۲۔ سورۃ البقرة
تفسیر صغیر, حصہ 13
ہم تیری توجہ کا باربار آسمان کی طرف پھرنا دیکھ رہے ہیں اس لئے ہم تجھے ضرور اس قبلہ[2] کی طرف پھیر دیں گے جسے تو پسند کرتا ہے سو (اب) تو اپنا منہ مسجد حرام کی طرف پھیر لے۔ اور (اے مسلمانو)! تم (بھی) جہاں کہیں ہو اس کی طرف اپنے منہ کیا کرو اور جن (لوگوں) کو کتاب (یعنی تورات) دی گئی ہے وہ یقیناً جانتے ہیں کہ یہ (تحویل قبلہ کا حکم) تیرے رب کی طرف سے (بھیجی ہوئی ایک) صداقت ہے اور جو کچھ یہ (لوگ) کر رہے ہیں اللہ اس سے ہر گز بے خبر نہیں ہے۔
[2] قِبْلَۃً کا لفظی ترجمہ تو ’’ایسے قبلہ‘‘ ہے لیکن چونکہ اس سے قبلۂ معروفہ کی طرف اشارہ نہیں ہوتا اس لئے ہم نے ترجمہ میں ’’اس قبلہ‘‘ لکھا ہے۔
اور جن لوگوں کو (تم سے پہلے) کتاب دی گئی ہے اگر تو ان کے پاس ہر ایک (طرح کا) نشان (بھی) لے آئے (تو بھی) وہ تیرے قبلہ کی پیروی نہ کریں گے اور نہ تو ان کے قبلہ کی پیروی کر سکتا ہے اور نہ ان میں سے کوئی (فریق) دوسرے (فریق) کے قبلہ کی پیروی[1] کرے گا اور (اے مخاطب)! اگر اس کے بعد بھی کہ تیرے پاس (الٰہی) علم آچکا ہے تو نے ان کی خواہشات کی پیروی کی تو یقیناً اس صورت میں تو ظالموں میں (شمار) ہوگا۔
[1] عیسائی لوگ مشرق کی طرف منہ کرکے نماز پڑھا کرتے تھے۔ چنانچہ نجران کے عیسائی جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس مذہبی گفتگو کرنے کے لئے آئے تو انہوں نے مشرق کی طرف ہی منہ کرکے نماز پڑھی تھی۔ عام طور پر اس کی وجہ وہ یہ بتاتے ہیں کہ مسیحؑ کی خبر دینے والا ستارہ مشرق کی طرف سے طلوع ہوا تھا۔
یہودیوں میں سامری قبیلہ کے لوگ جیسا کہ نئے عہدنامہ کی کتاب یوحنا باب ۴ آیت ۲۰ سے معلوم ہوتا ہے۔ یروشلم کے ایک پہاڑ کی طرف منہ کرکے عبادت کیا کرتے تھے اور باقی یہودی بیت المقدس کی طرف منہ کرکے نماز پڑھا کرتے تھے۔ پس ان سب میں اختلاف قبلہ تھا۔ اسی کی طرف اس آیت میں اشارہ کیا گیا ہے کہ ان میں سے کوئی ایک بھی دوسرے کے قبلہ کی طرف منہ نہیں کرے گا۔
وہ لوگ جنہیں ہم نے کتاب دی ہے وہ اس (سچائی) کو (اسی طرح) پہچانتے ہیں جس طرح اپنے بیٹوں کو پہچانتے ہیں اور ان میں سے کچھ لوگ یقیناً حق کو جان بوجھ کر چھپاتے ہیں۔
یہ (مذکورہ بالا) صداقت تیرے رب کی طرف سے ہے پس تو شک کرنے والوں میں سے ہر گز نہ بن۔
اور ہر ایک (شخص) کا ایک (نہ ایک) مطمح نظر[2] ہوتا ہے جسے وہ (اپنے آپ) پر مسلط کر لیتا ہے سو (تمہارا مطمح نظر یہ ہو کہ) تم نیکیوں (کے حصول) میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرو[3]۔ تم جہاں کہیں (بھی) ہو گے اللہ تمہیں اکٹھا کرکے لے آئے گا اللہ یقیناً ہر ایک امر پر پورا (پورا) قادر ہے۔
[2] وِجْھَۃٌ کے معنے ہیں وہ مقصد جس کی طرف انسان توجہ رکھتا ہے۔ (مفردات راغب)
[3] فَاسْتَبِقُوا الْخَیْرَاتِ: اِسْتَبَـقَا الْبَابَ اَوْ اِلَیْہِ کے معنے ہیں اِبْتَدَرَا الْبَابَ: دروازہ تک پہنچنے میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کی (اقرب الموارد) پس فَاسْتَبِقُوْا کے معنے ہونگے ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرو۔
اور تو جس جگہ سے بھی نکلے اپنی توجہ مسجد حرام کی طرف پھیر[1] دے اور یہ (حکم) یقیناً تیرے رب کی طرف سے (آئی ہوئی) صداقت ہے اور جو کچھ (بھی) تم کرتے ہو اللہ اس سے ہرگز بے خبر نہیں ہے۔
[1] خانہ کعبہ کی طرف نماز میں منہ کرنا تو کسی جگہ سے نکلنے سے تعلق نہیں رکھتا۔ بلکہ انسان خواہ کسی جگہ سے نکلے یا کسی جگہ داخل ہو رہا ہو بہر حال مسلمان کے لئے واجب ہے کہ نماز پڑھتے ہوئے خانہ کعبہ کی طرف منہ کرے۔ پس اس آیت کے الفاظ سے ظاہر ہے کہ اس جگہ لڑائیوں کا ذکر ہے کیونکہ یہاں خروج کا لفظ ہے اور خروج کا لفظ ہے لڑائی کی خاطر نکلنے کے معنے میں استعمال ہوتا ہے۔ پس مراد یہ ہے کہ اے مسلمانو! اب تمہیں جنگ پر مجبور کیا جائے گا اور تم جہاں کہیں بھی ہو گے تم پر دباؤ ڈالا جائے گا کہ تم اہل مکہ سے لڑو۔ ایسے موقعہ کے لئے حکم دیتا ہے کہ جب وہ مجبور کریں تو بے شک لڑائی کرو۔ لیکن لڑائی کا نقطہ مرکزیہ بیت اللہ کو فتح کرنا ہو۔ غرض اس جگہ بیت اللہ کی فتح کا اشارہ ہے۔ قبلہ کی طرف منہ کرنے کا اشارہ نہیں۔
اور تو جس جگہ سے (بھی) نکلے اپنی توجہ مسجد حرام کی طرف پھیر دے اور تم (بھی) جہاں کہیں ہو اپنے منہ اس کی طرف[2] کیا کرو۔ تا ان لوگوں کے سوا جو ان (مخالفوں) میں سے ظلم کے مرتکب ہوئے ہیں (باقی) لوگوں کی طرف سے تم پر الزام نہ[3] رہے۔ سو تم ان (ظالموں) میں سے مت ڈرو اور مجھ سے ڈرو۔ (یہ حکم میں نے اس لئے دیا ہے کہ تم پر لوگوں کا الزام نہ رہے) اور تا کہ میں اپنی نعمت تم پر پوری کروں اور تا کہ تم ہدایت پاؤ۔
[2] اس جگہ عام مسلمانوں کا ذکر ہے جو لڑائی کے دائرہ سے باہر تھے اور انہیں کہا گیا ہے کہ جو مسلمان جہاد میں پھنس گئے ہیں ان کا کام یہ ہے کہ جہاں سے بھی لڑائی کے لئے نکلیں فتحِ بیت اللہ کو اپنا مطمحِ نظر بنائیں اور وہ مسلمان جو دائرۂِ جنگ سے باہر ہیں ان کا کام یہ ہے کہ وہ خانہ کعبہ کی طرف منہ کرکے نماز پڑھا کریں اور ہمیشہ اپنی توجہ اور دعائیں اس بارہ میں جاری رکھیں کہ خداتعالیٰ بیت اللہ کو پھر ہمارے سپرد کر دے۔
[3] یعنی اگر تم مکہ فتح نہیں کرو گے تو دشمن کا تم پر الزام رہے گا۔ لیکن اگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی جنگوں کا رخ فتح بیت اللہ کی طرف رکھیں گے اور دوسرے مسلمان بھی نمازوں اور دعاؤں میں اس کا خیال رکھیں گے تو بیت اللہ فتح ہو جائے گا اور کفار اور یہود کا مسلمانوں پر کوئی الزام نہیں رہے گا۔
(اسی طرح) جس طرح ہم نے تم میں تم ہی میں سے ایک رسول بھیجا ہے جو تمہیں ہماری آیات پڑھ کر سناتا ہے اور تمہیں پاک کرتا ہے اور تمہیں کتاب اور حکمت سکھاتا ہے اور تمہیں وہ کچھ سکھاتا ہے جو تم (پہلے) نہیں جانتے تھے۔
پس (جب میں اس قدر فضل کرنے والا ہوں تو) تم مجھے یاد رکھو میں (بھی) تمہیں یاد کرتا رہوں گا اور میرے شکر گذار بنو اور میری ناشکری نہ کرو۔
اے لوگو! جو ایمان لائے ہو صبر اور دعا کے ذریعہ سے (اللہ کی) مدد مانگو۔ اللہ یقیناً صابروں کے ساتھ (ہوتا) ہے۔
اور جو لوگ اللہ کی راہ میں مارے جاتے ہیں ان کے متعلق (یہ) مت کہو کہ وہ مردہ ہیں (وہ مردہ) نہیں بلکہ زندہ ہیں مگر تم نہیں سمجھتے۔
اور ہم تمہیں کسی قدر خوف اور بھوک (سے) اور مالوں اور جانوں اور پھلوں کی کمی (کے ذریعہ) سے ضرور آزمائیں گے اور (اے رسول)! تو (ان) صبر کرنے والوں کو خوشخبری سنادے۔