۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 11

اور (یاد رکھ کہ) جب تک تو ان کے دین کی پیروی نہ کرے یہودی تجھ سے ہر گز خوش نہ ہوں گے اور نہ ہی مسیحی (خوش ہوں گے) تو (ان سے) کہہ دے کہ اللہ کی ہدایت ہی یقیناً اصل ہدایت ہے اور اگر (اے مخاطب)! تو اس علم کے بعد (بھی) جو تیرے پاس آچکا ہے ان کی خواہشات کی پیروی کرے گا تو اللہ (کی طرف) سے نہ کوئی تیرا دوست ہوگا اور نہ مددگار۔

(وہ لوگ) جنہیں ہم نے کتاب دی[1] ہے وہ اس کی (اسی طرح) پیروی کرتے ہیں جس طرح اس کی پیروی کرنی چاہیئے۔ وہ لوگ اس پر (پختہ) ایمان رکھتے ہیں اور جو لوگ اس کا انکار کریں وہی نقصان اٹھانے والے ہیں۔

[1] اَلَّذِیْنَ اٰتَیْنَاھُمُ الْکِتٰبَ میں اَلْکِتَابَ سے مراد قرآن کریم ہے اور اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے یہود کو ملزم قرار دیا ہے کہ تم نے تو تورات کو پسِ پشت پھینک رکھا تھا۔ مگر اب یہ لوگ جن کو ہم نے قرآن کریم دیا ہے اس پر پوری طرح عمل کرتے ہیں اور اس پر ان کا رسمی ایمان نہیں۔ بلکہ پختہ ایمان ہے۔ (تفصیل کے لئے دیکھیں تفسیر کبیر جلد دوم صفحہ ۱۴۹)۔

اے بنی اسرائیل! میرے اس احسان کو جو میں تم پر کر چکا ہوں یاد کرو اور (اس بات کو بھی) کہ میں نے تمہیں تمام جہانوں پر فضیلت[2] دی۔

[2] اَنِّیْ فَضَّلْتُـکُمْ عَلَی الْعٰلَمِیْنَ۔ اَلْعٰلَمِیْنَ سے مراد اس زمانہ کے لوگ ہیں نہ کہ اگلے پچھلے سب (مفردات راغب)

اور اس دن سے ڈرو کہ جب کوئی شخص قطعاً کسی دوسرے شخص کا قائم مقام نہ ہو سکے گا اور نہ اس سے کسی قسم کا معاوضہ قبول کیا جائے گا اور نہ کوئی سفارش اسے فائدہ دے گی اور نہ ان کی مدد کی جائے گی۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ابراہیم کو اس کے رب نے بعض باتوں کے ذریعہ سے آزمایا اور اس نے ان کو پورا کر دکھایا (اس پر اللہ نے) فرمایا کہ میں تجھے یقیناً لوگوں کا امام مقرر کرنے والا ہوں (ابراہیم نے) کہا اور میری اولاد میں سے بھی (امام بنائیو) (اللہ نے) فرمایا (ہاں مگر) میرا وعدہ ظالموں تک نہیں پہنچے گا۔[3]

[3] لَا یَنَالُ عَھْدِی الظّٰلِمِیْنَ : یعنی اولاد ابراہیم میں سے جو ظالم ہو جائیں گے ان کو امام نہیں بنایا جائے گا۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے اس گھر (یعنی کعبہ) کو لوگوں کے لئے باربار جمع ہونے کی جگہ[1] اور امن (کا مقام) بنایا تھا اور (حکم دیا تھا کہ) ابراہیم کے کھڑے ہونے کی جگہ کو نماز کا مقام بناؤ۔ اور ہم نے ابراہیم اور اسماعیل کو تاکیدی[2] حکم دیا تھا کہ میرے گھر کو طواف کرنے والوں اور اعتکاف کرنے والوں اور رکوع کرنے والوں اور سجدہ کرنے والوں کے لئے پاک (اور صاف) رکھو۔

[1] اَلْمَثَابَۃُ: اَلْمَوْضِعُ الَّذِیْ یُثَابُ اِلَیْہِ اَیْ یُرْجَعُ اِلَیْہِ مَرَّۃً بَعْدَ اُخْرٰی (تاج العروس) یعنی مَثَابَۃ وہ جگہ ہوتی ہے جس کی طرف لوگ بار بار آئیں۔

[2] اس جگہ عَھِدْنَا کے الفاظ ہیں اور عَھِدَ اِلَیْہِ کے معنے عربی میں اَوْصَاہُ کے ہیں یعنی تاکیدی حکم دیا۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ابراہیم نے کہا تھا کہ اے میرے رب اس (جگہ) کو ایک پرامن شہر بنا دے اور اس کے باشندوں میں سے جو بھی اللہ پر اور آنے والے دن پر ایمان لائیں انہیں (ہر قسم کے) پھل عطا فرما (اس پر اللہ نے) فرمایا اور جو شخص کفر کرے اسے (بھی) میں تھوڑی مدت تک فائدہ پہنچاؤں گا۔ پھر اسے مجبور کرکے دوزخ کے عذاب کی طرف لے جاؤں گا۔ اور (یہ) بہت برا انجام ہے۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ابراہیم اس گھر کی بنیادیں اٹھا رہا تھا اور (اس کے ساتھ) اسماعیل بھی (اور وہ دونوں کہتے جاتے تھے کہ) اے ہمارے رب ہماری طرف سے (اس خدمت کو) قبول فرما۔ تو ہی (ہے جو) بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔

اے ہمارے رب! اور (ہم یہ بھی التجا کرتے ہیں کہ) ہم دونوں کو اپنا فرمانبردار (بندہ) بنالے اور ہماری اولاد میں سے بھی اپنی ایک فرماں بردار جماعت (بنا) اور ہمیں ہمارے (مناسب حال[1]) عبادت کے طریق بتا اور ہماری طرف (اپنے) فضل کے ساتھ توجہ فرما یقیناً تو (اپنے بندوں کی طرف) بہت توجہ کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

[1] عربی میں مَنَاسِکَنَا کا لفظ ہے جس کے معنے ہیں ’’ہماری عبادات‘‘ لیکن ہماری سے مراد چونکہ یہ ہے کہ جو ہمارے لئے مناسب ہو، اس لئے ’’مناسب حال‘‘ کے الفاظ خطوط وحدانی میں رکھے گئے ہیں۔

اور اے ہمارے رب![2] (ہماری یہ بھی التجا ہے کہ تو) انہی میں سے ایک ایسا رسول مبعوث فرما جو انہیں تیری آیات پڑھ کر سنائے اور انہیں کتاب اور حکمت سکھائے اور انہیں پاک کرے۔ یقیناً تو ہی غالب (اور) حکمتوں والا ہے۔

[2] یہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ظہور کے لئے دعا ہے۔

اور اس شخص کے سوا جس نے اپنے آپ کو ہلاک[3] کر دیا ہو ابراہیم کے دین سے کون اعراض کر سکتا ہے اور ہم نے یقیناً اسے (اس) دنیا میں بھی برگزیدہ کیا تھا اور وہ آخرت میں بھی یقیناً نیک لوگوں میں (شمار) ہوگا۔

[3] سَفِہَ نَفْسَہٗ کے معنے ہیں اَھْلَکَ نَفْسَہٗ وَاَوْبَقَھَا (لسان العرب) یعنی اپنے نفس کو ہلاک کر دیا۔

جب اس کے رب نے اسے کہا کہ (ہماری) فرمانبرداری اختیار کر۔ اس نے (جواب میں) کہا کہ میں (تو پہلے ہی سے) تمام جہانوں کے رب کی فرمانبرداری اختیار کر چکا ہوں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی