۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 19

جنگ کرنا تم پر فرض کیا جاتا ہے (اور) اس حالت میں (فرض کیا جاتا ہے) کہ وہ تمہیں ناپسند ہے، اور بالکل ممکن ہے کہ تم کسی شے کو ناپسند کرتے ہو حالانکہ وہ تمہارے لئے بہتر ہو اور (یہ بھی) ممکن ہے کہ تم کسی شے کو پسند کرتے ہو حالانکہ وہ تمہارے لئے دوسری[1] چیز کی نسبت بری ہو اور اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔

[1] شَرٌّ کا لفظ مقابلہ میں برا ہونے پر دلالت کرتا ہے۔ لیکن اردو میں اس سے مفہوم ادا نہیں ہوتا۔ اس لئے اس کے لئے ’’دوسری چیز‘‘ کے الفاظ بڑھائے گئے ہیں تاکہ مقابلہ پر دلالت کرے۔

یہ (لوگ) تجھ سے حرمت والے مہینہ کے بارہ میں یعنی اس میں جنگ کرنے کے متعلق سوال کرتے ہیں۔ تو کہہ دے (کہ) اس میں جنگ کرنا بڑی (خرابی کی) بات ہے اور اللہ کے راستہ سے روکنا اور اس کا (یعنی اللہ کا) اور عزت والی مسجد کا انکار کرنا[2]۔ اور اس کے باشندوں کو اس میں سے نکال دینا اللہ کے نزدیک (اس سے بھی) بڑی بات ہے اور فتنہ (فساد) قتل سے بھی بڑا (گناہ) ہے اور یہ لوگ۔ اگر ان کی طاقت میں ہو تو تم سے لڑتے ہی چلے جائیں تا کہ تمہیں تمہارے دین سے پھرا دیں اور تم میں سے جو (بھی) اپنے دین سے پھر جائے (اور) پھر کفر ہی کی حالت میں مر (بھی) جائے تو (وہ یاد رکھے کہ) ایسے لوگوں کے اعمال اس دنیا میں (بھی) آخرت میں (بھی) اکارت جائیں گے اور ایسے لوگ دوزخ (کی آگ میں پڑنے) والے ہیں۔ وہ اس میں (دیر تک) رہیں گے۔

[2] یعنی ان دونوں کی حرمت کو ضائع کرنے کی کوشش کرنا ہے۔

جو لوگ ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے ہجرت کی ہے اور اللہ کے راستہ میں جہاد کیا ہے ایسے لوگ یقیناً اللہ کی رحمت کے امیدوار ہیں اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

وہ تجھ سے شراب اور جوئے کے متعلق پوچھتے ہیں۔ تو کہدے (کہ) ان (کاموں) میں بڑا گناہ (اور نقصان[3]) ہے اور لوگوں کے لئے ان میں (کئی ایک) منفعتیں (بھی) ہیں اور ان کا گناہ (اور نقصان) ان کے نفع سے بہت بڑا ہے اور وہ (لوگ) تجھ سے (یہ بھی) پوچھتے ہیں کہ وہ (یعنی سائل) کیا خرچ کریں؟ تو کہہ دے کہ جتنا تکلیف[4] میں نہ ڈالے۔ اس طرح اللہ اپنے احکام تمہارے لئے بیان کرتا ہے تا کہ تم سوچ سے کام لو۔

[3] اِثْمٌ کے معنے گناہ کے ہیں اور کبھی گناہ کی سزا کے معنوں میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ قرآن کریم میں ہے۔ وَمَنْ یَّفْعَلْ ذٰلِکَ یَلْقَ اَثَامًا (فرقان: ۶۹) یعنی اپنے گناہ کی سزا بھگتے گا۔ ان معنوں کو مدِّنظر رکھتے ہوئے گناہ اور نقصان کے معنے کیے گئے ہیں۔ لیکن ’’اور نقصان‘‘ کے لفظوں کو خطوط وحدانی میں لکھ دیا گیا ہے۔
اسی طرح اِثْمٌ کے معنے نیکیوں سے روکنے کے ہیں (مفردات) پس اس کے یہ معنے بھی ہو سکتے ہیں کہ ان افعال کے نتیجہ میں نیکیوں سے محرومی ان کے منافع سے زیادہ ہے۔ یہ معنے گو ترجمہ کے لحاظ سے مشکل ہیں لیکن تفسیر کے لحاظ سے بہت اعلیٰ ہیں کیونکہ حقیقت یہی ہے کہ شراب اور جوئے سے اس لئے منع کیا گیا ہے کہ یہ نیک کاموں سے روکتے ہیں۔ شراب پینے والا نماز، عبادات وغیرہ سے اور روحانی امور میں باریک غور و فکر سے محروم رہتا ہے اور فضول باتوں کی طرف اس کی توجہ زیادہ ہو جاتی ہے۔ بجائے شجاعت کے اس میں تہوّر پیدا ہو جاتا ہے۔ یعنی وہ بہادری نہیں رہتی جو عقل اور فہم سے متعلق ہے بلکہ انجام سے بے پروا ہو کر جان کو ضائع کر دینے کا مادہ پیدا ہو جاتا ہے۔ یہی حال جوئے کا ہے۔ اس کا عادی انسان بسا اوقات اپنے طیب مال کو ضائع کر دیتا ہے اور نیکیوں سے محروم رہ جاتا ہے اور اگر جیتتا ہے تو اور ہزاروں گھروں کی بربادی کا موجب ہو کر روپیہ کماتا ہے۔ پھر جوئے باز میں روپیہ کو لٹانے کی عادت پیدا ہو جاتی ہے۔ شاید ہی کوئی جوئے باز ایسا ہوگا جو روپیہ کو سنبھال کر رکھتا ہو۔ بالعموم جوئے باز بے پروائی سے اپنے مال کو لٹاتے ہیں ایک طرف تو لوگوں کو برباد کرتے ہیں دوسری طرف اپنے مال سے فائدہ نہیں اٹھاتے کیونکہ روپیہ کمانے میں انہیں کوئی محنت نہیں کرنی پڑتی۔ جُو َا عقل اور فکر کو بھی کمزور کر دیتا ہے۔ جوئے باز عادتاً ایسی چیزوں کے تباہ کرنے کے لئے تیار ہو جاتا ہے جنہیں کوئی دوسرا عقل مند تباہ کرنے کے لئے تیار نہ ہوگا۔

[4] عَفْو کے تین معنے ہوتے ہیں۔ (۱) خِیَارُ الشَّیْئِ وَاَطْیَبُہٗ یعنی سب سے اچھی اور پاکیزہ شے (۲) مَایَفْضُلُ عَنِ النَّفَقَۃِ وَلَاعُسْرَ عَلٰی صَاحِبِہٖ فِیْ اِعْطَآئِہٖ جو اپنے ضروری خرچ سے بچ جائے اور دینے والے کو اس کے دینے سے تکلیف نہ پہنچے (۳) یُقَالُ اَعْطَیْتُہٗ عَفْوَ الْمَالِ اَیْ بِغَیْرِ مَسْأَلَۃٍ یعنی عفو کے معنے بغیر مانگے دینے کے بھی ہوتے ہیں (اقرب) پہلے بھی ایسا ہی سوال گزر چکا ہے اور وہاں جواب دیا تھا کہ جو بھی حلال و طیب مال خرچ کرو مناسب ہے۔ وہاں اقسام صدقہ کے متعلق سوال تھا۔ یہاں کَمیّت کے متعلق سوال ہے یعنی کتنا دے؟ سو اس کے جواب میں عفو کا لفظ استعمال کیا جو دو معنے رکھتا ہے اور دونوں ہی یہاں مراد ہیں جن کی ایمانی حالت ادنیٰ ہے ان کے لئے یہ معنے ہیں کہ اس قدر صدقہ کرو کہ بعد میں تمہارے ایمان میں تزلزل نہ آئے اور تم دکھ میں نہ پڑ جاؤ۔ دکھ میں پڑنے کے اس جگہ یہ بھی معنے ہیں کہ بعد میں لوگوں سے مانگتا نہ پھرے یا یہ کہ دین اور ایمان کو صدمہ نہ پہنچے۔ بعض لوگ کمزور ایمان کے ہوتے ہیں اور جوش میں آکر بہت سا صدقہ کر دیتے ہیں لیکن چونکہ توکّل کا اعلیٰ مقام حاصل نہیں ہوتا جب تکلیف ہوتی ہے دوستوں سے مانگنا شروع کر دیتے ہیں اور اگر ضرورت پوری نہ ہو تو شکوہ شروع کر دیتے ہیں کہ ہمیں ضرورت ہے تو ہماری امدادنہیں کی جاتی۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے جس نے کل کو اس طرح کرنا ہو اُسے چاہیے کہ آج اتنی امداد کرے جو کل کو اس کے لئے ٹھوکر اور تکلیف کا موجب نہ بنے۔
دوسرا گروہ متوَکّلین کا ہے۔ ان کے لئے یہ حکم ہے کہ اپنے مال کا بہترین حصہ خدا کی راہ میں دو۔ ان لوگوں کا چونکہ ایمان مضبوط ہوتا ہے ان کا حکم دوسرے مومنوں سے الگ ہے۔ لیکن یہ قرآن کریم کا کمال ہے کہ دونوں قسم کے لوگوں کا حکم ایک ہی لفظ میں بیان کر دیا۔ حدیثوں سے ان دونوں قسم کے لوگوں کا وجود ثابت ہے۔ ایک جنگ کے لئے روپیہ کی ضرورت تھی۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے چندہ کا اعلان کیا۔ حضرت ابوبکرؓ نے اپنا سب مال آپ کی خدمت میں حاضر کر دیا۔ آپ بہت خوش ہوئے اور لوگوں سے بھی اس کا تذکرہ کیا۔ لیکن ایک اور شخص ایک موقعہ پر آپ کے پاس ایک سونے کا ٹکڑا لایا تو آپ نے اس کی بات کا جواب نہ دیا۔ اس کے باربار کہنے پر آپ نے وہ سونے کا ٹکڑا اس کے ہاتھ سے لے کر پھینک دیا اور فرمایا یَجِیْئُ اَحَدُکُمْ بِمَالِہٖ کُلِّہٖ فَیَتَصَدَّقُ بِہٖ وَ یَجْلِسُ یَتَکَفَّفُ النَّاسَ اِنَّمَا الصَّدَقَۃُ عَنْ ظَھْرِ غِنًی (کَشَّاف) یعنی تم میں سے بعض لوگ اپنا سارا مال صدقہ کر دیتے ہیں اور پھر لوگوں کے آگے ہاتھ پھیلاتے پھرتے ہیں۔ صدقہ تو فراخی کی موجودگی میں ہوتا ہے۔ یہ دو مختلف سلوک دو مختلف قسم کے انسانوں کے متعلق ہیں۔ حضرت ابوبکرؓ چونکہ اور مقام کے آدمی تھے ان سےآپ نے اور رنگ میں سلوک کیا۔ دوسرا شخص اور مقام کا تھا، اس سے اور سلوک کیا۔ ایک کا سب مال قبول کیا اور خوش ہوئے اور دوسرے کو زیادہ صدقہ دینے سے منع کیا۔ اور فرق بھی بتا دیا کہ اس شخص سے خطرہ تھا کہ جب اسے ضرورت ہوگی لوگوں سے سوال شروع کر دے گا اور ابوبکرؓ کے متعلق یقین تھا کہ خواہ کچھ بھی ہو جائے وہ برداشت سے کام لیں گے اور صرف اللہ پر توکل کریں گے۔ اس آیت میں انہی دو اقسام کے لوگوں کے متعلق احکام بیان کیے گئے ہیں۔ لیکن صرف ایک لفظ کے ذریعہ جو قرآن کریم کی معجزانہ زبان پر شاہد ہے۔ اس کے علاوہ تیسرے معنے اس آیت کے یہ بھی ہیں کہ مومن کو ترقی کرتے کرتے اس مقام پر پہنچ جانا چاہیے کہ ضرورت مند کو مانگنا نہ پڑے یہ خود ہی اپنے ہمسایوں کی ضرورتوں کا خیال رکھے اور بغیر مانگے ان کی حاجتوں کو پورا کرے۔ ’’کیا خرچ کریں؟‘‘ کے جواب میں گویا یہ بتایا کہ مانگنے پر دیا تو کیا دیا۔ اصل خرچ وہی ہے کہ بے مانگے دو اور خوشی سے دو۔ جس طرح بچہ دودھ مانگے نہ مانگے، ماں خود ہی اس کا خیال رکھتی ہے۔ مومن کو بھی دنیا کے لئے بمنزلہ ماں باپ کے ہونا چاہیے۔

اس جہان کے بارے میں (بھی) اور آخرت کے بارے میں بھی۔ اور یہ (لوگ) تجھ سے یتامی کے بارے میں (بھی) پوچھتے ہیں۔ تو کہہ دے (کہ) ان کی اصلاح بہت اچھا کام ہے، اور اگر تم ان سے مل جل کر رہو تو (اس میں کوئی حرج نہیں کیونکہ) وہ تمہارے بھائی ہی ہیں اور اللہ فساد کرنے والے کو اصلاح[1] کرنے والے کے مقابلہ میں خوب جانتا ہے اور اگر اللہ چاہتا تو تمہیں مشقت میں ڈال دیتا۔ اللہ یقیناً غالب (اور) حکمت والا ہے۔

[1] یَعْلَمُ الْمُفْسِدَ مِنَ الْمُصْلِحِ کے الفاظ ایسے ہیں کہ میرے نزدیک ان کا ایسا ترجمہ کرنا جو لفظی بھی ہو اور اس کے اردو میں کوئی معنے بھی ہو جاتے ہوں ناممکن ہے۔ بہرحال میں اس میں کامیاب نہیں ہو سکا کیونکہ دونوں زبانوں کے محاورات کا فرق اس مشکل کو حل نہیں ہونے دیتا۔ مولوی نذیر احمد صاحب دہلوی نے اس کا ترجمہ ’’بگاڑنے والے کو سنوارنے والے سے (الگ) پہچانتا ہے‘‘ کیا ہے۔ شاہ رفیع الدین صاحب نے اس کا ترجمہ ’’اور اللہ جانتا ہے بگاڑنے والے کو سنوارنے والے سے‘‘ کیا ہے۔ لفظی لحاظ سے یہ ترجمے کتنی ہی محنت سے کیے گئے ہوں اس میں شک نہیں کہ اردو میں اصل مفہوم ادا نہیں ہوا۔ فلاں کو فلاں سے جاننا یا فلاں کو فلاں سے الگ پہچاننا یہ اردو کا محاورہ نہیں بلکہ ان الفاظ سے آیت کا مفہوم بھی پڑھنے والے پر روشن نہیں ہو سکتا۔ میں نے اس وجہ سے لفظی ترجمہ کو نظر انداز کرکے عربی عبارت کے اردو میں جو معنے بنتے ہیں وہ لکھ دئیے ہیں اور ترجمہ یہ کیا ہے کہ ’’اللہ تعالیٰ فساد کرنے والے کو اصلاح کرنے والے کے مقابلہ میں خوب جانتا ہے‘‘ جو معنے کہ مِنْ کے حرف سے نکلتے ہیں۔
میرے اس نوٹ سے یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ میں شاہ صاحب اور مولوی نذیر احمد صاحب دہلوی کے ترجموں کی تنقیص کر رہا ہوں۔ شاہ صاحب کو اس فن میں اولیّت کا فخر حاصل ہے اور موجودہ زمانہ کے تمام تراجم اُن کے ترجمہ کی خوشہ چینی کرکے تیار ہوئے ہیں اور مولوی نذیر احمد صاحب پہلے شخص ہیں جنہوں نے یہ کوشش کی ہے کہ عربی عبارت کا مفہوم اردو میں صحیح ادا کریں۔ جس سے ترجمہ پڑھنے والا صرف برکت حاصل نہ کرے بلکہ کچھ مطلب بھی سمجھ جائے۔ شاہ صاحب کے بعد مولوی صاحب کی محنت قابل قدر ہے۔ جہاں تک اردو مفہوم کا سوال ہے موجودہ زمانے کے تراجم اسی طرح مولوی صاحب کے ترجمہ کے خوشہ چین ہیں جس طرح شاہ صاحب کے لفظی ترجمہ کے۔

اور تم مشرک عورتوں سے جب تک وہ ایمان نہ لے آئیں نکاح نہ کرو۔ اور ایک مومن لونڈی ایک مشرک عورت سے خواہ تمہیں (کتنی ہی) پسند ہو یقیناً بہتر ہے[1]۔ اور مشرکوں سے جب تک وہ ایمان نہ لے آئیں (مسلمان عورتیں) مت بیاہو۔ اور ایک مومن غلام ایک مشرک (آزاد) سے (بھی) خواہ وہ تمہیں (کتنا ہی) پسند ہو یقیناً بہتر ہے[2]۔ یہ لوگ (تو) آگ کی طرف بلاتے ہیں اور اللہ اپنے حکم کے ذریعہ سے جنت اور مغفرت کی طرف بلاتا ہے اور لوگوں کے لئے اپنی (معرفت کی) علامات کھول (کھول) کر بیان کرتا ہے تا کہ وہ نصیحت حاصل کریں۔

[1] کیونکہ وہ جسم اور روح دونوں کے آرام کا خیال رکھ سکتی ہے۔

[2] کیونکہ غلام کی اسلام میں تحقیر جائز نہیں اور جب وہ مسلم بھی ہو تو مسلم عورت کے لئے جسمانی اور روحانی طور پر زیادہ مفید ہوگا۔

اور یہ (لوگ) تجھ سے حیض کے (ایام میں عورت کے پاس جانے کے) بارہ میں (بھی) سوال کرتے ہیں تو کہہ دے (کہ) وہ ایک ضرر رساں (امر) ہے اس لئے تم عورتوں سے حیض (کے دنوں) میں علیحدہ رہو اور جب تک وہ پاک (صاف) نہ ہو لیں ان کے پاس نہ جاؤ۔ پھر جب وہ نہا کر پاک[3] ہو جائیں تو جدھر سے اللہ نے تمہیں حکم دیا ہے ان کے پاس آؤ۔ اللہ ان سے جو اس کی طرف باربار رجوع کرتے ہیں یقیناً محبت کرتا ہے اور (ظاہری و باطنی) صفائی رکھنے والوں سے (بھی یقیناً) محبت کرتا ہے۔

[3] یَطْھُرْنَ کے بعد تَطَھَّرْنَ کا لفظ لانے سے یہ مراد ہے کہ وہ نہا دھو کر صاف ہو جائیں (مفردات)

تمہاری بیویاں تمہارے لئے (ایک قسم کی) کھیتی ہیں۔ اس لئے تم جس طرح چاہو اپنی کھیتی کے پاس آؤ اور اپنے لئے (کچھ[4]) آگے بھیجو۔ اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور جان لو کہ تم اس کے روبرو ہونے والے ہو اور تو مومنوں کو (اس دن کے بارے میں) خوش خبری دے۔

[4] قرآن کریم میں دو لفظ ہیں لِاَ نْفُسِکُمْ یعنی اَنْفُس اور کُمْ مترجم بالعموم اَ نْفُس کا ترجمہ ’’جان‘‘ کر دیتے ہیں۔ لیکن اردو میں جان کا استعمال اس موقعہ پر نہیں کیا جاتا۔ یہ تو کہتے ہیں کہ اپنے جان پر ظلم نہ کرو، اپنی جان کو کچھ آرام دو۔ لیکن یہ نہیں کہتے کہ اپنی جان کو بھی کچھ دو۔ اسی طرح یہ بھی نہیں کہتے کہ اپنی جانوں کے لئے کچھ آگے بھیجو۔ ہاں یہ کہیں گے کہ اپنے مسقبل کا بھی کچھ فکر کرو۔ اپنی آئندہ زندگی کے لئے بھی کچھ انتظام کرو۔ لیکن یہ محاورہ چونکہ مفہوم کو تو ادا کرتا ہے مگر لفظوں سے دور چلا جاتا ہے۔ میں نے درمیانی راہ اختیار کرکے ’’اپنے لئے (کچھ) آگے بھیجو‘‘ ترجمہ کیا ہے۔ جو اچھی اردو تو نہیں لیکن غلط بھی نہیں، اور مفہوم ادا ہو جاتا ہے ’’اپنے لئے آگے بھیجو‘‘ کا ایک مفہوم تو یہ ہے کہ چونکہ وہ تمہاری ایک قسم کی کھیتیاں ہیں۔ اس لئے ان سے ایسی طرز پر سلوک کرو کہ جس کا کوئی نتیجہ پیدا ہو یعنی اولاد پیدا ہو۔ دوسرے یہ کہ کھیتی فائدہ اٹھانے کے لئے ہوتی ہے پس تم ان سے اس طریقہ سے تعلق پیدا کرو کہ جس کے نتیجہ میں خدا خوش ہو جائے اور تمہارے لئے انعامات کی ایک فصل تیار ہو جائے۔

اور تم نیک سلوک کرنے، تقویٰ کرنے اور لوگوں کے درمیان اصلاح کرنے (کے معاملات) میں اللہ کو اپنی قسموں[1] کا نشانہ نہ بناؤ۔ اور اللہ خوب سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔

[1] عُرْضَۃً کے معنے محل کے ہیں۔ کہتے ہیں اَلْمَرْءَ ۃُ عُرْضَۃٌ لِّلزَّوَاجِ عورت محل نکاح ہے۔ جَعَلَہٗ عُرْضَۃً لِّلْبَـلَاءِ فلاں شخص کو ابتلاؤں کا محل بنا دیا ہے۔ عُرْضَۃٌ کے معنے نشانہ کے بھی ہوتے ہیں۔ یعنی جس چیز کو گاڑ کر اس پر کوئی چیز پھینکی جائے (اقرب) اسی طرح عُرْضَۃ ً وہ شے ہے جسے سامنے کر دیا جائے یعنی اسے ضرورت کے پورا کرنے کا ذریعہ بنایا جائے۔ کہتے ہیں اَلْبَعِیْرُ عُرْضَۃٌ لِّلسَّفَرِ (مفردات) یعنی سفر کی مصیبت پیش آئے تو اونٹ کو آگے کر دیا جاتا ہے۔ یعنی اس کے ذریعہ سے سفر کی تکلیف کو دور کر دیا جاتا ہے۔ پس عُرْضَۃ وہ ہے جو دو چیزوں کے درمیان روک بن جاتی ہے۔ عُرْضَۃ کُشتی کے داؤ پیچ کو بھی کہتے ہیں۔ (اقرب) اَیْمَان یَمِیْن کی جمع ہے جس کے معنے (۱) دائیں جہت یا دائیں حصہ جسم کے ہیں (۲) قسم (۳) برکت (۴) قوت۔ محاورہ میں اس شے کو بھی کہتے ہیں جس کے بارہ میں قسم کھائی جائے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عبدالرحمن بن سَمُرَہؓ سے فرمایا اِذَا حَلَفْتَ عَلٰی یَمِیْنٍ فَرَاَیْتَ خَیْرًامِّنْھَا فَاْتِ الَّذِیْ ھُوَ خَیْرٌ وَّ کَفِّرْ عَنْ یَّمِیْنِکَ یعنی جب تو کسی چیز کے بارے میں (اس کے لئے لفظ یَمِیْن آپ نے استعمال فرمایا ہے) قسم کھائے اور اس کے بعد اس سے اچھا کام تجھے سوجھ جائے تو وہ کام جو بہتر ہے اسے اختیار کر اور اپنی قسم کا کفارہ دے دے۔ (کشّاف)
اَنْ تَبَرُّوْا وَ تَتَّقُوْا علّامہ زمخشری ؒ نے اسے اَیْمَان کا عطف بیان (کشّاف) اور علامہ ابوحیانؒ نے بدل قرار دیا ہے (بحرمحیط) اور دونوں صورتوں میں یہ معنے بنتے ہیں کہ ان چیزوں کے لئے جن کے متعلق تم قسمیں کھاتے ہو یعنی نیکی کرنے۔ تقویٰ کرنے اور اصلاح بین الناس کے لئے اللہ کو روک کا موجب نہ بناؤ۔ بعض نے مضاف محذوف نکالا ہے اور اصل عبارت یہ بنائی ہے کہ مَخَافَۃَ اَنْ تَبَرُّوْا یعنی اس ڈر سے کہ نیکی، تقویٰ اور اصلاح بَیْنَ النَّاس کرنے پڑیں گے خدا کی قسم نہ کھا لیا کرو۔ کوفیوں نے لِئَـلَّا محذوف نکالا ہے اور معنے یہ کئے ہیں کہ خدا کو اپنی قسموں کا نشانہ نہ بناؤ تاکہ تمہیں کہیں نیکی، تقویٰ اور اصلاح بَیْنَ النَّاس نہ کرنا پڑے۔ ان کے نزدیک ایسی عبارتوں میں لَا کا لفظ محذوف کرنا جائز ہوتا ہے (املاء ابی البقاء) زجاج ؒ مشہور نحوی ادیب کا قول ہے کہ اَنْ تَبَرُّوْا کے بعد سے نیا جملہ شروع ہوتا ہے اور وہ مبتدا ہے۔ جس کی خبر محذوف ہے اور مکمل عبارت یوں ہے۔ تمہارا نیکی کرنا، تقویٰ کرنا اور اصلاح بَیْنَ النَّاس کرنا زیادہ اچھا ہے (مغنی) بعض نے اَنْ تَبَرُّوْا سے پہلے فِیْ محذوف قرار دیا ہے (مغنی) اس صورت میں یہ معنے ہوئے کہ اللہ کو نیکی کرنے، تقویٰ کرنے اور اصلاح بَیْنَ النَّاس کرنے کے معاملات میں روک نہ بناؤ۔ مثلاً یہ نہ کہو کہ ہم نے اللہ کی قسم کھا رکھی ہے کہ کسی کو قرض نہیں دینا ورنہ تم کو قرض دے دیتے۔ میرے نزدیک ایک صورت یہ بھی ہو سکتی ہے کہ اَنْ سے پہلے لَا کو محذوف قرار دیا جائے جو عربی کا عام قاعدہ ہے اور معنے یہ ہوں کہ خداتعالیٰ کو اپنی قسموں کا نشانہ نہ بناؤ تاکہ تم نیک ہو جاؤ اور متقی ہو جاؤ اور اصلاح بَیْنَ النَّاس کرنے والے ہو جاؤ۔ یعنی اگر اچھی باتیں نہ کرنے کے قسمیں کھاؤ گے تو ان خوبیوں سے محروم ہو جاؤ گے۔ اس لئے نیکی، تقویٰ اور اصلاح کی خاطر اس فضول طریق سے بچے رہو۔ درحقیقت سب معنے ملتے جلتے ہیں۔ صرف عربی عبارت کی مشکل کو مختلف طریق سے حل کیا گیا ہے۔ جس بات پر سب متفق ہیں وہ یہ ہے کہ اس آیت میں یہ بتایا گیا ہے کہ یہ نہ کرو کہ خداتعالیٰ کو اپنی قسموں کا نشانہ بنالو۔ یعنی اٹھے اور قسم کھالی۔ یہ ادب کے خلاف ہے اور جو شخص اس عادت میں مبتلا ہو جاتا ہے وہ بسا اوقات نیک کاموں کے بارہ میں بھی قسمیں کھا لیتا ہے کہ میں ایسا نہ کروں گا اور اس طرح یا بے ادبی کا یانیکی سے محرومی کا شکار ہو جاتا ہے یا یہ کہ بعض اچھے کاموں کے متعلق قسمیں کھا کر خداتعالیٰ کو ان کے لئے روک نہ بنالو۔ ان معنوں کی صورت میں داؤ پیچ والے معنے خوب چسپاں ہوتے ہیں اور مطلب یہ ہے کہ بعض لوگ صدقہ و خیرات سے بچنے کے لئے چالیں چلتے ہیں اور داؤ کھیلتے ہیں اور بعض خدا کی قسم کو جان بچانے کا ذریعہ بناتے ہیں اور گویا دوسرے سے بچنے اور اسے پچھاڑنے میں جو داؤ استعمال کرتے ہیں ان میں سے ایک خدا کی قسم بھی ہوتی ہے۔ فرماتا ہے۔ اللہ کے نام کو ایسے ذلیل حیلوں کے طور پر استعمال نہ کیا کرو۔ میرے نزدیک سب سے اچھی تشریح علامہ ابوحیانؒ کی ہے اور مراد یہ ہے کہ خداتعالیٰ کو اپنے احسان اور نیکی وغیرہ کے آگے روک بنا کر کھڑا نہ کر دیا کرو۔

اللہ تمہاری قسموں میں (سے) لغو[1] (قسموں) پر تم سے مؤاخذہ نہیں کرے گا۔ ہاں جو (گناہ) تمہارے دلوں نے (بالارادہ) کمایا اس پر تم سے مؤاخذہ کرے گا اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) بُردبار[2] ہے۔

[1] لغو قسم سے مراد وہ قسم ہے جو عادت کی وجہ سے کھائی جائے۔ جیسے بعض کو بلا سوچے وَاللّٰہِ! بِاللّٰہِ کہنے کی عادت ہوتی ہے۔ یا وہ قسم جس کے کھانے والا یقین رکھتا ہو کہ وہ درست ہے لیکن اس کا یقین غلط ہو یا شدید غصہ میں قسم کھا لینا کہ جب ہوش و حواس ٹھکانے نہ ہوں یا حرام شے کے استعمال یا فرض و واجب عمل کے ترک کے متعلق کسی وقتی جوش کے ماتحت قسمیں کھا لینا یہ سب قسمیں لغو ہیں۔ اور ان کے توڑنے پر کوئی کفارہ نہیں بلکہ ان کے کھانے پر توبہ اور استغفار کا حکم ہے کیونکہ ھُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُوْنَ (مؤمنون: ۴) کے خلاف ایسی قسمیں ہیں پس ان کے کھانے والا مخطی یا گنہگار ہے اسے اپنے گناہ پر توبہ اور ندامت کا اظہار کرنا چاہیے نہ یہ کہ ان کے توڑنے کے لئے کسی کفارہ کی ضرورت ہے۔ اسی مفہوم کو ادا کرنے کے لئے لَایُؤَاخِذُکُمْ کے الفاظ بیان فرمائے ہیں۔ یعنی اگر وقتی جوش کے ماتحت ایسی قسم کھائی جائے تو گناہ نہ ہوگا۔ اگر جان بوجھ کر ایسی قسم کوئی کھالے تو اسے گناہ بھی ہوگا۔

[2] حَلِیْمٌ حِلْم سے ہے اور اس کے معنے صبر کرنے والے کے بھی ہوتے ہیں اور اسی طرح اس کے معنے بُردبار کے بھی ہیں۔ یعنی جس میں طیش نہ ہو۔ یونہی جوش میں آکر اندھا دھند کام نہ کرتا ہو۔ حِلْم جہالت اور بیوقوفی کے مخالف معنے بھی دیتا ہے اور علم اور سمجھ کے بھی۔ نیز اس کے معنے عقل کے بھی ہیں (اقرب)

جو لوگ اپنی بیویوں کے متعلق قسم کھا[3] (کر ان سے علیحدگی اختیار کر) لیتے ہیں ان کے لئے (صرف) چار مہینے تک انتظار کرنا (جائز) ہے پھر اگر اس (عرصہ میں صلح کے خیال کی طرف) لوٹ[4] آئیں تو اللہ یقیناً بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

[3] اِیْـلَا ءً: اٰلٰی یُؤْلِیْ اِیْلَا ءً: قسم کھانا۔ یہ اَ لَا سے نکلا ہے جس کے معنے کسی کام میں کمی یا تاخیر کرنے کے ہیں اور اِیْـلَا ء قرآن کریم کے محاورہ میں اس قسم کو کہتے ہیں جو اس بات پر کھائی جائے کہ مرد اپنی بیوی سے کوئی تعلق نہ رکھے گا (مفردات) چونکہ اس قسم میں عورت کے حق کا اتلاف ہے اس لئے اسے اِیْـلَا ء کہا گیا۔

[4] (۴) فَاءَ یَفِیْءُ فَـیْـئًا: لوٹ آیا۔ فَاءَ الْاَمْرَ رَجَعَ اِلَیْہِ: اس بات کی طرف لوٹ آیا (اقرب) فَاءَ کا لفظ نیک امور کی طرف لوٹنے کے متعلق استعمال ہوتا ہے (مفردات) اصل میں اس کے معنے تعاون اور امداد باہمی کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے ہوتے ہیں اور سایہ کو بھی فَیْئٌ کہتے ہیں کیونکہ وہ سورج کے ساتھ اِدھر سے اُدھر ہوتا رہتا ہے۔ ان دونوں معنوں کو مدِّنظر رکھتے ہوئے فَاءَ بالعموم اچھے معنوں میں استعمال ہونے لگا ہے۔
عرب میں یہ رواج تھا کہ بعض لوگ اپنی بیویوں کو طلاق تو نہ دیتے مگر قسم کھا لیتے تھے کہ ہم ان سے تعلق نہیں رکھیں گے۔ اس قسم کے ذریعہ سے وہ اپنے خیال میں بیوی کی طرف سے عائد شدہ ذمہ داریوں سے آزاد ہو جاتے تھے کیونکہ ان کے خیال میں قسم کی ذمہ داری خداتعالیٰ کی طرف سے عائد ہوتی ہے اور بندوں کی ذمہ داری سے مقدم ہے۔ پس جبکہ خداتعالیٰ کی قسم روک بن گئی تو ان کے خیال کے مطابق عورت کے حقوق کا ادا نہ کرنا کوئی بڑا گناہ نہ رہا۔ یہ گندہ خیال اب بھی دنیا میں موجود ہے۔ مسلمانوں میں سے بھی بہت سے لوگ ہیں جو یہ فیصلہ کر لیتے ہیں کہ بیویوں سے تعلق نہیں رکھیں گے لیکن طلاق بھی نہیں دیتے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اگر کوئی ایسا کر بیٹھے تو اسے یاد رکھنا چاہیے کہ اسے چار مہینے تک کی مہلت دی جاتی ہے۔ اس عرصہ میں وہ صلح کرلے تو کر لے ورنہ جیسا کہ اگلی آیت میں ہے پھر قاضی طلاق کا فیصلہ کر دے گا۔ اس آیت میں عورت کو معلّقہ چھوڑنے کے خلاف فیصلہ فرمایا۔ مرد زیادہ سے زیادہ مدت نکاح میں چار ماہ تک کے لئے عورت سے علیحدہ رہنے کا عہد کر سکتا ہے۔ یہ نہیں کہ جب چاہے علیحدہ ہو جائے۔ چار ماہ گزر جائیں تو مرد کو رجوع کرنا ہوگا یا طلاق دینی ہوگی کیونکہ جیسا کہ اگلی آیت سے ظاہر ہے رجوع نہ کرنے کی صورت میں صرف طلاق کا راستہ کھلا بتایا ہے۔ فقہاء کا اس آیت کے احکام کی تفصیلات میں اختلاف ہے۔ بعض کہتے ہیں اگر مدت گزر جائے اور مرد رجوع نہ کرے تو نہ تو عملاً یعنی اس سے مباشرت کرکے، نہ زبانی اپنے عہد کو واپس لے کر۔ تو دونوں میں قاضی علیحدگی کروا دے گا۔ یہ امام مالک علیہ الرحمۃ کا قول ہے۔ امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کا قول ہے کہ چار ماہ کے ختم ہونے سے پہلے رجوع ضروری ہے ورنہ چار ماہ گزرنے پر طلاق ہو جائے گی افضل قول یہی ہے۔ لیکن محتاط امام مالکؒ کا فتویٰ ہے۔ امام شافعی ؒ اور امام احمدؒ بن حنبل کے نزدیک چار ماہ گزرنے پر اگر کوئی شخص رجوع نہ کرے نہ طلاق دے تو اسے قاضی مجبور کرے گا کہ رجوع کرے یا طلاق دے۔ یہ بھی قریباً امام مالکؒ کے قول سے ملتا ہے۔ اگر مرد دونوں باتوں میں سے کوئی بھی نہ کرے تو قاضی اس کی طرف سے طلاق دلا دے گا۔ امام نخعیؒ کا قول ہے کہ یہ رجوع پوشیدہ جائز نہیں، نہ اشارہ سے بلکہ قول سے اور گواہوں کی موجودگی اس کے لئے ضروری ہے۔ غرض یہ کہ قرآن کریم عورت کو کَالْمُعَلَّقَۃِ چھوڑنے سے منع کرتا ہے اور جو چھوڑے اسے مجبور کرتا ہے کہ یا صلح کرے یا اسے طلاق دے۔

اور اگر وہ طلاق کا فیصلہ کر لیں تو اللہ یقیناً بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی