ئیں مگر ساتھ ہی فرمایا کہ گو نمازیں پانچ ہی ہونگی
مگر ان کو شمار پچاس کیا جائے گا یعنی ایک شخص پڑھے گا تو پانچ نمازیں مگر خدا تعالیٰ کے دربار
میں اس کی پچاس نمازیں لکھی جائیں گی۔قرآن کریم میں بھی اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہر ایک نیکی
کے بدلہ میں انسان کو دس گنا اجر دیا جاتا ہے اور بدی یا تو معاف کر دی جاتی ہے اور یا اس کے
اعمال نامہ میں صرف ایک بدی ہی لکھی جاتی ہے۔یہ طریق ہے جو اللہ تعالیٰ نے بنی نوع انسان
کے اوپر چڑھنے کے لئے مقرر فرمایا ہے بندہ ایک نیکی کرتا ہے اور خدا تعالیٰ اس کی دس نیکیاں
لکھتا ہے اور پھر قیامت کے دن اُن دسوں کو ایک ایک سمجھ کر پھر دس دس بنا دیتا ہے اور بندہ
ایک بدی کرتا ہے اور خدا تعالیٰ صرف ایک ہی بدی لکھتا ہے اور بعض دفعہ تو ایک بھی نہیں لکھتا
تو بہ پر اُس کو معاف فرما دیتا ہے۔روحانی ارتقاء کے غیر معمولی سامان غرض دَنَا فَتَدَلَّی میں وہ طریق بیان کیا گیا
ہے جس کے ذریعہ انسانی ارواح نے ارتقاء
کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے قرب کو حاصل کرنا تھا۔محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تو بغیر اس گر
کے بھی خدا تعالیٰ کا قرب حاصل کر سکتے تھے بغیر اس کے کہ آپ کی ایک نیکی کو دس گنا شمار کیا
جا تا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں یہ قابلیت موجود تھی کہ آپ خدا تعالیٰ تک پہنچ جاتے اور
اس کے قُرب کو حاصل کر لیتے مگر تمام لوگوں میں یہ قابلیت موجود نہیں تھی ان کے لئے خدا تعالیٰ
نے عرش سے نیچے اُتر نا گوارا کیا اور اس نے ان کی چھوٹی چھوٹی نیکیوں کو بڑھانا شروع کیا تو
تا کہ اس ذریعہ سے ان کی کمی پوری ہو جائے اور وہ روحانی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائیں اور یہ