۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 12

اور ابراہیم نے اپنے بیٹوں کو اور (اسی طرح) یعقوب نے بھی (اپنے بیٹوں کو) اس بات کی تاکید کی (اور کہا کہ) اے میرے بیٹو! اللہ نے یقیناً اس دین کو تمہارے لئے چن لیا ہے۔ پس ہر گز نہ مرنا [4]مگر اس حالت میں کہ تم (اللہ کے) پورے فرمانبردار ہو۔

[4] موت انسان کے اختیار میں نہیں۔ پس لَا تَمُوْتُنَّ اِلَّا وَاَنْتُمْ مُّسْلِمُوْنَ سے مراد یہ ہے کہ ہر وقت فرمانبردار رہنا، تاکہ موت بے وقت نہ آئے۔

کیا تم اس وقت موجود تھے جب یعقوب پر موت (کی گھڑی) آئی (اور) جب اس نے اپنے بیٹوں سے کہا کہ تم میرے بعد کس کی عبادت کرو گے؟ انہوں نے (جواباً) کہا کہ ہم تیرے معبود اور تیرے باپ دادوں ابراہیم اور اسماعیل اور اسحاق کے معبود کی جو ایک ہی معبود ہے عبادت کریں گے اور ہم اسی کے فرمانبردار ہیں۔

یہ وہ جماعت ہے جو (اپنا زمانہ پورا کرکے) فوت ہو چکی ہے جو کچھ اس نے کمایا (اس کا نفع نقصان) اس کے لئے ہے اور جو کچھ تم نے کمایا (اس کا نفع نقصان) تمہارے لئے ہے اور جو کچھ وہ کرتے تھے اس کے متعلق تم سے (کچھ) نہیں پوچھا جائے گا۔

اور (کیا تم نے سنا کہ) وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ یہودی یا مسیحی ہو جاؤ (اس طرح) تم ہدایت پا جاؤ گے تو (ان سے) کہدے (کہ یوں) نہیں بلکہ ابراہیم کے دین کو جو (خدا ہی کی طرف) جھکنے والا تھا (اختیار کرو) اور (یاد رکھو کہ) وہ مشرکوں میں سے نہ تھا۔

تم کہو کہ ہم اللہ پر اور جو کچھ ہماری طرف اتارا گیا ہے اور جو کچھ ابراہیم، اسماعیل، اسحاق، یعقوب اور (اس کی) اولاد پر اتارا گیا تھا اور جو کچھ موسیٰ اور عیسیٰ کو دیا گیا تھا اور (اسی طرح) جو کچھ (باقی) انبیاء کو ان کے رب کی طرف سے دیا گیا تھا (اس تمام وحی پر) ایمان رکھتے ہیں ہم ان میں سے ایک (نبی اور دوسرے نبی) کے درمیان (کوئی) بھی فرق نہیں کرتے اور ہم اسی کے فرمانبردار ہیں۔

پس اگر وہ لوگ (اسی طرح) ایمان لے آئیں جس طرح تم اس (تعلیم) پر ایمان لائے ہو تو (بس) وہ ہدایت پا گئے اور اگر وہ پھر جائیں تو (سمجھو کہ) وہ صرف اختلاف (کرنے) پر (تلے ہوئے) ہیں۔ اس صورت میں اللہ تجھے ضرور ان (کے شر) سے بچائے گا۔ وہ بہت ہی سننے والا (اور) بہت ہی جاننے والا ہے۔

(اے مسلمانو! ان سے کہو کہ ہم تو) اللہ کا دین[1] (اختیار کریں گے) اور دین (سکھانے کے معاملہ) میں اللہ سے کون بہتر ہو سکتا ہے اور ہم اسی کی عبادت کرنے والے ہیں۔

[1] صِبْغَۃ کے معنے ہیں: مِلَّۃ۔ دِیْن۔ فِطْرَۃ۔
صِبْغَۃ اس جگہ مَفْعُوْل بِہٖ استعمال ہوا ہے۔ جو اس لفظ کے آخر کی زبر سے (جو مَفْعُوْل بِہٖ کا نشان ہے) ظاہر ہے۔ عربی زبان کا قاعدہ ہے کہ جہاں کسی کو کسی کام کی ترغیب دلانی ہو وہاں اس فعل کو جس میں ترغیب کے معنے پائے جاتے ہیں حذف کر دیا جاتا ہے اور صرف مَفْعُوْل بِہٖ بیان کر دیا جاتا ہے۔ یہاں نَتَّبِعُ فعل محذوف ہے اور اصل فقرہ یوں ہے۔
نَتَّبِعُ صِبْغَۃَ اللّٰہِ یعنی ہم اللہ تعالیٰ کا دین اختیار کریں گے۔

تو (ان سے) کہہ کیا تم ہم سے اللہ کے متعلق جھگڑتے ہو حالانکہ وہ ہمارا (بھی) رب ہے اور تمہارا (بھی) رب ہے اور ہمارے اعمال ہمارے لئے ہیں اور تمہارے اعمال تمہارے لئے۔ اور ہم تو اس سے اخلاص (کا تعلق) رکھتے ہیں۔

(اے اہل کتاب)! کیا تم (یہ) کہتے ہو کہ ابراہیم اور اسماعیل اور اسحاق اور یعقوب اور (اس کی) اولاد یہودی[2] یا مسیحی تھے۔ تو (ان سے) کہہ کہ کیا تم زیادہ جانتے ہو یا اللہ؟ اور اس سے بڑھ کر ظالم کون ہو سکتا ہے جو اس شہادت کو جو اس کے پاس اللہ کی طرف سے ہو چھپائے، اور اللہ اس سے ہر گز ناواقف نہیں ہے جو تم کرتے ہو۔

[2] یعنی بائیبل میں تو یہ لکھا ہے کہ ابراہیمؑ۔ اسماعیل ؑ۔ اسحاق ؑ اور یعقوبؑ یہ سب لوگ مسیح ؑ اور موسیٰ ؑ سے پہلے گزرے ہیں، پھر یہ یہودی اور مسیحی کس طرح ہو سکتے ہیں۔

یہ وہ جماعت ہے جو (اپنا زمانہ پورا کرکے) فوت ہو چکی ہے۔ جو کچھ اس نے کمایا (اس کا نفع نقصان) اس کے لئے ہے اور جو کچھ تم نے کمایا (اس کا نفع نقصان) تمہارے لئے ہے اور جو کچھ وہ کرتے تھے اس کے متعلق تم سے نہیں پوچھا جائے گا۔

کم عقل لوگ ضرور کہیں گے کہ ان (مسلمانوں) کو ان کے اس قبلہ سے جس پر یہ (پہلے) تھے کس چیز نے پھرا دیا ہے (جب وہ ایسا کہیں) تو (ان سے) کہنا کہ مشرق و مغرب[1] اللہ ہی کے ہیں۔ وہ جسے چاہتا ہے ایک سیدھی راہ دکھا دیتا ہے۔

[1] تحویل قبلہ کا واقعہ مدینہ منورہ میں ہوا۔ مکہ تک کوئی مشکل نہ تھی۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ایسی جگہ پر کھڑے ہوتے تھے کہ سامنے کعبہ بھی رہتا تھا اور بیت المقدس بھی۔ یہودی اس پر خوش ہوتے تھے کہ ہمارے قبلہ کی طرف بھی رُخ ہے۔ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ میں تشریف لائے تو چند ماہ بعد الہام ہوا کہ کعبہ کی طرف منہ کرو، خواہ بیت المقدس کی طرف سے رخ بدل جائے۔ سو آپ نے ایسا ہی کیا۔ اس پر بیوقوفوں نے اعتراض کیا جس کا جواب ان آیات میں دیا گیا ہے کہ کعبہ اپنی ذات میں کوئی چیز نہیں۔ اصل چیز خداتعالیٰ کی ذات ہے اور اس کے لئے مشرق و مغرب برابر ہیں۔

اور (اے مسلمانو! جس طرح ہم نے تمہیں سیدھی راہ دکھائی ہے) اسی طرح ہم نے تمہیں ایک اعلیٰ درجہ کی امت بنایا ہے تا کہ تم (دوسرے) لوگوں کے نگران بنو، اور یہ رسول تم پر نگران ہو اور ہم نے اس قبلہ کو جس پر تو (اس سے پہلے قائم) تھا صرف اس لئے مقرر کیا تھا کہ تاہم اس شخص کو جو اس رسول کی فرمانبرداری کرتا ہے اس شخص کے مقابل پر جو ایڑیوں کے بل پھر جاتا ہے (ایک ممتاز حیثیت میں) جان لیں۔ اور یہ (امر) ان لوگوں کے سوا جن کو اللہ نے ہدایت دی ہے، (دوسروں کے لئے) ضرور مشکل ہے اور اللہ (ایسا) نہیں کہ تمہارے ایمانوں کو ضائع کرے۔ اللہ یقیناً سب انسانوں پر نہایت مہربان (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی