۲۔ سورۃ البقرة
تفسیر صغیر, حصہ 16
جب تم میں سے کسی پر موت (کا وقت) آجائے تو تم پر بشرطیکہ وہ (مرنے والا) بہت سا[2] مال چھوڑے۔ والدین[3] اور قریبی رشتہ داروں کو (امر) معروف کی وصیت کر جانا فرض کیا گیا ہے۔ (یہ بات) متقیوں پر واجب ہے۔
[2] خَیْر کے معنے مطلق مال کے بھی ہوتے ہیں اور بہت سے مال کے بھی۔ اس جگہ آیت کے سیاق و سباق سے ظاہر ہوتا ہے کہ مالِ کثیر مراد ہے۔
[3] یہاں والدین اور اقربین کو وصیت کرنا کہا ہے حالانکہ اولاد قلبی تعلقات کے لحاظ سے نہایت اہم ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ مال کی تقسیم کی وصیت نہیں ورنہ اولاد کا ذکر ضرور ہوتا۔ بلکہ وصیت سے مراد عام تاکید ہے کہ احکامِ الٰہیہ کے مطابق جائیداد تقسیم کی جائے۔ اور اگر مال کا کوئی حصہ صدقہ کرنا ہو تو اس کا اظہار کردے۔ اس آیت پر بہت بحث ہوئی ہے۔ اکثر مفسرین اسے منسوخ قرار دیتے ہیں کیونکہ اس میں وصیت واجب لکھی ہے اور احکام وراثت کے نزول کے بعد رشتہ داروں کے نام وصیت جائز نہیں۔ اور جنہوں نے جائز قرار دی ہے ان کے نزدیک بھی واجب نہیں، مگر یہ غلطی اس وجہ سے لگی ہے کہ وصیت کے معنے مال کی تقسیم کی ہدایت سمجھے گئے ہیں حالانکہ یہ معنے نہیں۔ جیسا کہ اس نوٹ کے شروع میں ثابت کیا گیا ہے بلکہ اس آیت میں صرف یہ کہا گیا ہے کہ بعض حالات میں (جن کا ذکر بعد میں آئے گا) یہ ضروری ہے کہ بہت سا مال رکھنے والا اپنے والدین اور رشتہ داروں کو امر معروف کی وصیت کر جائے اور یہ حکم احکامِ وراثت سے کسی صورت میں بھی منسوخ نہیں ہوتا۔ وہ حالات جن میں ایسی وصیت کی تاکید کی گئی ہے دو ہیں۔ ایک تو اسی آیت میں بیان کیا گیا ہے کہ بہت سا مال ہو۔ دوسرا سباق سے ظاہر ہوتا ہے اور وہ یہ کہ اس آیت سے پہلے وَلَاتَقُوْلُوْا لِمَنْ یُّقْتَلُ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ اور حِیْنَ الْبَاْسِ کی آیات ہیں جو یہ بتا رہی ہیں کہ یہاں جنگ کا ذکر شروع ہے اور اس آیت کے بعد بھی وَقَاتِلُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ الَّذِیْنَ یُقَاتِلُوْنَـکُمْ کی آیت اور بعض دوسری آیات جنگ کے متعلق ہیں۔ پس اس جگہ حکم جنگ اور اس کے مشابہ دوسرے حالات کے متعلق ہے اور چونکہ جنگ میں بالعموم نوجوان شامل ہوتے ہیں کہ جن کے ہاں یا اولاد ہوتی نہیں یا چھوٹی عمر کی ہوتی ہے۔ اس لئے والدین اور اقربین کے حق میں وصیت کرنے کا حکم دیا اور اولاد کا ذکر چھوڑ دیا اور یہ فرمایا کہ جب انسان کسی ایسے خطرہ کے مقام کی طرف جائے اور اس کے پاس بہت سا مال بھی ہو تو اسے اپنے رشتہ داروں کو وصیت کر دینی چاہئیے کہ میرے بعد معروف کے مطابق میرا مال تقسیم ہو۔
