۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 15

اے لوگو! جو کچھ زمین میں ہے، اس میں سے جو کچھ حلال اور پاکیزہ ہے (اسے) کھاؤ اور شیطان کے قدم بقدم نہ چلو[2] وہ یقیناً تمہارا کھلا (کھلا) دشمن ہے۔

[2] لَا تَتَّبِعُوْا خُطُوٰتِ الشَّیْطٰنِ کا لفظی ترجمہ یہ ہے کہ شیطان کے قدموں کی اِتباع نہ کرو۔ لیکن چونکہ یہ عربی کا محاورہ ہے اس لئے اس کا ترجمہ بھی اردو محاورہ میں کیا گیا ہے جو یہ ہے کہ شیطان کے قدم بقدم نہ چلو۔ اقرب الموارد میں لکھا ہے۔ خُطُوٰتِ الشَّیْطٰنِ کے معنے ہیں طُرُقَہٗ وَ سُبُلَہٗ شیطان کے طریقے اور اس کے راستے۔

وہ تمہیں صرف بدی اور بے حیائی اور اس (بات) کی کہ تم اللہ کے متعلق جھوٹ باندھ[1] کر وہ بات کہو جوتم نہیں جانتے تلقین کرتا ہے۔

[1] قَالَ عَلَیْہِ کے معنے ہیں اِفْتَرٰی جان بوجھ کر کسی کے متعلق جھوٹ بولا۔ (اقرب الموارد)

اور جب ان سے کہا جائے کہ اس (کلام) کی جو اللہ نے اتارا ہے پیروی کرو تو وہ کہتے ہیں کہ (نہیں) ہم تو اسی (طریقہ) کی پیروی کریں گے جس پر ہم نے اپنے باپ دادوں کو پایا۔ بھلا[2] اگر ان کے باپ دادے کچھ بھی عقل نہ رکھتے ہوں اور نہ راہ راست پر چلتے ہوں (تو پھر بھی وہ ایسا ہی کریں گے۔)

[2] قرآنی الفاظ اَوَلَوْ ہیں۔ چونکہ عربی میں سوال کا لفظ بہرحال پہلے آتا ہے اور اردو میں عطف کے بعد۔ اس کا ترجمہ یہ ہوگا ’’اور کیا اگر‘‘ مگر اردو میں ’’اور کیا اگر‘‘ یہ تینوں لفظ جمع نہیں ہوتے بلکہ ایسے موقع پر ’’اور کیا‘‘ کی جگہ ایک لفظ ’’بھلا‘‘ کا بولا جاتا ہے۔ پس وہی لفظ اس جگہ استعمال کیا گیا ہے۔

اور ان لوگوں کا حال جنہوں نے کفر کیا ہے اس شخص کے حال کے مشابہ ہے جو اس چیز کو پکارتا [3]ہے جو سوائے پکار اور آواز کے کچھ نہیں سنتی۔ (یہ لوگ) بہرے گونگے اور اندھے ہیں[4] اس لئے سمجھتے نہیں۔

[3] یَنْعِقُ کے معنے اصل میں جانور کو آواز دینے کے ہوتے ہیں۔ جانور آواز سن کر مالک کی اتباع کرتا ہے مگر اس کے الفاظ کا مطلب نہیں سمجھتا۔ فرمایا یہی حال کفار کا ہے۔ یہ لوگ ایک دوسرے کی اتباع بھیڑ چال کے طور پر کرتے ہیں اور یہ غور نہیں کرتے کہ کہنے والا کیا کہتا ہے، اور سننے والا کیا سنتا ہے۔ اس کے برخلاف اسلام کا داعی معقول بات کہتا ہے اور سمجھا کر کہتا ہے اور اس کے مُتّبع اس پر سمجھ کر عمل کرتے ہیں۔ نہ یہ کہ جانوروں کی طرح صرف آواز سنتے اور مطلب، غرض اور حکمت سے بے خبر ہوتے ہیں۔

[4] یعنی تعصب نے سب حواس معطل کر دئیے ہیں۔ اس لئے اپنے طریق کی شناعت کو محسوس نہیں کر سکتے۔

اے لوگو جو ایمان لائے ہو! ان پاکیزہ چیزوں میں سے جو ہم نے تم کو دی ہیں کھاؤ اور اگر تم (واقعہ میں) اللہ ہی کی عبادت کرتے ہو تو اس کا شکر[5] (بھی ادا) کرو۔

[5] اصل عبارت میں عِبَادَۃ کے ساتھ ضمیر اور شُکْر کے ساتھ اللہ کا لفظ استعمال ہوا ہے لیکن ترجمہ میں عبادت کے ساتھ اللہ کا لفظ اور شکر کے ساتھ ضمیر استعمال کی گئی ہے کیونکہ اردو ترتیب میں اس کے سوا چارہ نہ تھا۔

اس نے تم پر صرف مردار، خون، سؤر کے گوشت کو اور ان چیزوں کو جنہیں اللہ کے سوا کسی اور سے نامزد [1]کردیا گیا ہو حرام کیا [2]ہے مگر جو شخص (ان اشیاء کے استعمال پر) مجبور ہو جائے اور وہ نہ تو قانون کا مقابلہ کرنے والا ہو اور نہ حدود سے آگے نکلنے والا ہو اس پر کوئی گناہ نہیں۔ اللہ یقیناً بڑا بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

[1] اُھِلَّ کے معنے بلند آواز سے کچھ کہنے کے ہوتے ہیں۔ محاورہ میں کسی جانور یا کسی اور نعمت کے متعلق خداتعالیٰ یا کسی دیوتا کے نام کے پکارنے کے لئے بھی بولا جاتا ہے۔ مثلاً کسی چیز کے متعلق کہہ دیا کہ یہ فلاں دیوتا کی ہے یا خداتعالیٰ کی ہے یا ذبح کرتے وقت خداتعالیٰ کا یا اور کسی دیوتا کا نام لے دیا۔ فرمایا ایسی اشیا کا استعمال حرام ہے خواہ خدا کے سوا کسی اور کی نیاز ہو، یا ذبح کے وقت کسی اور کا نام لیا گیا ہو دونوں میں کوئی فرق نہیں کیا گیا۔

[2] فَاء کا ترجمہ یہاں ’’مگر‘‘ کیا گیا ہے کیونکہ وہ بھی نتیجہ پر دلالت کرتا ہے جو فَاء کا مفہوم ہے۔

جو لوگ اس (تعلیم) کو جو اللہ نے (الٰہی) کتاب (میں) سے نازل کی ہے چھپاتے ہیں اور اس کے بدلے تھوڑی سی قیمت[3] لیتے ہیں وہ یقیناً اپنے پیٹوں میں صرف آگ ڈالتے ہیں اور قیامت کے دن اللہ نہ ان سے کلام کرے گا اور نہ ان کو پاک قرار دے گا اور ان کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔

[3] تھوڑی سی قیمت کا یہ مطلب نہیں کہ زیادہ قیمت لینا جائز ہے بلکہ مطلب یہ ہے کہ دنیوی قیمت کتنی بھی زیادہ ہو وہ اس جرم و نقصان کے بدلہ میں تھوڑی اور حقیر ہے۔

یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے ہدایت چھوڑ کر گمراہی، اور مغفرت چھوڑ کر عذاب اختیار کر لیا ہے۔ پس آگ (کے عذاب) پر ان کی برداشت تعجب انگیز ہے۔

یہ (عذاب) اس سبب سے ہوگا کہ اللہ نے اس کتاب کو (مشتمل) برحق اتارا ہے اور جن لوگوں نے اس کتاب کے بارہ میں اختلاف کیا ہے وہ یقیناً پرلے درجہ کی عداوت میں (مبتلا[4]) ہیں۔

[4] عربی عبارت کے مفہوم میں ’’مبتلا‘‘ شامل ہے لیکن آدابِ قرآنی کی وجہ سے ’’مبتلا‘‘ کو خطوط میں لکھا گیا ہے ورنہ فِیْ کے معنے عربی میں ’’مبتلا‘‘ اور پڑا ہوا ہونے کے بھی ہوتے ہیں۔

تمہارا مشرق اور مغرب کی طرف منہ پھیرنا کوئی بڑی نیکی نہیں ہے لیکن کامل[1] نیک وہ شخص ہے جو اللہ، روز آخرت، ملائکہ (الٰہی) کتاب اور سب نبیوں پر ایمان لایا اور اس (اللہ) کی محبت کی وجہ سے رشتہ داروں اور یتیموں اور مسکینوں اور مسافر کو اور سوالیوں کو نیز غلاموں (کی آزادی) کے لئے (اپنا) مال دیا اور نماز کو قائم رکھا اور زکٰوۃ کو ادا کیا اور اپنے عہد کو جب بھی (کوئی) عہد کر لیں پورا کرنے والے اور (خاص کر) تنگی اور بیماری میں اور جنگ کے وقت برداشت سے کام لینے والے (کامل نیک) یہی لوگ ہیں جو (اپنے قول) کے سچے نکلے اور یہی لوگ کامل متقی ہیں۔

[1] وَلٰکِنَّ الْبِرَّ میں بِرٌّ مصدر ہے اور عربی قاعدہ کے مطابق اس کے معنے بَآرٌّ یعنی نیک ہونے کے بھی ہو سکتے ہیں اس لئے ہم نے وہی ترجمہ کیا ہے۔

اے لوگو جو ایمان لائے ہو! تم پر مقتولوں کے بارہ میں برابر کا بدلہ لینا فرض کیا گیا ہے، اگر (قاتل) آزاد (مرد) ہو تو اسی آزاد (قاتل سے) اور اگر (قاتل) غلام ہو تو اسی غلام (قاتل) سے اور اگر (قاتل) عورت ہو تو اسی عورت (قاتل) سے[2]۔ مگر جس (قاتل) کو اس کے بھائی کی طرف سے کچھ (تاوان) معاف کر دیا جائے تو (مقتول کا وارث بقیہ تاوان کو صرف) مناسب طور پر وصول کر سکتا ہے اور (قاتل پر) عمدگی کے ساتھ (بقیہ تاوان) اس کو ادا کر دینا (واجب) ہے۔ یہ تمہارے ربّ کی طرف سے تخفیف اور رحمت ہے پھر جو شخص اس (حکم) کے بعد بھی زیادتی کرے اس کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔

[2] اس کے معنے یہ ہیں کہ اگر کوئی آزاد آدمی کسی کو قتل کر دے تو خواہ مقتول غلام مرد ہو یا غلام عورت۔ یا آزاد مرد ہو یا آزاد عورت، اسی آزاد قاتل کو قتل کرکے بدلہ لیا جائے گا۔ اسی طرح اگر کوئی قاتل غلام ہو تو اسی قاتل غلام سے بدلہ لیا جائے گا اور اگر قاتل عورت ہو تو اسی قاتل عورت سے (خواہ وہ حُرّ ہو یا غلام) بدلہ لیا جائے گا۔

اور اے عقل مندو! تمہارے لئے (اس) بدلہ لینے میں[1] زندگی (کا سامان) ہے (اور یہ حکم اس لئے ہے) تا کہ تم بچ جاؤ۔

[1] یعنی قصاص کے حکم سے ناواجب قتل و خون کم ہو جائے گا اور لوگوں کی اصلاح ہو جائے گی۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی