۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 20

اور جن عورتوں کو طلاق مل جائے وہ تین (بار) حیض[1] (آنے) تک اپنے آپ کو روکے رکھیں اور اگر انہیں اللہ (پر) اور روز آخرت پر ایمان ہے تو (انہیں معلوم رہے کہ) جو کچھ اللہ نے ان کے رحموں میں پیدا کر رکھا ہے ان کے لئے اس کا چھپانا جائز نہیں اور اگر ان کے خاوند باہمی اصلاح کا ارادہ کر لیں تو وہ اس (مدت) کے اندر (اندر) ان کو (اپنی زوجیت میں) واپس لے لینے کے زیادہ حقدار ہیں اور جس طرح ان (عورتوں) پر کچھ ذمہ داریاں ہیں (ویسے ہی) مطابق دستور[2] انہیں بھی (کچھ حقوق) حاصل ہیں۔ ہاں[3] مگر مردوں کو ان پر ایک طرح کی فوقیت حاصل ہے اور اللہ غالب (اور) حکمت والا ہے۔

[1] حضرت ابوبکرؓ، عمرؓ، عثمانؓ، علیؓ اور ابن مسعودؓ اور امام ابوحنیفہؒ نے قُرْئٌ کے معنے حیض کے لئے ہیں اور زید بن ثابتؓ، حضرت عائشہؓ اور ابن عمرؓ اور مالکؒ اور شافعیؒ نے طُہر کے معنے کیے ہیں (محیط)

[2] بِالْمَعْرُوْفِ کا ترجمہ یہاں ’’مطابق دستور‘‘ کیا گیا ہے۔ بعض جگہ انہی الفاظ کا ترجمہ ’’مناسب حال‘‘ یا مناسب طور پر کیا گیا ہے۔ یہ فرق اردو میں مضمون کی وضاحت کی خاطر ہے۔ ہاں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ’’مطابق دستور‘‘ میں دستور کا جو لفظ ہے اس کے اصل معنے تو قانون اور رواج کے ہیں۔ لیکن اردو میں کبھی یہ دستور کا لفظ Common Sense یعنی عقل عامہ کے معنوں میں بھی استعمال ہوتا ہے اور مراد یہ ہوتی ہے کہ شرفا اور عقلا کا یہی طریق ہے۔ جس کے معنے دوسرے لفظوں میں یہ ہوتے ہیں کہ عقل کا تقاضا یہی ہے۔ اس جگہ بِالۡمَعۡرُوۡفِ کے چونکہ یہی معنے ہیں اس لئے ’’مطابق دستور‘‘ کے الفاظ سے ترجمہ کیا گیا ہے۔

[3] اس جگہ واؤ ہے اور واؤ کے معنے عام طور پر ’’اور‘‘ کے ہوتے ہیں، لیکن اردو قواعد کے مطابق ’’اور‘‘ کا لفظ اسی وقت استعمال ہو سکتا تھا کہ اس جگہ مردوں کے حقوق کا ذکر ہوتا۔ لیکن جیسا کہ ظاہر ہے اس موقعہ پر عورتوں کے حقوق کا ذکر ہے اس لئے ’’اور‘‘ سے واؤ کا ترجمہ کرنا بالکل مفہوم کو بدل دیتا ہے اور کلام کا زور عورتوں کے حقوق سے ہٹ کر مردوں کے حقوق کی طرف چلا جاتا ہے حالانکہ انداز کلام سے ظاہر ہے کہ عورتوں کو اس امر کی طرف توجہ دلائی جا رہی ہے کہ تمہارے حقوق کی حفاظت ہم نے کر دی ہے اور جس طرح مردوں کو تم پر بعض حق دئے ہیں تم کو بھی ان پر بعض حق دئے ہیں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ بعض حالات میں مردوں کو آخری فیصلہ کا اختیار دیا گیا ہے۔ پس اس مضمون کو ادا کرنے کے لئے ’’ہاں مگر‘‘ کے الفاظ سے ہی واؤ کا ترجمہ کیا جا سکتا ہے جس کے مطابق ترجمہ کیا گیا ہے۔

ایسی طلاق[1] (جس میں رجوع ہو سکے) دو دفعہ (ہو سکتی) ہے۔ پھر (یا تو) مناسب طور پر روک لینا ہوگا یا حسن سلوک کے ساتھ رخصت کر دینا ہوگا اور تمہارے لئے اس (مال) کا جو تم انہیں پہلے دے چکے ہو کوئی حصہ بھی (واپس) لینا جائز نہیں۔ سوائے اس (صورت) کے کہ ان (دونوں) کو اندیشہ ہو کہ وہ اللہ کی (مقرر کردہ) حدوں کو قائم نہیں رکھ سکیں گے۔ سو اگر تمہیں[2] یہ اندیشہ ہو کہ وہ (دونوں) اللہ کی (مقرر کردہ) حدوں کو قائم نہیں رکھ سکیں گے[3] تو وہ (عورت) جو کچھ بطور فدیہ دے اس کے بارہ میں ان (دونوں میں سے کسی) کو کوئی گناہ نہ ہوگا۔ یہ اللہ کی (مقرر کردہ) حدیں ہیں اس لئے تم ان سے باہر نہ نکلو اور جو لوگ اللہ کی (مقرر کردہ) حدوں سے باہر نکل جائیں تو (سمجھ لو کہ) وہی لوگ (اصل) ظالم ہیں۔

[1] عام طور پر اس زمانہ کے علماء یہ سمجھتے ہیں کہ جس نے تین دفعہ طلاق کہہ دیا اس کی طلاق بائن ہو جاتی ہے یعنی اس کی بیوی اس سے دوبارہ اس وقت تک شادی نہیں کر سکتی جب تک کسی اور سے نکاح نہ کر لے مگر یہ غلط ہے کیونکہ قرآن کریم میں صاف فرمایا گیا ہے اَلطَّـلَا قُ مَرَّتٰنِ یعنی وہ طلاق جو بائن نہیں وہ دو دفعہ ہو سکتی ہے اس طور پر کہ پہلے مرد طلاق دے پھر یا تو طلاق واپس لے لے اور رجوع کرے یا عدت گزرنے دے اور نکاح کرے۔ پھر اَن بَن کی صورت میں دوبارہ طلاق دے۔ پس ایسی طلاق کا دو دفعہ ہونا تو قطعی طور پر ثابت ہے۔ پس ایک ہی دفعہ تین یا تین سے زیادہ بار طلاق کہہ دینے کو بائن قرار دینا قرآن کریم کے بالکل خلاف ہے۔ طلاق وہی بائن ہوتی ہے کہ تین بار مذکورہ بالا طریق کے مطابق طلاق دے اور تین عدتیں گزر جائیں۔ اس صورت میں نکاح جائز نہیں، جب تک کہ وہ عورت کسی اور سے دوبارہ نکاح نہ کرے اور اس سے بھی اس کو طلاق نہ مل جائے۔ لیکن ہمارے ملک میں یہ طلاق مذاق ہوگئی ہے اور اس کا علاج حلالہ جیسی گندی رسم سے نکالا گیا ہے۔

[2] تمہیں یعنی ملتِ اسلامیہ یا اسلام پر ایمان رکھنے والی حکومت کو۔

[3] اِنْ خِفْتُمْ میں بتایا گیا ہے کہ اگر محکمہ قضا اس بات کا فیصلہ کرے کہ عورت خاوند کے پاس رہنے کے لئے راضی نہیں اور اس کی نارضا مندی کی وجہ سے مرد بھی عدل نہ رکھ سکے گا، تو عورت اگر کچھ دینا چاہے تو مرد کو اجازت ہے کہ کچھ مال لیکر اسے طلاق دے دے۔ لیکن وہ صرف اتنا ہی مال لے سکتا ہے جتنا اس نے خود دیا ہو اور کچھ نہیں۔

پھر اگر (اوپر کی بیان کردہ دو طلاقوں کے گزر جانے کے بعد بھی خاوند اسے تیسری) طلاق دے دے تو اس کے بعد وہ عورت اس کے لئے جائز نہ ہوگی جب تک کہ وہ اس کے سوا (کسی) دوسرے خاوند کے نکاح میں نہ آجائے لیکن اگر وہ (بھی) اسے طلاق دے دے تو ان دونوں کو بشرطیکہ انہیں یقین ہو کہ وہ اللہ کی (مقرر کردہ) حدوں کو قائم رکھ سکیں گے آپس میں دوبارہ رجوع کر لینے پر کوئی گناہ نہ ہوگا۔ اور یہ اللہ کی (مقرر کردہ) حدیں ہیں جنہیں وہ علم والے لوگوں کے لئے کھول کر بیان کرتا ہے۔

اور جب تم عورتوں کو طلاق دو۔ اور وہ اپنی مقررہ مدت (کی آخری حد) کو پہنچ جائیں[3] تو یا تو انہیں مناسب طور پر روک لو[4] یا انہیں مناسب طور پر رخصت کر دو۔ اور انہیں تکلیف دینے کے لئے (اس نیت سے) کہ (بعد میں پھر) ان پر زیادتی کرو مت روکو۔ اور جو شخص ایسا کرے تو (سمجھو کہ) اس نے اپنی (ہی) جان پر ظلم کیا ہے اور تم اللہ کے احکام کو محل تمسخر نہ بناؤ اور تم پر جو اللہ کا انعام (ہوا) ہے (اس کو) یاد رکھو اور (اسے بھی یاد رکھو) جو اس نے تم پر اتارا ہے یعنی کتاب اور حکمت (کو) وہ اس کے ذریعہ سے تمہیں نصیحت کرتا ہے اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور جان لو کہ اللہ ہر ایک بات کو خوب جانتا ہے۔

[3] بَلَغَ الْاَجَلَ کے دو معنے ہیں۔ یہ بھی کہ مدت کے خاتمہ کے قریب پہنچ گیا اور یہ بھی کہ مدت پوری کرلی۔ اس جگہ پہلے معنے مراد ہیں۔ علامہ قرطبی ہسپانوی مفسر لکھتے ہیں کہ اس آیت میں اول الذکر معنوں پر تمام علمائے امت کا اتفاق ہے۔ کسی نے اس کے خلاف نہیں کہا۔ عربی کا محاورہ ہے کہ جب مسافر شہر کے قریب پہنچتا ہے تو کہتا ہے کہ بَلَغْنَا الْبَلَدَ ہم شہر پہنچ گئے۔ اردو میں بھی یہ استعمال کثرت سے پایا جاتا ہے فَامْسِکُوْھُنَّ بِمَعْرُوْفٍ اَوْ سَرِّحُوْھُنَّ بِمَعْرُوْفٍ میں اس بات پر زور دیا کہ عورتوں سے دو ہی قسم کا سلوک کرنے کا حکم ہے۔ یا تو انہیں مناسب رنگ میں اپنے پاس رکھ لو یا مناسب رنگ میں رخصت کردو۔ یہ نہ ہو کہ تم اس نیّت کے ساتھ رجوع کرو کہ بعد میں پھر اسے دکھ دینے کا ایک موقع تمہارے ہاتھ آجائے گا۔

[4] ’’ان کو روک لو‘‘ سے مراد یہ ہے کہ رجوع کرلو اور طلاق واپس لے لو۔ مگر فرماتا ہے یہ رجوع معروف طریق پر ہونا چاہیے۔ ایسا نہ ہو کہ عورت کی بدنامی ہو اور یا پھر ان کو طلاق تو دے دو مگر طلاق دیتے وقت بھی یہ خیال رکھو کہ ان کے ساتھ حسن سلوک ہو۔ ان کو ذلیل اور بدنام نہ کرو۔

اور جب تم عورتوں کو طلاق دو اور وہ اپنی عدت[1] کو پورا کر لیں تو تم انہیں جب کہ وہ نیک طریق پر باہم رضا مند ہو جائیں اپنے خاوندوں کے ساتھ نکاح کر لینے سے مت روکو[2]۔ یہ (وہ بات) ہے کہ جس کی تم میں سے ہر اس شخص کو جو اللہ پر اور روز آخرت پر ایمان لاتا ہے نصیحت کی جاتی ہے (اور سمجھ لو کہ) یہ بات تمہارے حق میں سب سے زیادہ برکت والی اور سب سے زیادہ پاکیزہ [3]ہے اور اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔

[1] اس جگہ بَلَغْنَ کے معنے عدت کو پورا کر لینے کے ہیں نہ کہ مدت کے خاتمہ کے قریب پہنچ جانے کے۔ (دیکھئے نوٹ آیت ۲۳۲)

[2] اس جگہ پر صیغہ حاضر کا استعمال ہوا ہے مگر مراد یہ ہے کہ مرد و عورت کے رشتہ دار نہ روکیں۔ صرف زور دینے کے لئے غائب کو حاضر کی طرف منتقل کر دیا گیا ہے اور تم کا لفظ استعمال کیا ہے۔

[3] اَزْکٰی: زَکَا سے نکلا ہے اور زَکَا کے معنے بڑھنے اور برکت والا ہونے کے ہوتے ہیں (مفردات) پس اَزْکٰی کے معنے ہوئے زیادہ بڑھنے والی اور زیادہ برکت والی۔

اور مائیں اپنے بچوں کو پورے دو سال تک دودھ پلائیں (یہ ہدایت) ان کے لئے (ہے) جو دودھ پلانے (کے کام) کو (اس کی مقررہ مدت تک) پورا کرنا چاہیں۔ اور جس کا بچہ ہے اس کے ذمہ حسب دستور[1] ان (دودھ پلانے والیوں) کا کھانا اور ان کی پوشاک[2] ہے۔ کس شخص[3] پر اس کی طاقت سے زیادہ ذمہ داری نہیں ڈالی جاتی۔ کسی والدہ[4] کو اپنے بچہ کے ذریعہ سے دکھ نہ دیا جائے اور نہ باپ کو اس کے بچہ کی وجہ سے (دکھ دیا جائے) اور وارث پر (بھی) ایسا ہی (کرنا لازم) ہے اور اگر وہ دونوں آپس کی رضا مندی[5] اور باہمی مشورہ کے ساتھ دودھ چھڑانا چاہیں تو (اس میں) ان پر کوئی گناہ نہیں اور اگر تم اپنے بچوں کو (کسی دوسری عورت سے) دودھ پلوانا چاہو تو تم پر کوئی گناہ نہیں جب تم وہ (معاوضہ) جو تم نے دینا[6] کیا ہے مناسب طور پر ادا کردو اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور جان لو کہ جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اسے یقیناً دیکھتا ہے۔

[1] یہاں بِالْمَعْرُوْفِ سے مراد باپ کی مَقدرت ہے کہ امیر اپنی طاقت کے مطابق دے اور غریب اپنی طاقت کے مطابق۔ اس جگہ عام دودھ پلانے والیوں کا ذکر نہیں بلکہ ماؤں کا ہے اور یہ ذکر طلاق کے ضمن میں کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر دودھ پلانے والی عورت کو طلاق دی جائے تو بچہ کی خاطر عورت کے لئے یہ ضروری ہے کہ بچے کو دودھ مقررہ مدت تک پلائے اور اس کے بدلہ میں خاوند پر فرض ہے کہ عام مزدور عورت کی طرح نہیں بلکہ اپنی توفیق کے مطابق اسے خرچ دے۔ کیونکہ یہ عورت کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا ہوگا کہ ایک طرف تو اسے مجبور کیا جائے کہ وہ طلاق کے بعد بھی بچہ کو دودھ پلاتی رہے اور دوسری طرف اسے ایسی حالت میں رکھا جائے جو پہلی حالت سے ادنیٰ ہو اور اس کے لئے ذلّت کا موجب ہو۔

[2] کھانے اور کپڑے سے مراد تمام اخراجات ہیں نہ کہ صرف روٹی اور لباس اور یہ محاورہ ہے تمام ضرورتوں کو پورا کرنے کے متعلق۔

[3] یعنی مرد سے یہ مطالبہ کرنا کہ وہ اپنی طاقت سے زیادہ خرچ کرے یہ بھی نامناسب ہے اور عورت سے مطالبہ کرنا کہ وہ ایک نوکر کی طرح طلاق کے بعد ایک عرصہ گھر میں گزار دے یہ بھی نامناسب ہے۔

[4] یعنی بچہ کو ایک دوسرے پر دباؤ ڈالنے کا ذریعہ نہ بناؤ۔ یہ حکم نہایت لطیف ہے۔ بہت سے نادان اس حرکت کے مرتکب ہوتے ہیں اور نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ یا تو بچے ہلاک ہو جاتے ہیں یا ان کی تربیت خراب ہو جاتی ہے۔ اس قسم کا فعل درحقیقت قتل اولاد کے مشابہ ہے اور قرآن کریم نے اس سے روک کر آئندہ اولادوں پر احسان عظیم کیا ہے۔

[5] اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ بچے کے متعلق دودھ پلانے یا چھڑانے کا فیصلہ قرآن کریم نے نہ مرد کے اختیار میں رکھا ہے نہ عورت کے اختیار میں۔ بلکہ دونوں کو مشترکہ اختیار دیا ہے شاید تمام شرائع کی تاریخ میں یہ منفرد مثال ہے کہ اس طرح اہلی معاملات میں میاں بیوی کو ایک مقام پر کھڑا کرکے برابر کے اختیارات دئیے گئے ہیں۔ ہاں یہ شرط ضرور ہے کہ دودھ پلانے کی مدت جو قرآن کریم نے مقرر کی ہے اس سے زیادہ دیر تک دودھ پلانے پر نہ خاوند مجبور کر سکتا ہے نہ عورت زور دے سکتی ہے۔ جب طلاق کے بعد بھی عورت کے جذبات کا اس قدر خیال رکھنے پر خاوند کو مجبور کیا گیا ہے تو ظاہر ہے کہ جو عورت نکاح میں ہے ان امور میں اس کے جذبات کا خیال رکھنا اسلام کے نزدیک کیا کچھ ضروری نہ ہوگا۔

[6] قرآنی الفاظ اٰتَیْتُمْ کے ہیں جن کے لفظی معنے ہیں دے دیا ہے، دے چکے ہو۔ لیکن اس طرح ترجمہ کیا جائے تو ترجمہ یہ ہوگا کہ جب تم دے دو۔ جو کچھ تم دے چکے ہو۔ اور ظاہر ہے کہ یہ مراد قرآن مجید کی نہیں ہو سکتی۔ پس ان الفاظ کا ترجمہ کرتے وقت ایک اور قاعدہ کو ملحوظ رکھنا ہوگا جو یہ ہے کہ کبھی ماضی کا صیغہ قطعی فیصلہ پر دلالت کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ چنانچہ قرآن کریم میں دوسرے کئی مقامات پر بھی یہ محاورہ استعمال کیا گیا ہے۔ مثلاً آتا ہے اِذَا قُمْتُمْ اِلَی الصَّلٰوۃِ فَاغْسِلُوْا وُجُوْھَکُمْ(المآئدۃ: ۷) یعنی جب تم نماز کے لئے کھڑے ہو تو اپنے مونہوں کو اور ہاتھوں کو کہنیوں تک دھو لیا کرو۔ حالانکہ وضو نماز کے لئے کھڑا ہونے سے پہلے ہوتا ہے نہ کہ بعد میں۔ پس یہاں یہی مراد ہے کہ نماز کا پختہ ارادہ کرنے پر وضو کر لیا کرو۔ اور یہی مراد اوپر کی آیت میں ہے اور کہا گیا ہے کہ جب تم رضاعت کا باہمی فیصلہ کر لیا کرو اور اس کا پختہ ارادہ رکھو تو چاہیے کہ جو معاوضہ طے کرو اس کو وقت پر ادا کیا کرو۔

اور تم میں سے جن (لوگوں) کی روح قبض کر لی جاتی ہے اور وہ (اپنے پیچھے) بیویاں چھوڑ جاتے ہیں (چاہیے کہ) وہ (بیویاں) اپنے آپ کو چار مہینے (اور) دس (دن) تک روک رکھیں پھر جب وہ اپنا مقرر وقت پورا کر لیں وہ اپنے متعلق مناسب طور پر جو کچھ (بھی) کریں اس کا تم پر کوئی گناہ نہیں اور جو تم کرتے ہو اللہ اس سے واقف ہے۔

اور عورتوں سے نکاح کی درخواست کے متعلق جو بات تم اشارتاً (ان سے) کہو یا اپنے دلوں میں رکھو اس پر تمہیں کوئی گناہ نہیں۔ اللہ جانتا ہے کہ تمہیں ضرور ان کا خیال آئے گا لیکن تم اس سے خفیہ طور پر (کوئی) معاہدہ نہ کرلو۔ ہاں یہ (اجازت ہے) کہ تم ان سے کوئی مناسب بات کہہ دو[1]۔ اور جب تک (عدت کا) حکم اپنی میعاد کو (نہ) پہنچ جائے (اس وقت تک) تم نکاح باندھنے کا پختہ ارادہ نہ کرو۔ اور جان لو کہ تمہارے دلوں میں جو کچھ (بھی) ہے اللہ اسے جانتا ہے پس تم اس (بات) سے ڈرو اور جان لو کہ اللٰہ بہت بخشنے والا (اور) بردبار ہے۔

[1] یعنی بیوہ عورتوں کے متعلق اگر تمہارے دل میں نکاح کی خواہش ہو تو اُسے عدت گزر جانے تک ظاہر نہ کرو۔ ہاں کسی غیر واضح اشارہ سے اِدھر توجہ دلائی جائے تو حرج نہیں۔

تم پر کوئی گناہ نہیں اگر تم عورتوں کو اس وقت بھی طلاق دے دو جبکہ تم نے ان کو چھوا [1]تک نہ ہو یا مہر نہ مقرر کیا ہو[2]۔ اور (چاہیے کہ اس صورت میں) تم انہیں مناسب طور پر کچھ سامان دے دو[3] (یہ امر) دولت مند پر اس کی طاقت کے مطابق (لازم ہے) اور نادار[4] پر اس کی طاقت کے مطابق (ہم نے ایسا کرنا) نیکوکاروں پر واجب (کر دیا) ہے۔

[1] بظاہر یہ ایک بیہودہ بات معلوم ہوتی ہے کہ جو شخص چھونے سے پہلے طلاق دے گا وہ نکاح ہی کیوں کرے گا۔ لیکن ایسی مجبوریاں پیش آجاتی ہیں۔ مثلاً نکاح کے معاً بعد ایسے گواہ مل گئے جنہوں نے ایسی گواہیاں دیں جن سے نکاح کی حرمت ثابت ہوگئی یا کم سے کم نکاح کی کراہت پیدا ہوگئی۔ مثلاً ادھوری گواہی ایسی مل گئی کہ یہ عورت خاوند کی رضائی بہن ہے پس گو وہ گواہی ادھوری ہو مگر خاوند کے دل میں کراہت تو پیدا ہو جائے گی اور اس قسم کی گواہیاں اکثر نکاحوں کے بعد مل جاتی ہیں یا خاندان کے بڑے آدمیوں نے جن کو پہلے حالات کا علم نہ تھا فیصلہ دیا کہ ہمارے آپس کے ایسے تعلقات ہیں کہ تم دونوں آپس میں نبھا نہیں کر سکو گے۔

[2] بغیر مہر مقرر کرنے کے اسلام نے نکاح ناجائز رکھا ہے لیکن اس جگہ سے پتہ لگتا ہے کہ شاید یہ بھی جائز ہے۔ فقہاء نے اس کے یہ معنے کیے ہیں کہ تعیین روپیہ کی چاہے نہ ہو لیکن یہ ضرور سمجھا جائے گا کہ مہر مقرر ہے اور اس کی تعیین مہر ِبالمثل سے ہوگی یعنی اسی حیثیت کے خاندان کے دوسرے افراد کو دیکھا جائے گا کہ ان کا کیا مہر ہے۔

[3] مَتَاعًا۔ مَتِّعُوْھُنَّ کا مصدر ہے اور یہ تاکید کے لئے آتا ہے جو کبھی تقلیل کے معنے دیتا ہے اور کبھی تکثیر و تکمیل کے۔ کبھی ایسا مصدر صرف غیر معین شے پر دلالت کرنے کے لئے آتا ہے اور کچھ کے معنے دیتا ہے اس جگہ یہی معنے چسپاں ہوتے ہیں۔

[4] اگر اس معاوضہ کے متعلق اختلاف ہو تو قرآن کریم نے اصولی طور پر فرمایا ہے کہ جھگڑے کی صورت میں اُولِی الْاَمْر کی طرف رجوع کرو۔ پس اختلاف کی صورت میں قاضی کے پاس فیصلہ لے جانا چاہیے۔ وہ فیصلہ دے گا کہ خاوندنے اپنی حیثیت کے مطابق عورت کا نقصان پورا کیا ہے یا نہیں۔

اور اگر تم انہیں قبل اس کے کہ تم نے انہیں چھوا ہو لیکن مہر مقرر (کر دیا) ہو طلاق دے دو تو (اس صورت میں) جو (مہر) تم نے مقرر کیا ہو اس کا آدھا (ان کے سپرد کرنا) ہوگا سوائے اس (صورت) کے کہ وہ (عورتیں) معاف کر دیں یا وہ (شخص) معاف کر دے جس کے ہاتھ[1] میں نکاح (کا) باندھنا ہو اور تمہارا معاف کر دینا تقویٰ کے زیادہ قریب ہے اور تم آپس میں (معاملہ کرتے وقت) احسان کو نہ چھوڑا کرو، (اور یاد رکھو کہ) جو کچھ تم کرتے ہو اللہ (اسے) یقیناً دیکھتا ہے۔

[1] یعنی خاوند یا بعض فقہاء کے نزدیک عورت کا وکیل۔ اِلَّا اَنْ یَّعْفُوْنَ سے یہ مراد ہے کہ یا تو عورتیں طلاق کے وقت اپنا نصف مہر اپنے خاوندوں کو معاف کردیں یا ان کے وکلاء معاف کر دیں۔ اور یَعْفُوَ الَّذِیْ بِیَدِہٖ عُقْدَۃُ النِّـکَاحِ سے اگر خاوند مراد لیا جائے تو آیت کے معنے یہ ہوں گے کہ خاوندنصف مہر کی بجائے پورا مہر دے دے۔ گویا اس جگہ پورا مہر دینے کا نام بھی عفو رکھا گیا ہے جیسا کہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یَسْئَلُوْنَکَ مَاذَا یُنْفِقُوْنَ۔ قُلِ الْعَفْوَ (بقرۃ آیت۲۲۰) یعنی لوگ تجھ سے یہ پوچھتے ہیں کہ کیا خرچ کریں، تو کہہ دے جو تمہارے خرچ سے بچ جائے۔ پس عفو کے معنے زائد کے بھی ہیں اور یَعْفُوْ میں یہی معنے مراد ہیں۔

تم (تمام) نمازوں کا اور (خصوصاً) درمیانی نماز کا پورا خیال[1] رکھو اور اللہ کے فرماں بردار ہو کر کھڑے ہو جاؤ۔

[1] حَافَظَ عَلَیْہِ کے معنے ہیں وَاظَبَ عَلَیْہِ۔ اس پر دوام اختیار کیا۔ رَاقَبَہٗ اس کی نگرانی کی۔ اس کا خیال رکھا۔ اور یہ لفظ باب مفاعلہ میں سے ہے جس کی خاصیت ہے کہ وہ بالمقابل افعال پر دلالت کرتا ہے۔ پس مطلب یہ ہوا کہ تم نمازوں کا خیال رکھو اور ان کی نگرانی کرو۔ نتیجہ یہ ہوگا کہ نماز تمہاری نگرانی کرے گی، یعنی اس کے ذریعہ سے تم گناہوں اور غلطیوں سے پاک ہوگے۔ دوسری جگہ اس مضمون کو ان الفاظ میں ادا کیا ہے۔ اِنَّ الصَّلٰوۃَ تَنْھٰی عَنِ الْفَحْشَآءِ وَالْمُنْکَرِ (عنکبوت: ۴۶) یعنی نماز انسان کو بدیوں اور ناپسندیدہ باتوں سے روکتی ہے۔ یہ گویا وہ حفاظت ہے جو نماز بندے کی کرتی ہے۔ اسی طرح اس کے ذریعہ سے یہ بھی حفاظت ہوتی ہے کہ خداتعالیٰ نماز پر قائم رہنے والے بندہ کا یار و مددگار ہو جاتا ہے۔ اور بھی بہت سے فوائد اسلامی نماز میں ہیں۔ درحقیقت حَافِظُوْا کے لفظ سے یہ بتایا ہے کہ اسلامی عبادت دوسرے مذاہب کی عبادتوں کی طرح یکطرفہ نہیں، بلکہ اس کے خوش کن نتائج اس دنیا میں بھی انسان کو ملتے ہیں اور اگلے جہان میں بھی ملیں گے۔

اور اگر تمہیں خوف ہو تو پیدل یا سوار ہونے کی حالت میں ہی (نماز پڑھ لو) پھر جب تمہیں امن حاصل ہو جائے تو اللہ کو یاد کرو کیونکہ[2] اس نے تمہیں (وہ کچھ) سکھایا ہے، جو تم (پہلے) نہ جانتے تھے۔

[2] کَمَا عَلَّمَکُمْ۔ کَ کے عام معنے مانند کے ہوتے ہیں۔ لیکن اس کے ایک معنے ل کے بھی ہیں یعنی ’’اس لئے کہ‘‘ یا ’’کیونکہ‘‘ (مغنی) اس جگہ یہی معنے زیادہ چسپاں ہوتے ہیں اور انہی کو ہم نے اختیار کیا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی