۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 18

اور بعض آدمی ایسے (بھی ہوتے) ہیں جن کی باتیں (اس) دنیا کی زندگی کے متعلق تجھے (بہت) پسندیدہ معلوم ہوتی ہیں اور وہ (بات کرتے وقت) اللہ کو اس (اخلاص) پر جو ان کے دل میں ہے گواہ ٹھہراتے جاتے ہیں حالانکہ وہ (حقیقت میں) سب جھگڑالؤوں سے زیادہ جھگڑالو ہوتے ہیں۔

اور جب حاکم ہو جاتے ہیں تو فساد (پیدا) کرنے اور کھیتی (باڑی) اور مخلوق کو ہلاک کرنے کی غرض سے (سارے) ملک میں دوڑتے پھرتے ہیں۔ حالانکہ اللہ فساد کو پسند نہیں کرتا۔

اور جب انہیں کہا جائے کہ اللہ کا تقویٰ اختیار کرو تو (اپنی) عزت (کی پچ) انہیں گناہ پر آمادہ کر دیتی ہے۔ پس اس (قسم کے لوگوں) کے لئے جہنم کافی ہے اور وہ یقیناً بہت برا ٹھکانا [2]ہے۔

[2] اَلْمِھَادُ: اَلْمَکَانُ الْمُمَھَّدُ الْمُوَطَّـأُ (مفردات راغب) یعنی وہ مکان جسے اچھی طرح تیار کیا گیا ہو۔

اور بعض[3] آدمی ایسے (بھی) ہوتے ہیں جو اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لئے اپنی جان کو بیچ (ہی) ڈالتے ہیں اور اللہ (اپنے ایسے مخلص) بندوں پر بڑی شفقت کرنے والا ہے۔

[3] قرآن کریم میں چونکہ مَنْ کا لفظ ہے جو مفرد اور جمع دونوں کے لئے استعمال ہوتا ہے اس لئے ہم نے ترجمہ میں جمع کو مدِّنظر رکھا ہے۔ خواہ ضمیر واحد کی ہو کیونکہ لفظ مَنْ کی طرف واحد کی ضمیر بھی پھر سکتی ہے۔

اے لوگو جو ایمان لائے ہو تم سب کے سب فرمانبرداری (کے دائرہ) میں آجاؤ اور شیطان کے قدم بقدم نہ چلو وہ یقیناً تمہارا کھلا (کھلا) دشمن ہے۔

اور اگر تم باوجود اس کے کہ تمہارے پاس کھلے (کھلے) نشانات آئے ہیں ڈگمگا گئے تو جان لو کہ اللہ یقیناً غالب (اور) حکمت والا ہے۔

وہ (لوگ) اس کے سوا کس (بات) کا انتظار کر رہے ہیں کہ اللہ ان کے پاس بادلوں کے سایوں میں آئے اور فرشتے (بھی آئیں) اور بات کا فیصلہ کر دیا جائے اور تمام امور اللہ ہی کی طرف پھیرے جاتے ہیں۔

(ذرا) بنی اسرائیل سے پوچھو (تو) کہ ہم نے انہیں کتنے[1] کھلے کھلے نشان دئیے تھے اور جو شخص اللہ کی (کسی) نعمت کو بعد اس کے کہ وہ اسے حاصل ہو جائے (اور وہ اس حقیقت کو سمجھ چکا ہو) بدل ڈالے تو (وہ یاد رکھے کہ) اللہ (بھی) سخت سزا دینے[2] والا ہے۔

[1] کَمْ سے مراد تعداد کی کثرت ہے اور مراد یہ ہے کہ ان سے پوچھو تو انہیں خود اقرار کرنا ہوگا کہ اللہ تعالیٰ نے بہت سے کھلے کھلے نشانات ہمیں دئیے تھے۔

[2] یہ مرادنہیں کہ وہ سزا دینے میں سخت ہے بلکہ یہ مراد ہے کہ اس کی سزا انسان پر سخت ہی گزرتی ہے۔

جن لوگوں نے کفر اختیار کیا ہے انہیں دنیوی زندگی خوبصورت کرکے دکھائی گئی ہے اور وہ ان لوگوں سے جو ایمان لائے ہیں ٹھٹھا کرتے ہیں اور (اس کے بالمقابل) جن لوگوں نے تقویٰ اختیار کیا ہے وہ ان (کفار) پر قیامت کے دن غالب ہوں گے اور اللہ جسے پسند کرتا ہے اسے بے حساب دیتا ہے۔

سب لوگ ایک ہی (خیال [1]کے) تھے پھر اللہ نے انبیاء کو مبشر اور منذر بنا کر بھیجا اور ان کے ساتھ حق پر مشتمل کتاب نازل کی تا کہ وہ (یعنی اللہ) لوگوں کے درمیان ان باتوں کے متعلق جن میں انہوں نے اختلاف پیدا کر لیا تھا فیصلہ کرے اور (ہوا یہ کہ) صرف انہی لوگوں نے جنہیں وہ کتاب دی گئی تھی اس کے بعد ان کے پاس کھلے (کھلے) نشانات آچکے تھے آپس کی سرکشی (اور فساد) کی وجہ سے اس (یعنی کتاب) کے بارہ میں اختلاف[2] کیا۔ پس اللہ مومنوں کو اپنے حکم سے اس صداقت تک لے گیا جس کے بارہ میں دوسرے لوگوں نے اختلاف سے کام لیا تھا اور اللہ جسے پسند کرتا ہے سیدھی راہ پر چلا دیتا ہے۔

[1] اُمَّۃً وَّاحِدَۃً کا لفظ قرآن کریم میں نو جگہ پر استعمال ہوا ہے، جن میں سے تین جگہ یعنی یونس آیت ۲۰ اور انبیاء آیت ۹۳اور مومنون آیت ۵۲ میں تو اتحادِ جنس اور اتحادِ قومی مراد لیا گیا ہے اور چھ جگہ یعنی مائدہ آیت ۴۹۔ نحل آیت ۹۴۔ شوریٰ آیت۹۔ زخرف آیت ۳۴۔ ھود آیت ۱۱۹ اور بقرۃ آیت ۲۱۴ میں اتحاد خیال مراد لیا گیا ہے۔ اس آیت کا مطلب یہ ہے کہ آدمؑ کے وقت سے بنی نوع انسان ایک مذہب پر تھے۔ مگر جوں جوں نبی آئے ان کی مخالفت کی وجہ سے لوگ مختلف الخیال ہو گئے حالانکہ نبی اِ تّحادِ خیال پیدا کرنے آئے تھے۔

[2] اس میں عجیب مضمون بیان کیا ہے۔ نبی آتا ہے اختلاف مٹانے کے لئے، مگر لوگ اپنے اختلاف چھوڑ کر اس کے پیچھے پڑ جاتے ہیں اور وہی قوم سب سے زیادہ مخالفت کرتی ہے جو الہام کی اول مخاطب ہوتی ہے اور جن کی طرف نبی آتا ہے۔ دوسری قومیں تو اس کی تعلیم کو ایک علمی مضمون سمجھ کر اس سے دلچسپی بھی ظاہر کرتی ہیں، اس پر غور بھی کرتی ہیں۔ بعض حصوں میں اس کی تعریف بھی کرتی ہیں لیکن جن کی طرف وہ کتاب نازل ہوتی ہے یا جو اول مخاطب ہوتے ہیں وہ مخالفت میں اس قدر بڑھ جاتے ہیں کہ انہیں اس میں کوئی خوبی نظر ہی نہیں آتی۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ کیسے افسوس کی بات ہے کہ جن کے فائدہ کے لئے وہ کتاب آئی ہے وہی سب سے زیادہ اس کے مخالف ہوتے ہیں اس جملہ میں یہ مضمون بیان کیا ہے کہ جب قوم کا اکثر حصہ شدید مخالف ہو جاتا ہے تو لازماً وہ لوگ جو ایمان لاتے ہیں لوگوں کی مخالفت کا نشانہ بن جاتے ہیں اور سخت ابتلا ان پر ٹوٹ پڑتے ہیں جس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ ان کو ان سب انعامات کا وارث کر دیتا ہے جو کتاب الٰہی میں ساری قوم کے لئے مقدر تھے۔ اسی مضمون کی تشریح ایک حدیث میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے کی ہے کہ ہر انسان کا ایک گھر دوزخ میں اور ایک گھر جنت میں ہوتا ہے۔ جو دوسرے پر ظلم کرتا ہے اس کا گھر جنت کا لے کر اللہ مظلوم کو دے دیتا ہے اور مظلوم کا دوزخ کا گھر ظالم کو دے دیتا ہے۔ کفار نے چونکہ بلاوجہ کتاب الٰہی کی مخالفت کی اور اس کے سبب سے مومنوں کو سخت دکھ برداشت کرنے پڑے۔ خداتعالیٰ نے حکم دیا کہ وہ انعامات جو ساری قوم کے لئے مقدر تھے مٹھی بھر مسلمانوں کو دے دئیے جائیں اور باقی قوم کو بوجہ ظالم ہونے کے اس سے محروم کر دیا جائے۔

کیا تم نے سمجھ رکھا ہے کہ باوجود[1] اس کہ ابھی تم پر ان لوگوں کی (سی تکلیف کی) حالت نہیں آئی جو تم سے پہلے گزرے ہیں تم جنت میں داخل ہو جاؤ گے؟ انہیں تنگی (بھی) پہنچی اور تکلیف (بھی) اور انہیں خوب خوف دلایا گیا تا کہ (اس وقت کا) رسول اور اس کے ساتھ (کے) ایمان والے کہہ اٹھیں کہ اللہ کی مدد کب[2] آئے گی۔ یاد رکھو! اللہ کی مدد یقیناً قریب ہے۔

[1] وَ لَمَّایَاْ تِکُمْ جملہ حالیہ ہے اور حال کا ترجمہ اردو میں قریب ترین ’’باوجود اس کے‘‘ یا ’’ہوکر‘‘ یا ’’بن کر‘‘ کے لفظ بڑھا کر ہی ہو سکتا ہے۔ اس جگہ ’’باوجود اس کے‘‘ کے الفاظ ہی زیادہ سجتے ہیں اور مطلب بالکل درست رہتا ہے۔

[2] اس جگہ خدا نے نبیوں اور مومنوں پر جو مصائب آتے ہیں ان کی حکمت بتائی ہے۔ فرماتا ہے کہ ہم چاہتے تو انہیں کوئی بھی تکلیف نہ پہنچنے دیتے۔ مگر ہم نے ایسا نہیں کیا بلکہ مخالفوں کے عذاب اور تکلیفیں خدا کے نبیوں اور ان پر ایمان لانے والوں کو برابر پہنچتی رہیں اور اس میں ہماری غرض یہ تھی کہ ان کے دلوں میں دعاؤں کی تحریک زیادہ سے زیادہ پیدا ہوتی رہے اور وہ باربار ہماری طرف جھکیں تا ایک طرف ان کے دلوں میں اللہ تعالیٰ کی محبت بڑھے اور دوسری طرف جب اللہ تعالیٰ کی نصرت معجزانہ طور پر آئے تو ان کے ایمان بڑھیں اور کفار میں سے جو غور کرنے والے ہوں انہیں ہدایت حاصل ہو۔ چنانچہ فرماتا ہے کہ جب یہ غرض پوری ہو جاتی ہے تو اللہ تعالیٰ فرما دیتا ہے کہ لو اب ہماری مدد آگئی۔ اس آیت سے یہ بھی ثابت ہو جاتا ہے کہ میں نے پہلی آیت کے جو یہ معنے کیے تھے کہ اس میں یہ ذکر ہے کہ جب اکثر حصہ قوم کا اختلاف کرتا ہے تو مومن سخت ابتلاؤں اور دکھوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں، اور اس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ سارے قومی انعامات انہی کو سونپ دیتا ہے۔ وہ معنے سیاق قرآن کی رو سے درست ہیں کیونکہ بعد کی آیت میں مومنوں کے ابتلا کا ہی ذکر کیا گیا ہے اگر پہلی آیت کا وہ مضمون نہ لیا جائے جو میں نے بتایا ہے تو یہ دوسری آیت بالکل بے جوڑ ہو جاتی ہے اور پہلی آیت سے اس کا کوئی تعلق نظر نہیں آتا۔
میں نے اس آیت میں حَتّٰی کے معنے ’’تاکہ‘‘ کے کیے ہیں جس کے لئے عربی لفظ ’’کَیْ‘‘ کا ہے۔ یہ معنے کتب نحو اور قرآن کریم سے ثابت ہیں۔ مُغْنی اللَّبِیب میں لکھا ہے وَ مُرَادِفَۃُ کَیِ التَّعْلِیْلِیَّۃِ۔ یعنی حَتّٰی کے معنے اس کَیْ کے مترادف بھی ہوتے ہیں جو کسی کی وجہ سے بیان کرنے کے لئے استعمال ہوتا ہے یعنی اس حَتّٰی سے پہلے جو بات ہوتی ہے وہ بعد میں آنے والی شے کے لئے بطور سبب کے ہوتی ہے۔ قرآن کریم میں دوسری جگہ بھی حَتّٰی ان معنوں میں آیا ہے چنانچہ منافقوں کے متعلق آتا ہے ھُمُ الَّذِیْنَ یَقُوْلُوْنَ لَا تُنْفِقُوْا عَلٰی مَنْ عِنْدَ رَسُوْلِ اللّٰہِ حَتّٰی یَنْفَضُّوْا یعنی جو لوگ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جمع ہیں ان پر خرچ نہ کرو تاکہ وہ بھاگ جائیں (منافقون: ۸) نحوی اس کی یہ مثال بھی دیتے ہیں کہ اَسْلِمْ حَتّٰی تَدْخُلَ الْجَنَّۃَ یعنی فرمانبرداری کرتا کہ جنت میں داخل ہو جائے۔

وہ تجھ سے سوال کرتے ہیں کہ کیا خرچ کریں؟ تو کہہ دے (کہ) جو اچھا[3] مال بھی تم دو۔ وہ (تمہارے) ماں باپ قریبی رشتہ داروں۔ یتیموں۔ مسکینوں اور مسافر کا (پہلا) حق ہے۔ اور جو نیک کام بھی تم کرو اللہ اسے یقیناً اچھی طرح جانتا ہے۔

[3] معترض اعتراض کرتے ہیں کہ سوال کچھ ہے اور جواب کچھ ہے۔ پوچھا تو یہ گیا ہے کہ کیا خرچ کریں اور جواب یہ دیا جاتا ہے کہ جو کچھ بھی مال میں سے خرچ کرو وہ فلاں فلاں کو دو۔ اس کا جواب یہ ہے کہ یہ اعتراض قلتِ تدبر کی وجہ سے ہے۔ سوال کا جواب آیت میں موجود ہے۔ جب فرماتا ہے کہ جو کچھ بھی اچھے مال سے خرچ کرو تو اس میں سائل کا جواب مکمل آگیا ہے۔ اول یہ کہ کوئی حد بندی نہیں، جتنے کی توفیق ہو اتنا خرچ کرو۔ دوم یہ کہ اس امر کا لحاظ رکھو کہ جو خرچ کرو وہ طیّب مال ہو۔ جو لوگ حرام کماتے ہیں اور اس میں سے خدا کی راہ میں خرچ کرکے سمجھتے ہیں کہ ہم نے گویا اپنے گناہ کا کفار کر دیا وہ غلطی پر ہیں۔ خداتعالیٰ ایسے ہی مال کو قبول کرے گا جو اچھا اور طیّب ہو۔ سوم یہ کہ صرف حلال نہیں دینا بلکہ طیب دینا ہے یعنی جس مال کو قبول کرنا اس پر گراں نہ گزرے جس کو مال دیا جائے۔ ممکن ہے کوئی کہے کہ خَیْر کے معنے مال کے ہیں اچھے مال کے معنے کہاں سے نکالے؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ خَیْر کے اصل معنے بہترین شے کے ہیں اور مال کو اسی صورت میں خَیْرکہتے ہیں کہ وہ طیّب ذرائع سے حاصل کیا گیا ہو۔ مفرداتِ راغب میں ہے۔ وَقَالَ بَعْضُ الْعُلَمَآءِ لَایَقَالُ لِلْمَالِ خَیْـرٌ حَتّٰی یَکُوْنَ کَثِیْرًا وَّ مِنْ مَّکَانٍ طَیِّبٍ یعنی مال کو خیر اسی صورت میں کہیں گے کہ زیادہ ہو اور پاک ذرائع سے حاصل کیا گیا ہو اور خود طیب ہو۔ پس خَیْرکہنے سے یقیناً قرآن کریم نے اس طرف اشارہ کیا ہے کہ طیب اموال میں سے خداتعالیٰ کی راہ میں خرچ کرو۔ اگر کہا جائے کہ اگر کوئی شخص حرام کماتا ہو لیکن صدقہ طیّب مال سے دے تو کیا یہ اس حکم کے مطابق ہوگا؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ تھوڑی سے گندگی بھی بہت سی پاکیزہ شے کو گندہ کر دیتی ہے۔ پس اگر کوئی شخص رشوت لیتا، چوری کرتا یا ظلم سے دوسروں کا مال لیتا ہے تو خواہ اس قسم کا مال تھوڑا ہو اس کا سب مال گندہ ہو جائے گا اور وہ اس حکم کو پورا کرنے والا نہ ہوگا۔ غرض سوال کا مکمل جواب اس آیت میں آگیا ہے۔ ہاں اس سے زائد مضمون بھی بتا دیا گیا ہے کہ اگر خرچ کرو تو کہاں کہاں خرچ کرو۔ اور ادھر اشارہ کیا ہے کہ خرچ کرنا اتنا مشکل نہیں جتنا کہ صحیح جگہ خرچ کرنا مشکل ہے۔ پس جو خرچ کرو احتیاط سے خرچ کرو اور مستحقین کو دو۔ یہ قرآنی کمال ہے کہ وہ مختصر الفاظ میں وسیع مضمون بیان کر دیتا ہے۔ یہاں دیکھو کتنے مختصر لفظوں میں سوال کا جواب بھی دے دیا۔ یہ بھی بتا دیا کہ مال حلال دو (طیّب میں حلال کا مفہوم بھی شامل ہے) اور یہ بھی کہ حلال مال طیب بھی ہو۔ یہ نہیں کہ ٹوٹی ہوئی جوتی جو کسی کام کی نہیں دے دی۔ بے شک وہ اس کا مال ہے، بے شک اس کا دینا اسے حلال ہے مگر وہ طیب نہیں۔ کیونکہ جسے دی گئی ہے اس کے کام کی نہیں۔ یا مثلاً ایک بھوکا کھانا مانگنے آیا۔ گھر میں کھانا تیار ہے۔ مگر اسے آٹا دے دیا۔ یہ مال بھی ہے، حلال بھی ہے مگر بھوکے کی ضرورت کو پورا نہیں کرتا۔ طیّب یہ ہے کہ خود کم کھائے اُسے پکا ہوا کھانا دے جسے وہ فوراً کھا سکے۔ یہ سب کچھ بتا کر ساتھ ہی یہ بھی بتا دیا کہ فلاں فلاں جگہ مال خرچ کرنا زیادہ مناسب ہے۔ سبحان اللہ! کیا معجزانہ ایجاز ہے۔ قرآن کریم میں ایسی مثالیں اور بھی ہیں کہ سوال کا جواب دے کر زائد مضمون بتا دیا ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی اس قسم کا کلام فرماتے تھے۔ آپ سے کسی نے پوچھا ’’سمندر کے پانی کے بارہ میں کیا حکم ہے؟‘‘ فرمایا ھُوَ الطَّھُوْرُ مَآءُ ہٗ وَالْحِلُّ مَیْتَتُہٗ یعنی اُس کا پانی پاک ہے اور اس کا مردہ حلال ہے۔ یعنی سمندری جانور کے لئے ذبح کرنے کی شرط نہیں۔ جیسے مچھلی۔ اب دیکھو یہاں سوال کا جواب بھی دیا ہے اور زائد مضمون بھی بتا دیا ہے۔ یہ بھی یاد رکھنا چاہئیے کہ ’’کیا خرچ کریں‘‘ کے الفاظ سے صدقہ کے اقسام کا دریافت کرنا بھی مراد ہو سکتا ہے۔ یعنی ہمارا خرچ کرنا کس کس موقعہ اور کن کن لوگوں کے لئے ہو اور اس جگہ غالباً یہی مراد ہے کیونکہ کَمِیَّتْ کے متعلق سوال آگے آتا ہے۔ مَاذَا سے سوال کبھی اس چیز کے متعلق کیا جاتا ہے اور کبھی اس کی صفات کے متعلق۔ نحوی لکھتے ہیں کہ صفات کے متعلق صرف ذوی العقول کے بارہ میں سوال کیا جاتا ہے۔ لیکن یہ حد بندی بلاوجہ معلوم ہوتی ہے میرے نزدیک اس جگہ پوچھنے والا یہ نہیں پوچھتا کہ صدقہ کس چیز کا ہو بلکہ صدقہ کی صفات کیا ہوں۔ سو اللہ تعالیٰ نے جواب دیا کہ طیّب مال سے ہو اور جتنی توفیق ہو اس قدر دیا جائے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی