سیر روحانی (۶) تقریر فرموده مورخه ۲۸ دسمبر ۱۹۵۱ء بر موقع جلسہ سالانہ ربوہ
حصہ 9
۵۰۳
دن آرام کیا اور تازہ دم ہوا۔۱۱۲
گویا خدا تعالیٰ چھ دن کام کرنے کی وجہ سے نَعُوذُ بِاللہ تھک گیا اور اُسے ضرورت محسوس ہوئی
کہ وہ آرام کرے اور تازہ دم ہو جائے ، مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بتایا کہ خدا تعالیٰ
کے متعلق یہ تصور بالکل غلط ہے اس لئے کہ وہ کوئی مادی وجود نہیں جو کام کا بوجھ برداشت نہ
کر سکے اور تھکان اور کوفت محسوس کرے چنانچہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے مَا مَسَّنَا
مِنْ لُغُوبِ۔یعنی زمین و آسمان کی پیدائش سے ہمیں کوئی تھکان محسوس نہیں ہوئی۔پس یہ
بات بالکل غلط ہے کہ خدا تعالیٰ زمین و آسمان کی پیدائش سے تھک گیا اور ساتویں دن اُس نے
آرام کی احتیاج محسوس کی۔اسی طرح مسیحیت نے خدا تعالیٰ کی وحدانیت پر حملہ کیا اور مسیح اور روح القدس کو بھی
اُس کی الوہیت میں شریک قرار دے دیا مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خدا تعالیٰ کو تمام
مادی قیدوں اور ظہوروں سے پاک قرار دیا اور پھر آپ نے اس امر پر بھی زور دیا کہ انسان
اگر خدا تعالیٰ کی صفات کو اپنے اندر پیدا کرنے کی کوشش کرے تو وہ خدا تعالیٰ کی محبت کو حاصل کر
سکتا اور اس کے قرب میں بڑھ سکتا ہے۔چنانچہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں نے
جن و انس کو صرف اس لئے پیدا کیا کہ وہ خدا تعالیٰ کی صفات کا نقش اپنے دل پر پیدا کریں۔۱۱۴
اسی طرح وہ ایک دوسری جگہ فرماتا ہے۔اے انسانو! اللہ تعالیٰ ہی ہے جس نے تم کو
اس دنیا میں اپنا نمائندہ بنا کر کھڑا کیا ہے اگر تم میں سے کوئی شخص اس مقام کا انکار کرے گا تو
اُس کا نتیجہ اُس کو بھگتنا پڑے گا ۱۱۵ یعنی اس عزت کے مقام کو چھوڑ کر وہ خود ہی نقصان اُٹھائے
گا خدا تعالیٰ کو اس سے کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔اسی طرح ایک اور جگہ اس نے فرمایا ہے۔کہ جو لوگ ہم سے ملنے کی کوشش کرتے ہیں
ہم یقیناً انہیں اپنی بارگاہ تک پہنچنے کے راستے بتا دیتے ہیں۔۱۱۲
پس محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خدا تعالیٰ کی عظمت اور اس کے جاہ وجلال کو بھی
قائم کیا اور بنی نوع انسان کو بھی اس امر کا یقین دلایا کہ وہ خدا تعالیٰ کے مقرب بن سکتے ہیں۔ملائكة اللہ اسی طرح ملائکہ بھی ایک مخفی وجود ہیں جن کی حقیقت کا علم بغیر کسی ایسے
انسان کی راہنمائی کے حاصل نہیں ہو سکتا جسے خدا خود اپنے غیب سے حصہ
دے اور بتائے کہ ملائکہ کی کیا حقیقت ہے۔محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سپرد چونکہ اللہ تعالیٰ
۵۰۴
نے تلاوت آیات کا کام کیا تھا اس لئے آپ نے اللہ تعالیٰ کے دیئے ہوئے علم کے ماتحت ان
کے متعلق بھی بنی نوع انسان کی صحیح راہنمائی فرمائی اور بتایا کہ ملائکہ نظامِ عالم کے روحانی اور
جسمانی سلسلہ کی اُسی طرح ایک اہم کڑی ہیں جس طرح دوسرے نظر آنے والے اسباب مادی
دنیا میں مختلف کاموں کی کڑیاں ہیں۔وہ صرف خدائی دربار کی رونق کا سامان نہیں بلکہ
خدا تعالیٰ کے تکوینی احکام کی پہلی کڑی ہیں اور ان کے بغیر اس کا ئنات کا وجود ادھورا ہے
چنانچہ اللہ تعالیٰ اسی حقیقت کا ذکر کرتے ہوئے قرآن کریم میں فرماتا ہے۔کہ کچھ تو وہ ملائکہ
ہیں جو عرش کو اُٹھائے ہوئے ہیں اور کچھ وہ ہیں جو عرش کے ارد گرد رہتے ہیں لا یعنی ایک
تو وہ فرشتے ہیں جو خدا تعالیٰ کی صفات کو ظاہر کرنے والے ہیں اور جن کے ذریعہ دنیا میں
احکام الہیہ کا اجراء ہوتا ہے اور ایک وہ ہیں جو اُن احکام کو نچلے طبقہ تک لے جانے والے ہیں ،
پس ملائکہ کا وجود اس عالم کا ایک اہم ضروری حصہ ہے۔رسالت اور کلام الہی کی ضرورت آپ نے رسالت اور کلام الہی کی ضرورت کو
بھی واضح کیا اور بتایا کہ جس طرح مادی دنیا میں
خدا تعالیٰ نے صرف آنکھ پیدا نہیں کی بلکہ لاکھوں میل کے فاصلہ پر ایک سورج بھی پیدا کر دیا
ہے تا کہ آنکھ اس کی روشنی سے فائدہ اُٹھائے اسی طرح روحانی عالم میں بھی خدا تعالیٰ نے
سورج اور چاند اور ستارے بنائے ہیں۔جو شخص روحانی دنیا کے سورج یا روحانی دنیا کے چاند
یا روحانی دنیا کے ستاروں کی ضرورت کا انکار کرتا ہے وہ قانونِ قدرت سے اپنی آنکھیں بند
کرتا اور حقائق سے روگردانی اختیار کرتا ہے چنانچہ اسلام نے اسی حقیقت کی طرف توجہ دلاتے
ہوئے فرمایا ہے۔کہ ہم تمہارے سامنے اس آسمان کو شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں جو مختلف
بروج والا ہے ۱۱۸ یعنی جس طرح تمہیں اس مادی دنیا کے آسمان میں سورج اور چاند اور
ستارے دکھائی دیتے ہیں اسی طرح خدا تعالیٰ نے روحانی عالم میں بھی ظلمتوں کو دور کرنے کے
لئے سورج اور چاند اور ستارے بنائے ہیں جو لوگوں کو اپنے نور سے منور کرتے رہتے ہیں۔بعث بعد الموت آپ نے اس سلسلہ میں بعث بعد الموت پر بھی روشنی ڈالی کیونکہ اس
کے متعلق بھی کوئی انسان اپنی ذاتی کد و کاوش سے معلومات حاصل نہیں
کر سکتا تھا آپ نے ایک طرف تو جزاء وسزا کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور دوسری طرف یہ بتایا
کہ اس جزاء کا مخفی رکھا جانا بھی ضروری ہے ورنہ انسانی اعمال غیر اختیاری ہو جائیں اور جزاء
ایک بے معنی لفظ بن کر رہ جائے چنانچہ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے کہ تم میں سے
کوئی شخص نہیں جانتا کہ اُس کے لئے عالم آخرت میں آنکھوں کی ٹھنڈک کا کیا کیا سامان مخفی رکھا
گیا ہے کیونکہ یہ انعام تمہارے اعمال کی جزاء میں ملنے والا ہے 19 اگر اس کو ظاہر کر دیا جائے
تو حقیقت کے منکشف ہونے پر ایمان لانا کوئی خوبی نہ رہے اور انسان کسی جزاء کا مستحق نہ ہو۔آپ نے اس امر کی تصریح فرمائی کہ عالم آخرت در حقیقت اسی دنیا کا ایک تسلسل ہے
جس میں اپنے اپنے اعمال کے مطابق مادیت کے بوجھ سے آزاد ہو کر انسانی روح اس راستہ پر
گامزن ہو جاتی ہے جو اس نے خود اپنی دُنیوی زندگی میں اختیا ر کیا ہوتا ہے چنانچہ قرآن کریم میں
بیان کیا گیا ہے۔کہ جو شخص اس دنیا میں روحانی لحاظ سے نا بینائی رکھتا ہو گا وہ عالم آخرت میں بھی
اس نابینائی کو لے کر اٹھے گا اور خدائی قرب کے دروازے اُس پر نہیں کھلیں گے۔۱۲۰
غرض ہر وہ مخفی مسئلہ جس پر مذہب اور روحانیت کی بنیاد تھی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
نے اس طرح کھول کر بیان کیا کہ انسانی عقول تستی پاگئیں اور ان کا رسمی ایمان مشاہدہ اور
بصیرت کا رنگ اختیار کر گیا۔شریعت لعنت نہیں بلکہ خدا تعالیٰ کا بڑا بھاری فضل ہے آپ کا دوسرا اہم کام
تعلیم کتاب تھا اس کام کو
بھی آپ نے ایسے رنگ میں پورا کیا کہ اس کی مثال اور کسی وجود میں نہیں ملتی ، آپ کی بعثت سے پہلے دنیا
میں بعض ایسے مذاہب تھے جو اپنی نادانی سے شریعت کو لعنت قرار دیتے تھے اور سمجھتے تھے کہ یہ ایک ایسا بوجھ
ہے جو انسان کی کمر کو توڑ دینے والا ہے آپ نے بتایا کہ یہ نظریہ میچ نہیں، شریعت اللہ تعالیٰ کا ایک بڑا بھاری
فضل ہے کیونکہ انسان جب اس مقصد کے لئے پیدا کیا گیا ہے کہ وہ خدا تعالیٰ کا قرب حاصل کرے تو وہ
اپنی عقل سے خدا تعالیٰ کی مرضی کو کس طرح معلوم کر سکتا ہے۔یہ مرحلہ تو اسی صورت میں طے ہو سکتا ہے
جب خدا تعالیٰ خود بتائے کہ میری رضا کس امر میں ہے اور شریعت اس چیز کا نام ہے کہ خدا تعالیٰ کی
رضا مندی کی راہوں کو خدا تعالیٰ کی زبان سے ہی معلوم کیا جائے۔پس شریعت خدا تعالیٰ کی ایک بڑی
بھاری رحمت ہے اس وجہ سے قرآن کریم کو مختلف مقامات میں رحمت قرار دیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ یہ
قرآن بنی نوع انسان کو تکلیف میں ڈالنے کے لئے نہیں بلکہ آسانیاں پیدا کرنے کے لئے آیا ہے۔۱۲۱
شریعت کا فائدہ پھر آپ نے اس امر کی بھی وضاحت فرمائی کہ شریعت اس لئے نازل
نہیں ہوتی کہ اُس پر عمل کرنے کے نتیجہ میں خدا تعالیٰ کی شان بڑھتی ہے
الله
بلکہ اس لئے نازل کی جاتی ہے کہ بنی نوع انسان اُس کے احکام پر عمل کر کے ترقی کریں کیونکہ
اس کا ہر حکم انفرادی اور قومی ترقی کے ساتھ تعلق رکھتا ہے، خدا تعالیٰ کو اُن احکام پر عمل کرنے
سے کوئی فائدہ نہیں پہنچتا۔چنانچہ اللہ تعالیٰ بنی نوع انسان کو اسی نکتہ کی طرف توجہ دلاتے ہوئے
فرماتا ہے کہ تم میں سے جو شخص نیکی کرے گا وہ اپنے نفس کے لئے کریگا اور جو شخص بدی کا ارتکاب
کرے گا اُس کا وبال بھی اس کی جان پر پڑے گا ، خدا تعالیٰ اپنے بندوں پر کوئی ظلم نہیں کرتا۔۱۲۲
قرآن کریم کی کامل تعلیم پھر تعلیم کتاب کے لحاظ سے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے
وہ تعلیم پیش کی جو اپنے ہر پہلو کے لحاظ سے کامل ہے آپ
نے بتایا کہ انسان پر اُس کے ماں باپ کے کیا حقوق ہیں؟ بھائی بہنوں کے کیا حقوق
ہیں ؟ بیوی کے خاوند پر اور خاوند کے بیوی پر کیا حقوق ہیں؟ ہمسائیوں کے کیا حقوق ہیں؟
یتامی و مساکین کے کیا حقوق ہیں ؟ بیواؤں کے کیا حقوق ہیں؟ دوستوں کے کیا حقوق
ہیں ؟ اسی طرح آپ نے سیاست ملکی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ سرحدوں کی حفاظت کیا
کرو، لڑائیوں کے متعلق متعدد احکام دیئے، معاہدات کی پابندی کی تلقین کی ، اقوام عالم کے
جھگڑوں کے تصفیہ کے قواعد بیان کئے غرض انفرادی مسائل یا قومی زندگی میں جن مشکلات کا
سامنا ہوسکتا تھا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان پر روشنی ڈالی اور ان کا کامیاب حل بتا یا۔پھر اس کیساتھ ہی آپ نے اس امر کی صراحت فرما دی کہ گو اس کتاب میں وہ تمام ضروری
امور بیان کر دیئے گئے ہیں جن کا مذہبی یا روحانی یا اخلاقی ترقی کیساتھ تعلق ہے مگر انسانی دماغ
کی ترقی کے لئے اجتہاد اور غور اور فکر کا بھی سلسلہ جاری رکھا گیا ہے تا کہ انسانی دماغ گند ہو
کر نہ رہ جائے اور وہ اندھی تقلید کا شکار نہ ہو جائے۔تعلیم حکمت
محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا تیسر اعظیم الشان کام تعلیم حکمت تھا اس لحاظ
سے آپ نے ایک بے مثال معلم کے فرائض سرانجام دیئے۔پہلی تمام کتب
کو دیکھ لو وہ صرف اتنا کہتی ہیں کہ ایسا کرو اور ایسا نہ کرو، مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے
یہ بھی بتایا کہ ایسا کیوں کرو اور کیوں نہ کرو۔وہ شراب اور جوئے سے روکتا ہے تو اس کی
حکمت بھی بتا تا ہے اور کہتا ہے کہ ان چیزوں کے نقصانات ان کے فوائد سے زیادہ ہیں۔وہ نماز اور روزے کا حکم دیتا ہے تو ان کے فوائد بھی بیان کرتا ہے اور بتاتا ہے کہ نماز تمام مخش
اور نا پسندیدہ کاموں سے انسان کو بچاتی ہے ۱۲۴ اور روزوں کا حکم اس لئے دیا گیا ہے۔کہ تم
۵۰۷
میں تقویٰ پیدا ہو۔۱۲۵
غرض اسلام احکام کے ساتھ حکمتیں بھی بیان کرتا ہے اور یہ اسلام کی اتنی بڑی فضیلت
ہے جس کا مقابلہ دنیا کا اور کوئی مذہب نہیں کر سکتا، آپ نے بتایا کہ خدا تعالیٰ حکیم بھی ہے وہ
کوئی حکم بغیر کسی حکمت کے نہیں دیتا پس خدائی تعلیم کے یہ معنے نہیں کہ اُس کے احکام حکمتوں
سے خالی ہوں اور محض جبر کے طور پر کچھ باتیں منوانے کی کوشش کی گئی ہو بلکہ خدا تعالیٰ کی
طرف کسی بات کا منسوب ہونا تقاضا کرتا ہے کہ وہ بات لازمی طور پر مختلف قسم کی حکمتوں سے پر
ہو، تاکہ انسانی دل انقباض محسوس نہ کرے بلکہ وہ خوش ہو کہ جس حکم پر میں عمل کر رہا ہوں اُس
میں میرا بھی فائدہ ہے اور دوسرے بنی نوع انسان کا بھی فائدہ ہے۔تزکیہ نفوس چوتھا اور اہم کام جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سپرد کیا گیا تھا وہ
تزکیۂ نفوس ہے یعنی لوگوں کے دلوں میں ایسی پاکیزگی پیدا کرنا کہ
وہ خدا تعالیٰ کے قریب ہو جائیں اور اُس کی قدرتوں کا جلوہ گاہ بن جائیں، محمد رسول اللہ صلی اللہ
علیہ وسلم نے اس کام کو بھی ایسے احسن طریق سے پورا کیا ہے کہ دوست ہی نہیں دشمن بھی اس
بات کے معترف ہیں کہ آپ نے دنیا میں ایک انقلاب پیدا کر دیا۔آپ جس زمانہ میں مبعوث ہوئے ہیں اس زمانہ میں مذہب ہی نہیں انسانیت بھی
مر چکی تھی اور شرافت دنیا سے مفقود ہو چکی تھی۔ہر قسم کا فسق و فجو رلوگوں میں پایا جاتا تھا اور ہر
قسم کی نیکی عنقا تھی یہاں تک کہ بدی کا احساس بھی لوگوں کے قلوب سے مٹ چکا تھا اور وہ
ندامت اور شرمندگی محسوس کرنے کی بجائے بدیوں کے ارتکاب پر فخر محسوس کرتے تھے۔ایسے خطر ناک زمانہ میں آپ نے تزکیہ نفوس کا کام شروع کیا اور ہر قسم کی روکوں اور انتہائی
مظالم کے باوجود اس کام کو جاری رکھا یہاں تک کہ وہ دن آگیا کہ صدیوں کے مُردوں نے
اپنے اندر زندگی کی روح محسوس کی ، قبروں میں دبے پڑے لوگ باہر نکل آئے ، اندھوں نے
بینائی حاصل کی ، لولے اور لنگڑے چلنے لگے ، کمزوروں نے اپنے اندر طاقت کی ایک لہر دوڑتی
ہوئی پائی ، بیماروں نے صحت کے آثار محسوس کئے اور جہالت کی جگہ علم نے ، جمود کی جگہ سعی عمل کی
نے ، شیطنت کی جگہ روحانیت نے اور بدی کی جگہ نیکی نے لے لی۔برسوں کے مسخ شدہ انسان
آپ کے فیض صحبت سے ایسے پاک ہوئے کہ اُن کی کایا پلٹ گئی ، وہ خدائے واحد کے آستانہ
کی طرف کھینچے گئے اور دنیا کی ہدایت کے لئے ایک ایسا مینار بن گئے کہ آج بھی اُن کی روشنی
۵۰۸
نیند کے ماتوں کو بیدار کرنے اور انہیں چاق و چوبند بنانے کے کام آرہی ہے۔غرض اس روحانی گورنر جنرل کو خدائے واحد کی طرف سے جس انعام کا وعدہ دیا گیا تھا تو
وہ وعدہ بڑی شان کے ساتھ پورا ہوا۔آپ کو اللہ تعالیٰ نے گوثَر عطا کیا اور ہر رنگ میں اتنی
برکات اور انعامات کے ساتھ نوازا کہ انسان کے لئے اُن کا شمار کرنا بھی مشکل ہے۔ایک کثیر الخیر روحانی فرزند کے پیدا ہونے کی پیشگوئی پھر گوٹر کے
ایک معنے الرَّجلُ
كَثِيرُ الْعَطَاءِ وَالْخَيْرِ ۱۲۶ کے بھی ہیں یعنی ایسا انسان جو بڑا سخی ہو اور دنیا میں کثرت سے کی
نیکی پھیلانے والا ہو۔اس لحاظ سے اللہ تعالیٰ نے ان الفاظ میں یہ بیان فرمایا تھا کہ اے محمد
رسول اللہ ! ہم اب بھی تجھے ہر قسم کی نعمتوں کی کثرت دینگے اور آئندہ زمانہ میں بھی تجھے ایک
بہت بڑا روحانی فرزند عطا کریں گے جو کثیر الخیر ہو گا اور کثرت سے قرآن کریم کے علوم اور
اس کے معارف دنیا میں پھیلائے گا خود رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی مفہوم میں یہ
پیشگوئی فرمائی کہ يُفِيْضُ الْمَالَ ، یعنی آنے والا مسیح کثرت کے ساتھ لوگوں میں روحانی
دولت تقسیم کریگا مگر اس کے ساتھ ہی قرآن کریم نے اِنَّا اَعْطَيْنكَ الْكَوْثَرَ میں اس طرف
بھی اشارہ فرما دیا ہے کہ آنے والا مسیح اُمتِ محمدیہ کا ایک فرد ہوگا کیونکہ اِنَّا اَعْطَینک میں۔بتایا گیا ہے کہ یہ مسیح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیا جائے گا اور اس کا وجود ثابت کر دیگا کہ محمد
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ابتر نہیں ، پس وہ آپ کا ہی روحانی بیٹا ہوگا ، باہر کا کوئی آدمی نہیں ہو گا۔تمام مخالف اقوام ابتر ہو کر رہ گئیں اس جگہ پہلے معنوں کے لحاظ سے دشمنوں سے
مراد ابو جہل، عتبہ اور شیبہ وغیرہ ہیں ، مگر دوسرے
معنوں کے لحاظ سے شا نِک سے وہ تمام قومیں مراد ہیں جو آج اسلام پر حملہ کر رہی ہیں
چنانچہ دیکھ لو جب اسلام ضعیف ہو گیا، مسلمانوں کی طاقتیں کمزور ہوگئیں اور عیسائی مصنفوں نے
یہ لکھنا شروع کر دیا کہ اب اسلام ترقی نہیں کر سکتا اور خود مسلمان مصنفین نے بھی دشمن کے مقابلہ
میں معذرتیں شروع کر دیں، اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو مبعوث فرمایا اور آپ
نے دنیا کو چیلنج کیا کہ میں محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم کا روحانی بیٹا ہوں اور میں اس بات کا ایک
زندہ ثبوت ہوں کہ آج محمدی چشمہ کے سوا باقی تمام چشمے سوکھ گئے ہیں اور میں اس چشمہ کا پانی
پی کر زندہ ہوا ہوں۔اگر تم سمجھتے ہو کہ تم بھی کسی زندہ مذہب کے پیرو ہو تو تم میرے سامنے وہ
۵۰۹
زندہ شخص پیش کرو جس پر خدا تعالیٰ کا تازہ کلام اُترتا ہو۔مگر واقعات بتا رہے ہیں کہ اس چیلنج کے
مقابلہ میں دنیا کی ساری قو میں ابتر ہو کر رہ گئیں اور وہ اسلام کے پہلوان کے مقابلہ میں اپنا کوئی
پہلوان پیش نہ کر سکیں۔ساٹھ سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے مگر نہ ہندو کوئی روحانی بیٹا پیش کر
سکے ہیں نہ عیسائی کوئی روحانی بیٹا پیش کر سکے ہیں نہ یہودی کوئی روحانی بیٹا پیش کر سکے ہیں ، نہ
بدھ یا کنفیوشس مذہب کے پیرو کوئی روحانی بیٹا پیش کر سکے ہیں ، نہ یورپ کا فلسفہ کوئی بیٹا پیش
کر سکا ہے۔ساٹھ سال سے محمد رسول
اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے روحانی بیٹے کا چیلنج موجود ہے کہ
اگر تمہارے اندر کوئی نور اور صداقت ہے تو تم میرے مقابلہ میں وہ شخص پیش کر و جس نے
تمہارے مذہب پر چل کر خدا تعالیٰ کے مکالمات کا شرف حاصل کیا ہو اور اس کی تازہ وحی اور
نشانات کا مورد ہوا ہو مگر کوئی مذہب اپنا روحانی بیٹا پیش نہیں کر سکا۔پس جس طرح آج سے تیرہ سو سال پہلے اللہ تعالیٰ نے اپنے اس انعام کو پورا کیا اور
محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہر قسم کی نعماء سے حصہ عطا فر مایا اسی طرح اُس نے تیرہ سو سال
کے بعد ایک بار پھر دنیا پر یہ ثابت کر دیا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہی صاحب اولاد ہیں
اور آپ کے دشمن ہی ابتر ہیں۔محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مقام محمود کی بشارت پھر اسی در بار خاص میں
ایک اور عظیم الشان انعام
بھی اس خدائی گورنر جنرل کو عطا کیا گیا اور کہا گیا کہ عَسَى أَنْ يُبْعَثَكَ رَبُّكَ
مَقَامًا مَّحْمُودًا ۱۲۸ یعنی اے محمد رسول اللہ ! عنقریب وہ زمانہ آنے والا ہے کہ ہر دوست
اور دشمن تیری تعریف میں رطب اللسان ہوگا اور ہر مقام پر تیرے بلند اخلاق اور اعلیٰ درجہ کے
کردار کا چرچا ہو گا۔اس انعام کا اعلان بھی ایسی حالت میں کیا گیا جب دنیا اپنی نابینائی کی وجہ
سے اس خدائی گورنر جنرل کا حسن دیکھنے سے عاری تھی اور وہ اپنی مخالفت کے جوش میں اسے
محمد کہنے کی بجائے مذقم کہہ کر پکارا کرتی تھی مگر ابھی ایسی مخالفت پر کچھ زیادہ عرصہ گزرنے نہیں
پایا تھا کہ اُس کا روحانی حسن ظاہر ہونا شروع ہوا اور لوگوں کو محسوس ہوا کہ انہوں نے سونے کو
پیتل اور ہیرے کو کوئلہ قرار دیکر ہمالیہ سے بھی بڑی غلطی کا ارتکاب کیا ہے۔ہر وصف میں یکتا اور بے نظیر نبی انہوں نے تعصب کی پٹی اپنی آنکھوں سے اُتار کر
اس کے اخلاق فاضلہ کو دیکھا تو انہیں بے مثال پایا
۵۱۰
اور اس کے زندگی بخش کلام کو سُنا تو اُسے تمام کلاموں سے افضل پایا، اس کے علم کو دیکھا تو دنیا
کے بڑے بڑے عالموں کو اس کے سامنے جاہل پایا، اس کی معرفت کو دیکھا تو بڑے بڑے
عارفین کو اُس کے آگے زانوئے تلمذ تہہ کرتے دیکھا ، اس کی محبت اور تعلق باللہ کو دیکھا تو
اللہ تعالیٰ کا ویسا عاشق اور سچا عبادت گزار انہیں ساری دنیا میں نظر نہ آیا ، انہوں نے اس
کے دلائل و بینات کا جائزہ لیا تو اُنکا رڈ کرنے کی دُنیا کے کسی مذہب میں طاقت نہ پائی ،
اس کی دعاؤں کی قبولیت کو دیکھا تو انہیں بے نظیر پایا، اس کے فیوض و برکات اور اس کی
تعلیمات کا مشاہدہ کیا تو دنیا میں اُن کا کوئی ثانی نہ دیکھا ، اس کی پیشگوئیوں پر انہوں نے نظر
دوڑائی تو انہیں آپ کی صداقت اور راستبازی کا ایک بڑا نشان دیکھا۔غرض جس پہلو سے بھی
انہوں نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا ، اُسے مجسمہ حسن واحسان پایا اور وہ آپ کے
ایسے والہ وشیدا ہوئے کہ تمام دنیوی علائق کو توڑ کر وہ آپ سے ایسے وابستہ ہو گئے اور اس عہدِ وفا کو
کو
انہوں نے مرتے دم تک اس خوبی سے نباہا کہ پہلی امتیں اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہیں۔زبانوں پر حمد کے ترانے یہی وہ چیز تھی جس کی خدا تعالی کی طرف سے ان الفاظ میں خبر
دی گئی تھی کہ عَسَى أَنْ يَبْعَثَكَ رَبُّكَ مَقَا مَّا مَّحْمُودًا۔یعنی اے محمد رسول اللہ ! آج لوگ تیرا حسن دیکھنے سے قاصر ہیں وہ تجھے ایسی گٹھلی سمجھتے ہیں جو
پاؤں تلے روندی جائیگی ، ایک ایسا بیج خیال کرتے ہیں جسے پرندے اُچک کر لے جائیں گے
مگر ہم نے تیرے اندر ایسی خوبیاں ودیعت کر دی ہیں کہ جوں جوں ان خوبیوں کا ظہور ہوتا
جائے گا تیری حمد کے ترانے لوگوں کی زبانوں پر جاری ہوتے جائیں گے اور مذمم کہنے والے
تجھ پر درود اور سلام بھیجیں گے چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ اسلام کے وہ تمام مسائل جن پر یورپ
کے مدبرین اور بڑے بڑے فلاسفر بھی اعتراض کیا کرتے تھے آج دنیا اُن کی معقولیت کی قائل
ہو رہی ہے اور وہ تسلیم کرتی ہے کہ دنیا کی مشکلات کا صحیح حل صرف محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
کی پیش کر دہ تعلیم میں ہی ہے۔اسلامی تعلیم کی برتری کا اعتراف ایک زمانہ ایسا گزرا ہے جب تو حید کے اعلان پر
محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے
ساتھیوں کو انتہائی مصائب کا نشانہ بنایا گیا مگر آج ساری دنیا خدائے واحد کے آستانہ پر سر
جُھکائے ہوئے ہے بلکہ وہ لوگ جو مذہبا تثلیث کے قائل ہیں یا مذ ہبا سینکڑوں دیوتاؤں کو تسلیم
۵۱۱
کرتے ہیں وہ بھی یہی کہتے ہیں کہ خدا تو ایک ہی ہے باقی سب اُس کے ظہور ہیں۔پھر شراب
کو اچھا سمجھا جاتا تھا، اسلام کے مسئلہ طلاق پر اعتراض کیا جاتا تھا، تعدد ازدواج کو عورتوں کے
لئے شدید ظلم قرار دیا جاتا تھا ، سود کو تجارت کا ایک لازمی جزو سمجھتے ہوئے بڑا مفید خیال کیا جاتا
تھا، پردہ کو بُرا قرار دیا جاتا تھا، ورثہ کے مسائل کو درست نہیں سمجھا جاتا تھا مگر آج دنیا ٹھوکریں
کھا کر اس تعلیم کی طرف آرہی ہے جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پیش کی کیونکہ خدا نے
یہ اعلان فرمایا تھا کہ وہ آپ کو مقام محمود عطا کر یگا اور دنیا آپ کے اخلاق اور آپ کی تعلیم کی
برتری کی وجہ سے اپنے دل کی گہرائیوں سے آپ کی تعریف کریگی۔دشمنوں کے منہ سے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریف حقیقت یہ ہے
کہ محمد رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے تمام فضائلِ حسنہ سے اس طرح متصف کر کے مبعوث فرمایا ہے
کہ کوئی خوبی نہیں جو آپ میں نہ پائی جاتی ہو اور کوئی کمال نہیں جو آپ کے اندر نہ دکھائی دیتا
ہوا اور پھر ہر کمال اپنے اپنے دائرہ میں ایسی امتیازی شان کے ساتھ آپ کے اندر پایا جاتا ہے
که دوست تو الگ رہے، دشمن بھی آپ کی تعریف کرنے پر مجبور ہیں اور وہ آپ کے اخلاق کی
بلندی اور آپ کے کردار کی پاکیزگی کے معترف ہیں۔سرولیم میور کا اقرار کہ محمد رسول
اللہ نے ایک نئی دنیا پیدا کی ہے سرولیم میور اسلام۔کا ایک شدید ترین
دشمن ہے مگر اس نے بھی جب اُس انقلاب پر نگاہ دوڑائی جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے
عرب کی سرزمین میں پیدا کیا تو وہ بھی یہ الفاظ لکھنے پر مجبور ہو گیا کہ :۔یہ کہنا کہ اسلام کی صورت عرب کے حالات کا ایک لازمی نتیجہ تھی
ایسا ہی ہے جیسا کہ یہ کہنا کہ ریشم کے باریک تاگوں میں سے آپ ہی ایک
عالیشان کپڑا تیار ہو گیا ہے یا یہ کہنا کہ جنگل کی بے تراشی لکڑیوں سے ایک
شاندار جہاز تیار ہو گیا ہے یا پھر یہ کہنا کہ گھر دری چٹان کے پتھروں میں
سے ایک خوبصورت محل تیار ہو گیا ہے اگر محمد (صلی اللہ علیہ وسلم ) اپنے
ابتدائی عقائد پر پختہ رہتے ہوئے عیسائیت اور یہودیت کی سچائی کی
راہنمائی کو قبول کرتے چلے جاتے اور اپنے متبعین کو ان دونوں مذاہب کی
۵۱۲
سادہ تعلیم پر کاربند رہنے کا حکم دیتے تو دنیا میں شاید ایک ولی محمدی ممکن ہے
کہ ایک شہید محمد پیدا ہو جاتا جو عرب کے گرجا کی بنیا د رکھنے والا قرار پاتا،
لیکن جہاں تک انسانی عقل کام دیتی ہے کہا جا سکتا ہے کہ اس صورت میں
آپ کی تعلیم عرب کے دل کی گہرائیوں میں تلاطم پیدا نہ کر سکتی اور سارا
عرب تو الگ رہا اس کا کوئی معقول حصہ بھی آپ کے دین میں داخل نہ
ہوتا ، لیکن باوجود ان تمام باتوں کے آپ نے اپنے انتہائی کمال کے ساتھ
ایک ایسی گل ایجاد کی کہ جسکی موقع کے منا سب ڈھل جانیوالی قوت کے
ساتھ آپ نے آہستہ آہستہ عرب قوم کی پراگندہ اور شکستہ چٹانوں کو ایک
متناسب محل کی شکل میں بدل دیا اور ایک ایسی قوم بنا دیا جس کے خون میں
زندگی اور طاقت کی لہریں دوڑ رہی تھیں۔ایک عیسائی کو وہ عیسائی نظر آتے
تھے ، ایک یہودی کی نگاہ میں وہ ایک یہودی تھے ، ایک مکہ کے بُت پرست
کی آنکھ میں وہ کعبہ کے اصلاح یافتہ عبادت گزار تھے اور اس طرح ایک
لاثانی ہنر اور ایک بے مثال دماغی قابلیت کے ساتھ انہوں نے سارے
عرب کو خواہ کوئی بت پرست تھا، یہودی تھا کہ عیسائی تھا مجبور کر دیا کہ وہ
ان کے قدموں کے پیچھے ایک سچے مطیع کے طور پر جس کے دل سے ہر قسم کی
مخالفت کا خیال نکل چکا ہو چل پڑے۔یہ فعل اُس صناع کا ہوتا ہے جو اپنا
مصالح آپ تیار کرتا ہے اور یہاں اس مصالح کی مثال چسپاں نہیں ہوتی
جو کہ آپ ہی آپ بن جاتا ہے اور اس مصالح کے ساتھ تو اس کو بالکل ہی
کوئی مشابہت نہیں جو اپنے صناع کو خود تیار کرتا ہے یہ محمد (صلی اللہ علیہ وسلم)
کی ذات تھی جس نے اسلام بنایا یہ اسلام نہیں تھا اور نہ کوئی اور پہلے سے موجود
اسلامی روح تھی جس نے محمد (صلی اللہ علیہ وسلم ) کو بنایا۔۱۳۹۴
سرولیم میور چونکہ اسلام کا شدید مخالف تھا اس لئے گو اُس نے یہ کہا کہ اسلام آنحضرت صلی اللہ
علیہ وسلم کا تیار کردہ ہے لیکن اس کے ساتھ ہی اس صداقت کا بھی اُس نے کھلے بندوں اقرار
کیا کہ دنیا نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو پیدا نہیں کیا بلکہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک نئی دنیا پیدا کی
ہے اور یہ کام یقیناً خدا تعالیٰ کے فرستادوں کے سوا اور کوئی نہیں کر سکتا۔
۵۱۳
پس محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خدا تعالیٰ نے وہ مقام محمود عطا کیا کہ آپ کا حسن
کبھی دشمن کی آنکھوں میں بھی عرفان کی ایک جھلک پیدا کر دیتا ہے اور وہ بھی آپ کی ستائش
کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔پھر اخلاق فاضلہ کو لو تو
اخلاق فاضلہ کے لحاظ سے محمد رسول اللہ کا بلند مقام کوئی خُلق نہیں جس میں
آپ نے دنیا کے لئے ایک بے مثال نمونہ نہ چھوڑا ہو اور ہر شخص آپ کے ان اخلاق کو دیکھ کر آپ کی
تعریف کرنے پر مجبور نہ ہو مثال کے طور پر بہادری کو لے لو، استقلال کو لے لو، سخاوت کو لے لو، حیا کو
لے لو، انصاف کو لے لو، رحم کو لے لو، دوستوں اور دشمنوں سے آپ کے معاملات کو دیکھ لو، جنگ میں
آپ کی ہوشیاری کو دیکھ لو، عورتوں اور بچوں سے معاملات کو لے لو، آپ کے تنظیمی کارناموں پر نظر
ڈالو، آپ کی جرنیلی شان کو ملاحظہ کرو تمہیں دکھائی دیگا کہ ہر پہلو کے لحاظ سے آپ کو مقام محمود حاصل
ہے اور ہر معاملہ میں دنیا آپ کی اقتداء کرنے پر مجبور ہے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بہادری آپ کی بہادری کی یہ کیفیت تھی کہ مدینہ
میں ایک دفعہ باہر جنگل کی طرف سے شور کی
آواز آئی ، ان دنوں یہ خبریں مشہور ہو رہی تھیں کہ روما کی حکومت مدینہ پر حملہ کر نیوالی ہے،
اس شور کی آواز پر تمام مسلمانوں میں گھبراہٹ پیدا ہو گئی اور وہ اس ارادہ کے ساتھ مسجد
میں جمع ہوئے کہ مشورہ کے بعد کچھ لوگوں کو باہر بھجوا دیا جائے جو دیکھیں کہ یہ کیسا شور ہے مگر
ابھی وہ جمع ہی ہو رہے تھے کہ انہوں نے دیکھا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے گھوڑے کی
ننگی پیٹھ پر بیٹھے ہوئے باہر سے تشریف لا رہے ہیں، آپ نے آتے ہی فرمایا میں شور کی آواز
سنکر فوراً باہر چلا گیا تھا اور میں نے چکر لگا کر دیکھ لیا ہے خطرہ کی کوئی بات نہیں ، اطمینان سے
اپنے اپنے گھروں کو چلے جاؤ۔۱۳۰
صبر و استقلال صبر و استقلال آپ کے اندر اس قدر پا یا جا تا تھا کہ مکی زندگی میں کفار کی
طرف سے آپ کو سخت سے سخت تکالیف دی گئیں ، آپ کو بُرا بھلا کہا گیا ،
آپ کو شعب ابی طالب میں ایک لمبے عرصہ تک محصور رکھا گیا، آپ کا مقاطعہ کیا گیا ، آپ کے
گلے میں پڑکا ڈال کر اسقدر گھونٹا گیا کہ آپ کی آنکھیں باہر نکل آئیں ، آپ پر پتھروں کی اسقدر
بوچھاڑ کی گئی کہ طائف سے آتے وقت آپ سر سے پاؤں تک لہولہان ہو گئے ۳۱ مگر ان تمام
۵۱۴
تکالیف کے باوجود آپ جس پیغام کو لیکر کھڑے ہوئے تھے اُسے اُٹھتے بیٹھتے، سوتے اور جاگتے
آپ نے لوگوں تک پہنچایا اور ایک لمحہ کے لئے بھی آپ کے پائے ثبات میں جنبش نہیں آئی۔سخاوت آپ کے اندر اس قدر پائی جاتی تھی کہ اگر آپ سے کوئی چیز مانگی جاتی اور
سخاوت
وہ آپ کے پاس موجود ہوتی تو آپ اس کے دینے میں کبھی دریغ نہ فرماتے اور
یہ سخاوت عمر بھر آپ کا معمول رہی مگر صحابہ کہتے ہیں کہ رمضان المبارک کے ایام آتے تو اُن
دنوں آپ کی سخاوت کا دائرہ غیر معمولی طور پر وسعت اختیار کر لیتا ، ۱۳۲ اسی سخاوت کا یہ نتیجہ
تھا کہ جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے وفات پائی تو آپ کے گھر میں کوئی درہم اور دینار
موجود نہیں تھا حالانکہ آپ اُس وقت عرب کے بادشاہ بن چکے تھے۔رحم دلی
حیا آپ کے اندر اسقدر پایا جاتا تھا کہ صحابہ کہتے ہیں آپ ایک کنواری لڑکی سے
بھی زیادہ حیادار تھے۔۱۳۳ رحم آپ کے اندر اس قدر پایا جاتا تھا کہ آپ اکثر
فرمایا کرتے تھے کہ جو شخص رحم نہیں کرتا اللہ تعالیٰ کی طرف سے بھی اُس پر رحم نہیں کیا جا تا ۱۳۴
آپ کا ایک نواسہ ایک دفعہ بیمار ہوا اور اُس کی حالت نازک ہو گئی۔آپ کی بیٹی نے آپ کی
طرف پیغام بھیجا، آپ تشریف لائے اور بچے کو دیکھا تو آپ کی آنکھوں سے آنسو رواں
ہو گئے ، ایک صحابی کہنے لگے یا رَسُولَ اللہ ! آپ بھی روتے ہیں آپ نے فرمایا ہاں اللہ تعالیٰ
نے مجھے سخت دل نہیں بنایا۔۱۳۵
عدل و انصاف انصاف آپ کے اندر اس قدر پا یا جا تا تھا کہ ایک دفعہ کسی بڑے خاندان
کی عورت نے چوری کی اور وہ پکڑی گئی اس پر بعض لوگوں نے چاہا کہ
اسکے متعلق رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں درخواست کی جائے کہ اسے کوئی سزا نہ
دی جائے کیونکہ یہ بڑے خاندان کی عورت ہے اس غرض کے لئے انہوں نے حضرت اسامہ کو
تیا ر کیا۔اسامہ نے جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس عورت کے متعلق سفارش کی
تو آپ کا چہرہ سرخ ہو گیا اور فرمایا خدا کی قسم ! اگر میری بیٹی فاطمہ بھی اس قسم کا جرم کرے تو
میں اُسکے بھی ہاتھ کاٹ دوں۔۱۳۶
بدر کی جنگ میں جن کفار کو مسلمانوں نے قید کر لیا تھا اُن میں حضرت عباس بھی شامل
تھے اور چونکہ وہ ناز و نعمت میں پلے ہوئے تھے اس لئے جب انہیں رسیوں سے جکڑا گیا تو
انہوں نے شدّت تکلیف کی وجہ سے کراہنا شروع کر دیا۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے