۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 9

اور تو یقیناً انہیں (بھی) اور بعض ان لوگوں کو (بھی) جو مشرک ہیں سب لوگوں سے زیادہ زندگی کا حریص پائے گا۔ ان میں سے (ہر) ایک (یہی) چاہتا ہے کہ اسے ہزار سال کی عمر مل جائے حالانکہ یہ (امر یعنی) اس کا (لمبی) عمر[1] پانا اس کو عذاب سے نہیں بچا سکتا اور جو کچھ وہ کرتے ہیں اللہ اسے دیکھ رہا ہے۔

[1] قرآن کریم میں ھُوَ کا لفظ ہے جس کے معنے ’’وہ‘‘ کے ہیں مگر چونکہ اس سے پہلے لَوْ یُعَمَّرُ کے الفاظ گزر چکے ہیں جن کی قائم مقام ضمیر ہے۔ اس لئے ان معنوں کو ترجمہ میں کھول دیا گیا ہے۔

تو (ان سے) کہہ دے کہ جو شخص اس وجہ سے جبرائیل کا دشمن ہو کہ اس نے تیرے دل پر اللہ کے حکم سے اس (کتاب) کو اتارا ہے جو اس (کلام) کو جو اس سے پہلے موجود ہے سچا کرنے والی ہے اور مومنوں کے لئے ہدایت اور بشارت ہے۔

(تو اسے یاد رہے کہ) جو شخص (بھی) اللہ اور اس کے فرشتوں اور اس کے رسولوں اور جبرائیل اور میکائیل کا دشمن ہو تو (ایسے) کافروں کا اللہ بھی یقیناً دشمن ہے۔

اور ہم نے تجھ پر یقیناً کھلے کھلے نشان نازل کیے ہیں اور نافرمانوں کے سوا ان کا کوئی انکار نہیں کرتا۔

اور کیا (یہ بری بات نہیں کہ) جب بھی ان لوگوں نے کوئی عہد کیا تو ان میں سے ایک فریق نے اسے پھینک دیا (یہی نہیں) بلکہ ان میں سے اکثر (تو) ایمان کے قریب بھی نہیں پھٹکتے۔

اور جب ان کے پاس اللہ کی طرف سے ایک ایسا رسول آیا جو اس (کتاب) کو جو ان کے پاس ہے سچا کرنے والا ہے تو ان لوگوں میں سے جنہیں (وہ) کتاب دی گئی تھی ایک فریق نے اللہ کی (تازہ) کتاب کو اپنی پیٹھوں کے پیچھے پھینک دیا گویا کہ وہ (اسے) جانتے ہی نہیں۔

نیز وہ (یہودی) اس (طریق عمل) کے پیچھے پڑ گئے جس کے پیچھے سلیمان کی حکومت کے زمانہ میں (اس کی حکومت کے) باغی[1] پڑے رہتے تھے۔ اور سلیمان کافر نہ تھا بلکہ (اس کے) باغی کافر تھے۔ وہ لوگوں کو دھوکا دینے والی باتیں سکھاتے تھے اور (بزعم خود) اس بات کی (بھی نقل کرتے ہیں) جو بابل میں دو فرشتوں ہاروت و ماروت[2] پر اتاری گئی تھی۔ حالانکہ وہ دونوں (تو) جب تک یہ نہ کہہ لیتے تھے کہ ہم (خداتعالیٰ کی طرف سے) آزمائش کے طور پر (مقرر ہوئے) ہیں۔ اس لئے (اے مخاطب! ہمارے احکام کا) انکار نہ کرنا، کسی کو (کچھ) نہیں سکھاتے تھے جس پر وہ (لوگ) ان (دونوں) سے وہ بات سیکھتے تھے جس کے ذریعہ سے وہ مرد اور اس کی بیوی کے درمیان تفریق کر دیتے[3] تھے اور وہ اللہ کے حکم کے سوا کسی کو بھی اس (بات) کے ذریعہ سے ضرر نہیں پہنچاتے تھے اور (اس کے بالمقابل) یہ (یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دشمن) تو وہ بات سیکھ رہے ہیں جو انہیں ضرر دے گی اور نفع نہیں دے گی اور یہ لوگ یقیناً جان چکے ہیں کہ جو اس (طریق) کو اختیار کر لے آخرت میں اس کا کوئی بھی حصہ نہیں اور وہ چیز جس کے بدلہ میں انہوں نے اپنے آپ کو بیچ رکھا ہے، بہت ہی بری ہے، کاش کہ یہ جانتے۔

[1] شَیْطَان کے معنے ہیں کُلُّ عَاتٍ مُّتَمَرِّدٍ: ہر سرکش اور حد سے بڑھنے والا (اقرب) مفردات راغب میں بھی وَاتَّبَعُوْا مَا تَتْلُوا الشَّیٰـطِیْنُ میں شیاطین سے سرکش انسان مراد لئے گئے ہیں۔ اس لئے ہم نے ترجمہ میں ’’باغی‘‘ کا لفظ استعمال کیا ہے۔

[2] دو فرشتوں یعنی دو فرشتہ خصلت آدمیوں پر (تفصیل کے لئے دیکھیں تفسیر کبیر سورۃ البقرۃ جلد دوم صفحہ ۶۵)۔

[3] یُفَرِّقُوۡنَ بِہٖ بَیۡنَ الۡمَرۡءِ وَ زَوۡجِہٖ یعنی وہ خاص دینی تعلیم ان کو دیتے تھے جس کی وجہ سے جو عورت ایمان لے آتی تھی، وہ ایمان نہ لانے والے مرد کی پروا نہیں کرتی تھی اور جو مرد ایمان لے آتا تھا وہ ایمان نہ لانے والی عورت کی پروا نہیں کرتا تھا، بلکہ اگر میاں بیوی میں سے بیوی ایمان لے آتی تو وہ اس تعلیم کو جو اسے سکھائی جاتی تھی مقدم رکھ کر اپنے خاوند سے اپنی جماعت کی باتیں چھپانے لگ جاتی اور اگر مرد ایمان لے آتا تو وہ اپنی بیوی سے باتیں چھپانے لگ جاتا اور دونوں ایک دوسرے کو اپنا راز دار نہیں بناتے تھے۔ صرف خدا تعالیٰ کے رسول یا اس کے نائبوں کو راز دار بناتے تھے۔

اور اگر یہ لوگ ایمان لاتے اور تقویٰ اختیار کرتے تو (انہیں معلوم ہو جاتا کہ) اللہ کی طرف سے ملنے والا بدلہ (ہی) بہترین (بدلہ) ہے۔ کاش کہ یہ جانتے!

اے ایمان دارو! (رسول کو مخاطب کرکے) رَاعِنَا [1]مت کہا کرو اور اُ نْظُرْنَا کہا کرو۔ اور (توجہ سے اس کی بات) سنا کرو اور (یاد رکھو کہ) منکروں کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔

[1] عربی میں کسی کو متوجہ کرنا ہو تو رَاعِنَا کہتے ہیں مگر یہ اس وقت کہا جاتا ہے جبکہ دونوں گروہ برابر درجہ کے ہوں۔ کیونکہ رَاعِنَا کے معنے ہیں کہ تو ہمارا خیال رکھ، ہم تیرا خیال رکھیں گے۔ لیکن جب مخاطب درجہ میں بڑا ہو تو اس وقت رَاعِنَا نہیں کہتے بلکہ اُنْظُرْنَا کہتے ہیں۔ یعنی اے حضور! ہمارا بھی خیال رکھیئے اور ایسی طرز پر بات کیجیے کہ ہم بھی سمجھ سکیں۔ اس آیت میں مسلمانوں کو یہی کہا گیا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو رَاعِنَا نہ کہا کرو اس سے تمہارے دلوں میں بے ایمانی پیدا ہوگی۔ کیونکہ اس لفظ کے اصل معنے یہ ہیں کہ ہم تم برابر ہیں۔ تم اُنْظُرْنَا کہا کرو تا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ادب ملحوظ رہے، بلکہ تمہیں چاہیئے کہ اس کی باتیں پہلے ہی توجہ سے سنا کرو تاکہ نہ رَاعِنَا کہنا پڑے نہ اُنْظُرْنَا کہنا پڑے۔

اہل کتاب میں سے اور نیز مشرکوں میں سے جن لوگوں نے (ہمارے رسولوں کا) انکار کیا ہے وہ پسند نہیں کرتے کہ تم پر تمہارے رب کی طرف سے کسی قسم کی خیر (اور برکت) اتاری جائے اور (بھول جاتے ہیں کہ) اللہ جسے چاہتا ہے اپنی رحمت کے لئے خاص کر لیتا ہے اور اللہ بڑا فضل کرنے والا ہے۔

جس کسی پیغام کو بھی ہم منسوخ[2] کر دیں یا بھلوا دیں تو اس سے بہتر یا اس جیسا (پیغام) ہم (دوبارہ دنیا میں) لے آتے ہیں، کیا تجھے معلوم نہیں کہ اللہ ہر ایک امر پر (جس کا وہ ارادہ کرے) پورا (پورا) قادر ہے۔

[2] اس سے یہ مرادنہیں کہ ہم قرآن شریف کی کسی آیت کو منسوخ کر دیں۔ بلکہ مطلب یہ ہے کہ جب ہم کسی نشان کو ٹلا دیتے ہیں تو اس سے بہتر نشان لے آتے ہیں یا کم سے کم ویسا ہی نشان اور ظاہر کرتے ہیں تاکہ دنیا کے لئے ہدایت کا موجب بنے۔
مفسرین نے اس کے یہ معنے کیے ہیں کہ جب قرآن کی کوئی آیت منسوخ کی جائے تو ویسی ہی آیت اور آجاتی ہے۔ لیکن اگر کتاب ہی کی آیت مراد لینی ہو تو اس آیت کے یہ معنے لینے چاہئیں کہ اگر ہم تورات اور انجیل میں سے کسی حصہ کو منسوخ کریں، تو قرآن کریم میں یا تو ویسی ہی تعلیم نازل کر دیں گے یا اس سے بہتر نازل کر دیں گے۔ قرآن کریم کی کوئی آیت منسوخ نہیں۔ نہ قیامت تک منسوخ ہوگی۔

کیا تجھے معلوم نہیں کہ آسمانوں اور زمین کی بادشاہت اللہ ہی کی ہے اور اللہ کے سوا تمہارا نہ کوئی دوست ہے اور نہ کوئی مددگار۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی