۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 17

پھر اگر وہ باز آجائیں تو اللہ یقیناً بڑا بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

اور تم ان سے اس وقت تک جنگ کرو کہ کوئی فتنہ باقی نہ رہے اور دین اللہ ہی کے لئے ہو جائے۔ پھر اگر وہ باز آجائیں تو (یاد رکھو کہ) ظالموں کے سوا کسی پر گرفت[4] (جائز) نہیں۔

[4] عُدْوَان کے لفظی معنے ظلم کے ہیں۔ لیکن لَاعُدْوَانَ کے معنے محاورہ میں الزام اور گرفت کے بھی ہیں۔ کہتے ہیں۔ لَاعُدْوَانَ عَلَیَّ اَیْ لَاسَبِیْلَ عَلَیَّ مجھ پر کوئی الزام و گرفت نہیں۔ (اقرب الموارد)

حرمت والا مہینہ حرمت والے مہینہ کے بدلہ میں ہے اور سب (ہی) عزت والی چیزوں (کی ہتک) کا بدلہ لیا جاتا ہے۔ اس لئے جو شخص تم پر زیادتی کرے تم بھی اس سے (اس کی) زیادتی کا جس قدر کہ اس نے تم پر زیادتی کی ہو بدلہ لے لو۔ اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور جان لو کہ اللہ یقیناً متقیوں کے ساتھ (ہوتا) ہے۔

اور اللہ کے راستے میں (مال و جان) خرچ کرو اور اپنے ہی ہاتھوں (اپنے آپ کو) ہلاکت میں مت ڈالو اور احسان سے کام لو۔ اللہ احسان کرنے والوں سے یقیناً محبت کرتا ہے۔

اور حج اور عمرہ کو اللہ (کی رضا) کے لئے پورا کرو۔ پھر اگر تم (کسی سبب سے حج اور عمرہ سے) روکے جاؤ تو جو قربانی میسر آئے (ذبح کرو) اور جب تک کہ قربانی اپنے مقام پر (نہ) پہنچ جائے اپنے سر [1]نہ مونڈو۔ اور جو کوئی تم میں سے بیمار ہو یا اپنے سر (کی بیماری کی وجہ[2]) سے اسے تکلیف (پہنچ رہی) ہو (اور وہ سر منڈوادے) اس پر (اس وجہ سے) روزوں یا صدقہ یا قربانی کی قسم سے کچھ فدیہ[3] (واجب) ہوگا۔ پھر جب تم امن میں آجاؤ تو (اس وقت) جو شخص عمرہ کا فائدہ (ایسے) حج کے[4] ساتھ (ملا کر) اٹھائے تو جو قربانی بھی آسانی سے مل سکے (کردے) اور جو (کسی قربانی کی بھی توفیق) نہ پائے (اس پر) تین دن کے روزے تو حج (کے دنوں) میں (واجب) ہوں گے اور سات (روزے) جب (اے مسلمانو)! تم (اپنے گھروں کو) واپس (لوٹ) آؤ۔ یہ پورے دس ہوئے۔ یہ (حکم) اس شخص کے لئے ہے جس کے گھر والے مسجد حرام کے پاس رہنے والے نہ ہوں اور تم اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور سمجھ لو کہ اللہ کی سزا یقیناً سخت (ہوتی) ہے۔

[1] حَتّٰی یَبْلُغَ الْھَدْیُ مَحِلَّہٗ اس پر بحث کی گئی ہے کہ مَحِلَّہٗ سے کیا مراد ہے۔ امام شافعیؒ اور امام مالکؒ کے نزدیک تو وہ جگہ ہے جہاں پر حاجی کو روک دیا گیا ہو۔ اور امام ابوحنیفہؒ کے نزدیک حرم ہے۔ میرے نزدیک اگر بیماری کے سبب سے حاجی روکا گیا ہو تو قربانی کے حرم پہنچنے تک سر نہ منڈوائے۔ اور اگر کوئی دشمن حج میں مانع ہو جائے تو جہاں روکا جائے وہیں قربانی کرکے حلق کر دے۔

[2] مِنْ تعلیل کے لئے ہوتا ہے جیسے مِمَّا خَطِیْئٰتِھِمْ اُغْرِقُوْا (نوح : ۲۶) یہاں بھی یہی معنے ترجمہ کے لحاظ سے مناسب ہیں۔

[3] قرآن کریم نے تینوں اقسام فدیہ کو غیر معین رکھا ہے مگر رسول کریمؐ کے ارشاد سے اس کی تعیین ہو جاتی ہے۔ چنانچہ آپؐ نے کعب بن عُجرہ کوحکم فرمایا کہ سر منڈوادیں اور چھ مسکینوں کو کھانا کھلا دیں یا ایک بکرا قربانی کر دیں یا تین دن کے روزے رکھیں۔

[4] اِلَی الْحَجِّ : اِلٰی کے معنے کبھی مَعَ یعنی ساتھ کے بھی ہوتے ہیں اس جگہ یہی معنے ہیں۔ اکثر کوفی اور بصریوں کی ایک جماعت آیت مَنْ اَنْصَارِیْ اِلَی اللّٰہِ میں بھی اِلٰی کے معنے مَعَ کے ہی کرتی ہے۔ (مُغْنی اللَّبِیب)

حج (کے مہینے) (سب کے) جانے بوجھے ہوئے مہینے ہیں۔ پس جو شخص ان میں حج (کا ارادہ) پختہ کر لے (اسے یاد رہے کہ) حج (کے ایام) میں نہ تو کوئی شہوت کی بات نہ کوئی نافرمانی اور نہ کسی قسم کا جھگڑا کرنا (جائز) ہوگا اور نیکی (کا) جو (کام) بھی تم کرو گے اللہ (ضرور) اس (کی قدر) کو پہچان لے گا۔ اور زاد راہ (ساتھ) لو۔ اور (یاد رکھو کہ) بہتر زاد راہ تقویٰ ہے۔ اور اے عقل مندو! میرا تقویٰ اختیار کرو۔

تمہارے لئے (یہ) کوئی گناہ (کی بات) نہیں کہ (حج کے ایام میں) تم اپنے رب کے کسی فضل[1] کی جستجو کرلو۔ پھر جب تم عرفات سے لوٹو تو مشعرحرام [2]کے پاس اللہ کا ذکر کرو اور جس طرح اس نے تمہیں ہدایت دی ہے (اس کے مطابق) اسے یاد کرو۔ اور اس سے پہلے تم یقیناً گمراہوں میں سے تھے۔

[1] بعض لوگ کہتے ہیں کہ فَضْل سے مراد اس جگہ تجارت ہے اور میرے نزدیک بھی یہ درست ہے مگر فَضْل سے صرف تجارت مراد لینا ایک وسیع مضمون کو محدود کر دینا ہے۔ درحقیقت آج اسلام کو جس بہت بڑی مصیبت کا سامنا ہے وہ یہ ہے کہ دنیا میں چاروں طرف کفر غالب ہے اور مسلمان جمود اور بے ِحسی کا شکار ہیں ان کے دلوں میں یہ احساس پیدا نہیں ہوتا کہ وہ اسلام کی اشاعت کے لئے اس جنون سے کام لیں جس جنون سے قرون اولیٰ کے مسلمانوں نے کام لیا تھا اور اسلام کو تھوڑے عرصہ میں ہی تمام معلومہ دنیا میں غالب کر دیا تھا۔ پس حج کے ذکر کے ساتھ وَابْتَغُوْا مِنْ فَضْلِ اللّٰہِ فرما کر میرے نزدیک اس امر کی طرف توجہ دلائی گئی ہے کہ تم اس عظیم الشان اجتماع سے بعض دوسرے فوائد بھی حاصل کرنے کی کوشش کرو۔ اور اللہ تعالیٰ کا وہ فضل تلاش کرو جس کے نتیجہ میں مسلمان قعرِ مذلت سے نکل کر بامِ عروج پر پہنچ جائیں اور اسلام کی اشاعت کے لئے مختلف ممالک کے بااثر اور ممتاز افراد کے ساتھ مل کر ایسی سکیمیں سوچو جن کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ کا فضل نازل ہو جائے اور اسلام دنیا پر غالب آجائے۔ (مزید تفصیل کے لئے دیکھیں تفسیر کبیر سورۃ البقرۃ جلد دوم صفحہ ۴۴۰)

[2] المشعر الحرام : یہ حج کا ایک مقام ہے جو عرفات اور منیٰ کے درمیان واقع ہے۔ عرفات سے واپسی پر حاجی رات وہاں گذارتے ہیں۔

اور [1]جہاں سے لوگ (واپس) لوٹتے رہے ہیں وہیں سے تم بھی (واپس) لوٹو[2]۔ اور اللہ سے مغفرت طلب کرو۔ اللہ یقیناً بہت بخشنے والا ہے (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

[1] لفظ ’’اور‘‘ یہاں پر ثُمَّ کا ترجمہ ہے جس کے معنے عموماً ’’پھر‘‘ کے ہوتے ہیں۔ لیکن کبھی خالی عطف کے معنے بھی دیتا ہے۔ اس جگہ یہی معنے چسپاں ہوتے ہیں۔

[2] یعنی اس حکم میں اسلام نے کفار کے طریق سے الگ حکم نہیں دیا۔ بلکہ کفار کے طریق کو ابراہیمی سنت قرار دیا ہے اور اس کو قائم رکھا ہے۔ چنانچہ فرماتا ہے تم بھی وہیں سے لوٹا کرو جہاں سے کفار زمانۂ قدیم سے لوٹتے چلے آئے ہیں۔ اس سے معلوم ہوا کہ قرآن سے باہر بھی بعض باتیں پوچھنی مسلمانوں کے لئے ضروری ہیں۔ تعجب ہے کہ اس آیت میں خدا تو مسلمانوں کو حکم دیتا ہے کہ کافروں سے بھی بعض مسئلے پوچھو مگر اہل قرآن کہتے ہیں کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی نہ پوچھو۔

پھر جب تم اپنے عبادتیں پوری کر چکو تو (گذشتہ زمانہ میں) اپنے باپ دادوں کو یاد کرنے کی طرح اللہ کو یاد کرو۔ یا (اگر ہو سکے تو) (اس سے بھی) زیادہ (دل بستگی سے) یاد کرو۔ اور کچھ لوگ ایسے ہیں جو (یہی) کہتے رہتے ہیں کہ اے ہمارے رب! ہمیں اس دنیا میں (آرام) دے اور ان کا آخرت میں کچھ بھی حصہ نہیں ہوتا۔

اور ان میں سے کچھ (ایسے بھی ہوتے) ہیں جو کہتے ہیں کہ اے ہمارے رب ہمیں (اس) دنیا (کی زندگی) میں (بھی) کامیابی[3] دے اور آخرت میں (بھی) کامیابی (دے) اور ہمیں آگ کے عذاب سے بچا۔

[3] اَلْحَسَنَۃُ کے معنے ظفر یعنی کامیابی کے بھی ہوتے ہیں (تاج العروس) اسی طرح دل کو خوش کرنے والی نعمت کے بھی۔ (مفرداتِ راغب)

یہی (وہ لوگ) ہیں جن کے لئے ان کی (نیک) کمائی کے سبب سے (ثواب کا) ایک بہت بڑا حصہ (مقدر) ہے اور اللہ (بہت) جلد حساب[4] چکا دیتا ہے۔

[4] حساب مصدر ہے اس کے معنے حساب لینے کے بھی ہیں اور حساب دینے کے بھی۔ اس جگہ اسی طرف اشارہ ہے کہ نیک لوگوں کو ان کے انعام ساتھ کے ساتھ بھی ملتے رہتے ہیں کیونکہ خداتعالیٰ نہیں چاہتا کہ قیامت تک ان کی جزا روکی جائے۔ جنت میں بھی انہیں انعام ملے گا مگر اس دنیا میں بھی اللہ تعالیٰ انہیں انعام دے گا گویا اٰ تِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَۃً کی دعا بھی قبول ہوگی اور فِی الْاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً کی دعا بھی قبول ہوگی۔

اور (ان) مقررہ دنوں میں اللہ کو یاد کرو۔ پھر جو شخص جلدی کرے (اور) دو[1] دنوں میں (ہی واپس چلا جائے) تو اسے کوئی گناہ نہیں۔ اور جو پیچھے رہ جائے اسے (بھی) کوئی گناہ نہیں (یہ وعدہ) اس شخص کے لئے ہے جو تقویٰ اختیار کرے اور تم اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور جان لو کہ (ایک دن) تم سب کو اکٹھا کرکے اس کے حضور لے جایا جائے گا۔

[1] مُزدَلفہ سے واپس لوٹنے کے بعد منٰی میں تین دن رہنے کا حکم ہے مگر اجازت ہے کہ کوئی شخص دو دن کے بعد بھی لَوٹ آئے۔ اس جگہ اسی کا ذکر ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ اگر تین دن رہے تو پھر چوتھا دن بھی اس کو رہنا پڑے گا، بلکہ مراد یہ ہے کہ صرف دو دن میں بھی واپس لَوٹ سکتا ہے اور تیسرے دن میں بھی واپس لَوٹ سکتا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی