۲۔ سورۃ البقرة
تفسیر صغیر, حصہ 14
جن پر جب (بھی) کوئی مصیبت آئے (گھبراتے نہیں بلکہ یہ) کہتے ہیں کہ ہم (تو) اللہ ہی کے ہیں اور اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں۔
یہی وہ لوگ ہیں جن پر ان کے رب کی طرف سے برکتیں (نازل ہوتی) ہیں اور رحمت (بھی) اور یہی لوگ ہدایت یافتہ ہیں۔
صفا[1] اور مروہ یقیناً اللہ کے نشانات میں سے ہیں سو جو شخص اس گھر (یعنی کعبہ) کا حج یا عمرہ کرے تو اسے ان کے درمیان[2] تیز چلنے پر کوئی گناہ نہیں[3]۔ اور جو شخص بھی اپنی خوشی سے کوئی نیک کام کرے (وہ سمجھ لے کہ) اللہ (نیک کاموں کا) قدر دان ہے اور (وہ) بہت جاننے والا ہے۔
[1] صفا اور مروہ مکہ میں دو پہاڑیاں ہیں۔
[2] بِھِمَاکے معنے یہاں فِیْھِمَاکے ہیں، یعنی ان دونوں پہاڑیوں کے درمیان اِدھر سے اُدھر اُن قواعد کے مطابق جو سنت سے ثابت ہیں دوڑے۔
[3] مدینہ کے لوگ صفا اور مروۃ کے درمیان سعی کرنے کو گناہ سمجھتے تھے (تفسیر کبیر جلد دوم ص ۳۰۷)۔
جو لوگ اس (کلام) کو جو ہم نے کھلے نشانوں اور ہدایت پر مشتمل نازل کیا ہے بعد اس کے کہ ہم نے اسے اس کتاب میں کھول کر بیان کر دیا ہے چھپاتے ہیں ایسے ہی لوگ ہیں جن پر اللہ لعنت کرتا ہے اور (دوسرے) لعنت کرنے والے (بھی) لعنت کرتے ہیں۔
ہاں مگر جنہوں نے توبہ کر لی اور اصلاح کر لی اور (خدا کے احکام کو) کھول کر بیان کر دیا تو ایسے لوگوں پر میں فضل کے ساتھ توجہ کروں گا اور میں (اپنے بندوں کی طرف) بہت توجہ کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہوں۔
جن لوگوں نے انکار کیا اور کفر ہی کی حالت میں مر گئے ایسے لوگوں پر یقیناً اللہ کی اور فرشتوں کی اور لوگوں کی سب کی لعنت ہے۔
وہ اس میں (پڑے) رہیں گے نہ (تو) ان (پر) سے عذاب ہلکا کیا جائے گا اور نہ انہیں (سانس لینے کی) مہلت دی جائے گی۔
اور تمہارا معبود (اپنی ذات میں) واحد معبود ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
آسمانوں اور زمین کی پیدائش، رات اور دن کے آگے پیچھے آنے اور ان کشتیوں میں جو انسانوں کو نفع دینے والی چیزیں لیکر سمندر میں چلتی ہیں اور اس پانی میں جسیاللہ نے بادل سے اتارا، پھر اس کے ذریعہ سے زمین کو اس کے مرنے کے بعد زندہ کیا اور اس میں ہر ایک قسم کے جانور پھیلائے اور ہواؤں کے ادھر ادھر پھیلانے میں اور ان بادلوں میں جو آسمان اور زمین کے درمیان مسخر ہیں (یقیناً) اس قوم کے لئے جو عقل سے کام لیتی ہے کئی (قسم کے) نشان ہیں۔
اور بعض لوگ ایسے ہیں جو غیر اللہ (میں) سے (اللہ کے) ہمسر بناتے ہیں وہ ان سے اللہ کی محبت کی طرح محبت کرتے ہیں اور جو لوگ مومن ہیں وہ سب سے زیادہ اللہ (ہی) سے محبت کرتے ہیں اور جو لوگ (اس) ظلم کے مرتکب ہوئے (ہیں) اگر وہ (اس گھڑی کو) جب وہ عذاب کو (سامنے) دیکھیں گے (کسی طرح اب) دیکھ لیتے (تو جان لیتے) کہ سب قوت اللہ ہی کو ہے اور یہ کہ اللہ سخت عذاب (دینے) والا ہے۔
(اور کاش کہ وہ لوگ اس وقت کو دیکھ لیتے) جب وہ لوگ جن کی فرمانبرداری کی جاتی تھی ان لوگوں سے جو فرمانبردار تھے الگ ہو جائیں گے اور عذاب کو (اپنی آنکھوں سے) دیکھ لیں گے اور ان (کے شرک کی وجہ سے نجات) کے سب ذریعے منقطع ہو جائیں گے۔
اور جو لوگ (ائمتہ الکفر کے) فرمانبردار تھے کہیں گے کہ کاش ہمیں ایک دفعہ (پھر دنیا میں) واپس جانا (نصیب) ہوتا تو ہم (بھی) ان (ائمتہ الکفر) سے الگ ہو جاتے جس طرح (آج) یہ ہم سے الگ ہو گئے اس طرح اللہ انہیں بتائے [1]گا کہ ان کے اعمال (کا نتیجہ چند) حسرتیں ہیں (جو) ان (ہی) پر (وبال ہو کر پڑیں گی) اور وہ (دوزخ کی) آگ میں سے ہر گز نہیں نکل سکیں گے۔
[1] اَرٰی بعض دفعہ اَعْلَمَ کے معنوں میں آتا ہے یعنی بتائے گا۔ خبر دے گا۔ واقف کرے گا اور اس کے تین مفعول ہوتے ہیں۔ ترجمہ میں یہی معنے لئے گئے ہیں کیونکہ یہاں تین مفعول ہیں۔