۲۔ سورۃ البقرة
تفسیر صغیر, حصہ 10
کیا تم اپنے رسول سے اسی طرح سوال کرنا چاہتے ہو جس طرح (اس سے) پہلے موسیٰ سے سوال کیے گئے تھے اور (بھول جاتے ہو کہ) جو شخص کفر کو ایمان سے بدل لے تو سمجھو[1] کہ وہ سیدھے راستے سے بھٹک گیا۔
[1] اس جگہ ’’سمجھو کہ‘‘ کے الفاظ فَقَدْ کا ترجمہ ہے۔ فَاء اپنے بعد ایک محذوف پر دلالت کرتا ہے جو ظاہر کیا گیا ہے۔
اہل کتاب میں سے بہت سے لوگ بعد اس کے کہ حق ان پر خوب کھل چکا ہے اس حسد کی وجہ سے جو ان کی اپنی ہی جانوں سے (پیدا ہوا) ہے چاہتے ہیں کہ تمہارے ایمان لے آنے کے بعد تمہیں پھر کافر بنا دیں۔ پس تم اس وقت تک کہ اللہ اپنے حکم کو نازل فرمائے انہیں معاف کرو اور (ان سے) درگزر کرو۔ اللہ یقیناً ہر ایک امر پر پورا (پورا) قادر ہے۔
اور نماز کو (مطابق شرائط) قائم رکھو اور زکوٰۃ ادا کرو، اور (یاد رکھو کہ) جو نیکی بھی تم اپنی ذات کے لئے آگے بھیجو گے تم اسے اللہ کے پاس پاؤ گے۔ اللہ تمہارے اعمال کو یقیناً دیکھ رہا ہے۔
اور وہ (یعنی یہودی اور مسیحی یہ بھی) کہتے ہیں کہ جنت میں سوائے ان (لوگوں) کے جو یہودی ہوں یا مسیحی [2]ہوں ہرگز کوئی نہیں داخل ہوگا، یہ (محض) ان کی آرزوئیں ہیں، تو (انہیں) کہہ دے کہ اگر تم سچے ہو تو اپنی دلیل پیش کرو۔
[2] اس کلام کے یہ معنے ہیں کہ یہودی کہتے ہیں کہ صرف یہودی، اور مسیحی کہتے ہیں کہ صرف مسیحی جنت میں داخل ہوں گے۔ یہ مرادنہیں کہ یہودی یہ سمجھتے ہیں کہ یہودی اور مسیحی ہی جنتی ہیں اور مسیحی سمجھتے ہیں کہ مسیحی اور یہودی ہی جنتی ہیں۔
(اور بتاؤ کہ دوسرے لوگ) کیوں نہیں (داخل ہوں گے) جو بھی اپنے آپ کو اللہ کے سپرد کردے اور وہ نیک کام کرنے والا (بھی) ہو تو اس کے رب کے ہاں اس کے لئے بدلہ (مقرر) ہے اور ان (لوگوں) کو نہ (آئندہ کے متعلق) کسی قسم کا خوف ہوگا اور نہ وہ (کسی سابق نقصان پر) غمگین ہوں گے۔
اور یہودی کہتے ہیں کہ مسیحی کسی (سچی) بات پر قائم نہیں ہیں اور مسیحی کہتے ہیں کہ یہود کسی (سچی) بات پر قائم نہیں ہیں۔ حالانکہ وہ دونوں (ایک ہی) کتاب (یعنی تورات) پڑھتے ہیں اسی طرح وہ (دوسرے) لوگ جو علم نہیں رکھتے انہی کی سی بات کہا کرتے تھے۔ سو جس (بات) میں یہ اختلاف کرتے ہیں اس کے متعلق اللہ قیامت کے دن ان کے درمیان فیصلہ کرے گا۔
اور اس (شخص) سے بڑھ کر کون ظالم (ہو سکتا) ہے جس نے اللہ کی مساجد سے (لوگوں کو) روکا کہ ان میں اس کا نام لیا جائے اور ان کی ویرانی کے درپے ہو گیا ان (لوگوں) کے لئے مناسب نہ تھا کہ ان (مساجد) کے اندر داخل ہوتے مگر (خدا سے) ڈرتے ہوئے ان کے لئے دنیا میں (بھی) رسوائی ہے اور آخرت میں (بھی) ان کے لئے بڑا عذاب (مقدر) ہے۔
اور مشرق و مغرب اللہ ہی کے ہیں اس لئے جدھر بھی تم رخ کرو گے ادھر ہی اللہ کی توجہ ہوگی۔ اللہ یقیناً وسعت دینے والا (اور) بڑا جاننے والا ہے۔
اور وہ کہتے ہیں کہ اللہ نے (اپنے لئے) ایک بیٹا[1] بنا لیا ہے (ان کی بات درست نہیں) وہ (تو ہر کمزوری سے) پاک [2]ہے، بلکہ جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے، اسی کا ہے۔ سب اس کے فرمانبردار ہیں۔
[1] وَلَدٌ کے معنے بیٹے کے بھی ہیں اور بیٹی کے بھی ہیں اور ایک کے لئے بھی اور دو کے لئے بھی اور زیادہ کے لئے بھی یہ لفظ بولا جاتا ہے۔ یہود اور نصاریٰ کے عقیدہ کو مدِّنظر رکھتے ہوئے اس جگہ ایک بیٹے کے معنے کیے گئے ہیں۔ ورنہ آیت کے یہ معنے ہیں کہ نہ اس کا بیٹا ہے نہ بیٹی۔ نہ ایک بیٹا بیٹی، نہ بہت سے بیٹے بیٹیاں۔
[2] سُبْحٰنَ اسم مصدر ہے اور ترکیب میں مفعول مطلق کے طور پر استعمال ہوا ہے۔ اس لئے موقعہ کے لحاظ سے اس کا فعل محذوف قرار دیا جائے گا۔ کسی جگہ ’’میں اس کی پاکیزگی بیان کرتا ہوں‘‘ کے الفاظ محذوف ہوں گے اور کسی جگہ ’’اس کی پاکیزگی بیان کرو‘‘ اور کسی جگہ ’’اس کی پاکیزگی بیان کی جاتی ہے‘‘ کے الفاظ۔ اس جگہ آخری معنوں کو مدنظر رکھ کر ’’پاک ہے‘‘ ترجمہ کیا گیا ہے۔
وہ آسمانوں اور زمین کو (بغیر کسی سابق نمونہ کے) پیدا کرنے والا ہے اور جب وہ کسی امر (کے عالم وجود میں لانے) کا فیصلہ کر لیتا ہے تو اس کے متعلق صرف یہ فرماتا ہے کہ تو ہو جا۔ سو وہ ہو جاتا ہے۔
اور وہ لوگ جو (خدا کی حکمتوں کا) علم نہیں رکھتے کہتے ہیں کہ اللہ کیوں ہم سے (براہ راست) بات نہیں کرتا یا (کیوں) ہمارے پاس کوئی نشان (نہیں) آتا؟ اسی طرح (بالکل) انہی کی سی بات (وہ بھی) کہا کرتے تھے جو ان سے پہلے (زمانہ کے لوگ) تھے۔ ان سب کے دل ہمرنگ ہو گئے ہیں ہم تو ایسے لوگوں[2] کے لئے جو یقین لے آتے ہیں ہر طرح کے نشانات کھول کر بیان کر چکے ہیں (مگر یہ لوگ مانتے نہیں)
[2] قوم کے معنے عربی زبان میں صرف ایک نسل کے انسانوں کے نہیں ہوتے بلکہ اعوان اور انصار کی جماعت کے بھی ہوتے ہیں۔ خواہ دنیوی وجوہ سے تعلق رکھتے ہوں یا دینی یا علمی یا کسی اور وجہ سے۔ تاج العروس میں لکھا ہے اَلْقَوْمُ: اَلْجَمَاعَۃُ مِنَ الرِّجَالِ وَالنِّسَآءِ لِاَنَّ قَوْمَ کُلِّ رَجُلٍ شِیْعَتُہٗ وَعَشِیْرَتُہٗ یعنی قوم کے معنے مردوں اور عورتوں کی ایک جماعت کے ہوتے ہیں کیونکہ قوم انسان کے رشتہ داروں یا اس کے مددگاروں اور ہم خیال لوگوں کی جماعت کا نام ہے۔ پس قوم کا ترجمہ اس جگہ ’’ایسے لوگوں‘‘ کے الفاظ سے کیا گیا ہے۔ کیونکہ اردو میں ایسا کوئی لفظ نہیں جو سیاسی، علمی، نسلی، دینی سب قسم کے لوگوں کی جماعت پر حاوی ہو سکے۔ قَوْمٌ کا لفظ اردو میں نسلی معنوں میں محدود ہو کر رہ گیا ہے۔
ہم نے تجھے یقیناً خوشخبری دینے والا اور ڈرانے والا بنا کر حق (اور راستی) کے ساتھ بھیجا ہے اور دوزخیوں کے متعلق تجھ سے کوئی باز پرس نہ کی جائے گی۔