اب رہا یہ سوال کہ ’’مَعْرُوْف‘‘ کیا ہے، سو ایک تو احکام وراثت معروف ہیں ان پر عمل کرنے کی وصیت ہونی چاہئیے، دوسرے بعض حقوق ایسے ہیں جو احکام وراثت سے باہر ہیں اور جن کو قاعدہ میں تو نہیں بیان کیا گیا مگر یوں مذہبی اور اخلاقی طور پر انہیں پسند کیا گیا ہے، اور ان کے لئے شریعت نے۳ /۱ تک وصیت کر دینے کا دروازہ کھلا رکھا ہے سو اس جگہ ان کے پورا کرنے کی طرف توجہ دلائی ہے۔
اگر مسلمان اس آیت کو سمجھتے اور جانتے کہ خطرہ کی حالت میں وصیت ضروری ہے تو آج ہمارے ملک میں ورثہ کا مسئلہ وہ صورت اختیار نہ کرتا جو اس نے آج اختیار کرلی ہے کیونکہ رسم کو قاعدہ قرار دینا بھی خطرہ کی حالت ہے اور اس صورت میں ہر شخص پر فرض ہے کہ وہ وصیت کرے کہ میرے مال کی تقسیم شریعت کے حکم کے مطابق ہو۔
مگر[1] جو شخص اس (وصیت) کو اس کے سننے کے بعد بدل دے تو اس کا گناہ صرف انہی پر ہوگا جو اسے بدل دیں۔ اللہ یقیناً خوب سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
[1] فَمَنْ بَدَّلَہٗ کے الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی قرآنی حکم کی طرف اشارہ ہے اور وہ حکم وراثت کا ہی ہے ورنہ اس کا کیا مطلب کہ بدلنے کا گناہ بدلنے والوں پر ہوگا۔ وصیت کرنے والے پر نہ ہوگا۔ کیونکہ اگر اس وصیت کی تفصیلات شرعی نہیں بلکہ وصیت کرنے والے کی مرضی پر ہیں تو ان کے بیان نہ کرنے سے مرنے والے کو گناہ کیوں ہو۔ اس کے گنہگار ہونے کا سوال تبھی ہو سکتا ہے جبکہ کسی شرعی حکم کی خلاف ورزی ہو رہی ہو اور وہ اسی طرح ہو سکتی ہے کہ اس آیت میں احکام وراثت بھی شامل ہوں اور مطلب یہ ہو کہ مرنے والا یہ وصیت کر جائے کہ احکام اسلام کے مطابق عمل کیا جائے اس صورت میں وہ گناہ سے بچ جائے اور حکم تبدیل کرنے والے وارث گنہگار ہوں گے۔ اگر آج بھی مسلمان اس پر عمل کرتے تو خواہ وہ عورتوں کو ورثہ دینے میں کامیاب نہ ہوتے مگر گناہ سے تو بچ جاتے۔
پھر جو شخص کسی وصیت کرنے والے سے طرف داری یا گناہ (کے سرزد ہونے) کا خوف کرے اور ان کے درمیان صلح [2]کرادے تو اس پر کوئی گناہ نہیں اللہ یقیناً بڑا بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
[2] یعنی وصیت کرنے والے اور ان رشتہ داروں کے درمیان جن کو نقصان پہنچانے یا نظر انداز کر دینے کا اس کا ارادہ ہو یا ان اشخاص میں جن کے حق میں وصیت ہے، باہمی سمجھوتے سے ان کو راضی کر دے کہ باوجود وصیت کے وہ ایک دوسرے کو اس کا حق ادا کر دیں۔ بعض دفعہ شریعت پر عمل کرنے کے باوجود وصیت کرنے کی صورت میں بعض نقصانات کا احتمال موجود ہوتا ہے۔ مثلاً اگر کوئی شخص ۳ /۱ کی وصیت کر دے مگر باقی وارث اتنے ہوں کہ بقیہ مال میں سے ان کو حصہ بہت کم ملتا ہو تو ایسی صورت میں اگر اصلاح کروادی جائے تو گناہ نہیں یعنی وصیت کرنے والے اور اس کے خاص محبوب یا خاص مبغوض میں صلح کرا دے۔
اے لوگو جو ایمان لائے ہو! تم پر (بھی) روزوں کا رکھنا (اسی طرح) فرض کیا گیا ہے جس طرح ان لوگوں پر فرض کیا گیا تھا جو تم سے پہلے گزر چکے ہیں تا کہ تم (روحانی اور اخلاقی کمزوریوں سے) بچو۔
(سو تم روزے رکھو) چند گنتی کے دن۔ اور تم میں سے جو شخص مریض ہو یا سفر میں ہو تو (اسے) اور دنوں میں تعداد (پوری کرنی) ہوگی اور ان لوگوں پر جو اس[3] (یعنی روزہ) کی طاقت نہ رکھتے ہوں (بطور فدیہ) ایک مسکین کا کھانا دینا (بشرط استطاعت) واجب ہے اور جو شخص پوری فرمانبرداری سے کوئی نیک کام کرے گا تو یہ اس کے لئے بہتر ہوگا اور اگر تم علم رکھتے ہو تو (سمجھ سکتے ہو کہ) تمہارا روزے رکھنا تمہارے لئے بہتر ہے۔
[3] وَعَلَی الَّذِیْنَ یُطِیْـقُوْنَہٗ مفسرین اس جگہ یہ معنے کرتے ہیں کہ ’’جو طاقت نہ رکھتے ہوں۔‘‘ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بھی ان معنوں کو ہی اختیار فرمایا ہے۔
اصل بات یہ ہے کہ یُطَیْـقُوْنَہٗ میں جو ہٗ کی ضمیر استعمال ہوئی ہے، اس کے َمرجع کے متعیّن نہ ہونے کی وجہ سے مشکل پیش آئی ہے۔ شاہ ولی اللہ صاحب نے اس مشکل کو الفوزالکبیر میں اس طرح حل کیا ہے کہ یُطِیْقُوْنَہٗ میں ہٗ کی ضمیر فِدْیَۃٌ طَعَامُ مِسْکِیْن کی طرف گئی ہے اس پر یہ اعتراض پڑتا تھا کہ یہ اضمار قبل الذکر ہے یعنی ضمیر پہلے آگئی ہے اور مرجع بعد میں ہے، حالانکہ مرجع پہلے ہونا چاہیئے تھا۔ اس کا جواب انہوں نے یہ دیا ہے کہ فدیہ کا مقام چونکہ نحواً مقدم ہے یعنی مبتدا ہے اس لئے اس کی ضمیر اس کے ذکر سے پہلے آسکتی ہے۔ دوسرا اعتراض یہ پڑتا تھا کہ فدیہ مؤنث ہے اور ضمیر مذکر۔ اس کا جواب انہوں نے یہ دیا ہے کہ فدیہ، طَعَامُ مِسْکِیْن کا قائم مقام ہے اور وہ مذکر ہے اس لئے فدیہ کی طرف بھی مذکر کی ضمیر پھر سکتی ہے اس حل کے پیش نظر اس آیت کا ترجمہ یہ ہوگا۔ کہ ان لوگوں پر جو فدیہ رمضان کی طاقت رکھتے ہوں، ایک مسکین کا کھانا بطور فدیہ رمضان باوجود بعد میں روزہ رکھنے کے دینا واجب ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جو اس آیت کے معنے یہ فرمائے ہیں کہ جو طاقت نہ رکھتے ہوں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ باب افعال کی ایک خاصیت یہ ہے کہ وہ سلب کے معنے دیتا ہے بشرطیکہ اس کا استعمال کرنے والا کوئی قادر الکلام ہو، اور یہ معلوم ہو جائے کہ عام معنی اس فعل کے اس موقع پر نہیں لئے جا سکتے اس حقیقت کے پیش نظر ہم کو ماننے پڑے گا کہ عرب کے محاورہ میں دوسرے معنے بھی استعمال ہوتے ہیں ورنہ اگر دوسرے معنے استعمال نہ ہوں تو ہمیں اس قادر الکلام کو غلط گو کہنا پڑتا۔ مگر یہ ناجائز بات ہے کہ ایک شخص جو عربی کی شدبد رکھتا ہے اس کے علم کی بنا پر ہم ایک قادر الکلام ہستی کو غلط گو قرار دیں۔ یہی وجہ ہے کہ بعض فقہاء نے لکھا ہے کہ صرف و نحو خداتعالیٰ پر حاوی نہیں بلکہ خداتعالیٰ صرف و نحو پر حاوی ہے کیونکہ زبانیں خداتعالیٰ نے بنائی ہیں نہ کہ زبانوں نے خدا بنایا ہے۔ پس ان سب امور کو مدنظر رکھتے ہوئے اس آیت کے معنے یہ ہونگے کہ وہ لوگ جن کی طاقت کمزور ہو گئی ہے یعنی قریباً ضائع ہو گئی ہے وہ اگر روزہ نہ رکھیں تو چونکہ ان کا روزہ نہ رکھنا محض اجتہادی امر ہوگا، مرض ظاہر کے نتیجہ میں نہیں ہوگا بلکہ کمزوری کے نتیجہ میں ہوگا۔ اور اجتہاد میں غلطی بھی ہو سکتی ہے۔ اس لئے ان کو چاہئیے کہ اپنی اجتہادی غلطی پر پردہ ڈالنے کے لئے اگر ان کو فدیہ دینے کی طاقت ہو تو بیماری کے بہانہ سے روزہ نہ چھوڑیں بلکہ سلب طاقت کی بنا پر روزہ چھوڑیں اور غلطی کے امکان کا کفارہ اس طرح ادا کریں کہ وہ ایک مسکین کا کھانا ان دونوں میں دے دیا کریں۔
رمضان کا مہینہ وہ (مہینہ) ہے جس کے بارہ میں قرآن (کریم) نازل کیا گیا ہے، (وہ قرآن) جو تمام انسانوں کے لئے ہدایت (بنا کر بھیجا گیا) ہے اور جو کھلے[1] دلائل اپنے اندر رکھتا ہے (ایسے دلائل) جو ہدایت پیدا کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی (قرآن میں) الٰہی نشان بھی ہیں اس لئے تم سے جو شخص اس مہینہ کو (اس حال میں) دیکھے (کہ نہ مریض ہو نہ مسافر) اسے چاہیے کہ وہ اس کے روزے رکھے اور جو شخص مریض[2] ہو یا سفر[3] میں ہو تو اس پر اور دنوں میں تعداد (پوری کرنی واجب) ہوگی۔ اللہ تمہارے لئے آسانی چاہتا ہے اور تمہارے لئے تنگی نہیں چاہتا، اور (یہ حکم اس نے اس لئے دیا ہے کہ تم تنگی میں نہ پڑو اور) تا کہ تم تعداد[4] کو پورا کر لو اور اس (بات) پر اللہ کی بڑائی کرو کہ اس نے تم کو ہدایت دی ہے اور تا کہ تم (اس کے) شکر گذار بنو۔
[1] بَیِّنٰتٍ مِّنَ الْھُدٰی سے مراد یہ ہے کہ دنیا میں فلاسفر اور ہئیت دان بھی دلیلیں دیتے ہیں مگر ان کے نتیجہ میں یا تو وہ گمراہیوں کو سچا ثابت کرتے ہیں اور یا پھر دنیوی باتیں پیش کرتے ہیں، مگر قرآن کریم ایسی دلیلوں پر مشتمل ہے جو ہدایت کا رنگ رکھتی ہیں۔ بے مطلب اور بے غرض باتیں نہیں ہوتیں۔
[2] یعنی دائمی مریض نہ ہو۔ یا مثل دائمی مریض کے نہ ہو۔
[3] یعنی جب وہ تندرست ہو۔ یہ حکم بیمار کے لئے نہیں۔ سفر میں ہو اور دائمی مریض بھی نہ ہو تو اس پر اور دنوں میں تعداد پوری کرنی واجب ہے۔
[4] وَ لِتُکْمِلُوا الْعِدَّۃَ کا عطف پہلے کسی جملہ سے نہیں ملتا اس لئے محققین نے اس جگہ عربی قواعد کے مطابق واؤ کے بعد ایک جملہ محذوف قرار دیا ہے اس جملہ کا ترجمہ خطوط کے اندر کیا گیا ہے (دیکھئیے ’’اِمْـلَاءُ مَا مَنَّ بِہِ الرَّحْمٰن)‘‘
اور (اے رسول)! جب میرے بندے تجھ سے میرے متعلق پوچھیں تو (تو جواب دے کہ) میں (ان کے) پاس (ہی) ہوں۔ جب دعا کرنے والا مجھے پکارے تو میں اس کی دعا قبول کرتا ہوں۔ سو چاہیے کہ وہ (دعا کرنے والے بھی) میرے حکم کو قبول کریں اور مجھ پر ایمان لائیں تا وہ ہدایت پائیں۔
تمہیں روزہ رکھنے کی راتوں میں اپنی بیویوں کے پاس [1]جانے کی اجازت ہے وہ تمہارے لئے ایک (قسم) کا لباس[2] ہیں اور تم ان کے لئے ایک (قسم) کا لباس ہو۔ اللہ کو معلوم ہے کہ تم اپنے نفسوں کی حق تلفی کرتے تھے[3]۔ اس لئے اس نے تم پر فضل سے توجہ کی اور تمہاری (اس حالت کی) اصلاح[4] کر دی۔ سو اب تم (بلاتامل) ان کے پاس جاؤ اور جو کچھ اللہ نے تمہارے لئے مقدر کیا ہے اس کی جستجو کرو۔ اور کھاؤ اور پیو۔ یہاں تک کہ تمہیں صبح کی سفید دھاری سیاہ دھاری سے الگ نظر آنے لگے۔ اس کے بعد (صبح سے) رات تک روزوں کی تکمیل کرو۔ اور جب تم مساجد میں معتکف ہو تو ان کے (یعنی بیویوں کے) پاس نہ جاؤ۔ یہ اللہ کی (مقرر کردہ) حدّیں ہیں۔ اس لئے تم ان کے قریب (بھی) مت جاؤ۔ اللہ اسی طرح لوگوں کے لئے اپنے احکامات بیان کرتا ہے تا کہ وہ (ہلاکتوں سے) بچیں۔
[1] رَفَثَ کے معنے اصل میں جماع کے ذکر کے ہوتے ہیں۔ اس جگہ استعارۃً یہ لفظ جماع کے معنوں میں استعمال کیا گیا ہے۔ مکہ والے سمجھتے تھے کہ روزہ دار کو رات کے وقت بھی اپنی بیوی کے ساتھ تعلق پیدا کرنا جائز نہیں، اس کی تردید کی۔
[2] لباس سے یہ مراد ہے کہ خاوند کی وجہ سے لوگ عورت پر الزام لگانے سے ڈرتے ہیں اور عورت کی وجہ سے خاوند پر الزام لگانے سے ڈرتے ہیں پس وہ ایک دوسرے کا لباس ہیں یعنی ایک دوسرے کی حفاظت کرتے ہیں۔
[3] مفسرین کہتے ہیں کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ بعض مسلمان باوجود یہ جاننے کے کہ روزہ کی رات میں عورت کے پاس جانا جائز نہیں ایسا کر لیتے تھے۔ پس فرماتا ہے کہ ہم نے یہ حکم اس لئے کھول کر بیان کر دیا ہے کہ تم گناہ میں نہ پڑو۔ لیکن تَخْتَأْ نُوْنَ اَنْفُسَکُمْ کے معنے اپنے نفسوں کی حق تلفی کرنے کے بھی ہوتے ہیں اور وہی معنے ہم نے اس جگہ کیے ہیں کیونکہ وہ صحابہ ؓ کی شان کے مطابق ہیں اور مطلب یہ ہے کہ گو یہ حکم شرعی نہیں تھا مگر پھر بھی تم اپنی جانوں کو تکلیف میں ڈالنے کی کوشش کرتے تھے۔ اب ہم نے شرعی حکم بتا دیا ہے تاکہ تم خواہ مخواہ اپنے آپ کو تکلیف میں نہ ڈالو۔
[4] عَفَا اللّٰہُ عَنْکَ کے معنے ہیں اَصْلَحَکَ اللّٰہُ وَ اَعَزَّکَ یعنی اللہ تیرے کاموں کو درست کرے اور تجھے عزت دے (اقرب) ہم نے اسی محاورہ کے مطابق عَفَا عَنْـکُمْ کے معنے یہ کیے ہیں۔ کہ اللہ نے تمہاری اس حالت کی اصلاح کردی۔
اور تم اپنے[2] (بھائیوں کے) مال آپس میں (مل کر) جھوٹ (اور فریب) کے ذریعہ سے مت کھاؤ اور نہ ان (اموال) کو (اس غرض سے) حکام کی طرف کھینچ لے جاؤ تا تم لوگوں کے مالوں کا کوئی حصہ جانتے بوجھتے ہوئے ناجائز طور پر ہضم کر جاؤ۔
[2] قرآن کریم اکثر قومی زندگی پر زور دینے کے لئے عام انسانوں یا اپنے اہل ملک یا اہل قوم کی اشیاء کو اپنی اشیاء کہہ کر پکارتا ہے تا اس طرف اشارہ کرے کہ جو اپنی قوم کے افراد کو نقصان پہنچاتا ہے وہ اپنے آپ کو نقصان پہنچاتا ہے۔ یہاں بھی اپنے مال سے مراد دوسرے بنی نوع انسان کے اموال ہیں لیکن مذکورہ بالا اصول کی طرف توجہ دلانے کے لئے اپنے مال کہہ کر انہیں پکارا ہے۔ اس سورت کے رکوع ۱۰ میں فرمایا اِذْ اَخَذْنَا مِیْثَاقَکُمْ لَاتُسْفِکُوْنَ دِمَآءَ کُمْ وَلَاتُخْرِجُوْنَ اَنْفُسَکُمْ مِّنْ دِیَارِکُمْ (البقرۃ: ۸۵) پھر آگے چل کر فرمایا ثُمَّ اَنْتُمْ ھٰٓؤُلَآءِ تَقْتُلُوْنَ اَنْفُسَکُمْ وَتُخْرِجُوْنَ فَرِیْقًا مِّنْـکُمْ مِّنْ دِیَارِھِمْ (البقرۃ: ۸۶) جس سے صاف ظاہر ہے کہ اَنْفُسَکُمْ اور دِمَآءَ کُمْ سے مراد اپنے بھائیوں کی جانیں اور اپنے بھائیوں کے خون ہیں۔
تجھ سے چاندوں کے بارہ میں سوال کرتے ہیں۔ تو کہہ دے، یہ لوگوں (کے عام کاموں) اور حج کے لئے وقت معلوم کرنے کا آلہ ہے۔ اور اعلیٰ نیکی یہ نہیں ہے، کہ تم گھروں میں ان کے پچھواڑے[1] سے داخل ہو بلکہ کامل نیک وہ شخص ہے، جو تقویٰ اختیار کرے اور (تم) گھروں میں ان کے دروازوں سے داخل ہوا کرو اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو تا کہ تم کامیاب ہو جاؤ۔
[1] عرب حاجی جب حج کو جاتے تو ضرورت پڑنے پر اگر واپس گھروں کو آتے تو دیوار پھاند کر گھر میں گھستے۔ اس آیت میں اس کا ردّ کیا کہ گھر میں دیواریں پھاند کر جانا نیکی نہیں۔ نیکی تو ایک روحانی امر ہے۔ پس ہر چیز کے حصول کے لئے صحیح طریق اختیار کیا کرو۔
اور اللہ کی راہ میں ان لوگوں سے جنگ کرو جو تم سے جنگ کرتے ہیں اور (کسی پر) زیادتی نہ کرو (اور یاد رکھو) اللہ زیادتی کرنے والوں سے ہر گر محبت نہیں کرتا۔
اور جہاں بھی ان (ناحق لڑنے والوں) کو پاؤ انہیں قتل کرو اور تم (بھی) انہیں اس جگہ سے نکال دو جہاں سے انہوں نے تمہیں نکالا تھا اور (یہ) فتنہ قتل سے (بھی) زیادہ سخت (نقصان دہ) ہے اور تم ان سے مسجد حرام کے قرب (وجوار) میں (اس وقت تک) جنگ نہ کرو جب تک وہ (خود) تم سے اس میں جنگ کی (ابتدا) [2]نہ کریں اور اگر وہ تم سے (وہاں بھی) جنگ کریں تو تم بھی انہیں قتل کرو، ان کافروں کی یہی سزا [3]ہے۔
[2] عربی میں ’’نہ‘‘ کا لفظ نہیں لیکن یہ لفظ حتّٰی کے اندر مخفی ہے۔ اگر اسے خطوط میں رکھا جائے تو معنے بالکل الٹ بن جاتے ہیں اس وجہ سے خطوط میں ’’نہ‘‘ کا لفظ نہیں رکھا گیا، بلکہ ظاہر کیا گیا ہے۔
[3] کَذٰلِکَ کا لفظی ترجمہ ’’اسی طرح‘‘ ہے لیکن اردو میں ’’یہی‘‘ کے لفظ سے ہی مضمون ٹھیک ادا ہوتا ہے۔